Baaghi TV

Category: میر پور خاص

  • میرپورخاص: آل میرپورخاص اسنوکر ٹورنامنٹ کا انعقاد،نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت

    میرپورخاص: آل میرپورخاص اسنوکر ٹورنامنٹ کا انعقاد،نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت

    میرپورخاص ،باغی ٹی وی(نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) رئیس منصوری اسنوکر کلب میرپورخاص میں آل میرپورخاص اسنوکر ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔

    ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن یونس بلوچ، دوسری پوزیشن عبدالرحمان، اور تیسری پوزیشن رامیش شیخ نے حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پر سماجی شخصیت محمد حنیف شیخ اور آرگنائزر محمد اویس شیخ نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

    حمیدپورہ کالونی کے عوام اور اسپورٹس حلقوں نے اس ایونٹ کو بھرپور انداز میں سراہا، کیونکہ میرپورخاص میں اسنوکر ٹورنامنٹ کا انعقاد شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔ نوجوان انفرادی طور پر تو اسنوکر کھیلتے نظر آتے ہیں، مگر باقاعدہ مقابلے کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ٹورنامنٹ اپنی نوعیت کا ایک دلچسپ اور مقبول ترین ایونٹ ثابت ہوا، جسے خاص طور پر اسنوکر کے کھلاڑیوں میں بے حد پذیرائی ملی۔

    اسپورٹس حلقوں کا کہنا ہے کہ جس طرح دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں، اسی طرح اسنوکر ٹورنامنٹس کا بھی علاقائی سطح پر باقاعدگی سے انعقاد ہونا چاہیے تاکہ اس کھیل کو مزید فروغ مل سکے۔

  • میرپورخاص: حیسکو کے متعصبانہ اقدامات پر عوام میں غم و غصہ، فوری نوٹس کا مطالبہ

    میرپورخاص: حیسکو کے متعصبانہ اقدامات پر عوام میں غم و غصہ، فوری نوٹس کا مطالبہ

    میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ )بجلی بلوں کی ادائیگی میں دشواری، حیسکو کے اقدامات پر عوامی ردعمل

    میرپورخاص میں بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور معاشی صورتحال کے باعث عوام کے لیے بلوں کی ادائیگی مزید دشوار ہوچکی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم اور جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن، محمود عباسی سمیت دیگر اراکین نے اپنے بیان میں حیسکو کے اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حیسکو ریکوری کے نام پر مہاجر علاقوں میں بلاجواز کارروائیاں کی جارہی ہیں، جس کے دوران مہاجر نوجوانوں کو چہرے پر سیاہ کپڑا ڈال کر گاڑیوں میں لے جایا گیا۔ اس غیر انسانی سلوک سے عوام میں بے چینی اور غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ مخصوص طبقہ آبادی کے خلاف یہ متعصبانہ کارروائیاں شدید عوامی ردعمل کا باعث بن سکتی ہیں۔ حیسکو افسران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنے درپردہ مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جبکہ مسلح گارڈز کے ساتھ شہری علاقوں میں گشت اور عوام سے ناروا سلوک پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بجلی بلوں کی وصولی میں نرمی برتی جائے تاکہ عوام باقاعدگی سے بل ادا کرسکیں۔ اگر بلاجواز کارروائیاں نہ روکی گئیں تو قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں آواز بلند کی جائے گی۔

    انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیئرمین نیپرا، اور گورنر سندھ سے اس صورتحال پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

  • سندھ اسپورٹس فنڈز کی مبینہ لوٹ مار، اسپیشل افراد کے ساتھ مذاق

    سندھ اسپورٹس فنڈز کی مبینہ لوٹ مار، اسپیشل افراد کے ساتھ مذاق

    میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگارشاہزیب شاہ کی رپورٹ) سندھ اسپورٹس فنڈز کی مبینہ لوٹ مار کا دوسرا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اہلکاروں اور اولمپک عہدیداران کا گٹھ جوڑ اس فنڈز کو ٹھکانے لگانے میں مصروف ہے۔

    سندھ اسپیشل گیمز کے نام پر کراچی کے چند مخصوص اداروں کی ٹیموں کو مدعو کرکے اور من پسند عہدیداران کو شامل کرکے یہ گٹھ جوڑ اسپیشل افراد کے ساتھ مذاق اڑا رہا ہے۔ اس طرح صوبائی وزیر اور سیکریٹری اسپورٹس کی ناک کے نیچے قومی خزانے کو لوٹا جا رہا ہے۔

    سندھ بھر سے اسپیشل افراد کی نمائندہ تنظیموں نے اس پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ اسپورٹس بورڈ کے قواعد و ضوابط کے مطابق کھیل کا انعقاد اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی ذمہ داری نہیں ہے۔ لیکن صوبائی وزیر اسپورٹس محمد بخش خان مہر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہونے کی وجہ سے اس میں پیچیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

    اس پورے معاملے میں سندھ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے فزیکل ایجوکیشن سے نابلد، نااہل اور ناتجربہ کار ڈائریکٹر اور ضلعی افسران کا اہم کردار ہے۔

    اسپیشل نوجوانوں کے رہنما لعل محمد بلوچ اور قمرالدین ملک نے مقتدر حلقوں کی بے حسی پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور گورنر سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ افسران اور حکومتی اہلکاروں کی مبینہ کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے

  • میرپورخاص: میئر عبدالرؤف غوری کی حاجی فاروق ملک کے بہنوئی محمد فیصل کے انتقال پر تعزیت

    میرپورخاص: میئر عبدالرؤف غوری کی حاجی فاروق ملک کے بہنوئی محمد فیصل کے انتقال پر تعزیت

    میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) یونین کونسل 4 کے چیئرمین حاجی فاروق ملک کے بہنوئی محمد فیصل کے انتقال پر میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری نے تعزیت کی۔

    محمد فیصل کا ایکسیڈنٹ کے باعث دو روز قبل انتقال ہو گیا تھا اور ان کی تدفین کر دی گئی۔ تعزیت کرنے والوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں میئر عبدالرؤف غوری نے سٹلائٹ ٹاؤن پہنچ کر فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

    اس موقع پر ڈپٹی میئر سمیرہ بلوچ، ایم پی اے ہری رام کشوری لال، یونین کونسل کے چیئرمین اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

    میئر عبدالرؤف غوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص کے شہریوں کے لیے آئندہ چند ماہ ترقی کے حوالے سے بہت اہم ہیں اور انشاءاللہ شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوں گے۔

  • میرپورخاص: تحریک انصاف کے وفدکی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

    میرپورخاص: تحریک انصاف کے وفدکی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

    میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے ڈویژنل صدر آفتاب قریشی کی قیادت میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔

    وفد میں سندھ نائب صدر راجہ عبدالحق، ڈویژنل ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ اعجاز احمد رندھاوا، ڈویژنل نائب صدر محمد علی راجپوت، ڈسٹرکٹ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اسلم قائمخانی، ڈسٹرکٹ سینئر نائب صدر ملک لیاقت، اور ڈویژنل انفارمیشن سیکرٹری عنایت مری شامل تھے۔

    وفد نے ڈسٹرکٹ بار کے صدر ایڈووکیٹ افضل کریم، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ میر علی بخش ٹالپر، ٹریژرار ایڈووکیٹ محمد علی جانی مری، لائبریری سیکرٹری ایڈووکیٹ کاشف پھوڑ، اور منیجمنٹ کمیٹی کے ممبران ایڈووکیٹ محسن میمن، فرحان قریشی، اور وقار ملک کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ وکلاء برادری قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ پارٹی ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور ان کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش جاری رکھے گی۔

    وکلاء برادری نے تحریک انصاف کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ اس ملاقات نے تحریک انصاف اور وکلاء برادری کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کیا۔ اس موقع پر وکلاء اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جس نے اس تقریب کو مزید پرجوش بنا دیا۔

  • میرپور خاص: فلسطین کی فتح پر جماعت اسلامی کا یوم تشکر اور ریلی

    میرپور خاص: فلسطین کی فتح پر جماعت اسلامی کا یوم تشکر اور ریلی

    میرپور خاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)جماعت اسلامی میرپور خاص کے زیر اہتمام اہل فلسطین کی مزاحمت اور غزہ کی شاندار کامیابی پر یوم تشکر کا بڑا اجتماع اور ریلی منعقد کی گئی۔

    اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی میرپور خاص شکیل احمد فہیم نے کہا کہ فلسطینی عوام اور غزہ کے مجاہدین نے یہ ثابت کر دیا کہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ جنگ بندی معاہدہ فلسطینی عوام کی عظمت اور غزہ کی مزاحمت کی تاریخی کامیابی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے پندرہ ماہ تک فلسطینی عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے، لیکن وہ ہزیمت اور ناکامی سے دوچار ہوئے۔

    اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر نور الٰہی مغل، عاصم شیخ، اور ڈاکٹر مسعود عباس نے کہا کہ فلسطینی عوام کی کامیابی امت مسلمہ اور دنیا کے تمام آزادی پسندوں کی فتح ہے۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کے شرمناک کردار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اجتماع میں شریک شہریوں اور کارکنان نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر نعرے درج تھے:

    "اسرائیل کا ایک علاج الجہاد الجہاد”
    "اسرائیل کی بربادی تک جنگ رہے گی”
    "اہل فلسطین کا مقدر آزادی آزادی”
    "اسرائیل فلسطین خالی کرے ورنہ عبرت ناک انجام دیکھے گا”

    مقررین نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اہل فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے طور پر اپنی مدد جاری رکھیں گے۔ دوران جنگ پاکستانی عوام نے اربوں روپے کا امدادی سامان فلسطین بھیجا اور غزہ کی تعمیر نو میں بھی بھرپور حصہ لیں گے۔ اجتماع میں شہریوں اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے فلسطین سے محبت اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔

  • میرپورخاص:ایس ایس پی  کا منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

    میرپورخاص:ایس ایس پی کا منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

    میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگارشاہزیب شاہ) ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار کا منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے ہنگامی اجلاس، سخت اقدامات کی ہدایت

    تفصیل کے مطابق ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار نے ایس ایس پی آفس میرپورخاص میں منشیات کے خلاف ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں ضلع بھر کے تمام SDPO’s/SHO’s، انچارج CIA، انچارج DIB اور ہیڈ آف برانچز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایس ایس پی میرپورخاص نے سخت احکامات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کریں اور ایک ہفتے کے اندر ضلع کو منشیات سے پاک کریں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ اس کارروائی کی نگرانی خود کریں گے اور کسی بھی منشیات فروش کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور اسے B کمپنی بھیج دیا جائے گا۔ ایس ایس پی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کسی کو منشیات کھانے سے کوئی نقصان یا بیماری ہو تو وہ اپنے متعلقہ تھانے پر مقدمہ درج کروا سکتے ہیں۔

    سول سوسائٹی سے درخواست کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس کے ساتھ مل کر منشیات کے خلاف کارروائیاں کی جائیں، تاکہ میرپورخاص میں منشیات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

    مزید برآں، ایس ایس پی نے ضلع بھر میں ٹریفک مسائل پر بھی نوٹس لیا اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ انچارج کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو CCTV کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی کرنے اور فوری کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

  • میرپورخاص: عمرکوٹ روڈ پر جبری ٹول پلازہ کے خلاف جے یو آئی اور عوام کا دھرنا

    میرپورخاص: عمرکوٹ روڈ پر جبری ٹول پلازہ کے خلاف جے یو آئی اور عوام کا دھرنا

    میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) عمرکوٹ روڈ پر جبری ٹول پلازہ کے خلاف جے یو آئی اور عوام کا دھرنا

    عمرکوٹ روڈ پر انتظامیہ کی جانب سے جبری ٹول پلازہ قائم کرنے کے خلاف جمیعت علماء اسلام میرپورخاص اور علاقے کے عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔

    دھرنے میں جے یو آئی میرپورخاص کے نائب امیر مولانا محمد ابراہیم مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ روڈ کی حالت خستہ ہے اور روڈ پر ہونے والے حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو اس سڑک کی تعمیر نو کرنی چاہیے تھی، لیکن عوام پر اضافی بوجھ ڈال کر ٹول پلازہ قائم کر دیا گیا۔ مولانا ابراہیم نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹول پلازہ عوام کے لیے جینے مرنے کا سوال ہے، اور اسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

    دیگر مقررین، جن میں وڈیرہ علی مہر، عبدالحمید بلوچ، مولانا عبدالہادی، جمیل شر، میر محمد منگریو، اور فقیر محمد علی مہر شامل تھے، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس ناجائز اقدام کے خلاف متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پہلے سڑک تعمیر کرنی چاہیے اور اس کے بعد ٹول پلازہ پر غور کرنا چاہیے۔ مقررین نے واضح کیا کہ ایف آئی آرز یا دیگر کارروائیاں انہیں ڈرا نہیں سکتیں۔

    دھرنے کے شرکاء نے "نامنظور، ٹول پلازہ نامنظور” اور "نعرہ تکبیر، اللہ اکبر” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ دھرنے کے دوران عمرکوٹ روڈ دونوں اطراف سے بلاک ہو گیا، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی نفری بھی موقع پر موجود رہی۔

    احتجاج کرنے والوں نے انتظامیہ اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مفاد میں ٹول پلازہ قائم کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے کر علاقے کے مسائل حل کریں۔

  • میرپور خاص: منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار

    میرپور خاص: منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار

    میرپور خاص ،باغی ٹی وی(نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار

    ایس ایس پی میرپور خاص شبیر احمد سیٹھار کے سخت احکامات پر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مختلف تھانوں کی کارروائیوں میں بڑی مقدار میں گٹکا، ماوہ اور دیسی شراب برآمد کی گئی۔

    تھانہ ٹاؤن میں ڈی ایس پی سٹی عبدالغفور خاصخیلی کی قیادت میں ایس ایچ او کامران ہالیپوٹو نے گٹکا ماوہ مینوفیکچرنگ فیکٹری پر چھاپہ مارا۔ اس کارروائی میں 100 گٹکا ماوہ، 3 ٹپ تیار ماوہ، 3 ٹپ غیر تیار ماوہ، اور 1 بالٹی چھالیہ برآمد ہوئی، جبکہ ملزم شبیر قریشی کو گرفتار کیا گیا۔ ہیرآباد میں ایک اور کارروائی میں منشیات فروش شبیر شیخ کو گرفتار کر کے 6 پیکٹ سفینہ گٹکا برآمد کیا گیا۔ دونوں ملزمان پر الگ الگ مقدمات درج کیے گئے۔

    تھانہ مہران کے ایس ایچ او سعید چنہ کی قیادت میں کارروائی میں راشد ملک کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 770 سفینہ ساشے، 100 رائل کنگ ساشے، اور 320 گٹکے برآمد ہوئے۔ کارروائی کے دوران دوسرا ملزم بابر ملک فرار ہو گیا۔

    ٹنڈو جان محمد پولیس نے ایس ایچ او اسلم جمالی کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے 1,100 سفینہ ساشے اور 250 گٹکے برآمد کیے۔ اس کارروائی میں دو ملزمان گرفتار ہوئے۔

    پھلاڈیوں تھانے کے ایس ایچ او مجید گرگیج کی قیادت میں دیسی شراب فروش عناصر کے خلاف کارروائی میں سریش کمار کو گرفتار کیا گیا اور 20 لیٹر دیسی شراب برآمد ہوئی۔

    تعلقہ پولیس اسٹیشن میں ایس ایچ او آفتاب رند نے کارروائی کرتے ہوئے 10 لیٹر تیار اور 230 لیٹر غیر تیار شدہ شراب برآمد کی۔ اس کارروائی میں لچھمن کولہی کو گرفتار کیا گیا۔

    میرواہ تھانے کے ایس ایچ او جنید قمر میمن نے جھڑی جوگی میں کارروائی کرتے ہوئے 10 لیٹر دیسی شراب برآمد کی اور ملزم والجہی کولہی کو گرفتار کیا۔

    تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی ان کامیاب کارروائیوں کو سراہا ہے۔ ایس ایس پی میرپور خاص نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف کارروائیاں بغیر کسی دباؤ کے جاری رہیں گی۔

  • میرپورخاص: دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپہ، 7,960 لیٹر شراب برآمد، 3 ملزمان گرفتار

    میرپورخاص: دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپہ، 7,960 لیٹر شراب برآمد، 3 ملزمان گرفتار

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپہ، 7,960 لیٹر شراب برآمد، 3 ملزمان گرفتار

    ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار کے احکامات پر انچارج ڈی آئی بی جواد دل اور ایس ایچ او ڈگری پولیس اسٹیشن انسپکٹر سلیم سراج سموں کی قیادت میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپہ مارا گیا۔

    کارروائی کے دوران 7,960 لیٹر دیسی شراب اور چار لاوارث موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ موقع پر موجود تین ملزمان، نور محمد عرف نورو کمبھار، منور علی کمبھار، اور سکندر علی کمبھار کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 06/2025 زیر دفعہ 3/4 PEHO ڈگری پولیس اسٹیشن پر درج کر لیا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کی اس کارروائی کو علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کی طرف ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔