Baaghi TV

Category: میر پور خاص

  • میرپورخاص: منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کریک ڈاؤن، 6 گرفتار

    میرپورخاص: منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کریک ڈاؤن، 6 گرفتار

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، سید شاہزیب شاہ) ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار کے سخت احکامات پر میرپورخاص پولیس کی منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئی کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔

    تھانہ ٹاؤن کی حدود میں ایس ایچ او سب انسپکٹر کامران ہالیپوٹو نے دوران گشت ٹنڈو آدم روڈ پر 4 مشکوک افراد کو روکا۔ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے بعد ایک ملزم امانت اللہ ولد اکبر نوہڑی کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گرفتار ملزم سے چوری شدہ موٹر سائیکل، 30 بور پستول اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں۔ ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

    سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایس ایچ او غازی خان راجڑ نے چونا فیکٹری کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مستانو بھیل ولد چنیسر بھیل کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 100 تیار مین پڑیاں اور 95 کلو گٹکے کا خام مال برآمد کیا گیا۔ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

    جھڈو تھانے کی حدود میں انسپکٹر شاہنواز خاصخیلی نے دو مختلف کارروائیوں میں شکیل احمد ولد لیاقت قائم خانی اور فدا محمد ولد یعقوب ٹنگری کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے 230 گٹکا اور ایک 30 بور پستول برآمد کیا گیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    ڈیگان پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او عابد زرداری نے سیم نالہ موری کے قریب کارروائی کرتے ہوئے نور محمد ولد غلام رسول کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے 60 ماوہ گٹکا برآمد ہوا۔ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

    تعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او آفتاب رند نے سیم نالہ موری کے قریب ایک اور کامیاب کارروائی میں رضا محمد ولد عبد الستار مہر کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 10 پیکٹ سفینہ (550 ساشے) برآمد کیے گئے۔ مقدمہ درج کرکے تحقیقات جاری ہیں۔

    پولیس کی ان کارروائیوں کو عوامی و سماجی حلقوں نے سراہا ہے اور جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے آپریشنز کی تسلسل سے جاری رہنے کی امید ظاہر کی ہے۔

  • میرپورخاص: انکروچمنٹ ڈائریکٹر کی دکانداروں کو سامان حدود میں رکھنے کی وارننگ

    میرپورخاص: انکروچمنٹ ڈائریکٹر کی دکانداروں کو سامان حدود میں رکھنے کی وارننگ

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) انکروچمنٹ ڈائریکٹر اورنگزیب مغل کی چاندنی چوک کے دکانداروں کو وارننگ ایک دو روز میں سامان اپنی حدود میں نہ کیا تو قانونی کارروائی ہوگی.

    میرپورخاص کے علاقے چاندنی چوک میں انکروچمنٹ ڈائریکٹر اورنگزیب مغل نے دکانداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے ایک دو روز میں اپنے سامان کو اپنی حدود میں نہیں کیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اورنگزیب مغل، عبدالسلام میمن انکروچمنٹ انسپکٹر اور دیگر حکام کے ہمراہ موجود تھے نے دکانداروں کو یہ انتباہ کیا کہ عدالت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کی جا رہی ہے اور ان کی جانب سے کی جانے والی انکروچمنٹ کے سبب وہ روزانہ عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 22 دن گزر چکے ہیں اور دکانداروں کو تمام نشانات دے دیے گئے ہیں مگر ابھی تک کسی نے اپنی حدود میں سامان نہیں کیا۔ "اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو ایسکیویٹر (ہیوی مشینری) آ کر ان مقامات پر توڑ پھوڑ شروع کر دے گا جہاں دکانداروں نے قبضہ کیا ہے۔ ہم آج اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے اور اس کے بعد معزز عدالت کا فیصلہ ہے کہ وہ کب ان ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔”

    اورنگزیب مغل نے کہا کہ سڑک کے سینٹر سے 55 فٹ جگہ مختص کی گئی ہے، مگر یہاں اس کا بہت بڑا فرق پایا جا رہا ہے۔ "دکاندار حضرات سے درخواست ہے کہ وہ مسئلے کو سمجھیں اور اپنے سامان کو اپنی حدود میں رکھیں ورنہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • میرپورخاص: جرائم کی روک تھام کے لیے ڈی آئی جی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا

    میرپورخاص: جرائم کی روک تھام کے لیے ڈی آئی جی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا

    میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگار سیدشاہزیب شاہ) جرائم کی روک تھام کے لیے ڈی آئی جی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس، سخت اقدامات کا اعلان

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی میرپورخاص رینج محمد زبیر دریشک کی زیرِ صدارت ڈی آئی جی آفس میں انسدادِ جرائم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میرپورخاص کے ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، سی آئی اے انچارج، 15 مددگار اور دیگر پولیس افسران و عملہ نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد علاقے میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانا اور پولیس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا تھا۔

    ڈی آئی جی زبیر دریشک نے اجلاس کے دوران منشیات، گٹکا، آرگنائزڈ کرائم، اور دیگر سماجی جرائم کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ گٹکا اور منشیات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے حساس علاقوں میں پولیس گشت کو بڑھانے، ناکہ بندی کے قیام اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی کے احکامات بھی دیے گئے۔

    ڈی آئی جی نے قتل اور سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری پر زور دیا اور اشتہاری و روپوش ملزمان کو جلد از جلد پکڑنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگیٹڈ مجرموں اور منشیات فروشوں کے خلاف بھی سخت ایکشن جاری رہے گا۔

    اجلاس میں پولیس فورس کی تربیت، شفاف پوسٹنگ اور افسران کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے تربیتی پروگرامز کے انعقاد کی بھی ہدایت دی گئی۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ تحقیقات کے لیے مختص بجٹ کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں، ایف آئی آر کے مناسب اندراج اور ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کو فعال بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

    انہوں نے کرایہ داروں اور گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ تمام افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں اور عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔ ڈی آئی جی زبیر دریشک نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

  • میرپورخاص: 24 نومبر دھرنے کی تیاریوں پر پی ٹی آئی کا اجلاس

    میرپورخاص: 24 نومبر دھرنے کی تیاریوں پر پی ٹی آئی کا اجلاس

    میرپور خاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) پاکستان تحریک انصاف میرپور خاص کے انصاف ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت پی ٹی آئی میرپور خاص کے ڈویژنل صدر آفتاب حسین قریشی نے کی۔ اجلاس کا مقصد 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے کے انتظامات اور حکمت عملی کو حتمی شکل دینا تھا۔ اس موقع پر دھرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کارکنان کو متحرک کرنے اور ان کی بھرپور شرکت یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

    آفتاب حسین قریشی نے کہا کہ یہ دھرنا عوامی حقوق کے تحفظ اور حقیقی آزادی کی تحریک کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان کو نہ صرف دھرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے بلکہ عوام کو اس تحریک کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے بھی سرگرم رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت عوامی حقوق کے لیے کھڑے ہونے کا ہے اور ہر کارکن کو اس مقصد کے لیے اپنے کردار کو نبھانا ہوگا۔

    اجلاس میں پی ٹی آئی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی۔ ان میں سندھ وومن جنرل سیکرٹری کنول اعجاز، ڈویژن ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ اعجاز احمد رندھاوا، ڈسٹرکٹ صدر احسان جروار، جنرل سیکرٹری عزیز لغاری، لیبر ونگ کے ڈویژن صدر حمید راجپوت، تعلقہ حسین بخش مری کے صدر امان اللہ دل، جنرل سیکرٹری سہیل گدی، تعلقہ کوٹ غلام محمد کے صدر علی رضا قائمخانی، تعلقہ سندھڑی کے صدر اسد ہالیپوٹو اور جنرل سیکرٹری مراد کیریو شامل تھے۔

    اس موقع پر سابقہ دونوں ٹاؤنز کے عہدیداران، مختلف تعلقوں اور یوسیز کے عہدیداران، لیبر ونگ اور دیگر ونگز کے عہدیداران سمیت پی ٹی آئی کے ٹائیگرز، سپورٹرز اور کارکنان بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے دھرنے میں بھرپور شرکت اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کا عزم کیا۔

  • عمرکوٹ: دو معصوم بچوں کا قاتل سفاک چچا گرفتار

    عمرکوٹ: دو معصوم بچوں کا قاتل سفاک چچا گرفتار

    میرپور خاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارشاہزیب شاہ) تحصیل عمرکوٹ کے نواحی گاؤں رانا جاگیر میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں دو معصوم بچوں، دو سالہ نریندر میگھواڑ اور ایک سالہ صندر میگھواڑ کو کلہاڑی کے وار سے بے دردی سے قتل کرنے والے ملزم سترام میگھواڑ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم مقتول بچوں کا چچا ہے۔

    مقتول بچوں کے والد، راجیش میگھواڑ کی مدعیت میں عمرکوٹ سٹی تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا، کرائم نمبر 217/2024 کے تحت مقدمہ دفعہ 302 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم سترام بچوں کو کھلانے کے بہانے گھر سے لے گیا تھا۔ کافی دیر تک واپس نہ آنے پر جب بچوں کی تلاش شروع کی گئی تو ملزم گاؤں کے قریب جھاڑیوں میں ملا، جس نے اعتراف کیا کہ اس نے بچوں کو قتل کر دیا ہے۔

    ملزم کی نشاندہی پر دونوں بچوں کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔ ایک بچے کی لاش کا دھڑ ہی ملا، بعد میں تلاش کے بعد سر بھی برآمد کر لیا گیا۔ مقتولین کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کروایا جا چکا ہے اور مزید قانونی کارروائی اور ملزم سے تفتیش جاری ہے۔

  • میرپور خاص: یوسی 3 میں سیوریج کا مسئلہ حل، عوامی نمائندوں کا احسن اقدام

    میرپور خاص: یوسی 3 میں سیوریج کا مسئلہ حل، عوامی نمائندوں کا احسن اقدام

    میرپور خاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) یوسی 3 میں سیوریج کا مسئلہ حل، عوامی نمائندوں کا احسن اقدام

    تفصیل کے مطابق یوسی تین ٹاؤن خادم علی شاہ کے حق پرست چیئرمین خلیل احمد اور وائس چیئرمین سلیم غوری نے یوسی فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے علاقے کے وارڈ میں سیوریج کی پائپ لائن ڈلوا کر دیرینہ ڈرینج کے مسئلے کا حل فراہم کر دیا۔ یہ اقدام علاقے میں عوامی مشکلات کو کم کرنے کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

    اہلِ علاقہ نے حق پرست چیئرمین اور وائس چیئرمین کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عوامی خدمت کو سراہا۔ اس موقع پر حق پرست کونسلرز فضل شاہ، رفیق احمد اور یوسی انچارج شکیل منظور بھی موجود تھے۔ انہوں نے علاقے کے عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر اس پراجیکٹ کی تکمیل میں بھرپور تعاون کیا۔

    یہ اقدام علاقے میں ترقیاتی کاموں کو مزید فروغ دینے کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے، جسے مقامی لوگوں نے سراہتے ہوئے مزید ایسی کوششوں کی امید ظاہر کی۔

  • میرپورخاص: چوری شدہ موبائلز کی روک تھام کے لیے ایس او پی نافذ، خلاف ورزی پر کارروائی

    میرپورخاص: چوری شدہ موبائلز کی روک تھام کے لیے ایس او پی نافذ، خلاف ورزی پر کارروائی

    میرپورخاص(باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) چوری شدہ موبائل کی خرید و فروخت روکنے کے لیے ایس او پی نافذ، خلاف ورزی پر کارروائی کا آغاز

    تفصیل کے مطابق ایس ایس پی میرپورخاص شبیر سیٹھار نے موبائل مارکیٹ میں چوری شدہ موبائل فونز کی خرید و فروخت روکنے کے لیے ایس او پی تیار کرلی ہے، جس پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس حوالے سے جمعہ کے روز بند مارکیٹ میں موبائل فون کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں 15 مددگار پولیس نے 20 افراد کو حراست میں لے کر 30 سے زائد موبائل فونز برآمد کر لیے۔

    ایس ایس پی شبیر سیٹھار نے کہا کہ دکانداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہر موبائل فروخت کرنے والے سے قومی شناختی کارڈ کی کاپی جمع کریں، بصورت دیگر استعمال شدہ موبائل فون نہ خریدیں۔ جمعہ کے روز مارکیٹ بند ہونے پر چوری شدہ موبائل فونز کی فروخت روکنے کے لیے کارروائیاں کی جائیں گی، جو دوکانداروں اور عوام کی سہولت کے لیے ضروری ہے۔

  • میرپورخاص:مسجد فیضان القرآن کے قریب پیور بلاک روڈ کی تکمیل پر حاجی محمد علی کے اعزاز میں تقریب

    میرپورخاص:مسجد فیضان القرآن کے قریب پیور بلاک روڈ کی تکمیل پر حاجی محمد علی کے اعزاز میں تقریب

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ ) مسجد فیضان القرآن میر کے پلاٹ، ہیرا آباد کی گلی میں پیور بلاک روڈ کی تکمیل پر یونین کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد علی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مقامی نعت خواں حضرات نے ہدیہ نعت پیش کیا، جبکہ دعوت اسلامی کے مبلغ محمد اقبال ضیائی نے اظہار خیال کرتے ہوئے حاجی محمد علی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب گلی کا کام جاری تھا، اس وقت میں عمرے کی سعادت حاصل کر رہا تھا اور آپ کے حق میں دعائیں کر رہا تھا کہ آپ نے مسجد والی گلی میں نمازیوں کے لیے آسانی پیدا کی۔

    حاجی محمد علی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست میں خدمت کے جذبے سے آئے ہیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر فنڈز کی کمی بھی ہو تو وہ علاقے کے جائز کام کو اپنی مدد سے مکمل کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ یونین کمیٹی کے چاروں وارڈوں میں سیوریج اور سڑکوں کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو سہولت ملے اور علاقے میں ترقی کا سفر جاری رہے۔

    اہل علاقہ نے حاجی محمد علی کے اس اقدام کو سراہا اور ان کے لیے دعائیں کیں کہ وہ عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں اور علاقے کی بہتری کے لیے مزید کام کریں۔

  • سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس اور ہیلتھ کارڈ کی سہولت کا اجرا

    سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس اور ہیلتھ کارڈ کی سہولت کا اجرا

    میرپورخاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی کوششوں سے سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس اور ہیلتھ کارڈ کی سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ان سہولیات کے تحت پولیس اہلکار اور ان کے اہلِ خانہ کو صحت کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    ڈی آئی جی میرپورخاص رینج زبیر دریشک نے ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار کے ہمراہ علی میڈیکئر سینٹر اور محمد میڈیکل اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی زبیر دریشک اور ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار نے اسپتالوں کے عملے سے ملاقات کی اور اہلکاروں کی صحت اور دی جانے والی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی زبیر دریشک نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پولیس اہلکاروں کو بہتر علاج میسر ہے، اور ان کے اہل خانہ بھی مستفید ہوں گے۔

    زیر علاج پولیس اہلکاروں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے سندھ گورنمنٹ اور پولیس کی انتظامیہ کو دعائیں دیں۔ اہلکاروں کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ان کی صحت کی دیکھ بھال میں بہتری آئے گی اور وہ اپنی خدمات کو مزید احسن طریقے سے انجام دے سکیں گے۔

  • میرپورخاص:2037 تک منصوبہ بندی، سٹی ماسٹر پلان کے تحت شہر کی ترقی کے لیے کمیٹی کا اجلاس

    میرپورخاص:2037 تک منصوبہ بندی، سٹی ماسٹر پلان کے تحت شہر کی ترقی کے لیے کمیٹی کا اجلاس

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) میرپورخاص ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر شہروں میرپورخاص، عمرکوٹ اور مٹھی (تھرپارکر) کو ترقی یافتہ شہروں کی صف میں شامل کرنے کے لیے ماسٹر پلان پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس بات کا اظہار چئیرمین امپلیمینٹشن کمیٹی و ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے کمشنر کمیٹی ہال میں سٹی ماسٹر پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مذکورہ شہروں کی ضروریات کی نشاندہی کی جائے اور جلد رپورٹ کمشنر آفس میں جمع کروا کر ماسٹر پلان کے تحت کام شروع کیا جائے۔ اس منصوبے کے تحت شہر میں ہاؤسنگ، سوشل سروسز، صحت، تعلیم، واٹر سپلائی، سیوریج، سالڈ ویسٹ، ٹرانسپورٹیشن اور کاروباری مراکز کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ماسٹر پلان کو 20 سالہ مدت کے تحت 2037 تک کے لیے بنایا جا رہا ہے۔

    ضلع کونسل چئیرمین میر انور علی خان تالپور نے کہا کہ ماسٹر پلان کے ذریعے میرپورخاص شہر کو ترقی یافتہ شہروں کے ساتھ جوڑنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔ میئر عبدالروف غوری نے اس منصوبے میں ضلع میرپورخاص کے تین تحصیلوں میرپورخاص، حسین بخش مری اور شجاع آباد کی 2 ٹاؤن کمیٹیوں کی 22 یونین کونسلوں کو شامل کرنے کی بات کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان، رئیس عارف خان بھرگڑی، ایڈیشنل کمشنر ون ڈاکٹر علی نواز بھوت، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امجد، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔