Baaghi TV

Category: میر پور خاص

  • میرپورخاص: مرغیوں کی باقیات سے تیل بنانے والی دو فیکٹریاں سیل

    میرپورخاص: مرغیوں کی باقیات سے تیل بنانے والی دو فیکٹریاں سیل

    میرپورخاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ)میرپورخاص کی تحصیل حسین بخش مری میں جانوروں کے فضلے اور کھال سے غیر صحت بخش تیل تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کاروائی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری زینب حفیظ نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز، ڈپٹی ڈائریکٹر ویجیلنس ٹیم اور فوڈ اتھارٹی کی دیگر ٹیموں کے ہمراہ دو آئل فیکٹریوں پر چھاپہ مارا۔

    چھاپے کے دوران ان فیکٹریوں کو پولٹری کے فضلے سے تیل تیار کرتے پایا گیا جو کہ انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور قانونی طور پر ممنوع بھی ہے۔ مزید تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ ان فیکٹریوں کے پاس اس بات کا کوئی ریکارڈ نہیں تھا کہ تیار کیا گیا تیل کہاں فروخت ہو رہا ہے۔ فیکٹریوں میں صفائی اور حفاظتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں پر اسسٹنٹ کمشنر زینب حفیظ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں فیکٹریوں کو عارضی طور پر سیل کر دیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مزید تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس کاروائی کا مقصد عوام کو غیر معیاری اور غیر صحت بخش مصنوعات سے بچانا اور صحت عامہ کو یقینی بنانا ہے۔

  • میرپورخاص:24 گھنٹوں میں کارروائی،انعام اللہ ابڑنگ قتل کیس کے تمام ملزمان گرفتار

    میرپورخاص:24 گھنٹوں میں کارروائی،انعام اللہ ابڑنگ قتل کیس کے تمام ملزمان گرفتار

    میرپورخاص(باغی ٹی وی،نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)ایس ایس پی میرپورخاص، جناب شبیر احمد سیٹھار کے سخت احکامات پر عمل کرتے ہوئے ڈگری پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او انسپکٹر سلیم سراج سموں نے محض 24 گھنٹوں کے اندر انعام اللہ ابڑنگ کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیل کے مطابق یہ کارروائی اس وقت شروع کی گئی جب گزشتہ روز فصل کو نقصان پہنچانے پر پیدا ہونے والے تنازعے میں انعام اللّٰہ ابڑنگ کو بے رحمی سے قتل کیا گیا۔ ایس ایس پی میرپورخاص نے فوری کارروائی کا حکم دیا تھا جس کے بعد ایس ایچ او ڈگری پولیس اسٹیشن نے انتھک محنت کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزمان کو قلیل وقت میں گرفتار کرلیا۔

    قتل کا مقدمہ مقتول کے والد امان اللہ کی مدعیت میں ڈگری تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں دفعہ 302، 324، 337 اے، 337 ایف، 504 اور 34 شامل ہیں۔ پولیس کی جانب سے کی گئی بروقت کارروائی پر اہل علاقہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

  • میرپورخاص: 13 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی  و ہلاکت،ماں سمیت6 ملزمان گرفتار

    میرپورخاص: 13 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی و ہلاکت،ماں سمیت6 ملزمان گرفتار

    میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگارشاہزیب شاہ) 13 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی و ہلاکت،ماں سمیت6 ملزمان گرفتار

    تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے گاؤں فوجی رانگڑ میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں 13 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کے بعد اس کی ہلاکت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں مزید چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جس کے ساتھ ہی گرفتار افراد کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں لڑکی کی اپنی ماں بھی شامل ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ پیسوں کے لالچ میں ماں نے اپنی کم عمر بیٹی کو ان ملزمان کے حوالے کیا تھا۔ ملزمان نے پولیس کے سامنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔

    متاثرہ لڑکی کو گزشتہ روز تشویشناک حالت میں سول ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں کی تمام کوششوں کے باوجود اسے بچایا نہیں جا سکا۔ ڈی ایس پی کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم اس معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے۔

  • میرپورخاص: ڈاکٹر شاہ نواز قتل کیس میں نئی ایف آئی آر، 45 ملزمان شامل

    میرپورخاص: ڈاکٹر شاہ نواز قتل کیس میں نئی ایف آئی آر، 45 ملزمان شامل

    میرپورخاص( باغی ٹی وی ،نامہ نگارسید شاہزیب شاہ ) ڈاکٹر شاہ نواز قتل کیس میں نئی ایف آئی آر، 45 ملزمان شامل

    تفصیل کے مطابق میرپورخاص میں ڈاکٹر شاہ نواز قتل کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے اس کیس کو ایف آئی اے کے حوالے کرنے کے بعد اب اس میں نئی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جس کی کاپی دہشت گردی عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔

    ایف آئی اے نے اس مقدمے کو دوبارہ جانچتے ہوئے 45 ملزمان کو شاملِ تفتیش کیا ہے، جن میں ایس ایس پی عمرکوٹ، ایس ایس پی میرپورخاص اور ڈی آئی جی میرپورخاص بھی شامل ہیں۔ یہ نام شامل کر کے ایف آئی آر کی کاپی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔

    یہ کیس سندھ میں قانون و انصاف کے نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

  • میرپورخاص: مساجد سے موٹر سائیکل چوری کرنے والا ملزم گرفتار

    میرپورخاص: مساجد سے موٹر سائیکل چوری کرنے والا ملزم گرفتار

    میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ)پولیس نے مساجد اور دیگر مقامات سے موٹر سائیکل چوری کرنے والے ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او سٹلائٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن انسپکٹر غازی خان راجڑ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد جابر راجپوت کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے قاری یعقوب مدرسہ، مغل اعظم ٹاؤن سے 3 دن قبل چوری ہونے والی بنام ہندال کنمبار موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

    ملزم کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ہوئی تھی جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے جرواری شاخ سے بھی ایک موٹر سائیکل چوری کی تھی اور مختلف مساجد سے مسلسل چوریاں کرتا رہا ہے۔

    ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 166/2024 بجرم دفعہ 381A سٹلائٹ ٹاؤن تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید وارداتوں کے انکشافات متوقع ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوری کی ان وارداتوں پر بروقت کارروائی سے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے گا، جبکہ ملزم سے برآمدگی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

  • میرپور خاص میں تھلیسمیا کے بچوں کے لیے خون عطیہ کرنے کی مہم

    میرپور خاص میں تھلیسمیا کے بچوں کے لیے خون عطیہ کرنے کی مہم

    میرپور خاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ایس ایس پی میرپور خاص جناب شبیر احمد سیٹھار کی جانب سے تھلیسمیا کے بچوں کے لیے خون عطیہ کرنے کی مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ مہم تھلیسمیا پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے تعاون سے کل بروز ہفتہ، مورخہ 26 اکتوبر 2024 کو پولیس ڈسپنسری پولیس لائن میں کی جائے گی۔

    ایس ایس پی میرپور خاص نے تمام پولیس افسران اور جوانوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور شرکت کریں، کیونکہ یہ ایک صدقہ جاریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے برابر ہے۔

  • میرپورخاص: کم عمر لڑکی کی زبردستی شادی ناکام، والد اور دولہا گرفتار

    میرپورخاص: کم عمر لڑکی کی زبردستی شادی ناکام، والد اور دولہا گرفتار

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کم عمر لڑکی کی زبردستی شادی کی کوشش ناکام بنا دی۔ واقعہ تھانہ دلبر خان مہر کی حدود میں گاؤں جان محمد جونیجو میں پیش آیا، جہاں 15/16 سالہ لڑکی (پ) سامی کی زبردستی شادی کروائی جا رہی تھی۔

    پولیس نے چھاپہ مار کر دلہن کے والد رانجھو سامی اور 40/45 سالہ دولہا عبدالمجید سامی کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان اور حفاظتی تحویل میں لی گئی لڑکی کو تھانہ دلبر خان مہر منتقل کیا گیا ہے۔

    پولیس نے دولہا اور لڑکی کے والد کے خلاف سندھ چائلڈ میرج ریسٹرنٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے لڑکی اور ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق، اس کارروائی کا مقصد کم عمری کی شادیوں کی روک تھام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔