Baaghi TV

Category: میر پور خاص

  • میرپورخاص: عید میلادالنبی ﷺ کی ریلیوں اور محافل کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات

    میرپورخاص: عید میلادالنبی ﷺ کی ریلیوں اور محافل کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)ضلع بھر میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ریلیاں اور جلوس سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت رواں دواں ہیں۔ ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ کی ہدایات پر تمام میلاد محافل، اجتماعات اور جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے ریلیوں اور جلوسوں کے منتظمین و علماء کرام سے ملاقاتیں کیں اور سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا۔ اس موقع پر تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجود ہیں اور اپنے جوانوں کے ساتھ جلوسوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    شہریوں کے لیے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کی غرض سے ٹریفک پولیس کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ضلعی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام سیکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    ایس ایس پی میرپورخاص نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • پیمرا نے کرائم سینز اور سی سی ٹی وی فوٹیج نشر کرنے پر پابندی لگادی

    پیمرا نے کرائم سینز اور سی سی ٹی وی فوٹیج نشر کرنے پر پابندی لگادی

    پیمرا کی ٹی وی چینلز کو نئی ہدایات جاری، کرائم سین اور سی سی ٹی وی فوٹیج نشر کرنا ممنوع،پیمرا نے زیرِ حراست ملزمان کے انٹرویوز اور سامان کی نمائش پر پابندی عائد کر دی،سندھ پولیس کی درخواست پر پیمرا کا ایکشن: کرائم سینز کی فوٹیج نشر کرنے پر پابندی

    میرپورخاص(باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ ) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چینلز پر کرائم سینز اور سی سی ٹی وی فوٹیج نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اس پابندی کا اطلاق زیرِ حراست ملزمان کے انٹرویوز اور برآمد شدہ سامان کی نمائش پر بھی ہوگا، جسے اب ٹی وی چینلز پر دکھانا مکمل طور پر ممنوع ہے۔

    یہ اہم قدم سندھ پولیس کی درخواست پر اٹھایا گیا ہے تاکہ میڈیا پر جرائم اور مجرموں کی غیر ضروری تشہیر کو روکا جا سکے۔

    پیمرا نے تمام پروگرام منیجرز، نیوز ایڈیٹرز اور گرافک ڈیزائنرز کو ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اس اعلامیے کی خلاف ورزی کرنے والے چینلز کے خلاف پیمرا آرڈیننس کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • میرپور خاص:ہنر بھی اس کا، منافع بھی اس کا. دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری کا نیا پروگرام

    میرپور خاص:ہنر بھی اس کا، منافع بھی اس کا. دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری کا نیا پروگرام

    میرپور خاص (باغی ٹی وی، سید شاہزیب شاہ ) ڈویژنل کمشنر میرپور خاص فیصل احمد عقیلی کی خصوصی کاوشوں سے میرپور خاص، عمرکوٹ، اور تھرپارکر کی دیہی خواتین دستکاروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے۔ محکمہ سماجی بہبود سندھ اور دیگر شراکت دار تنظیموں کے تعاون سے ان خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو شہر کی بڑی سپر مارکیٹوں میں مستقل جگہ دی جا رہی ہے۔

    ان علاقوں کی خواتین کئی نسلوں سے ہنر مند دستکاری جیسے سلائی، کڑھائی، کشیدہ کاری، شیشے کا کام، اور روایتی بنائی کی مہارتیں منتقل کرتی آ رہی ہیں، لیکن بازار تک براہِ راست رسائی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اپنی محنت کا صحیح صلہ نہیں مل پاتا تھا۔

    آمدنی اور بااختیار بنانے کا نیا ماڈل
    اس نئے اقدام کے تحت ایک شفاف نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ دستکاروں کو ان کی محنت کا مکمل فائدہ پہنچ سکے۔

    براہ راست منافع: خواتین کو ان کی مصنوعات کی فروخت سے ہونے والے منافع کا 85 فیصد براہ راست دیا جائے گا۔

    شفاف ادائیگی: رقم بینک ٹرانسفر، موبائل والٹ، یا نقد کی صورت میں براہ راست خواتین کو ادا کی جائے گی۔

    یہ اقدام صرف نمائشوں تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ ایک پائیدار معاشی ماڈل ہے جو دیہی خواتین کو باقاعدہ کاروباری شخصیات کے طور پر شناخت دلائے گا۔ کمشنر میرپور خاص کے مطابق، یہ کوشش خواتین کو مالی طور پر مضبوط اور خود مختار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ "ہنر بھی اس کا اور منافع بھی اس کا۔”

  • میرپورخاص:کمشنر  کا پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس کا دورہ، ویکسینیشن مہم کا جائزہ

    میرپورخاص:کمشنر کا پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس کا دورہ، ویکسینیشن مہم کا جائزہ

    میرپور خاص (باغی ٹی وی،سید شاہزیب شاہ، ) کمشنر میرپور خاص فیصل احمد عقیلی نے پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ضلع کے مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیہو اور تعلقہ فوکل پرسن ڈاکٹر فرقان بھی تھے۔

    کمشنر نے ٹنڈو آدم ناکہ، کھان ناکہ ٹرانزٹ پوائنٹس، حمید پورہ کالونی، اور کھپرو اسٹینڈ کا معائنہ کیا اور وہاں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ویکسین کے کولڈ چین کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے۔

    اس موقع پر کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کہا کہ پولیو کے دو قطرے بچوں کو ہمیشہ کی معذوری سے بچاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام انتظامیہ ایک ہی سمت پر کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو سے پاک پاکستان کا خواب ہر شہری کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔

  • میرپورخاص: معذور افراد میں وہیل چیئرز اور اسسٹنس ڈیوائسز تقسیم

    میرپورخاص: معذور افراد میں وہیل چیئرز اور اسسٹنس ڈیوائسز تقسیم

    میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگار سیدشاہزیب شاہ) حکومت سندھ کے محکمہ ڈی ای پی ڈی اور میرپورخاص اسپیشل اسپورٹس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن، گلستان معذورین کے اشتراک سے مقامی بینکوئیٹ ہال میں افرادِ باہم معذورین میں اسسٹنس ڈیوائسز تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر معذور افراد میں وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکلیں، واکر اور اسٹک تقسیم کی گئیں جبکہ نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو تمغہ حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

    تقریب میں ڈپٹی میئر محترمہ سمیرا بلوچ، اے ڈی سی فیصل سومرو، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی حسن علی لغاری (پرنسپل اسپیشل ایجوکیشن)، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی سرور علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر زوہیب خانزادہ، ڈی ایس پی اسلیم جاگیرانی، صدر انجمن تاجران انیس الرحمن، نامزد ستارہ امتیاز برائے 2026ء صدر ڈی ڈبلیو اے کراچی جاوید رئیس، سرپرست ایم ایس ایس ڈبلیو اے آفاق احمد خان، بانی رکن لعل بلوچ، صدر قمرالدین ملک، سماجی رہنما محمد بخش کپری اور ٹنڈوالہیار، جھڈو سمیت میرپورخاص اور گردونواح کے معذور افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ایم ایس ایس ڈبلیو اے اور گلستان معذورین کو مستقل دفتر کی جگہ فراہم کی جائے گی تاکہ یہ خصوصی افراد اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی ترقی کے لیے استعمال کر سکیں۔ انہوں نے حکومت سندھ، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اور محکمہ ڈی ای پی ڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارے کے ساتھ مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا اور ایم ایس ایس ڈبلیو اے کے سرپرست آفاق احمد خان، بانی رکن لعل بلوچ، صدر قمرالدین ملک اور جنرل سیکریٹری صلاح الدین کی خدمات کو سراہا۔

    تقریب سے آفاق احمد خان، جاوید رئیس، لعل بلوچ اور قمرالدین ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کی جدوجہد کے نتیجے میں بلدیاتی انتخابات میں خصوصی نشستیں مختص کی گئیں جس سے اسپیشل افراد بلدیاتی اداروں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بھی معذور افراد کے لیے مخصوص نشستیں رکھی جائیں گی جس سے ان کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔ مقررین نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا اور حکومت سندھ، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور سیکریٹری ڈی ای پی ڈی طٰحہ فاروقی کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر اے ڈی سی فیصل سومرو، ڈپٹی ڈائریکٹر حسن علی لغاری، سرور علی، زوہیب خانزادہ، ڈی ایس پی اسلیم جاگیرانی، انیس الرحمن، جاوید رئیس اور سماجی رہنما محمد بخش کپری نے بھی خطاب کیا۔

    قبل ازیں ایم ایس ایس ڈبلیو اے کے جے رام، فیصل، جمعہ خان، عمران، عرفان، نوید، صدر قمرالدین ملک، جنرل سیکریٹری صلاح الدین اور بانی رکن لعل بلوچ کو شاندار کارکردگی پر تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔

    پروگرام میں اسپیشل نوجوان صدام راجپر نے سندھی گیت گا کر محفل کو محظوظ کیا جبکہ الیکٹرک وہیل چیئر حاصل کرنے والے بلال نے حاضرین کے سوالات کے ذہانت بھری گفتگو اور جوابات سے داد وصول کی۔

  • میرپورخاص:جشن عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں، میئر عبدالرؤف غوری کی زیر صدارت اہم اجلاس

    میرپورخاص:جشن عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں، میئر عبدالرؤف غوری کی زیر صدارت اہم اجلاس

    میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگار سیدشاہزیب شاہ)میرپورخاص میں جشن عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کے میئر عبدالرؤف غوری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں میئر عبدالرؤف غوری نے کہا کہ امسال 1500 واں جشن عید میلاد النبیﷺ بھرپور عقیدت و احترام اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ شہر کو برقی قمقوں اور چراغاں سے سجایا جائے گا اور میلاد ریلیوں و جلوسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

    علماء کرام نے اپنی تجاویز میں جلوسوں اور ریلیوں کی گزرگاہوں پر صفائی، بارش کے پانی کی نکاسی اور چراغاں کے خصوصی انتظامات پر زور دیا۔ اس پر میئر نے یقین دلایا کہ وہ خود ان گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی کا معائنہ کریں گے اور مسائل کو فوری حل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جلوسوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    اجلاس میں ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ، امن کمیٹی، علماء کرام، سنی تحریک، دعوت اسلامی اور دیگر مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

  • میرپورخاص: پولیس میں بھرتی، 300 امیدواروں کو آفر لیٹر جاری

    میرپورخاص: پولیس میں بھرتی، 300 امیدواروں کو آفر لیٹر جاری

    میرپورخاص (نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ): میرٹ کی بنیاد پر میرپورخاص پولیس میں بھرتی ہونے والے 300 امیدواروں کو آفر لیٹر جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ اقدام ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ کے احکامات پر کیا گیا۔

    ایس پی ہیڈکوارٹر فضل حق چانڈیو اور آفس سپرنٹینڈنٹ علی حسن دل نے ایس ایس پی آفس میں کامیاب امیدواروں میں آفر لیٹر تقسیم کیے۔ ان 300 امیدواروں میں 45 خواتین اور 255 مرد شامل ہیں۔

    اس موقع پر پولیس حکام نے نئے بھرتی ہونے والے مرد و خواتین کانسٹیبلز کو مبارکباد پیش کی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ اپنے فرائض کو مکمل ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ انجام دیں۔

  • میرپورخاص: پاک آرمی کے حاضر سروس افسر میجر بلال آفتاب انتقال کر گئے

    میرپورخاص: پاک آرمی کے حاضر سروس افسر میجر بلال آفتاب انتقال کر گئے

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)پاکستان آرمی کے حاضر سروس افسر میجر بلال آفتاب خون کے سرطان کے باعث راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ ان کا جسد خاکی آج میرپورخاص لایا گیا، جہاں ہدیٰ مسجد، ہدیٰ سٹلائٹ ٹاؤن میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ پاک آرمی کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    نمازِ جنازہ میں فوجی اعلیٰ افسران، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی میرپورخاص کے ڈسٹرکٹ پریزیڈنٹ صوبیدار رانا محمد اشرف نے تمام تحصیلوں کی قیادت کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔

  • میرپورخاص:وفاقی محتسب اعلیٰ کی کھلی کچہری میں بجلی اور گیس کی شکایات کا انبار

    میرپورخاص:وفاقی محتسب اعلیٰ کی کھلی کچہری میں بجلی اور گیس کی شکایات کا انبار

    میرپورخاص (باغی ٹی وی،نامہ نگار سید شاہ زیب شاہ)میرپورخاص میں وفاقی محتسب اعلیٰ، ریجنل ہیڈ انجینئر محمد عارف نے میئر آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں بجلی اور گیس کے صارفین کی شکایات کا انبار لگ گیا۔ اس موقع پر میئر عبدالرؤف غوری اور ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ بھی موجود تھیں۔

    کھلی کچہری میں حیسکو کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، جبری بلوں میں ڈیڈکشن اور اوور بلنگ کی شکایات کثرت سے پیش کی گئیں۔ صارفین نے بتایا کہ شکایات کے باوجود ان مسائل کا کوئی حل نہیں نکالا جا رہا۔ اسی طرح سوئی گیس کے صارفین نے بھی کم پریشر، لائن لیکیج اور کئی علاقوں میں سال بھر سے گیس کی عدم دستیابی پر اپنی شکایات درج کرائیں۔ خلیل غوری نامی گیس صارف نے بتایا کہ ایک سال قبل کی گئی شکایت کے باوجود ان کے گھر کی گیس ابھی تک بحال نہیں کی گئی۔

    ریلوے اسٹیشن پر بھی شہریوں نے اپنی شکایات پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیشن پر بجلی، پینے کے صاف پانی اور باتھ رومز کی سہولیات موجود نہیں ہیں، جبکہ ٹرینوں کی آمد و رفت میں بھی اکثر تاخیر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، لوگوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر سرکاری محکموں سے متعلقہ مسائل بھی وفاقی محتسب اعلیٰ کے سامنے رکھے۔

    وفاقی محتسب اعلیٰ نے تمام شکایات کو نوٹ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے افسران کو فوری اور یقینی حل کی ہدایات جاری کیں۔ اس کھلی کچہری میں واپڈا اور سوئی گیس کے افسران، صحافی اور عام شہری بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔

  • یونیورسٹی آف میرپورخاص کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس

    یونیورسٹی آف میرپورخاص کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس

    میرپورخاص (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص یونیورسٹی میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں یونیورسٹی کے مالیاتی امور اور آئندہ کی منصوبہ بندی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس کے دوران ڈائریکٹر فنانس ساجد حسین مہر نے مالیاتی صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔ کمیٹی نے بجٹ کے مختص اخراجات، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا۔ گہری بحث و تمحیص کے بعد یونیورسٹی کی تعلیمی اور انتظامی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کئی اہم مالیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

    اس اجلاس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے بیرونی ممبران نے ذاتی طور پر اور آن لائن بھی شرکت کی اور اپنی پیشہ ورانہ رائے سے فیصلہ سازی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔

    وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی کی پائیدار ترقی اور تعلیمی بہتری کے لیے درست مالیاتی منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔