Baaghi TV

Category: میر پور خاص

  • میرپورخاص: کرنل (ر) ڈاکٹر سید محمد علمدار رضا نے چیئرمین تعلیمی بورڈ کا چارج سنبھال لیا

    میرپورخاص: کرنل (ر) ڈاکٹر سید محمد علمدار رضا نے چیئرمین تعلیمی بورڈ کا چارج سنبھال لیا

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے نئے چیئرمین کرنل (ر) ڈاکٹر سید محمد علمدار رضا نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا ہے۔ چیئرمین کی بورڈ آمد کے موقع پر کنٹرولر امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ راجپوت، سیکریٹری نوید شمشیر اور بورڈ کے دیگر افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    اس موقع پر بورڈ آفس میں سادہ مگر پُروقار تقریب منعقد کی گئی، جہاں بورڈ کے عملے اور افسران نے نئے چیئرمین کو خوش آمدید کہا اور تعلیمی میدان میں بہتری لانے کے لیے ان کی رہنمائی اور قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

    ذرائع کے مطابق کرنل (ر) ڈاکٹر سید محمد علمدار رضا تعلیمی نظم و نسق اور انتظامی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، اور توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی سربراہی میں میرپورخاص بورڈ میں اصلاحات، شفافیت اور معیارِ تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا۔

  • میرپورخاص:ایم کیو ایم وفد کی شہید راحیل قائمخانی و دیگر مرحومین کے لواحقین سے تعزیت

    میرپورخاص:ایم کیو ایم وفد کی شہید راحیل قائمخانی و دیگر مرحومین کے لواحقین سے تعزیت

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)ایم کیو ایم میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم، جوائنٹ انچارج آفاق احمد خان اور اراکینِ ڈسٹرکٹ کمیٹی اسلم قریشی و لیاقت پیرزادہ پر مشتمل ایک وفد نے مختلف علاقوں میں جا کر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد میں حق پرست رکنِ اسمبلی انجینئر صابر قائمخانی بھی شامل تھے۔

    وفد نے کوٹ غلام محمد ٹاؤن میں شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے فوجی جوان راحیل قائمخانی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ راحیل قائمخانی، سابق زونل ممبر عارف قائمخانی کے بھانجے اور سابق ممبر سیکٹر شکیل بھائی کے بھتیجے تھے۔ شہید راحیل کے والد شکیل قائمخانی ایم کیو ایم KGM کے دیرینہ ہمدرد ہیں۔

    اس کے علاوہ جھڈو ٹاؤن کے سابق سیکٹر انچارج شفیق قائمخانی کی والدہ، میرواہ ٹاؤن میں سابق جوائنٹ زونل انچارج خالد مجید کی نانی، سابق جوائنٹ سیکٹر انچارج علی حسن کی اہلیہ، سیکٹر ممبر رانا ذوالفقار کی والدہ اور حق پرست کونسلر ضیاء قاسمی کی تائی کے انتقال پر ان کے اہلِ خانہ سے بھی وفد نے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ ممبران عمران قائمخانی، شفیق قائمخانی، کوٹ غلام محمد ٹاؤن کے انچارج راؤ حامد، جھڈو ٹاؤن کے جوائنٹ انچارج ولایت قائمخانی، میرواہ ٹاؤن کے انچارج رانا اسحٰق، اراکینِ سیکٹر کمیٹی اور دیگر حق پرست کونسلرز بھی موجود تھے۔

    ایم کیو ایم کے وفد نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • میرپورخاص: بجلی بحران پر علیم خانزادہ کا نوٹس، حیسکو پر برہمی

    میرپورخاص: بجلی بحران پر علیم خانزادہ کا نوٹس، حیسکو پر برہمی

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری شدید بجلی بحران پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حق پرست رکن قومی اسمبلی انجینئر علیم خانزادہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے حیسکو میرپورخاص کی ناقص کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی فوری یقینی بنائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔ اس صورتحال پر انجینئر علیم خانزادہ نے رات گئے حیسکو چیف حیدرآباد، کمشنر میرپورخاص، ڈپٹی کمشنر اور سپرنٹنڈنگ انجینئر حیسکو میرپورخاص سے ہنگامی رابطہ کر کے بجلی بحران کی مکمل رپورٹ طلب کی۔

    انہوں نے سوال اٹھایا کہ میرپورخاص کو لوڈشیڈنگ فری بنانے کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، لیکن نتیجہ صفر ہے۔ عوام کے ٹیکسوں سے حاصل شدہ ان کروڑوں روپے کا جواب دینا ہوگا۔ اگر فوری بہتری نہ آئی تو یہ مسئلہ قومی اسمبلی میں بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔

    علیم خانزادہ نے واضح کیا کہ میرپورخاص کے شہری شدید گرمی، پانی کی قلت اور کاروباری نقصان کا سامنا کر رہے ہیں، جو کسی طور بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے حیسکو حکام کو بجلی کی بندش کی وجوہات فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت دی۔

    ادھر شہر کی حق پرست عوام اور تجارتی حلقوں نے پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے مقامی منتخب نمائندوں کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کیا ہے اور ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی کی بروقت مداخلت کو سراہا ہے۔ شہریوں کو امید ہے کہ اب بجلی بحران کا مستقل حل نکالا جائے گا اور انہیں اس اذیت ناک صورتحال سے نجات ملے گی۔

  • میرپورخاص: یوسی 5 سمنا آباد میں گٹر اور کچرے کے ڈھیر، نمازی اور مکین شدید اذیت کا شکار

    میرپورخاص: یوسی 5 سمنا آباد میں گٹر اور کچرے کے ڈھیر، نمازی اور مکین شدید اذیت کا شکار

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)یوسی 5 سمنا آباد، تعلقہ شجاع آباد میں گٹروں کے پانی کا پھیلاؤ اور جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر شہریوں کے لیے عذاب بن گئے۔ مقامی مسجد کے امام اور علاقہ مکینوں نے منتخب نمائندوں کی عدم توجہی اور وعدہ خلافیوں پر شدید احتجاج کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوسی 5 کے مختلف علاقوں میں صفائی کا کوئی انتظام نظر نہیں آتا، نالیاں گندے پانی سے ابل رہی ہیں جبکہ گٹر کا پانی سڑکوں پر بہنے سے نمازیوں کو مسجد جانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ علاقہ کی مرکزی مسجد کے امام کا کہنا ہے کہ نالیوں کے مسائل پر متعدد بار یوسی چیئرمین سے رجوع کیا گیا، جنہوں نے الیکشن سے قبل ہر مسئلہ حل کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر کامیابی کے بعد نہ صرف وہ غائب ہو گئے بلکہ علاقے کے مسائل بد سے بدتر ہو گئے۔

    دوسری جانب شہریوں نے بتایا کہ میئر عبدالرؤف غوری نے بھی کچھ عرصہ قبل سمنا آباد کا دورہ کیا تھا اور نالیوں کے نظام کو فوری درست کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم پانچ ماہ گزر جانے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہ ہو سکا۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ یوسی چیئرمین کو ماہانہ 12 لاکھ روپے کے فنڈز ملتے ہیں، مگر یہ فنڈز کہاں خرچ ہو رہے ہیں، اس کا کوئی جوابدہ نظر نہیں آتا۔

    علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یوسی 5 میں صفائی کی صورتحال کو فوری بہتر بنایا جائے، نالیاں اور گٹروں کی مرمت کی جائے اور منتخب نمائندوں کو جوابدہ بنایا جائے، کیونکہ بنیادی سہولیات سے محرومی شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کر رہی ہے۔ سوال تو بنتا ہے: عوام کا پیسہ آخر کہاں جا رہا ہے؟

  • میرپورخاص: وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی جمعہ خان کی میئر سے معیاری اسپورٹس وہیل چیئر کی اپیل

    میرپورخاص: وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی جمعہ خان کی میئر سے معیاری اسپورٹس وہیل چیئر کی اپیل

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑی جمعہ خان نے میئر میونسپل کارپوریشن میرپورخاص عبدالرؤف غوری سے اپیل کی ہے کہ انہیں ایک معیاری اسپورٹس وہیل چیئر فراہم کی جائے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی مؤثر انداز میں جاری رکھ سکیں۔

    جمعہ خان، جو کہ میرپورخاص سندھ سے تعلق رکھتے ہیں، گذشتہ کئی برسوں سے قومی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے مستقل رکن ہیں اور بطور لیفٹ ہینڈ بیٹر مختلف قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کر چکے ہیں۔ حالیہ دنوں وہ 16 سے 21 جون 2025 تک بورے والا گراؤنڈ میں منعقدہ پاکستان چیمپئن لیگ میں "کشمیر ٹائیگرز” کی جانب سے وائس کیپٹن کی حیثیت سے میدان میں اترے، جہاں ان کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ ایک آئندہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے لیے منتخب ہو چکے ہیں، جو ان کے لیے اور پاکستان کے لیے باعث فخر موقع ہے، لیکن ان کی موجودہ وہیل چیئر نہایت خستہ حال اور غیر معیاری ہے، جو کھیل کے دوران ان کی کارکردگی میں رکاوٹ بنتی ہے۔ جمعہ خان کا کہنا ہے کہ ان کی توانائی کا بڑا حصہ خراب وہیل چیئر پر قابو پانے میں صرف ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ کھیل نہیں پاتے۔

    انہوں نے میئر عبدالرؤف غوری سمیت مخیر حضرات، اسپورٹس لورز اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک معیاری اور جدید اسپورٹس وہیل چیئر کی فراہمی میں ان کی مدد کریں تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند رکھ سکیں۔

  • میرپورخاص: نیشنل پریس کلب کے وفد کی ایس ایس پی سے ملاقات، محرم الحرام کے سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

    میرپورخاص: نیشنل پریس کلب کے وفد کی ایس ایس پی سے ملاقات، محرم الحرام کے سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)نیشنل پریس کلب میرپورخاص کے وفد نے صدر حیات قریشی کی قیادت میں ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات پر اہم گفتگو کی گئی۔

    ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے نیشنل پریس کلب کی بے باک اور حق گو صحافت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کا یہ کردار معاشرتی بہتری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر وفد کی جانب سے محرم کے دوران سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

    صدر نیشنل پریس کلب حیات قریشی نے ایس ایس پی کو کلب کے باضابطہ دورے کی دعوت دی، جسے ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ عاشورہ کے بعد پریس کلب کا دورہ کریں گے اور صحافیوں سے ملاقات میں ان کے مسائل اور تجاویز سنیں گے۔

    ملاقات میں جنرل سیکریٹری اقبال سولنگی، جوائنٹ سیکریٹری مبین چانہیو، انفارمیشن سیکریٹری اشفاق احمد قریشی، رضی انصار، گورننگ باڈی ممبر محمد علی بھرگڑی، سید شاہزیب شاہ اور بہادر علی مری شریک تھے۔

    جنرل سیکریٹری اقبال سولنگی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب ہمیشہ غیر جانبدار، سچ پر مبنی اور عوامی مفاد میں صحافت کے اصولوں پر کاربند رہا ہے۔ ملاقات کو صحافت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کی مثبت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

  • میرپورخاص: دو گروپوں میں تصادم، 2 زخمی، ہوائی فائرنگ و توڑ پھوڑ

    میرپورخاص: دو گروپوں میں تصادم، 2 زخمی، ہوائی فائرنگ و توڑ پھوڑ

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص کے علاقے محمود آباد میں دو گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے جبکہ گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور ہوائی فائرنگ سے علاقہ خوف و ہراس کا شکار ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جھگڑے میں غلام مرتضیٰ نوہڑی اور اسد نوہڑی کو لاٹھیوں اور پتھروں کے وار سے چوٹیں آئیں۔ زخمی اسد نوہڑی نے الزام عائد کیا کہ وسان برادری سے تعلق رکھنے والے مصطفیٰ وسان، حبیب اللہ وسان، اعجاز وسان اور ان کے درجنوں مسلح ساتھیوں نے ان کے گھروں میں گھس کر نہ صرف شدید توڑ پھوڑ کی بلکہ ہوائی فائرنگ بھی کی، اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ زخمی ہو گئے۔

    اسد نوہڑی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے ان کی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ وسان برادری کے افراد محلے میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، جنہیں روکنے پر یہ دوسرا جان لیوا حملہ کیا گیا۔

    متاثرہ خاندان نے بتایا کہ وہ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپورخاص سے ملاقات کر چکے ہیں، جہاں ڈی آئی جی نے مکمل انصاف کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ ایس ایس پی نے مقدمہ درج کرانے کی ہدایت دی ہے تاکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

    علاقہ مکینوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کر کے امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔

  • میرپورخاص: نیشنل پریس کلب میں اقبال سولنگی کی سالگرہ کی تقریب، صحافیوں کی بھرپور شرکت

    میرپورخاص: نیشنل پریس کلب میں اقبال سولنگی کی سالگرہ کی تقریب، صحافیوں کی بھرپور شرکت

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) نیشنل پریس کلب میرپورخاص میں جنرل سیکریٹری اقبال سولنگی کی سالگرہ کی تقریب جوش و خروش اور خوشیوں کی فضا میں منائی گئی۔ تقریب میں صحافی برادری کی بڑی تعداد میں شرکت نے محفل کو یادگار بنا دیا۔ کلب سالگرہ کے نغموں، تالیوں اور مبارکبادوں سے گونجتا رہا۔

    اس موقع پر تقریب کی صدارت نیشنل پریس کلب میرپورخاص کے صدر حیات قریشی نے کی، جبکہ جوائنٹ سیکریٹری مبین چانہیوں، سینئر صحافی شہزاد لاشاری، اشفاق قریشی، محمد علی بھرگڑی، اختر ملک، ممتاز شر، غلام رسول بھٹی، بہادر علی مری، امام الدین شاہ سمیت دیگر معزز صحافی اور اراکین نے بھرپور شرکت کی۔

    تقریب کا آغاز خوش کن سالگرہ کے نغموں اور تالیوں کے ساتھ ہوا، جس کے بعد اقبال سولنگی نے تمام معزز مہمانوں کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا۔ شرکاء نے انہیں پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کیے، نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور محبت بھرے الفاظ سے خراجِ تحسین پیش کیا۔

    اقبال سولنگی نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام صحافی دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور اس موقع پر کیک، مٹھائی اور دیگر لوازمات پیش کیے۔ تقریب میں موجود صحافیوں نے نیشنل پریس کلب کی ترقی اور اتحاد کے لیے اجتماعی دعا بھی کی اور اس بات کا عزم کیا کہ وہ ادارے کو صحافت کا باوقار اور مضبوط پلیٹ فارم بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    پروگرام کے اختتام پر نیشنل پریس کلب کے سرپرست آفاق احمد خان نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ صدر حیات قریشی اور جنرل سیکریٹری اقبال سولنگی نے شرکاء کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

  • میرپورخاص: گولی لگنے سے شخص زخمی، حیدرآباد ریفر

    میرپورخاص: گولی لگنے سے شخص زخمی، حیدرآباد ریفر

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) میرپورخاص کے علاقے جھلوری کے رہائشی گل خان مری کو گولی لگنے کے باعث سول ہسپتال میرپورخاص منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر حیدرآباد ریفر کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق گل خان مری کو سینے میں گولی لگی تھی۔

    ابتدائی تحقیقات میں واقعہ خودکشی کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔ ہسپتال میں موجود قریبی رشتہ دار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گل خان مری نے خود کو گولی مار کر زخمی کیا۔ سول ہسپتال میرپورخاص میں ضروری سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریض کو فوری طور پر دوسرے شہر منتقل کرنا پڑا، جس پر شہری حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ادھر پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور گولی چلنے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

  • میرپورخاص: 57واں مینگو فیسٹیول، آموں کی 396 اقسام کی نمائش، باکسنگ مقابلے بھی منعقد

    میرپورخاص: 57واں مینگو فیسٹیول، آموں کی 396 اقسام کی نمائش، باکسنگ مقابلے بھی منعقد

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص میں 57ویں سالانہ قومی آموں اور موسمِ گرما کے فیسٹیول کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا، جس کا افتتاح چیئرمین ضلع کونسل میر انور تالپور نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان، ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ، ایڈیشنل کمشنرز، ضلعی افسران اور فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین سمیت معزز شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    فیسٹیول میں آموں کے 60 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں آموں کی 396 مختلف اقسام نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں، جو شہریوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ اس موقع پر محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے روایتی ثقافتی اسٹال بھی سجائے گئے ہیں جنہوں نے تقریب کو مزید رنگوں سے بھر دیا۔

    فیسٹیول کے سلسلے میں محکمہ کھیل اور محکمہ زراعت سندھ کے زیر اہتمام ریلوے اسٹیشن میرپورخاص پر باکسنگ کے شاندار مقابلے بھی منعقد ہوئے، جن میں 5 اضلاع کے 60 سے زائد باکسرز نے بھرپور شرکت کی۔ باکسروں نے اپنی مہارت کا زبردست مظاہرہ کر کے تماشائیوں سے خوب داد سمیٹی۔

    اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر واشدیو مالہی نے کامیاب باکسرز میں میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر کھیلوں کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران اور کھیلوں کے شوقین افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔

    مینگو فیسٹیول آئندہ دنوں میں بھی مختلف ثقافتی و تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ جاری رہے گا، جو نہ صرف شہریوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بن رہا ہے بلکہ سندھ کی زراعت، ثقافت اور کھیلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔