پلندری۔ (اے پی پی)24اکتوبر کوآزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کا یوم تاسیس، تجدیدِعہد کے طور پر منایا جائے گا۔اس سلسلہ میں ضلعی ہیڈکواٹرپلندری میں بھر پور تقریبات کا انقعادہو گا۔کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔یہ فیصلے ڈپٹی کمشنرکے آفس چیمبر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کئے گئے۔ اجلاس کی صدارت جناب ڈپٹی کمشنر سدہنوتی ندیم احمد جنجوعہ نے کی۔ جبکہ اجلاس میں ایس پی سدہنوتی وحید گیلانی،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ چوہدری شوکت سمیت تمام محکمہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے 20اکتوبر کے مجوزہ دورہ پلندری کے حوالے سے بھی ا نتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
Category: مظفرآباد

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی نارروا پابندیوں کے باعث عالمی برادری کی مداخلت نا گزیر ہو گئی ہے، صدرآزاد کشمیر
مظفر آباد۔ (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے نارروا پابندیاں اُس مرحلہ میں داخل ہو گئی ہیں جہاں عالمی برادری خصوصاً امریکہ کی مداخلت نا گزیر ہو گئی ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ امریکہ میں ہمیں واضح تبدیلی نظر آتی ہے۔ پانچ اگست سے پہلے امریکہ میں بھارت کے لیے حمایت بہت زیادہ تھی کیونکہ بھارت اور امریکہ کے درمیان گہرے اقتصادی اور اسٹرٹیجک تعلقات ہیں لیکن اب یہ سب کچھ بدل رہا ہے جس کا ثبوت حالیہ دنوں میں امریکی قانون سازوں کی طرف سے ہندو قوم پرست وزیراعظم نریندر مودی کی کشمیر کے حوالے سے پالیسیوں پر کھل کر تنقید ہے۔ دو ہفتے پہلے پریمیلا جیا پال کی قیادت میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے 14 قانون سازوں نے بھارتی وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی ناکہ بندی ختم کر کے انٹرنیٹ اور موبائل سروس بحال کر ے اور وہاں کے عوام کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کرنے کی سہولت فی الفور بحال کریں۔ اگرچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر ہوسٹن میں بھارتی امریکیوں کی ایک ریلی میں شرکت کر کے بھارت سے اپنی قربت کا اظہار ضرور کیا لیکن دوسری جانب اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کی بحالی اور سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کر کے امریکی حکومت کی پالیسی واضح کر دی۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکی میڈیا سمیت عالمی ذرائع ابلاغ کئی عشروں کے بعد پہلی بار بھارتی اسٹبلشمنٹ کے بیانیہ کے بجائے کشمیریوں کی حقوق کی بات کر رہا ہے اور کشمیر میں ہونے والے واقعات کو سچائی کے ساتھ بیان کر رہا ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے بھارت کے اس موقف کو مستر د کر دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں دفعہ 370 اور 35-A اس لیے ختم کی گئی کہ بھارتی حکومت کشمیر کو بہتر انداز میں بھارت کے ساتھ ضم کرنے اور ریاست میں لوگوں کو خوشحالی اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنا چاہتی ہے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ دہلی کی حکومتوں نے ستر سال کشمیر کو اپنے ساتھ ضم کرنے کی بہت کوششیں کیں لیکن وہ اس میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوئے۔ اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدامات کے بعد آزاد کشمیر کے نوجوان غصے سے بھرئے ہوئے ہیں اور وہ لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب اپنے بھائیوں اور بہنوں کے حقو ق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت اسرائیل کی طرز پر بھارت کے ہندو خاندانوں کو مقبوضہ کشمیر میں لا کر آباد کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے تاکہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا جائے۔ سردار مسعود خان کشمیریوں کے حقوق پر عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے کھل کر حمایت پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

جدید سہولیات سے آراستہ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کنگ عبداللہ کیمپس کی تعمیر مکمل
مظفر آباد۔ (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کنگ عبداللہ کیمپس کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے جسے جامعہ کشمیر کی تحویل میں دے دیا گیا۔ کنگ عبد اللہ کیمپس سعودی حکومت کے ترقیاتی ادارے سعودیہ فنڈ فارڈویلپمنٹ کے تحت 8ارب روپے کی لاگت سے ترکی کی تعمیراتی کمپنی سیاہ قلم نے تعمیر کیا ہے۔کیمپس زلزلہ مزاحم اور عالمی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے مزین ہے۔کنگ عبداللہ کیمپس میں 14شعبہ جات کیلئے کلاس رومز کے علاوہ جامع مسجد، ملٹی پرپز ہال، کیفے ٹیریا، مارکیٹ،فیکلٹی کیلئے 2سو بیڈ پر مشتمل ہاسٹل اور طلبا و طالبات کیلئے 12سو بیڈ پر مشتمل بوائز اور گرلز ہاسٹلزبھی اس کیمپس میں تعمیر کئے گئے ہیں۔ کنگ عبد اللہ کیمپس چھتر کلاس کو آزاد جموں وکشمیریونیورسٹی کے حوالے کی تقریب کا انعقادکیا گیا۔جس میں آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی،چیف انجینئر سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ سید یاسر گیلانی،سمیت ترک تعمیراتی کمپنی کے حکام،جامعہ کشمیر کے پرنسپل افسران،سربراہان شعبہ جات،کوارڈینٹر کنگ عبد اللہ کیمپس،ڈائر یکٹر سٹیٹ اور دیگر آفیسران نے شرکت کی۔تقریب میں چھتر کلاس کیمپس کو یونیورسٹی کے حوالے کئے جانے کے ڈرافٹ پر یونیورسٹی کی طرف سے ڈائر یکٹر سٹیٹ سید وقار گیلانی،ایرا کی جانب سے سید یادر گیلانی اور سیاہ قلم کمپنی کے نمائندے نے دستخط کئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اس موقع کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 8اکتوبر 2005کے زلزلہ کے بعد برادر اسلامی ملک سعودی عرب نے انسانیت کی خدمت کی عظیم مثال قائم کی۔ زلزلہ متاثرین کیلئے امداد،ریلیف کی سرگرمیوں سمیت جامعہ کشمیر کے کنگ عبد اللہ کیمپس کی تعمیر کشمیریوں کے ساتھ محبت اور ہمدردی کا اظہار ہے۔ رئیس جامعہ ڈاکٹر عباسی نے مزید کہا کہ جامعہ کشمیر کا سٹی کیمپس ترکی کی حکومت کی جانب سے تعمیر کیا گیا جبکہ کنگ عبداللہ کیمپس سعودی حکومت نے تعمیر کیا،جس پر ہم دونوں ممالک کے شکر گزار ہیں۔ کیمپس کی تعمیر کے بعد جامعہ کشمیر میں تعلیمی سرگرمیاں پہلے سے بہتر انداز میں جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔ مختلف شعبہ جات کے طلبہ کو اب جدید ترین سہولیات سے آراستہ لیبارٹریز میں تحقیق کیلئے بہترین ماحول مہیا ہوگا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے مزید کہا کہ 8اکتوبر 2005کے زلزلہ میں جامعہ کشمیر کا سٹی کیمپس مکمل تباہ ہوا،زلزلہ میں 107اساتذہ، طلبہ اور ملازمین شہید ہوئے، جانی نقصان کے علاوہ یونیورسٹی کے تمام کلاس رومز اور ایڈمنسٹریشن بھی تباہی کی نذ ر ہوئیں۔طلبہ،اساتذہ اور ملازمین کی شہادتوں کا کوئی نعم البدل نہیں،مگر 8اکتوبر 2005کے زلزلہ کے بعد جامعہ کشمیر کے ساتھ دونوں اسلامی ممالک سعودی عرب اور ترکی نے جس طرح تعاون کیا،اس تعاون اور خلوص کو کشمیری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ مسئلہ کشمیر ہو یا کوئی سانحہ،دونوں ممالک نے جہاں پاکستان کے موقف کی حمایت کی وہاں بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کنگ عبد اللہ کیمپس میں 14مختلف شعبہ جات کو شفٹ کیا جائے گا، جبکہ بقیہ 16شعبہ جات یونیورسٹی کے مظفرآباد کیمپسز سٹی کیمپس اور چہلہ کیمپس میں بدستور کام کرتے رہیں گے۔ وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ کیمپس میں شفٹنگ سے پہلے بجلی اور پانی کیلئے حکومت آزاد کشمیر اور وزیر اعظم سے درخواست کی گئی ہے۔ یونیورسٹی کو توقع ہے کہ حکومت آزاد کشمیر بجلی کی فراہمی میں مدد کرے گی تاکہ اس کیمپس کی تکمیل کرتے ہوئے اپنے شعبہ جات کو کیمپس میں شفٹ کیا جا سکے۔

پلندری شہر میں سولر لائٹس منصوبہ کا آغاز
پلندری۔ (اے پی پی) حکومت آزاد کشمیر کے وزیر صحت و عامہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کی ہدایت پر پلندری شہر میں سولر لائٹس منصوبہ کا آغاز کردیا گیا۔ منصوبہ کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے ہفتہ کے روز یہاں پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس کی صدارت ایڈمنسٹریٹربلدیہ چوہدری شوکت نے کی جبکہ اجلاس میں اے ڈی لوکل گونمنٹ سردار امجد نواز،ایس ڈی او لوکل گونمنٹ محمد باسط خواجہ، اوورسیئر فیصل محمود، انجمن تاجران کے صدر سردار ارشاد محمود، سینئر نائب صدر راشد لطیف، جنرل سیکریٹری مظہر آکاش ، لائٹس لگانے والی کمپنی EBRکے نمائندوں،صحافیوں سمیت دیگر محکمہ جات کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ منصوبہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ چوہدری شوکت نے بتایا کے پہلے مرحلہ میں شہر بھر کی مختلف سٹریٹس میں 35 سولر لائٹس لگائی جائیں گی، اس منصوبہ کے آغاز سے پلندری کے تاجران کا ایک درینہ مطالبہ پورا ہورہا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے اس منصوبہ کا آغاز ہوا۔ منصوبہ کی تکمیل سے رات کو پیدل چلنے والوں کو آسانی کے ساتھ ساتھ شہر میں رات کو ہونے والی چوری میں بھی کمی آئے گی۔ چوہدری شوکت نے اے ڈی لوکل گونمنٹ کو ہدایت کی کے وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا کر اس منصوبہ کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انجمن تاجران کے صدر سردار ارشاد امحمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے ہم وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پلندری شہر کے لیے یہ منصوبہ دیا اس منصوبہ کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

کشمیر میں سہ روزہ تقریبات کا اعلان
مظفر آباد۔ (اے پی پی) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے جماعت کے 87 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سہ روزہ تقریبات کا اعلان کیا ہے۔ مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل مہرالنساء کی طرف سے جاری بیان کے مطابق قائد جماعت نے تمام تحصیل و ضلعی صدور سے کہا ہے کہ 15،16 اور 17 اکتوبرکو ریاست جموں و کشمیر کی اولین نمائندہ جماعت مسلم کانفرنس کی 87 ویں سالگرہ جوش و جذبے سے مناتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم اور محصور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار اور مودی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارتکا حصہ بنانے اور قتل عام کی بھر مذمت کی جائے۔ تمام ضلعی و تحصیل صدر مقامات پر کشمیر بنے گا پاکستان ریلیوں کا انعقاد کیا جائے۔ بیرون ممالک تنظیمیں بھی اپنے اپنے مقامات پر تقریبات منعقد کریں۔انھوں نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس دونوں اطراف کے کشمیریوں کی نمائندہ جماعت ہے۔ مسلم کانفرنس تحریک آزادی کی پشتی بان اور تحریک تکمیل پاکستان کی وارث ہے۔ جماعتی رہنما اس موقع پرمسلم کانفرنس اور مجاہد اول کے مشن اور تحریک تکمیل پاکستان سے بھی جواں سال نسل کو آگاہ کریں۔ مسلم کانفرنس ریاستی تشخص اور نظریہ الحاق پاکستان کی پہرا دار ہے۔مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے ریاست جموں وکشمیر کی مکمل آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رہے گی۔

متعدد افراد نے پیپلز پارٹی خیر آباد کہہ دیا وجہ کیا بنی…..
مظفر آباد /برنالہ(اے پی پی) حلقہ برنالہ یونین کونسل کوٹ علی بہادر کے گاؤں روہی کے درج ذیل افراد پیپلز پارٹی چھوڑ کر مسلم کانفرنس میں شامل ہو گئے۔ اس سلسلے میں راجہ محمد اشرف نے صدر مسلم کانفرنس محمد شفیق ایڈووکیٹ کے اعزاز میں ایک استقبالیہ دیا جس میں مندرجہ بالا افراد نے مسلم کانفرنس میں شمولیت کی۔ اس موقع پر صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ نے مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ آپ ایسی جماعت میں شامل ہوئے ہیں جسکا تحریک آزادی کشمیرمیں ایک کردار ہے۔ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی میں ایک کردار ہے۔ مسلم کانفرنس نے 19 جولائی 1947 میں قرارداد الحاق پاکستان منظور کی۔ مسلم کانفرنس تقسیم کشمیر کی ہر سازش کا مقابلہ کرے گی اور کشمیر کی کسی اکائی کو ریاست جموں و کشمیر سے الگ نہیں ہونے دے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہاء ہو رہی ہے۔دو ماہ سے زائد عرصہ ہوا ہے کہ کرفیو لگا کر مقبوضہ کشمیر کو ایک بڑی جیل بنا دیا گیا ہے۔بھارتی حکومت اور ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کر رہی ہے۔ میں اُن کے اقدامات کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریرکی بھرپور تعریف کی۔ وزیر اعظم پاکستان نے کشمیریوں کا سفیر اور وکیل ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انھوں نے افواج پاکستان کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان سیز فائر لائن اور آزاد کشمیر کے لوگوں مین بھرپور دفاع کری رہے ہیں۔ میرپور میں زلزلہ زدہ علاقہ میں افواج پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والوں میں راجہ محمد اشرف، راجہ محمد اسلم، راجہ محمد یوسف، راجہ ظفر اقبال، راجہ سیلمان، راجہ بابر، راجہ اکبر، راجہ عرفان، راجہ عمران، چوہدری خلیل، چوہدری اسلم، محمد شکیب جرال، شرمیل جرال، شکیل جرال، کبیر جرال، اشرف جرال، ندیم جرال، شہزاد جرال، محمد افضل جرال، محمد نواز جرال، شہباز جرال، امجد جرال، وقاص جرال، عدیل جرال، راجہ شکیل، طفیل حسین، نور حسین، منیر حسین، شوکت حسین، شفیق جرال شامل ہیں جو اپنے کبنہ قبیلہ سمیت پیپلز پارٹی چھوڑ کر مسلم کانفرنس میں شامل ہوئے۔

اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد کے بیکریوں پر چھاپے، جرمانے کردیے
مظفرآباد۔ (اے پی پی) اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد عفت اعظم نے شہر کے اندر گھڑی پن، دومیل،بڑی بیکریوں راحت، تہذیب اور سنگم میں ناقص صفائی پر ہزاروں روپے جرمانے کیے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے بیکریوں کے مالکان کو بتایا کہ صفائی ستھرائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کسی کو انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔شہریوں کی صحت سے متعلق بیکرز میں صفائی ستھرائی اور ناقص اشیاء کی تیاری اور فروخت کی ہر گز اجازت نہیں دی جاسکتی۔عوامی مفاد اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام اقدامات بروئے کارلائیں گے۔کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

زلزلہ 2005 کے شہدا کی یاد میں ہو گی اہم تقریب
باغی ٹی وی رپورٹ : سانحہ 8اکتوبر 2005شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی.ریسکیو 1122 کےدستےنے سانحہ 8اکتوبر2005کےشہداکوسلامی پیش کی.وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرنےیادگارشہداپرپھولوں کی چادرچڑھائی
ریسکیو 1122 کادستہ سانحہ 8اکتوبر2005کےشہداکوسلامی پیش کرےگا.زیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدریادگارشہداپرپھولوں کی چادرچڑھائیں گے.مظفر آباد میں سانحہ 8اکتوبر 2005کے شہدا کی یاد میں سائرن بجائے گئے.مظفر آباد میں سانحہ 8اکتوبر 2005کے شہدا کی یاد میں سائرن بجائے جارہے ہیں
چند روز قبل آزاکشمیر کے علاقے میر پور اور گرد و نواح میں زلزلہ نے تباہی مچائی دی تھی جس کے بعد وہا ں وزیر اعظم پاکستان نے دورہ کیا اور وہاں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا تھا.وزیراعظم عمران خان میر پور پہنچ گئے، زلزلہ متاثرین کی عیادت، کہا پیکج تشکیل دے رہے ہیں
وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوم متحدہ میں زلزلے کے بتایا گیا، مجھے بہت افسوس ہوا، میں فوری طور پر زلزلہ متاثرہ علاقے میں آنا چاہتا تھا لیکن تاخیر ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ زلزلہ متاثرین کے لئے حکومت پیکج تشکیل دے رہے ہیں، ان کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی
ایک ہفتہ میں اگر یہ کام نہ ہوا تو احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے، طلبہ رہنما جامعہ کشمیر
مظفر آباد۔ (اے پی پی) طلبہ رہنماؤں ولید میر ایڈووکیٹ، صدر ایم ایس ایف این جامعہ کشمیر راجہ تابش ممتاز،احسن ہمدانی ایڈووکیٹ،راجہ ارسلان، زین شیخ، ندیم خواجہ، سفارت علی، سید اسد علی نقوی و دیگر نے جامعہ کشمیر میں طلبہ ایشوز پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کشمیر میں اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر غریب طلبہ و طالبات کو سمسٹرز فیس واپس نہ کی گئی تو وہ احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے،انہوں نے جامعہ کشمیر کے ذمہ داران نے ستمبر میں فیس واپسی کیلئے یقینی دہانی کروائی تھی لیکن شعبہ فنانس اور متعلقہ چیئر مین کی نااہلی کی وجہ سے فیس ابھی تک واپس نہیں ہو سکی،غریب طلبہ و طالبات دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ طلبہ رہنماؤں نے کہا جامعہ کشمیر کے طلبہ مسائل جوں کے توں ہیں، انہوں نے وائس چانسلر سے مطالبہ کیا کہ جامعہ کے ملازمین کی حاضری کو بہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان کی حاضری چیک کی جائے۔ جامعہ ایک مقدس ادارہ ہے یہاں مسائل تب تک حل نہیں ہوں گے جبتک ملازمین اپنے فرائض ایمانداری سے سر انجام نہیں دیتے، کوئی بھی ملازم وقت پر حاضر نہیں ہوتا جس سے طلبہ مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

زلزلے سے متاثرہ ملازمین کو ان کے گھروں کی تعمیر کے لئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز دینے کا مطالبہ
مظفر آباد۔ (اے پی پی) تنظیم غیر جریدہ ملازمین کے اجلاس میں زلزلہ زدہ میرپور ڈویژن کے متاثرہ ملازمین کو ان کے گھروں کی تعمیر کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ایچ بی اے فنڈز دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ متاثرہ ملازمین کو 3 ماہ کی ایڈوانس تنخواہ بھی دی جائے اور متاثرہ ملازمین کے ایچ بی اے سمیت تمام قرضے معاف کئے جائیں۔انھوں نے کہا کہ تنظیم غیر جریدہ ملازمین زلزلہ زدہ میرپور ڈویژن کے عوام اور ملازم کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے، ان کے ساتھ مکمل اظہار ہمدردی کرتے ہیں،ان کے ساتھ مشکل گھڑی میں چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم غیر جریدہ ملازمین آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی صدر سالک رشید عباسی، مرکزی سیکرٹری جنرل خواجہ عبدالوحید، سینئر نائب صدر تصور گردیزی، نائب صدر راجہ منشاء خان، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی طاہر شاہ، سیکرٹری مالیات خالد شیخ، پریس سیکرٹری الطاف نقوی، جائنٹ سیکرٹری مدثر خورشید عباسی، ضلعی صدر راجہ اویس ناصر، جنرل سیکرٹری زاہد عزیز عباسی، سینئر نائب صدر آصف میر، نائب صدر خواجہ محمد شفیق، سیکرٹری مالیات ندیم اعوان، سعید مغل، خواجہ جاوید اور دیگر نے تنظیم کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ حکومت زلزلہ زدہ میرپور ڈویژن کی تعمیر نو اور بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کو فی الفور معاوضے ادا کرے۔ متاثرین کو بے یار و مددگار نہ چھوڑا جائے۔ مقررین نے شہداء کے ورثاء سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہداء کے ایصال ثواب درجات کی بلندی زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ سواد اعظم تنظیم غیر جریدہ ملازمین نے زخمی متاثرین کے علاج معالجہ کے لئے خصوصی انتظامات کا بھی مطالبہ کیا۔ زخمیوں کے لئے علاج معالجہ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔








