پولیس اور حساس اداروں کی مظفرگڑھ میں کاروائی،این جی او کےنام پر خواتین کی بائیومیٹرک تصدیق کرواکے سمیں نکلوانے والا گرفتار۔تفصیل کے مطابق پولیس تھانہ سول لائن اور حساس اداروں نے مظفرگڑھ کے علاقہ چیک مٹھن میں کاروائی کرتے ہوئےاین جی او سے امداد دلوانے کا جھانسہ دیکر سادہ لوح خواتین کی بائیو میٹرک تصدیق کرواکے سمیں نکلوانے والے مستنصر نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔پو لیس ترجمان وسیم خان گوپانگ کے مطابق ملزم مستنصر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ چک مٹھن پر سادہ لوح خواتین کو امداد دینے کا جھانسہ دے کر ان کی بائیو میٹرک تصدیق کرواکے ان کے نام سے سمیں نکلواتا تھا ملزمان کے خلاف تھانہ سول لائن میں فراڈ کرنے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے
Category: مظفرگڑھ
کم سن چوروں کی سی سی ٹی وی باغی ٹی وی نے حاصل کرلی
کوٹ ادو میں کم سن چور دکاندار کو باتوں میں الجھا کر لاکھوں روپے چوری کرکے لے گئے،چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج باغی ٹی وی نے حاصل کرلی.مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں کم سن لڑکی تعمیراتی سامان کی دکان میں خریدار بن کر آئی اور خریداری کے بہانے کم سن لڑکی نے دکان کے مالک کو دکان سے باہر نکالابعدازاں لڑکی کا ساتھی ایک کم سن لڑکا دکان میں داخل ہوا اور دکان کے کاؤنٹر سے 3 لاکھ روپے سے زائد رقم چوری کرکے رفوچکر ہوگیا،چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج باغی ٹی وی نے حاصل کرلی۔فوٹیج میں کم سن چوروں کو دکاندار میں واردات کرتے صاف دیکھا جاسکتا ہے.متاثرہ دکاندار کیمطابق چوری کرنے والے کم سن چوروں کیخلاف کاروائی کے لیے تھانہ کوٹ ادو کو درخواست دیدی ہے جبکہ پولیس کیمطابق تعمیراتی سامان کی دکان میں ہونے والی چوری کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں.



مظفرگڑھ کے رمضان بازار میں سہولیات کافقدان
رمضان کا پہلا عشرہ ختم ہونے کو ہے لیکن مظفرگڑھ کے رمضان بازار کے حالات نہ بدل سکے۔آٹا اور چینی کے حصول کے لئے خواتین گھنٹوں قطاروں میں لگنے پر مجبور ہیں۔گھنٹوں لائنوں میں لگنے پر بھی عام شہریوں کوتوصرف دوکلو چینی اور 10کلو آٹے کا تھیلہ ملتا ہے جبکہ سفارشیوں کو بغیر لائنوں کے کئی کئی کلو چینی اور کئی تھیلے آٹا مل رہاہے ۔اسی طرح رمضان بازار میں خریداری کے لئے آنے والی خواتین کے لئے بیٹھنے کے لئے کرسیاں بھی نہیں لگائی گئیںیہی وجہ ہے کہ شہر کے دور دراز علاقوں سے آنے والی خواتین اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ گرم فرش کے اوپر بیٹھنے پر مجبور ہیں ۔رمضان بازار میں آنے والے شہریوں کے لئے پنکھے تک نہیں لگائے گئے اس کے برعکس رمضان بازار کا عملہ کرسیوں پر برجمان پنکھوں کی ٹھنڈی ہوا سے مستفید ہورہا ہے۔ناقص انتظامات اور لمبی قطاروں پر شہر یوں کے احتجاج کے باوجود انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہوئی ۔











دو ہفتوں کے دوران 42 خطرناک اشتہاریوں سمیت 132 ملزمان گرفتار
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کے احکامات کے تحت پنجاب بھر میں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاون کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور صوبہ بھر سے بڑی تعداد میں اشتہاری ملزمان اور منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر کی سربراہی میں ضلعی پولیس نے گزشتہ دو ہفتوں میں 132 خطرناک اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار اشتہاری ملزمان میں سے 42 کا تعلق اے کیٹگری سے ہے جبکہ90 اشتہاریوں کا شمار بی کیٹگری میں ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیوں کے نتیجے میں بھی 45 مقدمات درج کر کے6.872کلوگرام چرس اور527 لیٹر شراب برآمد کر کے45 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف 42 مقدمات درج کر کے02 عدد کلاشنکوف، 2 بارہ بور بندوق، 3 رائفل،1کاربین سمیت30 بور کے 34 پسٹل معہ 54 کارتوس برآمد کر کے قبضہ میں لئے گئے اور مجموعی طور پر 42 ملزمان کو گرفتار کر لیاگیا۔ اس موقع پرڈی پی او مظفرگڑھ نے کہا کہ ضلع کو جرائم سے پاک کر نے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام و سائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ڈی پی اوصادق علی ڈوگر نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کے ویژن کے تحت طے شدہ ایس او پیز کے مطابق ضلع بھر میں سرچ آپریشنز اور چیکنگ کا عمل جاری ہے اور عوام کی جان ومال اور عزت و آبرو کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ضلع کو جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر سے پاک کر نے کی مہم تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشتہاریوں اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے آئی جی پنجاب کے احکامات پر کریک ڈاؤن کے لئے تشکیل دی گئی ٹیموں کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں اور خاص طور پر اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ دوران آپریشن قانون پسند شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کی من مانیاں سرکاری خزانے کو مہنگی پڑنے لگیں
ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کا نادر شاہی حکم، راتوں رات مظفرگڑھ کے رمضان بازار میں اعلی کوالٹی کی پرانی ٹف ٹائل اتروا کر ناقص میٹریل سے بنی لوکل ٹف ٹائل لگوا دی ۔ڈپٹی کمشنر کے حکم پر پہلے سے مالی بحران کا شکارمیونسپل کمیٹی مظفرگڑھ نے راتوں رات رمضان بازار کی ٹف ٹائل تبدیل کر دی۔ عوامی حلقوں کا احتجاج شہری وزیر اعلی پنجاب شکایات سیل کی وائس چیئرپرسن محترمہ مہناز سعید کے سامنے پھٹ پڑے ،مہناز سعید کا معاملہ وزیر اعلی کے نوٹس میں لانے کا اعلان،گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور کو رمضان بازار لگے آٹھ دن گزرنے کے بعد خیال آیا کہ رمضان بازار میں لگی ٹف ٹائل پرانی ہے اور خوبصورت نہیں ہے انہوں نے موقع پر موجود میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے آفیسران کو مبینہ طور پر حکم دیا کہ رمضان بازار کے لگے سٹالز سے آگے بچنے والے راستے کی ٹف ٹائل نئی لگائی جائے جس پر میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے چیف آفیسر زوہیب حمید قریشی نے بغیر کسی ٹینڈر کے راتوں رات لوکل فیکٹری کی تیار شدہ ٹف ٹائل بھاری کمیشن پر منگواکر لگا دی۔ واضح رہے کہ میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ پہلے سے مالی بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے میونسپل کمیٹی ملازمین اور پنشنرز کی کئی کئی ماہ کی ادائیگیاں واجب ادا ہیں۔ادھر سرکاری تعمیراتی کاموں کے ماہر انجینئر کا کہنا ہے کہ جو پرانی ٹف ٹائل اکھاڑی گئی ہے وہ ٹیکسلا کی بنی ہوئی ہے اور 80MM کی ہے جبکہ جو ٹف ٹائل نئی لگائی گئی ہے وہ ناقص میٹریل سے بنی 60MM کی ہے جو کہ بارش اور وزن برداشت نہیں کر سکتی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے حکم کی آڑ میں میونسپل کمیٹی کے کاریگر چیف آفیسر زوہیب حمید قریشی نے سرکار کو پانچ لاکھ روپے کا چونا لگایا ہے جبکہ اتاری گئی پرانی ٹف ٹائل کی مالیت بھی لاکھوں روپے میں بتائی جارہی ہے جس سے اب غائب کردیا گیاہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے شکایات سیل کی وائس چیئرپرسن مہناز سعید جب رمضان بازار پہنچیں تو شہری ٹف ٹائل کی تبدیلی سمیت رمضان بازار میں ناقص اشیاء کی فراہمی پر پھٹ پڑے جس پر مہناز سعید نے شہریوں کو یقین دلایا کہ وزیر اعظم عمران خان کے نئے پاکستان میں عوامی روپیہ کسی کو ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے نوٹس میں لاؤنگی۔دوسری جانب پنجاب حکومت کی اہم شخصیت کے دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ظہور بھٹہ بار بار بلانے پر بھی رمضان بازار نہ پہنچے اس بارے میں ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ مہناز سعید کا تعلق مظفرگڑھ شہر سے ہے اور وہ یہاں کے لوگوں کو اچھی طرح جانتی ہیں اس لئے متوقع عوامی شکایات سے بچنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رمضان بازار میں نہیں آئے۔




وزیر اعلی شکایت سیل کی وائس چیئرپرسن کو انتظامی افسران نے لفٹ نہ کروائی
وزیراعلی شکایت سیل کی وائس چیئرپرسن مہناز سعید کا مظفرگڑھ کے رمضان بازارکا دورہ،شہریوں نے شکایات کے انبار لگادیئے،ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر آگاہ کرنے کے باوجود بازار نہ آئے۔وزیراعلی پنجاب کے شکایت سیل کی وائس چیئرپرسن مہناز سعیدنے مظفرگڑھ پریس کلب روڈ پر واقعہ رمضان بازار کا دورہ کیا۔مہناز سعید نے رمضان بازار کے مختلف سٹالزکا دورہ کرکے اشیاء اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے رمضان بازار میں ناقص انتظامات اور خواتین کو درپیش مشکلات پر برہمی کا اظہار کیا اور انتظامیہ کوآٹا اور چینی کے سٹالزپر خواتین کے کاونٹر بڑھانے کی ہدایت کی۔صحافیوں کی نشاندہی پر وائس چیئرپرسن وزیراعلی شکایت سیل نےچند سال قبل رمضان بازارکے مقام پر لگائی گئی ٹف ٹائل کو راتوں رات تبدیل کرنے کابھی نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا اعلان کیا۔مہناز سعید نے رمضان بازار دورہ کے دوران کئی بار ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ کو رمضان بازار آنے کی ہدایت کی تاہم دونوں افسران نےوائس چیئرپرسن وزیراعلی شکایت سیل کو لفٹ نہیں کرائی ۔افسران کے رویہ پر برہم مہناز سعید نے معاملہ کو وزیراعلی کےنوٹس میں لانے کا بھی اعلان کیا۔








دیور سے جھگڑا خاتون نے خود کو آگ لگالی
مظفرگڑھ میں دیور سے تلخ کلامی کے بعد خاتون نے مبینہ طور پر خود پر ڈیزل چھڑک کر آگ لگالی۔متاثرہ خاتون کو نشتر ہسپتال ملتان کے برن یونٹ منتقل کردیا گیا ہے.مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی کے علاقے سبائے والا میں شمیم بی بی نامی خاتون نے مبینہ طور پر خود پر ڈیزل چھڑک کر آگ لگالی.پولیس ذرائع کیمطابق آگ لگنے کے باعث خاتون شمیم بی بی کے جسم کا 30 فیصد سے زائد حصہ متاثر ہوا.متاثرہ خاتون کو نشتر ہسپتال ملتان کے برن یونٹ منتقل کردیاگیا ہے.پولیس ذرائع کیمطابق شمیم بی بی کی نے دیور ساجد سے گھریلو جھگڑے کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی سے دل برداشتہ ہوکر مبینہ طور پر خود کو آگ لگائی.پولیس کیمطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں.
غیرت کے نام پر ایک اور حوا زادی قتل
مظفرگڑھ میں غیرت کے نام پر خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا،پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں.مظفرگڑھ کے علاقے موضع بیٹ اترا میں غیرت کے نام پر شادی شدہ خاتون نصیباں بی بی کو قتل کردیاگیا،پولیس کیمطابق خاتون نے عبدالرحمان نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی،نصیباں بی بی کو اسکے بھائی محمدآصف،ماموں غلام یسین اور کزن مدنی نے فائرنگ کرکے قتل کیا.واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے.پولیس کیمطابق واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ قریشی میں درج کرلیاگیا ہے.خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیاگیا ہے.
ریجنل پولیس آفیسرڈیرہ غازی خان کا اچانک مظفرگڑھ کا دورہ
ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازیخان محمد عمر شیخ نےرات گئے تھانہ سٹی مظفرگڑھ کا دورہ کیا۔آر پی او ڈیرہ غازی خان نے تھانہ سٹی میں فرنٹ ڈیسک پر جرائم کی صورتحال اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی۔آر پی او نےپولیس رسیکیو سروس سنٹر15 کا بھی دورہ کیا اورکال ریکارڈز، ریسپانس ٹائم اور قانونی کارروائیوں سے متعلق کارکردگی کو چیک کیا۔ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر بھی آر پی او کے ہمراہ تھے۔
سائلین کوعزت واحترام دےکران کےمسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئےجائیں
ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر نےاپنے دفترکے سبزہ زار میں کھلی کچہری لگائی اور ضلع بھر سے آئے سائلین سے ان کے مسائل سنے۔تفصیل کے مطابق ڈی پی او صادق علی ڈوگر نے بعد نماز جمعہ دفتر پولیس کے سبزہ زار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور سائلین سےبراہ راست ان کےمسائل سنے۔سائلین کی پہلے سے جمع شدہ درخواستوں پر انسپکٹر مہر عبدالستار نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ صادق ڈوگرکو بریف کیا۔ ڈی پی او نے درخواست گذاروں کے مسائل کی تفصیلاً سماعت کی اور درخواستوں کی سماعت کے بعد کھلی کچہری میں بیٹھے افسران جن میں ایس پی انوسٹی گیشن سجاد احمد گجر، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن ریحان الرسول خان افغان، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز سعد اللہ خان، ایس ایچ او تھانہ سول لائن چوہدری جاوید اختر، ایس ایچ او تھانہ سٹی مظفرگڑھ انسپکٹر فاروق آفاق، ایس ایچ او تھانہ صدر مظفرگڑھ ملک ایوب کو براہ راست احکامات جاری کئے۔اسی طرح کچہری میں غیر موجود مختلف افسران کو ٹیلی فونک ہدایات جاری کیں اورسائلین درخواستوں پرمسائل فوری حل کر کے رپورٹ جاری کرنے کی ہدایات کیں۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ متعلقہ افسران عزت و احترام کے ساتھ سائلین کے جائز مسائل فوری حل کریں اور رپورٹ دیں۔ سائلین کی درخواستوں پر غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔














انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے نوٹس میں لاؤنگی۔دوسری جانب پنجاب حکومت کی اہم شخصیت کے دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ظہور بھٹہ بار بار بلانے پر بھی رمضان بازار نہ پہنچے اس بارے میں ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ مہناز سعید کا تعلق مظفرگڑھ شہر سے ہے اور وہ یہاں کے لوگوں کو اچھی طرح جانتی ہیں اس لئے متوقع عوامی شکایات سے بچنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رمضان بازار میں نہیں آئے۔











