Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ : ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کا امتحانی مراکز کا اچانک دورہ

    ننکانہ : ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کا امتحانی مراکز کا اچانک دورہ

    ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں کیو آر کوڈ سکین کر کے امیدواروں کی شناخت چیک کی۔ اس موقع پر انہوں نے نگران عملے کی حاضری، نقل کی روک تھام، سکیورٹی اور روشنی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

    دوران چیکنگ ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نقل اور دھوکہ دہی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کیو آر کوڈ سکین ٹیکنالوجی سے نقل اور دھوکہ دہی کا راستہ بند کر دیا گیا ہے اور اب کوئی امیدوار کسی کی جگہ پرچہ نہیں دے سکتا۔ ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ جعل سازی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں یقینی بنائی جا رہی ہیں اور اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر متعلقہ ضلعی افسران بھی امتحانی مراکز کی سخت مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے تمام نگران عملہ کو امیدواروں کی جانچ پڑتال مزید سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

  • ننکانہ: پاکستان عالمی سازشوں کا شکار، سالمیت کیلئے ہر قربانی دیں گے، مولانا عتیق

    ننکانہ: پاکستان عالمی سازشوں کا شکار، سالمیت کیلئے ہر قربانی دیں گے، مولانا عتیق

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) مرکزی جمعیت اہل حدیث ننکانہ صاحب کے ضلعی امیر مولانا عتیق الرحمن اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی اور عالمی دشمنوں کی سازشوں کا شکار ہے۔ سانحہ جعفر ایکسپریس اور علماء کی ٹارگٹ کلنگ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ جعفر ایکسپریس میں کامیاب آپریشن اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے پر اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل سانگلہ ہل کے زیر اہتمام درس قرآن و افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بغیر کسی تنقید اور اعتراض کے ملک کے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں نے بے گناہ نہتے مسافروں کو رمضان کے مقدس مہینے میں شہید کرکے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ ایسے میں فوج کا مذاق اڑانے والے راء کے ایجنٹ ہیں۔

    انہوں نے علماء کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں مولانا حامد الحق حقانی اور مفتی منیر شاکر جیسے علماء کا قتل امن و امان کے خلاف گہری سازش قرار دیا۔ اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث کے علماء و ذمہ داران حاجی محمد شریف، حافظ محمد خاں، ماسٹر زبیر، عرفان اللہ طاہر، مولانا عبد الخالق، اسامہ چوہدری، مدثر عزیز، قدرت اللہ بلوچ، احمد ساجد سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

  • ننکانہ صاحب: مرکزی مسلم لیگ شاہ کوٹ کی جانب سے شاندار افطار ڈنر کا انعقاد

    ننکانہ صاحب: مرکزی مسلم لیگ شاہ کوٹ کی جانب سے شاندار افطار ڈنر کا انعقاد

    ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز )پاکستان مرکزی مسلم لیگ تحصیل شاہ کوٹ ضلع ننکانہ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کی ممتاز سیاسی، سماجی، صحافی اور تاجر برادری کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

    اس افطار ڈنر میں ثاقب مجید جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ اور جاوید بھٹی چیئرمین رابطہ تنظیم پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان مرکزی مسلم لیگ پروفیسر سیف اللہ خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک صرف بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ مہینہ ایثار، قربانی، صبر اور غریب پروری کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھوک کا حقیقی احساس تب ہی پیدا ہوتا ہے جب بندہ خود روزہ رکھے اور یہی احساس ہمیں معاشرے کے مستحق اور ضرورت مند طبقے کے دکھ درد میں شریک ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔

    پروفیسر سیف اللہ خالد نے مزید کہا کہ روزہ تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ ہے جو انسان کے اندر تقویٰ اور پرہیزگاری پیدا کرتا ہے۔ یہ ہمیں اپنی خواہشات پر قابو پانے اور اللہ کی رضا کے مطابق زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کو پیغام دیا کہ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی اتحاد، بھائی چارے اور محبت کو فروغ دینا چاہیے۔

    افطار ڈنر میں شریک معزز شخصیات نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے اس محبت بھری محفل کے انعقاد کو سراہا۔

  • ننکانہ کے شہری نے سعودی عرب میں قیمتی اشیاء سے بھرا بیگمالک تک پہنچا کر ایمانداری کی مثال قائم کردی

    ننکانہ کے شہری نے سعودی عرب میں قیمتی اشیاء سے بھرا بیگمالک تک پہنچا کر ایمانداری کی مثال قائم کردی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پاکستان کے شہر ننکانہ صاحب کے رہائشی حاجی نواز اکمل چوہدری نے سعودی عرب میں ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔

    حاجی نواز اکمل چوہدری جو شاد باغ کینیڈا کالونی کے سابق کونسلر بھی ہیں، عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔ وہاں عمرے کے دوران انہیں زائرین کا ایک بیگ ملا، جس میں قیمتی اشیاء، پاسپورٹ، موبائل اور تقریباً سات سے آٹھ لاکھ روپے موجود تھے۔

    حاجی نواز اکمل نے بیگ کے مالک، ایک مصری شہری کو تلاش کیا اور اس کی امانت اسے واپس کر دی۔ مصری شہری عمرے کی ادائیگی کے لیے آیا ہوا تھا۔ حاجی نواز اکمل کے اس عمل نے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

  • ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک یونیورسٹی میں عالمی پائی دن پر سیمینار

    ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک یونیورسٹی میں عالمی پائی دن پر سیمینار

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے شعبہ ریاضی کے زیر اہتمام بابا گورو نانک ریاضیاتی سوسائٹی نے عالمی پائی دن کے موقع پر ایک معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا۔

    سیمینار کا مقصد طلباء، اساتذہ اور ریاضی کے شوقین افراد کو پائی (π) کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔ سیمینار میں شعبہ ریاضی کے اساتذہ نے پائی کے تاریخی پس منظر، جیومیٹری، کیلکولس اور دیگر سائنسی شعبوں میں اس کے استعمال پر روشنی ڈالی۔

    شعبہ ریاضی کے چیئرپرسن ڈاکٹر شاہد مبین نے پائی دن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائی صرف ایک عدد نہیں بلکہ ریاضی کی خوبصورتی اور اسرار کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سیمینار سے شرکاء کو پائی کی اہمیت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

    سیمینار میں شرکاء نے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور پائی کے مختلف سائنسی شعبوں میں استعمال کو دریافت کیا۔ اس تقریب سے شعبہ ریاضی کی جانب سے ریاضی کے علم کے لیے گہری محبت اور قدر دانی کا اظہار ہوا۔

  • میانوالی کی عوام کے دل غزہ کے ساتھ، مسلم میڈیکل مشن کا افطار ڈنر، امداد کا اعلان

    میانوالی کی عوام کے دل غزہ کے ساتھ، مسلم میڈیکل مشن کا افطار ڈنر، امداد کا اعلان

    میانوالی،باغی ٹی وی (رپورٹ: احسان اللہ ایاز) مسلم میڈیکل مشن ضلع میانوالی نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں "غزہ تعمیر نو” کے عنوان سے ایک پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں میانوالی کے تاجروں اور عمائدین نے بھرپور شرکت کی، جس سے غزہ کے مظلوموں سے یکجہتی کا اظہار ہوا۔

    تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی مسلم لیگ پاکستان کے مرکزی رہنما انجینئر حارث ڈار تھے۔ انہوں نے ملٹی میڈیا بریفنگ کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم میڈیکل مشن اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں غزہ کے عوام کو تنہا نہ چھوڑیں۔

    حاضرین نے غزہ کے مظلوم بھائیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تاجر برادری نے خصوصی ملاقات میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

    تقریب میں مرکزی مسلم لیگ ضلع میانوالی کے جنرل سیکرٹری شیر افگن، صدر عمیر خان ایڈووکیٹ اور سٹی میانوالی کے جنرل سیکرٹری نے خصوصی شرکت کی۔ مسلم میڈیکل مشن سٹی میانوالی کے سردار ساجد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

  • جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے، سمیع اللہ عثمانی صدر، صائمہ صابر جنرل سیکرٹری منتخب

    جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے، سمیع اللہ عثمانی صدر، صائمہ صابر جنرل سیکرٹری منتخب

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) کی پاکستان شاخ کے لیے نئی باڈی 2025-26 کا اعلان کر دیا گیا، جس میں سمیع اللہ عثمانی کو صدر اور صائمہ صابر کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا، جبکہ فنانس سیکرٹری کے عہدے پر راشد علی خانزادہ کا تقرر عمل میں آیا۔ اس سلسلے میں ایک آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین و مرکزی صدر میاں عامر علی نے کی۔ اجلاس میں مرکزی وومن ونگ صدر حمیرا ثناء، مرکزی سیکرٹری جنرل محمد آصف قائمی سمیت دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز بہاولنگر سے محمد جنید نے تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا، جس کے بعد پاکستان کی نئی قیادت کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

    اس اجلاس میں متفقہ طور پر سمیع اللہ عثمانی کو جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) کا صدر منتخب کیا گیا۔ دیگر عہدیداران میں سینئر نائب صدور کے طور پر نعمان وہاب خان زئی، نبیلہ حفیظ، اور امان اللہ کھوکھر کو منتخب کیا گیا، جبکہ نائب صدور میں ڈاکٹر ساجد محمود اعوان، محمد سفیر، علی زمان اعوان، محمد اکرم، روح الابرار اور ڈاکٹر شاہ نواز قادری شامل ہیں۔ جنرل سیکرٹری کے طور پر صائمہ صابر، جبکہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری کے طور پر حامد صدیق انجم اور سید رفاقت حسین کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ فنانس سیکرٹری کے عہدے کے لیے راشد علی خانزادہ کا انتخاب عمل میں آیا۔

    مزید برآں اطلاعات سیکرٹری کے طور پر محمد مستجاب اور گل محمد لغاری، آفس سیکرٹری کے لیے عامر حیات، جبکہ جوائنٹ سیکرٹریز کے طور پر محمد خرم قادری، خالد شاہین فریدی اور نور محمد ترک کا انتخاب کیا گیا۔ اسی طرح، ڈپٹی جوائنٹ سیکرٹریز میں محمد خالد اور وجیہہ تمثیل کو شامل کیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹریز کے طور پر محمد شمعون نذیر، امبرین ریاض اور رانا شاہد خلیل کو مقرر کیا گیا، جبکہ ڈپٹی ایڈیشنل سیکرٹریز میں مسعود الحسن، حنا محبوب اور شفیق جان قائم خانی شامل ہیں۔

    ایگزیکٹو کونسل کے ممبران میں شیخ وقاص احمد، دلیپ کمار، ارم سعید، محمد رضوان بھٹی، فرخ کمال، فاطمہ لیاقت، محمد جنید، میاں خلیل صدیق آرائیں، علیشاہ عندلیب، عثمان گل کشمیری، فضل حسین خان، شیخ سجاد حسین، خواجہ محمد عامر، محمد کاشف شہزاد، دل حسین، محمد یاسین کھتری اور محمد ناظم خانزادہ کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ تمام افراد اپنی صحافتی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے اور میڈیا کے شعبے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ صحافیوں کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ اس سلسلے میں قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے معروف وکلاء راؤ مدبر اعظم ایڈووکیٹ اور شاہد شمش الدین میمن ایڈووکیٹ کو لیگل ایڈوائزر مقرر کیا گیا، جو صحافیوں کو درپیش قانونی معاملات میں مدد فراہم کریں گے۔

    اجلاس کے اختتام پر ایسوسی ایشن کی کامیابی، پاکستان کے استحکام اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مرکزی صدر میاں عامر علی نے اس موقع پر کہا کہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن صحافیوں کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • ننکانہ: ریسکیو 1122 اور زہرہ ہسپتال کا اہم معاہدہ، عوام کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کا عزم

    ننکانہ: ریسکیو 1122 اور زہرہ ہسپتال کا اہم معاہدہ، عوام کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کا عزم

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 اور زہرہ ہسپتال ننکانہ صاحب نے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت طبی امداد اور تربیت میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

    اس موقع پر زہرہ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ارشد (کارڈیالوجسٹ)، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار، ڈاکٹر روبینہ شفیع (گائناکالوجسٹ)، پیرامیڈیکل سٹاف، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، ریسکیو افسران اور میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر موجود تھے۔

    معاہدے کے تحت ریسکیو 1122 پیرامیڈیکل سٹاف کو کمیونٹی ایکشن ڈیزاسٹر ریسپانس اور پاکستان لائف سیور پروگرام کے تحت عملی تربیت اور آگاہی فراہم کرے گا۔ مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے شرکاء کو ریسکیو سکاؤٹ کے طور پر رجسٹر کیا جائے گا اور سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے۔ ریسکیو سکاؤٹس کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں ریسکیو ٹیم کے ساتھ معاونت کریں گے اور باقاعدگی سے ایمرجنسی انخلاء کی ریہرسل کی جائے گی۔

    زہرہ ہسپتال ریسکیو اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو او پی ڈی اور لیبارٹری سروسز پر 20 فیصد اور آپریشن چارجز پر 30 فیصد رعایت فراہم کرے گا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کہا کہ یہ معاہدہ اجتماعی بھلائی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ڈاکٹر محمد ارشد نے ریسکیو 1122 کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

  • ننکانہ: تعلیم گاہ یا لوٹ مار کا اڈہ؟ لاکھوں کی فیسیں ہڑپ،کلرک ریکارڈ سمیت فرار

    ننکانہ: تعلیم گاہ یا لوٹ مار کا اڈہ؟ لاکھوں کی فیسیں ہڑپ،کلرک ریکارڈ سمیت فرار

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) تعلیم گاہ یا لوٹ مار کا اڈہ؟ لاکھوں کی فیسیں ہڑپ،کلرک ریکارڈ سمیت فرار

    گورنمنٹ گورونانک پوسٹ گریجویٹ کالج ننکانہ صاحب میں مالی بے ضابطگیوں کا بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے، جہاں سابق جونیئر کلرک لاکھوں روپے کی فیسوں اور مالی ریکارڈ سمیت غائب ہو گیا۔

    کالج کے قائم مقام پرنسپل ڈاکٹر محمد جمیل شاہ نے 26 دسمبر 2024 کو جاری کردہ لیٹر نمبر 1026/12/24 میں سابق کلرک مجاہد فاروق سے فوری طور پر مالی ریکارڈ، طلبہ کی فیسوں کی تفصیلات اور دیگر اثاثے واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    پرنسپل کے مطابق، بی ایس زولوجی (بہار سمسٹر 2024) کے طلبہ سے وصول کی گئی لاکھوں روپے کی فیسیں تاحال کالج اکاؤنٹ میں جمع نہیں کرائی گئیں۔ مزید برآں، بی اے، ایم اے، اور بی ایس پروگرامز (2020-2024، 2021-2025، 2022-2026، 2023-2027) کا مکمل مالی ریکارڈ بھی سابق کلرک کے قبضے میں ہے۔

    ذرائع کے مطابق مجاہد فاروق کالج کا تمام مالی ریکارڈ اپنے گھر لے گیا ہے، جس میں بی اے، ایم اے اور بی ایس پروگرامز کی فیسوں کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ اس صورتحال نے کالج انتظامیہ کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ دوسری شفٹ کے اساتذہ کو تنخواہیں نہیں مل پا رہیں، اور اگر جلد ہی ریکارڈ واپس نہ ملا تو مزید سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

    طلبہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی فیسیں وقت پر جمع کرائی تھیں، لیکن اب انہیں خدشہ ہے کہ ان کا مستقبل خطرے میں ہے۔ وہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ اعلیٰ حکام فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات کریں اور ذمہ داروں کو سخت سزا دیں۔

    پرنسپل ڈاکٹر محمد جمیل شاہ نے ڈائریکٹر ایجوکیشن لاہور ڈویژن اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، ضلع ننکانہ صاحب کو خط لکھ کر معاملے کی اطلاع دی ہے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور اس کی فوری تحقیقات ہونی چاہیے۔

    اس اسکینڈل نے ننکانہ صاحب کے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ تعلیمی اداروں میں بدعنوانی کا ایک افسوسناک نمونہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس معاملے میں ملوث تمام افراد کو بے نقاب کرے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دے۔

    اس اسکینڈل سے متعلق سوالات جو جواب طلب ہیں،بتایا جائے کہ

    1. مجاہد فاروق کو کس نے کالج کا ریکارڈ گھر لے جانے کی اجازت دی؟
    2. کیا اس اسکینڈل میں کوئی اور بھی ملوث ہے؟
    3. طلبہ کی فیسوں کا کیا بنے گا؟
    4. کیا اس معاملے کی شفاف تحقیقات ہوں گی؟

    طلبہ اور اساتذہ نے اعلیٰ حکام سے فوری تحقیقات اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ معاملے کی شفاف تحقیقات ہو سکیں اور مستقبل میں اس طرح کی مالی بدعنوانیوں کی روک تھام ممکن ہو۔

  • ننکانہ: بچیکی خواتین کالج میں حراسانی انکوائری، انصاف جیتے گا یا اثر و رسوخ؟

    ننکانہ: بچیکی خواتین کالج میں حراسانی انکوائری، انصاف جیتے گا یا اثر و رسوخ؟

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین بچیکی کی پرنسپل ڈاکٹر طاہرہ بتول کے خلاف حراسانی کے الزامات پر محکمانہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تاہم، ان کی ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کے اضافی چارج کے باعث شفاف انکوائری پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

    لیکچرار سمرن جیت کور، ماہین عبدالسلام اور یسرا محمود کی جانب سے حراسانی کی شکایات موصول ہونے پر ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (کالجز) لاہور ڈویژن نے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ضیاء الرحمان (گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے سائنس، وحدت روڈ لاہور) اور رکن نازیہ اکرم (پرنسپل، گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین، واپڈا ٹاؤن لاہور) کو سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    یہ معاملہ اس وقت پیچیدہ ہوگیا جب یہ معلوم ہوا کہ ڈاکٹر طاہرہ بتول جو خود انکوائری کے دائرے میں ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی تفتیش کے غیر جانبدارانہ ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ملزم فرد اثر و رسوخ سے دور ہو، ورنہ انکوائری محض رسمی کارروائی بن سکتی ہے۔

    تعلیمی حلقوں اور فیکلٹی ممبران کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرہ بتول کو ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے سے فوری طور پر الگ کیا جائے تاکہ گواہوں کو بغیر کسی خوف و دباؤ کے بیان دینے کا موقع مل سکے۔

    متعلقہ حکام کی خاموشی اس معاملے کو مزید مشکوک بنا رہی ہے۔ کیا یہ انکوائری آزادانہ ہوگی یا اثر و رسوخ کے باعث انصاف کا خون ہوگا؟ وقت کا تقاضا ہے کہ شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ورنہ یہ معاملہ تعلیمی نظام پر ایک بدنما داغ بن سکتا ہے۔