Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ:ڈپٹی کمشنر کا شدید دھند میں بنیادی مراکز صحت کا اچانک دورہ، عملے کی کارکردگی کو سراہا

    ننکانہ:ڈپٹی کمشنر کا شدید دھند میں بنیادی مراکز صحت کا اچانک دورہ، عملے کی کارکردگی کو سراہا

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے شدید دھند اور سرد موسم کے باوجود شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے رات کے وقت بنیادی مراکز صحت نتھوالا اور بورالہ کا اچانک دورہ کیا۔

    دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری، ادویات کے اسٹاک اور دیگر سہولتوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طبی عملے کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی محنت کو خراج تحسین پیش کیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، تحصیل ہیڈ کوارٹرز، رورل ہیلتھ سنٹرز اور دیہی مراکز صحت کا عملہ رات کے وقت بھی شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے سخت موسم میں خدمات انجام دینے والے افسران اور ملازمین کی کاوشوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

    محمد تسلیم اختر راؤ نے سی او ہیلتھ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام دیہی مراکز صحت پر رات کے وقت 02 فی میل اور 01 میل سٹاف کو تعینات کیا جائے اور کسی بھی ہسپتال میں تین افراد سے کم عملہ نہ ہو، ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

    اس دورے کا مقصد شہریوں کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا اور ہسپتالوں میں عملے کی حاضری کو یقینی بنانا تھا تاکہ شدید موسم کے باوجود لوگوں کو فوری طبی امداد مل سکے۔

  • ننکانہ : ریسکیو 1122 کا اسپورٹس گالا، دلچسپ مقابلے اور انعامات کی تقسیم

    ننکانہ : ریسکیو 1122 کا اسپورٹس گالا، دلچسپ مقابلے اور انعامات کی تقسیم

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ہاکی اسٹیڈیم ننکانہ صاحب میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام ایک شاندار اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔

    اسپورٹس گالا کے دوران ریسکیو ننکانہ الیون اور ریسکیو شاہ کوٹ الیون ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں ریسکیو شاہ کوٹ الیون نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 53 رنز بنائے۔ تاہم ریسکیو ننکانہ الیون کی ٹیم 48 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

    دوسرے میچ میں ریسکیو شاہ کوٹ الیون نے 5 اوورز میں 62 رنز کا ہدف دیا، لیکن ریسکیو ننکانہ الیون نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چوتھے اوور کی چوتھی گیند پر میچ جیت لیا۔ محمد حمزہ کی شاندار بیٹنگ نے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    اس تقریب میں کرکٹ کے علاوہ رسہ کشی، بیڈمنٹن اور لڈو کے مقابلے بھی شامل تھے، جنہوں نے حاضرین کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا۔

    تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کھیلوں میں حصہ لینے والے ریسکیورز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کھیلوں کو ٹیم ورک، ذہنی، جسمانی، اور نفسیاتی صحت کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا اور ریسکیورز کی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے پر زور دیا۔

    آخر میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامی ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔ اس تقریب نے ریسکیورز کے درمیان ٹیم ورک اور مسابقتی جذبے کو مزید فروغ دیا۔

  • ننکانہ: ڈپٹی کمشنر کا بنیادی مرکز صحت اور اسکول کا اچانک دورہ، غیر حاضر عملہ معطل

    ننکانہ: ڈپٹی کمشنر کا بنیادی مرکز صحت اور اسکول کا اچانک دورہ، غیر حاضر عملہ معطل

    ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر کا بنیادی مرکز صحت اور اسکول کا اچانک دورہ، غیر حاضر عملہ معطل

    ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راؤ نے بنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کا اچانک دورہ کیا اور غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

    دورے کے دوران، بنیادی مرکز صحت میں تعینات عملہ غیر حاضر پایا گیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ کو تمام غیر حاضر عملے کو معطل کرنے کی فوری ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت برتنے والے افسران اور ملازمین کے لیے ضلع ننکانہ میں کوئی جگہ نہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں جاری ری ویمپنگ کے کاموں کا جائزہ لیا اور میٹریل کی کوالٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ تمام ترقیاتی کاموں کو 31 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایکسین بلڈنگ کو سرکاری ہسپتالوں کے راستوں کی فوری تعمیر و مرمت کی ہدایت دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ کا عمل رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد دیہی مراکز صحت میں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کھیاڑے کلاں کا بھی دورہ کیا اور اسکول کے گراؤنڈ سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • ننکانہ : ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی کی وفات، امت مسلمہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے،ثاقب مجید

    ننکانہ : ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی کی وفات، امت مسلمہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے،ثاقب مجید

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی کی وفات، امت مسلمہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے،ثاقب مجید

    تفصیل کے مطابق ممتاز عالم دین، نظریہ پاکستان کے داعی اور مظلوم کشمیریوں و فلسطینیوں کی مضبوط آواز ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی کی وفات پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے کہا کہ ان کی علمی، دینی اور اصلاحی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

    ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی کا تعلق ایک علمی اور سیاسی گھرانے سے تھا۔ وہ قائداعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی پروفیسر حافظ عبداللہ بہاولپوری کے فرزند اور حافظ محمد سعید کے برادر نسبتی تھے۔ مکہ مکرمہ کی ام القری یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ مکی صاحب عربی اور انگریزی زبان پر عبور رکھتے تھے اور پاکستان میں مذہبی انتہا پسندی، فتنہ خوارج اور مظلوم کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کے حق میں مضبوط آواز تھے۔

    مظلوم کشمیریوں کی حمایت کے باعث انہیں ہمیشہ ہندوستان کے جھوٹے پروپیگنڈا کا سامنا رہا۔ وہ مختلف تحریکوں جیسے تحریک ختم نبوت، دفاع پاکستان کونسل، تحریک حرمت رسول ﷺ اور تحریک آزادی کشمیر کے سرگرم رہنما تھے۔

    ثاقب مجید نے مزید کہا کہ ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی امت مسلمہ کے لیے روشنی کا مینار تھے۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے کارکنان ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

  • ننکانہ صاحب: پولیو مہم میں شاندار کامیابی، ضلع گرین لسٹ میں شامل

    ننکانہ صاحب: پولیو مہم میں شاندار کامیابی، ضلع گرین لسٹ میں شامل

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے پولیو گرین لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔ 16 سے 20 دسمبر کی پولیو مہم کے دوران ضلع کی 6 یونین کونسلز میں 100 فیصد نتائج حاصل کیے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی کی قیادت میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی محکمہ صحت، تعلیم، اور پولیس نے بھرپور تعاون کیا۔ تھرڈ پارٹی چیکنگ کے مطابق یونین کونسلز ننکانہ صاحب سٹی اے ون، چک نمبر 12، مچھرالہ، شاہ بلاول، بلیر 119، اور نتھووالہ میں تمام کوائف مکمل اور درست پائے گئے۔

    سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی نے اس کامیابی کا سہرا پولیو ٹیمز، ایریا انچارجز، یو سی ایم اوز، اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پولیو مہم جنوری 2025 میں بھی بہترین نتائج کے لیے پوری ٹیم مزید محنت کرے گی۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس اور سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر عبد القیوم خان کے کردار کو بھی سراہا گیا۔ ڈاکٹر طلحہ نے پولیو ورکرز کے عزم اور محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ضلعی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

  • ننکانہ : پیرا میڈکس اور ہیلتھ سپورٹ اسٹاف کی نئے ایم ایس سے ملاقات

    ننکانہ : پیرا میڈکس اور ہیلتھ سپورٹ اسٹاف کی نئے ایم ایس سے ملاقات

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی 9نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)پیرا میڈکس اور ہیلتھ سپورٹ اسٹاف کی نئے ایم ایس ڈاکٹر اطہر فرید سے ملاقات

    ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کے نئے تعینات ہونے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اطہر فرید سے پیرا میڈکس اور ہیلتھ سپورٹ اسٹاف ضلع ننکانہ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے ڈاکٹر اطہر فرید کو تعیناتی پر مبارکباد پیش کی، پھولوں کے ہار پہنائے، گلدستے پیش کیے اور مٹھائی تقسیم کی۔

    وفد کی قیادت چیئرمین حاجی محمد لطیف اور صدر زاہد حسین جٹ نے کی۔ دیگر اراکین میں ضلعی صدر راؤ ظفر اقبال، چوہدری بشارت علی، نوید احمد، شفاقت علی، اور دیگر رہنما شامل تھے۔

    ڈاکٹر اطہر فرید نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال میں غفلت اور کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ محنتی اور ایماندار عملہ ادارے کی شان ہے۔

    ڈاکٹر اطہر فرید نے مزید کہا کہ عوام کو مفت اور معیاری علاج فراہم کرنے کے لیے تمام اسٹاف کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فرائض میں کوتاہی برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

  • ننکانہ : قائداعظم کے یوم ولادت پر ضلع کونسل ہال میں پرچم کشائی کی تقریب

    ننکانہ : قائداعظم کے یوم ولادت پر ضلع کونسل ہال میں پرچم کشائی کی تقریب

    ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی ( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)قائداعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم ولادت کے موقع پر ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کی اور پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔

    تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر وجہیہ ثمرین، سی او ایجوکیشن، ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافی برادری سمیت بڑی تعداد میں شرکاء موجود تھے۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے شرکاء کو قائداعظم کے یوم ولادت اور کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قائداعظم ایک عہد ساز شخصیت اور عظیم رہنما تھے جن کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو کر قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم قائداعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم نے اپنی حکمت، عزم اور قربانیوں سے پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھی، اور ان کی بصیرت نہ صرف سیاسی بلکہ مساوات، انصاف اور عوام کی فلاح و بہبود پر مبنی تھی۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • ننکانہ:اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے،انجینیئرثاقب مجید

    ننکانہ:اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے،انجینیئرثاقب مجید

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے جنرل سیکرٹری انجینیئر ثاقب مجید نے کہا ہے کہ اقلیتوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور سلامتی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اقلیتیں ملک کی ترقی کا ایک لازمی حصہ ہیں اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے ہمیشہ ان کے تحفظ، حقوق اور معاشرتی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کو پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ مہم ضلع ننکانہ صاحب کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہات میں گھر گھر جا کر جاری ہے، جن میں ننکانہ صاحب شہر، منڈی واربرٹن، منڈی فیض آباد، موڑ کھنڈا، بچیکی، بڑاگھر، سیدوالا، شاہ کوٹ اور سانگلہ ہل شامل ہیں۔

    ثاقب مجید نے کہا کہ مہم کا مقصد عوام کو پارٹی کے منشور اور خدمات سے آگاہ کرنا ہے اور کارکنان و رضاکاروں کی شبانہ روز محنت سے رکنیت سازی کے تمام اہداف کو پورا کیا جائے گا۔ پارٹی اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ وہ بھی قومی ترقی میں مزید موثر کردار ادا کر سکیں۔

  • ننکانہ : تحفظ ختم نبوت کونسل کے زیر اہتمام عظیم الشان ٹیچرز کنونشن کا انعقاد

    ننکانہ : تحفظ ختم نبوت کونسل کے زیر اہتمام عظیم الشان ٹیچرز کنونشن کا انعقاد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) تحفظ ختم نبوت کونسل ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام "عقیدہ ختم نبوت اور ہماری ذمہ داریاں” کے عنوان سے ایک عظیم الشان ٹیچرز کنونشن مقامی شادی ہال میں منعقد ہوا۔ کنونشن کی صدارت امیر جماعت تحفظ ختم نبوت کونسل، حبیب احمد عابد نے کی۔

    کنونشن کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت علامہ قاری فیض نے حاصل کی، جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ محمد لطیف نے پیش کی۔

    کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ثاقب رضا گیلانی، علامہ مولانا محمد نوید اقبال چشتی، اور سرپرست تحفظ ختم نبوت کونسل محمد متین خالد نے عقیدہ ختم نبوت کے موضوع پر مدلل اور جامع گفتگو کی۔

    محمد متین خالد نے اپنے خطاب میں اساتذہ کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم و تدریس ایک عظیم شعبہ ہے اور اساتذہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ طلبا میں عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے قیمتی ایمان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اساتذہ کا کردار کلیدی ہے۔

    جماعت کی جانب سے عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت و فضیلت کے موضوع پر لٹریچر تقسیم کیا گیا، جبکہ شرکاء نے کونسل کی رکنیت بھی حاصل کی۔

    ٹیچرز نے کنونشن کے مقاصد کو سراہتے ہوئے مزید ایسے پروگرامز کے انعقاد پر زور دیا۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء کی ضیافت کے لیے پرتکلف کھانے کا انتظام کیا گیا۔

    یہ کنونشن عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اساتذہ کو ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوا۔

  • ننکانہ: سرکاری دفاتر میں انقلاب، ڈپٹی کمشنر کا شہریوں کو عزت دینے کا حکم

    ننکانہ: سرکاری دفاتر میں انقلاب، ڈپٹی کمشنر کا شہریوں کو عزت دینے کا حکم

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز): ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے مختلف سرکاری دفاتر کا اچانک دورہ کیا ہے۔ اس دورے کے دوران انہوں نے افسران اور عملے کی حاضری چیک کی اور عوام کو دی جانے والی سروسز کا جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کو عزت و تکریم دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب عوامی ٹیکس سے تنخواہ لیتے ہیں اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

    ڈی سی نے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو دفاتر کے چکر نہ لگوائیں اور اوپن ڈور پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کی شکایت موصول ہوئی تو اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ایکسین بلڈنگ کو ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ اور سب رجسٹرار کے دفاتر کی فوری طور پر تزئین و آرائش کی جائے۔