Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ صاحب: تھانہ سید والا پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیت و مویشی چور گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

    ننکانہ صاحب: تھانہ سید والا پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیت و مویشی چور گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) تھانہ سید والا پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت و مویشی چور گینگ کے سرغنہ صغیر احمد اور اس کے ساتھی ساجد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 41 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے چوری شدہ مویشی، موٹر سائیکل اور نقدی برآمد کر لی۔

    ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے رابری اور چوری کی 8 وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی پی او فراز احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کے لیے پولیس دن رات سرگرمِ عمل ہے۔

  • ننکانہ صاحب: مریم نواز کی ہدایت پر سیلاب متاثرین بحالی پروگرام کا آغاز

    ننکانہ صاحب: مریم نواز کی ہدایت پر سیلاب متاثرین بحالی پروگرام کا آغاز

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ننکانہ صاحب میں سیلاب متاثرین کی بحالی پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے سیلاب سے متاثرہ بزرگ خاتون سے فلڈ بحالی کیمپ کا افتتاح کروایا۔

    تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کی وصولی کے لیے بذریعہ ایس ایم ایس اور ٹیلی فون اطلاع دی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر متاثرین کو گھروں سے کیمپ تک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ فلڈ بحالی کیمپ میں امداد کی تقسیم کے لیے چار کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں ٹوکن سسٹم کے تحت رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔

    کیمپ میں متاثرین کے لیے کھانے پینے کے انتظامات، بیٹھنے کے لیے کرسیاں، پنکھے، عارضی واش رومز، انفارمیشن ڈیسک، شکایت سیل، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاریخ کے بدترین سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی کا آغاز ایک تاریخی موقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ بینک آف پنجاب کے ذریعے روزانہ 500 متاثرین کو شفاف اور ڈیجیٹل نظام کے تحت رقوم کی ادائیگی یقینی بنا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مستقل معذوری پر 5 لاکھ روپے، معمولی معذوری پر 3 لاکھ روپے، پکا گھر مکمل گرنے پر 10 لاکھ روپے، جزوی نقصان پر 3 لاکھ روپے، جبکہ کچے گھر کے مکمل نقصان پر 5 لاکھ روپے اور جزوی نقصان پر 1.5 لاکھ روپے کی امداد دی جا رہی ہے۔ بڑے مویشی کے مرنے پر 5 لاکھ روپے اور چھوٹے جانور کے مرنے پر 50 ہزار روپے امداد مقرر کی گئی ہے۔ فصلوں کے 25 فیصد نقصان پر 20 ہزار روپے فی ایکڑ امداد دی جا رہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلاب کے دن قیامت خیز تھے، لوگ بے بسی سے اپنے گھر اور کھیت ڈوبتا دیکھتے رہے۔ ضلعی انتظامیہ اور تمام ادارے کئی ہفتے متاثرین کی خدمت پر مامور رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی محنت اور مربوط حکمتِ عملی کے باعث متاثرین کی جلد بحالی ممکن ہوئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ضلعی ٹیمیں گھر گھر جا کر ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہیں اور اب تک 8500 سے زائد متاثرہ خاندانوں کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔ حکومت نے سروے کی تکمیل سے پہلے ہی امداد کی تقسیم شروع کر دی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ جب تک آخری متاثرہ شخص کو امداد نہیں مل جاتی، کیمپ بند نہیں کیا جائے گا۔

    ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الٰہی پڈھیار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عملی اقدامات کی بدولت صوبے بھر کے متاثرین کو بحالی کی رقوم کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عوامی خدمت کی بہترین مثال ہے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ عطیہ عنائیت سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

  • ننکانہ صاحب: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی ویژن کے تحت ضلع بھر میں انقلابی اقدامات

    ننکانہ صاحب: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی ویژن کے تحت ضلع بھر میں انقلابی اقدامات

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت ترقیاتی پروگراموں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع بھر میں نئے کالجز، ٹراما سنٹرز، جیمنیزیم، سڑکات، سیوریج سمیت بے شمار ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

    یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد ارشد، سابق ممبر صوبائی اسمبلی طارق باجوہ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف نے ضلع میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مہر کاشف پڈھیار نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں معیاری میٹریل استعمال کیا جائے اور معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام شہروں میں نیا سیوریج سسٹم بچھانے اور بازاروں میں ٹف ٹائلز لگانے کے کام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ ممبر اسمبلی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے کہا کہ خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے بابا گورونانک یونیورسٹی، ڈسٹرکٹ جیل، پولیس لائن، ٹراما سنٹرز اور اسٹیڈیم کے تعمیراتی کاموں کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کی۔ مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی فوری پوری کی جائے اور سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

    ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ نے اجلاس میں کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے اجراء اور دیگر رکاوٹوں سے متعلق معاملات براہِ راست ان کے پاس لائے جائیں تاکہ بروقت حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے ناقص یا ادھورا کام کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیکیورٹی رقوم بحقِ سرکار ضبط کی جائیں گی۔

    ڈی پی او فراز احمد نے اجلاس میں بتایا کہ ضلع ننکانہ صاحب میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور پولیس عوام کو بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے۔ ممبر اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے کہا کہ "اب پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، ہم ننکانہ صاحب کو پنجاب کا ماڈل ضلع بنائیں گے۔”

  • ننکانہ صاحب:پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا ورکرز کنونشن، نظریۂ پاکستان کی تجدید کا عزم

    ننکانہ صاحب:پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا ورکرز کنونشن، نظریۂ پاکستان کی تجدید کا عزم

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام ضلعی ورکرز کنونشن ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں تحصیلی صدور، شعبہ جاتی عہدیداران، یوتھ ونگ، میڈیا کوآرڈینیٹر اور ضلعی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ کنونشن کی صدارت صوبائی صدر وسطی پنجاب چوہدری حمید الحسن نے کی۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد 2 نومبر کو مینارِ پاکستان لاہور میں ہونے والے مرکزی ورکرز کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور ضلعی سطح پر تنظیمی حکمتِ عملی مرتب کرنا تھا۔

    چوہدری حمید الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ماضی میں قدرتی آفات کے دوران عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر عملی خدمت کی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب جیسے بحرانوں میں پارٹی کارکنوں کی خدمات نے ثابت کیا کہ سیاست صرف اقتدار نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا نام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مینارِ پاکستان پر ہونے والا کنونشن نظریۂ پاکستان کی تجدید کا موقع ہوگا کیونکہ اسی جگہ سے وطن عزیز کے قیام کا اعلان ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس عزم کے ساتھ جا رہے ہیں کہ بقائے پاکستان نظریۂ پاکستان ہی میں مضمر ہے۔

    زمان سیف نے کہا کہ آج کا دور ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا کا ہے، جہاں ہر کارکن اپنی سوچ، آواز اور نظریہ قوم تک پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے کارکنان کو تلقین کی کہ وہ مثبت اور سچائی پر مبنی مہمات چلائیں، ضلعی مسائل کو اجاگر کریں اور اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچائیں تاکہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا پیغام ہر گھر تک پہنچے۔

    ثاقب مجید نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور تمام تحصیلی صدور اپنے علاقوں میں کنونشن کی تشہیر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کنونشن ایک ایسی تحریک کا آغاز ہوگا جس کا مقصد ملک میں خدمت، امن، اتحاد اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔

    اجلاس کے اختتام پر مرکزی ورکرز کنونشن کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضلعی عہدیداران کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 2 نومبر کا دن پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی خدمت اور نظریۂ پاکستان پر مبنی سیاست کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔

  • ننکانہ صاحب:مس عمارہ کو چیمبر آف ایجوکیشن کا اسٹار ٹیچر ایوارڈ

    ننکانہ صاحب:مس عمارہ کو چیمبر آف ایجوکیشن کا اسٹار ٹیچر ایوارڈ

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں چیمبر آف ایجوکیشن کی جانب سے ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں مس عمارہ کو اسٹار ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
    تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن پنجاب اسمبلی مہر کاشف رنگ الہی پڈھیار، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور سی ای او ایجوکیشن شازیہ بانو تھے۔

    تقریب میں چیمبر آف ایجوکیشن کے سرپرستِ اعلیٰ چوہدری نصیب الہیٰ گوجر، صدر ذیشان سرور، سینئر نائب صدر رضوان صادق، نائب صدور ولید چیمہ اور عمران اسلام، جنرل سیکرٹری ملک عتیق، انفارمیشن سیکرٹری رحمان یوسف سمیت اساتذہ، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔

    اس موقع پر مقررین نے کہا کہ اساتذہ ملک و قوم کی بنیاد ہیں، اگر وہ ایمانداری سے فرائض انجام دیں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
    مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب میں آئندہ دو سال کے دوران شرح خواندگی سو فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں نجی تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر ننکانہ چیمبر آف ایجوکیشن کے نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
    ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) شہباز احمد نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

  • مرکزی مسلم لیگ میڈیا سیل کی جانب سے باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو شاندار صحافتی خدمات پر اعزازی شیلڈ

    مرکزی مسلم لیگ میڈیا سیل کی جانب سے باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو شاندار صحافتی خدمات پر اعزازی شیلڈ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی)مرکزی مسلم لیگ میڈیا سیل کی جانب سے باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو شاندار صحافتی خدمات پر اعزازی شیلڈ

    تفصیل کے مطابق پاکستان مرکزی مسلم لیگ میڈیا سینٹرل پنجاب کی جانب سے باغی ٹی وی کے نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو ان کی شاندار صحافتی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں ضلع ننکانہ صاحب میں پارٹی کی سرگرمیوں کی بھرپور اور مستند کوریج کرنے پر دیا گیا۔

    تقریب میں حافظ طلحہ سعید، تابش قیوم اور دیگر معزز مہمان موجود تھے جنہوں نے احسان اللہ ایاز کی غیر جانبدار اور پیشہ ورانہ رپورٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ صحافت کے میدان میں ایک مثبت مثال ہیں۔ اس موقع پر صحافتی حلقوں نے بھی احسان اللہ ایاز کو شیلڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

  • بابا گورونانک یونیورسٹی کی جانب سے باغی ٹی وی کے نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو صحافتی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفیکیٹ

    بابا گورونانک یونیورسٹی کی جانب سے باغی ٹی وی کے نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو صحافتی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفیکیٹ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی)بابا گورونانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کی جانب سے باغی ٹی وی کے نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو ان کی اعلیٰ صحافتی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز یونیورسٹی میں جاری دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے دوران دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق احسان اللہ ایاز کو کانفرنس اور یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی ایونٹس کی مؤثر، ذمہ دارانہ اور مثبت کوریج پر سراہا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، اور پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی و ڈائریکٹر ORIC، نے دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ انہیں تعریفی سرٹیفیکیٹ پیش کیا۔

    یونیورسٹی انتظامیہ نے اس موقع پر کہا کہ میڈیا اور صحافی طبقہ علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اور احسان اللہ ایاز نے اپنے پیشہ ورانہ رویے اور بروقت رپورٹنگ کے ذریعے مثبت صحافت کی بہترین مثال قائم کی ہے۔

    ننکانہ صاحب اور گرد و نواح کے صحافتی حلقوں نے احسان اللہ ایاز کو یہ اعزاز ملنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور اسے نوجوان صحافیوں کے لیے حوصلہ افزا سنگِ میل قرار دیا۔

  • بابا گورونانک یونیورسٹی میں اپلائیڈ سائنسز و ٹیکنالوجی کی بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر

    بابا گورونانک یونیورسٹی میں اپلائیڈ سائنسز و ٹیکنالوجی کی بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورونانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں تین روزہ دوسری انٹرنیشنل کانفرنس برائے اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (ICAST-2025) شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ بین الاقوامی علمی اجتماع فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں محققین، ماہرین تعلیم اور صنعت سے وابستہ شخصیات نے سائنسی علوم، اختراعات اور پائیدار ترقی کے لیے بین الشعبہ جاتی تعاون پر تفصیلی مباحثے کیے۔

    کانفرنس کے دوران بابا گورونانک یونیورسٹی اور تین بین الاقوامی جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں ریجب طیب اردوان یونیورسٹی (ترکی)، انسٹیٹیوٹ آف مالیکیولر بایولوجی اینڈ بایو ٹیکنالوجیز (آذربائیجان)، اور جانکری کاراتے کن یونیورسٹی (ترکی) شامل ہیں۔ ان معاہدوں کا مقصد عالمی علمی روابط کو فروغ دینا، مشترکہ تحقیقی منصوبوں کا آغاز، اور فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے کے پروگرامز کے ذریعے علمی و تحقیقی تعاون کو وسعت دینا ہے۔

    کانفرنس میں پانچ ممالک کے سات ممتاز بین الاقوامی مقررین نے کلیدی خطابات کیے جبکہ 12 ممالک کے محققین نے آن لائن شرکت کی۔ پاکستان کی 31 جامعات سے 200 سے زائد اسکالرز نے ذاتی طور پر شرکت کرتے ہوئے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔ تین روزہ اجلاس میں کلیدی و تکنیکی سیشنز، پوسٹر و ماڈل نمائشیں، اور سائنسی مباحثوں کے ذریعے علم و تحقیق کے تبادلے کے بھرپور مواقع فراہم کیے گئے۔

    پائیدار ماحول کے فروغ کے لیے کانفرنس کے دوران بابا گورونانک یونیورسٹی کے زیر تعمیر مرکزی کیمپس میں شجرکاری تقریب بھی منعقد ہوئی، جہاں بین الاقوامی مقررین نے پودے لگا کر ماحول دوست ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔ اسی طرح پنجاب کی ثقافتی روایات کو اجاگر کرنے کے لیے ثقافتی شام کا اہتمام کیا گیا جس میں قوالی، مشاعرہ اور ڈھول کی پرفارمنسز نے شرکاء کو محظوظ کیا اور ملکی و غیر ملکی مہمانوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیا۔

    اختتامی اجلاس میں بین الاقوامی مقررین نے بابا گورونانک یونیورسٹی کی انتظامیہ، منتظمین اور طلبہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس نے بین الاقوامی سطح پر علمی روابط کو ایک نئی جہت دی ہے۔ مقررین نے طلبہ کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم اور اسکالرشپس کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب بھی دی۔

    ووٹ آف تھینکس میں پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، اور پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی و ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن، نے تمام مقررین، محققین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی و بین الاقوامی سطح پر تحقیقی تعاون کو فروغ دینا ہی علمی ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کا اصل ذریعہ ہے۔

    یہ کانفرنس بابا گورونانک یونیورسٹی کے اس عزم کی واضح عکاسی کرتی ہے کہ وہ تحقیق، اختراع اور بین الاقوامی علمی روابط کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ یہ ایونٹ نہ صرف ملکی و غیر ملکی جامعات کے مابین تعلقات کو مضبوط بناتا ہے بلکہ نئی نسل کے محققین کو جدید سائنسی و تکنیکی چیلنجز کے پائیدار حل تلاش کرنے کی تحریک بھی فراہم کرتا ہے۔

  • ننکانہ صاحب: بابا گورونانک یونیورسٹی میں دوسری انٹرنیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کانفرنس ICAST-2025 کا آغاز

    ننکانہ صاحب: بابا گورونانک یونیورسٹی میں دوسری انٹرنیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کانفرنس ICAST-2025 کا آغاز

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گورونانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں تین روزہ دوسری انٹرنیشنل کانفرنس برائے اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (ICAST-2025) کا باقاعدہ افتتاح ہو گیا۔ کانفرنس کا عنوان "علمی ہم آہنگی سے مستقبل کی تعمیر: پائیدار ترقی میں مصنوعی ذہانت کا کردار” رکھا گیا۔ یہ کانفرنس فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے جس کا مقصد بین الشعبہ جاتی تحقیق کو فروغ دینا، سائنسی اختراعات کی حوصلہ افزائی کرنا اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پائیدار ترقی کے امکانات کو اجاگر کرنا ہے۔

    کانفرنس میں پانچ ممالک کے سات بین الاقوامی ماہرین بشمول پروفیسر ڈاکٹر یوسف توتر، پروفیسر ڈاکٹر وولکان ایوپوگلو (ترکی)، ڈاکٹر اولکار ابراہیمووا (آذربائیجان)، پروفیسر ڈاکٹر لائی نگت شن (ملائیشیا)، ڈاکٹر شوکی آدم (ترکی)، ڈاکٹر سیماب کنول (تھائی لینڈ) اور ڈاکٹر محمد اصغر (سویڈن) نے کلیدی خطابات پیش کیے۔ اس کے علاوہ 12 سے زائد ممالک کے محققین نے آن لائن شرکت کی جبکہ پاکستان کی 31 جامعات سے 200 سے زائد محققین و طلبہ نے ذاتی طور پر شرکت کی۔

    افتتاحی اجلاس میں رجسٹرار بابا گورونانک یونیورسٹی و پیٹرن آف ICAST-2025 جناب مبشر طارق نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی عالمی سطح پر تحقیق و تعاون کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے منتظمین اور فیکلٹی اراکین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے علمی اجتماعات پاکستان کے تحقیقی منظرنامے کو مضبوط بناتے ہیں۔

    پرنسپل آرگنائزر اور ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد نے کہا کہ تحقیق اور جدت ہی ایک سائنسی و پائیدار مستقبل کی بنیاد ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی و ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینڈ انوویشن نے کانفرنس کے مختلف سیشنز اور تحقیقی موضوعات کا تعارف پیش کیا اور ملکی و غیر ملکی محققین کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔

    پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل، سابق و بانی وائس چانسلر بابا گورونانک یونیورسٹی نے کہا کہ اس نوعیت کی عالمی کانفرنسز سے پاکستان میں سائنسی تحقیق اور علمی روابط کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور اپلائیڈ سائنسز کا امتزاج موسمیاتی تبدیلی، صحت عامہ اور صنعتی ترقی جیسے عالمی چیلنجز کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

    پروفیسر ڈاکٹر ریاض الحق طارق، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا نے کہا کہ مختلف علوم کے درمیان تعلق پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ تحقیق کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

    رکن صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے اپنے خطاب میں کہا کہ بابا گورونانک یونیورسٹی سائنسی و تعلیمی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور اس طرح کی بین الاقوامی کانفرنسز پاکستان کے علمی تشخص کو اجاگر کر رہی ہیں۔

    کانفرنس کے آئندہ دو روز میں مختلف تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے، موضوعاتی سیشنز منعقد ہوں گے اور شرکاء اپلائیڈ سائنسز و مصنوعی ذہانت کے ذریعے پائیدار ترقی کے لیے نئے امکانات تلاش کریں گے۔

  • ننکانہ صاحب: گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول میں دو نئے کمروں کا افتتاح کر دیا گیا۔

    ننکانہ صاحب: گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول میں دو نئے کمروں کا افتتاح کر دیا گیا۔

    ننکانہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز کی رپورٹ) گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول چک نمبر 6 رام نگر میں دو نئے کمروں کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور سی ای او تعلیم شازیہ بانو نے شرکت کی۔ 11 لاکھ 92 ہزار روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا گیا۔ مقامی افراد، سکول سٹاف اور المنائی نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔ نئے کمروں کی تعمیر سے 80 طلباء کے بیٹھنے کی اضافی گنجائش پیدا ہو گئی ہے۔

    اس موقع پر سکول میں پنجابی کلچرل ڈے بھی منایا گیا۔ طالبات نے رنگا رنگ اسٹالز لگائے، ثقافتی لباس زیب تن کیا اور ہاتھوں پر مہندی لگائی۔ بچیوں نے اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ اشیاء سے پنجاب کی روایات کو اجاگر کیا۔

    افسران نے کلاسز کا دورہ کر کے تعلیمی ماحول، تدریسی معیار اور طلبہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ افسران کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی تعلیم کے فروغ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔