Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • بابا گورو نانک یونیورسٹی کا ترکی کی چانکری کراٹے کین یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یو اور ایراسمس تعاون معاہدہ

    بابا گورو نانک یونیورسٹی کا ترکی کی چانکری کراٹے کین یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یو اور ایراسمس تعاون معاہدہ

    ننکانہ صاحب باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب نے ترکی کی چانکری کراٹے کین یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) اور ایراسمس تعاون معاہدہ پر دستخط کرکے بین الاقوامی علمی و تحقیقی تعاون کی جانب ایک اہم قدم بڑھا دیا ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد تعلیمی معیار میں بہتری، تحقیق کے نئے مواقع کی فراہمی اور پائیدار عالمی روابط کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

    معاہدے پر رجسٹرار مسٹر مبشر طارق اور پروفیسر ڈاکٹر مولود کراتاش (ریکٹر، چانکری کراٹے کین یونیورسٹی) نے دستخط کیے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول (ڈائریکٹر ORIC) اور پروفیسر ڈاکٹر وولکان ایوپوغلو نے بطور گواہ شرکت کی۔
    تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد (ڈین، فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی) سمیت اساتذہ و عملے کی بڑی تعداد موجود تھی، جس سے اس شراکت کی ادارہ جاتی اہمیت مزید واضح ہوئی۔

    ایراسمس تعاون فریم ورک کے تحت پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول اور ڈاکٹر شعیب توران کو دونوں جامعات کے درمیان فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔ وہ:

    مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی
    فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلہ پروگراموں
    ادارہ جاتی روابط کی مضبوطی
    کے امور کی نگرانی کریں گے۔

    رجسٹرار مبشر طارق نے کہا کہ:”یہ شراکت داری بابا گورو نانک یونیورسٹی کے عالمی علمی نیٹ ورک کو وسعت دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ ہم اپنے طلبہ و اساتذہ کو بین الاقوامی تحقیق، تربیت اور علمی تبادلوں کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔”

    پروفیسر ڈاکٹر مولود کراتاش نے کہا کہ:
    "یہ تعاون علمی بہتری اور بین الاقوامی روابط کے فروغ کے ہمارے مشترکہ عزم کی مضبوط تعبیر ہے۔ ہم تحقیق اور تعلیمی تبادلوں کے ایک نئے دور کے آغاز کے منتظر ہیں۔”
    اس معاہدے کے تحت دونوں جامعات کے درمیان:
    اکیڈمک و اسٹاف موبلٹی
    مشترکہ تحقیقی منصوبے
    تربیتی پروگرام
    طویل المدتی ادارہ جاتی شراکت داری
    کو فروغ ملے گا، جس سے بابا گورو نانک یونیورسٹی کے عالمی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور مستقبل میں بین الاقوامی تعاون کے نئے در وا ہوں گے۔

  • واربرٹن: اوزان و پیمائش میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،ڈی او انڈسٹریز

    واربرٹن: اوزان و پیمائش میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،ڈی او انڈسٹریز

    واربرٹن (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالغفار چوہدری)ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز ننکانہ صاحب عمر اکرم نے واضح کیا ہے کہ اوزان و پیمائش میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب ذیشان شبیر رانا کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ آفیسر عمر اکرم کی سربراہی میں اسسٹنٹ انسپکٹر ویٹس اینڈ میئرز ایاز احمد نے غلہ منڈی واربرٹن میں کمیشن شاپس کے کنڈا جات کا معائنہ کیا۔

    کارروائی کے دوران دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر کنڈا جات کی جانچ کی جائے، اور اگر پیمانے میں کمی پائی گئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ انسپکٹر ایاز احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوزان و پیمائش میں کمی کرنے والے عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پیمانہ کم کرنے والے کمیشن شاپس مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، دکانیں سیل کی جائیں گی اور چالان عدالت میں بھیجے جائیں گے۔

  • ننکانہ صاحب ایجوکیشن اسکینڈل: کروڑوں روپے کی خوردبرد، انکوائری رپورٹ دبادی گئی!

    ننکانہ صاحب ایجوکیشن اسکینڈل: کروڑوں روپے کی خوردبرد، انکوائری رپورٹ دبادی گئی!

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب میں مالی سال 2024-25 کے دوران کروڑوں روپے کے فنڈز میں مبینہ خوردبرد، بجٹ میں ٹیمپرنگ اور SAP سسٹم میں جعلی اندراجات کے سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق شہری محمد عالم کی شکایت پر 3 اپریل 2025 کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) نے انکوائری افسر مقرر کیا، جنہوں نے 20 مئی 2025 کو اپنی رپورٹ میں واضح کیا کہ فنڈز میں غبن، بجٹ کتاب میں تبدیلیاں اور SAP میں جعلی اندراجات کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق نان سیلری بجٹ میں غیر قانونی تبدیلیاں کی گئیں اور بعض اشیاء صرف کاغذوں میں خریدی گئیں۔ حیرت انگیز طور پر، رپورٹ جمع ہونے کے باوجود فائل ڈپٹی کمشنر آفس میں دبادی گئی اور کسی بھی افسر کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔

    انکوائری رپورٹ میں موجودہ سی ای او شازیہ بانو, سابق سی ای او احسن فرید اور سٹینوگرافر محمد اظہر کے کردار کو مشکوک قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شازیہ بانو نے بطور پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر اخراجات کی رپورٹ چھپائی، جبکہ محمد اظہر کئی سالوں سے غیر قانونی طور پر ایجوکیشن آفس ننکانہ صاحب میں تعینات ہیں۔

    عوامی حلقے اور درخواست دہندہ محمد عالم نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری اور ڈی جی اینٹی کرپشن سے مطالبہ کیا ہے کہ دبائی گئی فائلوں کو بازیاب کر کے ذمہ دار افسران کے خلاف شفاف تحقیقات اور فوری کارروائی کی جائے تاکہ تعلیم کے نام پر آنے والے فنڈز عوامی مفاد میں استعمال ہو سکیں۔


  • بابا گرو نانک یونیورسٹی میں آٹھویں بین الاقوامی پنجابی کانفرنس

    بابا گرو نانک یونیورسٹی میں آٹھویں بین الاقوامی پنجابی کانفرنس

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گرو نانک یونیورسٹی (BGNU) کے شعبہ پنجابی نے لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی (LCWU) کے شعبہ پنجابی کے اشتراک سے آٹھویں بین الاقوامی پنجابی کانفرنس کا انعقاد کیا، جس کا موضوع "زبان، ادب، فن اور ثقافت” تھا۔

    کانفرنس میں قومی و بین الاقوامی سطح کے نامور ماہرینِ لسانیات اور اہلِ علم نے شرکت کی۔ معزز مہمانوں میں ڈاکٹر سرب جیت سنگھ (آسٹریلیا)، ڈاکٹر ترنجیت سنگھ (امریکہ)، پروفیسر ڈاکٹر مجاہدہ بٹ (چیئرپرسن شعبہ پنجابی، LCWU) اور ڈاکٹر صائمہ بتول (اسسٹنٹ پروفیسر، LCWU) شامل تھیں۔

    شعبہ پنجابی کے انچارج ڈاکٹر غضنفر حسین نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کو خوش آمدید کہا اور پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ میں ان کی شمولیت کو سراہا۔ کانفرنس سے خطاب میں ماہرین نے زور دیا کہ پنجابی زبان، ادب اور ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ کے لیے مسلسل کاوشیں ناگزیر ہیں تاکہ یہ زبان عالمی سطح پر اپنی پہچان برقرار رکھ سکے۔

    تقریب کے دوران ڈاکٹر غضنفر حسین کے 25 ویں ناول "81% موت، 19% محبت” کی رونمائی بھی کی گئی۔ بابا گرو نانک یونیورسٹی کے رجسٹرار مبشر طارق نے ناول کا سرِ عنوان فاش کرتے ہوئے ڈاکٹر غضنفر حسین کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے معزز مہمانوں، خصوصاً پروفیسر ڈاکٹر مجاہدہ بٹ کا شکریہ ادا کیا اور LCWU کے ساتھ علمی اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک یونیورسٹی پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ کے لیے ایسے علمی و تحقیقی تعاون کو جاری رکھے گی۔

    کانفرنس کے اختتام پر شعبہ پنجابی کے طلبہ و طالبات نے پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے ثقافتی اسٹال پیش کیا، جس میں پنجاب کے روایتی فن، لباس اور طرزِ زندگی کی جھلک دکھائی گئی۔

    آٹھویں بین الاقوامی پنجابی کانفرنس نے علمی و ثقافتی سطح پر ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا، جس کے ذریعے ماہرینِ تعلیم و ادب نے پنجابی زبان کے فروغ، ادب کی نئی جہتوں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ پر مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

  • واربرٹن: تجاوزات کے خلاف کارروائی، 5 دکانیں سیل، 80 ہزار روپے جرمانہ

    واربرٹن: تجاوزات کے خلاف کارروائی، 5 دکانیں سیل، 80 ہزار روپے جرمانہ

    واربرٹن (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالغفار چوہدری)ٹی سی او میونسپل کمیٹی واربرٹن میاں مبین نے تجاوزات کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 دکانیں سیل اور 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی کمشنر ننکانہ تسلیم اختر راو کی ہدایت پر سی او میاں مبین نے اپنے عملے کے ہمراہ دکانوں کے باہر رکھے گئے کاؤنٹر اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔

    میونسپل کمیٹی کے سی او میاں مبین نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت کے واضح احکامات ہیں کہ تجاوزات کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر دکاندار کو اپنی حدود کے اندر رہ کر کاروبار کرنا ہوگا اور دکان کے باہر سامان رکھ کر فروخت کرنا ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • ننکانہ صاحب: اوزان و پیمائش میں کمی کسی صورت برداشت نہیں، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز

    ننکانہ صاحب: اوزان و پیمائش میں کمی کسی صورت برداشت نہیں، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی. عبدالغفار چوہدری)ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز ننکانہ صاحب عمر اکرم نے کہا ہے کہ اوزان و پیمائش میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق، ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب ذیشان شبیر رانا کی ہدایات پر عمر اکرم نے ضلع بھر کے مختلف پٹرول پمپس کے پیمانے چیک کیے۔ دورانِ چیکنگ کئی پٹرول پمپس پر پیمانہ کم پایا گیا، جنہیں وارننگ دیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ اب روزانہ کی بنیاد پر پیمانے چیک کیے جائیں گے۔

    ڈسٹرکٹ آفیسر نے واضح کیا کہ آئندہ پیمانے میں کمی پائے جانے پر سخت کارروائی کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والے پٹرول پمپس کو سیل کر کے چالان عدالت میں بھیجے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کسی کو عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • ننکانہ صاحب: صحافیوں اور ضلعی انتظامیہ نے بابا گورو نانک تقریبات کو پاکستان کی پہچان بنا دیا

    ننکانہ صاحب: صحافیوں اور ضلعی انتظامیہ نے بابا گورو نانک تقریبات کو پاکستان کی پہچان بنا دیا

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی مقدس تقریبات کو ننکانہ صاحب کے صحافیوں اور ضلعی انتظامیہ نے اپنی محنت، خلوص اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے پاکستان کی پہچان بنا دیا۔

    ان تقریبات کے دوران ننکانہ صاحب کے محبِ وطن صحافیوں نے جس عزم اور دیانتداری کے ساتھ سچائی، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر مبنی رپورٹنگ کی، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جانے کے قابل ہے۔

    آپریشن بیان المرصوص کے بعد پاکستان کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے کے باوجود، ننکانہ صاحب کے با صلاحیت میڈیا نمائندوں نے اپنی مثبت رپورٹنگ اور مؤثر نشریات کے ذریعے پاکستان کا پرامن، روادار اور مہمان نواز چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔

    دنیا بھر سے آئے، خصوصاً بھارت سے تشریف لانے والے سکھ یاتریوں کے تاثرات اور ان کے چہروں پر جھلکتی خوشی کو جس خوبصورتی سے میڈیا نے اُجاگر کیا، وہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور امن دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ کوریج نہ صرف ایک میڈیا کامیابی ثابت ہوئی بلکہ پاکستان کے عزت و وقار میں بھی اضافہ کا باعث بنی۔

    ان تقریبات کی کامیابی میں ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کا کردار بھی قابلِ فخر رہا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے اپنی انتھک محنت، بہترین حکمتِ عملی اور اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں سے یہ تقریبات محفوظ، منظم اور یادگار بنائیں۔ ان کی قیادت اور ٹیم ورک نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔

    اسی طرح پسِ پردہ رہ کر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے والے افسران، عملہ اور پی آر او ضلعی پولیس وقاص خالد چوہدری اور پی آر او ضلعی انتظامیہ چوہدری تصور احمد کی خدمات بھی لائقِ تحسین ہیں، جنہوں نے میڈیا کو درست، فوری اور مؤثر معلومات فراہم کر کے مثبت صحافت کو فروغ دیا۔

    جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان / یو کے کے صدر سمیع اللہ عثمانی نے کہا کہ”ننکانہ صاحب کے صحافیوں نے فرنٹ لائن کے سپاہیوں کی طرح پاکستان کے دفاع میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے دشمنوں کے پراپیگنڈے کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا اور پوری دنیا کو بتایا کہ پاکستان امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کی سرزمین ہے۔”

    انہوں نے مزید کہا کہ وہ ننکانہ صاحب کی صحافتی برادری، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور معاون افسران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے مل کر پاکستان کا اصل اور مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ“یہ روشنی جو ننکانہ صاحب کی مقدس مٹی سے اُٹھی ہے، ہمیشہ پاکستان کے وقار کو بلند رکھے گی۔”

  • ننکانہ صاحب: بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر، بھارتی سکھ یاتری سچا سودا کے لیے روانہ

    ننکانہ صاحب: بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر، بھارتی سکھ یاتری سچا سودا کے لیے روانہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں۔ بھارت سے آئے سکھ یاتری سخت سکیورٹی حصار میں اپنی اگلی منزل سچا سودا کے لیے روانہ ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے بھارتی مہمانوں کو الوداع کیا۔

    ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق بھارتی سکھ یاتری 13 نومبر تک پاکستان کے مختلف گوردوارہ جات میں اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ اس موقع پر بھارتی سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان، حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پنجاب میں جو احترام اور محبت ملی، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔

    بھارتی یاتریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ننکانہ صاحب کو ایک انٹرنیشنل سٹی بنا دیا ہے۔ شہر میں نئی سڑکوں کی تعمیر، موٹروے تک بہتر رسائی، پودوں کی شجرکاری اور خوبصورت لائٹنگ سے شہر کی رونقیں دوبالا ہوگئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے لنگر، رہائش، علاج معالجے، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے۔ بھارتی سکھ یاتریوں نے روانگی کے موقع پر کہا کہ “ننکانہ صاحب ہمارا اپنا گھر ہے، یہاں سے جانے کو دل نہیں کرتا۔ پاکستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے، جہاں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ پاکستانی قوم نے اپنی مہمان نوازی سے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔”

  • باباگورو نانک 556ویں جنم دن تقریبات اختتام، شاندار آتشبازی سے آسمان رنگین

    باباگورو نانک 556ویں جنم دن تقریبات اختتام، شاندار آتشبازی سے آسمان رنگین

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات گوردوارہ جنم استھان میں ارداس اور بھوگ کی رسم کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔

    اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی خصوصی شرکت، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود رہے۔

    تقریبات کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔ سکھ یاتری انتہائی خوش و خرم نظر آئے، جبکہ ننکانہ صاحب کی عوام بھی چھتوں پر جمع ہو کر آتشبازی کا خوبصورت نظارہ کرتی رہیں۔

    دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری آج صبح سچا سودا (فیصل آباد) کی یاترا کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کرتے ہوئے یاتریوں کے لیے سکیورٹی اور سفری سہولیات کو یقینی بنایا ہے۔

  • ننکانہ صاحب: گرو نانک 556ویں جنم دن کی دعائیں، نگر کیرتن اور اختتامی آتشبازی

    ننکانہ صاحب: گرو نانک 556ویں جنم دن کی دعائیں، نگر کیرتن اور اختتامی آتشبازی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی ،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات آج اپنے آخری روز گوردوارہ جنم استھان میں جاری ہیں۔ دعائیہ تقریب میں وفاقی و صوبائی وزراء، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب سمیت اعلیٰ حکام کی خصوصی شرکت ہے۔ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے بھی بھرپور حصہ لیا، جو مذہبی ہم آہنگی کی عظیم مثال کی حیثیت رکھتا ہے۔

    دعائیہ تقریب کے بعد گوردوارہ جنم استھان سے گوردوارہ کیارہ صاحب تک نگر کیرتن نکالا جائے گا، جس میں تمام سکھ یاتری شریک ہوں گے۔ مسلمانوں کی جانب سے نگر کیرتن کے لیے 2 کلومیٹر طویل ریڈ کارپٹ بچھایا گیا ہے، جو ہر سال سکھ قوم کے لیے تحفہ میں دیا جاتا ہے۔ یہ روایت مذہبی رواداری اور باہمی احترام کی خوبصورت عکاسی کرتی ہے۔

    نگر کیرتن کے لیے صفائی ستھرائی، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ روٹ پر جانے والے راستوں کو خاردار تاروں سے بند کر دیا گیا، سیف سٹی کیمروں سے کڑی مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ عمارتوں پر کمانڈوز تعینات ہیں۔ سکھ یاتری شہر کے ساتوں گوردواروں کی یاترا مکمل کر کے شام تک گوردوارہ جنم استھان واپس پہنچیں گے۔

    آج رات 12 بجے بھوگ کی رسم اور اختتامی دعا کے ساتھ 556ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر ہو جائیں گی۔ تقریبات کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، جو تقریب کی رونق کو مزید بڑھائے گا۔