Baaghi TV

Category: پشاور

  • ڈی آئی خان،دہشتگردوں کا ناکہ،فوجی افسر کے نہ رکنے پر فائرنگ

    ڈی آئی خان،دہشتگردوں کا ناکہ،فوجی افسر کے نہ رکنے پر فائرنگ

    ڈیرہ اسماعیل خان،این ۔50 شاہراہ پر تحصیل درابن کے علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے فوجی افسر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں افسر زخمی ہو گئے۔

    واقعہ گاؤں نیو گڑہ خان کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم دہشت گردوں نے ایک فوجی افسر کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔سیاہ ویگو گاڑی میں سوار فوجی افسر کوئٹہ سے اسلام آباد کی جانب سفر کر رہے تھے کہ راستے میں دہشت گردوں نے سڑک پر عارضی چیک پوسٹ،رکاوٹ قائم کر کے گاڑی روکنے کی کوشش کی۔ گاڑی نہ روکنے پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود فوجی افسر زخمی ہو گئے۔زخمی ہونے والے افسر کی شناخت میجر مشتاق مروت کے نام سے ہوئی ہے، جو ای ایم ای کوئٹہ میں تعینات ہیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ زخمی افسر کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

  • وزیراعلی خیبرپختونخوا کے منشیات فروشوں سے روابط کے اہم شواہد سامنے آگئے

    وزیراعلی خیبرپختونخوا کے منشیات فروشوں سے روابط کے اہم شواہد سامنے آگئے

    وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے منشیات فروشوں سے روابط کے اہم شواہد سامنے آگئے

    16 دسمبر 2025 کو وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے سینٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا،دورہ سیکیورٹی سسٹم کے افتتاح کے نام پر کیا گیا، اصل مقاصد مختلف نکلے۔ جیل دورے کی منصوبہ بندی سی ایم کے قریبی ساتھیوں نے کی، ذرائع کے مطابق وزیراعلی کے فرنٹ مین ہادی آفریدی اور خرم خان دورے کے مرکزی کردارہیں،خرم خان جیلوں کو سامان سپلائی کرنے والی “سیونتھ سیز” کمپنی کے شیئر ہولڈر نکلے، کمپنی پر نیلامی کے عمل میں ہیرا پھیری کے سنگین الزامات ہیں،خرم خان 9 مئی کے قیدیوں کو موبائل فون فراہم کرنے میں بھی ملوث رہے،پشاور جیل میں بدنام منشیات فروش صدیق اور عبدالخالق آفریدی قید ہیں ،یہ دونوں منشیات فروش سہیل آفریدی کے بڑے الیکشن فنانسر رہے ہیں،صدیق آفریدی نے انتخابی مہم پر مبینہ طور پر 5 کروڑ خرچ کیے، وزیرِ اعلیٰ کے بھائی عامر آفریدی نے قیدی عبدالخالق کے لیے جیل حکام پر دباؤڈالا،

    سہیل آفریدی نے 9 مئی کے قیدیوں سے ملاقات کا مطالبہ کیا،ملاقات میں صدیق اور عبدالخالق آفریدی کو بھی شامل کیا گیا،دونوں مجرمان افتتاحی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ موجودتھے،وزیرِ اعلیٰ نے صدیق اور عبدالخالق کی پیرول پر رہائی کا مطالبہ کیا،افتتاحی تقریب سابق وزیرِ اعلیٰ کے دور کے میں کئے جا چکے تھے،جیل حکام نے دورے کی کوئی سفارش نہیں کی تھی۔

  • خیبرپختونخوا کی کابینہ کا اجلاس کل طلب

    خیبرپختونخوا کی کابینہ کا اجلاس کل طلب

    پشاور، خیبرپختونخوا کی کابینہ کا اجلاس کل صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔

    اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا، جہاں صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ ساتھ متعلقہ سرکاری اہلکار بھی شرکت کریں گے،کابینہ کے اجلاس میں صوبے کے اہم امور، ترقیاتی منصوبوں اورسرکاری پالیسیوں پرغورکیا جائے گا اس موقع پر متعلقہ حکومتی محکموں کے سربراہان کو بھی شرکت کیلئے دعوت نامے ارسال کئے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں تعلیمی، صحت اورترقیاتی شعبوں میں پیش رفت، بجٹ اورآئندہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، وزیراعلیٰ سہیل افریدی اجلاس کے دوران صوبے کے عوام کیلئے مختلف پروگراموں اوراقدامات کا جائزہ لیں گے اورکابینہ ممبران کو ہدایات جاری کریں گے تاکہ ترقیاتی منصوبے وقت پر مکمل کئے جا سکیں۔

  • لنڈی کوتل: چار بھائیوں کی پریس کانفرنس، چھوٹے بھائی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا

    لنڈی کوتل: چار بھائیوں کی پریس کانفرنس، چھوٹے بھائی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)لنڈیکوتل کے علاقے شلمان سے تعلق رکھنے والے چار بھائیوں حاجی یار محمد، حاجی خان محمد، لعل محمد اور رسول خان نے لنڈیکوتل پریس کلب رجسٹرڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے چھوٹے بھائی نور محمد ولد غلام محمد سکنہ لوئے شلمان شنیلو سے باضابطہ طور پر لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔

    پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ نور محمد کے غلط چال چلن اور لین دین کے باعث انہیں شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مزید نقصان برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے، اسی لیے آج کے بعد اگر کوئی بھی شخص نور محمد ولد غلام محمد سکنہ لوئے شلمان شنیلو کے ساتھ کسی قسم کا لین دین کرتا ہے تو اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے اور اس کی کوئی ذمہ داری ان چاروں بھائیوں پر عائد نہیں ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے متعلق متعلقہ اداروں کو بھی تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا تاکہ آئندہ نور محمد کے غلط چال چلن یا کسی بھی قسم کے مالی معاملات کی ذمہ داری ان پر نہ ڈالی جائے۔

  • اگر تمام صوبے مل کر ترقی کریں تو پاکستان عظیم بن سکتا ہے،وزیراعظم شہباز شریف

    اگر تمام صوبے مل کر ترقی کریں تو پاکستان عظیم بن سکتا ہے،وزیراعظم شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل قوم کے ہیروز اور معمار ہیں اور پاکستان کی ترقی کی کنجی بھی نوجوانوں میں مضمر ہے-

    وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام دہشتگردی کے خلاف نبردآزما ہیں اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ملک میں امن و امان قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں، تاریخ آپ کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور افواج پاکستان نے 6 اور10 مئی کی جنگ میں بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو وہ کبھی نہیں بھولے گا،10 مئی کی فتح قوم کی دعاؤں اورافواج پاکستان کی بہادری کا نتیجہ تھی جس نے پاکستان کوعالمی سطح پرعزت دلائی، وزیراعظم نے تعلیم کے شعبے میں بھی کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ پورے خیبر پختونخوا میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے اورملک بھر سے میرٹ کے اصول پراعلیٰ ٹریننگ کیلئے نوجوانوں کو زرعی شعبے میں مواقع فراہم کیے جائیں گے نوجوان نسل قوم کے ہیروز اور معمار ہیں اور پاکستان کی ترقی کی کنجی بھی نوجوانوں میں مضمر ہے،بطور وزیراعلیٰ پنجاب وہ 600 بچوں کو چینی زبان سکھانے کے لیے بھی بھیج چکے ہیں اور تمام صوبوں سے بچوں کو تعلیم کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا عمل جاری رہے گا۔

    وزیراعظم نے ہری پورکے لیے بھی کئی ترقیاتی اقدامات کا اعلان کیا ان میں دانش اسکول کے قیام، خواتین کے لیے علیحدہ کیمپس، پل کی تعمیراورمعیاری تعلیم کی فراہمی شامل ہے پاکستان میکرو لیول پر مستحکم ہے اوراب اسے ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانا ہے شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ چیلنجز قبول کریں اور آگے بڑھیں کیونکہ پاکستان جادو ٹونے سے نہیں بلکہ محنت، بھائی چارے اوراتحاد سے ترقی کرے گا۔

    وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے مشترکہ تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر تمام صوبے مل کر ترقی کریں تو پاکستان عظیم بن سکتا ہے عسکری میدان میں جس طرح افواج آگے بڑھیں اسی طرح معاشی اور تعلیمی شعبوں میں بھی سب کو آگے بڑھنا ہوگا انہوں نے ماہم بتول کے حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ خیبر پختونخوا کے کلچر کا احترام بھی ہماری ذمہ داری ہے، اقدامات میں تعلیم، انفراسٹرکچر، خواتین کی ترقی اور نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا شامل ہے جس سے صوبے اور ملک کی ترقی میں تیزی آئے گی۔

  • ناقص کارکردگی پرلیڈی ریڈنگ اسپتال کا ڈائریکٹر  عہدے سے فارغ

    ناقص کارکردگی پرلیڈی ریڈنگ اسپتال کا ڈائریکٹر عہدے سے فارغ

    پشاور: لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ڈائریکٹر کو ناقص کارکردگی پر فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ڈائریکٹر کی برطرفی کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معائنے کے دوران مریضوں کی دیکھ بھال اور انتظامی امور تشویش ناک حد تک کمزور پائے گئےوزیراعلیٰ کی ہدایت پر پیڈز ایمرجنسی کے سربراہ کو معطل کر کے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری شروع کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے کیونکہ نوزائیدہ بچوں اور ایمرجنسی مریضوں کی نگہداشت میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے،صوبائی حکومت نے صحت کے شعبے میں ناقص کارکردگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کا اعادہ کیا ہے۔

    اس سے قبل رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے دورہ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے دوران ایک ڈاکٹر کو پروٹوکول کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے تاہم بعد ازاں اسپتال انتظامیہ نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

  • میرے دور کے تمام منصوبے آج بھی جاری ہیں، علی امین گنڈاپور

    میرے دور کے تمام منصوبے آج بھی جاری ہیں، علی امین گنڈاپور

    پاکسان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گورنر پنجاب سے ملاقات پر افواہوں کو بلاجواز پروپیگنڈا قرار دیا-

    ڈیرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف فسطائیت آج کی نہیں ہے بلکہ ایک عرصے سے جاری ہے اور عمران خان ناحق قید اور جھوٹے و جعلی مقدمات کا سامنا ہےعمران خان کو انصاف نہیں مل رہا، آئین اور قانون کا مذاق بنایا جا رہا ہے، ان تمام غیر جمہوری اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، اگر فیملی ملاقات طے ہے تو عمران خان سے ملاقات کرائی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی میرا بھائی ہے اور اب وہ وزیراعلیٰ ہے، میرے دور کے تمام منصوبے آج بھی جاری ہیں،جب تک زندہ ہوں تحریک انصاف کے ساتھ رہوں گا، میں کسی سے نہیں ڈرتا، اگر کہیں جاؤں گا تو خود بتاؤں گا میلے میں یوسف رضا گیلانی اور گورنر پنجاب سے ملاقات پر بلاجواز پروپیگنڈہ کیا گیا، پروپیگنڈہ اور ڈرامے چھوڑ کر عوام کی خدمت پر توجہ دی جائے،میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔

  • وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اشتہاری قرار

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اشتہاری قرار

    اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور 2 دیگر صوبائی وزرا کو اشتہاری قرار دے دیا،

    وزیراعلیٰ سہیل آفریدی صوبائی وزراء مینا خان، شفیع جان، امجد علی اور اقبال آفریدی کے بھی اشتہار شائع ہو گئے ۔ پانچوں ملزمان کوسی ٹی ڈی اسلام آباد کے 2 مقدمات میں اشتہاری قرار دیا گیا،ملزمان کو اشتہارکے ذریعے 30 روز کےاندرعدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ 30 دن پیش نہ ہوئے تو قانونی کارروائی کی جائے گی

    میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی اور دیگر افراد کے خلاف 26 نومبر 2024 کو ہونے والے احتجاج کے معاملے میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے،تحریک انصاف کے تقریباً 80 فیصد اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی پر اسلام آباد میں مقدمات قائم ہیں۔ پی ٹی آئی کے 70 ایم پی ایز اسلام آباد پولیس کو مطلوب ہیں۔ مقدمات 18 مختلف تھانوں میں 2022 سے نومبر 2024 تک درج کیے گئے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اسلام آباد پولیس کو 11 مقدمات میں مطلوب ہیں، سہیل آفریدی پر7 اے ٹی اے، پولیس اہلکاروں پر حملے کے مقدمات درج ہیں۔ سب سے زیادہ 52 ایف آئی آرز سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کیخلاف درج ہیں

  • پشاور:سی ٹی ڈی کی کارروائی،3 دہشتگرد ہلاک 2 فرار

    پشاور:سی ٹی ڈی کی کارروائی،3 دہشتگرد ہلاک 2 فرار

    پشاور:محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا نے پشاور میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی ہدایات پر مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جارہے ہیں جن کے تسلسل میں آج ایک مصدقہ اطلاع پر سی ٹی ڈی پشاور نے کامیاب کارروائی کے دوران 3 نامعلوم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ سی ٹی ڈی کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ تھانہ متنی کی حدود میں اضاخیل روڈ خون بابا قبرستان کے قریب چند شرپسند عناصر کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کے لیے موجود ہیں جس پر سی ٹی ڈی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز نے کارروائی کی،کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس پر پولیس نے دفاع میں جوابی فائرنگ کی جس سے 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ دو دہشت گرد فرار ہوگئے،علاقے کی تلاشی کے دوران 3 دہشت گردوں کی لاشیں ملیں، ان کے زیرقبضہ 3 عدد کلاشنکوف اور 9 عدد میگزین بھی برآمد کی گئی ہیں۔

    انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کے جوانوں کو شاباش دی ہے اور کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیےشرپسند عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز قابل تحسین ہیں اور ان آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

  • وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا سنٹرل جیل دورہ، جدید سیکیورٹی سسٹم کا افتتاح

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا سنٹرل جیل دورہ، جدید سیکیورٹی سسٹم کا افتتاح

    پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سنٹرل جیل کا دورہ کیا اور 44 کروڑ روپے لاگت سے مکمل کئے گئے جدید سیکیورٹی سسٹم کا افتتاح کیا۔

    وزیراعلیٰ نے صوبے کی تمام جیلوں میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی خصوصی معافی کا اعلان کیا اورسنٹرل جیل پشاور میں قیدیوں کی سہولیات بہتر بنانے کیلئے دو کروڑ روپے مختص کرنے کا بھی اعلان کیا،انہوں نے قیدیوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ڈیجیٹل کمپلینٹ سیل قائم کرنے کی ہدایت بھی دی اور صوبے کے تمام جیلوں کی سولرائزیشن کا اعلان کرتے ہوئے قیدیوں کے لئے جدید سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔

    جیل میں اسپتال کے قیام کے ساتھ کم عمر لڑکوں اور خواتین کیلئے علیحدہ خصوصی سیلزقائم کیے جائیں گے تاکہ قیدیوں کو بہتراورمحفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے،سہیل آفریدی نے کہا کہ جیل کا مقصد صرف سزا نہیں بلکہ اصلاح بھی ہے تاکہ قیدی بہتراورمفید شہری بن کرباہر نکلیں،ان اقدامات کے ذریعے قیدیوں کی رہائش، سہولیات اوراصلاحی پروگراموں کو جدید اندازمیں بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو صوبے کی جیل نظام میں ایک مثبت تبدیلی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔