Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • وائرل ویڈیو کے بعد ’’چاچا ہیلمٹ‘‘ کو آخرکار فِٹ ہیلمٹ مل گیا

    وائرل ویڈیو کے بعد ’’چاچا ہیلمٹ‘‘ کو آخرکار فِٹ ہیلمٹ مل گیا

    پسرورس (باغی ٹی وی،وقاص اسلم سے) سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد شہرت پانے والے ’’چچا ہیلمٹ‘‘ بالآخر اپنے ہیلمٹ کے مسئلے کا حل حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ چچا ہیلمٹ ہیلمٹ پہننے کی کوشش تو کرتے ہیں، تاہم وہ ان کے سر پر مکمل طور پر فِٹ نہیں ہو پاتا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے بھی کیے گئے۔

    اب یہ مسئلہ اس وقت حل ہوا جب ٹریفک پولیس اور سیالکوٹ کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت انور خواجہ، انور خواجہ انڈسٹری کی جانب سے چچا ہیلمٹ کو باقاعدہ طور پر مناسب سائز کا ہیلمٹ فراہم کر کے پہنایا گیا۔

    اس اقدام کو عوامی حلقوں میں خوب سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے مثبت اقدامات نہ صرف ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی کا باعث بنتے ہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    شہریوں نے ٹریفک پولیس اور انور خواجہ انڈسٹری کے اس سماجی اور فلاحی اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

  • سیالکوٹ: پولیس کا خونی کھیل پتنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، سینکڑوں پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: پولیس کا خونی کھیل پتنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، سینکڑوں پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ پولیس نے خونی کھیل پتنگ بازی میں ملوث مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ تھانہ کوٹلی سید امیر کے ایس ایچ او سب انسپکٹر کاشف علی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرحمان، سکنہ سیالکوٹ، کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 500 پتنگیں اور متعدد کیمیکل ڈوریں برآمد کی گئیں، جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں۔ انہوں نے اساتذہ اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ خطرناک کھیل اور غیر قانونی کاروبار کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈی پی او نے شہریوں کو ہدایت کی کہ پتنگ بازی کی اطلاع فوری طور پر 15 پر دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

    ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق سال 2025 کے دوران ضلع بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 431 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ کارروائیوں کے دوران 7 ہزار 359 پتنگیں، 751 کیمیکل ڈوریں اور چرخیاں برآمد کی گئیں۔

  • سیالکوٹ: شہری ہیلمٹ چوروں اور گراں فروشوں کے نشانے پر، ٹریفک مہم کے دوران شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ، وزیر اعلیٰ سے نوٹس کا مطالبہ

    سیالکوٹ: شہری ہیلمٹ چوروں اور گراں فروشوں کے نشانے پر، ٹریفک مہم کے دوران شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ، وزیر اعلیٰ سے نوٹس کا مطالبہ

    سیالکوٹ: (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ٹریفک اصلاحات کی آڑ میں ہیلمٹ چوری اور مصنوعی مہنگائی کا ایک نیا کاروبار چمک اٹھا ہے، جس نے موٹر سائیکل سواروں کو شدید ذہنی و مالی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے ہیلمٹ کے لازمی استعمال کے احکامات کے بعد جہاں ایک طرف قانون کی پاسداری کے لیے شہریوں کا رجحان بڑھا ہے، وہیں دوسری طرف سماج دشمن عناصر نے پارکنگ ایریاز اور مصروف بازاروں سے ہیلمٹ چوری کرنے کی وارداتیں تیز کر دی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف چوروں کا خوف ہے تو دوسری طرف دکانداروں نے ہیلمٹ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر کے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی خاموشی انتظامی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    عوامی حلقوں نے موجودہ صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری احکامات پر عملدرآمد کی کوشش میں شہری چوروں اور گراں فروشوں کے ہتھے چڑھ رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس ہیلمٹ چوری میں ملوث گروہوں کا سراغ لگائے اور انتظامیہ دکانوں پر چھاپے مار کر ہیلمٹ کی قیمتوں کو اعتدال پر لائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے قانون پر عمل کرنا ممکن ہو سکے۔ شہریوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ہیلمٹ کی سرکاری قیمت مقرر کرنے سمیت سکیورٹی کے مؤثر اقدامات کے احکامات جاری کریں تاکہ عوام کو اس دوہری مصیبت سے نجات مل سکے۔

  • سیالکوٹ میں سرکاری گاڑی کا مبینہ غلط استعمال، سالڈ ویسٹ کا لوڈر رکشہ ذاتی کاموں میں لگ گیا

    سیالکوٹ میں سرکاری گاڑی کا مبینہ غلط استعمال، سالڈ ویسٹ کا لوڈر رکشہ ذاتی کاموں میں لگ گیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ میں صفائی کے لیے مختص سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کچرا اٹھانے والا سرکاری لوڈر رکشہ مبینہ طور پر ذاتی آمد و رفت کے لیے استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جو سرکاری وسائل کے ناجائز استعمال کے زمرے میں آتا ہے۔

    شہریوں کے مطابق صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے فراہم کی گئی سرکاری گاڑیوں کا ذاتی مقاصد کے لیے استعمال نہ صرف قواعد کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے شہر کی صفائی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی گاڑیاں صفائی کے بجائے نجی استعمال میں رہیں گی تو گندگی میں اضافہ ہونا ناگزیر ہے۔

    شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور سرکاری گاڑی کے مبینہ غلط استعمال میں ملوث ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے استعمال کی کڑی نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ عوامی وسائل کا درست اور شفاف استعمال ممکن بنایا جا سکے۔

  • پسرور:ستو والی میں نئے سال کی تقریب، کیک کاٹا گیا

    پسرور:ستو والی میں نئے سال کی تقریب، کیک کاٹا گیا

    پسرور (نامہ نگار وقاص اسلم) سیالکوٹ کے نواحی گاؤں ستو والی میں نئے سال کے موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

    تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیت لیاقت سنیارہ نے خصوصی شرکت کی، جبکہ اٹلی سے معظم سنیارہ، سعودی عرب سے شیراز سنیارہ اور سلطان صاحب بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر وقاص اسلم (روزنامہ نوید پاکستان) کے علاوہ حسنین سنیارہ، وقاص سنیارہ، حسن سنیارہ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

    شرکاء نے نئے سال کی آمد پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دی اور دعا کی کہ نیا سال ملک پاکستان کے لیے ترقی، امن اور خوشحالی کا باعث ثابت ہو۔

  • ڈسکہ: سرانوالی سے ایک شخص کی لاش برآمد، پولیس کی تحقیقات جاری

    ڈسکہ: سرانوالی سے ایک شخص کی لاش برآمد، پولیس کی تحقیقات جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،نامہ نگار محمد وقاص اسلم) ڈسکہ میں تھانہ ستراہ کے علاقے سرانوالی سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت افتخار عرف کھاری ہنجرا کے نام سے ہوئی ہے جو کہ ویروالہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پنجاب پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا، تاہم ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ پولیس حکام کے مطابق موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا دائرہ شروع کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ طبعی موت ہے، زیادہ نشہ کرنے کا نتیجہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات کارفرما ہیں۔

  • پسرور: ڈی ایس پی مدثر صدیق کا موٹر سائیکل سواروں کے لیے اہم پیغام

    پسرور: ڈی ایس پی مدثر صدیق کا موٹر سائیکل سواروں کے لیے اہم پیغام

    پسرور (نامہ نگار وقاص اسلم)ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) مدثر صدیق نے موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر صورت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہیلمٹ صرف چالان سے بچنے کے لیے نہیں بلکہ اپنی قیمتی جان کی حفاظت کے لیے معیاری اور اچھی کوالٹی کا استعمال کیا جائے۔

    ڈی ایس پی مدثر صدیق کا کہنا تھا کہ معیاری ہیلمٹ سر پر شدید چوٹ اور حادثات کے سنگین خطرات سے بچاؤ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اس لیے تمام شہریوں کو چاہیے کہ وہ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی حفاظت کو بھی ترجیح دیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جن موٹر سائیکل سواروں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہے، وہ فوری طور پر اپنا لائسنس بنوائیں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت پیش کریں۔
    یہ پیغام ٹریفک حادثات میں اضافے کے پیش نظر جاری کیا گیا ہے، جو اکثر ہیلمٹ نہ پہننے اور قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی یہ کوشش قابل تحسین ہے۔

  • پسرور:قائداعظمؒ کی سالگرہ: سدرہ ستار کا فکری پیغام

    پسرور:قائداعظمؒ کی سالگرہ: سدرہ ستار کا فکری پیغام

    پسرور (باغی ٹی وی،نامہ نگار وقاص اسلم ) بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 25 دسمبر ہمارے قومی قائد کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اصولوں کی پابندی، نظم و ضبط اور محنت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی و معاشی محرومیوں کو بھانپتے ہوئے انہیں مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر متحد کیا اور انتھک جدوجہد کے ذریعے دنیا کے نقشے پر ایک ایسی آزاد ریاست تخلیق کی جہاں ہر شہری اپنے مذہب، ثقافت اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکے۔ سدرہ ستار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا قیام ایک ایسی فلاحی اور جمہوری ریاست کے لیے عمل میں لایا گیا تھا جہاں قانون کی بالادستی ہو اور اقلیتوں، بالخصوص مسیحی برادری سمیت تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہو۔

    انہوں نے موجودہ ملکی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی، ناانصافی اور انتشار نے ہمیں قائد کے اصل وژن سے دور کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل مایوسی اور بے سمتی کا شکار ہو رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ قائداعظمؒ کا نوجوانوں کے لیے ہمیشہ یہی پیغام رہا کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں، دیانتداری اختیار کریں اور ملک کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ 25 دسمبر کے دن کی اصل روح تقاضا کرتی ہے کہ ہم محض الفاظ کی حد تک نہیں بلکہ عملی طور پر قائد کے سنہری اصولوں "ایمان، اتحاد اور تنظیم” کو اپنائیں، کیونکہ قائد کے پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ بنانے کا یہی واحد راستہ ہے اور یہی ان سے سچی عقیدت کا اظہار ہو گا۔

  • سیالکوٹ: کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے خصوصی انتظامات، چراغاں، صفائی اور سیکیورٹی یقینی بنا دی گئی، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی

    سیالکوٹ: کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے خصوصی انتظامات، چراغاں، صفائی اور سیکیورٹی یقینی بنا دی گئی، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر کرسمس کے موقع پر مسیحیوں کی عبادت گاہوں میں چراغاں اور واشنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ شہر میں کرسمس بازار بھی قائم کر دیے گئے ہیں جہاں آٹے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

    انہوں نے یہ بات جناح ہال قلعہ میں ایس ڈبلیو ایم سی کے ورکرز کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سی او میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو، ایم ڈی ایس ڈبلیو ایم سی کاشف نواز رندھاوا اور مسیحی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے بتایا کہ کرسمس کے موقع پر صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ قائداعظم کے پاکستان میں تمام مذاہب کو مساوی شہری حقوق حاصل ہیں اور ہر شہری اپنے عقیدے کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی برادری کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔

  • پی ٹی آئی رہنما عمر ڈار  احتجاجی ریلی کے دوران گرفتار

    پی ٹی آئی رہنما عمر ڈار احتجاجی ریلی کے دوران گرفتار

    سیالکوٹ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما عمر ڈار کو سیالکوٹ میں احتجاجی ریلی کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔

    پی ٹی آئی رہنما عمر ڈار کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سنائی گئی سزا کے خلاف سیالکوٹ میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے گرفتار کیا گیاعمر ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر گرفتاری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جعلی اور جھوٹی سزا کے خلاف آواز اٹھانے پر ان کے بیٹے عمر ڈار کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاری کسی ایک فرد کے خلاف نہیں بلکہ ہر اس آواز کے خلاف ہے جو جعلی فیصلوں، جھوٹے مقدمات اور مسلط کردہ نظام کو چیلنج کرے، جب عدالتوں کے فیصلے کمزور ہوں، دلائل ختم ہو جائیں اور سچ سے خوف پیدا ہو جائے تو پھر ہتھکنڈے، گرفتاریا ں اور دھمکیاں ہی آخری سہارا رہ جاتی ہیں-

    ریحانہ ڈار نے کہا کہ ظلم کے خلاف احتجاج کو بغاوت قرار دیا جا رہا ہے لیکن یاد رکھیں کہ کارکنوں کو گرفتار کرنے سے تحریکیں دفن نہیں ہو سکتیں، یہ ظلم جتنا بڑھاؤ گے، اس کے خلاف مزاحمت اتنی ہی مضبوط ہوگی وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے تھے، آج بھی کھڑے ہیں اور ہر قیمت پر کھڑے رہیں گے۔