Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • پمز میں جو کچھ ہوا وہ صرف اور صرف کرپشن کی وجہ سے ہوا ،خواجہ آصف

    پمز میں جو کچھ ہوا وہ صرف اور صرف کرپشن کی وجہ سے ہوا ،خواجہ آصف

    سیالکوٹ (عارف محمود سے)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے سوشل سکیورٹی ہسپتال، ڈسکہ روڈ سیالکوٹ کی ری ویمپنگ اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق، رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتحار اور گلناز شجاعت، اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام طارق سبحانی، نوید اشرف، رانا عارف ہرنہ، شکیلہ آرتھر، سیکرٹری سوشل سیکیورٹی دانش افتحار، کمشنر پیسی ڈاکٹر ذوالفقار کھرل، ڈی جی لیبر سیدہ کلثوم، گروپ لیڈر اتحاد فاؤنڈر شیخ ریاض الدین، مزدور نمائندگان اور میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال کی اپ گریڈیشن سیالکوٹ کے فیکٹری ورکرز اور ان کے خاندانوں کے لئے انتہائی اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں لاکھوں لوگوں کا روزگار فیکٹریوں اور صنعتی شعبے سے وابستہ ہے، اس لئے مزدوروں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پاکستان کا واحد شہر ہے جو عالمی سطح پر اپنی شناخت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی صنعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس لئے صنعتی کارکنوں کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔
    خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے خلاف منظم طریقے سے اقدامات کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ایسا ناسور ہے جو پورے ملک میں سرایت کر چکا ہے، اس کے خلاف جنگ میں کردار ادا کرنا ہم سب کا اولین فرض ہے۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ پمز میں جو کچھ ہوا ہے وہ صرف اور صرف کرپشن کی وجہ سے ہوا کیونکہ وہاں لوگوں نے مال کمانے کو مقصد بنا لیا تھا اور کرپشن کا ایک گٹھ جوڑ قائم ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کو بچانا مقصد ہونا چاہئے تھا، مگر وہاں کرپشن اور جیبیں بھرنے کو ترجیح دی گئی اور پمز میں پیش آنے والے واقعات ہمارے لئے خطرے کی گھنٹی ہیں۔وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ اڑھائی سال کے دوران صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ حکومت صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں کینسر کے علاج کی سہولت میں اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ سیالکوٹ میں 500 بستروں پر مشتمل ڈسٹرکٹ ہسپتال میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جہاں ہاٹ سرجری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ کے لئے وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

    صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب مزدوروں اور صنعتی کارکنوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سوشل سکیورٹی ہسپتال کی اپ گریڈیشن اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتی برادری اور محنت کش طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ فیکٹری ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی جدید، معیاری اور بروقت سہولیات میسر ہوں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مزدوروں کی فلاح و بہبود اور انہیں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سوشل سکیورٹی کے اداروں کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
    انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود دراصل ملکی معیشت کی مضبوطی ہے اور حکومت صنعتی کارکنوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

  • اینٹی کرپشن سیالکوٹ کا  ریڈ،  انسپکٹر 40 ہزار روپے رشوت سمیت گرفتار

    اینٹی کرپشن سیالکوٹ کا ریڈ، انسپکٹر 40 ہزار روپے رشوت سمیت گرفتار

    سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو سے
    سیالکوٹ: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سیالکوٹ نے کرپشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کامیاب ٹریپ ریڈ میں EPA کے انسپکٹر کو مبینہ طور پر 40 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ امجد شہزاد کی ہدایات پر سرکل آفیسر اینٹی کرپشن سیالکوٹ رانا مبشر علی نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کارروائی کی۔کارروائی کے دوران شاہد محمود ڈوگر، انسپکٹر EPA سیالکوٹ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے رشوت کی رقم 40 ہزار روپے کے نشان زدہ نوٹ برآمد کر لیے گئے۔اینٹی کرپشن سیالکوٹ نے ملزم کے خلاف FIR نمبر 35/2026 درج کرلی ہے۔ مقدمہ دفعہ 161 تعزیرات پاکستان اور دفعہ 5(2)47 انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔

    حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

  • نارووال میں افسوسناک حادثہ، لڑکی بس کے نیچے آ کر جاں بحق

    نارووال میں افسوسناک حادثہ، لڑکی بس کے نیچے آ کر جاں بحق

    نارووال میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک لڑکی بس کے نیچے آ کر جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق لڑکی ایک گاڑی میں سوار تھی کہ محلے کے دو لڑکوں نے مبینہ طور پر اس کا پیچھا کیا اور اسے زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اسی دوران وہ بس کے نیچے آ گئی اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔واقعے کے بعد دونوں مبینہ ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی تلاش جاری ہے اور اس سلسلے میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔

  • ڈائریکٹر ائیر سیال سیٹھ سلیمان کی عمرہ  سے واپسی پر دوستوں سے ملاقات

    ڈائریکٹر ائیر سیال سیٹھ سلیمان کی عمرہ سے واپسی پر دوستوں سے ملاقات

    سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو سے ،ڈائریکٹر ائیر سیال سیٹھ سلیمان کی عمرہ کی سعادت حاصل کر کے وطن واپسی پر بٹ کڑاہی وی مال برانچ سیالکوٹ میں ایک پروقار اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کی معروف سماجی، کاروباری اور میڈیا شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں مہمانوں کو حجازِ مقدس سے لائے گئے تبرکات بھی پیش کیے گئے۔تقریب کے دوران مختلف شخصیات نے سیٹھ سلیمان کو عمرہ کی سعادت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی عبادات کی قبولیت اور مزید خیر و برکت کی دعائیں کیں۔

    سیالکوٹ انفارمیشن کے سی ای او مدثر رتو نے بھی سیٹھ سلیمان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمرہ ایک عظیم روحانی نعمت ہے، اللہ تعالیٰ سیٹھ سلیمان کی عبادات، دعاؤں اور حاضری کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، عزت، رزق میں مزید برکت عطا کرے اور بار بار بیت اللہ اور روضۂ رسول ﷺ کی حاضری نصیب فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ سیٹھ سلیمان نہ صرف کامیاب کاروباری شخصیت ہیں بلکہ سماجی خدمات اور لوگوں سے محبت کے جذبے کی وجہ سے بھی ہر دلعزیز ہیں۔ ان کی وطن واپسی پر منعقدہ یہ محبت بھری تقریب باہمی اخوت اور بھائی چارے کی خوبصورت مثال ہے۔تقریب کے اختتام پر میزبان سیٹھ سلیمان نے تمام معزز مہمانوں میں حجازِ مقدس سے لائے گئے خصوصی تبرکات تقسیم کیے اور بٹ کڑاہی کے لذیذ کھانوں سے شرکاء کی تواضع کی، جس پر تمام شرکاء نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

  • سیالکوٹ: آزاد کشمیر اسمبلی کے حلقہ LA-36 جموں 3 میں کل پولنگ، سکیورٹی سخت

    سیالکوٹ: آزاد کشمیر اسمبلی کے حلقہ LA-36 جموں 3 میں کل پولنگ، سکیورٹی سخت

    سیالکوٹ،مدثر رتو سے، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے سلسلے میں حلقہ LA-36 جموں 3 میں 2 اگست کو پولنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوگا اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔حلقہ LA-36 جموں 3 میں مجموعی طور پر 13 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 99 ہزار 772 ہے۔ ان میں 57 ہزار 857 مرد اور 41 ہزار 915 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔انتخابی عمل کے لیے حلقے میں مجموعی طور پر 140 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 17 مردانہ، 17 خواتین اور 106 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ووٹنگ کے لیے مجموعی طور پر 265 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔سیاسی حلقوں کے مطابق اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد حسن رضا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار احسن اسماعیل کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، تاہم دیگر امیدوار بھی انتخابی دوڑ میں موجود ہیں۔

    دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس نے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 1,900 سے زائد پولیس اہلکار، افسران اور ایلیٹ فورس کے جوان ڈیوٹی انجام دیں گے تاکہ پولنگ کا عمل شفاف، محفوظ اور پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔

  • سینئر ممبر وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم کا دورہ سیالکوٹ، نالوں کی صفائی پر انکوائری کا حکم

    سینئر ممبر وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم کا دورہ سیالکوٹ، نالوں کی صفائی پر انکوائری کا حکم

    سینئر ممبر وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم ثاقب علی عتیل کا سیالکوٹ کا دورہ، اربن فلڈنگ انتظامات کا جائزہ، محکمہ اریگیشن کے نالوں کی صفائی پر انکوائری کا حکم دے دیا

    سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو کی رپورٹ کے مطابق، سینئر ممبر وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم ثاقب علی عتیل نے ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق کے ہمراہ اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ثاقب علی عتیل نے محکمہ اریگیشن کے زیر انتظام نالوں کی صفائی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا اور غفلت ثابت ہونے پر کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام اداروں کو مشینری، افرادی قوت اور ہنگامی پلان مزید مؤثر بنانے، جبکہ مخدوش عمارتوں کا سروے، ویکسین کی دستیابی اور دیگر حفاظتی اقدامات فوری مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے

    سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو سے،
    دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیالکوٹ میں ہونے والی اوسطاً 174 ملی میٹر بارش کے دوران واسا سیالکوٹ نے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شہزاد بارش کے دوران مسلسل فیلڈ میں موجود رہے اور نکاسی آب کے عمل کی خود نگرانی کرتے رہے۔

    ہنگامی آپریشن کے دوران چرچ روڈ، مجاہد روڈ، شہاب پورہ، عالم چوک، سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال روڈ، خادم علی روڈ، دارہ آرائیاں، کچہری چوک سمیت شہر کے 18 نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی بروقت اور مکمل نکاسی یقینی بنائی گئی، جس کے بعد تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی اور معمولات زندگی بحال ہو گئے۔
    کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ بارشی پانی کی جلد از جلد نکاسی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے جبکہ واسا کی ڈی واٹرنگ مشینیں، ہیوی مشینری اور فیلڈ ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی تمام شکایات پر فوری کارروائی کی گئی اور متعلقہ ٹیموں نے ہر مقام پر بروقت رسپانس فراہم کیا۔
    ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے واسا، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مربوط حکمت عملی، مؤثر مانیٹرنگ اور بروقت اقدامات کی بدولت بارش کے باوجود شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا اور ہنگامی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ انہوں نے شہریوں کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔

  • ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ کا سیالکوٹ کا دورہ

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ کا سیالکوٹ کا دورہ

    اربن فلڈنگ، ممکنہ سیلابی صورتحال اور رسپانس میکانزم کا جائزہ ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم، نالہ بھیڈ اور ہیڈ مرالہ کا دورہ ، شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح، محکمے الرٹ رہیں ، ڈی جی پی ڈی ایم اے کی گفتگو

    سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو سے
    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عمر عباس میلہ نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور حالیہ بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رانا صفدر بشیر، ایم ڈی واسا فیصل شہزاد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو بھی موجود تھے۔
    ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ضلعی اداروں کی تیاری، ریسپانس میکانزم اور بارشوں کے دوران کئے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ، بروقت ردعمل اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
    بعد ازاں انہوں نے پیرس روڈ اور شیل چوک پر نالہ بھیڈ کا معائنہ کیا اور بارشی پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صبح سے شام چار بجے تک سیالکوٹ شہر میں 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر اداروں کی بروقت کارروائی کے باعث نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ نالہ بھیڈ میں پانی کی سطح قابو میں رہی، جس میں واسا کی جاری ڈی سلٹنگ مہم نے اہم کردار ادا کیا۔
    ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے کہا کہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے مکمل الرٹ رہیں، فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جائے۔
    انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی، دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ، ایمرجنسی مشینری کی فعالیت اور بین المحکماتی رابطہ ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
    بعد ازاں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہیڈ مرالہ کا دورہ کیا جہاں انہیں دریائے چناب میں پانی کی آمد و اخراج، کیچمنٹ ایریاز میں بارشوں کی صورتحال اور آئندہ دنوں کی پیشگوئی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ہیڈ مرالہ پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دریائے چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح بتدریج بلند ہو رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں، دریائی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں۔

  • لوگ تبدیلی چاہتے، ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کریں گے،دانیال عزیز،مزمل ہاشمی

    لوگ تبدیلی چاہتے، ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کریں گے،دانیال عزیز،مزمل ہاشمی

    لاہور( )آزاد کشمیر انتخابات میں حلقہ ایل اے 37 جموں فورنارووال سے مرکزی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے امیدوار عثمان علیم کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں لوہارہ میں‌منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتےہوئے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عوام ظلم، ناانصافی اور فرسودہ سیاسی نظام کے خلاف اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے متحد ہو چکے ہیں،جلسہ میں لوہارہ اور گردونواح سے عوام کی بڑی تعداد کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کرنے کے لیے تیار ہیں،2 اگست کو کرسی کی جیت ان شاء اللہ یقینی ہے

    لوہارہ میں منعقدہ جلسہ عام میں شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور عثمان علیم کے حق میں‌نعرے لگائے، انتخابی جلسہ سے سابق وفاقی وزیر چوہدری دانیال عزیز،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، پیر سید اعجاز الحسن شاہ، چوہدری محمود ،عرفان مہیس،عثمان علیم و دیگر نے خطاب کیا،دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عوام ووٹ کی طاقت سے مخالفین کو سیاسی شکست دیں، مخالفین کا نعرہ “اک واری فیر شیر” نہیں بلکہ “اک واری فیر فارم 47” ہے،پہلے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے، مگر اب نہ مقدمات بن رہے ہیں اور نہ ہی فارم 47 میسر آ رہا ہے، اس لیے مخالفین پانی کے بغیر مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں ، نارووال میں ترقی کے دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے،یہ کہتے ہیں کہ تمام راستے محفوظ ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ احسن اقبال کے شہر نارووال میں 2026 میں بھی لوگ کشتیوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں ،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ دانیال عزیز نے نارووال شہر میں بڑی تبدیلی کا آغاز کیا ہے، حقیقت بات یہ ہے کہ جس طرح نارووال کے لوگوں نے ہمیشہ آگے بڑھ کا ملک کا دفاع کیا اسی طرح نارووال سے ہی تبدیلی کا آغاز ہوا، تبدیلی آ کر رہے گی، عوام کا راج ہو گا، عوام جاگے گی ،آگے بڑھے گی تو حالات بدلیں گے ،نارووال کے کاغذی شیر 2 اگست کو کہیں نظر نہیں آئیں گے،پیر سید اعجاز الحسن شاہ، چوہدری محمود ،عرفان مہیس،عثمان علیم و دیگر کا کہنا تھا کہ اب عوام باشعور ہو چکی ہے اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرے گی۔ ایل اے 37 جموں فور نارووال میں عوام بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کرے گی ،عثمان علیم کی کامیابی کے لئے عوام کو جوش و خروش قابل تحسین ہے،2 اگست کو کرسی پر مہر لگا کر عثمان علیم کو کامیاب کروائیں اور خدمت کی سیاست کو یقینی بنائیں،

  • جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے نامزد امیدوار عثمان علیم کی انتخابی  مہم عروج پر

    جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے نامزد امیدوار عثمان علیم کی انتخابی مہم عروج پر

    مرکزی مسلم لیگ نارووال کے زیرِ اہتمام آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ LA-37 جموں 4 (نارووال،شکرگڑھ) سے جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے نامزد امیدوار عثمان علیم کے انتخابی مہم عروج پر ہے، کارنر میٹنگز،جلسوں کا سلسلہ جاری ہے، برادریاں عثمان علیم کی مسلسل حمایت کا اعلان کر رہی ہیں، مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدرحافظ طلحہ سعید، سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز بھی انتخابی مہم کے دوران جلسوں، کانفرنسوں سے خطاب کر رہے ہیں

    نارووال میں انتخابی مہم کے دوران جلسہ سے مرکزی مسلم لیگ کے نائب‌صدر حافظ طلحہ سعید، سابق وفاقی وزیر چوہدری دانیال عزیز،رکن پنجاب اسمبلی محمود احمد سنگراں،امیدوار عثمان سلیم، صدر مرکزی مسلم لیگ گوجرانوالہ ڈویژن شیخ محمد فیاض،ندیم رحیم چوہدری،چوہدری امجد اسلام ،چوہدری خرم مجید مینگڑی،چوہدری زاہد اقبال،عرفان مہیش و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفادات کے خلاف جانے والوں کو مسترد کرنے کا عوام کو حق حاصل ہے، خدمت کی سیاست کرنے والوں کو کامیاب کروائیں گے تو علاقے میں خدمت کا کام مزید بڑھے گا لیکن اگر فارم 47 والے اقتدار میں آ گئے تو عوام کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہو گا، دیانت، خدمت اور عوامی فلاح کی سیاست کو فروغ دینے کے لیے مرکزی مسلم لیگ کے امیدواروں کا بھرپور ساتھ دیں۔تمام اہلِ علاقہ انتخابات میں “کرسی” کے نشان پر مہر لگا کر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار عثمان علیم کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔

  • ناران جاتے ہوئے گاڑی کھائی میں جا گری، دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

    ناران جاتے ہوئے گاڑی کھائی میں جا گری، دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

    سیالکوٹ سے ناران کی سیر کے لیے جانے والے ایک ہی خاندان کا خوشیوں بھرا سفر المناک حادثے میں تبدیل ہو گیا۔ بالاکوٹ کے قریب شدید بارش کے باعث گاڑی پھسل کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو کھائی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد میتیں آبائی شہر سیالکوٹ روانہ کر دی گئیں۔حادثے کی خبر ملتے ہی جاں بحق افراد کے گھروں میں کہرام مچ گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مسلسل بارش کے باعث سڑک پھسلن زدہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا، تاہم متعلقہ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
    رپورٹ، مدثر رتو،سیالکوٹ