Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، لہائی بازار سے تجاوزات کا خاتمہ

    سیالکوٹ میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، لہائی بازار سے تجاوزات کا خاتمہ

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرمدثر رتو) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا کی زیر نگرانی انٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے لہائی بازار میں آپریشن کرتے ہوئے مستقل اور عارضی تجاوزات کو ہٹا دیا۔

    اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تجاوزات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور اس ضمن میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا سامان اپنی دکانوں تک محدود رکھیں، بصورت دیگر سامان بحق سرکار ضبط کر لیا جائے گا، جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی اور مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی ریڑھیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کی انٹی انکروچمنٹ اسپیشل ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں، جبکہ بازاروں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ کی جا سکیں۔

  • سیالکوٹ: ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ گرفتار

    سیالکوٹ: ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ گرفتار

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) پولیس نے ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان، نقدی، موٹر سائیکلیں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ہیڈ مرالہ سب انسپکٹر خاور الطاف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گینگ کو گرفتار کیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں محمد عمران عرف مانو ولد قاسم علی (مسن کالر، کالا شاہ کاکو، شیخوپورہ)، رمضان عرف جانو ولد مقصود احمد (جاجو پور، پسرور، سیالکوٹ)، اور غلام عباس عرف فانا ولد بابر حسین (رنگپور سروچیاں) شامل ہیں۔ یہ گینگ شہر میں ڈکیتی اور چوری کی 29 وارداتوں میں ملوث تھا۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ 80 ہزار روپے نقدی، 4 عدد موٹر سائیکلیں، سرجیکل کا سامان، پانی کی الیکٹرک موٹر، 2 بیٹریاں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا 30 بور کے 2 پسٹل بمعہ متعدد گولیاں برآمد کر لیں۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے تمام افسران و اہلکاروں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا ڈسکہ دورہ، ہسپتال اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا ڈسکہ دورہ، ہسپتال اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ڈسکہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور اسپیشل ایجوکیشن سینٹر کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران افسران اور اسٹاف کی حاضری چیک کی گئی جبکہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا، جہاں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا مشاہدہ کیا گیا۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ صفائی اور دیگر بلدیاتی خدمات کو مزید بہتر بنایا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے خاص طور پر کھلے مین ہولز پر فوری توجہ دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ کوئی مین ہول کھلا نہ رہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا حادثے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • ڈسکہ: انجمن خدمتِ خلق  اجلاس، رمضان المبارک کے لیے فنڈ ریزنگ کی اپیل

    ڈسکہ: انجمن خدمتِ خلق اجلاس، رمضان المبارک کے لیے فنڈ ریزنگ کی اپیل

    ڈسکہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک عمران) انجمن خدمتِ خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا 751 واں ماہانہ اجلاس زچہ بچہ اسپتال میں زیر صدارت میاں سعید احمد صراف منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ عبد الغفار نے حاصل کی جبکہ نعتِ رسول مقبولؐ انوار احمد سیال نے پیش کی۔

    جنرل سیکرٹری محمد انور مغل نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پیش کی، جسے توثیق کے بعد منظور کر لیا گیا۔ فنانس سیکرٹری انور احمد سیال نے آمدن و اخراجات کی رپورٹ دی، جسے بحث کے بعد منظوری دے دی گئی۔ سیکرٹری نشریات سہیل سلمان ٹھروہی نے اخباری تراشے پیش کیے، جن پر ان کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

    صدر میاں سعید احمد صراف نے رمضان المبارک کی آمد کے پیشِ نظر تمام ممبران سے فنڈ ریزنگ کی اپیل کی۔ اجلاس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اور انتظامیہ سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی درخواست کی گئی۔

    جنرل سیکرٹری نے ممبران کو ماہ میں کم از کم ایک یا دو بار اسپتال کا دورہ کرنے اور وہاں کے انتظامات کا جائزہ لینے کی تلقین کی۔ اجلاس کے اختتام پر انوار سیال کے بھائی سجاد ناز کی صحتیابی اور ادارے کے سرپرستِ اعلیٰ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ حافظ عبدالغفار کی دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

  • سیالکوٹ: رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں اے ایس آئی گرفتار

    سیالکوٹ: رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں اے ایس آئی گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) اینٹی کرپشن ٹیم کی بڑی کارروائی، شاکر نامی شہری سے 40 ہزار روپے رشوت لینے والا اے ایس آئی عرفان رنگے ہاتھوں گرفتار، نشان زدہ نوٹ برآمد کر کے ملزم کو ہتھکڑی لگا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں اینٹی کرپشن سرکل افسر ملک ندیم منور اور سول جج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی عرفان کو رشوت لیتے ہوئے موقع پر گرفتار کر لیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم نے شاکر نامی شہری سے گاڑی کی سپرداری کے بعد 40 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔

    سی او اینٹی کرپشن ملک ندیم کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کر کے اسے فوری ہتھکڑی لگا دی گئی۔ گرفتار اے ایس آئی کو مزید تفتیش کے لیے تھانہ اینٹی کرپشن منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • سیالکوٹ: مراکش کے سفیر کا چیمبر آف کامرس کا دورہ، تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور

    سیالکوٹ: مراکش کے سفیر کا چیمبر آف کامرس کا دورہ، تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور

    سیالکوٹ,باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد قارمون نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کا دورہ کیا، جہاں صدر چیمبر اکرام الحق نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    اس موقع پر اکرام الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان قریبی تعلقات ہیں، جنہیں مزید مستحکم کرنے کا وقت آ چکا ہے۔ انہوں نے تجارتی وفود کے تبادلوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیاسی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔

    مراکش کے سفیر محمد قارمون نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستانی خصوصاً سیالکوٹ کا باسمتی چاول دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ چیمبر کی دستاویزی فلم "سیالکوٹ دی سٹی آف پروگریسو پیپل” میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    اجلاس کے اختتام پر صدر چیمبر اکرام الحق نے معزز مہمان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی، نائب صدر عمر خالد، اعجاز اے کھوکھر، میاں محمد خلیل، اعجاز غوری اور بزنس کمیونٹی کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔

  • سیالکوٹ: پنجاب اربن لینڈ سسٹمز پراجیکٹ کے تحت زمین کی تقسیم کا آغاز

    سیالکوٹ: پنجاب اربن لینڈ سسٹمز پراجیکٹ کے تحت زمین کی تقسیم کا آغاز

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہاسمنٹ پراجیکٹ کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 560 موضع جات میں زمین کی تقسیم کا عمل 30 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس دوران حکومت پنجاب کی جانب سے مشترکہ کھیوٹ کی تقسیم مالکان کی باہمی رضامندی سے کی جا رہی ہے، جس سے ملکیتی تنازعات اور قانونی پیچیدگیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹل نقشے سے منسلک کر کے محفوظ بنایا جائے گا، جس سے خاص طور پر خواتین کے وراثتی حقوق کا تحفظ یقینی ہوگا۔ انہوں نے یہ بات ریونیو افسران کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظفر مختار، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ زمین کی تقسیم کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں صرف آن لائن ونڈا جات کی تقسیم کی جا رہی ہے، جبکہ سٹی سروے کے لیے پرائیویٹ پارٹنرز ہائر کیے گئے ہیں جو لاجسٹک سپورٹ فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے سول کورٹس میں زیر التوا مقدمات میں نمایاں کمی آئے گی اور زمین سے متعلق تنازعات حل ہوں گے۔

  • سیالکوٹ: یوتھ پالیسی کی بنیاد شہباز شریف نے رکھی، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، رانا مشہود

    سیالکوٹ: یوتھ پالیسی کی بنیاد شہباز شریف نے رکھی، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، رانا مشہود

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جنہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں "ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ سمٹ اینڈ ایکسپو 2025” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی یوتھ پالیسی وزیراعظم شہباز شریف نے 2010 میں متعارف کروائی، جبکہ 10 لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کیے جا چکے ہیں، جس کی بدولت پاکستان انٹرپرینیورشپ کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔

    رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 1997 میں نواز شریف نے آپٹک فائبر متعارف کروایا، جس کے بعد پاکستان 1998 میں ایشین ٹائیگر بن چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے ریسرچ پر توجہ دینی ہوگی، حکومت یوتھ ڈویلپمنٹ اور تعلیمی اصلاحات کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میرٹ پر وائس چانسلرز تعینات کیے تاکہ طلبہ کی رہنمائی قابل اور اہل ہاتھوں میں ہو۔ ہر یونیورسٹی میں یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز کو فعال بنایا جا رہا ہے جبکہ 28 فروری کو "ڈیجیٹل حب پورٹل” کا افتتاح ہوگا، جس سے دنیا ایک کلک پر دستیاب ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم تمام ادارے متحد ہو کر نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر، مختلف ماہرین تعلیم، ای بزنس لیڈرز اور موٹیویشنل اسپیکرز نے بھی شرکت کی۔

  • کشمیری تنہا بھارت کی دس لاکھ فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں.مشعال ملک

    کشمیری تنہا بھارت کی دس لاکھ فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں.مشعال ملک

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) کشمیری رہنما مشعال ملک نے سیالکوٹ کی ایک نجی یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی دہشت گردی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور کشمیریوں کی لاشیں سڑکوں پر بکھری پڑی ہیں۔

    کشمیری تنہا بھارت کی دس لاکھ فوج کا مقابلہ کر رہے ہیںاپنے خطاب میں مشعال ملک نے کہا کہ ہماری قوم آپس کی لڑائیوں میں الجھی ہوئی ہے جبکہ کشمیری عوام بھارت کی دس لاکھ فوج کے ظلم و ستم کے خلاف تنہا برسرپیکار ہیں۔ انہوں نے کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر کشمیری شہیدوں کو نشانِ حیدر دیے جائیں، تب بھی وہ کم ہوں گے۔

    مشعال ملک نے بھارت سے آنے والے صحافیوں پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا کشمیریوں کی لاشیں اتنی سستی ہوگئی ہیں کہ کرکٹ کے لیے بھارت سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں؟۔ انہوں نے کشمیری تحریک کو ایک روحانی رشتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اگر کوئی واقعی روحانی طور پر آزاد ہے، تو وہ صرف کشمیری ہیں۔

    عوام سے بیداری کی اپیلاپنے خطاب کے اختتام پر مشعال ملک نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ جاگیں اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے آواز بلند کریں تاکہ ان پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

  • سیالکوٹ: علامہ اقبال یوتھ کانفرنس, "وطن سے پیار، منشیات سے انکار” کا کامیاب انعقاد

    سیالکوٹ: علامہ اقبال یوتھ کانفرنس, "وطن سے پیار، منشیات سے انکار” کا کامیاب انعقاد

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) پاکستان زندہ باد جرنلسٹ کونسل اور اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے اشتراک سے گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ میں علامہ اقبال یوتھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان "وطن سے پیار، منشیات سے انکار” تھا۔ اس تقریب کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی اور منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنا تھا۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر جنرل سکندر حیات تھے، جبکہ صدارت پرنسپل مرے کالج محمد نواز اور چیف آرگنائزر ملک محمد اقبال (مرکزی چیئرمین پاکستان زندہ باد جرنلسٹ کونسل) نے کی۔ اس موقع پر میجر نزیر (ANF)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمود نقاش جٹ (فوکل پرسن ANF) نے بھی خصوصی شرکت کی۔

    اس کانفرنس میں نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے، تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے اہم پیغامات دیے گئے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا وقت کی ضرورت ہے۔

    کانفرنس میں طلبہ، اساتذہ، صحافیوں، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اینٹی نارکوٹکس فورس اور پاکستان زندہ باد جرنلسٹ کونسل کی اس کاوش کو سراہا اور ایسے پروگراموں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر زور دیا۔

    یہ تقریب نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے، ان کے حوصلے بلند کرنے اور معاشرتی بہتری کی جانب عملی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔