Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • ایران آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کا مکمل سراغ لگانے میں ناکام ہے،امریکی میڈیا

    ایران آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کا مکمل سراغ لگانے میں ناکام ہے،امریکی میڈیا

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ سمندر بارودی سرنگوں کا سراغ لگانے میں دشواری آبنائے ہرمز کھولنے میں تاخیر کا سبب بن رہی ہیں-

    نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد ایران نے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے بے ترتیب انداز میں بارودی سرنگیں بچھائیں،امریکی حکام کے بقول ایران نے آبنائے ہرمز میں بچھائی گئیں ان بارودی سرنگوں کے درست مقامات کا ریکارڈ بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں رکھا جب کہ پانی کی لہروں کے باعث کچھ مائنز اپنی جگہ سے سرک یا بہہ گئیں،یہی وجہ ہے کہ ایران آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کا مکمل سراغ لگانے میں ناکام ہے اور ایرانی فورسز اسے ہٹانے کی فوری صلاحیت بھی نہیں رکھتیں۔

    امریکی حکام نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ زمینی بارودی سرنگوں کے برعکس بحری سرنگوں کی تنصیب اور پھر ان کو وہاں سے ہٹانا زیادہ مشکل عمل ہے جس میں مہارت اور صلاحیت درکار ہیں،امریکی حکام کے بقول بارودی سرنگیں نہ ہٹائے جانے کے باعث ہی تاحال آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدور فت بحال کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

  • پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی راستے تجارت کا آغاز

    پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی راستے تجارت کا آغاز

    پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی راستے سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    پاک ایران ٹرانزٹ کوریڈور کے تحت تجارتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا اور اس کوریڈورسے پاکستان سے پہلا برآمدی کنسائمنٹ بھی بھیج دیا گیا ہے ،ڈائریکٹو ر یٹ ٹرانزٹ ٹریڈ کسٹمز ثناءاللہ ابڑو نے نجی خبررساں ادارے کو بتایا کہ پہلی برآمدی کھیپ ریفریجریٹڈ ٹرکوں کے ذریعے ازبکستان تاشقند کے لیے منجمد گوشت بھیجا گیا ہے،پاکستان سے ٹرانزٹ کوریڈور کے ذریعے اشیا کے کنسائمنٹس گوادر، ایران کے راستے وسط ایشیائی ریاستوں تک پہنچایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس کوریڈور کے فعال ہونے سے پاکستان کی ناصرف معیشت کی نمو کی رفتار تیز ہوجائے گی بلکہ پاکستانی بندرگاہوں پر رش بھی بڑھ جائے گا، پاک ایران ٹرانزٹ کوریڈور کا عملی آغاز ٹی آئی آر کے تحت کیا گیا ہے اس ضمن میں ڈائریکٹوریٹ ٹرانزٹ ٹریڈ کسٹمز نے ٹی آئی آر کے طریقہ کار کو موثر بنا تے ہوئے ٹی آئی آر ٹرانزٹ کے لیے تافتان، رمدان، سوست، گوادر ودیگر اہم بارڈر کراسنگ پوائنٹس کو فعال کیا ہے۔

  • ملک بھر کے لیے موسمی صورتحال کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری

    ملک بھر کے لیے موسمی صورتحال کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی حالات ادارے کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ پیشگوئی کے عین مطابق ہیں، 12 سے 17 اپریل تک پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں مری، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گجرات اور میاں والی سمیت دیگر اضلاع میں 13 سے 17 اپریل تک بارشیں ہو سکتی ہیں،خیبرپختونخوا کے اضلاع سوات، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان اور ڈی آئی خان سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی توقع ہے،دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا جہاں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

    این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری سے کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔

    این ڈی ایم اے نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، گاڑیاں احتیاط سے چلانے اور طوفان کے دوران بجلی کی تنصیبات و کمزور عمارتوں سے دور رہنے کی تاکید کی ہےسیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں اور بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ’ کا استعمال کریں۔

  • قومی قیادت کی بدولت پاکستان کو ایک نیا اعتماد اور عزت ملی ہے،مریم نواز

    قومی قیادت کی بدولت پاکستان کو ایک نیا اعتماد اور عزت ملی ہے،مریم نواز

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کے لیے ایک فخر کا مقام ہے، قومی قیادت کی بدولت پاکستان کو ایک نیا اعتماد اور عزت ملی ہے-

    سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہاکہ آج کا دن پاکستان کے لیے ایک فخر کا مقام ہے، کیونکہ ہمارا ملک عالمی سطح پر ایک قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے جس کا ماضی میں تصور بھی مشکل تھا، وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ملک کے وقار اور قومی فخر کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، قومی قیادت کی بدولت پاکستان کو ایک نیا اعتماد اور عزت ملی ہے، جس نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان میں مذاکرات جاری ہیں دنیا بھر کی توجہ اس وقت اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات پر مرکوز ہے، کیوں کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے براہِ راست اثرات دنیا بھر کی مارکیٹوں خصوصاً تیل کی عالمی منڈی پر مرتب ہوئے ہیں۔

    امریکا کی جانب سے پیش کیے گئے نکات میں سب سے اہم نکتہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر جہازوں کی آمد و رفت پر عائد پابندی ختم کروانا ہے، جو صرف امریکا کا ہی نہیں بلکہ یورپ سمیت مختلف ممالک کا سب سے اہم مطالبہ ہے-

  • آئل ٹینکرز تیل اور گیس  کے لیے امریکا کا رخ کررہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    آئل ٹینکرز تیل اور گیس کے لیے امریکا کا رخ کررہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے خالی آئل ٹینکرز بڑی تعداد میں امریکا کا رخ کر رہے ہیں تاکہ یہاں سے عالمی معیار کا تیل اور گیس حاصل کر سکیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے ٹینکرز (بحری جہاز) اعلیٰ معیار کے تیل اور گیس کے حصول کے لیے امریکا کی طرف رواں دواں ہیں جن کا مقصد یہاں سے بہترین کوالٹی کی پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی لوڈنگ کرنا ہے۔

    امریکی صدر نے کہاکہ امریکا کے پاس موجود تیل کے ذخائر حجم اور معیار کے لحاظ سے دنیا کی اگلی دو بڑی معیشتوں کے مجموعی ذخائر سے بھی زیادہ ہیں،ا مر یکی توانائی نہ صرف وافر مقدار میں دستیاب ہے بلکہ یہ معیار کے اعتبار سے بھی دنیا میں سب سے برتر ہے،’ہم آپ کے منتظر ہیں، یہ لوڈنگ تیز رفتار ہوگی-

  • حماس کا پاکستان میں ہونے والے امریکا ایران مذاکرات کا خیرمقدم

    حماس کا پاکستان میں ہونے والے امریکا ایران مذاکرات کا خیرمقدم

    حماس نے پاکستان میں ہونے والے امریکا ایران مذاکرات کا خیرمقدم کیا ہے۔

    حماس نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف امریکی اسرائیل کی جنگ کے مکمل اور جامع خاتمے کے مقصد کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے،وہ پاکستان اور دیگر شریک ممالک کی قیادت میں ثالثی کی کوششوں کی کامیابی کا منتظر ہے۔

    دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی وفد نے ملاقاتیں کیں جس میں اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

    امریکی نائب صدر کی معاونت خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور مسٹر جیرڈ کشنر جبکہ وزیراعظم کی معاونت نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے کی –

    وزیراعظم نے ملاقات میں وفود کی تعمیری انداز میں بات چیت کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات خطے میں دیرپا امن کی جانب اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے،پاکستان خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے دونوں فریقین کے درمیان سہولت کاری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

    ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے تھے جبکہ وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان

    گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان

    گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 7 جون 2026 کو گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کی پولنگ کا دن مقرر کیا گیا ہے،الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو پاکستان گزٹ میں اشاعت کے لیے بھی بھجوا دیا گیا ہے، جس کے بعد انتخابی عمل کا باضابطہ آغاز تصور کیا جائے گا۔

    چیف الیکشن کمشنر راجا شاہ باز خان نے انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ انتخابات الیکشنز ایکٹ 2017 اور جی بی آرڈر 2018 کے تحت منعقد کیے جائیں گے،تمام انتظامات متعلقہ قوانین کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔

  • سونے کی قیمت میں کمی

    سونے کی قیمت میں کمی

    فی تولہ سونا 700 روپے اور 10 گرام سونا 600 روپے سستا ہوگیا۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوس ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 700 روپے کی کمی کے بعد یہ 4 لاکھ 96 ہزار 962 روپے کی سطح پر آ گئی ہے اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 600 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 26 ہزار 64 روپے ہو گئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی، جہاں فی اونس سونا 7 ڈالر سستا ہو کر 4746 ڈالر پر آ گیا ہے۔

    دوسری جانب ملک میں چاندی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے فی تولہ چاندی 50 روپے مہنگی ہو کر 8064 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

  • کرسچن میرج ایکٹ میں بنیادی تبدیلیوں کےلیے بل تیار

    کرسچن میرج ایکٹ میں بنیادی تبدیلیوں کےلیے بل تیار

    لاہور:کرسچن میرج ایکٹ میں 153 سال بعد بنیادی تبدیلیوں کےلیے بل تیار کرلیا گیا۔

    بل چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور فیلبوس کرسٹوفر کی جانب سے جمع کروایا گیا،بل میں شادی کے لیے دلہا اور دلہن دونوں کا مسیحی ہونا لازم قرار دیا گیا ہے جب کہ موجودہ قانون میں کسی ایک فریق کا مسیحی ہوناکافی قراردیا گیا تھا بل میں شادی کیلئے لڑکے اور لڑکی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کرنے کی تجویز ہے، اس سے قبل قانون میں لڑکے کی عمر 16 اور لڑکی کی 13 سال مقرر تھی۔

    بل کے مطابق مسیحی شادیوں کی رجسٹریشن یونین کونسل اور نادرا کے ریکارڈ میں لازمی شامل کرنے اور رجسٹرڈ گرجا گھروں کو مسیحی طریقہ کار کے مطابق نکاح پڑھانے کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی ہے اس کے علاوہ موجودہ بل میں نکاح کی تقریب کے وقت اور دن پر عائد پابندیاں بھی ختم کرنے کی تجویز کی گئی ہے کیونکہ موجودہ قانون کے تحت شام 6 بجے کے بعد نکاح کی اجازت نہیں تھی۔

  • مذاکرات کے موقع پر اپوزیشن کا جلسہ منسوخ کرنا قابل تعریف اقدام ہے، مفتی منیب الرحمن

    مذاکرات کے موقع پر اپوزیشن کا جلسہ منسوخ کرنا قابل تعریف اقدام ہے، مفتی منیب الرحمن

    سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں متوقع مذاکرات کے موقع پر اپوزیشن کا جلسہ منسوخ کرنا قابل تعریف اقدام ہے-

    مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن کے مشترکہ رویے کی تحسین کرتے ہیں ایران امریکا جنگ بندی مثبت پیشرفت ہے اسلام آباد میں متوقع مذاکرات کے موقع پر اپوزیشن کا جلسہ منسوخ کرنا قابل تعریف اقدام ہے، یہ قدم قومی مفاد میں ہے باہمی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے حکومت اور اپوزیشن مل کر متفقہ لائحہ عمل طے کریں تو بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں-

    انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت سے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے اور معیشت بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے،مثبت اقدامات سے قومی تشخص مضبوط ہوگا پاکستان کو ترکی، سعودی عرب اور امریکا کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہیے، جنگ بندی کو پٹڑی سے اتارنے کی کوششیں عالمی معیشت کے لیے نقصان دہ ہوں گی۔

    دوسری جانب قومی پیغام امن کمیٹی نے ملک بھر کے تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ، ذاکرین، واعظین اور خطبا سے اپیل کی ہے کہ کل بروز جمعۃ المبارک 10 اپریل 2026 کو یومِ تشکر و یومِ دعا کے طور پر منایا جائےحکومت پاکستان کی جانب سے بھی اس دن کو یومِ تشکر و دعا کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے اس حوالے سے علما سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے خطباتِ جمعہ میں خصوصی طور پر شکرانے اور دعا کا اہتمام کریں۔

    چیئرمین پاکستان علما کونسل و کوآرڈینیٹر قومی پیغام امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سمیت مفتی عبد الرحیم، سید ضیااللہ شاہ بخاری، علامہ عارف واحدی، حافظ طارق، علامہ توقیر عباس، ڈاکٹر آصف میر، مفتی محمد کریم خان، مفتی یوسف کشمیری، پیر نقیب الرحمان، علامہ محمد حسین اکبر اور مولانا افضل حیدری نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ دن اللہ رب العزت کے حضور شکر ادا کرنے کا ہے۔

    علمائے کرام نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کی کوششوں اور سفارتی جدوجہد کے نتیجے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی جبکہ عرب اسلامی ممالک اور ایران کے درمیان تصادم بھی رک گیا، یہ پیشرفت نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے اہم ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں خصوصی دعا کی جائے کہ یہ جنگ بندی مستقل امن میں تبدیل ہو اور مسلم امہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ ملے علما نے اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک و ملت کی سلامتی، استحکام اور عالمی امن کے لیے دعا کریں، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔