Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • بنگلا دیش کی بیمان ایئر لائنز کو ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت

    بنگلا دیش کی بیمان ایئر لائنز کو ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت

    کراچی:پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بنگلا دیش کی بیمان ایئر لائنز کو ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت جاری کر دی ہے۔

    اب بنگلا دیش کی بیمان ایئر لائنز ڈھاکا سے کراچی کے لیے ہفتہ وار تیسری پرواز بھی آپریٹ کرے گی ایئر لائن کی جانب سے تیسری پرواز کے لیے مسافروں کی تعداد سمیت مارکیٹ فیکٹر اور دیگر عوامل کو مد نظر رکھا جائے گا بیمان ایئر اس وقت بوئنگ 737 کے ساتھ ہفتہ وار دو پروازیں ڈھاکا سے کراچی کے درمیان آپریٹ کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ بنگلا دیش کی بیمان ایئر لائنز نے 14 سال بعد 29 جنوری سے جمعرات اور ہفتہ کو دو طرفہ پروازوں کا آغاز کیا تھا۔

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:قومی ٹیم لاہور سے سری لنکا کیلئے روانہ

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:قومی ٹیم لاہور سے سری لنکا کیلئے روانہ

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے قومی ٹیم لاہور سے سری لنکا کیلئے روانہ ہو گئی۔

    پاکستانی ٹیم سری لنکا پہنچ کر آج اور کل مکمل آرام کرے گی، پاکستان ٹیم 4 فروری کو آئرلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی،15 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی اسکوا ڈ میں کپتان سلمان علی آغا،ابرار احمد اور بابر اعظم شامل ہیں،فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ نافع، سلمان مرزا، نسیم شاہ اور صاحبزادہ فرحان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں ،قومی اسکواڈ میں محمد نواز، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین آفریدی، عثمان خان اور عثمان طارق بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز 7 فروری سے ہوگا پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔ دوسرا میچ 10 فروری کو امریکا اور چوتھا میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی،پاکستان ٹیم حکومت کے فیصلے کے مطابق 15 فروری کو شیڈول بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔

  • مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ

    اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 175 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے مٹی کے تیل کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہو گیا ہے۔

    مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے سے ملک کے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے صارفین پر مزید بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے، جہاں آج بھی مٹی کا تیل گھریلو استعمال، روشنی اور کھانا پکانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہےتوانائی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مہنگائی کی مجموعی شرح پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، کیونکہ ڈیزل ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔

  • ایف بی آر کا بحریہ ٹاؤن کی ایک اور پراپرٹی نیلام کرنے کا اعلان

    ایف بی آر کا بحریہ ٹاؤن کی ایک اور پراپرٹی نیلام کرنے کا اعلان

    ایف بی آر نے بحریہ ٹاؤن کی ایک اور پراپرٹی کی نیلامی کا اشتہار جاری کر دیا ہے۔

    بحریہ ٹاؤن سے واجب الادا 26 ارب روپے کے ٹیکس کی وصولی کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں،ایف بی آر کے مطابق تحصیل مری میں واقع بحریہ ٹاؤن کی 527 کنال 10 مرلہ اراضی کی نیلامی 16 فروری کو عمل میں لائی جائے گی۔

    اس سے قبل ایف بی آر بحریہ ٹاؤن پارک روڈ اسلام آباد میں واقع ایک پلاٹ کی نیلامی کے ذریعے 2 ارب 5 کروڑ روپے سرکاری خزانے میں جمع کروا چکا ہے،بحریہ ٹاؤن سے ریکوری کے لیے گزشتہ ہفتے بحریہ ٹاؤن ٹاور کراچی کی پراپرٹی سے متعلق بھی پبلک نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

    ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ اس کی اجازت کے بغیر بحریہ ٹاؤن کراچی کی ضبط شدہ پراپرٹیز کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر پر مکمل پابندی عائد رہے گی،ضبط شدہ پراپرٹیز سے متعلق کسی بھی قسم کے اعتراضات یا دعوے لارج ٹیکس پیئرآفس اسلام آباد میں مقررہ طریقہ کار کے تحت جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس واجبات کی مکمل وصولی تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • وزیر داخلہ سندھ کی شبِ برات کے موقع پر سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت

    وزیر داخلہ سندھ کی شبِ برات کے موقع پر سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت

    وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت دی ہے کہ شبِ برات کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

    وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ مذہبی اجتماعات، محافلِ شبِ برات اور کھلے مقامات پر اضافی نفری اور موبائل گشت بڑھایا جائے ممکنہ حسا س مساجد اور امام بارگاہوں پر اسنیپ چیکنگ، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے مزارات اور درگاہوں پر آنے والے زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان مرتب کیا جائے-

    ضیاء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ کھلے میدانوں اور قبرستانوں میں ہونے والی عبادات کے دوران بھی مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے اور پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مکمل رابطہ اور کوآرڈی نیشن برقرار رکھا جائے کنٹرول رومز کو شبِ برات کے دوران 24 گھنٹے فعال رکھا جائے،کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری ردعمل اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایاجائےاور ٹریفک پولیس کو مذہبی مقامات اور بڑے اجتماعات کےاطراف ٹریفک مینجمنٹ پلان نافذالعمل کیا جائے۔

  • 2026 میں تیسری عالمی جنگ کا آغاز ،بابا وانگا کی بڑی پیش گوئی

    2026 میں تیسری عالمی جنگ کا آغاز ،بابا وانگا کی بڑی پیش گوئی

    بلغاریہ کی مشہور نجومی بابا وانگا کے مطابق، 2026 میں مشرق سے مشرق سے ایک بڑا تصادم شروع ہوگا جس میں چین، روس، ایران اور امریکا شامل ہوں گے، کہا جاتا ہے کہ یہ تصادم بڑھتے بڑھتے تیسرے عالمی جنگ کی شکل اختیار کرے گا اور مغربی دنیا کو شدید نقصان پہنچے گا۔

    بابا وانگا 1996 میں 85 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں، لیکن ان کی پیش گوئیاں آج بھی دلچسپی کا باعث ہیں، بابا وانگا کی پیش گوئیوں کے مطابق، یہ جنگ انسانیت کے مکمل خاتمے کا سبب نہیں بنے گی ہ انسانی زوال کی شروعات 2025 میں ہوئی اور دنیا 5079 میں ختم ہوگی پچھلے سال کی پیش گوئیوں میں انہوں نے شدید زلزلے، یورپ میں جنگ، اور عالمی اقتصادی بحران کی بھی نشاندہی کی تھی۔

    سوشل میڈیا اور ماہرین کی توجہ اس جانب ہے کہ آیا عالمی کشیدگی، خاص طور پر چین کی تائیوان پر عسکری سرگرمیاں اور روس و امریکا کے تعلقات، واقعی بابا وانگا کی پیش گوئی کے مطابق کسی بڑے بحران کی جانب اشارہ کر رہی ہیں یا نہیں،اسی دوران، فرانس کے مشہور ماہر پیش گوئی نوسترادامس کی مبہم تحریریں بھی زیرِ بحث ہیں، جن کے مطابق اس سال کسی اہم مرد شخصیت کے قتل یا سیاسی بغاوت کا خطرہ ہے اور سات ماہ تک جاری رہنے والی بڑی جنگ کا امکان ہے-

  • قازقستان کے صدر کل پاکستان پہنچیں گے

    قازقستان کے صدر کل پاکستان پہنچیں گے

    جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف 3 اور 4 فروری کو پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔

    وزارتِ خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر کیا جا رہا ہےصدر توکایف اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف سے تفصیلی مذاکرات بھی کریں گے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر توکایف پاکستان قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے تاجر، سرمایہ کار اور کاروباری نمائندے شریک ہوں گےصدر قازقستان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا، جس میں سینئر کابینہ اراکین اور اعلیٰ سرکاری افسران شامل ہوں گے۔

    وزارتِ خارجہ کے مطابق، یہ دورہ دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ مذاکرات میں بالخصوص تجارت، لاجسٹکس، علاقائی رابطہ کاری، عوامی روابط (People-to-People Contacts) علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بات چیت کی جائے گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر توکایف کا دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، اور دونوں ممالک تاریخی و ثقافتی رشتوں کو موثر اور مضبوط تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں ملک خطے میں امن اور ترقی کے مشترکہ خواہاں ہیں۔

  • انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے انکشافات ، بھارتی اسمگلرز کے خلاف امریکی کارروائی

    انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے انکشافات ، بھارتی اسمگلرز کے خلاف امریکی کارروائی

    دنیا کے مختلف حصوں میں انسانی اسمگلنگ کے بڑھتے واقعات میں بھارتی اسمگلرز کے ملوث ہونے کے انکشافات سامنے آئے ہیں-

    امریکی محکمہ انصاف کے مطابق انسانی اسمگلنگ کے ایک منظم نیٹ ورک میں ملوث بھارتی شہری شیوم لنو کو امریکی عدالت کی جانب سے سزا سنا دی گئی ہے مذکورہ ملزم درجنوں افراد کو غیرقانونی طور پر امریکا داخل کرانے میں ملوث رہا اور گزشتہ برس کئی غیرقانونی آپریشنز کا حصہ تھا۔

    حکام کے مطابق یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ حالیہ برسوں میں بھارتی شہریوں کی جانب سے غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں،بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران ایک لاکھ سے زائد بھارتی شہری امریکا میں غیرقانونی داخلے کی کوشش کے دوران گرفتار ہوئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ غیرقانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات کے نیٹ ورکس عالمی سیکیورٹی کے لیے تشویش کا باعث بنتے جا رہے ہیں،امریکا، آسٹریلیا اور یورپی ممالک بھارتی شہریوں کی غیرقانونی سرگرمیوں کے باعث اپنی امیگریشن اور سیکیورٹی پالیسیوں کو مزید سخت کر رہے ہیں۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت میں معاشی دباؤ اور امیگریشن پالیسیوں کی ناکامی کے باعث کئی شہری غیرقانونی راستے اختیار کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جس سے میزبان ممالک میں جرائم اور سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • پاکستان کا خوف:بھارت نے دفاعی بجٹ میں بڑا اضافہ کر دیا

    پاکستان کا خوف:بھارت نے دفاعی بجٹ میں بڑا اضافہ کر دیا

    نئی دہلی: بھارت نے پاکستان کے ساتھ مئی میں ہونے والی فوجی کشیدگی کے بعد اپنے دفاعی بجٹ میں 15 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔

    بھارتی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے مالی سال 2026-27 کے لیے مرکزی بجٹ پیش کرتے ہوئے دفاع کے لیے 85 ارب 40 کروڑ ڈالر مختص کیے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

    لوک سبھا میں پیش کیے گئے بجٹ کے مطابق دفاعی اخراجات میں اضافے کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کا حصول، ہتھیاروں اور عسکری سازوسامان کی خریداری، اور دفاعی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ بھارتی وزارتِ دفاع کے مطابق اس بجٹ کے ذریعے خریداری کے عمل کو آسان بنانے اور وسائل کے بہتر استعمال پر بھی توجہ دی جائے گی۔

    بجٹ دستاویزات کے مطابق ہتھیاروں اور دفاعی آلات کی خریداری کے لیے مختص رقم میں 21.84 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ دفاعی سروسز کے روزمرہ اخراجات، ایندھن، مرمت اور تنخواہوں کی مد میں بھی اضافی فنڈز رکھے گئے ہیں۔

    بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دفاعی بجٹ میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بھارت کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث 15 فیصد اضافہ عملی طور پر محدود اثر رکھتا ہے۔

    یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب گزشتہ سال مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی تنازع سامنے آیا تھا یہ کشیدگی اس وقت بڑھی جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد پاکستان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، جسے اس نے ’آپریشن سندور‘ کا نام دیا۔

  • ڈی جی آئی ایس پی آر کی یونیورسٹی آف تربت کے طلباء و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست

    ڈی جی آئی ایس پی آر کی یونیورسٹی آف تربت کے طلباء و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست

    کوئٹہ:ڈی جی آئی ایس پی آر نے یونیورسٹی آف تربت کا دورہ کیا جہاں اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور طلباء نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

    دورے کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر کی طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی، جس میں قومی سلامتی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی،نشست کے دوران اساتذہ اور طلباء نے قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے خلاف مسلح افواج کے ساتھ متحد ہو کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    اساتذہ نے اس موقع پر کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ہونے والی نشست نہایت معلوماتی رہی اور پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل ہے طلباء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ نشست سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا، جبکہ یہ ملاقات ان کے خیالات اور رویوں میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے گی۔

    نشست کے اختتام پر شرکاء نے قومی یکجہتی، شعور اور مثبت بیانیہ کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر اتفاق کیا۔