Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار ،100 انڈیکس ایک لاکھ8 ہزار 238  پوائنٹس پر بند

    پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار ،100 انڈیکس ایک لاکھ8 ہزار 238 پوائنٹس پر بند

    کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار ہے، بینچ مارک 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    باغی ٹی وی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز 100 انڈیکس میں دن کا آغاز ایک لاکھ 5 ہزار 104 پوائنٹس سے ہوا کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس مجموعی طور پر 3 ہزار 134 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ8 ہزار 238 پوائنٹس پر بند ہوا، آج کاروبار کے دوران 100 انڈیکس نے نئی بلند ترین سطح ایک لاکھ 8 ہزار 345 پوائنٹس بنائی-

    بازار میں آج 1.64 ارب شیئرز کے سودے 63 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 388 ارب روپے اضافے سے 13 ہزار 745 ارب روپے ہے،بازار میں آج مسلسل چوتھے روز ایک ارب سے زائد شیئرز کے سودے ہوئے ہیں، گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 5 ہزار کا ہندسہ عبور کیا تھا۔

    دوسری جانب عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک روز بعد دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے۔

    جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ زیر اثر ملک میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 500 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 75 ہزار 700 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 428 روپے اضافے سے 2 لاکھ 36 ہزار 368 روپے ہوگئے،جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 5 ڈالر بڑھ کر 2645 ڈالر ہوگئی۔

    علاوہ ازیں انٹربینک میں ڈالر سستا ہونے سے روپے کی قدر میں بہتری آنے لگی ہے،کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹر بینک میں امریکی کرنسی مزید 12 پیسے سستی ہوئی ہے، جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 277 روپے 92 پیسے سے کم ہو کر 277 روپے 80 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔

  • لاہور کے علاوہ  تمام ریلوے اسٹیشنز کے واک تھرو گیٹس اور اسکینرز خراب ہونے کا انکشاف

    لاہور کے علاوہ تمام ریلوے اسٹیشنز کے واک تھرو گیٹس اور اسکینرز خراب ہونے کا انکشاف

    لاہور کے علاوہ ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز کے اسکینرز اور واک تھرو گیٹس خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    باغی ٹی وی:قومی اسمبلی کی ذیلی قائمہ کمیٹی ریلویز کا اجلاس رمیش لال کی زیرصدارت ہوا قائمہ کمیٹی اجلاس میں ریلوے سکیورٹی کے ابترحالات کا انکشاف ہوا اور ریلوے پولیس حکام نے بتایاکہ لاہورکے علاوہ ملک بھر میں ریلوے اسکینرخراب ہیں اور واک تھرو گیٹ سارے خرا ب ہیں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی دیواربھی ٹوٹی ہوئی ہے۔

    قائمہ کمیٹی نے اسکینرز کی خرابی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسکینر کیوں کام نہیں کررہے ریلوے پولیس کے حکام نے بتایا کہ ہم نے سی سی ٹی وی کیمرے لینے کی کوشش کی لیکن اسکینرز ہماری ذمہ داری نہیں ہیں، ریلوے پولیس کے پاس تو فنڈ ہی نہیں ہیں۔

    کنوینر کمیٹی رمیش لال نے کہا کہ سیکریٹری ریلوے بورڈ کہہ رہے ہیں کہ یہ ریلوے پولیس کا کام ہے۔

    ریلوے حکام نے بتایاکہ مین لائن کے علاوہ ٹریک پر ٹرینیں نہیں چلتیں، کراچی سے پشاور مین لائن کے علاوہ سائیڈ لائنز روزبروز خراب ہورہی ہیں، ایک کمپنی بنائی گئی جوریلویز اراضی کے معاملات دیکھے گی، کمیٹی ممبر وسیم قادر نے مطالبہ کیاکہ ریلوے افسران کا احتساب ہونا چاہیے، ریلویز ہیڈکوارٹر میں میٹنگ بلائی جائے، ریلویز کے چیئرمین اورچیف ایگزیکٹو کو کمیٹی میں مدعو کیا جائے۔

    چیئرمین کمیٹی نے ریمارکس دیئے کہ ریلوے حکام ٹریک کے اطراف میں تجاوزات ختم نہیں کرسکے، کسی بھی وقت کوئی بڑا ٹرین حادثہ ہوسکتا ہے،ریلوے حکام تجاوزات میں بھتے لیتے ہیں، ریلوے افسران ادارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں، سکھرڈویژن میں بیس بیس کروڑ روپے کی پراپرٹی پرقبضہ ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 9 نومبر کو کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے تھےپولیس کے مطابق دھماکا جعفر ایکسپریس کی روانگی کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہواتھا، دھماکے کے وقت مسافر پلیٹ فارم پر جعفر ایکسپریس سے پشاور جانے کی تیاری میں مصروف تھے،دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے صحافیوں کو جاری بیان میں دھماکے کی ذمے داری قبول کی تھی،دہشت گرد تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ خودکش حملے میں پاکستانی فوج کے ایک دستے کو نشانہ بنایا گیا تھا جو انفینٹری اسکول سے کورس مکمل کرنے کے بعد واپسی کی تیاری کر رہا تھا۔

  • پاکستان میری ٹائم سکیورٹی  نے ڈوبنے والے بھارتی جہاز کے عملے کو بچا لیا

    پاکستان میری ٹائم سکیورٹی نے ڈوبنے والے بھارتی جہاز کے عملے کو بچا لیا

    پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نےگہرے سمندر میں کامیاب میری ٹائم ریسکیو آپریشن کے دوران ڈوبنے والے ہندوستانی جہاز پر سوار عملے کے 12 افراد کو بچا لیا۔

    باغی ٹی وی: ترجمان پی ایم ایس اے کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بدھ کی صبح یری ٹائم ریسکیو آپریشن کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا جس میں پاکستان کے سرچ اینڈ ریسکیو زون میں ہندوستانی مال بردار جہاز کے ڈوبنے کے بعد 12 زندہ بچ جانے والے کریو کو ریسکیو کیا، ریسکیو آپریشن میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے شپس، بوٹس اور ایئر کرافٹ نے حصہ لیا۔

    ترجمان پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے مطابق تقریباً 10:20 بجے میری ٹائم ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر (ایم آر سی سی) پاکستان کو ایم آر سی سی ممبئی (بھارت) کی جانب سے ایک فوری ای میل موصول ہوئی جس میں ڈوبنے والے بحری جہاز سے بچ جانے والوں کو تلاش کرنے اور بچانے کے لیے مدد کی درخواست کی گئی۔

    ترجمان پی ایم ایس اے کے مطابق تیز ردعمل اور مؤثر رابطہ کاری کے نتیجے میں ہندوستانی مال بردار جہاز کے تمام 12 بچ جانے والے ارکان کو بچالیا گیا کارروائی علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے پی ایم ایس کے عزم کو ظاہرکرتی ہے، یہ آپریشن کسی بھی قومیت کے بغیر سمندری ہنگامی صورتحال کا جواب دینے کے لیے میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نشاندہی کرتا ہے، اور سمندر میں حفاظت اور بین الاقوامی کنونشنز کی پاسداری کے لیے پاکستان کی لگن کی عکاسی کرتا ہے۔

  • میجر محمد اکرم شہیدکی 53ویں برسی، سروسز چیفس اور مسلح افواج پاکستان کا خراج عقیدت

    میجر محمد اکرم شہیدکی 53ویں برسی، سروسز چیفس اور مسلح افواج پاکستان کا خراج عقیدت

    راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج پاکستان نے میجر محمد اکرم شہید( نشان حیدر) کی 53ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    باغی ٹی وی: آئی ایس پی آر کے مطابق میجر محمد اکرم شہید 19 مئی 1971 کو ہلی (مشرقی پاکستان) میں 4 فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی ایک کمپنی کی کمانڈ کر رہے تھے، جہاں انہوں نے علاقے کا بہادری سے دفاع کیا اور دشمن کو پیش قدمی نہ کرنے دی بعد ازاں 03 دسمبر 1971 کو انہیں دشمن کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کا حکم دیا گیا اور انہوں نے پیش قدمی کرتے ہوئے دشمن کے 3 ٹینک تباہ کر دیئے دشمن سے لڑائی کے دوران میجر محمد اکرم شدید زخمی ہوئے اور 5 دسمبر 1971 کو شہادت کو گلے لگا لیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق میجر محمد اکرم کی شہادت مادر وطن کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کی جانب سے دی گئی غیر معمولی قربانیوں میں سے ایک قربانی یاد دلاتی ہےآئیے ان ہیروز کو یاد رکھیں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر فخر ہے۔

  • نامعلوم بیماری نے 143 افراد کی جان لے لی

    نامعلوم بیماری نے 143 افراد کی جان لے لی

    کنشاسا: افریقی ملک ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے جنوب مغربی صوبے میں نومبر کے دوران ایک نامعلوم بیماری نے 143 افراد کی جان لے لی۔

    باغی ٹی وی: روئٹرز کے مطابق متاثرہ افراد کو فلو جیسی علامات تھیں، جن میں شدید بخار اور سر درد شامل تھے۔ کوانگو صوبے کے ڈپٹی گورنر ریمی ساکی اور صوبائی وزیر صحت اپولینائر یومبا نے بتایا کہ ایک طبی ٹیم پانزی ہیلتھ زون بھیجی گئی ہے تاکہ نمونے جمع کر سکے اور بیماری کی شناخت کے لیے تجزیہ کر سکے۔

    سول سوسائٹی کے رہنما سیفورین مانزنا نے روئٹرز کو بتایا کہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے کیونکہ متاثرہ افراد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ جہاں یہ بیماری پھیل رہی ہے وہ ایک دیہی علاقہ ہےبیمار افراد علاج کی عدم دستیابی کی وجہ سے اپنے گھروں میں ہی دم توڑ رہے ہیں،وبائی امراض کے ایک مقامی ماہر کے مطابق خواتین اور بچے اس بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ایک ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی صحت ایجنسی کو پچھلے ہفتے اس بیماری کی موجودگی سے آگاہ کیا گیا تھا اور وہ کانگو کی پبلک ہیلتھ وزارت کے ساتھ مل کر مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

  • جونئیر ہاکی ایشیا کپ فائنل: بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

    جونئیر ہاکی ایشیا کپ فائنل: بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

    عمان: بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر پانچویں بار جونیئر ہاکی ایشیا کپ جیت لیا۔

    باغی ٹی وی: عمان میں جونیئر ہاکی ایشیاکپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کی جونیئر ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جونیئر ٹیم میں شامل پاکستان سینیئر ٹیم کے کھلاڑی بھی بھارتی ٹیم کو فائنل میں شکست نہ دے سکے۔

    پاکستان نے میچ کے تیسرے ہی منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی، یہ گول حنان شاہد نے کیا لیکن دوسرے ہی منٹ میں بھارت نے حساب برابر کردیابھارت نے دوسرے کوارٹر میں اوپر نیچے2 گول داغ کر برتری 1-3 کردی۔ہاف ٹائم کے اختتام سے قبل پاکستان کی جانب سے سفیان نےگول کرکے مقابلہ 2-3 کردیا۔

    تیسرے کوارٹر میں بھارتی ٹیم گول نہ کرسکی پاکستانی گول کیپر نے کئی یقینی گول بچائے ،39 ویں منٹ میں سفیان خان نے ایک اور گول کرکے مقابلہ 3-3 برابر کردیا اور پاکستان میچ میں واپس آگیا۔

    لیکن آخری کوارٹر میں پاکستان کو گول کرنے کے موقع ملے لیکن کامیابی نہیں ملی بھارت نے 47 ویں اور پھر 54ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 3-5 کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا،بھارت کے ارجیت سنگھ نے4 گول اسکور کیے اور دلراج سنگھ نے ایک گول کیا۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان جونیئر ہاکی ایشیا کپ کا یہ مسلسل تیسرا فائنل تھا تینوں بار بھارت نے ٹائٹل جیتے،بھارت نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ کا ٹائٹل پانچویں بار جیتا ہے۔

  • پی ٹی آئی کاگورنر خیبر پختونخوا کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کاگورنر خیبر پختونخوا کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گورنر خیبر پختونخوا کی طلب کردہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

    باغی ٹی وی: پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی نمائندگی تحریک انصاف کے پاس ہے گورنر خیبر پختونخوا کی طلب کردہ اے پی سی میں عدم شرکت کا فیصلہ نہتے اور پرامن شہریوں کے قتل عام میں خاموش سہولت کاری پر کیا ہے۔

    شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ فیصلہ سیاسی اجرت کے عوض قاتلوں کی ہمنوائی کے پیشِ نظر کیا، پی ٹی آئی پر پابندی کے مذموم حکومتی ایجنڈے کی پیپلز پارٹی سرگرم پشت پناہ ہے پیپلز پارٹی نے بلوچستان اسمبلی سے پابندی کی قرارداد منظوری میں کردار ادا کیا، سندھ میں پی پی ہمارے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور ہراسانی میں مصروف ہے۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی بے جان نمائشی مجالس کرکے اپنی جمہوریت نوازی کا تاثر دینا چاہتی ہے، پی پی کا خیبر پختونخوا میں کوئی مینڈیٹ نہیں،خیبر پختونخوا کے عوام کی نمائندگی پی ٹی آئی کے پاس ہے، گورنر کسی معاملے پر سنجیدہ رائے کے پی حکومت کو بھجوائیں تو غور کریں گے۔

  • جرمن ہیلی کاپٹر پر روسی جہاز کی فائرنگ

    جرمن ہیلی کاپٹر پر روسی جہاز کی فائرنگ

    برلن: ایک جرمن ہیلی کاپٹر پر ایک روسی جہاز کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے-

    باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق بالٹک سمندر میں یہ واقعہ روس اور مغرب کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعات کے پس منظر میں پیش آیا ہے جرمن پریس ایجنسی کے مطابق بنڈس ویر کا ہیلی کاپٹر ایک جاسوسی مشن پر تھا جب روسی جہاز کے عملے نے مبینہ طور پر سگنل گولہ بارود کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کی۔

    یہ واقعہ جرمن وزیر خارجہ انالینا بیربوک کی جانب سے نیٹو کے ایک اجلاس میں ذکر کیا گیا تھا، تاہم اس وقت اس کی مزید تفصیلات نہیں دی گئیں، بتایا جا رہا ہےکہ یہ گولہ بارود صرف ہنگامی صورت حال میں استعمال کیا جاتا ہے بالٹک سمندر اکثر ان جہازوں کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے جو یوکرین پر روسی حملے کے بعد عائد پابندیوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں مذکورہ جہاز ایک قسم کا ٹینکر بتایا جا رہا ہے۔

  • مریم نواز  پنجاب کے بچوں کو اسکالرشپ جبکہ گنڈاپور اور بشریٰ اسلحہ دے رہے ہیں،عظمیٰ بخاری

    مریم نواز پنجاب کے بچوں کو اسکالرشپ جبکہ گنڈاپور اور بشریٰ اسلحہ دے رہے ہیں،عظمیٰ بخاری

    لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیا ہے-

    باغی ٹی وی : عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے آئینہ دکھایا تو فتنہ پارٹی کے چمچے کڑچھے طیش میں آگئے ہیں مریم نواز پنجاب کے بچوں کو اسکالرشپ جبکہ گنڈاپور اور بشریٰ پیٹرول بم اور اسلحہ دے رہے ہیں، وفاق کے لیے فنڈز سے وفاق پر ہی جتھوں سے حملہ آور ہونے والا گروہ قوم کا اصل دشمن ہے، یہ غیر ملکیوں اور شدت پسندوں کے ساتھ اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے۔

    عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جو اسلحہ پولیس اہلکاروں کے پاس نہیں تھا وہ فتنہ پارٹی کے احتجاجی گروہ کے پاس تھا، مریم نواز کی ہدایات کے مطابق پنجاب پولیس کا ہر اہلکار غیر مسلح تھا،اگر پنجاب پولیس مسلح ہوتی تو غیر ملکی اور شدت پسندوں کا گروہ اٹک پل کراس نہ کرتا۔

    واضح رہے کہ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مریم نواز کے بیان کے رد عمل میں کہا تھا کہ جھوٹ کی ملکہ سچ بولنا کب سے بھول چکی ہیں؟ الزام تراشی کا ڈرامہ مریم نواز رچا رہی ہیں، وفاقی و پنجاب حکومت نے بیلاروس کے صدر کے سامنے پاکستانی جمہوریت کا پردہ چاک کر دیا ہے،جس دن مریم نواز کا حساب ہوگا، وہ دن پاکستانی قوم کی فتح کا دن ہوگا۔

  • کرسٹیانو رونالڈو اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں، سعودی فٹبالر

    کرسٹیانو رونالڈو اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں، سعودی فٹبالر

    ریاض: سعودی فٹبال کلب النصر کے سابق گول کیپر اور رونالڈو کے ساتھی فٹبالر نے انکشاف کیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں۔

    باغی ٹی وی : ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سعودی فٹبالر ولید عبداللہ جو کہ رونالڈو کے کلب النصر میں سابق گول کیپر بھی تھے نے انکشاف کیا کہ رونالڈو اسلام کی تعلیمات اور سعودی عرب کی ثقافت کے بارے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،رونالڈو واقعی اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے میں نے ان سے بات بھی کی اور انہوں نے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔

    سعودی فٹبالر ولید عبداللہ کا کہنا تھا کہ النصر سے کھیلتے ہوئے رونالڈو گول کرنے کے بعد میدان میں سجدہ بھی کر چکے ہیں اور کھلاڑیوں کو ہمیشہ نماز پڑھنے اور اسلامی روایات کی پیروی کرنے کی ترغیب دیتے ہیں، جب بھی ٹریننگ کے دوران اذان ہوتی ہے، رونالڈو کوچ سے درخواست کرتے ہیں کہ ٹریننگ کو روک دیا جائے تاکہ ان کے ساتھی کھلاڑی نماز ادا کر سکیں۔

    انٹرویو میں ولید نے اس واقعے کا بھی ذکر کیا جب مئی 2023میں النصر کے لیے گول کرنے کے بعد رونالڈو نے میدان میں سجدہ کیا، ولید نے بتایا کہ جب رونالڈو نے سجدہ کیا تو ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے ایک ساتھ اللہ اکبر کا نعرہ لگایا اور جب وہ کسی کھلاڑی کو نماز نہیں پڑھتے دیکھتے ہیں تو اس سے پوچھتے ہیں کہ وہ نماز کیوں نہیں پڑھتا؟ وہ دعاؤں کے نام بھی پوچھتے ہیں، رونالڈو اسلام قبول کریں یا نہ کریں، لیکن ان کا ڈسپلن اور محنت ہی انہیں اس مقام تک لے آئی ہے، جو بھی سعودی عرب آتا ہے، وہ رونالڈو سے متاثر ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ اگرچہ کرسٹیانو رونالڈو ایک عیسائی ہیں لیکن ان کا نام ایک سے زیادہ مواقع پر ان کے اسلام قبول کرنے کے امکان سے منسلک کیا گیا ہے، خاص طور پر تقریباً دو سال قبل سعودی النصر کلب میں ان کی منتقلی کے بعد، گزشتہ سال جنوری میں رونالڈو اور سعودی کلب النصر کے درمیان ڈھائی سالہ معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت النصر کلب نے انہیں 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز معاوضہ ادا کرنا ہے۔