Baaghi TV

Tag: عیدالاضحی

  • ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے

    ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے

    پاکستان سمیت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے۔

    نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور وں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہو گیا، دن کا آغاز مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات سے ہوا، جہاں ملکی سلامتی، ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصو صی دعائیں مانگی گئیں۔

    وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ صفائی ستھرائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی متحرک ہیں، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے اتحاد، ایثار اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی اپیل کی ہے۔

    مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد

    فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج ملک میں دیرپا امن، خوشحالی اور قومی یکجہتی کیلئے دعاگو ہیں۔ افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں، عیدالاضحیٰ قربانی، ایمان اور یکجہتی کی علامت ہےمسلح افواج کے سربراہان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہدائے پاکستان کے اہلِ خانہ کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیوں نے وطنِ عزیز کی بنیادوں کو مزید مضبوط بنایا ہے۔

    صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ پر قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد دی۔

    اپنے بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اطاعت الہٰی، صبر، وفا، اخلاص اور ایثار کا درس دیتی ہے نفرت اور تقسیم کے بجائے محبت، برداشت اور مکالمے کو فروغ دیں، مایوسی کے اندھیروں کو خدمت، علم، محنت اور اتحاد کی روشنی سے شکست دی جاسکتی ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ 10 ذوالحجہ 1447 ہجری کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عید حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی اور اطاعت کی یاد دلاتی ہے عیدالاضحیٰ ہمیں قربانی، ایثار، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے اور حقیقی ایمان یہی ہے کہ انسان اپنے ذاتی مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں وطن عزیز کا فخر ہیں، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جان دینے والے افراد قوم کے ہیرو ہیں انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ عید کے موقع پر غرباء، مساکین اور مستحق افراد کو بھی خوشیوں میں شامل کیا جائے تاکہ معاشرے میں اتحاد اور یگانگت کو فروغ ملے وزیر اعظم نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری دنیا کو امن، محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید قربانی، ایثار، محبت اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دینے کا پیغام دیتی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم سنت پر عمل کرتے ہوئے قربانی کرنے والے ہر مسلمان قابلِ احترام ہیں، عیدالاضحیٰ ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنی خواہشات قربان کرنے اور نادار طبقے کو خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتی ہےمریم نواز نے عید کے موقع پر ملک کی سرحدوں پر تعینات افواجِ پاکستان کے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

    انہوں نے یومِ عید پر صفائی آپریشن اور دیگر عوامی خدمات انجام دینے والے افسران اور عملے کی کارکردگی کو بھی سراہا اور انہیں شاباش دی وزیراعلیٰ پنجاب نے شہداء کے خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کی مقروض ہے، مریم نواز نے اسرائیلی جارحیت کا شکار ہونے والی کمسن طالبات سمیت تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا اور عالمی برادری سے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امت مسلمہ کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی، محبت اور اطاعت الہٰی کا عظیم پیغام ہے، حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ نے اللہ کی رضا کے لئے وفا اور بندگی کی اعلیٰ مثال قائم کی اپنی خواہشات اور انا کو اللہ کی رضا کے لئے قربان کرنا ہی بڑی عید کا بڑا پیغام ہے، عید الاضحیٰ پر شہدائے وطن اور ان کے عظیم خاندانوں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز پر جانیں نچھاور کرنے والے بہادر سپوت قوم کے حقیقی ہیرو ہیں جن کی قربانیوں کو کسی ترازو میں نہیں تولا جاسکتا، آج بھی قوم کے محافظ وطن کی حفاظت کیلئے اپنے پیاروں سے دور عید منا رہے ہیں

  • پنجاب میں کالعدم تنظیموں کو قربانی کی کھالیں دینے پر پابندی

    پنجاب میں کالعدم تنظیموں کو قربانی کی کھالیں دینے پر پابندی

    ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پیش نظر صوبائی حکومت نے اہم اقدام کرتے ہوئے کالعدم اور زیر نگرانی تنظیموں کی فہرست جاری کر دی ہے۔

    محکمہ داخلہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں کالعدم یا زیر نگرانی تنظیموں اور ان کے ذیلی اداروں کو قربانی کی کھالیں نہ دیں،انسدادِ دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت ایسی تنظیموں کی ہر قسم کی معاونت جرم تصور کی جاتی ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ترجمان کے مطابق پنجاب میں خیراتی سرگرمیوں کے لیے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن لازمی ہے، جبکہ شہری صرف رجسٹرڈ اداروں کو ہی کھالیں دیں رجسٹرڈ اداروں کی تصدیق ان کے سرٹیفکیٹ پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے کی جا سکتی ہے،مدارس اور خیراتی تنظیموں کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے اجازت نامہ حاصل کرنا لازم ہے۔

    محکمہ داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی امداد حقیقی مستحقین تک پہنچے اور کسی غیر قانونی یا کالعدم تنظیم کے استعما ل میں نہ آئے،کسی بھی مشکوک سرگرمی یا کالعدم تنظیم کی جانب سے کھالیں اکٹھی کرنے کی اطلاع ٹال فری نمبر 080011111 یا ہیلپ لائن 042-99330399 اور 042-99330162 پر دی جا سکتی ہے۔

  • بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ منا رہی ہے

    بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ منا رہی ہے

    بوہری برادری آج ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وخروش سے منا رہی ہے۔

    کراچی کے علاقے صدر کی طاہری مسجد میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کر دی گئی جس میں بوہری برادری کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی،عید کے اجتماعات میں ملک میں امن و سلامتی خوشحالی اور ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

    نمازِ عید کے بعد سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے قربانی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اس موقع پرسکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ قربانی کے مراحل پُرامن انداز میں مکمل ہو سکیں۔

  • عیدالاضحیٰ کے موقع پر  مری میں دفعہ 144 نافذ

    عیدالاضحیٰ کے موقع پر مری میں دفعہ 144 نافذ

    مری کی ضلعی انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر متوقع سیاحوں کے بڑے رش کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی-

    حکام کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے مری بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے،سیاحوں کی سہولت کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی سہولت سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں مسافروں کو رہنمائی اور سفری معاونت فراہم کی جائے گی۔

    انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور اہم شاہراہوں و سیاحتی مقامات پر رش کم کرنے کے لیے مری میں 200 سے زائد ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جائیں گے،عید انتظامات کے تحت مال روڈ پر بیچلر سیاحوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ خاندانوں کے لیے زیادہ محفوظ اور دوستانہ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

    حکام نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں، ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ عید کی تعطیلات خوشگوار اور پرسکون انداز میں گزریں۔

  • عیدالاضحیٰ کا اصل پیغام: حضرت ابراہیمؑ اور بیٹے کی وہ لازوال گفتگو،تحریر:شہزاد قریشی

    عیدالاضحیٰ کا اصل پیغام: حضرت ابراہیمؑ اور بیٹے کی وہ لازوال گفتگو،تحریر:شہزاد قریشی

    عیدالاضحیٰ آتی ہے تو گلیاں قربانی کے جانوروں سے آباد ہو جاتی ہیں، بازاروں میں رونق بڑھ جاتی ہے، گھروں میں تیاریوں کا شور سنائی دیتا ہے، مگر ایک سوال ہر حساس دل سے ٹکراتا ہے: کیا عیدالاضحیٰ صرف جانور ذبح کرنے کا نام ہے، یا اس کے پس منظر میں کوئی ایسا عظیم سبق پوشیدہ ہے جسے ہم نے رسموں کی دھند میں کہیں کھو دیا ہے؟-

    اگر ہم اس عید کے اصل مرکز کی طرف لوٹیں تو ہمیں ایک بوڑھا باپ نظر آتا ہے، جس کی زندگی آزمائشوں سے بھری ہوئی ہے، اور ایک فرمانبردار بیٹا، جس کی جوانی اطاعت اور تسلیم و رضا کی تصویر بنی ہوئی ہے یہ محض قربانی کی داستان نہیں، یہ ایک باپ اور بیٹے کے درمیان ہونے والی ایسی گفتگو ہے جس نے قیامت تک کے انسانوں کو زندگی گزارنے کا راستہ دکھا دیا۔

    قرآن مجید میں وہ منظر کتنا ایمان افروز ہے، جب حضرت ابراہیم علیہ السلام اپنے بیٹے سے فرماتے ہیں:
    “اے میرے پیارے بیٹے! میں خواب میں دیکھتا ہوں کہ میں تمہیں ذبح کر رہا ہوں، اب تمہاری کیا رائے ہے؟”

    یہ الفاظ محض ایک حکم سنانے کے نہیں، بلکہ ایک باپ کے شفقت بھرے اندازِ تربیت کے عکاس ہیں حضرت ابراہیمؑ چاہتے تو حکم صادر کر دیتے، مگر انہوں نے اپنے بیٹے کو اعتماد دیا، اس کی رائے پوچھی، اسے اس عظیم امتحان کا شریک بنایا، گویا اسلام ہمیں یہ سکھا رہا ہے کہ اولاد سے مکالمہ کیا جائے، ان کے دلوں تک رسائی حاصل کی جائے، صرف حکم چلانا کافی نہیں ہوتا، محبت اور اعتماد کے ساتھ تربیت ضروری ہے۔

    پھر بیٹے کا جواب تاریخِ انسانیت کا ایک درخشاں باب بن جاتا ہے:
    “ابا جان! آپ کو جو حکم دیا گیا ہے، اسے کر گزریے، ان شاء اللہ آپ مجھے صبر کرنے والوں میں پائیں گے۔”

    کیا آج کے دور میں یہ جملہ صرف پڑھنے کے لیے رہ گیا ہے؟ ایک طرف والدین ہیں جو اولاد کو صرف دنیا کی دوڑ میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں، دوسری طرف اولاد ہے جو والدین کی نصیحت کو بوجھ سمجھتی ہے گھر ایک چھت کے نیچے ہوتے ہوئے بھی دلوں کے فاصلے بڑھتے جا رہے ہیں ایسے میں حضر ت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی یہ گفتگو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد گھر کے اندر باپ اور بیٹے کے رشتے سے شروع ہوتی ہے۔
    عیدالاضحیٰ دراصل جانور کی قربانی سے پہلے اپنی انا، خواہشات، ضد، غصے اور نفس کی قربانی کا نام ہے حضرت ابراہیمؑ نے صرف بیٹے کو قربان کرنے کا ارادہ نہیں کیا تھا، انہوں نے اپنے دل کے سب سے محبوب رشتے کو اللہ کی رضا پر قربان کرنے کا عزم کیا تھا اور حضرت اسماعیلؑ نے اپنی جوانی، اپنی زندگی، اپنے خواب—سب کو اللہ کے حکم کے سامنے سرنگوں کر دیا تھا۔

    آج مسلمان اگر اس عید کا اصل فلسفہ سمجھنا چاہیں تو انہیں اس مکالمے کو اپنے گھروں میں زندہ کرنا ہوگا باپ صرف حکم دینے والا نہ ہو بلکہ رہنمائی اور محبت کا پیکر بنے، اور بیٹا صرف آزادی کا طلبگار نہ ہو بلکہ ادب، احترام اور اعتماد کا استعارہ بنے اگر گھروں میں مکالمہ، محبت اور اطاعت کی یہ فضا پیدا ہو جائے تو بہت سے معاشرتی مسائل خودبخود ختم ہو جائیں۔

    افسوس یہ ہے کہ ہم نے عیدالاضحیٰ کو گوشت تقسیم کرنے اور رسم ادا کرنے تک محدود کر دیا ہے، جبکہ اللہ تعالیٰ کو نہ خون پہنچتا ہے نہ گوشت؛ اس تک صرف دل کا تقویٰ پہنچتا ہے اصل قربانی تو یہ ہے کہ انسان اپنے اندر کے “اسماعیل” کو اللہ کے سپرد کرے اور اپنے نفس کے “بت” کو ذبح کر دے
    عیدالاضحیٰ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ عظمت صرف قربانی میں نہیں، بلکہ اس جذبۂ اطاعت میں ہے جو حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کے درمیان ہونے والی گفتگو میں جھلکتا ہے یہی وہ سبق ہے جسے اگر مسلمان اپنی زندگیوں میں زندہ کر لیں تو ان کے گھر بھی امن کا گہوارہ بن سکتے ہیں اور معاشرہ بھی محبت، احترام اور ایمان کی خوشبو سے مہک اٹھے گا کیونکہ عید صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں، بلکہ رشتوں، اعتماد، اطاعت اور اللہ کی رضا کے لیے اپنے سب سے محبوب کو قربان کرنے کے جذبے کا نام ہے۔

  • عید الاضحیٰ  پر 3 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

    عید الاضحیٰ پر 3 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

    پاکستان ریلویز نے عید الاضحیٰ کے موقع پر 3 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، اسپیشل عید ٹرینوں میں 7 سے 8 کوچز ہوں گی۔

    شیڈول کے مطابق پہلی ٹرین کوئٹہ سے کراچی 23 مئی کو چلے گی اور دوسری عید ٹرین کراچی سے راولپنڈی براستہ ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا 24 مئی کو چلے گی،اسی طرح، تیسری اسپیشل عید ٹرین کراچی سے لاہور کے لیے 25 مئی کو رروانہ ہوگی،جبکہ پہلی بار عید کے موقع پر پشاور کو نظر انداز کر دیا گیا، پشاور کے لیے کراچی، لاہور اور کوئٹہ سے کوئی عید ٹرین نہیں چلے گی۔

    امریکا نے کیوبا کے سابق صدر راؤل کاسترو کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا

    ذرائع کے مطابق اسپیشل ٹرینوں کو اکانومی کلاس تک محدود رکھنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی جا سکے،پاور پلانٹس کی عدم دستیابی کے باعث اس بار عید اسپیشل ٹرینوں کی تعداد محدود رکھی جا رہی ہے، تاہم حتمی شیڈول اور بکنگ سے متعلق اعلان جلد متوقع ہے۔

    پرنس رحیم آغا خان پنجم کا دورہ پاکستان، وزیراعظم شہباز سے ملاقات

  • عیدالاضحیٰ:اسلام آباد میں خصوصی ٹریفک پلان جاری

    عیدالاضحیٰ:اسلام آباد میں خصوصی ٹریفک پلان جاری

    اسلام آباد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔

    چیف ٹریفک آفیسر کی جانب سے جاری کردہ پلان کے مطابق شہر بھر کی مویشی منڈیوں کے اطراف خصوصی ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے 350 سے زائد افسران اور جوان فرائض انجام دیں گے۔

    ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مویشی منڈیوں میں روڈ پر گاڑیاں پارک کرنے سے گریز کریں اور صرف مختص پارکنگ مقامات پر ہی گاڑیاں کھڑی کریں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اضافی نفری بھی مختلف مقامات پر تعینات کی جائے گی تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

    ترازو کے نیچے دبی چیخیں ،تحریر : بینا علی

    ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جاری کردہ ٹریفک پلان پر عمل کریں اور اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    اداکارہ مومنہ کو ہراساں کرنے کا معاملہ، ایم پی اے کی طلبی ہو گئی

  • ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج طلب

    ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج طلب

    ذوالحج کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

    وزارت مذہبی امور نے ذوالحج 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا،وزارت مذہبی امور کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کراچی میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔

    زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طلب کیے گئے ہیں،وزارت مذہبی امور نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، آج ذوالحج کا چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالاضحیٰ بروز بدھ 27 مئی کو ہوگی، اگر چاند نظر نہیں آیا تو عیدالاضحیٰ 28 مئی بروز جمعرات منائی جائےگی۔

    دوسری جانب سعودی سپریم کورٹ نے بھی آج 30 ذی القعدہ کی شام کو ذی الحج کاچاند دیکھنے کی اپیل کی ہے سعودی سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کو ذی الحج کا چاند نظر آئے تو گواہی ریکارڈ کروائے۔

    قبل ازیں پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اپنی پیشگوئی میں کہا تھا کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پیدا ہونے کی توقع ہے 17 مئی 2026 کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔

    سپارکو کے مطابق ان فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر 17 مئی 2026 کی شام ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے امکانات موافق تصور کیے جا رہے ہیں، بشرطیکہ موسم صاف ہو اور افق کے قریب حد نگاہ بہتر ہو یکم ذوالحجہ 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 متوقع ہے، جو ماہ ذوالقعدہ کے اختتام کی علامت ہوگی۔

    سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی، سپارکو کے مطابق ذوالحجہ کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کے بارے میں حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔

  • اسلام آباد: عیدالاضحیٰ پر مویشی منڈیوں کے اطراف ٹریفک کیلئے خصوصی پلان تشکیل

    اسلام آباد: عیدالاضحیٰ پر مویشی منڈیوں کے اطراف ٹریفک کیلئے خصوصی پلان تشکیل

    اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عیدالاضحیٰ پر مویشی منڈیوں کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پلان تشکیل دے دیا۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی ٹریفک اور زونل ڈی ایس پیز نے شرکت کی، اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد میں قائم مویشی منڈیوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان کی منظوری دی گئی۔

    چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق ٹریفک پولیس کے 350 سے زیادہ افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے جبکہ مویشی منڈیوں کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی تعیناتیاں کی گئی ہیں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مویشی منڈیوں کے اطراف سڑکوں پر گاڑیاں پارک کرنے سے گریز کریں اور صرف مختص کردہ پارکنگ ایریاز کا استعمال کریں شہریوں کی سہولت اور ٹریفک نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں سے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون اور جاری ہدایات پر عمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے، اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کی رہنمائی کے لیے ہر وقت موجود رہے گی۔

  • ’اسپارکو‘کے مطابق پاکستان میں عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟

    ’اسپارکو‘کے مطابق پاکستان میں عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟

    پاکستان کے تحقیقاتی ادارے ’اسپارکو‘ نے فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کے آغاز کے لیے اہم پیشگوئی کی ہے-

    ’اسپارکو‘ کے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات ایک بج کرایک منٹ پر پیدا ہوگا، اسی روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی،پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، جو چاند کی رویت کے لیے ایک اہم فلکیاتی اشارہ سمجھا جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اگر موسم صاف ہو اور افق کے قریب حدِ نگاہ بہتر ہو تو 17 مئی کی شام ذوالحج کا نیا چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں لہٰذا یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر اور عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔

    اسپارکو نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام اندازے مکمل طور پر فلکیاتی حسابات پر مبنی ہیں، جبکہ ذوالحج کے چاند کی رویت اور مہینے کے آغاز سے متعلق حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، جو ملک بھر سے حاصل ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی روشنی میں باضابطہ اعلان جاری کرتی ہے۔