پاکستان سمیت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے۔
نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور وں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہو گیا، دن کا آغاز مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات سے ہوا، جہاں ملکی سلامتی، ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصو صی دعائیں مانگی گئیں۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ صفائی ستھرائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی متحرک ہیں، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے اتحاد، ایثار اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی اپیل کی ہے۔
مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد
فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج ملک میں دیرپا امن، خوشحالی اور قومی یکجہتی کیلئے دعاگو ہیں۔ افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں، عیدالاضحیٰ قربانی، ایمان اور یکجہتی کی علامت ہےمسلح افواج کے سربراہان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہدائے پاکستان کے اہلِ خانہ کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیوں نے وطنِ عزیز کی بنیادوں کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ پر قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد دی۔
اپنے بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اطاعت الہٰی، صبر، وفا، اخلاص اور ایثار کا درس دیتی ہے نفرت اور تقسیم کے بجائے محبت، برداشت اور مکالمے کو فروغ دیں، مایوسی کے اندھیروں کو خدمت، علم، محنت اور اتحاد کی روشنی سے شکست دی جاسکتی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ 10 ذوالحجہ 1447 ہجری کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عید حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی اور اطاعت کی یاد دلاتی ہے عیدالاضحیٰ ہمیں قربانی، ایثار، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے اور حقیقی ایمان یہی ہے کہ انسان اپنے ذاتی مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں وطن عزیز کا فخر ہیں، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جان دینے والے افراد قوم کے ہیرو ہیں انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ عید کے موقع پر غرباء، مساکین اور مستحق افراد کو بھی خوشیوں میں شامل کیا جائے تاکہ معاشرے میں اتحاد اور یگانگت کو فروغ ملے وزیر اعظم نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری دنیا کو امن، محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے۔
