Baaghi TV

Tag: لاہور

  • شہریوں کو مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر لوٹنے والے 2 پولیس اہلکار گرفتار ایک فرارہو گیا

    شہریوں کو مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر لوٹنے والے 2 پولیس اہلکار گرفتار ایک فرارہو گیا

    لاہور میں شہریوں کو مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر لوٹنے والے تین پولیس اہلکاروں کے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک اہلکار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ کاہنہ کی حدود میں خیابانِ امین سوسائٹی کے قریب پیش آیا، جہاں تینوں اہلکاروں نے مبینہ طور پر ناکہ لگا رکھا تھا اور شہریوں کو ڈرا دھمکا کر اسلحے کے زور پر لوٹ رہے تھے اطلاع ملنے پر پٹرولنگ پولیس نے فوری کارروائی کی، پولیس کو دیکھتے ہی اہلکار سجاد موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ د یگر دو اہلکار علی حسن اور کبیر علی کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار اہلکار علی حسن تھانہ سندر جبکہ کبیر علی تھانہ گارڈن ٹاؤن میں کانسٹیبل کے طور پر تعینات ہیں فرار ہونے والا اہلکار سجاد بھی پولیس میں کانسٹیبل ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق تینوں اہلکاروں نے مبینہ طور پر ایک گروہ بنا رکھا تھا اور شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار دونوں اہلکاروں کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ تینوں اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے فرار ہونے والے اہلکار سجاد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ملزمان اس نوعیت کی کتنی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور آیا ان کے ساتھ کوئی اور افراد بھی شامل تھے یا نہیں۔

  • شادی سے انکار پر شخص نے خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگادی

    شادی سے انکار پر شخص نے خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگادی

    لاہور: والٹن روڈ پر شادی سے انکار پر ایک شخص نے خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک کر اُسے آگ لگا دی جبکہ واقعے کے دوران ملزم خود بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر جھلس گیا، جس کے بعد متاثرہ خاتون اور زخمی ملزم دونوں کو جناح اسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔

    چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے جناح اسپتال لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ خاتون سے ملاقات کرکے اس کی خیریت دریافت کی اور اسے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خاتون کے ساتھ ہیں اس موقع پر انہوں نے ایم ایس، ڈاکٹرز اور اسپتال انتظامیہ سے متاثرہ خاتون کے علاج سے متعلق بریفنگ بھی لی۔

    حنا پرویز بٹ نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاتون کو ہر قسم کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی واقعے کا مقدمہ تھانہ فیکٹری ایریا میں درج کر لیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون اپنے 4 سالہ بیٹے کو مدرسے میں داخل کروانے کے لیے لے کر جا رہی تھی گلی میں پہنچنے پر ملزم نے اسے روک کر تنگ کرنا شروع کر دیا خاتون کے شور مچانے پر ملزم نے اس پر آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں خاتون کے چہرے، بال اور جسم کے مختلف حصے جھلس گئے۔

    حنا پرویز بٹ کے مطابق ملزم پہلے بھی 2 شادیاں کر چکا تھا اور اس کی دونوں بیویاں ناراض ہو کر میکے چلی گئی تھیں بیویوں کی ناراضی کے بعد ملزم نے اپنی پڑوسی خاتون سے دوستی کی اور 3 بچوں کی ماں کو خلع لے کر اس سے شادی کرنے کا مطالبہ کیا، خاتون کے انکار پر ملزم طیش میں آ گیا اور اس نے خاتون کو آگ لگا دی۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا، دباؤ ڈالنا یا شادی کے لیے مجبور کرنا ناقابل برداشت جرم ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح پیغام ہے کہ خواتین ہماری ریڈ لائن ہیں، خواتین پر تشدد کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خاتون کو قانونی، طبی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ خواتین پر تشدد اور ہراسگی میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

  • ایرانی طیارے کو لاہور ائیر پٔورٹ پر لینڈنگ کی اجازت تاحال نا مل سکی

    ایرانی طیارے کو لاہور ائیر پٔورٹ پر لینڈنگ کی اجازت تاحال نا مل سکی

    لاہور: تہران سے لاہور آنے والی ایرانی ایئر لائن کے طیارے کو ابھی تک لینڈنگ کی اجازت نہ مل سکی جس کے سبب تہران سے پرواز ٹیک آف ہی نہ کر سکی۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایرانی ایئر لائن طیارے نے آج صبح لاہور ایئرپورٹ پر آنا تھا،ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والی پرواز ریگولر نہیں، تہران سے آنے والی پرواز اسپیشل (ایکسٹرا پرواز) ہے جس کی لینڈنگ کے لیے وزیر خارجہ یا وزارت خارجہ کی اجازت درکار ہوگی ایرانی حکومت کی طرف سے خط موصول ہوگیا ہے، وزارت خارجہ کی جانب سے اجازت ملتے ہی تہران سے آنے والی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت مل جائے گی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اسپیشل پرواز کے لیے وزارت خارجہ یا وزیر خارجہ کی اجازت ضروری ہے۔

  • دو غیر ملکی خواتین کا مبینہ اغوا اور زیادتی ، کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کا تنازع تھا ،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور

    دو غیر ملکی خواتین کا مبینہ اغوا اور زیادتی ، کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کا تنازع تھا ،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور

    ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے انکشاف کیا کہ دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کا پس منظر کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کا تنازع تھا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کا پس منظر کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کا تنازع تھا سنگاپور میں ملنے کے بعد ملزم رضا ڈار نے خواتین سے رقم کا مطالبہ کیا اور ڈیفنس میں انہیں حبس بے جا میں رکھا پولیس نے کارروائی کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے-

    خواتین اور مرکزی ملزم رضا ڈار (مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کے قریبی رشتے دار کے درمیان سنگاپور میں کرپٹو کرنسی کے کاروبار کے حوالے سے لاکھوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا معاملہ تھا۔جب خواتین لاہور واپس آئیں تو ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر انہیں ڈیفنس کے علاقے میں کرائے کے مکان میں یرغمال بنایا اور مبینہ طور پر تشدد و زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون کے والد نے بیرون ملک سے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی، جس پر پولیس نے فوری ایکشن لے کر گاڑی کو ٹریس کیا اور دونوں خواتین کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، پولیس نے مرکزی ملزم رضا ڈار سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر کے کینٹ کچہری کی عدالت میں پیش کیا، جہاں سے عدالت نے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، میڈیکل رپورٹ میں بھی ایک خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔

    دوران پریس کانفرنس ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہاکہ پہلی کال سیف سٹی پر آئی ، سیف سٹی کال کے ایکشن کے بعد یہ ہوا، اس کے بعدوہ لوگ گھر سےتتربترہوئے،اس کی وجہ سے وہ گاڑی وہاں سے نکلی،اس کال کا ٹائم چیک کرلیں،7بج کر 18منٹ کی کال سے پہلے اے ایس پی کی وہاں موجودگی ہے، اے ایس پی کا لڑکی سے رابطہ ہے،یہ چیپٹرتوکلوز ہو جاتا ہے،ہم لائیو لوکیشن اور ٹھوس ثبوت آپ کے سامنے رکھ سکتے ہیں کیونکہ وہ قیاس آرائی تھی جس کو پوری سٹوری نہیں پتہ تھی اس نے وہاں سے سٹوری شروع کی۔

    فیصل کامران نے کہا کہ غیر ملکی خواتین کی معاونت کے لیے پولیس نے متعلقہ سفارت خانوں سے رابطہ کیا انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے اسپین کے سفارتخانے سے رابطہ کیا گیا جب کہ متاثرہ خواتین میں شامل ایک خاتون وینزویلا کی شہری ہے، جس کا سفارت خانہ پاکستان میں موجود نہیں ہے۔

    ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق متاثرہ خواتین کی سہولت اور اعتماد کے لیے خواتین پولیس افسران کو ان کے ساتھ تعینات کیا گیا اور انہیں طبی معائنے کے لیے آمادہ کیا گیاہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرانے کے مرحلے پر کچھ دشواری پیش آئی، تاہم سفارت خانے کے حکام سے ہونے والی تمام گفتگو پولیس کے ریکارڈ میں موجود ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ایک روز مزید لاہور میں قیام پر آمادہ کیا گیا، جس کے بعد اگلے روز انہیں عدالت میں پیش کر کے دفعہ 164 کے تحت ان کے بیانات ریکارڈ کرائے گئے۔ بعد ازاں ملزمان کا ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش شروع کی گئی۔

    واضح رہے کہ خواتین نے اپنے بیانات میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزم رضا ڈار نے انہیں دھمکانے کے لیے باس نامی شخص کو موقع پر بلایا تھا جو اپنے گن مینوں کے ساتھ موقع پر پہنچا تھا اور اسی نے قتل سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔

    ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ غیر ملکی خواتین کے بیانات میں جس شخص کو ’باس‘ کہا گیا تھا، اس کا اصل نام وحید ہے اب تک اس مقدمے میں 8ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ ’باس‘ کے نام سے سامنے آنے والے کردار وحید کے خلاف پہلے سے8 مقدمات درج ہیں۔

    فیصل کامران کا کہنا تھا کہ جب کسی بااثر شخصیت کا رشتہ دار کسی مقدمے میں ملوث ہو تو متعلقہ حکام سے رابطہ کرنا ضروری ہوتا ہےتفتیش کے دوران جب یہ معلوم ہوا کہ ایک ملزم ملک کے ڈپٹی وزیراعظم کا رشتہ دار ہے تو اعلیٰ حکام سے رابطہ کرنے پر انہیں ہدایت دی گئی کہ قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی کی جائے، جس کے بعد تحقیقات جاری ہیں۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید بتایا کہ اس مقدمے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی رابطہ کیا اور ہدایت کی کہ کیس کی تفتیش اور کارروائی مکمل طور پر میرٹ پر کی جائے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس کسی جج کے گھر پر چھاپہ مارنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی ان کے مطابق جج کے گھر جانے پر متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کر کے اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ہے۔

  • دھواں چھوڑنےوالی گاڑیوں کےڈرائیورزکالائسنس معطل کرنے کا فیصلہ

    دھواں چھوڑنےوالی گاڑیوں کےڈرائیورزکالائسنس معطل کرنے کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کے حکم پر اسموگ تدارک کریک ڈاؤن جاری ہے،سی ٹی او لاہور نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف اب مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے۔

    سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کمرشل گاڑیوں کے معاملے میں بھی زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے ایسی گاڑیاں جو مقررہ ماحولیاتی معیار پر پورا نہیں اتریں گی، ان کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائیں گے تاکہ فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بننے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

    انہوں نے بتایا کہ شہر میں بغیر ترپال ریت، مٹی یا تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کے داخلے پر بھی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اگر کوئی گاڑی اس پابندی کی خلاف ورزی کرتی پائی گئی تو اس کے خلاف صرف جرمانہ ہی نہیں بلکہ مقدمہ بھی درج کیا جائے گا بغیر ترپال گاڑیوں سے اڑنے والی گرد و غبار سموگ میں اضافے کا اہم سبب بنتی ہے، جس کے خاتمے کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہے۔

    سی ٹی او لاہور کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں اس عرصے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 14 ہزار 378 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جبکہ سموگ کے تدارک کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوران ایک ہزار 401 مقدمات بھی درج کروائے گئے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ بغیر ترپال ریت اور مٹی لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی گئی گزشتہ مالی سال میں ایسی 53 ہزار 599 گاڑیوں کو قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا، جنہیں جرمانے، چالان اور دیگر قانونی اقدامات کا سامنا کرنا پڑا، لاہور میں صاف ماحول کی فراہمی اور شہریوں کی صحت کا تحفظ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے

    عبدالرحیم شیرازی ے گاڑی مالکان، ٹرانسپورٹرز اور کمرشل ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت فٹنس یقینی بنائیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی مرمت کرائیں اور تعمیراتی سامان کی نقل و حمل کے دوران ترپال کا لازمی استعمال کریں سموگ کے خاتمے کے لیے شروع کی گئی مہم آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہے گی اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ لاہور کو فضائی آلودگی سے پاک اور شہریوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔

  • لاہورسےکراچی جانےوالی شالیمارایکسپریس حادثے کا شکار

    لاہورسےکراچی جانےوالی شالیمارایکسپریس حادثے کا شکار

    لاہورسےکراچی جانےوالی شالیمارایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس ٹرین کو خانیوال لوکو شیڈ کے قریب حادثہ پیش آیا جہاں ٹرین کی بوگی پٹری سے اتر گئی ، شا لیمار ایکسپریس کی ٹرالی کے ویل سے ریل کا پہیہ نکل کر دوسری بوگی سے جا لگا اور زوردار جھٹکا سے ٹرین پٹری سے اتر گئی ٹرین کی رفتار کم تھی جس کی وجہ سے معجزانہ طور پر کوئی جانی نقصان نہ ہوا ریلوے انتظامیہ کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ ملازمین کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

    واضح رہے کہ رواں سال 27 اپریل کو کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آگ لگنے کے نتیجے میں خاتون سمیت 7 افراد چل بسے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان معرض وجود میں آنے کے بعد جو ریلوے ٹریک پاکستان کو ملا تھا ، اس میں کسی قسم کی جدت لائی گئی اور نہ ہی کوئی تبدیلی کی گئی، متعدد ریلوے پلوں کی مدت معیاد پوری ہوچکی ہے مگر حکومت ان پر کوئی توجہ نہیں دے رہی اس کے علاوہ ملک بھر میں ہزاروں ایسے پوائنٹس موجود ہیں جہاں یا تو پھاٹک نہیں اوریا پھر پھاٹک والا نہیں ہوتا جس کی وجہ سے خوفناک حادثات رونما ہوتے ہیں۔

  • پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم  گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی

    پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا-

    محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم بعد از دوپہر مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، ا سلام آباد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا ،شام کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شام اور رات کو خضدار اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے شہر نوکنڈی میں سب سے زیادہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، دا لبندین، جیکب آباد اور دادو میں 44، سکھر 43 ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور چلاس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، مظفرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور گلگت میں پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • لاہور سے براہ راست مانچسٹر کیلئے پی آئی اے کی افتتاحی پرواز 235 مسافروں کے ساتھ روانہ

    لاہور سے براہ راست مانچسٹر کیلئے پی آئی اے کی افتتاحی پرواز 235 مسافروں کے ساتھ روانہ

    پی آئی اے نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے افتتاحی پرواز پی کے 709 جمعرات کو 325 مسافروں کو لے کر لاہور سے مانچسٹر روانہ ہوئی-

    پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق لاہور سے مانچسٹر کی براہِ راست افتتاحی پرواز پی کے 709، 2 جولائی 2026 کو 325 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی، اس موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر سادہ مگر پروقار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پرواز کی روانگی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا،پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے مسافروں کو رخصت کیا اس موقع پر مسافروں نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا-

    ترجمان کے مطابق اس سے قبل مانچسٹر سے لاہور کی پہلی براہِ راست پرواز گزشتہ رات روانہ ہوئی تھی، جسے مانچسٹر ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ اور مانچسٹر ایئرپورٹ گرو پ کے حکام نے الوداع کیا لاہور سے مانچسٹر براہِ راست پروازوں کا آغاز پی آئی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں ایک اہم اضافہ ہے نئی سروس کے بعد پاکستان اور ما نچسٹر کے درمیان پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 5ہو گئی ہے، جن میں 4پروازیں اسلام آباد سے جبکہ 1 پرواز لاہور سے آپریٹ کی جائے گی، نئی پروازوں سے پاکستان اور برطا نیہ کے درمیان عوامی روابط مزید مستحکم ہوں گے، جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سفر کے لیے مزید سہولت میسر آئے گی۔

  • سانحہ کاہنہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھجوا دی گئی

    سانحہ کاہنہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھجوا دی گئی

    لاہور:کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے والے سانحہ کاہنہ کی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بھجوا دی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق چھت گرنے کی بنیادی وجہ اس پر ضرورت سے زیادہ ملبہ ڈالنا تھا، جس کے باعث ٹی آئرن اور گارڈر پر مشتمل ڈھانچہ اضافی بوجھ برداشت نہ کر سکا اور منہدم ہو گیا تحقیقاتی ٹیم نے قرار دیا ہے کہ چھت پر بچوں کی موجودگی کے دوران مٹی ڈلوانا واضح غفلت تھی،رپورٹ میں ماہرین کی فنی رائے بھی شامل کی گئی ہے، جس کے مطابق کمزور ڈھانچے پر اضافی وزن ڈالنے سے حادثہ پیش آیا –

    رپورٹ کے مطابق چھت گرنے کے وقت ایک خاتون ٹیچر اور 20 بچے اس کے نیچے موجود تھے،خاتون ٹیچر 34 بچوں کو ٹیوشن پڑھاتی ہے لیکن چھت گرنے کے وقت 20 بچے حاضر تھے جن میں سے 14 بچے جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے، جبکہ بچوں کی اموات سر پر شدید چوٹیں لگنے کے باعث ہوئیں، تاحال کسی متعلقہ سرکاری ادارے کے کسی اہلکار کی کوئی غفلت نظر نہیں آئی، مقدمہ درج کر کے گھر کے مالک اور اس کے بھائی سمیت 5 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجا ب مریم نواز شریف کو بھجوائی گئی رپورٹ پر باریک بینی سے غور شروع ہوگیا، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کا عمل بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ شہر بھر کے ٹیوشن سینٹرز کو بھی ایس او پیز مکمل کرنا ہوں گے۔

  • نواز شریف کا ٹیوشن سینٹر سانحہ میں 14 بچوں کی موت پردلی رنج کا اظہار

    نواز شریف کا ٹیوشن سینٹر سانحہ میں 14 بچوں کی موت پردلی رنج کا اظہار

    سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج کا اظہار کیا ہے۔

    ایکس پر جاری بیان میں نواز شریف نے کہا کہ یہ ننھے پھول قوم کا مستقبل تھے، دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں،مریم نواز شریف نے مجھے بتایا ہےکہ وہ مصمم ارادے کےساتھ اس افسوسناک واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کروا کر مجرمان کو قرار واقعی سزا دلوائیں گی،اور اس بات کو یقینی بنایا جائےگا کہ اس سانحے کے ذمہ داروں کو مثالی سزا ملے، اللہ تعالیٰ بچوں کو جوارِ رحمت میں جگہ، زخمیوں کو کامل شفا اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین

    واضح رہے گزشتہ روز لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ابتدائی رپورٹ طلب کر لی تھی۔