Baaghi TV

Tag: لاہور

  • لاہور: ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت نے موٹر سائیکل سوار کی جان لےلی

    لاہور: ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت نے موٹر سائیکل سوار کی جان لےلی

    لاہور میں ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت نوجوان کی جان لے گئی، شادمان مارکیٹ یوٹرن کے قریب ڈیوٹی پر مامور ٹریفک وارڈن بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو روکنے کے لیے اچانک بیچ سڑک میں آ گیا، اور تیر رفتار بائیک وارڈن سے ٹکرا کر گری۔

    واقعہ 26 اگست کو پیش آیا تھا، جس میں ٹریفک اسسٹنٹ زخمی ہوا، جب کہ شہری اسپتال میں دم توڑ گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے،جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 30 سالہ زین اہلکار سے ٹکرانے کے بعد توازن برقرار نہ رکھ سکا تھا اور اس کا سر فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار کو روکنے پر ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق اور موٹر سائیکل سوار حادثے کا شکار ہوئے، دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    اس واقعے کی فوٹیج خود سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے شیئر کی ہے، فوٹیج میں ٹریفک اہلکار کو نہایت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک کے درمیان آ کر موٹر سائیکل روکنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد موٹر سائیکل سوار کا توازن بگڑا اور وہ گر گیا۔

    ترجمان ٹریفک ہولیس کے مطابق ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے گھر روانہ کر دیا گیا تھا، تاہم زخمی موٹر سائیکل سوار زین پانچ روز سروسز اسپتال میں زیرِعلاج رہنے کے باوجود جاں بر نا ہو سکا نوجوان کا سر فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا تھا، جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا تھا۔

    پولیس لاش سروسز اسپتال سے جنرل اسپتال لے گئی ہے، اور تاحال فیملی کے حوالے نہیں کی گئی ہے،اہلکار کی شدید غفلت کے باوجود ٹریفک پولیس نے واقعے کے نتائج سے اپنی جان چھڑانے کے لیے متاثرہ نوجوان کے خلاف پولیس اہلکار کو زخمی کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا، جس پر متاثرہ نوجوان کی والدہ نے مقدمے کے اخراج کے لیے درخواست بھی دی لیکن بے سود رہی، والدہ نے کہا کہ حادثے کے ذمہ دار ٹریفک وارڈن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی دوسری طرف پولیس نے دکھایا کہ مرنے والا خود ہی قصور وار تھا-

    اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ محمد زین ایک نجی کمپنی میں الیکٹریشن کے طور پر کام کرتا تھا اور واقعے سے صرف تین ہفتے قبل ہی اس کی منگنی ہوئی تھی۔ متوفی کی والدہ نے انصاف نہ ملنے اور لاش کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مبینہ طور پر کہا جا رہا ہے کہ ہم تحریری طور پر یہ بیان دیں کہ حادثے میں غلطی زین کی تھی، جس کے بعد ہی لاش ہمارے حوالے کی جائے گی، جبکہ میت اس وقت جنرل اسپتال میں موجود ہے۔

    جاں بحق ہونے والے نوجوان زین کے بھائی ایاز نے تھانہ شادمان اور ڈی آئی جی آفس میں درخواست جمع کرائی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ٹریفک اسسٹنٹ کی مبینہ حرکت کے باعث زین موٹر سائیکل سے گرا اور اسے سر کی مہلک چوٹ آئی۔

    درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکار نے نوجوان کو دھکا دیا، جبکہ زین کے دفتری ساتھیوں اور راہگیروں نے بھی پوری صورتحال اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے۔

    اس کے علاوہ اہلِ خانہ نے زین کا سامان، رقم، شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس واپس کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہےمتوفی کے ورثا نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور شفاف تحقیقات کے بعد ذمہ دار اہلکار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    اہل خانہ نے ٹریفک اسسٹنٹ اور سینئر ٹریفک وارڈن کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ٹریفک اسسٹنٹ سڑک کے درمیان آیا اور چلتی موٹر سائیکل کو دھکا دیا، جس کے نتیجے میں زین گر کر شدید زخمی ہو گیا،دوسری طرف سی ٹی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی صدر زون کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

  • پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلرز سے روابط کا انکشاف

    پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلرز سے روابط کا انکشاف

    پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلرز سے روابط کا انکشاف ہوا ہے-

    پولیس کی ٹارگٹ کلنگ اور ٹارگٹ کلرز سے روابط کے الزام کی تحقیقات کے دوران زیر حراست 2 پولیس اہلکاروں سے تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں،پولیس کے مطابق اہلکار اسٹریٹ کرائم میں مرکزی ٹارگٹ کلر ریحان کی پشت پناہی کرتے تھے۔

    پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلر ریحان میٹرو بس میں موبائل چوری اور اسنیچنگ کی وارداتیں کرتا تھا زیر حراست پولیس اہلکار اپنے یونٹس میں موجود اثر و رسوخ اور تعلقات استعمال کرکے ریحان کی مدد کرتے رہےپولیس اہلکار ٹارگٹ کلر ریحان کی ضمانت پر رہائی اور اس کا ریکارڈ ختم کروانے میں مدد کرتے تھے، زیر حراست ایک اے ایس آئی کریمنل ریکارڈ برانچ میں جبکہ کانسٹیبل لوئر مال انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھا۔

    پولیس کے مطابق زیر حراست دونوں اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں، جبکہ ان کے موبائل فونز کا فرانزک بھی جاری ہے۔

  • لاہور میں بڑا ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ ،بینک افسر سمیت 3 رکنی گروہ گرفتار

    لاہور میں بڑا ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ ،بینک افسر سمیت 3 رکنی گروہ گرفتار

    لاہور: ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ کے ایک بڑے کیس میں نجی بینک کے 170 سے زائد صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کا انکشاف ہواہے-

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق ملزمان نے بینکنگ سسٹم سے کروڑ پتی صارفین کا انتخاب کیا، ان کے موبائل نمبر، ای میل اور پتے تبدیل کیے، نئے اے ٹی ایم کارڈ حاصل کیے اور پھر اکاؤنٹس سے رقوم نکال لیں،گروہ نے 5 مالدار صارفین کے اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے نکال لیے تھے تاہم کارروائی کر کے مزید صارفین کو نقصان سے بچا لیا گیا۔

    گروہ میں شامل نجی بینک کے ایک افسر نے مبینہ طور پر 170 سے زائد صارفین کا ڈیٹا اپنے ساتھیوں کو فراہم کیا، ملزمان نئے اے ٹی ایم کارڈز کی درخوا ست دینے کے بعد کسی دوسرے گھر کے باہر ریکی کرتے اور جعل سازی سے رائیڈر سے کارڈ وصول کرلیتے تھے ایف آئی اے نے تین رکنی گروہ کے قبضے سے 90 لاکھ روپے نقد اور اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لیے گرفتار ملزمان کی شناخت عبداللہ، عمران عزیز اور عاطف کے نام سے ہوئی۔

    ایف آئی اے نے شہریوں کو نئی نوعیت کے اس فراڈ سے محتاط رہنے اور اپنے بینک اکاؤنٹس کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کر دی۔

  • پٹرول لیوی پر احتجاج:جماعت اسلامی کے پاس اسلام آباد آنے کا آپشن بھی موجود ہے ،حافظ نعیم الرحمان

    پٹرول لیوی پر احتجاج:جماعت اسلامی کے پاس اسلام آباد آنے کا آپشن بھی موجود ہے ،حافظ نعیم الرحمان

    امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ہر پلان میں زرعی ٹیکس لگانے کا مطالبہ کرتا ہے ، زرعی ٹیکس ان پر لگنا چاہئے جس کے پاس سو ایکڑ سے زائد زمین ہو-

    اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے سب پریشان ہیں، پٹرول کی مد میں آٹھ ہزار ارب کا ٹیکس حاصل کیا جا رہا ہے، حکومت عوام کیساتھ بد دیانتی کر رہی ہے ایک لیٹر پر 130 روپے ٹیکس اور 80 روپے لیوی ہے، آئی ایم ایف ہر پلان میں زرعی ٹیکس لگانے کا مطالبہ کرتا ہے ، زرعی ٹیکس ان پر لگنا چاہئے جس کے پاس سو ایکڑ سے زائد زمین ہو،اگر حکومت لیوی کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹتی تو جما عت اسلامی آگے بڑھے گی، لیوی ختم کردی جائے تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 200 سے 250 روپے تک آ سکتی ہیں۔

    حافظ نعیم نے کہا کہ کل پشاور میں عوام کا جم غفیر آیا تھا، دھرنوں میں تاجر، علماء، نوجوان سول سوسائٹی کے افراد آ رہے ہیں، آج لاہور جاؤں گا اور دھرنا دوبارہ جوائن کروں گا، لاہور کے بعد کراچی اور دیگر شہروں میں احتجاجی کیمپ بھی لگائیں گے، جماعت اسلامی کے پاس اسلام آباد آنے کا آپشن بھی موجود ہے ، پورے ملک سے پیدل مارچ کرتے ہوئے لوگ اسلام آباد آئیں گے،حکومت نے ہمیں اسلام آباد آ کر مذاکرات کی دعوت دی لیکن ہم نے دھرنے میں مذاکرات کیلئے کا کہا ہے۔

  • گوگل کے اعلیٰ سطحی وفد کا آفس آف اے آئی پنجاب  کادورہ

    گوگل کے اعلیٰ سطحی وفد کا آفس آف اے آئی پنجاب کادورہ

    گوگل کے اعلیٰ سطحی وفد نے آفس آف اے آئی پنجاب کا دورہ کیا-

    وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار سے پنجاب کے اے آئی اور ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے فروغ پر اہم ملاقات ہوئی گوگل کے وفد کی قیادت ایشیا پیسیفک کے نائب صدر ولسن وائٹ نے کی، ملاقات میں ڈویلپرز، اسٹارٹ اپس اور شہریوں کے لیے جدید اے آئی ٹولز تک رسائی بڑھانے سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب کو جنوبی ایشیا کا صفِ اول کا اے آئی اور ٹیکنالوجی ہب بنایا جا رہا ہے، پنجا ب کے نوجوان ڈویلپرز اور اسٹارٹ اپس کو عالمی سطح کے اے آئی ٹولز سے جوڑنا حکومت کی ترجیح ہے، اے آئی کو شہریوں اور کاروباری اداروں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے، جبکہ آفس آف اے آئی پنجاب حکومت کے اے آئی اقدامات کے لیے مرکزی رابطہ کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔

    علی ڈار کے مطابق ملاقات میں گوگل اور آفس آف اے آئی پنجاب کے درمیان تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیاعالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے تعاون سے پنجاب کے ڈویلپرز اور اسٹارٹ اپس کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے،حکومت کا مقصد اے آئی کے فوائد عام شہریوں، کاروباری شعبے اور حکومت تک پہنچانا ہے،ذمہ دارانہ اے آئی کے فروغ کے ساتھ پنجاب میں ایک مضبوط، جامع اور جدید ٹیکنالوجی ایکو سسٹم تشکیل دیا جا رہا ہے۔

  • ڈرفٹنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم

    ڈرفٹنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم

    سی ٹی او لاہور نے ڈرفٹنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

    لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی ویڈیوز کے خلاف اب سخت ایکشن ہوگاجبکہ زگ زیگ، روڈ بلاکنگ، ڈرفٹنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف مقدمات کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے،سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ویڈیوز کی مدد سے ڈرائیورز اور گاڑیوں کی شناخت کرتے ہوئے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

    سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے والوں کے چالان نہیں بلکہ مقدمات درج ہوں گے، ون ویلنگ، ڈرفٹنگ، روڈ ریج اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کی صلاحیتوں کو تعمیری کاموں میں وقف کریں۔

    سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ روڈ ریج، روڈ بلاکنگ، ہلڑبازی، ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کی ویڈیوز 03225638888 پر واٹس ایپ کریں،لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے 3 مختلف واقعات میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، تھانہ فیکٹری ایریا، تھانہ نارتھ کینٹ اور تھانہ سبزہ زار میں مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

  • لاہور کی اسکائی لائن پر پاکستان کی سب سے بڑی تھری ڈی  اسکرین نصب

    لاہور کی اسکائی لائن پر پاکستان کی سب سے بڑی تھری ڈی اسکرین نصب

    سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) نے لاہور کی اسکائی لائن پر پاکستان کی سب سے بڑی تھری ڈی اسکرین’دی بگ ون‘ نصب کردی۔

    سی بی ڈی پنجاب کے مطابق سی بی ڈی ورٹیکس پر نصب کی جانے والی جدید اسکرین کا سائز 122 بائی 70 فٹ ہے جو لاہور کی اسکائی لائن پر پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل کینوس کے طور پر متعارف کرائی گئی ہے، اس اسکرین پر تصاویر، ویڈیوز اور تھری ڈی اینیمیشنز پیش کی جا سکیں گی۔

    سی بی ڈی پنجاب کے مطابق ’دی بگ ون‘ کو نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، جو ملکی و بین الاقوامی برانڈز کیلئے بڑے پیمانے پر تشہیر کا جدید پلیٹ فارم فراہم کرے گی، سی بی ڈی ورٹیکس پر نصب یہ ڈیجیٹل کینوس برانڈز کو اپنی مصنوعات، شناخت اور کہانی کو منفرد اور بڑے انداز میں پیش کرنے کا موقع دے گا۔

    سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے ’دی بگ ون‘ کو جدت اور ٹیکنالوجی کی سوچ کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی بی ڈی پنجاب پاکستان کے پہلے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور پہلے آئی ٹی سٹی کے بعد ایک اور منفرد منصوبہ لے کر آیا ہے’دی بگ ون‘ سی بی ڈی پنجاب کا ایک اور بڑا تکنیکی سنگ میل ہے اور یہ بڑے برانڈز کیلئے اپنی مصنوعات اور شناخت نمایاں کرنے کا نیا اور جدید پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔

    عمران امین کے مطابق ’دی بگ ون‘ کو کمرشل ایڈورٹائزنگ کیلئے استعمال کیا جائے گا اور یہ لاہور کے ڈیجیٹل لینڈ سکیپ کو ایک نئی شناخت دے گی، بڑے برانڈز بڑے پلیٹ فارم پر اپنی شناخت منواتے ہیں، جبکہ ’دی بگ ون‘ برانڈز کو اپنی مصنوعات اور کہانی بڑے اور مؤثر انداز میں عوام کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی،جدید تھری ڈی اینامورفک ٹیکنالوجی سے مزین یہ اسکرین لاہور کے شہری منظرنامے میں ڈیجیٹل تشہیر کے نئے رجحانات متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ شہر کی جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی شناخت کو بھی اجاگر کرے گی۔

  • حضرت داتاکے983 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ، اسحاق ڈار نے رسم چادر پوشی کی

    حضرت داتاکے983 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ، اسحاق ڈار نے رسم چادر پوشی کی

    نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ملکی استحکام کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کا ابلاغ ضروری ہے-

    تفصیلات کے مطابق حضرت سید علی بن عثمان الہجویری ؒ المعروف حضرت داتاگنج بخش ؒ کے983 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہوا، نائب وزیر اعظم پاکستان، سینیٹرمحمد اسحاق ڈار نے رسم چادر پوشی کی۔

    مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب/چیئرمین امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار علی ڈار،صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے علاوہ صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبی شجاع الرحمن، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

    حضرت داتا گنج بخش کے عرس کی سالانہ تقریبات اور سبیل دودھ کا افتتاح کردیا گیا،تقریب کا آغازقاری سیّد صداقت علی اور قاری غلام فرید الحسنی نے تلاوت کلام پاک سے کیا ، اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ ملکی استحکام کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کا ابلاغ ضروری ہےحضرت داتا گنج بخشؒ خطّے میں محبت، رواداری اور انسان دوستی کی علامت ہیں۔

    اس موقع پرنائب وزیر اعظم نے محکمہ اوقاف کی اشاعت خاص کا بھی کا افتتاح کیاسیکرٹری اوقاف کا کہنا تھا کہ عرس کے ایّام میں پنجاب ٹورازم فورس کے 30 اہلکاران (20 مرد اور 10 خواتین) پر مشتمل خصوصی ٹیم بھی دوشفٹوں میں اپنے فرائض سرانجام دے گی۔

  • مون سون کا دوسرا اسپیل:لاہور میں شدید بارش،130 سے زائد مقامات زیرِ آب

    مون سون کا دوسرا اسپیل:لاہور میں شدید بارش،130 سے زائد مقامات زیرِ آب

    لاہور بارش سے متاثر، 130 سے زائد مقامات زیرِ آب

    مون سون کے دوسرے اسپیل نے لاہور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا چوبرجی، جین مندر، بورڈ آف ریونیو، لائبریری چوک، چرچ چوک، ڈلٹن، اک موریا، کشمیری گیٹ، شالیمار چوک، تحسین چوک، شاہدرہ چوک، ٹمبر مارکیٹ، لاری اڈا، سبزی منڈی، حاجی کیمپ، لکشمی چوک، قرطبہ چوک، مولا بخش چوک، قادری چوک، جوڑے پل، افشاں چوک، غازی روڈ، گجومتہ، عسکری 11، وطین چوک، پیراگون، پیر بہاشاہ چوک، چلڈرن ہسپتال، چونگی امرسدھو، جنرل ہسپتال، فردوس مارکیٹ، برکت مارکیٹ، فاطمہ میموریل ہسپتال، بگریاں اور کجلباش چوک سمیت 130 سے زائد مقامات پر بارشی پانی جمع ہونے سے ٹریفک شدید متاثر ہے۔

    سی ٹی او لاہور سمیت تمام ٹریفک افسران و وارڈنز فیلڈ میں موجود ہیں،ٹریفک پولیس نے اپیل کی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔

    دوسری جانب واسا لاہور کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر عبداللطیف نے کہا کہ مون سون سیزن کے لیے اس بار گزشتہ برس کے مقابلے میں کہیں بہتر تیاریاں کی گئی ہیں اور اگر شہر میں کہیں بھی بارش کا پانی جمع ہوتا ہے تو واسا کا ہدف ایک گھنٹے کے اندر اسے نکالنا ہے، واسا نے نئی مشینری خریدی ہے متعدد ری چارج ویلز نصب کیے گئے ہیں جبکہ لاہور میں موجود تقریباً 3 ہزار کلومیٹر طویل سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی کی جا چکی ہے، اس کے علاوہ شہر کی 7 بڑی ڈرینز، جن کی مجمو عی لمبائی 94 کلومیٹر ہے ان کی صفائی کا عمل 3 مرتبہ مکمل کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر لاہور میں 100 سے 150 ملی میٹر تک بارش بھی ہو جائے تو واسا ایک گھنٹے کے اندر شہر کی اہم سڑکوں سے پانی نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے جہاں بھی بارش کا پانی جمع ہوگا اسے ایک گھنٹے کے اندر کلیئر کرنے کی کوشش کی جائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر کے لیے تقریباً 700 نئی مشینیں خریدی گئی ہیں جن میں واسا کے ٹرک، سکر مشینیں اور ٹریکٹرز شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہی وسائل کی بدولت اس سال مون سون کی تیاریاں گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ مؤثر اور جامع ہیں۔

    عبد اللطیف کے مطابق لاہور میں تقریباً 18 ری چارج ویلز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ یہ کنویں ان مقامات پر بنائے گئے ہیں جہاں ماضی میں بارش کا پانی کھڑا رہتا تھا اب بارش کا پانی ان ری چارج ویلز میں جمع ہو کر قدرتی انداز میں فلٹر ہوتا ہے اور بعد ازاں پارکس اور گرین بیلٹس کی آبپاشی سمیت دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، ری چارج ویلز میں سیوریج کا پانی شامل نہیں ہوتا، اسی لیے یہ کنویں صرف ان مقامات پر تعمیر کیے گئے ہیں جہاں سیوریج کے پانی کے ملنے کا کوئی خدشہ موجود نہیں۔

  • سفارت خانوں کا ڈیٹا ہیک کرنے والے گروہ کے 12 ملزمان گرفتار

    سفارت خانوں کا ڈیٹا ہیک کرنے والے گروہ کے 12 ملزمان گرفتار

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سفارت خانوں کا ڈیٹا ہیک کرکے ویزا درخواست گزاروں سے فراڈ کرنے والے گروہ کے 12 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے علی وسیم نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سعودی عرب، جرمنی اور اٹلی کے سفارت خانوں کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر رہے تھے ملزمان نے مبینہ طور پر سفارت خانوں کے رابطہ نمبرز ہیک کرکے اپنے نمبرز پر ڈائیورٹ کر رکھے تھے، جس کے ذر یعے وہ ویزا اور اپوائنٹمنٹ کے خواہشمند افراد کو دھوکا دیتے تھے۔

    ان کے مطابق این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز، موبائل فونز اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے ہیں مختلف سفارت خانوں کی جانب سے شکایات اور رابطے کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں، جس کے نتیجے میں اس گروہ کا سراغ لگایا گیا، گرفتار گروہ 2019 سے سر گرم تھا اور ویزا ایکسٹینشن، اپوائنٹمنٹ لینے اور سفارتی خدمات کے خواہشمند افراد کو نشانہ بنا کر فراڈ کرتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ملزمان نے جعلی ویب سائٹس اور سفارت خانوں جیسا ماحول بھی تیار کر رکھا تھا تاکہ شہریوں کو اصل اور جعلی نظام میں فرق محسوس نہ ہو سکے ملزمان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ مبینہ طور پر استعمال ہونے والی ”ٹائیکون ٹو ایف اے“ نامی ہیکنگ ایپلیکیشن کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ کال سینٹرز کی نگرانی اور تحقیقات کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل جوائنٹ ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے، تاکہ سائبر فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔