Baaghi TV

Tag: وزیراعظم

  • یومِ فضائیہ: صدر مملکت اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت

    یومِ فضائیہ: صدر مملکت اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلکاروں کی شاندار کارکردگی اور بے مثال بہادری کو سراہا ہے۔

    اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا مظاہرہ کیا، جبکہ معرکۂ حق میں بھی پاک فضائیہ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا،پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی جرأت مندانہ قیادت، بہترین منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہے،تعداد میں کم ہونے کے باوجود پاک فضائیہ نے بھرپور مقابلہ کرنے کی اپنی روایت برقرار رکھی۔

    آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، وہ ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ہر موقع پر بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور ملکی فضائی حدود کے دفاع میں اس کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے ہر مشکل اور جنگی صورتحال میں اپنی صلاحیتوں کا بارہا لوہا منوایا۔

    7 ستمبر کو یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ قا بلیت، مہارت اور برتری ثابت کی ہے، پاک فضائیہ ایک قابلِ فخر ادارہ ہے جس کی تاریخ قربانی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے عبارت ہے،‘اس ادارے نے جب بھی قوم نے پکارا، غیر معمولی حوصلے اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔’

    وزیراعظم نے ستمبر 1965 کی جنگ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے ہوا بازوں نے ملکی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے غیر معمولی جذبے اور عزم کا مظاہرہ کیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے آسمان کی وسعتوں میں اپنے عزم اور جذبے سے کامیابی حاصل کی۔

    انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا قومی اعزاز ہے،وزیراعظم نے مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ ہونے والے معرکہ حق کے دوران پاک فضائیہ کے کردار کو بھی اجاگر کیاانہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دیگر مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور اپنی صلاحیتوں کا ایک بار پھر بھرپور مظاہرہ کیا۔

  • عید میلادالنبیﷺ :صدر مملکت،وزیراعظم اور وزیرداخلہ کی قوم وامت مسلمہ کو مبارکباد

    عید میلادالنبیﷺ :صدر مملکت،وزیراعظم اور وزیرداخلہ کی قوم وامت مسلمہ کو مبارکباد

    ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یومِ ولادت مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

    صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 12 ربیع الاول 1448ھ کے بابرکت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو جشنِ ولادتِ رسول اکرم ﷺ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ ﷺ کو انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 12 ربیع الاول ہمیں اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کی یاد دلاتا ہے جس کے ذریعے انسانیت کو ایمان، ہدایت، عدل، رحمت اور اخلاقِ حسنہ کا کامل راستہ عطا ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا۔ نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت عالم انسانیت کے لیے ایسے روشن دور کا آغاز تھی جس میں جہالت کی تاریکی چھٹی، علم و ہدایت کا اجالا پھیلا، ظلم کا خاتمہ اور عدل و انصاف کا قیام عمل میں آیا جبکہ طبقاتی تقسیم کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اخوت، مساوات اور بھائی چارے کو فروغ ملا۔

    صدر زرداری کا کہنا تھا کہ رسول اکرم ﷺ نے اپنے اسوۂ حسنہ کے ذریعے قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے انفرادی اور اجتماعی فلاح و نجات کا بے مثال انقلاب برپا کیا۔ ایک صالح معاشرے کے قیام کے لیے اعلیٰ انسانی اقدار، عدل، رحم، احساسِ ذمہ داری، تقویٰ اور پرہیزگاری کو اختیار کرنا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ہمیں انسانوں کے درمیان باہمی احترام، خیرسگالی اور حسنِ سلوک کو فروغ دینے کا درس دیتی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے کمزور، محروم، یتیم، مسکین اور ضرورت مند افراد کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیا 12 ربیع الاول کا تقاضا ہے کہ عشقِ رسول ﷺ کا اظہار آپ ﷺ کی سیرت و سنت کو اپنے انفرادی اور اجتماعی اعمال میں اپنا کر کیا جائے۔ بحیثیت امتِ محمدی ﷺ ہمیں معاشرے میں عدل و انصاف، برداشت، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی وقار کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔

    انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ سیرتِ طیبہ سے رہنمائی لیتے ہوئے علم، بلند کردار، محنت اور خدمت انسانیت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں، صدر آصف علی زرداری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ اور پاکستان کے عوام کو رسول کریم ﷺ کی سچی محبت، اتباع اور اسوۂ حسنہ پر عمل کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی دے اور پوری انسانیت کے لیے خیر و سلامتی کا ذریعہ بنائے۔ History

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی 12 ربیع الاول 1448ھ کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم مسلمانوں کو حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت پر دلی مبارکباد پیش کی۔

    وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ مطہرہ نے ایمان، علم، اخلاق اور عدل پر مبنی ایک مکمل اور مثالی ضابطۂ حیات کا پیغام عالم انسانیت تک پہنچایا،اس سال قومی سطح پر عید میلاد النبی ﷺ کو "نسلِ نو کا تحفظ، تعبیر اور کردار، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔

    وزیراعظم کے مطابق نوجوان نسل کی بہترین کردار سازی کے لیے سچائی، دیانت، محنت، نظم و ضبط، قانون کی پاسداری اور احساسِ ذمہ داری جیسی اسلامی اقدار کو ان کی تربیت کا حصہ بنانا ہوگا تاکہ وہ سیرتِ رسول ﷺ کی روشنی میں علم و تحقیق، محنت اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی بعثت نے انسانی معاشرے کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں نئی سمت عطا کی۔ مکہ مکرمہ میں توحید، تقویٰ اور اخلاقی پاکیزگی کے ذریعے اصلاح کی بنیاد رکھی گئی جبکہ مدینہ منورہ میں عدل و مساوات، قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق و فرائض پر مبنی معاشرہ قائم کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ اسوۂ حسنہ ﷺ تمام مسلمانوں کی دینی و دنیاوی اصلاح، فلاح اور کامیابی کے لیے مشعلِ راہ ہے اور سیرتِ النبی ﷺ ہر دور کے بدلتے تقاضوں کے باوجود بنی نوع انسان کے لیے کامل رہنمائی کا سرچشمہ ہےموجودہ دور کے معاشی، معاشرتی اور اخلاقی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی زندگی کو سیرتِ طیبہ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول ہمیں اتحاد و یکجہتی، بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب احترام کے فروغ کا بھی درس دیتا ہےاختلاف کو دشمنی میں تبدیل کرنے کے بجائے مکالمہ، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہی اسوۂ رسول ﷺ کے مطابق مضبوط اور پُرامن معاشرے کی بنیاد ہے۔

    وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ اس مبارک دن سیرتِ طیبہ کو کردار، انفرادی رویوں اور اجتماعی طرزِ عمل کا حصہ بنانے اور پاکستان کو مضبوط، خوشحال، پُرامن اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا جائے۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا ہے۔

    محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید الانبیاء، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائےآپ ﷺ کی ولادت باسعادت پر دنیا نے نور کا چہرہ دیکھا، ظلمت نے شکست کھائی اور انسانیت نے عدل و رحم کا حقیقی مفہوم پایا،صادق و امین کی حیثیت سے نبی کریم ﷺ نے مکہ کی بے رحم فضاؤں میں دیانت اور ایمانداری کا چراغ روشن کیا، جبکہ آپ ﷺ کی بعثت نے جاہلیت کے ہر بت کو پاش پاش کرکے انسانیت کو حق، سچ اور حکمت کا راستہ دکھایا۔

    انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے محبت، اخوت، رواداری اور انسانیت کا درس دیا اور کمزوروں، یتیموں اور محتاجوں کے حقوق کا خصوصی خیال رکھنے کی تلقین فرمائی،اسوۂ حسنہ ﷺ تمام مسلمانوں کی دینی و دنیاوی اصلاح و فلاح کے لیے مشعلِ راہ ہے،دورِ حاضر کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں سیرتِ طیبہ ﷺ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی ضرورت ہے،آج دنیا میں بدامنی، انتشار اور خلفشار کا خاتمہ صرف اسوۂ حسنہ ﷺ پر عمل پیرا ہوکر ہی ممکن ہے اس مبارک ترین دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنے کردار، انفرادی رویوں اور اجتماعی طرزِ عمل میں اختیار کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

  • وزیراعظم کی ایک بار پھراپوزیشن کومذاکرات کی دعوت

    وزیراعظم کی ایک بار پھراپوزیشن کومذاکرات کی دعوت

    وزیراعظم شہبازشریف نے ایک بار پھراپوزیشن کومذاکرات کی دعوت دی ہے-

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اراکین سے مذاکرات کے لیے تیارہیں،جوبھی مسائل ہیں ،مذاکرات سے حل کریں گے اپوزیشن کوکابینہ فورم سے بات چیت کی دعوت دیتاہوں،اپوزیشن سے بامقصد بات چیت کریں گے۔

    وزیراعظم نے ڈیزل کی قیمت کم ہونے پروزارت پیٹرولیم کوخراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 32روپے کی کمی خوش آئندہے،پوری ٹیم کی کاوشوں سے ڈیزل کی قیمت کم ہوئی،معاشی استحکام کےلیےاقدامات کیےہیں،عوام کو ریلیف دینے کےلیے کوشش کررہے ہیں،خطےکے کئی مما لک میں ریفائنریزاورگیس پلانٹس بند ہیں-

    شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان توانائی درآمدکرنے والاپہلا ملک ہے ،آئندہ دنوں تک صورتحال مزید بہتر ہوجائے گیمشکل حالات میں عوامی ریلیف کےلیے 128ارب روپےمختص کیے،صوبوں نے عوامی ریلیف کے لیے بہت ساتھ دیا،عالمی صورتحال کے اثرات پاکستان پربھی مرتب ہوتے ہیں۔

    واضح رہے اوگرا کی جانب سے گزشتہ شب ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 32 روپے 63 پیسے کی کمی کی گئی تھی، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 363 روپے 6 پیسے ہوگئی۔

  • آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام پر حتمی فیصلہ کرلیا گیا،اعلان آج متوقع

    آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام پر حتمی فیصلہ کرلیا گیا،اعلان آج متوقع

    مسلم لیگ ن کے اہم اجلاس میں آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام پر حتمی فیصلہ کرلیا گیا، تاہم امیدوار کے نام کا باقاعدہ اعلان آج کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق مری میں ہونے والے اجلاس کی صدارت مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت پارٹی کے دیگر اعلیٰ رہنماؤں نے شرکت کی،اجلاس میں آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے لیے پارٹی کے صدر شاہ غلام قادر اور طارق فاروق کے نام مضبوط امیدواروں کے طور پر زیر غور رہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں مختلف نشستوں پر نامزدگیوں کے حوالے سے بھی مشاورت مکمل کرلی گئی ہے،مخصوص نشستوں کے لیے سحرش قمر، مریم کشمیری، ناصرہ خان اور نثارہ عباسی کے نام زیر غور آئے، جبکہ اوورسیز نشست کے لیے حاجی احسان دانش، عبدالرحمان آرائیں اور راجا وسیم کے ناموں پر غور کیا گیا۔

    مسلم لیگ ن کی قیادت نے تمام معاملات پر مشاورت مکمل کرلی ہے اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم سمیت دیگر نامزدگیوں کا اعلان آج کیا جائے گا،اجلاس کے اختتام پر نواز شریف اور مریم نواز لاہور روانہ ہوگئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف خود آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور دیگر نشستوں کے لیے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔

  • حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب چاروں صوبے یکساں رفتار سے آگے بڑھیں ،وزیراعظم

    حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب چاروں صوبے یکساں رفتار سے آگے بڑھیں ،وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب چاروں صوبے یکساں رفتار سے آگے بڑھیں ،بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے، تاہم پاکستان دہشت گردی کے اس چیلنج کا پوری قوت سے مقابلہ کرے گا۔

    بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچ اور پشتون عوام نے قیامِ پاکستان کے وقت تاریخی کردار ادا کیا اور اپنی قیادت کے ذریعے پاکستان میں شمولیت اختیار کرکے قومی وحدت کو مضبوط بنایا، بلوچستان کی محب وطن قیادت نے ہمیشہ قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی اور صوبہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور شریک رہا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا لیکن رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑا صوبہ ہے، جہاں طویل فاصلے اور دشوار جغرافیہ ترقیاتی منصوبوں پر زیادہ وسائل خرچ کرنے کا تقاضا کرتے ہیں، اسی حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے مالی حقوق میں نمایاں اضافہ کیا گیا، اس فیصلے میں تمام صوبوں نے اتفاق کیا، جبکہ پنجاب نے رضاکارانہ طور پر سالانہ 11 ارب روپے اضافی دینے کا فیصلہ کیا اور 2010 سے اب تک تقریباً 150 ارب روپے بلوچستان کے لیے فراہم کیے جا چکے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ وفاقی یکجہتی اور بھائی چارے کا تقاضا تھا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ میاں نواز شریف کے ادوارِ حکومت میں بھی بلوچستان کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے، جبکہ موجودہ حکومت نے بھی صوبے کے جائز مطالبات پورے کرنے کو ترجیح دی ہے بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے تقریباً 75 ارب روپے کا منصوبہ شروع کیا گیا، جس میں وفاق نے تقریباً 50 ارب روپے فراہم کیے، تاکہ کسانوں کو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکے،بلوچستان کی ترقی کےلیے وفاقی حکومت کوئی کمی نہیں چھوڑے گی-

    وزیراعظم نے کہا کہ کراچی سے چمن تک ایم-25 شاہراہ، جسے ماضی میں مسلسل حادثات کے باعث “خونی سڑک” کہا جاتا تھا، اسے جدید ایکسپریس وے میں تبدیل کیا جا رہا ہے، تقریباً 300 ارب روپے لاگت کے اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ بھی ممکن ہوگا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ڈیڑھ سے دو برس میں یہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد یہ شاہراہ ترقی، تجارت اور امن کی علامت بن جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب چاروں صوبے یکساں رفتار سے آگے بڑھیں اگر صرف ایک یا دو صوبے ترقی کریں اور د یگر پیچھے رہ جائیں تو اسے پاکستان کی ترقی نہیں کہا جا سکتا وفاق کی ذمہ داری ہے کہ ملک کے ہر حصے کو مساوی ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

    وزیراعظم نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے جسٹس عبدالقادر اور ان کے ساتھی اہلکار سمیت دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اب تک 90 ہزار سے زائد پاکستانی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، جن میں شہری، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور افواجِ پاکستان کے افسران و جوا ن شامل ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ 2017 اور 2018 تک پاکستان دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پا چکا تھا، لیکن بعد ازاں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، جو دہشت گرد عناصر کو مالی اور دیگر معاونت فراہم کر رہا ہےپاکستان نے بارہا افغان عبو ری حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین دہشت گرد تنظیموں کے استعمال سے روکے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان دو ہزار کلومیٹر سے زائد مشترکہ سرحد موجود ہے اور خطے میں امن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، تاہم، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس حوالے سے مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آ سکے۔

    انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان نے دفاعی اور سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن سے دنیا میں ملک کا وقار بلند ہوا ہے، مگر پاکستان کے دشمن ان کامیابیوں کو برداشت نہیں کر پا رہے انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر معاشی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھائے تاکہ پاکستان دنیا میں اپنا حقیقی مقام حاصل کر سکے۔

    اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے علامہ اقبال کا شعر پڑھتے ہوئے قومی اتحاد، مشترکہ جدوجہد اور انتھک محنت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ چاروں صوبوں اور 24 کروڑ عوام کی مشترکہ کوششوں سے ہی پاکستان ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار ریاست بن سکتا ہے۔

  • عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے قابلِ تقلید ہیں، وزیراعظم

    عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے قابلِ تقلید ہیں، وزیراعظم

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معروف سماجی کارکن اور انسان دوست شخصیت عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے-

    وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسی انسان دوست اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار شخصیت بلا شبہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور ایک قومی اثاثہ ہے،وہ عبدالستار ایدھی کی گراں قدر قومی اور فلاحی خدمات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے رفاہِ عامہ کے مخلصانہ جذبے کے تحت معاشرتی مسائل کے حل کے سماجی پہلوؤں کو اجاگر کیا اور ان کی بے مثا ل خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا ایک غیر معمولی باب ہیں عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کے لیے قابلِ تقلید ہیں، انہوں نے اپنی عملی زندگی سے یہ ثابت کیا کہ ہر فرد اپنی استطاعت کے مطابق معاشرتی اصلاح اور انسانیت کی خدمت میں تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی عوامی خدمات نے معاشرے میں احساسِ ذمہ داری، رواداری اور باہمی ہم آہنگی جیسی مثبت اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا، جو آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ رہیں گی انہوں نے عبدالستار ایدھی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سماجی اور فلاحی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

    دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پر اپنے پیغام میں انہیں خدمتِ خلق اور انسانیت کی روشن مثال قرار دیا کہا کہ ایدھی نے اپنی زندگی غریبوں اور بے سہارا افراد کی خدمت کے لیے وقف کی جبکہ دنیا کا سب سے بڑا رضاکارانہ ایمبولینس نیٹ ورک قائم کرنا ان کا عظیم کارنامہ ہے عبدالستار ایدھی قومی فخر اور انسانیت کی لازوال علامت ہیں اور ان کی شفقت اور انسان دوستی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے گا۔

  • بڑے  ڈسکوز کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے،وزیراعظم کی ہدایت

    بڑے ڈسکوز کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے،وزیراعظم کی ہدایت

    وزیراعظم شہباز شریف نےمتعلقہ حکام کوبجلی تقسیم کار بڑے اداروں(ڈسکوز) کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے-

    بجلی تقسیم کار سرکاری کمپنیوں(ڈسکوز) کی نجکاری سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی حصص کی فروخت شفاف اور مؤثر انداز میں کی جائے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے اور عوام کا اعتماد بھی برقرار رہےانہوں نے ہدایت دی کہ نجکاری کے بعد ایک مضبوط ریگولیٹری نظام قائم کیا جائے تاکہ صارفین کے مفادات کا تحفظ ہو اور بجلی تقسیم کے نظام میں بہتری آئے،ڈسکوز کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے، تاکہ پاور سیکٹر میں اصلاحات کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے اور معیشت پر مالی دباؤ کم ہو۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپگو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) سمیت متعدد کمپنیوں کی نجکاری کی منصوبہ بندی جاری ہے ان تینوں کمپنیوں کے لیے اظہارِ دلچسپی (ای او آئی) پہلے ہی قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جا سکے۔

    عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ

    اجلاس کو بتایا گیا کہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی ان کمپنیوں کے لیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے چکی ہے، جبکہ اس وقت مارکیٹ انگیجمنٹ اور سرمایہ کاروں سے رابطے کا عمل جاری ہےاس ماہ مختلف روڈ شوز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے سعودی عرب، ترکیہ اور چین میں خصو صی سیشنز بھی طے کیے گئے ہیں تاکہ اس عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت اور مسابقت کو یقینی بنایا جا سکے اس اقدام سے حکومت پر مالی دباؤ کم ہوگا اور بجلی کی تقسیم کے نظام کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر توانائی اویس لغاری، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیرِاعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی-

    ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انتظامی بحران کا شکار،وزیر اعلی سے نوٹس کی اپیل

  • وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دی جائے،صدر کی وزیراعظم کو ہدایت

    وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دی جائے،صدر کی وزیراعظم کو ہدایت

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، داخلی و علاقائی صورتحال اور دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایوان صدر کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرا عظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ بھی موجود تھےملاقات میں سینیٹر شیری رحمان، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر احد چیمہ بھی شریک تھے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور اور رکن قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بھی شرکت کی۔

    ملاقات کے دوران ملکی معیشت، آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ، گلگت بلتستان کے حالیہ انتخا بات، آزاد کشمیر کی صورتحال، امن و اما ن اور دیگر قومی اہمیت کے معاملات پر گفتگو کی گئی بجٹ تجاویز اور عوامی ریلیف کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے زور دیا کہ وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دی جائےصدر نے ہدایت کی کہ آنے والے بجٹ میں اقتصادی ترقی کی شرح اور عوامی فلاحی منصوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو اپنے حالیہ دورہ ایران اور علاقائی سطح پر ہونے والے سفارتی رابطوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

  • جنوبی کوریا میں دو دہائیوں میں پہلی بار  خاتون بطور وزیر اعظم نامزد

    جنوبی کوریا میں دو دہائیوں میں پہلی بار خاتون بطور وزیر اعظم نامزد

    جنوبی کوریا کی صدر لی جے میونگ نے کاروباری اور ٹیکنالوجی شعبے سے تعلق رکھنے والی ہان سیونگ سوک کو ملک کا نیا وزیرِ اعظم نامزد کر دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہان سیونگ سوک جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ناوِر کی سابق چیف ایگزیکٹو رہ چکی ہیں اور انہیں ملک کے ڈیجیٹل اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی نمایاں شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے،مزید برآں ہان سیونگ جنوبی کوریا میں 20 سال میں نامزد ہونے والی پہلی وزیر اعظم ہیں۔

    صدر لی جے میونگ کا کہنا ہے کہ ہان سیونگ سوک کی نامزدگی کا مقصد معیشت میں جدت، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپ سیکٹر کو مزید فروغ دینا ہے۔

    مبصرین کے مطابق ایک کاروباری رہنما کو وزیرِ اعظم کے عہدے کے لیے منتخب کرنا نئی حکومت کی اقتصادی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے تاہم ان کی تقرری کو حتمی شکل دینے کے لیے جنوبی کوریا کی نیشنل اسمبلی میں سماعت اور توثیق کا عمل درکار ہے۔

  • وزیراعظم  نے نئے کاروباری اوقات کار کی منظوری دے دی

    وزیراعظم نے نئے کاروباری اوقات کار کی منظوری دے دی

    وزیراعظم نے ملک بھر میں توانائی بچت مہم کے تحت کاروباری مراکز کی بندش کے نئے اوقات کار کی منظوری دے دی۔

    کیبنٹ ڈویژن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کیے جائیں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیاں اور دیگر کمرشل تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک بند کرنا ہوں گے اسی طرح ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور سبزی فروشوں کی دکانوں کے لیے رات 11 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت ہوگی، جس کے بعد انہیں بھی بند کرنا ہوگا۔

    نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ میڈیکل اسٹورز، آئی ٹی کمپنیاں، تندور، جمز اور فیول اسٹیشنز پر ان اوقات کار کی پابندی لاگو نہیں ہوگی اور وہ حسبِ معمول کام جاری رکھ سکیں گے وفاقی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ نئے اوقات کار پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تا کہ توانائی کے استعمال میں کمی اور بجلی کی بچت کے قومی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔