راولپنڈی میں قتل کے جرم میں گرفتار باپ، بھائی اور سابق شوہر کا عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا، ملزمان نے جرم کا اعتراف کیا ہے۔
پنڈی میں سترہ سالہ لڑکی سدرہ کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے جرم میں گرفتار چھ ملزمان کو پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کڑے پہرے میں سول جج قمرعباس تارڑ کی عدالت میں پیش کردیا گیا،ان ملزمان میں قتل کا حکم دینے والا جرگے کے سربراہ عصمت اللہ، مقتولہ کے والد عرب گل، بھائی ظفر گل، پہلے شوہر ضیاء الرحمان، مقتولہ کے چچا مانی سسر سلیم شامل ہیں،ملزمان کو دیکھنے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر پہنچ گئی تاہم پولیس ان تمام ملزمان کے چہرے ڈھانپ کر لائی تھی۔
تفتیشی آفیسر نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، تمام ملزمان نے قتل کا اعتراف کرلیا ہے، ملزمان سے گلا دبا کر مارنے والا تکیہ اور دیگر آلات برآمد کرنے ہیں سات دن کا ریمانڈ دیا جائے، ملزمان سے تفتیش کرنی ہے تفتیش میں تمام ملزمان سے ان کے تحریری بیانات لیے جائیں گے،عدالت نے تمام ملزمان کا 4 دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا اور تفتیش مکمل کرکے یکم اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی 8 اپیلیں سماعت کے لیے مقرر ہوگئیں-
سپریم کورٹ نے عمران خان کی ضمانت بعداز گرفتاری کی 8 اپیلیں کل سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کل ساڑھے نو بجے سماعت کرے گا، جسٹس محمد شفیع صدیقی بھی بینچ میں شامل ہیں۔
عمران خان نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کے ذریعے 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لئے اپیلیں دائر کی تھیں، لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتاری خارج کر دی تھی۔
واضح، رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا،اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھااس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔
منڈی بہاؤالدین کی تحصیل پھالیہ کے نواحی گاؤں اسداللہ پور میں شخص نے مبینہ طور پر زمین کی رقم کے تنازع پر والدین اور بیوی کو فائرنگ کرکے بے رحمی سے قتل کر دیا-
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول محمد حسین نے کچھ عرصہ قبل اپنی 4 کنال زرعی زمین تقریباً 2 کروڑ روپے میں فروخت کی تھی، روزگار کے سلسلے میں کویت مقیم ان کا بیٹا احسان اللہ چار روز قبل ہی وطن واپس آیا تھا،ملزم نے وطن واپسی پر مبینہ طور پر والد سے زمین کی فروخت پر ملنے والی رقم میں اپنا حصہ مانگا، جس پر تلخ کلامی شدت اختیار کر گئی، والدین کی جانب سے انکار پر احسان اللہ آپے سے باہر ہو گیا اور پستول نکال کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ملزم کے والد 75 سالہ محمد حسین، والدہ 70 سالہ رسولاں بی بی اور 35 سالہ اہلیہ ماریہ بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئی، واردات کے بعد ملزم آلۂ قتل سمیت موقع سے فرار ہو گیا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ بھاگٹ کی پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال پھالیہ منتقل کیا گیا، پولیس نے جائے وقوعہ کو محفوظ بنا کر شواہد اکٹھے کیے جبکہ فرانزک ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او منڈی بہاؤالدین وسیم ریاض خان خود جائے وقوعہ پر پہنچے اور تفتیشی ٹیموں کو فوری احکامات جاری کیے، ان کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ اور ڈی پی او منڈی بہاؤالدین وسیم ریاض سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہےآئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ اس دلخراش واردات میں ملوث سفاک ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کی جائے۔
یمن کے حوثیوں نے اسرائیل جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی اکثریتی جماعت انصار اللہ نے کہا کہ اسرائیل پورٹس کے ساتھ ڈیل کرنے والی کسی بھی کمپنی کے جہازوں کو نشانہ بنائیں گے، ہماری کال نہ ماننے والی شپنگ کمپنیوں پر حملہ کیا جائے گا چاہے ان کی منزل کہیں بھی ہو۔
رپورٹ کے مطابق حوثیوں کے دوسرے گروپ نے بھی جہازوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا وہ ان تمام کمپنیوں کے بحری جہازوں کو نشانہ بنائیں گے جو اسرائیلی بندرگاہوں کے ساتھ کاروبار کرتی ہیں، یمن کی مسلح افواج تمام ممالک سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ غزہ کی ناکہ بندی ختم کرائیں۔
حوثی فوج کے ترجمان نے ایک ٹی وی بیان میں متنبہ کیا کہ اگر ان کمپنیوں نے ان کی وارننگ کو نظرانداز کیا، تو ان کے جہازوں کو کسی بھی منزل پر جا رہے ہوں، نشانہ بنایا جائے گا، یمنی مسلح افواج عالمی برادری سے درخواست کرتی ہیں کہ وہ اس کشیدگی سے بچنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ غزہ میں جارحیت بند کرے اور محاصرہ ختم کرے، ہمارا مقصد صرف یمن اور فلسطین کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہے۔
دوسری جانب حماس نے کہا ہے کہ محاصرے اور امداد بندش کے ساتھ مذاکرات بے معنی ہیں حماس کا کہنا ہے کہ فضا سے گرائی جانے والی امداد ڈراما ہے اور اسے مسترد کرتے ہیں،امداد فراہمی سے ہی بات چیت کی توقع کی جا سکتی ہے۔ حماس رہنما خلیل الحیہ نے کہا اسرائیل مذاکرات سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے اسرائیل کا مقصد صرف وقت ضائع کرنا اور مزید نسل کشی کرنا ہے مذاکرات میں اسرائیلی فوج کے انخلا اور امداد کی فراہمی پر اتفاق ہوا تھا ہم نے مشکل مذاکرات کیے، ہر ممکن لچک دکھائی،فلسطینی عوام مایوسی کا شکار ہیں، ہمارے لوگ اسرائیل کی مذاکراتی چالوں کو قبول نہیں کریں گے۔
کمبوڈیا اور تھائی لینڈ فوری اور غیر مشروط جنگ بندی پر رضامند ہوگئے-
’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق،ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے پیر کے روز کہا ہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ نے ’فوری اور غیر مشروط جنگ بندی‘ پر رضامندی ظاہر کی ہے، جو مقامی وقت کے مطابق آدھی رات سے نافذ العمل ہوگی، یہ فیصلہ دونوں ممالک کی متنازع سرحد پر کئی دنوں سے جاری جھڑپوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
ملائیشیا ان امن مذاکرات کا ثالث تھا، جس کے مطابق کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے علاقائی کمانڈرز کی میٹنگ منگل، 29 جولائی کو ہوگی،کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہُن مانیت اور تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیر اعظم پھومتھم وچیایاچائی نے وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ، پُتراجایا (جو دارالحکومت کوالالمپور کے جنوب میں واقع ہے) میں ملاقات کی۔
دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر تازہ سرحدی کشیدگی شروع کرنے کا الزام عائد کیااور جاری لڑائی کی ذمہ داری بھی ایک دوسرے پر ڈالی ہے، جس میں تھائی اور کمبوڈیائی حکام کے مطابق اب تک کم از کم 35 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں،اور دونوں جانب سے 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، یہ سرحدی تنازع کئی دہائیوں پرانا ہے۔
دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے اشارہ دیا کہ جنگ بندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی، جب کہ امن مذاکرات سے چند گھنٹے قبل بھی جھڑپیں جاری تھیں،کمبوڈیا کے حکام نے الزام لگایا کہ تھائی لینڈ نے ابتدائی اوقات میں کم از کم 2 مقامات پر حملہ کیا، جب کہ تھائی فوج نے کہا کہ پیر کی صبح 3 صوبوں میں جھڑپیں جاری تھیں۔
امریکا اور چین نے بھی جنگ بندی مذاکرات میں مبصرین کی حیثیت سے مدد کی پیشکش کی تھی، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق، پیر کے روز امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار مذاکرات میں معاونت کے لیے موقع پر موجود تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک جنگ بندی مذاکرات پر رضامند ہو گئے ہیں، تاہم ہفتے کے آخر تک مقامی سطح پر لڑائی جاری رہی،ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے تھائی اور کمبوڈیائی رہنماؤں کو خبردار کیا ہے کہ اگر مہلک سرحدی تنازع جاری رہا تو وہ ان دونوں ممالک کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔
کراچی میں ساحل سمندر کے قریب سے نا معلوم مرد و خاتون کی لاشیں برآمد، فوری طور پر دونوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے کہا ہے کہ،مرنے والے مرد اور عورت کی عمریں تقریباً 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں، لاشوں پر گولیاں لگنے کے نشانات موجود ہیں، موقع سے 9 ایم ایم کے دو خول بھی برآمد ہوئے ہیں، کرائم سین سے شواہد جمع کیے جارہے ہیں، ملنے والی مرد کی لاش سے موبائل فون برآمد ہوا ہے،مقتولین کی شناخت اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے، لاشوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، واقعہ قتل ہے یا کوئی حادثہ، اس حوالے سے کچھ بھی کہنا مشکل ہے، ابتدائی تفتیش اور لاشوں کے پوسٹ مارٹم کے بعد حقائق معلوم ہوسکیں گے۔
ادھر گارڈن، جمن شاہ مزار کے قریب سے ملنے والی لاش کی شناخت ریٹائرڈ پولیس اہلکار کے بیٹے کے نام سے ہوئی ہے،پولیس حکام کا بتانا ہے کہ مقتول عبداللہ کا والد پولیس میں اکاونٹنٹ تھا، مقتول عبداللہ کو نامعلوم افراد اس کے گھر گارڈن ہیڈ کوارٹر سے بلاکر لے گئے تھے، 12گھنٹے بعد عبداللہ کی گولی لگی لاش ملی۔
سینئر اداکار، ہدایتکار و براڈکاسٹر محسن گیلانی نے نوجوان اداکاراؤں کی جانب سے شوبز انڈسٹری پر کی جانے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ فیلڈ محفوظ نہیں لگتی تو اسے چھوڑ دینا چاہیے-
حال ہی میں محسن گیلانی نے ’آر ٹی ایس وِد 24 پلس‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اداکار نے کہا کہ ڈراما انڈسٹری کا زوال اس وقت شروع ہوا جب فلم کی طرز کا ماحول ڈراموں میں آگیا، جیسے فلم میں ڈسٹری بیوٹر ہوتا تھا ویسے ہی ڈراموں میں چینل اور مارکیٹنگ کا عنصر آگیا، جو اب صرف گلیمر کو اہم سمجھتے ہیں، کہانی کا معیار گر گیا ہے، ایک لڑکی دو لڑکے، دو لڑکے ایک لڑکی، ان کہانیوں میں دکھایا کیا جاتا ہے؟ کہ ان کی شادیاں نہیں ہو رہیں اور پھر آخر میں ان کی شادی ہو جاتی ہے یہ کہانی پچھلے پندرہ سال سے چل رہی ہے اور چینلز کا یہ ماننا ہے کہ اس طرز کے ڈراموں کی وجہ سے انہیں ریٹنگ ملتی ہے۔
ان کے مطابق جیسے فلم میں ہمیشہ مرکزی کرداروں کو اہمیت دی جاتی تھی اور معاون کرداروں پر زیادہ توجہ نہیں دی جاتی تھی، اب یہی سب کچھ ڈراما انڈسٹری میں بھی ہو رہا ہے، معاون کرداروں کی کوئی اہمیت نہیں رہی، صرف مرکزی کردار کو ہی اہم سمجھا جاتا ہے، کچھ نوجوان اداکارائیں ایسی ہیں جو اکثر یہ تبصرہ کرتی ہیں کہ شوبز لڑکیوں کے لیے صحیح جگہ نہیں ہے، ان سے سوال ہے کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ شوبز ٹھیک نہیں ہے، یہاں غلط کام ہو رہے ہیں، تو پھر وہ اس فیلڈ کا حصہ کیوں ہیں؟ چھوڑ کیوں نہیں دیتیں؟ اس فیلڈ میں کام کیوں کرتی ہیں، وہ بھی بن سنور کر؟
انہوں نے اداکارہ ماہم عامر کی مثال دی کہ وہ ایسے افراد کو تھپڑ مار دیتی ہیں جو ان کے ساتھ بدتمیزی کرنے کی کوشش کرتے ہیں،اداکار کے مطابق انہوں نے خود دیکھا ہے کہ طاقتور مردوں کو خواتین سے مار پڑی جب وہ کچھ غلط کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ یا تو شوبز چھوڑ دیں یا پھر اس کے خلاف بات نہ کریں. اگر انہیں اس فیلڈ میں ہراساں کیا جا رہا ہے تو انہیں اس فیلڈ کو چھوڑ دینا چاہیے اور اگر انہیں مذہب کے لحاظ سے یہ فیلڈ درست نہیں لگتی، تو بھی انہیں اس فیلڈ میں کام نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ عائشہ خان کو تقریباً چھببیس سے ستائیس سال سے جانتے تھے اور ان کے ساتھ کئی ڈراموں میں کام کر چکے تھے، اس لیے ان کے درمیان ایک خاص تعلق قائم ہو گیا تھا،اداکار نے بتایا کہ عائشہ خان مائیک پھینک دیتی تھیں جس سے ان کے ساتھی اداکاروں کو مشکل ہوتی تھی میں نے ان کو بتایا کہ کچھ نوجوان اداکاروں کو ان کا مائیک پھینکنا پسند نہیں ہے اور وہ اس سے پریشان ہوتے ہیں تو وہ میری بات کو سمجھتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی پراجیکٹ میں اداکارہ نازلی نصر ان کی بیوی کا کردار ادا کر رہی تھیں اور وہ عائشہ خان کی بہت خدمت کرتی تھیں، کبھی ان کے پیر دباتی تھیں، کبھی کپڑے پہننے میں مدد دیتی تھیں، عائشہ خان اکثر ان سے کہا کرتی تھیں، تم گواہ رہنا نازلی میرا خیال رکھتی ہے، اگر میں کبھی اکیلی رہ گئی تو نازلی کے پاس چلی جاؤں گی۔
محسن گیلانی نے بتایا کہ،وہ اکیلے رہنا پسند کرتی تھیں، ان کے بچے بھی اپنی زندگی میں مصروف ہو گئے‘،محسن گیلانی نے جذباتی انداز میں بتایا کہ ایک اداکار نے ایک وائس نوٹ شیئر کی جس میں عائشہ خان بتا رہی تھیں کہ بچے مجھے پیسے بھیجتے ہیں محسن گیلانی نے سوال اُٹھایا کہ کیا ایک ماں کو بڑھاپے میں صرف پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے جس نے اس قدر مشکل حالات میں اپنے بچوں کو پالا ہو؟ کیا اس کی دیکھ بھال کرنا ان کی ذمہ داری نہیں ہے؟
اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاتز نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو براہ راست شہید کرنے کی دھمکی دی ہے۔
کاتز نے یہ بیان اتوار کے روز رامون ایئر فورس بیس کے دورے کے دوران دیا، جہاں انہوں نے اسرائیلی فضائیہ کی طاقت کا اظہار کرتے ہوئے واضح طور پر کہا، ’اگر ایران نے اسرائیل کو دھمکیاں دینا بند نہ کیں، تو ہماری فضائیہ ایک بار پھر تہران تک پہنچے گی، اور اس بار حملے کا نشانہ صرف ایرانی تنصیبات نہیں بلکہ خامنہ ای خود ہوں گے۔‘
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کاتز نے ایک اسرائیلی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں یہاں سے خامنہ ای کو ایک واضح پیغام دینا چاہتا ہوں اگر آپ اسرائیل کو دھمکیاں دیتے رہے، تو ہمارے طیارے تہران تک دوبارہ پہنچیں گے، اور اس بار یہ آپ تک بھی شخصی طور پر پہنچے گا۔
یہ دھمکی ایران کے ساتھ 12 دنوں تک جاری رہنے والی جنگ کے پس منظر میں دی گئی ہے، جو 13 جون کو اسرائیل کے ایران کے فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی،ایران نے جوابی حملے میں میزائل اور ڈرون استعمال کیے جبکہ امریکہ نے تین ایرانی جوہری تنصیبات کو بمباری کی اس تنازعے کا خاتمہ امریکی ثالثی کے تحت 24 جون کو ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے ذریعے ہوا تھا، لیکن حالیہ دھمکی نے خطے میں تناؤ کو ایک مرتبہ پھر ہوا دے دی ہے-
لیہ گوٹیریز کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے وسطی اور مغربی ایشیا ڈپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
ڈابطور ڈائریکٹر جنرل لیہ گوٹیریز وسطی اور مغربی ایشیا کے خطے میں اے ڈی بی کے اسٹریٹجک ایجنڈے کو عملی جامہ پہنائیں گی، وہ اے ڈی بی کے 11 ممالک سے تعلقات کی قیادت کریں گی،ان ملکوں میں افغانستان، آرمینیا، آذربائیجان، جارجیا، قازقستان، کرغزستان، پاکستان، تاجکستان، ترکی، ترکمانستان، اور ازبکستان شامل ہیں، ان کا تقرر آج سے مؤثر ہوگا۔
مسز گوٹیریز نے کہا کہ اس عہدے پر خدمات انجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور میں ترقی پذیر رکن ممالک اور متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر خطے میں جامع ترقی، علاقائی تعاون، اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے کام جاری رکھوں گی‘۔
لیہ گوٹیریز فلپائن کی شہری ہیں اور امریکا کی یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے اکنامکس میں پی ایچ ڈی اور ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے، انہوں نے یونیورسٹی آف فلپائن سے بزنس اکنامکس میں بیچلرز کی ڈگری بھی حاصل کی ہے،انکے پاس 40 سال سے زائد پیشہ ورانہ تجربہ ہے، جن میں سے 25 سال انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) میں گزارے ہیں-
اپنے حالیہ تقرر سے قبل، لیہ گوٹیریز اے ڈی بی کے سیکٹرز ڈپارٹمنٹ 3 کی ڈائریکٹر جنرل تھیں، جہاں انہوں نے مالیات، انسانی و سماجی ترقی، اور پبلک سیکٹر مینجمنٹ اور گورننس کے امور کی نگرانی کی،وہ پیسیفک ڈپارٹمنٹ کی سابق ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکی ہیں انہوں نے اے ڈی بی کے اسٹریٹجی، پالیسی اور پارٹنرشپس ڈپارٹمنٹ، ساؤتھ ایسٹ ایشیا ڈپارٹمنٹ، اور سیکرٹری کے دفتر میں بھی سینئر عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ جانوروں کی آلائشو ں سے بائیوگیس بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔
تجربہ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شاندار ستھرا پنجاب ’ویسٹ ٹو ویلیو‘ پراجیکٹ کے تحت،کیا گیا ہے، لکھو ڈیر کےعلاقے میں بائیو ڈی گریڈ ایبل آلائشوں کو استعمال کرکے بائیوگیس پیدا کی گئی ہے، ایک ہزار میٹرک ٹن آلائشوں سے تقریبا 20سے 25ہزار کلو گیس پیدا کرنا ممکن ہے۔
قربانی کےجانوروں کی آلائشوں سےبائیو گیس پروڈکشن سے60 سے70لاکھ روپے کی آمدن متوقع ہے، محض چند لاکھ کی لاگت سے لاہورمیں آلائشوں کے ذریعے بائیو گیس پیدا کرنے کاپائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہوگیا،50میگاواٹ ویسٹ انرجی پلانٹ سے روزانہ 3 ہزار ٹن کچرا بجلی میں تبدیل ہوسکے گا جبکہ 10سال میں لینڈ فل سائٹ سے حاصل ہونے والی گیس سے 2.5ملین ڈالر آمد ن کی توقع ہے۔
اس منصوبے کو "ستھرا پنجاب ویسٹ ٹو ویلیو” کا نام دیا گیا ہےاس منصوبے کا مقصد پنجاب میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانا اور فضلہ کو قابل استعمال بنانا ہے،
جانوروں کی آلائشوں سے بائیوگیس بنانے سے نہ صرف ماحول کو صاف رکھنے میں مدد ملے گی بلکہ آمدن کا ایک ذریعہ بھی پیدا ہوگا۔