Baaghi TV

Tag: پاکستان

  • پاکستان کےعزم اوراپنے جوہری اثاثوں کومحفوظ بنانےکی صلاحیت پر یقین ہے،جوبائیڈن کے بیان پر امریکا کی وضاحت

    پاکستان کےعزم اوراپنے جوہری اثاثوں کومحفوظ بنانےکی صلاحیت پر یقین ہے،جوبائیڈن کے بیان پر امریکا کی وضاحت

    امریکا کا کہنا ہے کہ اسے پاکستان کی اپنے جوہری ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت پر اعتماد ہے۔

    باغی ٹی وی : یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے بیان دیا تھا جس کے بعد اسلام آباد نے امریکی سفیر کو طلب کیا تھا۔

    جوبائیڈن کا بیان،امریکی سفیر وزارت خارجہ طلب،وزیرخارجہ کا ردعمل

    خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکا کو پاکستان کے عزم اور اپنے جوہری اثاثوں کو محفوظ بنانے کی صلاحیت پر یقین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے، زیادہ وسیع پیمانے پر امریکہ پاکستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ جوبائیڈن نے جمعرات کو پاکستان کے جوہری پروگرام پر آف دی کف ریمارکس کیلیفورنیا میں ایک نجی ڈیموکریٹک پارٹی کے فنڈ ریزر کے دوران دیئے جہاں انہوں نے پاکستان کے قریبی اتحادی چین کے صدر شی جن پنگ کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان دنیا کی خطرناک ترین قوموں میں سے ایک ہے جس کے جوہری ہتھیار غیر محفوظ ہیں۔

    امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی،جوہری اثاثوں سےمتعلق جوبائیڈن کے الزامات مسترد

    امریکی صدر جوبائیڈن نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے ترتیب ہے اس بات کا خدشہ ہے کہ اسے کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے، امریکی صدر نے خطاب میں روس چین کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کا بھی ذکر کیا-

    دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان سے متعلق ریمارکس پر پاکستان کے وزارت خارجہ کا ردعمل آیا ہے، وزارت خارجہ کے سینئر افسر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ صدر بائیڈن نے غیرضروری ریمارکس کس تناظر میں دیئے متعدد امریکی صدور اور امریکی حکومت نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی سکیورٹی اور کنٹرول کو ہمیشہ مؤثر اور معیاری قرار دیا-

    رانا ثناءاللہ کو عابد شیر علی کی انتخابی مہم چلانے پر آج ہی طلب کرلیا گیا

    امریکی صدر کے اس بیان کے بعد پاکستان جسے اسلامی دنیا کی واحد جوہری طاقت ہونے پر فخر ہے ، نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کیا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے جو حفاظتی اقدامات انتہائی سنجیدگی کے ساتھ کرتی ہے۔

    پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے ترتیب،خطرناک ترین ملک، جوبائیڈن کا الزام

  • سعودی مسلح افواج کے ڈائریکٹر جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

    سعودی مسلح افواج کے ڈائریکٹر جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

    سعودی مسلح افواج کے ڈائریکٹر جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات ہوئی-

    باغی ٹی وی: ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سعودی مسلح افواج کےڈائریکٹر جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، میجر جنرل حمید بن رافع العامری کی قیادت میں سعودی مسلح افواج کے وفد کی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی-

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا-

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق میجر جنرل حمید بن رافع العامری کا پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی-

    میجر جنرل حمید بن رافع العامری نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیئے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے عمل میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی کوششیں اور سول انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون قابلِ تحسین ہے۔

    میجرجنرل حمید بن رافع العامری نےہوا بازی کی صنعت میں پاک فضائیہ کی خود انحصاری پر مبنی صلاحیتوں کا اعتراف کیا،دونوں فضائی افواج کے درمیان خاص طور پر تربیت اور آپریشنل ڈومینز میں پہلے سے استوار تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا-

    سربراہ پاک فضائیہ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت کے مطابق فضائی، خلائی اور سائبر اسپیس ڈومینز میں عصرِ حاضر کی عسکری و آپریشنل صلاحیتوں کے حصول کے لیے پاک فضائیہ کو جدت سے استوار کرنے کی مہم کے وسیع منصوبوں کا ذکرکیا-

    سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے قائم ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہیں پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے عمل میں عالمی برادری کی امداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

    سربراہ پاک فضائیہ نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مسلسل اور بلا تعطل امداد پر اظہارِ تشکر کیا-

  • بنوں:سیکورٹی فورسزکا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن:ایک دہشت گرد ہلاک

    بنوں:سیکورٹی فورسزکا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن:ایک دہشت گرد ہلاک

    بنوں:سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں کے علاقے جانی خیل میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

    شدید فائرنگ کے تبادلے میں 1 دہشت گرد مارا گیا۔ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہا۔

    یاد رہے کہ چند د قبل متنی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیاتھا، جبکہ سیکیورٹی فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا ،

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پشاور کےعلاقے متنی میں آپریشن کیا ،،دہشت گردوں اور فورسز کے جوانوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلےمیں ایک دہشت گرد مارا گیا ۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ،ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا ۔

  • ڈاکٹرمحمد بن عبدالکریم الیسہ کےدورہ سےپاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان خوشگوارتعلقات مزید مستحکم ہوں گے: طاہراشرفی

    ڈاکٹرمحمد بن عبدالکریم الیسہ کےدورہ سےپاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان خوشگوارتعلقات مزید مستحکم ہوں گے: طاہراشرفی

    اسلام آباد:پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نےکہا کہ مسلم ورلڈ لیگ (ایم ڈبلیو ایل) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم الیسہ مسلم امہ کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں، ان کے دورے سے دونوں برادر ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اتوار کواے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ عالمی سطح پرمشترکہ مفادات کے حصول اور درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اختلافات کو دور کیا جائے اور عملی نقطہ نظر کے ساتھ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک متفقہ حکمت عملی وضع کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی ماضی کی شان کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے، انہیں قرآن پاک کی تعلیمات اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل کرنا چاہیے۔مذہبی سفارت کاری کے لیے بین الاقوامی فورم بنانے کے لیے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کے خیال کی تائید کرتے ہوئے کہا وقت کی ضرورت ہے کہ مسلم کمیونٹیز کو قریب لایا جائے اور ان کے لیے مواقع کے نئے راستے کھولے جائیں۔ایک سوال کے جواب میں طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ڈاکٹرالیسہ کے دورے سے دونوں برادر ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، کوئی طاقت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو کمزور نہیں کر سکتی۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات نہ صرف سفارتی یا برادرانہ ہیں بلکہ یہ مشترکہ عقیدے پر مبنی تعلقات ہیں۔ حافظ محمد طاہر محموداشرفی نے کہا کہ ڈاکٹر الیسہ نے ریاستی اعلیٰ حکام سے ملاقات کے علاوہ مذہبی اسکالرز، علمائے کرام، مختلف مکاتب فکر کے مشائخ اور طلباء سے بھی بات چیت کی ۔انہوں نے کہاکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان سے نوازا تھا جو کہ پاکستان کا دوسرا بڑا اعزاز ہے۔

    اس ایوارڈ نے سعودی عرب میں پاکستانی طلباء کو وظائف دینے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے حقوق کی پیروی اور ان کے تحفظ، مکالمے اور کانفرنسوں کا اہتمام کرکے دنیا کے مسلمانوں کے درمیان امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ان کے کردار،دنیا میں مسلمانوں کی پرامن، ہم آہنگی اور رواداری کی تصویر کو بھی تسلیم کیا۔انہوں نے خادمِ حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدگان کی فراخدلی سے مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

  • ن لیگ نے ایک، پی ٹی آئی نے دو نشستیں کھو دیں ،پی ٹی آئی آٹھ۔ پیپلز پارٹی دو سیٹیں لے گئی

    ن لیگ نے ایک، پی ٹی آئی نے دو نشستیں کھو دیں ،پی ٹی آئی آٹھ۔ پیپلز پارٹی دو سیٹیں لے گئی

    لاہور: قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے 11 حلقوں میں ہونیوالے ضمنی الیکشن کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کوئی بھی سیٹ نہیں لے سکی، تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 5 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہو گئی، ایک پر برتری حاصل ہے، پیپلز پارٹی کے حصے میں دو نشستیں آئیں۔ پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں میں سے دو حلقے پی ٹی آئی کے نام رہے جبکہ ن لیگ صرف ایک صوبائی سیٹ جیت سکی۔

    یاد رہے کہ اپریل میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے مشترکہ طور پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسمبلی سے بڑے پیمانے پر مستعفی ہونے کے فیصلے کا اعلان پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے 11 اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخاب سے چند منٹ قبل اسمبلی کے فلور پر کیا تھا۔

    خیال رہے کہ 29 جولائی کو قومی اسمبلی کے سپیکر راجا پرویز اشرف نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 11 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔

    سپیکر کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں، ان میں این اے-22 مردان 3 سے علی محمد خان، این اے-24 چارسدہ 2 سے فضل محمد خان، این اے-31 پشاور 5 سے شوکت علی، این اے-45 کرم ون سے فخرزمان خان شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے دیگر اراکین میں این اے-108 فیصل آباد 8 سے فرخ حبیب، این اے-118 ننکانہ صاحب 2 سے اعجاز احمد شاہ، این اے-237 ملیر 2 سے جمیل احمد خان، این اے-239 کورنگی کراچی ون سے محمد اکرم چیمہ، این اے-246 کراچی جنوبی ون سے عبدالشکور شاد بھی شامل تھے۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار کے استعفے بھی منظور کیے گئے تھے۔

    تاہم پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے بعد ازاں عدالت سے رجوع کر کے بیان دیا تھا استعفیٰ دینے کا فیصلہ خالص سیاسی تھا، جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ دیدیا۔

    عمران خان بمقابلہ پی ڈی ایم امیدواران

    16 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے جن 8 حلقوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ان میں سے این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 157 ملتان، این اے 237 ملیر کراچی اور این اے 239 کورنگی کراچی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے جن 3 حلقوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ہیں ان میں پی پی 241 بہاولنگر، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 139 شیخوپورہ شامل ہیں۔

    ملکی سیاسی تاریخ میں منفرد مثال ہے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان 8 میں سے 7 نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔ جبکہ آٹھویں نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی پی ٹی آئی کی امیدوار ہیں۔جن کا مقابلہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی سے تھا جو مہر بانوقریشی بری طرح ہار گئی ہے

    خیبرپختونخوا کے حلقے این اے 22 مردان میں جمیعت علما اسلام کی جانب سے مولانا قاسم جبکہ چارسدہ حلقہ این اے 24 سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل خان ولی کو ٹکٹ دیا گیا ہے، ان دونوں امیدواروں کی حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پی ڈی ایم امیدواروں کا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ہورہا ہے۔

    پنجاب کی 3 نشستوں این اے 108 فیصل آباد، ننکانہ صاحب این اے 118 سے مسلم لیگ ن نے بالترتیب عابد شیر علی اور ڈاکٹر شذرہ منصب علی کو ٹکٹ دیا گیا، ان دونوں حلقوں پر بھی لیگی امیدواروں کے مدمقابل سابق وزیراعظم عمران خان ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ 11 حلقوں میں خواتین کے لیے 713 پولنگ اسٹیشنز، ساڑھے 4 ہزار پولنگ بوتھ قائم ہیں،
    پنجاب میں ایک ہزار 434، خیبرپختونخوا میں 979 اور کراچی میں 340 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئےتھے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے ختم ہوا۔ ضمنی انتخابات میں خواتین کی دلچسپی ظاہر ہوگئی، ان کی جانب سے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا گیا، خواتین کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی۔

    الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 11 حلقوں میں 20 لاکھ 27 ہزار 733 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، خواتین کی پولنگ کے عمل میں خصوصی دلچسپی خوش آئند ہے، خواتین کی بڑی تعداد آج اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچی ہے، الیکشن کمیشن صنفی امتیاز کو ختم کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج:

    این اے 22مردان:
    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 22 میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار مولانا محمد قاسم کو زیر کر لیا۔ فاتح امیدوار نے 76681 ووٹ لیے جبکہ رنر اپ امیدوار 68181 ووٹ لے سکے۔

    یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی محمد خان نے 58577 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی اس وقت بھی متحدہ مجلس عمل کے امیدوار مولانا محمد قاسم 56318 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

    این اے 24 چارسدہ:
    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے اے این پی کو تقریباًٰ دس ہزار کی لیڈ سے ہرایا۔ این اے 24 چارسدہ کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے 78589 ووٹ حاصل کیے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان 68356 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے۔

    یاد رہے کہ 2018 کے جنرل انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فضل محمد خان نے این اے 24 میں فتح حاصل کی تھی اور اس وقت عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کو پچھاڑ دیا تھا۔ فاتح امیدوار نے 83495 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ رنر اپ امیدوار 59483 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

    این اے 31 پشاور:
    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے حلقے این اے 31 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 59972 ووٹ لیکر فتح حاصل کی۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حمایت یافتہ امیدوار اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے امیدوار حاجی غلام احمد بلور نے 34724 ووٹ حاصل کیے۔

    یاد رہے کہ 2018ء کے الیکشن میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شوکت علی نے 87 ہزار 895 ووٹ لیکر فتح حاصل کی تھی جبکہ مخالف امیدوار عوامی نیشنل پارٹی کے حاجی غلام احمد بلور نے 42476 ووٹ حاصل کیے تھے اور دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس سیٹ پر متحدہ مجلس عمل کے محمد صدیق الرحمان نے 11657 ووٹ حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

    خیال رہے کہ 2013ء میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے عام انتخابات میں اے این پی کے حاجی غلام احمد بلور کو واضح ووٹوں کی برتری سے شکست دی تھی تاہم بعد میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں اے این پی کے حاجی غلام احمد بلور پی ٹی آئی کو شکست دیکر قومی اسمبلی پہنچے تھے۔

    این اے 108 فیصل آباد:
    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 108 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے پاکستان مسلم لیگ ن کو ہرا دیا۔سابق وزیراعظم عمران خان نے 99841 ووٹ حاصل کر کے فتح کو گلے لگایا جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی 75266 نے ووٹ حاصل کیے۔

    یاد رہے کہ اس حلقے میں 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فرخ حبیب نے 112740 ووٹ لیکر فتح حاصل کی تھی۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی 111529 نے ووٹ حاصل کیے تھے۔

    این اے 118 ننکانہ صاحب:
    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کو 12 ہزار کی برتری سے شکست دی۔
    پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران خان نے 90180 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی نے 78 ہزار 24ووٹ حاصل کیے تھے۔

    یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں این اے 118 کا الیکشن اعجاز احمد شاہ نے جیتا تھا، انہوں نے 63818 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی امیدوار شذرہ منصب علی 61413 ووٹ حاصل کر سکیں تھی جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار 49345 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔

    این اے 157 ملتان :
    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی نے 107327ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی نے 82141 ووٹ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح پاکستان پیپلز پارٹی نے یہ سیٹ 24 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے جیتی۔

    یاد رہے کہ علی موسیٰ گیلانی اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق وفاقی حکومت میں بھی 2012ء کے دوران ضمنی الیکشن میں فتح حاصل کی تھی۔

    یاد رہے کہ 2018ء کے الیکشن میں مذکورہ سیٹ پاکستان تحریک انصاف نے جیتی تھی، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کو شکست دی تھی۔
    بعد ازاں پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے زین قریشی نے مذکورہ سیٹ چھوڑ کر صوبائی سیٹ پر الیکشن لڑا تھا جس پر انہوں نے ن لیگ کے امیدوار کو زیر کیا تھا۔

    این اے 237 ملیر کراچی:

    این اے 237 کراچی کے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبد الحکیم بلوچ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کو ہرا دیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نے 32567 جبکہ پی ٹی آئی چیئر مین نے 22493 ووٹ حاصل کیے۔یاد رہے کہ 2018ء کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمیل احمد خان نے 33280 ووٹ لیکر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کو شکست دیدی تھی۔ رنر اپ امیدوار 31907 ووٹ لے سکے تھے۔

    این اے 239 کورنگی کراچی:
    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران خان جیت چکے ہیں جبکہ
    متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سیّد نیئر رضا بری طرح ہار چکے ہیں‌

    پی پی 139 شیخوپورہ:
    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے چودھری افتخار بھنگو 36435 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے، پی ٹی آئی کے ابو بکر شرقپوری 34973 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

    یاد رہے کہ 2018ءکے عام انتخابات میں یہ سیٹ پاکستان مسلم لیگ ن نے جیتی تھی، اس وقت لیگی امیدوار جلیل احمد شرقپوری نے فتح کو گلے لگایا تھا، پنجاب میں نمبر گیم کی صورتحال کے دوران انہوں نے ن لیگ سے استعفیٰ دیدیا تھا اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ جس کے بعد ان کی جگہ پر ٹکٹ جلیل شرقپوری کے کزن ابو بکر شرقپوری کو دیا تھا۔

    پی پی 209 خانیوال :
    پی پی 209 کے ضمنی الیکشن پاکستان تحریک انصاف نے تقریباً چودہ ہزار کی ووٹوں کی برتری سے جیت لیا ۔پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد فیصل خان نیازی 71586 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار چودھری ضیاء الرحمان نے 57864 ووٹ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

    یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پی پی 209 خانیوال سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد فیصل خان نیازی نے 55214 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبدالرزاق خان 38937 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔خیال رہے کہ حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے دوران عدم اعتماد کی نمبر گیم کی صورتحال میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار فیصل خان نیازی نے عہدے سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

    پی پی 241 بہاولنگر:
    اُدھر پی پی 241 میں پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان مسلم لیگ ن کو تقریباً 9 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دیدی۔ پی ٹی آئی کے امیدوار ملک مظفر خان اعوان نے 57537 ووٹ لیکر فتح حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار امان اللہ ستار باجوہ نے 48650 ووٹ حاصل کیے۔

    یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کاشف محمود نے 48543 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی ، پی ٹی آئی کے امیدوار ملک محمد مظفر خان نے 44184 ووٹ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی تاہم جعلی ڈگری کی پاداش میں کاشف محمود کو نا اہل کر دیا گیا تھا۔

  • کراچی اور ملتان سے الوداع پی ٹی آئی:بلاول بھٹو زرداری

    کراچی اور ملتان سے الوداع پی ٹی آئی:بلاول بھٹو زرداری

    کراچی :کراچی اور ملتان سے الوداع پی ٹی آئی، اطلاعات کےمطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے پی ٹی آئی کو کراچی اور ملتان سے الوداع کہا جبکہ پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدواروں علی موسی گیلانی اور حکیم بلوچ کو مبارک باد پیش کی۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ان نشستوں پر شکست دی جو 2018 کے عام انتخابات میں چوری کی گئی تھیں۔

     

    خیال رہے کہ ملتان کے حلقہ این اے 157میں پیپلزپارٹی کےعلی موسیٰ گیلانی نے 20 ہزار ووٹوں کی برتری کے ساتھ کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔علی موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ آج جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے کو شکست ہوئی۔ عمران خان کی قوم کو انتشار کی جانب لے جانے کی کوشش ناکام ہوگی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کو 7 حلقوں میں سے ایک ہی نشست پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ این اے 237 ملیر میں پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ سے ہار گئے۔

    این اے 237 کراچی ملیر 2 کے تمام 194 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 32567 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 22493 ووٹ حاصل کرسکے اور انہیں 10 ہزار 74 ووٹوں کے مارجن سے شکست ہوئی۔

  • پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی الیکشن، پی ٹی آئی ن لیگ کی دو سیٹیں لے اُڑی

    پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی الیکشن، پی ٹی آئی ن لیگ کی دو سیٹیں لے اُڑی

    لاہور:پنجاب اسمبلی کےتین حلقوں میں ضمنی الیکشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے۔ ضمنی الیکشن میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا۔ صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں مسلم لیگ ن کی دو سیٹیں پی ٹی آئی جیت گئی جبکہ شیخوپورہ کی اپنی سیٹ بچانے میں ن لیگ کامیاب ہوگئی۔

    پی پی 139 شیخوپورہ

    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 139 شیخوپورہ سے مسلم لیگ ن کے چودھری افتخار بھنگو 36435 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے، پی ٹی آئی کے ابو بکر شرقپوری 34973 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

    یاد رہے کہ 2018ءکے عام انتخابات میں یہ سیٹ پاکستان مسلم لیگ ن نے جیتی تھی، اس وقت لیگی امیدوار جلیل احمد شرقپوری نے فتح کو گلے لگایا تھا، پنجاب میں نمبر گیم کی صورتحال کے دوران انہوں نے ن لیگ سے استعفیٰ دیدیا تھا اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ جس کے بعد ان کی جگہ پر ٹکٹ جلیل شرقپوری کے کزن ابو بکر شرقپوری کو دیا تھا۔

    پی پی 209 خانیوال:

    پی پی 209 خانیوال میں عمران خان کا بلا چل گیا۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 209 کے ضمنی الیکشن پاکستان تحریک انصاف نے تقریباً چودہ ہزار کی ووٹوں کی برتری سے جیت لیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد فیصل خان نیازی 71586 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار چودھری ضیاء الرحمان نے 57864 ووٹ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

    واضح رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پی پی 209 خانیوال سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد فیصل خان نیازی نے 55214 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبدالرزاق خان 38937 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

    پی پی 241 بہاولنگر

    پی پی 241 بہاولنگر میں بھی عمران خان کے کھلاڑی نے چھکا مار دیا۔پی پی 241 میں پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان مسلم لیگ ن کو تقریبا 9 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دیدی۔

    پی ٹی آئی کے امیدوار ملک مظفر خان اعوان نے 57537 ووٹ لیکر فتح حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار امان اللہ ستار باجوہ نے 48650 ووٹ حاصل کیے۔

    خیال رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کاشف محمود نے 48543 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی ، پی ٹی آئی کے امیدوار ملک محمد مظفر خان نے 44184 ووٹ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی تاہم جعلی ڈگری کی پاداش میں کاشف محمود کو نا اہل کر دیا گیا تھا۔

  • این اے 31 پشاور:عمران خان نے غلام بلور کو ہرا دیا:بلورنے شکست تسلیم کرنے سے انکارکردیا

    این اے 31 پشاور:عمران خان نے غلام بلور کو ہرا دیا:بلورنے شکست تسلیم کرنے سے انکارکردیا

    پشاور : این اے 31 پشاور میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور کو شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

     

    این اے 31 پشاور کے تمام 265 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق این اے31پشاور میں عمران خان پہلے اور غلام بلور دوسرے نمبر پر ہیں۔

    غیرحتمی نتیجہ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 57ہزار824ووٹ لیکر کامیاب جبکہ اے این پی کے غلام احمد بلور32ہزار253ووٹ لے سکے۔

     

    دوسری طعوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 31 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مدمقابل امیدوار غلام احمد بلور نے شکست تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

     غلام بلور کا کہنا تھاکہ عمران خان کی مقبولیت میں واضح کمی پر ہے، مجھے اتحادیوں نے استطاعت کے مطابق سپورٹ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ شکست تسلیم نہیں کرتا، صوبائی حکومت کی انتظامیہ نے مجھے ہروایا ہے، الیکشن میں حکومت کی مشینری ہمارے خلاف خوب استعمال ہوئی، حکومت نے پولنگ اسٹیشن کے اندر و باہر اپنے لوگ تعینات کئے تھے۔

    غلام بلورکا کہنا تھاکہ مشورہ کرکے الیکشن کمیشن یا ہائی کورٹ جاؤں گا، مردان اور چارسدہ کے نتائج کا علم نہیں

  • نشتر اسپتال ملتان: لاشیں چھت پر رکھنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

    نشتر اسپتال ملتان: لاشیں چھت پر رکھنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

    ملتان:نشترمیڈیکل یونیورسٹی ملتان کی چھتوں پر لاشوں کی بیحرمتی کا معاملہ شدت اختیار کرگیا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے، میں نشتر اسپتال کی چھت پر لاشوں کی موجودگی کے معاملے کی انکوائری رپورٹ مکمل کر کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو ارسال کر دی گئی۔نشتر اسپتال میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

    انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ لاشیں وصول کرنے اور چھت پر رکھنے والے اسپتال ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائےگی کیونکہ انہیں لاشیں کمرے میں رکھنی چاہیے تھیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس جس دن لاوارث لاش لائےگی اس کے 28 دن کے بعد لاش لے جانےکی ذمہ دار ہوگی، پولیس یونین کونسل کے سیکرٹری کے ساتھ مل کر لاش کی تدفین کرے گی، اسپتال انتظامیہ اور پولیس لاشوں کی تدفین کے لیے آپس میں رابطے میں رہیں گے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل نشتر اسپتال کی چھت سے لاشیں اور باقیات ملنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے اس معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری ریٹائرڈ کیپٹن ثاقب ظفر نے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سیکریٹری مزمل بشیر کو واقعے کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی اور معاملے کی تحقیقات کے لیے چھ رکنی ٹیم تشکیل دی تھی جس کی رپورٹ کے بعد اب ملازمین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے

  • میکسیکو کے بار میں فائرنگ سے 12 افراد ہلاک:پیرس میں 12 سالہ بچی بیدردی سے قتل

    میکسیکو کے بار میں فائرنگ سے 12 افراد ہلاک:پیرس میں 12 سالہ بچی بیدردی سے قتل

    اراپواتو:میکسیکو کے بار میں نامعلوم افراد کی اندھادھند فائرنگ سے 12 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر اجنسی کے مطابق ہفتے کی شام میکسیکو کے وسطی شہر اراپواتو میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک بار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 خواتین اور 6 مرد ہلاک ہوگئے۔

    شہری انتظامیہ کے مطابق اس حملے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے، سیکیورٹی اہلکار حملہ آوروں کا سراغ لگانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم فائرنگ کی وجوہات واضح نہیں ہوسکیں۔

    میکسیکو میں یہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں بار پر فائرنگ کا دوسرا واقعہ ہے، 21 ستمبر کو تاریمورو نامی علاقے میں ایک بار پر حملے میں 10 افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

    اس ماہ کے شروع میں جنوبی میکسیکو کی ریاست گوریرو میں ایک حملے میں شہر کے میئر سمیت 20 افراد کو ہلاک کردیا گیا تھا۔میکسیکو میں منشیات فروش گروپوں کے درمیان علاقوں پر کنٹرول کی لڑائیوں میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں

    ادھرفرانس کے دارالحکومت پیرس میں 12 سالہ لڑکی کو بیدردی سے قتل کردیا گیا جس کے جسم پر پراسرار نمبرز درج تھے۔فرانس کے بی ایف ایم ٹی وی کے مطابق بچی کے والدین نے جمعہ کو اسکول سے گھر نہ پہنچنے پر مقامی پولیس اسٹیشن میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔

    پولیس نے بچی کی تلاش کے سلسلے میں تفتیش شروع کی تو انہیں اسکے گھر کی بیسمنٹ سے اغوا کے شواہد ملے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے معائنے میں ایک خاتون کو گھر کے باہر ایک سوٹ کیس اٹھائے دیکھا گیا جو بعد میں چند گلیوں کے فاصلے پر پڑا ہوا ملا جس میں بچی کی لاش تھی۔

    لڑکی کا چہرہ ٹیپ سے کور تھا اور اسکی گردن پر زخموں کے کئی نشانات پائے گئے جبکہ لاش کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے۔

    بچی کی لاش پر ’1‘ اور ’0‘ کے اعداد درج لکھے گئے تھے تاہم پولیس کو ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ان نمبرز کا کیا مطلب ہے؟۔

    پولیس نے اس واقعے کے بعد 4 افراد کو حراست میں لیا ہے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ انکا لڑکی کے قتل سے کوئی تعلق ہے یا نہیں، ان میں وہ شخص بھی شامل ہے جس نے سوٹ کیس دیکھنے کے بعد پولیس کو بلایا تھا۔