Baaghi TV

Tag: پمز اسپتال سانحہ

  • پمز اسپتال سانحہ:آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں نیبولائزر پھٹنے سے لگی

    پمز اسپتال سانحہ:آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں نیبولائزر پھٹنے سے لگی

    اسلام آباد کے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں پیش آنے والے دلخراش واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے –

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ کسی ایئر کنڈیشن کا کمپریسر پھٹنے یا الیکٹرک شارٹ سرکٹ کے باعث پیش نہیں آیا، بلکہ نرسری میں انکیوبیٹر کے ساتھ منسلک آکسیجن کی مقدار جانچنے والے نیبولائزر کے پھٹنے کے باعث رونما ہوا،انکیوبیٹر کے ساتھ موجود نیبولائزر پھٹنے سے آکسیجن نے فوری طور پر آگ پکڑ لی، ابتد ا میں آگ کی شدت کم تھی تاہم آکسیجن کی موجودگی کے باعث یہ تیزی سے پھیل گئی۔

    رپورٹ کے مطابق اس آتشزدگی کے نتیجے میں نرسری کے اندر شدید دھواں پیدا ہوا جو پائپ کے ذریعے معصوم بچوں کے سانس کے نظام میں داخل ہو گیا اس کے علاوہ حادثے کے دوران آکسیجن کی فراہمی بند ہونا بھی نومولود بچوں کی اموات کی ایک بڑی وجہ بنا۔

    پمز سانحے پر وفاقی حکومت کی جانب سے سخت اقدامات اٹھائے گئے تھے جن کے تحت وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری کو عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے۔

    دوسری جانب سی ڈی اے فائر بریگیڈ رپورٹ اور ای ڈی پمز رانا عمران سکندر کے بیانات میں تناؤ اور متضاد دعوے سامنے آئے تھے ای ڈی پمز رانا عمران سکندر کا کہنا تھا کہ اسپتال میں تسلی بخش فائر سسٹم موجود تھا اور عملے نے بچوں کو بچانے کی پوری کوشش کی جبکہ سي ڈی اے کی رپورٹ میں فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات کی نشاندہی کی گئی تھی۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب اور خاتون اول کا پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس

    وزیراعلیٰ پنجاب اور خاتون اول کا پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے باعث نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

    ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق خاتونِ اول نے بدھ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں سانحے میں جاں بحق ہونے والے نومولود بچوں کے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیامعصوم نومولود بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی دلخراش اور گہرے صدمے کا باعث ہے۔

    آصفہ بھٹو زرداری نے متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کرتے ہوئے واقعے میں متاثر ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور پمز اسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی مکمل، فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا انہوں نے زور دیا کہ اسپتال کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور مستقبل میں اسپتالوں میں اس نوعیت کے المناک سانحات کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے-

    سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں مریم نواز نے کہاکہ اس دلخراش سانحے نے پوری قوم کو سوگ میں مبتلا کردیا ہے، جس کی تکلیف اور کرب کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، ان معصوم جانوں کے ناقابل تلافی نقصان پر وہ سوگوار والدین کے غم میں برابر کی شریک ہیں،مریم نواز نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام سوگوار خاندانوں کو اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

    واضح رہے کہ پمز اسپتال میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ کے باعث 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت کو معطل کردیا ہے، جبکہ ذمہ داروں کے تعین کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔