Baaghi TV

Tag: #DGKhan

  • ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کا رات گئے واسا میگا پراجیکٹ کا دورہ، 72 انچ مین سیور لائن کا معائنہ

    ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کا رات گئے واسا میگا پراجیکٹ کا دورہ، 72 انچ مین سیور لائن کا معائنہ

    ڈیرہ غازی خان (رپورٹر: شاہد خان)
    ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد میگا پراجیکٹس کی مؤثر نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واسا کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے کے سلسلے میں رات گئے پل ڈاٹ سے مانکا کینال تک بچھائے جانے والے 72 انچ قطر کے مین ٹرنک سیور کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان، چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ واسا کے تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو درپیش عارضی مشکلات کو ہر ممکن حد تک کم رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیوریج نظام کی بہتری سے شہریوں کو نمایاں ریلیف ملے گا، جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی سہولیات کی بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

  • ڈی جی خان: واسا کی پائپ لائن بچھانے کا کام عوام کیلئے عذاب بن گیا، نکاسی آب کا نظام تباہ

    ڈی جی خان: واسا کی پائپ لائن بچھانے کا کام عوام کیلئے عذاب بن گیا، نکاسی آب کا نظام تباہ

    ڈیرہ غازی خان میں واسا کی جانب سے عبداللہ ٹاؤن کالونی یونین کونسل 17 میں جاری پائپ لائن بچھانے کا ترقیاتی کام علاقہ مکینوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ترقیاتی کام کے دوران پہلے سے موجود نکاسی آب کی نالیوں کو توڑ دیا گیا، جس کے باعث گندا پانی گھروں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی کے نکاس کا واحد راستہ بھی بند کر دیا گیا ہے، جس سے صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے۔مزید برآں تمام گلیوں کو بیک وقت کھود دینے سے آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے۔ شہریوں کو روزمرہ امور کی انجام دہی میں شدید دشواری کا سامنا ہے، جبکہ بزرگوں، بچوں اور مریضوں کیلئے گزرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔اہل علاقہ نے شکایت کی ہے کہ گلیوں میں چلنے کے لیے کوئی راستہ باقی نہیں چھوڑا گیا، جس سے شہری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔مکینوں نے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس مسئلے کا حل نکالا جائے اور جہاں پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے وہاں نکاسی آب کے لیے پلاسٹک پائپس بھی نصب کیے جائیں تاکہ گندا پانی گھروں میں داخل ہونے سے روکا جا سکے اور نکاسی کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مسائل مزید شدت اختیار کر جائیں گے اور شہریوں کی مشکلات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تاخیر سے تعلیمی نظام متاثر

    ڈیرہ غازی خان یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تاخیر سے تعلیمی نظام متاثر

    ڈیرہ غازی خان: میر چاکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی گزشتہ ایک سال تین ماہ سے مستقل وائس چانسلر سے محروم ہے، جس کے باعث تعلیمی اور انتظامی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ جنوری 2025 میں سابق وائس چانسلر کی مدت مکمل ہونے کے بعد تاحال نئی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔طلبہ اور ذرائع کے مطابق مستقل سربراہ نہ ہونے کی وجہ سے ادارے کے اہم معاملات تعطل کا شکار ہیں۔ نئے تعلیمی پروگرامز کا آغاز، فیکلٹی بھرتی، ریسرچ سرگرمیوں اور مالیاتی فیصلوں میں مسلسل تاخیر ہو رہی ہے۔ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ مستقل وائس چانسلر کے بغیر کسی بھی یونیورسٹی کی کارکردگی اور ساکھ متاثر ہوتی ہے، جبکہ داخلوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔واضح رہے کہ میر چاکر رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پورے ڈویژن کی واحد ٹیکنالوجی یونیورسٹی ہے جہاں ملک بھر سے طلبہ تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ جنوری 2025 میں یونیورسٹی ایکٹ میں ترمیم کے بعد ادارے کو انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ سائنس اور مینجمنٹ کے مختلف شعبہ جات میں داخلوں کا اختیار بھی دیا گیا تھا، تاہم وائس چانسلر کی عدم تعیناتی نے ان تمام منصوبوں کو متاثر کر دیا ہے۔تعلیمی ماہرین کے مطابق مستقل وائس چانسلر کسی بھی یونیورسٹی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس کے بغیر مالیاتی نظام، تعلیمی منصوبے اور ترقیاتی کام مؤثر طریقے سے نہیں چل سکتے۔عوامی و تعلیمی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر فوری طور پر مستقل وائس چانسلر تعینات کیا جائے تاکہ ادارہ اپنی معمول کی کارکردگی بحال کر سکے۔ طلبہ اور والدین نے خبردار کیا ہے کہ مزید تاخیر سے نہ صرف جاری منصوبے متاثر ہوں گے بلکہ ادارے پر اعتماد بھی کمزور پڑ سکتا ہے۔