Baaghi TV

Tag: Pakistan news

  • سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

    سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

    اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے لئے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق سرکاری خرچ پر کوئی امیدوار یا جماعت تشہیری مہم نہیں چلا سکے گی، کسی سرکاری عہدیدار کی تصاویر انتخابی مہم میں استعمال نہیں ہوسکتی، عوامی مقامات اور سرکاری عمارتوں پر پارٹی جھنڈے لگانے پر بھی پابندی ہوگئی۔

    الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے لئے پمفلٹ سائز 9×6 انچ، بینرز سائز 3×9 فٹ ، پوسٹرسائز 18×23 انچ مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیدوار مقررہ سائز سے بڑے پوسٹر استعمال نہیں کر سکیں گے۔

    ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی امیدوار 2×3 فٹ سے بڑا پورٹریٹ استعمال نہیں کر سکے گا، وال چاکنگ، پینا فلیکس، بل بورڈز پر مکمل پابندی ہوگی، پمفلٹ اور بینرز پر چھاپنے والے کا نام اور پتہ پرنٹ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق تفرقہ بازی اور نفرت انگیز تقاریر پر بھی پابندی ہوگی جب کہ مخالف رہنماؤں اور جماعتوں کے پتلے اور جھنڈے بھی نذر آتش نہیں کئے جاسکتے، جلسے جلوس مقامی انتظامیہ کے مختص مقامات پر ہی منعقد ہوسکیں گے، امیدوار ریلی کا روٹ مقامی انتظامیہ کیساتھ طے کرنے کے پابند ہوں گے۔

  • پی ایس ایل8؛کون کون سی فرنچائززنےبیٹنگ کمپنیز سےمعاہدے کررکھے ہیں؟تفصیلات آگئیں

    پی ایس ایل8؛کون کون سی فرنچائززنےبیٹنگ کمپنیز سےمعاہدے کررکھے ہیں؟تفصیلات آگئیں

    لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں نامور فرنچائز نے بیٹنگ کمپنی (جُوا کھیلنے والی کمپنیز) سے معاہدے کرنے پر سابق کرکٹرز نے بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔پی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کیلئے 1×Bat کمپنی کو ٹائٹینیم اسپانسر کے طور سائن کیا ہے، جو ایک بیٹنگ سائٹ کا سروگیٹ برانڈ ہے جس کا نام 1×Bet ہے جیسے پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک میں پابندی کا سامنا ہے۔

    پی سی بی نے کرکٹر آصف آفریدی پر دو سال کی پابندی عائد کر دی

    اسی طرح دفاعی چیمپئین لاہور قلندرز نے بھی میلبٹ نامی کمپنی جبکہ ملتان سلطانز نے Wolf777 News نامی ویب سائٹ سے شراکت داری پر دستخط کیے ہیں تاہم Wolf777 نامی کمپنی ایک بیٹنگ کمپنی ہے، جو جوئے کو فروغ دینے کیلئے خبروں کی آڑ میں دیگر ناموں سے ویب سائٹس استعمال کرتی ہیں۔

    کامران اکمل کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی MCW Sports نامی ویب سائٹ سے پلاٹینم اسپانسر کا معاہدہ کیا تاہم یہ بھی ایک بیٹنگ سائٹ MCW Casino کے نام سے سروگیٹ برانڈ ہے۔

    پی ایس ایل8: پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کراچی پہنچ گئے

    قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کو پہلے بھی بیٹنگ ویب سائٹ کے ساتھ معاہدے کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔سابق کپتان راشد لطیف نے ڈومیسٹک ٹیموں اور پی ایس ایل فرنچائزز کو بیٹنگ کمپنی کو بطور اسپانسر سائن کرنے کی اجازت دینے پر پی سی بی پر تنقید کی ہے۔

  • قوم مزید قربانیاں نہیں دے سکتی،اشرافیہ قربانی دے: سراج الحق

    قوم مزید قربانیاں نہیں دے سکتی،اشرافیہ قربانی دے: سراج الحق

    لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی پر مشتمل ٹرائیکا ایکسپوز ہوگیا ہے اب کوئی ان کے گھسے پٹے بیانات سننے کو تیار نہیں، غریب قوم مزید قربانیاں نہیں دے سکتی اب کی بار حکمران اشرافیہ قربانی دے۔اپنے بیان میں سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم آئی ایم ایف کے وفد کے سامنے سجدہ ریز ہیں اس سے بڑھ کر قوم کی اور کیا نفی ہو سکتی ہے کہ آئی ایم ایف قرض نہیں عوام کو زہر دے رہا ہے اس کی شرائط قبول نہیں اور جماعت اسلامی مزاحمت کرے گی۔

    انہوں ںے کہا کہ آج 10 جنوری کو عوام کا سمندر لاہور سے اسلام آباد جائے گا، تین روزہ مہنگائی مارچ حکمرانوں اور آئی ایم ایف کےلئے پیغام ہے کہ قوم کو آپ کے بند کمروں کے فیصلے منظور نہیں۔سراج الحق کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط کی مکمل تفصیل عوام کے سامنے رکھی جائے کیونکہ مہنگائی سے عوام پس کر رہ گے ہیں۔ حکمران نااہل مگر ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں، بہت ظلم ہو چکا اور عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، انہیں کرپٹ نظام اور اس کے محافظوں سے نجات چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ بتایا جائے معیشت بہتر کیوں نہیں ہوئی، یقین سے کہتا ہوں ملک کو آئی ایم ایف اور بیرونی قرضوں کی ضرورت نہیں حکمران اپنی کرپشن بند کریں۔ سود اللہ سے جنگ ہے مگر اسلامی ملک کی حکومت اسے جاری رکھنے پر بضد ہے۔ ٹرائیکا نے مل کر سیاست، معیشت اور معاشرت تباہ کی۔ پاکستان 1947 میں بظاہر آزاد ہوا، حقیقت میں حکمران بدلے گئے، انگریزوں کی جگہ ان کے وفاداروں نے لے لی۔انکا کہنا تھا کہ قوم آج بھی استعمار کی غلامی میں ہے، ظالم جاگیردار و ڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار ایوانوں میں براجمان ہیں جو قانون اور انصاف کو گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں ہمیں اس فرسودہ نظام کو بدلنا ہے نوجوان آئندہ الیکشن میں کرپٹ سیاست دانوں کے لیے سیاسی موت ثابت ہوں گے۔

    امیر جماعت نے اس موقع پر اسلامی جمعیت کو شجرہ سایہ دار قرار دیا جس کی خوشبو سے پورا ماحول معطر ہو رہا ہے۔ جمعیت کی داستان قربانیوں، شہادتوں اور عزم و ہمت کی داستان ہے، جمعیت کا قافلہ رحمت اور امید کی نوید ہے، جمعیت اخلاق وکردار کا نام ہے جوپاکستان ہی نہیں پورے عالم اسلام کا فخر ہے۔انکا کہنا ہے کہا کہ استعماری طاقتیں ملک کے ہر شعبہ پر قابض ہیں صرف پاکستان ہی نہیں پورا عالم اسلام انکے اثر میں ہے، اسلامی دنیا کے عوام اپنے حکمران تک خود نہیں طے کرسکتے عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں کمال ڈھٹائی سے خاموش ہیں، انہیں وہاں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں نظر نہیں آتیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ ہماری معیشت اگر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے کنٹرول میں ہے تو تجارت کے اصول ڈبلیو ٹی او طے کرتا ہے، ہمارا تعلیمی نظام اور نصاب غیر ملکی این جی اوز اور صحت ڈبلیو ایچ او کے تسلط میں ہے، استعمار کے وفاداروں نے وسائل سے مالا مال پاکستان کو دنیا بھر میں تماشا بنا دیا، حکمرانوں نے ایٹمی اسلامی پاکستان کے عوام کو بھکاری بنا دیا۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سیاسی برہمنوں اور مغل شہزادوں کے جانے کا وقت آگیا ہے نوجوان اسلامی انقلاب کے لیے بے تاب ہیں۔ عوام جاگ چکے ہیں۔

  • اے این ایف کی مختلف شہروں میں کارروائیاں ،منشیات برآمد ،ملزمان گرفتار

    اے این ایف کی مختلف شہروں میں کارروائیاں ،منشیات برآمد ،ملزمان گرفتار

    اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) کی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں ،منشیات برآمد ،ملزمان گرفتار

    باغی ٹی وی: ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیاں پشاور،اسلا م آباد،کراچی اورپاک افغان بارڈر کے قریب کی گئیں ،ترجمان کے مطابق کراچی فیڈرل بی ایریا بلاک 10 نصیرآباد میں ملزمان سے منشیات برآمد کی گئی –

    ڈیرہ بگٹی؛ ریٹرننگ افسر کے قافلے پر فائرنگ، ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی

    ترجمان اے این ایف کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ملزم فرقان سعید صدیقی گھڑیوں کے ذریعے منشیات اسمگل کرنےمیں ملوث ہے، اطلاع ملتے ہی فیڈرل بی ایریا کے بلاک 10 کے علاقے نصیر آباد میں واقع گھر میں کارروائی کی گئی، جس کے دوران ملزم کے گھر سے 2 گھڑیاں برآمد ہوئیں، جن میں چھپائی گئی 800 گرام آئس قبضے میں لے لی گئی ہے۔

    اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کارروائیاں

    ترجمان اے این ایف کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی کی رہائشی خاتون بھی اس گروہ میں ملوث ہےملزم کی نشاندہی پر اس کی ساتھی ملزمہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ملزمان کئی بار گھڑیوں میں منشیات چھپا کر گلف اور عرب ممالک اسمگل کر چکے ہیں۔

    اسلام آباد سمیت ملک کےمختلف شہروں میں کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد،4…

    ترجمان کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ پرمُلزم کے سے 2 ہزار990 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں،پشاور باچا خان ائیرپورٹ پر ملزم کے پیٹ سے 62 آئس اور 30 چرس بھرے کیپسولز برآمد ہوئے علاوہ ازیں ایک اور کارروائی میں خیبر میں پاک افغان بارڈر پر کارروائی کے دوران 49 کلو چرس برآمد ہوئی-

    ٹھٹھہ : بدنام زمانہ منشیات فروش رنگے ہاتھوں گرفتار،2کلو گرام چرس برآمد

  • وہاب ریاض پی ایس ایلایونٹ کے اختتام پر وزارت کا حلف اٹھائیں گے

    وہاب ریاض پی ایس ایلایونٹ کے اختتام پر وزارت کا حلف اٹھائیں گے

    قومی کرکٹر وہاب ریاض پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے بعد پنجاب کے وزیر کا حلف اٹھائیں گے۔

    باغی ٹی وی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے وہاب ریاض کا حلف تاخیر سے لینے کی درخواست کی تھی۔

    پاکستان سپر لیگ 8 کی ٹرافی رونمائی کل ہوگی

    پی سی بی نے بتایا کہ نگران وزیر اعلیٰ نے نجم سیٹھی کی درخواست مان لی ہے اور وہاب ریاض اب مکمل پی ایس ایل کھیلیں گے، وہ ایونٹ کے اختتام پر اپنی وزارت کا حلف اٹھائیں گے۔

    واضح رہے کہ وہاب ریاض کو پنجاب کی نگران کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ وہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کررہے ہیں۔

    پاکستان سپر لیگ 8 کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

    قبل ازیں قبل ازیں وہاب کے وزیر کے طور پر بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں کے بوجھ کی وجہ پی ایس ایل 8 کھیلنے کے حوالے سے شکوک و شبہات نے جنم لے لیا تھا تاہم اب پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور زلمی کے فاسٹ بولر وہاب ریاض پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کیلئے دستیاب ہوں گے-

    پی ایس ایل میچ :30پاس اور گاڑیوں کے لیے ریڈ سٹیکرنہیں چاہیں :لاہور ہائیکورٹ

  • چوہدری وجاہت حسین کے دو سیکرٹریز گرفتار

    چوہدری وجاہت حسین کے دو سیکرٹریز گرفتار

    گجرات: پولیس نے ق لیگ کے رہنما چوہدری وجاہت حسین کے دو سیکرٹریز کو گرفتار کر لیا-

    باغی ٹی وی: چوہدری وجاہت حسین کے دونوں سیکرٹریز کو تھانہ رحمانیہ پولیس نے حراست میں لیا،گرفتار ہونے والوں میں کامران بٹ اور حمید اللہ بھٹی شامل ہیں-

    چہودری وجاہت حسین یا پارٹی کی جانب سے سیکرٹریز کی گرفتاری کی تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا نا ہی پولیس کی جانب سے تردید یا تصدیق کی گئی ہے-

    واضح رہے کہ چوہدری وجاہت حسین اور ان کے بیٹے موسیٰ الہٰی کے خلاف گجرات میں اقدامِ قتل کا مقدمہ درج ہے پولیس کا کہنا تھا کہ مقدمے میں چوہدری وجاہت اور موسیٰ الہٰی سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں۔

    مقدمہ مقامی ن لیگی رہنما محمد علی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ن لیگی رہنما نے الزام لگایا تھا کہ 23 جنوری کو ان کے گھر پر فائرنگ کی گئی، ملزمان انہیں قتل کروانا چاہتے ہیں

  • اردو کے ممتاز غزل گو شاعر جمال احسانی

    اردو کے ممتاز غزل گو شاعر جمال احسانی

    چراغ سامنے والے مکان میں بھی نہ تھا
    یہ سانحہ مرے وہم و گمان میں بھی نہ تھا

    اردو کے ممتاز غزل گو شاعر جمال احسانی 21 اپریل 1951ء کو سرگودھا میں پیدا ہوئے تھے۔ 1970ء کی دہائی میں انہوں نے شاعری کا آغاز کیا اور بہت جلد اردو کے اہم غزل گو شعرا میں شمار ہونے لگے۔جمال احسانی کی ابتدائی تربیت احسان امروہوی جیسے روایتی استاد کے ہاتھوں ہوئی۔ انھیں سلیم احمد اور قمر جمیل جیسے جدید شعراء کا قرب بھی حاصل رہا۔

    اس قدیم اور جدید شاعری کے ملاپ سے ان کی شاعری ایک طرف تو روایت کا رنگ لئے ہوئے ہے وہیں اس میں جدیدیت کا تڑکا بھی ہے جو اس شاعری کو دو آتشہ بنا دیتا ہے۔ جمال احسانی بنیادی طور پر غزل کے شاعر تھے ۔ اس صنف میں محاورات کی بر جستگی، زبان کی پختگی اور باہمی ربط ان کی غزل کا شعار ہیں۔

    جمال کے یہاں ہر جذبہ اپنی پوری شدت سے موجود ہوتا ہے۔ ان کی شاعری میں سمندر، صحرا، سفر، آسمان، تنہائی اور وصل اپنے پورے تاثر کے ساتھ محسوس کئے جا سکتے ہیں۔ ایک بہت بڑے کینسوس پر ان کی شاعری کی جو تصویر نظر آتی ہے وہ ان کے خوابوں اور امنگوں کی عکاسی کرتی ہے-

    ان کے شعری مجموعوں میں ستارۂ سفر، رات کے جاگے ہوئے اور تارے کو مہتاب کیا شامل ہیں۔ ان تینوں مجموعوں پر مشتمل ان کی کلیات، کلیات جمال کے نام سے بھی اشاعت پذیر ہوچکی ہے۔

    10 فروری 1998ء کو اردو کے ممتاز غزل گو شاعر جمال احسانی کراچی میں وفات پاگئے۔ وہ کراچی میں گلستان جوہر کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

    ان کے منتخب اشعار ملاحظہ ہو:

    چراغ سامنے والے مکان میں بھی نہ تھا
    یہ سانحہ مرے وہم و گمان میں بھی نہ تھا
    ………
    سمندروں کا سفر آج تو مزہ دے گا
    ہوا بھی تیز ہے کشتی بھی بادبانی ہے
    ………….
    آنکھوں آنکھوں کی ہریالی کے خواب دکھائی دینے لگے
    ہم ایسے کئی جاگنے والے نیند ہو ئے صحراؤں کی!
    ………….
    مقصود صرف ڈھونڈنا کب تھا تجھے ،سو میں
    جس سمت تو نہیں تھا ادھر بھی نکل گیا
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    تھکن بہت تھی مگر سایہءِ شجر میں جمال
    میں بیٹھتا تو مرا ہمسفر چلا جاتا
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    وہ جس منڈیر پہ چھوڑ آیا اپنی آنکھیں میں
    چراغ ہوتا تو لو بھول کر چلا جاتا
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    آگاہ میں چراغ جلاتے ھی ھو گیا ۔۔۔ !!
    دنیا مرے حساب سے بڑھ کر خراب ھے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    چراغ بجھتے چلے جا رہے ہیں سلسلہ وار
    میں خود کو دیکھ رہا ہوں فسانہ ہوتے ہوئے

  • پی ٹی آئی کے 43 ایم این ایز کےاستعفےمنظورکرنےکیخلاف درخواست کا تحریری حکم جاری

    پی ٹی آئی کے 43 ایم این ایز کےاستعفےمنظورکرنےکیخلاف درخواست کا تحریری حکم جاری

    لاہورہائیکورٹ نے پی ٹی آئی 43 ایم این ایز کے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواست کا تحریری حکم جاری کردیا-

    باغی ٹی وی: لاہورہائیکور ٹ کے جسٹس شاہد کریم نے 4 صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری کیا،تحریری حکمنامے کے مطابق لاہورہائیکور ٹ نے 43 سیٹوں پر ضمنی انتخاب کو روک دیا،43 نشستوں پر الیکشن شیڈول جاری نہیں کیا جائے گا –

    حکمنامے کے مطابق عدالت الیکشن کمیشن کے جاری کردہ 25 جنوری کےنوٹیفکیشن کو معطل کرتی ہے ،عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن کا ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنےکا نوٹیفکیشن7 مارچ تک معطل رہےگا اور اسی کے تناظر میں ضمنی الیکشن بھی معطل رہے گا۔

    فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن کا سیٹیں خالی قرر دینے کا نوٹیفکیشن 7 مارچ تک معطل رہے گا اور الیکشن کمیشن ان نشستوں پر انتخابات کا اعلان نہیں کرے گا۔

    لاہورہائیکور ٹ نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کر لیا،لاہورہائیکور ٹ نے تمام فریقین کو تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت کر دی،لاہورہائیکور ٹ میں درخواست پر مزید کارروائی 7 مارچ کو ہو گی-

    واضح رہے کہ قبل ازین لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 سابق ارکان قومی اسمبلی (ایم این ایز) کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے ضمنی انتخابات روک دیئے تھے-

    خیال رہے کہ یاد رہےکہ چند روز قبل بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے۔

    اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس میں سے کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے عدالت میں درخواست دائر کر کے اپنے استعفے کی درخواست واپس لے لی تھی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے 20 جنوری کو پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے اب مزید 43 استعفوں کی منظوری کے بعد مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 123 اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 124 اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔

  • ترکیہ پاکستان کا دوست ملک ہے ،مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے،وزیراعظم

    ترکیہ پاکستان کا دوست ملک ہے ،مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے،وزیراعظم

    لاہور: وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہر ضلع میں امداد اکٹھی کرنے کے لیے کلیکشن سینٹر بنانے کا حکم دیا ہے۔

    باغی ٹی وی: وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ زلزلہ زدگان کے لیے امدادی سامان بھجوائیں گے- ترکیہ زلزلے سے بہت جانی و مالی نقصان ہواہے ،خواہش ہے ترکیہ زلزلہ زدگان کی بہترین امداد کریں ،ترکیہ پاکستان کا دوست ملک ہے ،مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے-

    تعلیمی اداروں میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے فنڈ ریزنگ مہم شروع

    وزیراعظم نے اپیل کی کہ سول سوسائٹی اور مخیر حضرات ترکیہ زلزلہ متاثرین کی مدد کرنے میں حصہ لیں ،وزیر اعظم کی جانب سے متاثرین کے لیے معیاری کمبل،گرم کپڑے،بچوں کی خوراک اورخیموں کا فوری بندوبست کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

    یقین ہے ترکیہ اور شام جلد اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے،ترکیہ میں 100سالہ تاریخ میں بدترین زلزلہ آیا ،ترکیہ شام زلزلے میں ہزاروں لوگ جاں بحق اور لاکھو ں بےگھرہوگئے-

    وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے پاکستان کی ریسکیو ٹیم ترکیے پہنچ گئی ہے، ترکیہ آتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کردیا تھا،ترکیہ شام زلزلے میں ہزاروں زخمی ہوگئے ہیں،ترکیہ میں ملبے سے بچی نکالی گئی اور ایک خاتون نے بچے کو جنم دیا یہ قدرت کی شان ہے،ترکیہ اور شام زلزلے کے جو مناظرسامنے آرہے ہیں وہ دل ہلادینے والے ہیں،پاکستان کے عوام ترکیہ اور شام زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں-

    انہوں نے کہا کہ جہاں بھی انسانی زندگی کے آثار ہوتے ہیں وہاں پاکستانی ٹیم جدید آلات استعمال کرکے امدادی آپریشن کرتی ہے ترکیہ میں موجود پاکستانی شہری بھی امدادی کاموں میں پیش پیش ہیں جب کہ زلزلے کے مصیبت زدہ لوگوں کو مشکل وقت میں سہارا دینے کے لیے پاکستانی ریسکیو ٹیم دن رات کام کر رہی ہے۔

    ترکیہ میں پاکستانی ریسکیو ٹیم نے 16سالہ لڑکے کو 4 روز بعد زندہ نکال لیا

    جس دن زلزلہ ہوا ترکیہ صدر سے ٹیلی فون پر اظہارافسوس،تعزیت اور ہمدردی کی،ترکیہ صدرکو مدد کی پیشکش اور مشکل میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی،پاکستان میں جب ہولناک زلزلہ آیا تو ترکیہ صدر خود آئے تھے،ترکیہ صدر نے پاکستانی زلزلہ زدگان کو مکانات کی تعمیر ،اشیاخورونوش اور ہر طرح کی مدد کی تھی-

    واضح رہے کہ امدادی سامان بھجوانے کے لیے ائیر کوریڈور بھی قائم کیے گئے ہیں جب کہ 30 بستروں پر مشتمل موبائل اسپتال کے لیے ٹیم اور سامان بھی ترکیہ پہنچ رہا ہےعلاوہ ازیں سندھ حکومت نے بھی متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے علاوہ بلوچستان کے سرکاری ملازمین ایک سے 10 روزکی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دیں گے۔

    ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی

    وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ حکومت اور نمائندوں کو یقین دلاتے ہیں جہاں تک ممکن ہوسکا اپنی مدد سے دریغ نہیں کریں گے،ترکیہ شام میں سردی ہے اور خیموں کی اشد ضرورت ہے ،ترکی ائیرفورس کا جہاز آیا ہے انداز ہ ہے کہ وہاں پر کتنی مشکل ہوگی ،پاکستان کی جانب سے امداد کا سلسلہ روزانہ جاری رہے گا،آج 100ٹن کاسامان ایران پاکستان بارڈر کے راستے سے ترکیہ لے جایا جائے گا-

    شہباز شریف نے کہا کہ یہ وہی ترکیہ ہے جو ہرمشکل میں پاکستان کے لیے حاضر ہوتا ہے ،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا مشکور ہوں انہوں نے مدد کی یقین دہانی کرائی ،چاروں وزرائےاعلیٰ سے درخواست کی کہ اپنے سینٹر یا این ڈی ایم اے میں سامان جمع کرائیں، وزیر مذہبی امور کو درخواست کی کہ آج جمعہ کو مساجد میں عطیات کے لیے اپیل کریں-

    وزیراعظم نےاپیل کی کہ ترکیہ زلزلہ زدگان کی مدد کے لیےنقد رقم وزیراعظم اکاونٹ اوراشیا خورونوش این ڈی ایم اے کوجمع کرائیں، ترکیہ نے پاکستان کی مشکل میں مدد کے لیے ائیر برج بنایاتھا جو دن رات سامان لا رہاتھا،ترکیہ زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے پرانے کے بجائے نئے کپڑے عطیہ کریں-

  • بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری، سیاح پھنس گئے

    بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری، سیاح پھنس گئے

    سوات: بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں سے سیر و تفریح کے لیے آئے سیاح پھنس گئے۔بتایا گیا ہے کہ شدید برفباری کے باعث کالام بحرین روڈ پر مختلف مقامات سے راستے بند ہونے کے باعث سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے، سیاحوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، وادی لیپا، نیلم ویلی سمیت متعدد بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی بڑھ گئی، وادی لیپا ، گریس ویلی ، فاروڈ کہوٹہ حویلی کی شاہراہیں بند ہو گئیں۔

    بالائی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا، سیاحتی مقامات پیر چناسی ، سراں اور ملحقہ علاقوں میں بھی برفباری سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    ادھرموسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، جمعے تک کراچی میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے خشک موسم میں کمی آئی، فضائی معیار بھی بہتر ہوا ہے۔

    موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں ہفتے سے شمال مشرق سے خشک اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، ہواؤں کی تبدیلی سے ہفتے کے بعد 4 سے 6 دن کے دوران موسم خشک رہےگا۔ دن اور رات کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کمی آجائےگی۔جواد میمن کے مطابق خشک اور گرد آلود ہواؤں کے باعث فضائی معیار آلودہ رہنےکا خدشہ ہے