Baaghi TV

Author: +9251

  • پی آئی اے کی پیرس سے پاکستان کیلئے انٹرنیشنل فلائٹ بند کرنے کی تیاریاں

    پی آئی اے کی پیرس سے پاکستان کیلئے انٹرنیشنل فلائٹ بند کرنے کی تیاریاں

    قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے پیرس سے پاکستان اور پاکستان سے پیرس کیلئے انٹرنیشنل فلائٹ بند کرنے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔فرانس سمیت گرد و نواح کے ممالک میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کیلئے سہولت ختم ہو جائے گی.

    اطلاعات کے مطابق ہائی سیزن کی دو فلائٹ جن کے ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے، منسوخ کردی گئیں۔ اس سلسلہ میں فرانس میں مقیم پاکستاینوں نے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کو ایک فائل ارسال کی ہے۔فائل میں بتایا گیا کہ بیلجیئم، ہالینڈ اور فرانس میں مقیم لاکھوں پاکستانی اپنی قومی ایئرلائن کے ذریعے وطن آتے جاتے ہیں۔مگر ایک سازش اور مال بناؤ اسکیم کے تحت پیرس سے پاکستان کی فلائٹ کورونا وائرس کا جواز بناکر بند کر دی گئی۔

    پی آئی اے نے فرانس میں چارٹرڈ فلائٹ کا انتظام کرکے لوگوں کو یہ سروس جاری رکھی مگر چند پی آئی اے افسران اور عملے نے اس کو بھی ناکام بنا دیا۔اوورسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ اگر نیب اس سلسلہ میں تفتیش کرے تو ہم مکمل ثبوت کے ساتھ نیب کو تمام معلومات فراہم کرنے کو تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے فرانس میں کنٹریکٹ رکھنے والی فرم نے ہائی سیزن میں دانستہ فلائٹ منسوخ کرنے پر احتجاجی طور پر بینک روک دی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی براہ راست فلائٹ بند ہونے سے لاکھوں پاکستانیوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہو گا جبکہ قومی ایئرلائن کو کروڑوں کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

    دوسری جانب پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ایمرجنسی رسپانس سینٹر 24 گھنٹے این ڈی ایم اے کے ساتھ کوآرڈینیشن کرے گا، سیلاب متاثرین کی امداد ریلیف آپریشن کیلئے ایمرجنسی رسپانس سینٹر میں دوسرے درجے کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پی آئی اے ریلیف آپریشن میں این ڈی ایم اے کے ہمراہ مل کر کام کرے گا۔ پی آئی اے ایمرجنسی رسپانس سینٹر میں ’’بلو لیول‘‘ ایمرجنسی الرٹ جاری کیا گیا۔

  • سیلابی صورتحال سے سیاحت بری طرح متاثر،سیاحتی مقامات پر ویرانیوں نے ڈیرے ڈال لیئے

    سیلابی صورتحال سے سیاحت بری طرح متاثر،سیاحتی مقامات پر ویرانیوں نے ڈیرے ڈال لیئے

    ملک بھر میں سیلابی صورتحال سے سیاحت بری طرح متاثر،سیاحتی مقامات پر ویرانیوں نے ڈیرے ڈال لیئے ہیں.

    ملک میں جاری سیلابی صورتحال کے باعث ملکہ کوہسار، گلیات سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہ گئی، بڑی تعداد میں سیاحوں نے سیاحتی ٹرپس منسوخ کردیے۔

    نجی ٹی وی کے مطابق: سیاحوں کی آمد سے جڑے ہوٹل مالکان، ٹرانسپورٹرز سمیت دیگر کاروباری افراد شدید پریشانی سے دوچار ہیں، گلیات میں ہوٹلنگ کے کاروبار سے منسلک حاجی سعید شبری کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے سیاحوں نے اپنے ٹرپس منسوخ کردئیے، اسی وجہ سے مری، گلیات سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر ویرانیوں کے ڈیرے ہیں۔

    اکا دکا سیاح راولپنڈی اسلام آباد سے سیاحتی مقامات کا رخ کررہے ہیں جو شام ڈھلتے ہی واپسی اختیار کرلیتے ہیں، معمولی حالات میں اس سیزن میں مری اور گلیات کے تمام ہوٹلز سیاحوں سے بھر جاتے ہیں، ملک کے دیگر علاقوں میں گرمی سے ستائے سیاح ان علاقوں میں آکر یہاں کے موسم کو خوب انجوائے کرتے ہیں جس سے یہاں موجود کاروباری افراد خوب منافع کماتے ہیں مگر سیلاب کی وجہ سے سیاحت نہ ہونے کے برابر ہے۔

    راولپنڈی اسلام آباد سے سیاحوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرکے روزگار حاصل کرنے والے ٹرانسپورٹر خالد یامین کا کہنا تھا کہ وہ پرائیوٹ ٹور کمپنیوں کے ساتھ منسلک ہیں ہر سال اگست کے مہینے میں سیاحوں کی بڑی تعداد سیاحتی مقامات کا رخ کرتی ہے، سیاحوں کو سیاحتی مقامات تک لے جانے کے لیے ہیوی گاڑیاں استعمال ہوتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی آمد و رفت سے بہترین کمائی ہوجاتی ہیں، لیکن جب سے ناران کاغان، سوات، گلیات، بالاکوٹ اور دیگر علاقوں میں سیلاب آیا ہے پہلے سے بکنگ حاصل کرنے والے سیاحوں نے بکنگز منسوخ کردی ہیں، جس سے ٹرانسپورٹرز بھی پریشان ہیں، صرف مقامی افراد لوکل ٹرانسپورٹ پر اپنے آبائی علاقوں کی جانب جارہے ہیں۔

    خالد یامین کا کہنا تھا کہ اگر حالات لمبے عرصے تک ایسے رہے تو سیاحت کے لیے ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والے افراد کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، مری، ٹھنڈیانی، ایوبیہ، ایبٹ آباد، نیلم، کہوٹہ کے سیاحتی مقامات پر قائم ٹک شاپس، ڈھابے بھی ویران ہیں، سیلاب سے سیاحت بری طرح متاثر ہورہی ہے، سیاحت سے آمدن حاصل کرنے والے افراد نے حکومت سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  • ملک بھر میں مہنگائی کی شرح 44 فیصد سے تجاوز کر گئی

    ملک بھر میں مہنگائی کی شرح 44 فیصد سے تجاوز کر گئی

    ملک بھر میں مہنگائی کی شرح انتہائی  بلند سطح پر 44 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی

    اسلام آباد ملک بھر میں مہنگائی کی شرح انتہائی بلند سطح 44 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی،ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 83 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 23 اشیائے ضروریہ قیمتیں بڑھیں۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 47 روپے 42 پیسے بڑھ گئی، فی کلو ٹماٹر 110 رو پے کی اوسط قیمت سے 157 روپے تک پہنچ گئے، پیاز کی فی کلو قیمت میں 35 روپے 6 پیسے کا اضافہ ہوا، آلو کی فی کلو قیمت 3 روپے 88 پیسے بڑھ گئی، انڈوں کی قیمتوں میں فی درجن 7 روپے 25 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    واضح‌ رہے کہ ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 51 روپے 2 پیسے مہنگا ہوا، بچوں کے خشک دودھ کا 390 ملی گرام کا پیکٹ 8 روپے 57 پیسے مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 48 پیسے کا اضافہ ہوا، گندم کا 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے تک مہنگا ہوا، دال مونگ، ماش، جلانے کی لکڑی بھی مہنگی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران صرف 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے دال مسور کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 91 پیسے کی کمی ہوئی، ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں 5 روپے 52 پیسے، چینی، کیلے، ڈالڈہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی جبکہ حالیہ ہفتے تازہ دودھ اور دہی سمیت 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    ایک شہری نے باغی ٹی وی اسلام آباد کو بتایا کہ مہنگائی اس قدر بڑھ گئی اب جینا حرام ہوگیا ہے جبکہ حکومت کچھ نہیں اور پھر سیلابی صورتحال کے پیش نظر مزید مہنگائی ہوگئی دوسری طرف جن لوگوں نے زخیرہ اندوزی کی ہوئی ان کے خلاف بھی کوئی کاروائی نہین ہوئی ہے.

  • عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس میں نیا بنچ تشکیل، جس کی سربراہی چیف جسٹس اطہر کریں گے

    عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس میں نیا بنچ تشکیل، جس کی سربراہی چیف جسٹس اطہر کریں گے

    خاتون جج کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر توہین عدالت کیس میں اہم پیش رفت ہوگئی، عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیا لارجر بنچ تشکیل دے دیا۔
    پانچ ججز پر مشتمل لارجر بنچ کی سربراہی اب چیف جسٹس اطہر من اللہ کریں گے۔ جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس بابر ستار اور جسٹس طارق محمود جہانگیری بھی لارجر بنچ کا حصہ ہوں گے۔

    ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کے خلاف توہین آمیز کلمات پر عدالت نے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری رکھا ہے اور 31 اگست کو عدالت نے ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔ عمران خان کو شوکاز نوٹس کا جواب بھی 31 اگست تک دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ چیف جسٹس اطہر من اللہ بیرون ملک چھٹیاں گزارنے کے بعد آج اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے ہیں۔ وہ 12 جولائی سے 25 اگست تک چھٹیوں پر تھے۔

    یاد رہے کہ عمران خان نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شہباز گل کی رہائی کے لیے منعقدہ ریلی میں خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد کی مقامی عدالت کی مجسٹریٹ زیبا چوہدری ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ "ہم تمہیں دیکھ لیں گے اور تمہارے خلاف کارروائی کریں گے. علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری سے متعلق بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے لارجر بینچ کی تشکیل دیا تھا جبکہ ماہرین قانون نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ آپ جلد از جلد اس بیان پر معافی مانگ لیں کیونکہ تمہارے بیان سے عدالت کی توہین ہوئی ہے اور اس پر تمہیں سخت سزا بھی ہوسکتی ہے.

  • پاکستانی ورکرز و پروفیشنلز کو بیرون ممالک مفت بھیجا جائے گا. وفاقی وزیر ساجد طوری

    پاکستانی ورکرز و پروفیشنلز کو بیرون ممالک مفت بھیجا جائے گا. وفاقی وزیر ساجد طوری

    اسلام آباد وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے دعویٰ کیا ہے  کہ پاکستانی ورکرز اور پروفیشنلز جن سے اورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن سروسز کی مد میں 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک رقم لیا کرتی ہے کو اب مفت بھیجا جائے گا اور اس فیس کو ختم کرنے کے لئے سمری جلد کیبنٹ کے سامنے رکھی جائے گی۔ 

    اعلی سطح اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ذوالفقار حیدر، ڈی جی بیورو آف امیگریشن، ڈی جی اورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن و دیگر سینئر افسران نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی ۔وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے  پروٹیکٹر کے عمل کو تیز، شفاف اور آسان بنانے کے لیے پروٹیکٹر آفس کی ڈیجیٹلائزیشن کی ہدایت جاری کرتے ہوئےکہا کہ پروٹیکش کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائیگا تاکہ ہر عام و خاص آسانی سے پروسیس مکمل کر سکے۔

    انہوں نے بیورو آف امیگریشن اینڈ کو ہدایات جاری کئے کہ بنوں، ایبٹ آباد، سکھر، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پروٹیکٹر آفسز جلد قائم کئے جائیں گے تاکہ وہاں اور اردگرد کے اضلاع و علاقوں کے لوگوں کے لئے آسانی ہو۔  انہوں نے کہا کہ جب سے انہوں نے وزارت  سنبھالی ہے تین سالوں سے زیر التواء اورسیز پروموٹر لائسنسز جاری کئے گئے اور مزید نئے لائینسز کی اجراء کی سکروٹنی کی جا رہی ہے۔ 
    وفاقی وزیر نے کہا کہ خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لئے جلد سمری تیار کی جائے تاکہ اداروں کی کارکردگی بہتر ہوسکے۔  انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں اور کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 
    ساجد حسین طوری  نے کہا کہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشییز سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کارکردگی بہتر کریں اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے تمام کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کا ہر پندرہ روزہ آن لائن میٹنگ منعقد کی جائے گی۔  انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ویلفئیر اتاشی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے مسائل کے ازالے اور فلاح و بہبود کے لیے آسان رسائی فراہم کرے اور سمندر پار پاکستانیوں کی ہر قسم کی تعاون و مسائل کے لئے وزارت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

  • 7 سالہ بچی کے قتل میں نامزد ملزمہ کو جیل بھیج دیا گیا

    7 سالہ بچی کے قتل میں نامزد ملزمہ کو جیل بھیج دیا گیا

    7 سالہ بچی کو آگ لگا کر قتل کرنے کے الزام میں نامزد ملزمہ کو جیل بھیج دیا گیا.

    اس اندوہناک واقعے میں ملوث ملزمہ اور ایک نامعلوم شخص کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم اب انہین ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ ملک عمران نے خاتون ملزمہ ربعیہ بی بی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا.

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کے تھانہ کرپا میں پڑوسی خاتون اور نامعلوم نوجوان کیخلاف بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیاتھا۔ باغی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں انسانیت سواز واقعہ پیش آیا تھا جہاں 7 سالہ بچی کو آگ لگا کر قتل کردیا گیا تھا.

    اس وقت کی میڈیا رپورٹس کے مطابق: اسلام آباد کے تھانہ کرپا میں پڑوسی خاتون اور نامعلوم نوجوان کیخلاف بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، والد نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ میری والدہ اور بیوی ختم قرآن پر گئیں تو ساتھ بیٹی مائرہ بھی گئی ہوئی تھی، واپسی پر بیٹی چھت پر چڑھ گئی تو اچانک جلنے کی بو آئی.

    تاہم چھت پر جاکر دیکھا تو بستر کو آگ لگی تھی لیکن وہاں بیٹی موجود نہیں تھی۔ والد نے مزید بتایا کہ بعد ازاں بیوی کے تلاش کرنے پر بچی کی چلی ہوئی لاش پانی کی ٹینکی سے ملی۔ پولیس کے مطابق بچی کے والد نے پڑوسی خاتون پر بچی کو جلا کر قتل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چھت سے پڑوسی خاتون کو سڑک کی طرف بھاگتے دیکھا جبکہ اس کے ساتھ ایک نامعلوم لڑکا بھی موجود تھا.

    ذرائع کے مطابق اس کیس میں دوقسم کے شبہات ہیں اول یہ کہ زیادتی کے بعد آگ لگا کر قتل کیا گیا دوئم کسی اور چیز سے آگ لگی ہو جیسے بستر کو لگی ہوئی تھی تاہم ابھی کچھ وضح نہیں ہوسکا.

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے تین افراد کے خلاف ایک شادی شدہ خاتون سے زیادتی کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔ اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں متاثرہ خاتون کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ’خاتون کرائے کا مکان حاصل کرنے کی خواہش مند تھیں کہ سعد نامی شخص نے انھیں کال کی کہ میں نے آپ کے لیے مکان ڈھونڈا ہے آ کر دیکھ لیں۔ متاثرہ خاتون شام سات بجے اپنے ایک بچے کے ہمراہ کشمیر ہائی وے اور کلب روڈ کے سنگم پر واقع کشمیر چوک پہنچی جہاں سے ملزم انھیں اپنے گھر لے گیا۔‘

    ایف آئی آر کے مطابق ’ملزم سعد نے بچے کو دوسرے کمرے میں بند کر کے شام سات بجے سے رات 11 بجے تک خاتون کو متعدد مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور گلے سے سونے کی چین بھی چھین کر اتار لی۔‘11 بجے ملزم سعد نے اپنے دوست عبداللہ کو بلایا اور اس نے رات 11 سے دو بجے تک خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔ جس کے بعد ان دونوں نے اپنے ایک تیسرے نامعلوم دوست کو بلایا۔ اس نے بھی خاتون سے زیادتی کی۔

    متاثرہ خاتون کے مطابق ملزمان نے صبح سات بجے انہیں وہاں سے باہر نکالا اور دھمکی دی ’اگر کسی کو بتایا تو بچے سمیت جان سے مار دیں گے۔‘ ایف آر میں لکھا ہے کہ ’ملزمان نے اگلے روز پھر متاثرہ خاتون کو فون کر کے بلایا اور نہ آنے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دیں جس کے بعد متاثرہ خاتون پولیس سٹیشن پہنچی اور ایف آئی آر درج کرائی۔

  • سیلاب میں فوٹو شوٹ کرانے پر صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری پر حلقہ کے عوام پھٹ پڑے

    سیلاب میں فوٹو شوٹ کرانے پر صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری پر حلقہ کے عوام پھٹ پڑے

    سیلابی صورتحال میں فوٹو شوٹ کرانے پر پنجاب کے صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری پر حلقہ کے عوام پھٹ پڑے.

    صوبائی وزیر خزانہ سردار محسن لغاری ریلوے اسٹیشن کی سیلاب متاثرہ بستی میں جب دورہ کرنے گئے توعوام برس پڑی اور صوبائی وزیر کو کھری کھری سنا دی جبکہ کمشنر ڈیرہ غازی خان، ڈی سی راجن پور اور اے سی جام پور و راجن پور بھی ہمراہ تھے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کے عوام کے جم غفیر میں سے ایک بزرگ محسن لغاری کو کہہ رہے ہیں کے آپ نے ہماری کوئی بات نہیں سنی ہم بے یارومددگار پڑے ہیں آپ صرف فوٹو سیشن اور میڈیا پر تشہیر کیلئے آگئے آپ وزیر خزانہ ہو مگر ہم آپکو وزیرخزانہ نہیں مانتے ہمیں آپکی اور پنجاب حکومت کی طرف سے کوئی امداد نہیں ملی ہے جن لوگوں نے اور تنظیموں نے ہماری مدد کی اللہ تعالی انکو خوش رکھے آپ گھر میں جاکر بیٹھ جاو ہمیں آپکی کوئی ضرورت نہیں ہے۔


    ضلع راجن پور میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ ہزاروں لوگ بے گھر ہوچکے جبکہ چوکوں،چوراھوں، بازاروں، سڑکوں پر بے یار و مددگار پڑے ہیں۔  خیموں،راشن،کی قلت کے باعث یہ غریب لوگ زمین پر سیلاب اور آسمان سے برستی بارشوں کی قدرتی آفت سے دوچار ہیں۔ جب صوبائی وزیر خزانہ پنجاب سردار محمد محسن خان لغاری ریلوے اسٹیشن کی سیلاب متاثرہ بستی میں وزٹ پر گئے توعوام برس پڑی اور خوب غصہ نکالا جبکہ  کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈی سی راجن پور اور اے سی جام پور و راجن پور بھی انکے ہمراہ تھے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں عوام محسن لغاری کی خوب چھترول کررہی ہے۔

    ایک صارف نے کہا کہ پی ٹی ائی فینز اس وڈیو کو بھی شیئر کریں کیونکہ پی ٹی ائی فینز کے نزدیک سیلاب صرف سندھ مین ایا ہوا ہے جنوبی پنجاب و کے پی کے میں سیلاب ہے ہی نہیں اور اگر کہیں کوئی ایا بھی ہے تو نو سال سے حکومت مین پی ٹی ائی ذمہ دار نہیں بلکہ آج کی وفاقی حکومت ذمہ دار ہے، ذہنی غلامی یہ نہیں تو اور کیا ہے۔

  • حنیف عباسی وزارت خزانہ کی ناقص کارکردی پراپنی حکومت پر برس پڑے

    حنیف عباسی وزارت خزانہ کی ناقص کارکردی پراپنی حکومت پر برس پڑے

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کے بعد سینئر رہنما حنیف عباسی بھی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔

    راولپنڈی میں تاجر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم کی محنت دوسری طرف وزارت خزانہ محنت رائیگاں کررہی ہے، خدا کے لیے وزارت خزانہ لٹ ماربند کرے، جوٹیکس دے رہے ہیں ان پرنئے ٹیکس لگائے جارہے ہیں، انڈسٹری کے بلوں میں11کے قریب ٹیکس لگائے گئے، جتنے ٹیکس لگائے گئے انڈسٹری والے توبھاگ جائیں گے، میرے ڈرائیور کو 16 ہزار بل آیا، عام لوگوں سمیت دکانداربھی بجلی کا بل دینے سے قاصرہیں۔

    اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی سیکٹرایسا نہیں جوبجلی کے بلوں سے متاثرنہ ہوا ہو، کمیٹیوں کے بجائے فوری فیصلے ہونے چاہئیں، انڈسٹریز، دکانداروں پر لگائے گئے ٹیکسوں کوفوری واپس لیا جائے،ملک کی اکانومی ڈکیتی سے نہیں چل سکتی،وزارت خزانہ کی ایک ذمہ دارخاتون لوگوں کوڈرا رہی ہے،وزارت خزانہ ڈرانے کے بجائے مشکلات کا حل ڈھونڈے، جوٹیکس پہلے سے دے رہے ہیں ان پردوبارہ ٹیکس کیوں لگایا جارہا ہے،10ارب ڈالرکی انویسٹمنٹ پاکستان آرہی ہے۔

    سابق رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی پارٹیاں سیلاب کی وجہ سے 6 ماہ سرگرمیاں معطل کردیں، سیلاب متاثرین کوہماری مدد کی ضرورت ہے، عمران خان کواپنے لیے فنڈ مانگنا اچھا لگتا ہے سیلاب متاثرین کے لیے بھی اپیل کریں۔
    انہوں نے کہا کہ ایک تاجر کا بل 7 لاکھ روپے آیا ہے جس میں 4 لاکھ کے ٹیکسز ہیں، عام صارفین میں 100 یونٹ والے صارف کو 4 ہزار کا بجلی کا بل آیا ہے۔تاجر رہنما شرجیل میر نے کہا کہ تاجروں سے متعلق پالیسی پر تاجروں کو ساتھ بٹھایا جائے، ہماری تجاویز سے حکومت زیادہ ریونیو حاصل کرسکتی ہے۔

    تاجر رہنما ارشد اعوان نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں زائد ٹیکسز سے ملک کی معیشت بیٹھ جائے گی، دنیا میں صنعتوں کو ریلیف دیا جاتا ہے، یہاں مشکل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آدھی کمپنیاں لائف سیونگ ڈرگز نہیں بنا رہیں کیونکہ لاگت پوری نہیں ہو رہی، وزارت خزانہ میں جو لوگ بیٹھے ہیں انہیں عوام کی مشکلات کا اندازہ نہیں ہے۔

  • ن لیگ نے عمران اور پی ٹی آئی کے خلاف برطانیہ کے چیریٹی کمیشن میں  درخواست دائر کردی

    ن لیگ نے عمران اور پی ٹی آئی کے خلاف برطانیہ کے چیریٹی کمیشن میں درخواست دائر کردی

    مسلم لیگ ن کی طرف سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور پی ٹی آئی کیخلاف برطانیہ کے چیریٹی کمیشن میں درخواست دائر  کر دی گئی ہے۔

    درخواست میں کہاگیا ہے کہ برطانیہ میں لوگوں سے جھوٹ بول کراور دھوکہ دے کر غیراخلاقی طور پر خیرات کے نام پر فنڈز جمع کئے گئے جنہیں عمران خان نے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔

    ثابت ہوچکا ہے کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا، فنانشنل ٹائمز اور الیکشن کمشن آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان اور ان کی جماعت کے خلاف برطانوی قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ لیگل ونگ کے سربراہ اور صدر چوہدری انصر محمودنے چیریٹی کمشن کے چئیرمین کو درخواست بھیجوائی ہے جس میں کہاگیا کہ برطانیہ کے شہریوں کے طور پر ہم 28 جولائی 2022 کو فنانشل ٹائمز میں سائمن کلارک کی شائع ہونے والی خبر پر تشویش اور تذبذب کا شکار ہیں جس میں بتایاگیا ہے کہ خیرات کے نام پر جمع ہونے والا پیسہ سیاسی مقاصد کے لئے استعمال ہوا ہے۔

    فنانشل ٹائمز کی خبر ووٹن کرکٹ لمیٹڈ اور عمران خان کی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے درمیان خیراخلاقی تعلق کی واضح نشان دہی کرتی ہے۔ آکسفورڈ شائرمیں عارف نقوی نے خیرات جمع کرنے کے لئے کھانے کی تقریب منعقد کی ، اس دعوت کی عوام میں باضابطہ تشہیر کی گئی کہ خیراتی کاموں کے لئے عطیات جمع کئے جائیں گے۔ 2000 سے 2500 پاﺅنڈ قیمت پر ٹکٹ فروخت کئے گئے۔

    ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کے بینک اسٹیٹمنٹس کے مطابق بڑی مقدار میں جمع ہونے والی خیرات میں سے 2013 میں تین قسطوں میں پی ٹی آئی کو 2.12 ملین پاﺅنڈ کی رقم بھجوائی گئی۔ 1.3 ملین پاﺅنڈ کی بھاری رقم ابراج گروپ سے پی ٹی آئی کو بھجوائی گئی جو عارف نقوی کی پرائیویٹ کمپنی ہے۔ یہ رقم عمران خان کی پی ٹی آئی کو سیاسی مقاصد کے لئے بھجوائی گئی۔

    عارف نقوی کی ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کو کمپنیوں اور افراد نے فنڈز دئیے ۔ متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے فرد اور کابینہ کے وزیر نے 2 ملین پاﺅنڈبھجوائے۔ بعدازاں یہ جمع ہونے والی ایک ذریعے کے طور پر رقم لاکھانی گروپ پاکستان کو منتقل ہوگئی۔ درخواست میں کہاگیا کہ ہمارے خیال میں ابراج گروپ جو اس وقت فراڈ کے مقدمے میں ملوث ہے اور امریکہ میں عارف نقوی 200 سال قید کی سزا کاسامنا کررہا ہے، نے ایک سیاسی جماعت کی مدد کے لئے تمام فنڈز کا بندوبست کیا۔ عوام سے یہ کہاگیا تھا کہ یہ عطیات غریب اور کمزور ترین طبقات پرخرچ ہوں گے۔ لہذا عوام سے جھوٹ بول کر اور دھوکہ دے کر یہ پیسہ جمع کیاگیا۔ ووٹن کرکٹ لمیٹڈ ’کے مین‘ آئی لینڈ میں رجسٹرڈ ہے۔

    عارف نقوی کو اپریل 2019 میں برطانیہ میں گرفتار کیاگیا اور انہیں ریکارڈ15 ملین پاﺅنڈ دے کر لندن کی عدالت سے ضمانت ملی اور اس وقت وہ گھر پر نظر بندی کی حالت میں ہیں۔ امریکہ میں فراڈ میں ملوث ابراج گروپ اور عارف نقوی سے متعلق دوبئی میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔ یہ الزام کسی اور نے نہیں بلکہ ابراج کے سرمایہ کاروں نے خود عائد کئے ہیں۔ عارف نقوی نے’ ہیلتھ کئیر ‘ (صحت عامہ) فنڈ کے 230 ملین ڈالر کی خوردبرد کی۔

    دبئی فنانشل سروسز اتھارٹی نے ابراج سے منسلکہ اداروں کو 315 ملین ڈالر کے جرمانے کئے اورمالی فراڈ کرنے پر متحدہ عرب امارات نے عارف نقوی کو 3 سال قید کی سزا سنائی ۔ دوبئی فنانشل سروسز اتھارٹی نے ذاتی طور پر عارف نقوی کو ذمہ دار ٹھہرایا اور ابراج کی تباہی میں اُس کے کردار پر 135.6 ملین ڈالر جرمانہ کیا۔

    درخواست کے ساتھ 28 جولائی 2022 کو شائع ہونے والی سائمن کلارک کی خبر اور الیکشن کمشن آف پاکستان کے فیصلے کی نقول بھی چیریٹی کمشن کے چئیرمین کو بھجوائی گئی ہیں۔ درخواست میں کہاگیا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ غریب اور بے سہارا لوگوں کے نام پر خیرات جمع کی گئی جسے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا لہذا اس پر سخت کارروائی کی جائے۔

  • بنی گالا کے سرچ وارنٹ جاری کرنے کیلئے اسلام آباد پولیس کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ

    بنی گالا کے سرچ وارنٹ جاری کرنے کیلئے اسلام آباد پولیس کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ

    اسلام آباد پولیس نے اعلیٰ انتظامیہ سے ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف کیس کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے سرچ وارنٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ ان کے اپارٹمنٹ سے ایک سیٹلائٹ فون اور ایک اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔

    ڈان کی رپورٹ کے مطابق: شہباز گل کو پارلیمنٹ لاجز میں فارنزک جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں کی فہرست تیار کی ہے جو 8 اگست کو شہباز گل کے گھر پر تھے جبکہ میڈیا کے افراد کی فہرست بھی تیار کی گئی ہے جنہوں نے ان رہنماؤں سے رابطہ کیا تھا۔

    پولیس نے دعویٰ کیا کہ شہباز گل سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ سے لینڈ لائن کے ذریعے اے آر وائی نیوز کے شام 4 بجے کے نیوز بلیٹن میں نمودار ہوئے۔ سینئر پولیس افسران نے ڈان کو بتایا کہ یہ فہرست جیوفینسنگ اور وہاں موجود لوگوں کے کال ڈیٹا ریکارڈ کے ذریعے تیار کی گئی ہے، اس کا مقصد ‘انہیں کیس میں سازش کرنے والے کے طور پر نامزد کرنا’ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے گھر اور وہاں نصب لینڈ لائن کو بھی جرم میں استعمال کیا گیا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ میں نئی ​​پیش رفت کے بارے میں ایک رپورٹ متعلقہ سینئر افسران کو مزید قانونی کارروائی شروع کرنے کی منظوری کے لیے بھیج دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منظوری کے بعد رہائش گاہ اور مبینہ سازش کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے سرچ وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔

    ڈان کے مطابق: ایک الگ پیش رفت میں پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کو الاٹ کیے گئے اپارٹمنٹ سے برآمد ہونے والا ایک سیٹلائٹ فون اور ہتھیار فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے 22 اگست کو شہباز گل کے اپارٹمنٹ پر چھاپے کے دوران ایک 9 ایم ایم پستول اور ایک سیٹلائٹ فون برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    رابطہ کرنے پر سینئر پولیس افسران نے ڈان کو بتایا کہ سیٹلائٹ فون پر دستیاب کال لاگز، ٹیکسٹ میسجز اور دیگر ڈیٹا کو بازیافت کیا جائے گا، افسران نے بتایا کہ پستول کو گولیوں کی بیلسٹک میچنگ کے لیے جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ آیا یہ ہتھیار کسی جرم میں استعمال ہوا تھا یا نہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جمعہ کو شہباز گل کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت تفتیشی افسر کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کر دی۔

    تفتیشی افسر کو جمعرات کو کیس ریکارڈ کے ساتھ عدالت میں پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا تھا تاہم، جب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے جمعہ کو سماعت کا خلاصہ کیا تو جج کو بتایا گیا کہ تفتیشی افسر نوٹس کی فراہمی سے پہلے ہی ایک ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے کراچی روانہ ہو چکے ہیں۔ جج نے اس کے بعد پولیس کو دو گھنٹے کے اندر متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی تاہم پولیس نے اتنے مختصر نوٹس پر ریکارڈ پیش کرنے سے معذوری ظاہر کی۔ اس کے بعد سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔