Baaghi TV

Author: +9251

  • ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار39میگاواٹ ہو گیا

    ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار39میگاواٹ ہو گیا

    ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار39 میگا واٹ ہوگیا ہے۔

    ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار39 میگا واٹ ہوگیا۔بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار861 میگا واٹ ہے۔ملک میں بجلی کی طلب 27 ہزار 900 میگا واٹ ہے۔

    پانی سے 6 ہزار 900 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔سرکاری تھرمل پلانٹس 1ہزار 105 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 11 ہزار 221 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع پاور ڈویژن نے مزید کہا کہ ونڈ پاور پلانٹس 1ہزار90 میگا واٹ اور سولر پلانٹس سے پیداوار 120 ہے جبکہ بگاس سے چلنے والے پلانٹس 95 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔ جوہری ایندھن سے 2 ہزار 330 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ملک کے مختلف علاقوں میں8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    علاوہ ازیں بڑے چھوٹے شہروں میں تقریباً ہر دو گھنٹے بعد ایک گھنٹے کے لیے بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔ ملک کے دیہی علاقوں میں 24 گھنٹوں میں کل کتنی دیر بتی اور پنکھا چل رہا ہو گا اس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔

    پاکستان کے بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں ہیں، گرمی کی اس شدت میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے نے انھیں مزید پریشان کر رکھا ہے۔

    تاہم دوسری جانب سیلابی صورتحال کے سبب بھی بہت سارے علاقوں میں بجلی فراہمی منقطع ہے

  • گال ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست، سیریز برابر

    گال ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست، سیریز برابر

    کولمبو:گال ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست، سیریز برابر،کولمبوسے اطلاعات کےمطابق پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ، کھیل کے میدان سے آنے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ گال ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو 246 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریزایک ایک سے برابر کردی۔

    گال ٹیسٹ کے آخری دن جب کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو جیت کے لئے مزید 419 رنز جب کہ سری لنکا کو 9 وکٹیں درکار تھیں۔

    پاکستان نے 508 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو آخری روز اوپنر امام الحق 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 37 رنز اسکور کئے۔

     

    فواد عالم ایک رن پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ آغا سلمان صرف 4 رنز اسکور کرسکے۔لنچ پر کپتان بابر اعظم 76 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

     

    لنچ کے بعد بابر اعظم 81، محمد نواز 12، یاسر شاہ 27 اور حسن علی 11 رنز بناسکے۔ نسیم شاہ 18 رنز پر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی جانب سے پرابتھ جیاسوریا نے5 اوررمیش مینڈس نے 4 وکٹ حاصل کیے۔

     

     

     

     

     

    لنچ کے بعد پاکستان کو دو سیشنز میں 320 رنز درکار تھے جبکہ سری لنکا کو 5 وکٹ چاہیئے تھیں۔

     

    اس سےقبل سری لنکا کی ٹیم نے دوسری اننگز 360 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلئیر کردی۔سری لنکا نے پہلی اننگز میں 378 رنز اسکورکئے تھے۔ پاکستان کی ٹیم 231 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔

  • پاکستان میں ٹویوٹا کے بعد سوزوکی نے بھی پلانٹس بند کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا

    پاکستان میں ٹویوٹا کے بعد سوزوکی نے بھی پلانٹس بند کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا

    پاکستان میں معروف موٹر کارز کمپنی ٹویوٹا کے بعد سوزوکی نے بھی اپنے پلانٹس بند کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے بکنگ منسوخ کردی ہیں.

    کمپنیوں نے درآمدی پابندیوں اور شرح مبادلہ میں اتار چڑھاؤ اور خام مال کی عدم دستیابی کی وجہ سے اگلے ماہ پلانٹ جزوی طور پر بند کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔


    کمپنی نے اپنی ادائیگیوں میں تاخیر کا سامنا کرنے والے صارفین کو رقم کی واپسی پر کہا اس عمل میں تین ماہ کی تاخیر ہو سکتی ہے اور قیمتوں پر نظر ثانی کی جائے گی کیونکہ ملک کے پاس ڈالر دستیاب نہیں۔

    ٹویوٹا نے کہا ہے کہ: اگلے ماہ صرف اس صورت میں جب مرکزی بینک ہمیں کوٹہ کی بنیاد پر لیٹر آف کریڈٹ کھولنے کی اجازت دیں گے جس کا انہوں نے وعدہ کیا تھا۔

    پاک سوزوکی جو سوزوکی گاڑیوں کو مقامی طور پر تیار کرتا ہے نے درآمدات کے لیے پیشگی منظوری کے لیے مرکزی بینک کے نئے طریقہ کار کا حوالہ دیتے ہوئے پاک سوزوکی موٹرز کے تعلقات عامہ کے سربراہ شفیق اے شیخ نے کہا کہ پابندیوں نے بندرگاہوں سے درآمدی کلیئرنس پر منفی اثر ڈالا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مواد کی عدم دستیابی کے نتیجے میں اگست میں پلانٹ بند ہو سکتا ہے۔

    شیخ نے کہا، "اگر یہی صورت حال جاری رہی، تو اگست 2022 سے ہمارے لیے بڑے مسائل ہوں گے۔”

    سینئر اینکرپرسن مبشر لقمان نے ان کمپنیوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ: ایک اندازے کے مطابق ٹوئیٹا اور پاک سوزوکی دونوں پر عام لوگوں کی پیشگی ادائیگیوں میں تقریباً 189 ارب روپے واجب الادا ہیں۔


    ان کا کہنا تھا کہ: یہ رقم سود سمیت واپس کی جانی چاہئے۔

    مبشر لقمان نے کہا کہ: اس بات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے کہ ان کمپنیوں کو اپنے معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیوں جاری رہنے دیا گیا؟

  • بارشوں کے باعث راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں ٹرین آپریشن درھم برھم ہوگیا

    بارشوں کے باعث راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں ٹرین آپریشن درھم برھم ہوگیا

    راولپنڈی سمیت متعدد شہروں جس میں کراچی، کوئٹہ اور پشاور شامل ہیں میں حالیہ شدید بارشوں سے ٹرین آپریشن درھم برھم ہوگیا جس کے باعث ٹرینیں 12 سے 13 گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری حالیہ بارشوں کی وجہ سے کراچی، کوئٹہ اور پشاور سیکشن پر ٹریک کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے ٹرین آپریشن متاثر ہو رہا ہے جس کے باعث ریلوے کو لاکھوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

    ریلوے انتظامیہ نے آج اَپ اور ڈاؤن سائیڈ کی قراقرم دونوں ٹرین کو کراچی اور لاہور سے منسوخ کر دیا ہے جس پر مسافروں نے ٹکٹیں ری فنڈ کروالی ہیں، ریلوے کو مالی طور پر لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

    اسکے علاوہ جو ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں ان ٹرینوں میں ملت ایکسپریس 13گھنٹے، پاک بزنس ایکسپریس 11 گھنٹے، خیبر میل ایکسپریس 9 گھنٹے، پاکستان ایکسپریس 8 گھنٹے، رحمان بابا ایکسپریس 8 گھنٹے، سر سید ایکسپریس 7 گھنٹے، علامہ اقبال ایکسپریس 6 گھنٹے، کراچی ایکسپریس 6 گھنٹے، شاہ حسین ایکسپریس 6 گھنٹے، گرین لائن ایکسپریس 6 گھنٹے، جعفر ایکسپریس 4 گھنٹے، عوام ایکسپریس 4 گھنٹے، تیز گام ایکسپریس 5 گھنٹے اور فرید ایکسپریس 3گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    اس حوالے سے سی ای او ریلوے فرخ تیمور کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے ریلوے ٹریک کو بہت نقصان ہوا ہے اور اسکے باوجود ہم نے ٹرین آپریشن معطل نہیں کیا اور کم رفتار کے ساتھ مختلف سیکشنوں پر ٹرینوں کو چلا رہے ہیں۔

    انکا کہنا تھا کہ: ٹرینیں لیٹ ہونے سے محکمہ کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے جبکہ مسافروں کی مشکلات کا بھی احساس ہے، البتہ جیسے ہی موسمی حالات بہتر ہوں گے ٹرین آپریشن اپنے معمول کے شیڈول پر آ جائے گا۔

  • ایل پی جی 24 گھنٹے بعد مزید 10 روپے مہنگی کردی گئی

    ایل پی جی 24 گھنٹے بعد مزید 10 روپے مہنگی کردی گئی

    ایل پی جی کی قیمت میں 24 گھنٹوں کے دوران دوسری بار اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد ایل پی جی 10 روپے فی کلو مزید مہنگی ہو گئ ہے

    چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق گزشتہ روز کی طرح حالیہ اضافہ بھی اوگرا کی جانب سے کسی نوٹیفکیشن کے بغیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب گرمیوں میں بھی قیمتیں بڑھنا شروع ہوگئی ہیں، جس کے نتیجے میں ایل پی جی غریب صارفین کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔

    عرفان کھوکھر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اوگرا کی جولائی 2022ء کے لیے قیمت 220روپے فی کلو تھی، جس کے مطابق گھریلوسلنڈر 2600 اور کمرشل سلنڈر 9988 روپےکا دستیاب تھا۔ ایل پی جی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافے سے گھریلو سلنڈر 120روپے اور کمرشل سلنڈر 455 روپے مہنگا ہوگیا۔

    قیمت میں حالیہ اضافوں کے بعد گھریلو سلنڈر 240 روپے فی کلو بڑھنے سے 2835روپے اور کمرشل سلنڈر 10900 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ عرفان کھوکھر کے مطابق جے جے وی ایل پلانٹ کی بندش کے باعث حکومت کو سالانہ 60 ارب روپے کانقصان ہو رہا ہے جب کہ بلیک مارکیٹنگ عروج پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیاں مزید قیمت بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ حکومت نے قیمتیں کنٹرول نہ کیں تو ملک گیر ہڑتال اور وزات پٹرولیم کے سامنے دھرنا دیں گے۔ایل پی جی 24 گھنٹے بعد مزید 10 روپے مہنگی، گھریلو سلنڈر 2835 روپے کا ہوگیا

  • پاک فوج نے سیلاب میں پھنسے 700 مثاترین خاندانوں کو ریسکیو کرلیا

    پاک فوج نے سیلاب میں پھنسے 700 مثاترین خاندانوں کو ریسکیو کرلیا

    پاک فوج کے دستے بلوچستان اور گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی مدد کرنے میں پیش پیش ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق: پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ آبادی کو بنیادی غذائی ضروریات اور طبی امداد فراہم کرنے میں مسلسل مصروف عمل ہیں۔

    متاثرہ علاقوں سے ڈی واٹرنگ پمپوں اور ٹینکروں کے ذریعے سے پانی نکالا جا رہا ہے۔

    بولان، لسبیلہ، اوتھل، جھل مگسی اور غذر میں سیلاب کے دوران پھنسے 700 سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔


    پاک فوج نے ان علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ بھی لگائے ہیں جہاں لوگوں کو طبی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں خضدار اور دیگر متاثرہ علاقوں میں 7.5 ٹن غذائی اشیاء، پناہ گاہیں اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے۔

    امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بلوچستان کے مختلف مقامات پر اسٹینڈ بائی ریسپانس ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔آئی ایس پی آر کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ: دو ہیلی کاپٹر کراچی سے بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کے لیے روانہ کیے گئے ہیں۔ان ہیلی کاپٹروں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بھی کوشش کی لیکن خراب موسم کی وجہ سے پرواز نہیں کر سکے تھے۔

    ہیلی کاپٹر اب پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے اور ضروری امدادی سامان بھی منتقل کیا جارہا ہے۔جنرل آفیسر کمانڈنگ نے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔
    دوسری جانب خضدار میں سینئر مقامی کمانڈر خضدار اور گردونواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ اوتھل، جھل مگسی میں گراؤنڈ ریسکیو اور ریلیف ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور مقامی رہائشیوں کو خوراک اور پانی کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔

    اعلامیہ کے مطابق: ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ اورکوسٹل ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ جبکہ تربت میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والے حفاظتی بند کی مرمت کر دی گئی۔
    دوسری طرف پنجاب میں ڈیرہ غازی خان میں سیلاب اورپہاڑی طوفان کی وجہ سے فوجی امدادی کوششوں میں سول انتظامیہ کی مدد جاری ہے۔

    علاوہ ازیں سندھ کے شہر کراچی میں پانی نکالنے کی کوششوں کے علاوہ جامشورو اور گھارو کے علاقوں میں بھی پاک فوج امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔

  • آج جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس ہوگا جس میں سپریم کورٹ ججز کے ناموں پر غور کیا جائے گا

    آج جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس ہوگا جس میں سپریم کورٹ ججز کے ناموں پر غور کیا جائے گا

    جوڈیشل کمیشن کے اہم اجلاس میں آج سپریم کورٹ کے 5ججز کی تعیناتی کیلئے ناموں پر غور ہوگا۔

    چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس آج ہوگا۔جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سپریم کورٹ کےججز کیلئے پانچ ججز کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد وحید کو سپریم کورٹ کا جج بنانے پر غور ہوگا۔پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس قیصر رشید خان کو سپریم کورٹ کا جج بنانے پر بھی غور ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ سے جسٹس حسن اظہر رضوی،جسٹس شفیع صدیق،جسٹس نعمت اللہ کو سپریم کورٹ کے جج بنانے پر غور ہوگا۔

    تاہم واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو خط لکھ چکے ہیں جس میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس مؤخر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ججز کی تعیناتی پر چیف جسٹس کی جلد بازی سوالیہ نشان ہے۔

    خط میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ: جب میں نے سالانہ چھٹی لی اس وقت جوڈیشل کمیشن کا کوئی اجلاس طے نہیں تھا لیکن جیسے ہی میں پاکستان سے روانہ ہوا تو چیف جسٹس نے فیصلہ کیا کہ جوڈیشل کمیشن کے 2 اجلاس ہوں گے تاکہ سندھ اور لاہور ہائی کورٹس میں تعیناتیوں پر غور کیا جاسکے اور اب جوڈیشل کمیشن کا تیسرا غیر اعلانیہ اجلاس سپریم کورٹ کی گرمیوں کی تعطیلات کے دوران منعقد ہونے والا ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ ’سپریم کورٹ کی گرمیوں کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن خود چیف جسٹس نے جاری کیا تھا جس کے بعد یہ سرکاری گزٹ میں درج کردیا گیا تھا، اگر چیف جسٹس اپنے نوٹی فکیشن کو بالکل بے معنی سمجھتے ہیں تو اس کی خلاف ورزی سے پہلے وہ اسے واپس لے لیں‘۔

    ان کا کہنا ہے کہ ‘میں انتہائی احترام کے ساتھ عرض کرتا ہوں کہ چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن کے فیصلوں کو مسترد نہیں کر سکتے، منظور شدہ تعطیلات کے دوران ایسے وقت میں ایک اور اجلاس بلانا بلاجواز ہے جب کچھ اراکین سالانہ چھٹی پر ہوں اور اٹارنی جنرل حال ہی میں کرائی گئی دوسری سرجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔’

    خط میں جسٹس فائز عیسیٰ نے اجلاس 13 اگست تک ملتوی کیے جانے کی تجویز دی، انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نے مہینوں تک اپنا اجلاس نہیں بلایا جب وہ پاکستان میں موجود تھے اور پھر اس طرح کے 3 اجلاس اس وقت طے طلب کیے جب میں منظور شدہ سالانہ چھٹیوں پر ہوں، یہ ظاہر کرتا ہے کہ چیف جسٹس نہیں چاہتے کہ میں اجلاس میں شریک ہوں جو کہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے‘۔

    خط میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتی سے قبل مل بیٹھ کر طے کرنا ہوگا کہ اس معاملے پر آگے کیسے بڑھنا ہے۔

  • کورونا سے پاکستان میں مزید 8 اموات ہوگئی

    کورونا سے پاکستان میں مزید 8 اموات ہوگئی

    ملک بھر میں کورونا کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے جس سے پاکستان میں کورونا سے مزید 8 افراد چل بسے.

    ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.65 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے.

    قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20,843ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے761 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔


    این آئی ایچ کے مطابق پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ چھ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

    جبکہ 170مریضوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے ۔

    ملک کے دیگر علاقوں گلگت میں کورونا کی شرح 19.60، صوابی میں 12.50 ، پشاور میں3.47، لاہور 11.16 جبکہ اسلام آباد 3.70

    صوبہ سندھ میں ٹوٹل کیسز کی تعداد 590،243 جبکہ اموات 8167 اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 567237 ہے.

    اسی طرح صوبہ بلوچستان میں ٹوٹل کیسز کی تعداد 35756 جبکہ اموات 378اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 35108 ہے.

    کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہونے کے ساتھ ساتھ ماسک پہننا اور ویکسین لگوانا بھی ضروری ہے۔

  • بینظیر اسپتال سے تین ماہ کا بچہ اغوا ، نامعلوم خاتون ساتھ لے گئی

    بینظیر اسپتال سے تین ماہ کا بچہ اغوا ، نامعلوم خاتون ساتھ لے گئی

    راولپنڈی :بینظیر اسپتال سے تین ماہ کا بچہ اغوا کر لیا گیا،تین ماہ کے موسی کو نامعلوم خاتون اغوا کرکے لے گئی ،میاں بیوی او پی ڈی میں چیک اپ کیلئے گئے ،بچہ بیٹی کو دے گئے مغوی کی بہن عائشہ کو بہلا پھسلا کر نامعلوم خاتون بچہ اغوا کرکے لے گئی ۔ بچے کے والد آفتاب نے تھانہ وارث خان میں درخواست دے دی، مقدمہ درج ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بچے کے پاس کسی نامعلوم شخص کو دیکھا گیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بچے کو تلاش کیا جا رہا ہے

     

     

  • بارشوں کی وجہ سےریلوے کا ٹرین آپریشن متاثرہوا:سی اوپاکستان ریلویز فرخ تیمورغلزئی

    بارشوں کی وجہ سےریلوے کا ٹرین آپریشن متاثرہوا:سی اوپاکستان ریلویز فرخ تیمورغلزئی

    لاہور:چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز فرخ تیمور غلزئی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری موسلادھار بارشوں سے پاکستان ریلویز کا ٹرین آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کا یہ بے مثال سپیل ختم ہونے کے بعد ٹرینوں کی وقت کی پابندی معمول پر آجائے گی۔ سی ای او ریلوے نے کہا کہ کئی مقامات پر ٹریکس، یارڈز اور سگنلنگ سسٹم متاثر ہوئے تاہم پاکستان ریلویز کے عملے اور افسران نے اس بات کو یقینی بنایا کہ کوئی بھی ٹرین منسوخ نہ ہو جس کو سراہا جانا چاہیے، یہ بات انہوں نے ای کچری کے ذریعے عام لوگوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ .

    فرخ نے کہا کہ ریلوے اب ٹیک آف کر رہا ہے اور سی پیک سے متعلق منصوبے محکمے میں مزید مثبت تبدیلی لائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سی ای او نے کہا کہ ہماری ایجنسیوں کی طرف سے سیکیورٹی کلیئرنس ملتے ہی سبی-ہرنائی سیکشن کام شروع کر دے گا۔

    مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سی ای او ریلوے نے کہا کہ جلد ہی تمام ٹرینوں میں فاسٹ چارجنگ پورٹ نصب کر دی جائیں گی۔ سی ای او نے چند اسٹیشنوں پر صفائی کے ناقص انتظامات کی شکایات موصول ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو 24 گھنٹے کے اندر شکایات کا ازالہ کرنے اور اس سلسلے میں ہیڈ کوارٹر کو رپورٹ بھیجنے کا حکم دیا۔

    فرخ تیمور غلزئی نے ریلوے ملازمین پر واضح کیا کہ ای کچہری کا مقصد صرف اور صرف عوام کے مسائل حل کرنا ہے اور روزگار سے متعلق مسائل کو متعلقہ ڈویژن تک پہنچایا جائے۔

    سٹاپ دینے کے بارے میں بات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی پالیسی کے مطابق ایک لاکھ روپے تک کی یومیہ آمدنی والے سٹیشنوں پر سٹاپ دیئے جاتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں سی ای او نے کہا کہ ہمارے وسائل ہمیں فی الحال کوئی نئی ٹرین چلانے کی اجازت نہیں دیتے۔ تاہم نئی درآمد شدہ کوچز کے پاکستان پہنچنے کے بعد نئی ٹرینیں ضرور چلیں گی۔ ای کیچری میں دس ہزار سے زائد سوالات موصول ہوئے۔