Baaghi TV

Author: +9251

  • ائیر لفٹ کا اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سروس بند کرنے کا اعلان

    ائیر لفٹ کا اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سروس بند کرنے کا اعلان

    آن لائن پبلی کیشن ‘ڈیل اسٹریٹ ایشیا’ نے اطلاع دی ہے کہ کوئیک کامرس اسٹارٹ اپ ‘ائیر لفٹ’ کی پاکستان میں سروس مستقل طور پر بند ہورہی ہے۔
    دوسری جانب ائیر لفٹ پاکستان نے بھی ایک اعلامیہ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہم اپنی سروس بند کررہے ہیں.


    ٖتفصیلات  کے مطابق ائیر لفٹ ابتدائی طور پر ایک بس سروس تھی جو بعدازاں ایک ڈیلیوری سروس بن گئی جس نے گزشتہ سال مقامی سطح پر کسی بھی اسٹارٹ اپ کے مقابلے میں سب سے زیادہ ساڑھے 8 کروڑ ڈالر اکھٹا کیا۔

    تاہم ائیر لفٹ نے چند ماہ قبل فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حیدرآباد اور پشاور جیسے شہروں میں اپنی سروس بند کر دی تھی اور تنخواہوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے اپنے تقریباً ایک تہائی ملازمین کو فارغ بھی کردیا تھا۔

    اسٹارٹ اپ ڈیٹا پورٹل کرنچ بیس کے مطابق ائیر لفٹ نے اپنے حالیہ سرمایہ کاروں ‘فیوچر پازیٹو’ اور ‘موونگ کیپیٹل’ کے ساتھ 6 راؤنڈز میں کُل 10 کروڑ 92 لاکھ ڈالرز اکٹھے کیے۔

    پاکستان میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم گزشتہ چند ماہ سے بحران کا شکار ہے جس کے سبب متعدد نامور کمپنیوں نے اپنی سروس معطل، محدود یا جزوی معطل کرنے کا اعلان کیا۔

    معروف سروس ‘کریم’ نے حال ہی میں بدلتے ہوئے معاشی تناظر میں اپنی فوڈ ڈیلیوری سروس کو معطل کر دیا ہے، آن لائن بس سروس ‘سیول’ نے بھی گزشتہ ماہ کراچی، لاہور اسلام آباد اور فیصل آباد میں بھی عالمی کساد بازاری کے سبب اپنی سروس معطل کر دی۔

    فرائیٹ مینجمنٹ اسٹارٹ اپ ‘ٹرک اٹ ان’ نے بھی عالمی سطح پر اقتصادی غیر یقینی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے حال ہی میں اپنی حکمت عملی از سر نو ترتیب دی ہے اور اپنے کچھ عملے کو چند دیگر چیلنجز سئ نمٹنے کے لیے وقف کردیا۔

    فی الوقت اسٹارٹ اپس تیزی سے کسٹمر کے حصول کے لیے نئی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں مشکلات کا سامان کر رہے ہیں، جبکہ سرمایہ کار کھل کر بھاری سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہیں جس سے اسٹارٹ اپس کو نئے کسٹمرز کے حصول میں مدد مل سکے۔

    اسٹارٹ اپس نے اپریل تا جون سہ ماہی میں 22 سودوں میں مجموعی طور پر 10 کروڑ 38 لاکھ ڈالرز اکٹھے کیے جو کہ گزشتہ سہ ماہی سے تقریباً 40 فیصد کم ہے جب یہ 17 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں ایئرلفٹ کمپنی میں غیرملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی 2021 کی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ کمپنی میں85 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے یہ کمپنی پاکستانی نوجوانوں کی جانب سے بنائی گئی ۔

    عمرا ن خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں بڑی صلاحیت ہے اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجو دہیں ،پاکستان عالمی سرمایہ کاری کیلئے کھلا ہے،حکومت سرمایہ کاروں کیلئے مواقع کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔

  • اسلام آباد میں نیوی گالف کورس کی تعمیر غیر قانونی قرار

    اسلام آباد میں نیوی گالف کورس کی تعمیر غیر قانونی قرار

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تعمیرات  کا تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے نیوی گالف کورس کی تعمیر کو غیرقانونی قرار دے دیا۔

    معزز عدالت نے وزارت دفاع کو فوری انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا سیکریٹری دفاع فرانزک آڈٹ کرا کے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ  لگائے۔

    عدالت نے نیشنل پارک کی 8068 ایکٹر اراضی پر پاک فوج کے ڈائریکٹوریٹ کا ملکیتی دعویٰ بھی مسترد کردیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی جانب سے جاری تفصیلی فیصلے میں پاک فوج کے فارمز ڈائریکٹوریٹ کا مونال ریسٹورنٹ کے ساتھ لیز معاہدہ بھی غیرقانونی قراردے دیا۔

    ایک سو آٹھ صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں اسلام آباد انوائرمنٹل کمیشن کی رپورٹ کو بھی حصہ بنایا گیا ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ ریاست اور حکومتی عہدیداران کا فرض ہے کہ وہ مارگلہ ہلز کا تحفظ کرے۔

    عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ مارگلہ ہلز کے محفوظ نوٹیفائیڈ ایریا کی بے حرمتی میں ریاستی اداروں کا بھی ملوث ہونا ستم ظریفی ہے۔

    عدالت نے مزید کہا ہے کہ پاک بحریہ اور پاک فوج نے قانون اپنے ہاتھ میں لے کر نافذ شدہ قوانین کی خلاف ورزی کی۔ یہ قانون کی حکمرانی کو کمزور کرنے اور اشرافیہ کی گرفت کا ایک مثالی کیس تھا۔

    عدالت نے کہا کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ مارگلہ ہلز کو پہنچنے والے نقصان کے ازالہ کے لیے اقدامات کرے تاکہ اسے مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔

    عدالت نے اس سے قبل 11 جنوری 2022 کو شارٹ آرڈر جاری کیا تھا۔

  • ایم ایس ڈگری حاصل کرنے پر ابوبکر عمر کو صارفین کی مبارکبادیں

    ایم ایس ڈگری حاصل کرنے پر ابوبکر عمر کو صارفین کی مبارکبادیں

    وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے ڈیجیٹل میڈیا ایڈوائزر محمد ابوبکر عمر نے حال ہی میں ایم ایس کی ڈگری حاصل کی جس پر انہیں صارفین مبارک باد دےرہے ہیں۔
    ابوبکر عمر کو سب سے پہلے ان کی اہلیہ اور ایم پی اے پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا: مجھے فخر ہے کہ لندن اسکول آف اکنامکس، علم سیاسیات (ایل ایس ای) سے ابوبکر نے ڈگری حاصل کرلی ہے۔


    انہوں نے مزید کہا: بہت خوشی کا احساس ہوتا جب آپ ان لوگوں کو کامیابیاں سمیٹتے دیکھتے، جنہیں آپ کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا: خوشی ہے کہ میں اس سفر میں ابوبکر کی ساتھی ہوں۔

    علاوہ ازیں ابوبکر نے خود بھی اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا.

    مختلف صحافیوں اور سیاستدانوں نے بھی ابوبکر عمر کو مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کیلئے دعائیں کیں.

    تاہم کچھ صارفین نے تنقید بھی کی.

    ایک صارف نے سوال کیا کہ اس کی فیس کس نے ادا کی؟

    محمد نواز نامی صارف نے کہا: پاکستان پر حکمرانی کرنے کی سوچ اور خود کے بچے باہر سے پڑھتے ہیں.

    واضح رہے کہ صارفین کی اکثریت نے ثانیہ عاشق اور محمد ابوبکر عمر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں اس ڈگری پر مبارک باد دی.

  • کورونا وبا: ملک بھر میں 236 نئے کیس رپورٹ

    قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک بھر میں کیئے گئے ٹیسٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 236 مزید نئے کیسز مثبت آئے ہیں۔ جبکہ شرح فیصد 1.55 رہی۔

    این آئی ایچ نے بتایا: اس وقت پاکستان میں 152 مریضوں کی طبیعت تشویشناک ہے۔ 

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کا خاتمہ فلحال ممکن نہیں ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیدروس نے کہا کہ دنیا بھر میں بڑھتے کورونا کیسز کی لہر اس بات کا ثبوت ہے کہ کووڈ نائنٹین کی وبا کا خاتمہ قریب نہیں ہے۔

    ادھر وائٹ ہاؤس نے کورونا کے نئے ویریئنٹ بی اے 5 سے نمٹنے کیلیے بوسٹر شاٹس لگوانے اور ٹیسٹس کروانے کی نئی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

    چین میں کورونا کیس رپورٹ ہونے پر شہر "وگانگ” میں تین دن کا لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ صرف ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کو گھر سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔

  • جگنو محسن کے والد سید محسن کرمانی انتقال کر گئے

    جگنو محسن کے والد سید محسن کرمانی انتقال کر گئے

    ایم پی اے جگنو محسن کے والد سید محسن کرمانی انتقال کر گئے، سید محمد محسن کرمانی سینئر اینکر پرسن نجم سیٹھی کے سسر تھے۔

    ممتاز صنعتکار سید محسن کرمانی سماجی خدمات کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے۔سید محسن کرمانی کی نماز جنازہ بدھ دن 2 بجے شیرگڑھ اوکاڑہ میں ادا کی جائے گی۔سید محمد محسن کرمانی مچل فروٹ فارمز کے چیئرمین تھے، ان کی عمر 91 برس تھی۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن کے والد اور سینئر صحافی نجم سیٹھی کے سسر کی وفات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہارکیا ہے.

    وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ممتاز صنعت کار سید محسن کرمانی ایک خداترس اور عوام کی بے لوث خدمت کرنے والے نیک انسان تھے ،وہ خاموشی سے دکھی انسانیت ، یتیموں اور ناداروں کی خدمت کرتے تھے ،ایسے نیک دل انسان کی وفات یقینا پورے معاشرے کا نقصان ہے ،وزیراعظم نے ایم پی اے جگنو محسن اور نجم سیٹھی سمیت تمام اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کیا،اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔ آمین

  • شہباز شریف اور حمزہ بھی استعفیٰ دے دیں تو بھی یہ ضمنی الیکشن نہیں جیت سکتے،پی ٹی آئی

    شہباز شریف اور حمزہ بھی استعفیٰ دے دیں تو بھی یہ ضمنی الیکشن نہیں جیت سکتے،پی ٹی آئی

    لاہور کے صوبائی حلقے پی پی 158 کے ضمنی الیکشن میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار زاہد خان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔اس موقع پرپی ٹی آئی رہنما حماد اظہر ، میاں محمود الرشید اور میاں اکرم عثمان نےلاہور میں میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

    میاں محمود الرشید نے دعویٰ سے کہا کہ صوبائی وزراء کیا وزیراعلیٰ حمزہ شہباز اور وزیراعظم شہباز شریف بھی استعفیٰ دے دیں تو بھی یہ ضمنی الیکشن نہیں جیت سکتے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء میں اب تک ملک احمد خان ، اویس لغاری اور سلمان رفیق استعفیٰ دے چکے ہیں۔

    حماد اظہر نے کہا کہ اس وقت ماحول یہ نظر آرہا ہے کہ لوگ پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے،عوام اس وقت صرف عمران خان کی حمایت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران کان کھول کر سن لیں کہ الیکشن میں مداخلت کی سزا ہے،بعض چینلز طے شدہ کمپین دکھا رہے ہیں کہ کانٹے کا مقابلہ ہے حالانکہ عوام نے یکطرفہ پی ٹی آئی کی حمایت کردی ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ اس وقت لاہور کے 4 حلقوں میں پی ٹی آئی کی فتح صاف نظر آرہی ہے۔اس دوران پی پی 158 سے اے این پی کے امیدوار زاہد خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا ۔

  • اقوام متحدہ یوکرین روس جنگ کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ، احسن اقبال

    اقوام متحدہ یوکرین روس جنگ کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ، احسن اقبال

    واشنگٹن:احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ یوکرین روس جنگ کے مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایک تقریب ساے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ یوکرین روس جنگ کے مسئلے کے حل کے لئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرے تاکہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافے کے اثرات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے بہت سے ترقی پذیر ممالک کو بین الاقوامی منڈیوں میں اشیاء کی قیمتوں میں دگنا اور تین گنا اضافے کی وجہ سے انتہائی مشکل معاشی صورتحال کا سامنا ہے۔

    احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پاکستان جیسے ممالک اب اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے شدید دباؤ میں ہیں جس کے نتیجے میں نجی شعبے پر بھی مالی بوجھ بڑھ رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو نجی شعبے کیلئے ان پروگراموں کیلئے اضافی وسائل حاصل کرنا مشکل ہو رہا ہے جو وہ ایس ڈی جیز کیلئے بروئے کار لا رہے تھے۔

    احسن اقبال نے ایسے ترقی پذیر ممالک کیلئے کسی قسم کے ریلیف کی ضرورت پر زور دیا تاکہ نجی شعبے کو پائیدار ترقی کے اہداف میں حصہ ڈالنے کے قابل بنایا جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ 2015 میں پائیدار ترقی کے اہداف کے آغاز کے فوراً بعد پاکستان کی پارلیمنٹ نے بین الاقوامی ایس ڈی جیز ایجنڈے کو اپنے قومی ترقیاتی اہداف کے طور پر اپنایا۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ابتدا سے ہی اس ایجنڈے کو ملکیت دینے کی کوشش کی، یہ کوئی عالمی ایجنڈا نہیں یہ ہمارا اپنا قومی ایجنڈا ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جہاں تک موسمیاتی تبدیلیوں کا تعلق ہے پاکستان سرفہرست 10 کمزور ممالک میں شامل ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے حکومت بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے۔

    احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے کاروبار میں مزید ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے کیونکہ ہمارا ملک نوجوان اکثریت کا ملک ہے اور تقریباً دو تہائی آبادی کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنے کےلئے کوشاں رہی ہے۔

    وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہم نوجوان گریجویٹس اور انڈر گریجویٹس کو انٹرن شپ پروگرام پیش کر رہے ہیں تاکہ انہیں روزگار کے حصول میں آسانی ہو اور انہیں مزید روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔

  • وزیراعظم کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلیفون، دورہ پاکستان کی دعوت

    وزیراعظم کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلیفون، دورہ پاکستان کی دعوت

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آلسعود کو ٹیلیفون کیا اور دورہ پاکستان دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

    وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو ٹیلی فون کیا اور عیدالاضحی کی مبارک دیتے ہوئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

    شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لئے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عید کی مبارک پیش کی۔انہوں نے برادر سعودی عوام کے لئے بھی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عید کی مبارک دی۔

    وزیراعظم نے کامیاب حج آپریشن پر مبارک دیتے ہوئے حجاج کرام خاص طورپر پاکستانی حاجیوں کی بھرپور دیکھ بھال پر سعودی عرب کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیادوں کا حوالہ دیا جو وقت کے ساتھ بتدریج مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہیں۔

    وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ دوطرفہ جاری اقدامات اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں خاص طور پر تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

    دونوں قائدین نے اپریل 2022 میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے قریبی اشتراک عمل سے کام کرنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا جسے سعودی ولی عہد نے قبول کرلیا۔

  • قبرستان سے ملنے والی گلا کٹی لاش کا معمہ حل، مرکزی ملزم گرفتار

    قبرستان سے ملنے والی گلا کٹی لاش کا معمہ حل، مرکزی ملزم گرفتار

    حیدرآباد:ایس ایچ او انسپیکٹر عمران رشید شیخ کی SIP سیف اللہ گل اور دیگر اسٹاف کے ہمراہ کامیاب کاروائی

    گزشتہ دنوں لطیف آباد نمبر 9 میں قائم قدیم قبرستان ماکھن شاہ میں ایک شخص کی گلا کٹی نعش برآمد ہونے کی اطلاع پولیس کو موصول ہوئی جس پر B-سیکشن پولیس نے بروقت وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو پولیس تحویل میں لیکر جائے وقوعہ کا جائزہ لیتے ہوئے شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے

    ابتدائی تفتیش کے مطابق فوتی کی شناخت اکرم ولد نذیر احمد راجپوت سے ہوئی جوکہ پیشے سے گورکن تھا اور قبرستان کے قریب کوٹھڑی میں رہائش پذیر تھا

    ایس ایچ او تھانہ B-سیکشن اور SIP سیف اللہ گل نے اس بلائنڈ مرڈر کیس کی باریک بینی سے تفتیش کی اور دوران تفتیش تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بالآخر اس واردات میں ملوث مرکزی ملزم بنام اشہد سواتی پٹھان کو گرفتار کرلیا

    گرفتار ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں قتل کی اس واردات کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ میں اور میرا ساتھی فوتی سے 1 لاکھ روپے رقم لوٹ رہے تھے تو مزاحمت اور شور مچانے پر ہم نے فوتی کا قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے

    بی سیکشن پولیس نے قتل کی اس واردات کا مقدمہ فوتی کے بھائی محمد اعظم کی مدعیت میں درج کرلیا123/2022 u/s 302,34 PPC گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے

  • بوسنیا کے مسلمانوں پر اسانیت سوز مظالم اور قتل عام کو 27 برس بیت گئے۔

    بوسنیا کے مسلمانوں پر اسانیت سوز مظالم اور قتل عام کو 27 برس بیت گئے۔

    سربرینیکا: بوسنیا کے مسلمانوں پر اسانیت سوز مظالم اور قتل عام کو 27 برس بیت گئے۔تفصیلات کے مطابق11 جولائی سن 1995 میں سربین فوجیوں نے بوسنیا کے سربرینیکا کے قصبے پر قبضہ کرلیا، جس کے بعد دو ہفتوں کے دوران فورسز نے منظم انداز میں 8 ہزار سے زائد بوسنیائی مسلمانوں کو قتل کیا۔

    بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے یورپ کی سرزمین پر بدترین اجتماعی قتل و غارت تھی، یہ سلسلہ 10 دنوں تک جاری رہا۔ خود کار اسلحے سے لیس اقوام متحدہ کے امن فوجیوں نے پناہ گاہ قرار دیئے گئے اس علاقے میں جاری تشدد کو روکنے کیلئے کچھ نہ کیا۔

    بوسنیائی مسلمانوں کی نسل کشی کی خون آلود تاریخ 90 کی دہائی سے شروع ہوتی ہے، 1990 کی دہائی میں جب یوگوسلاویہ کے ٹکڑے ہوئے تو کئی مسلح تنازعات نے جنم لیا، بوسنیائی جنگ بھی ان تنازعات میں سے ایک تھی۔

    بوسنیا ہرزیگووینا نے 1992 میں ایک ریفرنڈم کے ذریعے اپنی آزادی کا اعلان کیا کچھ ہی عرصے بعد اسے امریکی اور یورپی حکومتوں نے تسلیم کر لیا، بوسنیائی سرب آبادی نے ریفرنڈم کا بائیکاٹ کیا تھا ، جلد ہی سربیا کی حکومت کی حمایت یافتہ بوسنیائی سرب فورسز نے اس نئے ملک پر حملہ کردیا۔

    یہ حملہ گریٹر سربیا منصوبے کا حصہ تھا جس کی تکمیل کیلئے بوسنیائی مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔ ابتدائی طور پر بوسنیائی سرب فورسز نے 1992 میں سربرینیکا پر قبضہ کیا، جسے بوسنیائی فوج نے جلد ہی چھڑا لیا تھا۔ چھ جولائی 1995 کو بوسنیا کی سرب فورسز نے سربرینیکا پر بھرپور حملہ کیا، اقوام متحدہ کی افواج نے ہتھیار ڈال دیے اور جب نیٹو فورسز کو فضائی حملے کے لیے بلایا گیا تو انہوں نے بھی کوئی مدد نہ کی یوں سربرینیکا نامی یہ علاقہ پانچ دنوں میں ہی سرب فورسز کے قبضے میں آ گیا۔ مسلمان پناہ گزین جب علاقے کو چھوڑنے کیلئے بسوں پر سوار ہوئے تو مردوں اور لڑکوں کو ہجوم سے الگ کیا اور انھیں دور لے جا کر گولیاں مار دی گئیں، ہزاروں افراد کو پھانسی دے دی گئی اور پھر بلڈوزروں کے ذریعہ ان کی لاشوں کو اجتماعی قبروں میں دھکیل دیا گیا۔