Baaghi TV

Author: +9251

  • پٹرول مہنگا ہوتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ بھی مہنگی ہوگئی،ٹرین اور فضائی کرائے بھی بڑھیں گے

    پٹرول مہنگا ہوتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ بھی مہنگی ہوگئی،ٹرین اور فضائی کرائے بھی بڑھیں گے

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ہی ہفتے کے دوران مزید 30 روپے اضافے کے نتیجے میں ٹرینوں اور ائرلائنز کے کرایوں میں بڑا اضافہ ہونے کا امکان ہے جب کہ مختلف شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا سفر بھی مہنگا ہونا شروع ہوگیا ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹرینوں کے کرایوں میں غیر معمولی اضافے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ ائرلائنز کی جانب سے بھی فضائی کرایوں میں اضافے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ریلوے حکام ملک بھر میں چلنے والی ٹرینوں کی تمام کلاسوں میں 20 فی صد اضافے کی تجویز پرغور کررہے ہیں۔ پاکستان ریلوے سالانہ 20 ارب روپے کا ڈیزل خریدتا ہے جب کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ریلوے کے سالانہ ڈیزل کی مد میں ہونے والے اخراجات 25 ارب تک پہنچ جائیں گے، جس کا سارا بوجھ مسافروں پر ڈالا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ریلوے کرایوں میں اضافے کا اطلاق اے سی سلیپر، اے سی اسٹینڈرڈ، اے سی بزنس کلاس سمیت اکانومی کلاس پر بھی ہوگا۔ حکام کو بھیجی گئی تجویز میں ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن کے مختصر سفر کے لیے بھی کرائے میں اضافہ شامل ہے۔

    دوسری جانب ائرلائنز ذرائع نے عندیہ دیا ہے کہ پٹرولیم کے نرخوں میں بڑے اضافے کے بعد قومی و نجی ائرلائنزکی اندرون و بیرون ملک پروازوں کے کرائے میں اضافہ زیر غور ہے۔ واضح رہے کہ بھاری کرایوں کے باعث پہلے ہی ائرلائنز کو مسافروں کی کمی کے باعث مالی مشکلات کا سامنا ہے جب کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے قومی و نجی ائرلائنز کے مالی اخراجات خصوصا ٹرانسپورٹ اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا، جس کا بوجھ فضائی مسافروں پر منتقل کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ائرلائنز کی بزنس کلاس سمیت اکانومی کی تمام اے تا زیڈ کلاس کے کرایوں میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں پر کرایوں میں اضافے کا مالی بوجھ زیادہ پڑے گا۔

    مزید برآں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 60 روپے اضافہ ہونے سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی من مانا اضافہ کیا جا رہا ہے، جس نے اندرون شہر سفر کرنے والے مسافروں کی کمر توڑ کررکھ دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ جڑواں شہروں میں کرایوں کی مد میں 150 فی صد اضافے سے شہری سخت پریشان ہیں۔

    لاہورمیں بھی پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑنے کے فوری اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 300 فیصد تک مزید اضافے کا امکان ہے۔

    پبلک ٹرانسپورٹرز نے لاہور سے ملک بھر کے لیے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے مختلف روٹس پر کرایوں میں 150 سے 300 روپے تک اضافے کردیا ہے، جس کے نتیجے میں لاہور سے کراچی تک کرایہ 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 4300 روپے ہو جائے گا۔ اسی طرح صادق آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، پشاور، مری اور ساہیوال سمیت دیگر شہروں کے کرائے میں اضافہ کردیا جائے گا۔

  • سی پیک میں ترکی کی شرکت اقتصادی خوشحالی میں اضافہ کرے گی،شہباز شریف

    سی پیک میں ترکی کی شرکت اقتصادی خوشحالی میں اضافہ کرے گی،شہباز شریف

    وزیر اعظم شہباز شریف نے آئندہ انتخابات سے قبل مہنگائی اور غربت میں کمی کے لیے قلیل مدتی اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات 15 ماہ میں ہوں گے اور اس دوران ان کا ہدف مہنگائی اور غربت کے چیلنجز سے نمٹنا ہے، حکومت کو عالمی سطح پر ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر مجبور کیا ہے۔ انقرہ کے اپنے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران ترکی کے سرکاری ٹیلی ویژن ”ٹی آر ٹٰی“ کو انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہا کہ کہ میرا وژن پاکستان کی تعمیر نو، غربت میں کمی لانے اور کفایت شعاری کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری شعبہ کے بجٹ میں کٹوتی کے لیے اپنی پوری کوشش کرنا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بات زور دے کے کہی کہ ان کی حکومت انتخابات سے قبل عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قلیل مدتی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ عام انتخابات میں ان کی جماعت عوام کی مرضی کے مطابق اقتدار میں آتی ہے تو بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک مکمل ترقیاتی ایجنڈا شروع کیا جائے گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر ایندھن کی آسمان سے چھوتی ہوئی قیمتوں نے حکومت کو تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر مجبور کیا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی سیاسی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار عدم اعتماد کا ووٹ کامیاب ہوا ہے، یہ اقتدار کی ایک آئینی اور قانونی منتقلی ہے جو آئین میں فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ”کوانٹم جمپ“ کی بجائے ایک بڑا قدم ہے۔

    وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ پاکستان میں یہ ایک قابل قبول معمول ہو گا کہ اگر پارلیمنٹیرین کی اکثریت محسوس کرتی ہے کہ ایک خاص حکومت ہو، تو انہیں ملک کے قانون کے تحت آزادانہ طور پر ووٹ دینے کی اجازت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ماضی میں اسی طرح کے حالات میں مارشل لا اور فوجی مداخلت کا مشاہدہ ہوا ہے لیکن اب اس نے پوری صورتحال کو تبدیل کیا ہے اور اس کی حمایت کی جانی چاہیے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی بے پناہ افہام و تفہیم کے ساتھ علاقائی تعاون کے روڈ میپ پر گامزن ہیں اور دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان یکجہتی پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے ترکی کے دورے کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام تاریخی رشتے کے بندھن سے بندھے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے تقسیم برصغیر سے قبل کے زمانے کا ذکر کیا جب برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے ترک تحریک کی حمایت کی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد کا رشتہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک مستقل بھائی چارہ بن گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاک ترک دفاعی تعلقات کے بارے میں کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ فوجی منصوبوں میں مشترکہ تعاون کا خواہاں ہے اور یہ کہ ملجم جنگی بحری جہاز کی حالیہ لانچنگ اسی وژن کے مطابق ہے۔ ترکی کے ساتھ 5 ارب ڈالر کی تجارت کے ہدف کے حصول کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد دونوں ممالک کے فائدے کے لیے مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے دائرہ کار کو بڑھانا ہے۔

    وزیراعظم نے شام میں ”پی کے کے اور وائی پی جے“ کے دہشت گردوں کے خلاف ترکی کے انسداد دہشت گردی کے اقدامات پر کہا کہ چونکہ پاکستان دہشت گردی کا بڑا شکار رہا ہے، اس لیے اس نے اس لعنت کو ختم کرنے کی کوششوں پر ترک قیادت کی حمایت کی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میں شمولیت کے لیے چین، پاکستان اور ترکی کے درمیان سہ فریقی انتظامات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک میں ترکی کی شرکت خطے کی اقتصادی خوشحالی میں اضافہ کرے گی، وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو بھی یہ تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے منصوبوں کی تعمیر میں وسیع مہارت کئی ارب کے علاقائی منصوبے کو کامیاب بنا سکتی ہے۔

    وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے ترکی اور خلیجی ملکوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے حوالے سے ایک سوال پر اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ترکی کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی امن کے لیے اہم اور پورے خطے کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں اور فلسطینیوں سمیت محکوم اقوام کی حمایت جاری رکھے گا جو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، یہ اسرائیل یا بھارت کا سوال نہیں بلکہ ایسے لوگوں کی اخلاقی حمایت کا سوال ہے، جب تک ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دی جاتی اس وقت تک خطے میں امن واپس نہیں آسکتا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت نے گزشتہ تین سالوں میں بہت نقصان اٹھایا اور پاکستان معیشت کو درست کرنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے ساتھ بات چیت کررہی ہے۔ وزیراعظم نے یوکرین میں روسی حملے پر پاکستان کے مئوقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا غیر متزلزل موقف یہ ہے کہ ہم معاشروں کے آزاد حقوق کے لیے کھڑے ہیں، انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ مذاکرات کی میز پر آجائیں

  • عمران خان کی تباہ کردہ معیشت دو ماہ میں ٹھیک کرنا ممکن نہیں،مسلم لیگ ن

    عمران خان کی تباہ کردہ معیشت دو ماہ میں ٹھیک کرنا ممکن نہیں،مسلم لیگ ن

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں محمد زبیر اور دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت بہت مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے لہذاٰ معیشت کی بہتری کیلئے کچھ مشکل اور کٹھن فیصلے کئے جا رہے ہیں جنہیں عوام کوبرداشت کرنا پڑے گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا ہماری مجبوری ہے، ڈالر کو مستحکم کرنے کے لئے بھی یہ قیمت بڑھانا ضروری تھا، پاکستان کی عوام کی مشکلات کا احساس ہے ، عوام کو آنے والے دنوں میں ضرور ریلیف ملے گا۔

    نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی راہنماء دانیال عزیز نے کہا کہ اس بات کا احساس ہے پاکستان کی عوام کن مشکلات سے گزر رہی ہے، پیٹرول کی قیمتوں کا بوجھ عوام کو محسوس ہو رہا ہے اس بات کا اندازہ ہے، پاکستان اس وقت بہت مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے، عمران خان نے ملکی معیشت کی جو تباہی کی ہے اسے صرف دو ماہ میں ٹھیک کرنا ممکن نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک خط عمران خان لایا تھا ایک خط آج میں بھی لیکر آیا ہوں یہ وہ خط ہے جو پاکستان کا معاشی ڈیتھ سرٹیفکیٹ ہے، یہ خط فروری کی چار تاریخ کا ہے اس معاشی ڈیتھ وارنٹ کو روزانہ پاکستانی عوام کو دکھائوں گا، عمران خان نے سبسڈیز اگلی حکومت کو خراب کر نے کیلئے دی تھیں کیونکہ انہیں نظر آ گیا تھا کہ اب وہ تحریک عدم اعتماد سے بچ نہیں سکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو بہتر بنانے کیلئے دن رات کوششیں کر رہی ہے، اب امید کی کرنیں نظر آنا شروع ہو گئی ہیں جو راستہ عمران خان نے بند کیا تھا اس کو دوست ممالک کے ساتھ ملکر کھولیں گے، روسی تیل لانے کے منسٹری آف پٹرولیم میں کوئی شواہد ہی نہیں ہیں، حکومت کا ٹارگٹ ہے کہ ملکی معاشی صورتحال مستحکم کی جائے، آنے والے دنوں میں حالات بہتر ہونے جا رہے ہیں۔

    اس موقع پر سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ فروری کے اختتام پر آئی ایم ایف کے معاہدے کے مطابق پٹرولیم قیمت بڑھانا تھیں مگر عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کو کامیاب ہوتا دیکھ کر قیمتیں بڑھانے کی بجائے کم کیں، یہ خطرناک حد تک مائینز بچھا کر گئے ہیں، ہم نے تمام فیصلے قومی مفاد میں کئے ہیں، پٹرولیم قیمت بڑھانا ہماری مجبوری ہے، ڈالر کو مستحکم کرنے کے لئے بھی یہ قیمت بڑھانا ضروری تھا،

    معیشت کو سنبھالنے کیلئےآئی ایم ایف کے پاس جانا ضروری تھا کیونکہ ہم ڈیفالٹ کی طرف جا رہے تھے، عوام کو ریلیف آنے والے دنوں میں ضرور ملے گا، نگران حکومت ایسی صورتحال کونہیں سنبھال سکتی تھی، ہمیں عوام کی لانگ ٹرم صورتحال کا خیال ہے، پاکستان کی عوام کی بہتری کے لیے جو اقدامات کر سکتے ہیں وہ سب کر رہے ہیں، فیصلے مشکل ضرور ہیں مگر عوامی مفاد میں ہیں ہم اتحادیوں کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں، آئی ایم ایف ان کو کہتا رہا ہے کہ ایسا نہ کریں مہنگائی ہو گی.

    پاکستان میں ذخیرہ اندوزی مافیا پر بھی کام کر رہے ہیں، یہ وہی شخص ہے جو تسبیح پکڑ کر جھوٹ بولتا ہے اس کا اصل چہرہ دنیا کو دکھانا ہے، جو بھی قانون کو ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا چاہے عمران خان ہو یا کوئی بھی ہو، مہنگامی بین الاقوامی سطح پر تبدیلیوں کی وجہ سے آ رہی ہے، آئی ایم ایف سے معاہدہ سائن ہوا، عمران خان نے دو فیصلے کئے ایک تو سمری مسترد کر دی دوسرا پیٹرول سستا کر دیا، پی ٹی آئی نے پیٹرول کی قیمت اس وقت کم کی جب عالمی سطح پر قیمت بڑھ رہی تھی ،پیٹرول کی قیمت اس لئے کم کی گئی کیونکہ عدم اعتماد کی باتیں شروع ہو چکی تھی.

    یہ فیصلہ آئی ایم ایف کے دباؤمیں نہیں کیا، جو فیصلہ کیا وہ پاکستان کے مستقبل اور بہتری کے لئے کیا ہے، آئی ایم ایف کا پروگرام جب بند کیا تو یہ مشکلات آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روسی تیل کون سے ہفتے میں لا رہے تھے جس کے شواہد ہی نہیں ہیں، حکومت کا عزم ہے کہ مشکل وقت سے عوام کو نکالنا ہے، اگر مشکل فیصلے نہ کرتے تو پاکستان کا حال بھی سری لنکا کی طرح ہونے کا خدشہ تھا، جیسے جیسے روپے پر دباؤ کم ہو گا عوام کو ریلیف ملے گا

  • ہمارے ملک میں مداخلت کیوں:کویت نے امریکی سفیرکوطلب کرکےسخت پیغام بھیج دیا

    ہمارے ملک میں مداخلت کیوں:کویت نے امریکی سفیرکوطلب کرکےسخت پیغام بھیج دیا

    کویت:کویت نے بڑا دل کرکے امریکہ کو دن میں تارے دکھا دیئے ،اطلاعات ہیں کہ کویت میں امریکی مداخلت پر کویتی حکومت نے ملک میں موجود امریکی سفیر کو طلب کرکے وضاحت بھی مانگی ہے اور احتجاج بھی کیاہے ،

    اس حوالے سے کویتی وزارت خارجہ نے کہا کہ کویت نے جمعرات کو امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایل جی بی ٹی(ہم جنس پرستوں) کے حقوق کے لیے حمایت کا اظہار کرنے والے ٹویٹس پر ایک اعلیٰ امریکی سفارت کار کو طلب کیا۔

    یاد رہے کہ اس سے پہلے کل یعنی جمعرات کی صبح ایک ٹویٹ میں کویت میں امریکی سفارت خانے نے LGBT(ہم جنس پرستوں ) حقوق کی حمایت میں صدر جو بائیڈن کے پیغام کو شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار بھی کیا تھا اوراس پیغام کوایک خاموش حمایت بھی قراردی تھا ۔

    ہم جنس پرستوں کی خواہشات اوران کے مطالبات کا دفاع کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ "تمام انسانوں کے ساتھ عزت اور وقار کے ساتھ سلوک کیا جانا چاہئے اور انہیں بغیر کسی خوف کے زندگی گزارنے کے قابل ہونا چاہئے چاہے وہ کوئی بھی ہو یا جس سے محبت کرتا ہو،”

    اس ٹویٹ میں یہ بھی پیغام دیا گیا تھا کہ امریکی صدر ہم جنس پرستوں کے حقوق کا داعی ہے اور وہ یہ حقوق لے کردے گا

    کویت میں امریکی سفارت خانے کی طرف سے کی گئی ٹویٹ کے پیغام کوآڑے ہاتھوں‌لیا ، کویت کی وزارت خارجہ نے ٹویٹ میں شیئر کیے گئے جذبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے امریکی ناظم الامور جیمز ہولٹسنائیڈر کو طلب کیا ہے اور انہیں اس پوسٹ کو مسترد کرنے کا پیغام بھی دیا ہے اور آئندہ کسی قسم کی مداخلت سے منع بھی کیا ہے

     

    وزارت خارجہ نے 1961 کے سفارتی تعلقات سے متعلق ویانا کنونشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میمورنڈم میں "ریاست کویت میں نافذ قوانین اور ضوابط کا احترام کرنے کے لیے سفارت خانے کی ضرورت اور اس طرح کے ٹویٹس شائع نہ کرنے کی ذمہ داری پر زور دیا گیا ہے۔”

    لندن، انگلینڈ میں واقع ایک غیر منافع بخش تنظیم، ہیومن ڈگنیٹی ٹرسٹ کے مطابق، کویت میں، مردوں کے درمیان ہم جنس کی جنسی سرگرمی کو جرم قرار دیا جاتا ہے، جس کی سزا میں زیادہ سے زیادہ سات سال قید کی سزا بھی شامل ہے۔

    پنجاب سے ڈی سیٹ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کا سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ

    خواتین پر تشدد کروانے پر عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے:عمران خان

    عمران خان کی سی پی این ای کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

    مریم نواز کی ایک اور آڈیو لیک

  • فرشتہ قتل کیس، مجرم کو سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانہ

    فرشتہ قتل کیس، مجرم کو سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانہ

    ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ہمایوں دلاور خان نے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی دس سالہ بچی فرشتہ قتل کیس کے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔

    فاضل عدالت نے کیس کا ٹرائل مکمل ہونے پر اپنا فیصلہ سنایا۔اس موقع پر مقتولہ بچی کے ورثاء بھی عدالت میں موجود تھے جبکہ پچاس سالہ ملزم نثار کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    واضح رہے کہ دس سالہ ننھی بچی فرشتہ تین سال قبل 15مئی 2019ء کو تھانہ شہزادٹاؤن کی حدود سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوئی اور 22 مئی کو اس کی لاش جنگل ایریا سے برآمد ہوئی تھی۔بچی کی لاش مکمل طور پر مسخ شدہ تھی۔فرشتہ کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔جس کا مقدمہ نمبر 99/19 بجرم 302 تھانہ شہزادٹاؤن میں درج کیا گیا۔اس کیس کی تفتیش شروع ہوئی تو پولیس کو اصل قاتل تک پہنچنے کے لئے ایک بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔

    مقتولہ کی لاش کئی روز بعد ملنے اور ناقابل شناخت حد تک گلنے سڑنے کی وجہ سے پولیس کو اہم شواہد بھی نہ مل سکے۔پولیس اس کیس میں ڈی این اے اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل نہ کرسکی۔تاہم اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے اس کیس پر نوٹس لیا اور آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کی۔جس پر پولیس کی تحقیقاتی ٹیموں نے دن رات ایک کردیا اور بالآخر پولیس نے فرشتہ قتل کیس میں ملوث پچاس سالہ نثار نامی ملزم کو علی پور کے ایریا سے گرفتار کرلیا۔

    ملزم نثار کے خلاف اس نوعیت کے پہلے سے ہی دو مقدمات درج تھے۔فرشتہ قتل کیس میں ایک افسوسناک پہلو یہ بھی رہا کہ جب بچی کے ورثاء اپنی بچی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرانے تھانہ شہزاد ٹاؤن گئی تو سب انسپکٹر عباس رپورٹ درج کرنے کی بجائے انہیں ٹالتا رہا۔

    مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے بچی کے والد غلام نبی کو پولیس کا یہ آفیسر یہ کہتا رہا کہ بچی کسی کے ساتھ بھاگ گئی ہوگی۔بچی کے ورثاء جب بھی تھانے جاتے قانون کے یہ رکھوالے ان کے ہاتھ میں جھاڑو تھما کر ان سے تھانے کی صفائی ستھرائی کا کام لیتے اور پھر انہیں واپس گھر بھیج دیا جاتا۔بچی کی لاش برآمدگی کے بعد جب یہ کیس ہائی لائٹ ہوا تو غفلت برتنے والے ان پولیس افسران کے خلاف بھی پولیس حکام کو چاروناچار کارروائی کرنی پڑی۔

  • عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے:پاکستان

    عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے:پاکستان

    اسلام آباد:عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے، کہ اس کی ذمہ داری ہے ، اگر ایسا نہ ہوا تو دنیا میں بے چینی بڑھے گی جس سے عالمی دنیا بھی متاثر ہوگی ، ان خیالات کا اظہارکرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ پاکستان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری پر دباؤ ڈالتا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے۔

    ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 30 اور 31 مئی کو پاک بھارت سندھ طاس آبی کمشنرز کا نئی دلی میں اجلاس ہوا، فریقین نے سندھ طاس معاہدے کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سندھ طاس آبی کمشنرز کے اجلاس میں اپنے تحفظات پیش کیے، 28 مئی کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کیے تھے، 29 مئی کو پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کی تقریب میں شرکت کی۔

    عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی تقریبات کے حوالے سے برطانوی ہائی کمیشن کے ساتھ مل کر بیکن لائٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    پنجاب سے ڈی سیٹ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کا سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ

    خواتین پر تشدد کروانے پر عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے:عمران خان

    عمران خان کی سی پی این ای کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

    مریم نواز کی ایک اور آڈیو لیک

  • پی آئی اے جعلی ڈگری کیس، ایچ آر آفسیر بھی ایف آئی اے کے شکنجے میں آگئے

    پی آئی اے جعلی ڈگری کیس، ایچ آر آفسیر بھی ایف آئی اے کے شکنجے میں آگئے

    قومی ایئرلائن پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں سے متعلق کی گئی تحقیقات میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اہم پیش رفت سامنے لے آئی.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جعلی ڈگریوں پر بھرتی میں سہولتکاری کرنے والے پی آئی اے کے شعبہ ایچ آر کے افسران و اسٹاف بھی ایف آئی اے کے شکنجے میں آ گئے ہیں۔ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں میں سہولتکاری کرانے والے افسران کے خلاف بھی ایف آئی آر نمبر 27/2022 درج کرلی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق جعلی ڈگریوں کی تصدیق نہ کرانے اور دھوکا دہی میں سابق ڈائریکٹر ایچ آر حنیف پٹھان، ڈائریکٹر ایچ آر وسیم باری، ڈائریکٹر ایچ آر کیپٹن سلیم احمد ،جنرل مینجر ریکروٹمنٹ اینڈ ریکارڈ عاصم احمد کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے.ایف آئی اے کے مطابق پی آئی اے کے شعبہ ایچ آر کے گروپ 5 تا 8 کے 18 افسران کے نام بھی مقدمے میں شامل کیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کے احکامات پر پی آئی اے کی 10 سالہ اسپیشل آڈٹ رپورٹ سامنے آنے پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ایف آئی اے کے مطابق نامزد پی آئی اے کے ایچ آر شعبے کے افسران نے دھوکا دہی سے کرپشن کرکے جعلی ڈگریوں والے ملازمین کی ڈگریاں تصدیق کے لیے متعقلہ بورڈ اور یونیورسٹیز کو بھیجی ہی نہیں تھیں۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر دھوکا دہی، مس کنڈکٹ اور دیگر الزامات عائد ہیں۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے سپریم کورٹ کے احکامات پر جعلی ڈگریوں کی پہلے بھی محکمانہ تحقیقات کی گئی تھیں جس کے بعد سیکڑوں ملازمین کو برطرف کیا گیا تھا۔

  • اگست سے پٹرول کی قیمتیں کم ہونےکا امکان:اوپیک نے روس سے مدد مانگ لی

    اگست سے پٹرول کی قیمتیں کم ہونےکا امکان:اوپیک نے روس سے مدد مانگ لی

    لاہور:اگست سے پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کا امکان:اوپیک نے روس سے مدد مانگ لی،اطلاعات کے مطابق تیل کی پیداوار کے عالمی ادارے اوپیک آئل کارٹیل اور اس کے اتحادیوں نے عالمی مانگ میں اضافے کی وجہ سے خام تیل کی پیداوار بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، لیکن یوکرین پر حملے کے باوجود روس کو اس منصوبے میں تعاون کی درخواست کردی گئی ہے

    باغی ٹی وی کے مطابق اوپیک کے 13 ممبران اور 10 غیر اوپیک پروڈیوسرز کی نمائندگی کرنے والے وزراء نے روس کی قیادت میں اوپیک نامی گروپ نے جمعرات کواعلان کیا ہے کہ وہ جولائی اور اگست میں پیداوار میں تقریباً 650,000 بیرل یومیہ اضافہ کریں گے، جو کہ تقریباً 400,000 کے پہلے سے طے شدہ اضافے سے تقریباً دو تہائی زیادہ ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی پیداوار میں اضافے سے پاکستان سمیت دیگرترقی پزیرممالک کو بھی فائدہ ہوگا جو اس وقت مہنگا ترین پٹرول عالمی مارکیٹ سے خرید کراپنی عوام کی ضروریات پوری کررہےہیں

    یاد رہے کہ اس سے قبل ہفتے کے شروع میں آنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا تھا کہ کارٹیل روس کو مستقبل کے کوٹے سے باہر کرنے پر غور کر رہا ہے، اس اقدام سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے مزید تیل پمپ کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی تھی، لیکن اوپیک نے اس اقدام کو روک دیا ہے اور کہا ہےکہ روس اب بھی بلا شبہ تیل کی عالمی مارکیٹ میں بڑا کھلاڑی ہے

    یہ بھی یاد رہے کہ روس کو تیل کی عالمی برادری سے نکالنے جانے کی دھمکی اعلان کے بعد برینٹ کروڈ کی قیمتوں میں قدرے اضافہ ہوا، جو 0.5 فیصد اضافے کے ساتھ 116.94 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔

    اوپیک کے ممبران نے کہا کہ انہوں نے "بڑے عالمی اقتصادی مراکز میں لاک ڈاؤن سے جان چھڑا لی ہے "، لیکن یوکرین کے تنازعہ کے نتیجے میں ہونے والے نتائج کا سامنا کرنے مں ناکام رہے ہیں ، جس کی وجہ سے روس کے خلاف تیل کی پابندیاں اور دوسرے پروڈیوسروں سے تیل کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ دنیا بھر میں کوویڈ لاک ڈاؤن میں نرمی نے ایندھن کی فراہمی پر دباؤ میں بھی اضافہ کیا ہے۔

    بڑھتی ہوئی مانگ نے توانائی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، برطانیہ میں مہنگائی کو 40 سال کی بلند ترین سطح پردیکھا جارہا ہے ، اور اور برطانوی شہریوں کی زندگیاں اجیرن کردی ہیں ، جس کی وجہ سے بہت سے گھرانوں کو بنیادی اخراجات کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے۔

    جمعرات کی میٹنگ پہلی تھی جب یورپی یونین نے اس ہفتے کے شروع میں روسی خام تیل پر جزوی پابندی پر اتفاق کیا تھا،جب کہ یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پابندیاں فوری طور پر یورپی یونین کے لیے روسی تیل کی 75% درآمدات کو متاثر کریں گی، اور سال کے آخر تک 90% پر اثر پڑے گا، لیکن اہم ڈرزہبا ("دوستی”) پائپ لائن کے ذریعے منتقل ہونے والا تیل پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔ یہ ہنگری اور دیگر مرکزی یورپی یونین کی ریاستوں بشمول جمہوریہ چیک اور سلوواکیہ کے لیے ایک کلیدی رعایت تھی، جو روسی تیل پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہیں۔

    بلومبرگ اکنامکس نے تخمینہ لگایا ہے کہ ماسکو کو اس سال اپنے جیواشم ایندھن کی برآمدات کے لیے 285bn ڈالرز ملے گا، بشمول گیس جس پر یورپی ممالک بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔

    تاہم، یورپی یونین نے برطانیہ کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا ہے جس کے تحت بیمہ کنندگان کو روسی تیل کی نقل و حمل کرنے والے بحری جہازوں کوتحفظ دیا جاسکے ورنہ یورپ میں تیل کا بحران شدت اختیارکرجائے گا

    پنجاب سے ڈی سیٹ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کا سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ

    خواتین پر تشدد کروانے پر عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے:عمران خان

    عمران خان کی سی پی این ای کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

    مریم نواز کی ایک اور آڈیو لیک

  • ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات  سے ملک کی معیشت مضبوط ہو گی،گورنر پنجاب

    ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کی معیشت مضبوط ہو گی،گورنر پنجاب

    گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے کاٹن جننگ(Ginning) ایسوسی ایشن کے وفد نےگورنر ہاوس لاہور میں ملاقات کی ہے،وفد میں چیئرمین پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن سہیل احمد ہرل، سینئر وائس چیئرمین مکیش کمار اور دیگر شامل تھے.

    کاٹن جننگ(Ginning) ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنر پنجاب کو کاٹن جنرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ کپاس کے بیج (بنولہ)، کھل، تیل اور را کاٹن (Raw Cotton) پرسابقہ حکومت نے 17 فیصد ٹیکس عائد کیا. عائد ٹیکس سے کپاس کی فصل کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے.

    کاٹن جننگ(Ginning) ایسوسی ایشن کے وفد نے بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات متاثر ہو رہی ہیں. گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی فصل کی بحالی کے لیے کاٹن جنرز کے مسائل کے حل کے لیے سفارشات متعلقہ حلقوں تک پہنچاوں گا.

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کپاس کی فصل سے بہت سے لوگوں کا روزگار منسلک ہے. ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافے سے ملک کی معیشت مضبوط ہو گی.ٹیکسٹائل کے شعبے کا ملکی برآمدات اور معیشت میں ایک اہم کردار ہے.ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے کپاس کے معیاری بیج پہ کام کرنے کی ضرورت ہے.

    گورنر پنجاب پلیغ الرحمان نے کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی سفارشات اور سیلز ٹیکس میں کمی کی درخواست وزیراعظم تک پہنچاوں گا جس پرچیئرمین پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن سہیل ہرل نے کہا کہ کپاس کی پیداوار اچھی ہو گی تو کاٹن جننگ فیکٹریاں چلیں گی اور ملک کی معیشت بہتر ہو گی.

  • پٹرول پرلیوی30روپےکرنی ہے،ہرماہ 4روپےبڑھائیں گے،شوکت ترین کی پچھلےسال کی ویڈیووائرل

    پٹرول پرلیوی30روپےکرنی ہے،ہرماہ 4روپےبڑھائیں گے،شوکت ترین کی پچھلےسال کی ویڈیووائرل

    لاہور:پٹرول پرلیوی30روپےکرنی ہے،ہرماہ 4روپےبڑھائیں گے،شوکت ترین کی پچھلےسال کی ویڈیووائرل ،اطلاعات کے مطابق اس وقت سے جب سے موجودہ حکومت نے پٹرول کی قیمتیں بڑھائی ہیں اس وقت سے لیکر اب تک سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہےجس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے وزیرخزانہ شوکت ترین جوکہ اس وقت مشیرخزانہ تھے نے پٹرولیم لیوی ہر ماہ 4 روپے بڑھانے کا ایک پریس کانفرنس میں حماد اظہر کے ساتھ اعلان کیا تھا

    یاد رہے کہ 22 نومبر 2021 کو سابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شوکت ترین نے کہا تھا کہ پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی 30 روپے تک لے جانی ہے اس لیے ہر ماہ 4 روپے بڑھائیں گے۔

     

    انہوں نے اس وقت یہ اعلان کیا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے مذاکرات طے پاگئے ہیں، ان مذاکرات میں ہم اپنے موقف پر کھڑے رہے، عالمی ادارہ 1 ارب ڈالر قرض فراہم کرے گا۔

    سابق وزیراعظم کے مشیر برائے امور خزانہ نےاس وقت مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف ایگریمنٹ کامیابی سے مکمل ہوا، عالمی مالیاتی ادارے نے ٹیکس ریفارمز جاری رکھنے کا کہا ہے۔

    22 نومبر 2021 کے دن پریس کانفرنس کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، ٹیکس نظام میں بہتری، اخراجات میں استحکام اور مالیاتی نظم وضبط سے بہتری ممکن ہے۔

    سابق وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے یہ بھی کہا تھا کہ میں نے کہا تھا ٹیرف بڑھانا مسئلے کا حل نہیں ہے، قیمتیں بڑھائیں گے تو غریب کے اوپر دباؤ بڑھے گا۔

    یاد رہے کہ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف سےمذاکرات میں ہم نے زراعت سمیت کچھ شعبوں کو بچایا، ٹیکس قوانین میں بہتری اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنا ہوں گی۔

    وزیر اعظم مشیر برائے امور خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بجلی مہنگی کرنے پر رضامندی پہلے ہوگئی تھی، اسٹیٹ بینک کے بارےمیں ترمیم کا مارچ میں کہا گیا تھا۔اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے 500 ملین ڈالر لیے تھے، معاہدے سے پیچھے ہٹنا مشکل ہوگیا تھا، اسٹیٹ بینک ایکٹ میں ترمیم ہم نے کرانی ہے، اسے خودمختاری دینے پر پہلے ہی اتفاق کرچکے تھے۔

    شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف نے 700 ارب روپے کا ٹیکس لگانے کا مطالبہ کیا تھا، جی ایس ٹی کے استنیٰ ہٹانے ہیں، پٹرولیم لیوی 10 ارب روپے کرنے کا کہا تھا وہ توہم نہیں کرسکیں گے۔

    ادھر اس حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو بطورثبوت حکومتی حمایتی یہ کہہ کر پیش کررہے ہیں کہ یہ قیمت تو بڑھنی ہی بڑھنی تھی کیونکہ اس کا معاہدہ شوکت ترین آئی ایم ایف سے کرچکے تھے

    پنجاب سے ڈی سیٹ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کا سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ

    خواتین پر تشدد کروانے پر عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے:عمران خان

    عمران خان کی سی پی این ای کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد

    مریم نواز کی ایک اور آڈیو لیک