Baaghi TV

Author: +9251

  • کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں موجود افریقی ہاتھی سخت تکلیف کا شکار

    کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں موجود افریقی ہاتھی سخت تکلیف کا شکار

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے چڑیا گھر اور سفاری پارک میں رکھے گئے 4 افریقی ہاتھیوں کی طبی رپورٹ عدالت کو پیش کردی گئی، رپورٹ کے مطابق ہاتھی تکلیف میں ہیں اور انہیں فوری علاج کی ضرورت ہے، علاج میں تاخیر سے ہاتھیوں کی زندگی کو خطرات ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں رکھے گئے 4 افریقی ہاتھیوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، جرمن ڈاکٹر فرینک گورٹز کی جانب سے تیار کی گئی تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں رکھے گئے ہاتھیوں کا معائنہ کیا گیا، سفاری پارک میں رکھے ہاتھیوں کو خوراک کے مسائل درپیش ہیں، چڑیا گھر میں 2 ہاتھیوں کو دانتوں اور مسوڑھوں کے مسائل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ چاروں ہاتھیوں کو فوری طبی امداد کی اشد ضرورت ہے، ہاتھیوں کو فوری طبی تربیت اور اچھی صحت بخش خوراک کی ضرورت ہے۔ ہاتھیوں کے ٹوٹے دانت نکالنے، سرجری کرنے، انہیں ٹیٹنس اور بیکٹریا پوش ادویات دینے کی ضرورت ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اگر علاج میں تاخیر کی گئی تو ہاتھیوں کی زندگی کو خطرات ہوسکتے ہیں، تمام ہاتھیوں کو مستقل طور پر اچھا ماحول دیا جائے۔ روٹین کی بنیاد پر علاج اور بنیادی میڈیکل چیک اپ کروایا جائے۔

    جرمن ڈاکٹر کی تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ہاتھیوں کا معائنہ کرنے والی ٹیم 4 بین الاقوامی ڈاکٹرز اور ماہرین پر مشتمل تھی۔ ہاتھیوں کا جسمانی معائنہ، رویے، غذا اور پاؤں کا معائنہ کیا گیا۔

    جرمن ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ہاتھیوں کی ہلاکت کی ایک بڑی وجہ پاؤں کی تکلیف ہے، چاروں ہاتھیوں کے الٹرا ساؤنڈ بھی کیے گئے ہیں، ہاتھی موٹاپے کا شکار ہیں اور ان کا وزن بڑھا ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں رکھے گئے 2 ہاتھیوں کا ہیمو گلوبن کم ہے، ہاتھیوں کے ناخن کاٹے گئے اور دانتوں کی بھی سرجری کی گئی ہے تاہم ہاتھی ابھی بھی تکلیف میں ہیں۔

    سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ظفر راجپوت کا کہنا تھا کہ تشخیص ہوگئی ہے، اب بتایا جائے کہ علاج کیسے ہوگا۔ کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ جتنا ممکن ہے ہاتھیوں کا خیال رکھا جا رہا ہے۔

    این جی او کے وکیل نے کہا کہ علاج کی مناسب سہولیات دستیاب نہیں ہیں، اگر کے ایم سی ہم سے رجوع کرے تو علاج کروا سکتے ہیں۔

    عدالت نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ کاون کی طرح ان ہاتھیوں کو بھی کمبوڈیا بھیج دیا جائے، کے ایم سی علاج کی درخواست دے تو عدالت اس پر حکم جاری کردے گی۔

    کے ایم سی کی جانب سے کہا گیا کہ ہمیں تفصیلی رپورٹ کی نقل فراہم کی جائے جس کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔

    عدالت نے رپورٹ کی نقل فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی۔

  • کراچی کے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، انہیں مایوس نہ کریں

    کراچی کے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، انہیں مایوس نہ کریں

    شہر قائد میں گیس بحران پر پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر توانائی کو انتباہی خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گیس بحران بے قابو ہوتا جارہا ہے، جس کے باعث پی ٹی آئی ایم پی اے مایوسی کا شکار ہیں، پی ٹی آئی ایم پی اے راجہ اظہر نے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر توانائی کو انتباہی خط لکھاہے۔

    رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے کہا کہ کراچی بالخصوص میرے پورے حلقے میں گیس کا بحران شدید تر ہوگیا ہے، گیس بحران پر شہری سوئی گیس اور وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم اور وفاقی وزیر توانائی کو لکھے گئےخط میں راجہ اظہر نے انتباہ کیا کہ صورتحال پی ٹی آئی کے ہاتھوں سے نکل رہی ہے، جو بلدیاتی انتخابات میں نقصان پہنچائے گی، سنگین معاملے پر وزیر اعظم اور وزیر توانائی فوری نوٹس لیں، کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے انہیں مایوس نہ کریں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز کورنگی میں گیس کی عدم فراہمی پر شہریوں کی جانب سے بڑا مظاہرہ کیا گیا تھا، مظاہرین نے اس موقع پر حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی تھی۔

    مظاہرے کے باعث کورنگی انڈسٹریل ایریا میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں تھی، مظاہرے کا مطالبہ تھا کہ فوری طور پر گیس کو بحال کیا جائے۔

  • مقبوضہ کشمیر:حلقہ بندیوں کی مشق بھارتی ریاستی دہشت گردی کی نئی شکل ہے:کشمیری قیادت

    مقبوضہ کشمیر:حلقہ بندیوں کی مشق بھارتی ریاستی دہشت گردی کی نئی شکل ہے:کشمیری قیادت

    سرینگر:مقبوضہ کشمیر:حلقہ بندیوں کی مشق بھارتی ریاستی دہشت گردی کی نئی شکل ہے:کشمیری قیادت بول اٹھی ،اطلاعات کے مطابق غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنمائوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں حلقہ بندیوں کی مشق بھارتی ریاستی دہشت گردی کی نئی شکل ہے جو بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حلقہ بندیوں کی مشق، نصاب تعلیم میں تبدیلی، نئے ڈومیسائل قوانین، سرکاری عمارتوں کو ہندوئوں کے ناموں سے منسوب کرنے اوراس طرح کے دیگر اقدامات کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی قانونی اور ثقافتی دہشت گردی قراردیا۔انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنا اور اسے ہندو اکثریتی علاقہ قرار دینا ہے۔

    انہوں نے بھارتی اقدامات پر تشویش ظاہر کرتے کہاکہ ان سے مستقبل میں مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارت کے مذموم عزائم کی عکاسی ہوتی ہے ۔یوسف نقاش نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری بھارت سے مکمل آزادی کے حصول کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال کی سنگینی کاادراک کرتے ہوئے بھارتی دہشت گردی بند کرانے اور جنوبی ایشیا کو تباہی سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔

    انہوں نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اورمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کوششوں کو بھی سراہا۔

    ادھر تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں حلقہ بندیوں کے مسودے کو وادی کشمیر اور جموں خطے کے عوام کو فرقہ وارانہ اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے کا ایک مذموم منصوبہ قراردیا۔

    انہوں نے کہاکہ اس مسودے سے بھارتی حکمرانوں کے مذموم عزائم اورکشمیری عوام کے بارے میں پالیسی ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کا مقصد جموں اور وادی کشمیر کے عوام کے درمیان خلاف پیدا کرنا ہے۔ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت اپنی نوآبادیاتی ذہنیت کی وجہ سے جموں وکشمیر کے عوام کے درمیان مثالی بھائی چارے کی فضا ء کو خراب کرنے اور ان کے درمیان نفرت پیدا کرنے کے درپے تاکہ وہ آر ایس ایس کے فرقہ وارانہ اور فسطائی ایجنڈے کو آگے بڑھا سکے ۔

  • شیر شاہ دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا

    شیر شاہ دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا

    چند روز قبل شیرشاہ دھماکے میں زخمی ایک اور شخص دوران علاج دم توڑ گیا جس کے بعد دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 تک جاپہنچی ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت جمیل احمد کے نام سے ہوئی، جاں بحق شخص کا تعلق راجن پور سے تھا، جو کراچی میں محنت مزدوری کی غرض سے رہائش پزیر تھا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام تر ضابطے مکمل کرنے کے بعد جمیل احمد کی میت کو آبائی علاقے راجن پور روانہ کردیا گیا ہے، شیر شاہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے شیر شاہ میں ہونے والے دھماکے میں نجی بینک کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس واقعے میں تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

    دھماکے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن کررہے ہیں۔

    پولیس کے مطابق بی ڈی یو رپورٹ اور ابتدائی تحقیقات سے دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا تھا، دھماکے کا مقدمہ بھی درج کیا جاچکا ہے، ذمہ داروں کے تعین کے لیے ٹیم دیگر اداروں کی خدمات حاصل کرلی گئیں ہیں۔

  • کراچی میں دوسری شادی کی خواہش پر سالے کی فائرنگ سے بہنوئی ہلاک

    کراچی میں دوسری شادی کی خواہش پر سالے کی فائرنگ سے بہنوئی ہلاک

    گلستان جوہر میں سالے نے جھگڑے کے دوران بہنوئی کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل پستول برآمد کرلیا۔

    گلستان جوہر بلاک 8 میں واقع مکان نمبرA70 کے اندر جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ قتل کی واردات کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو گھر والوں نے ملزم کو پکڑا ہوا تھا، تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے آلہ قتل پستول اپنی تحویل میں لیا اور لاش پوسٹ مارٹم کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔

    ایس ایچ او فاروق سنجرانی کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ اسلم ولد پرویز کے نام سے ہوئی اور اسکا اپنے سالے فرحان سے جھگڑا ہوا تھا جس پر فرحان نے طیش میں آکر فائرنگ کردی جو بہنوئی کیلئے جان لیوا ثابت ہوئی۔

    پولیس کے مطابق مقتول دوسری شادی کرنا چاہتا تھا اور اس پر ان کے درمیان رنجشیں تھیں اور اسی سلسلے میں وہ لوگ گھر پر بات کررہے تھے کہ یہ واقعہ رونما ہوا۔ تاہم پولیس واقعے کی مزید چھان بین کررہی ہے ۔

  • شراب فروشی کی بڑی کوشش ناکام

    شراب فروشی کی بڑی کوشش ناکام

    سرگودھا:تھانہ کینٹ پولیس کی کاروائی،نیوائیر نائٹ کے موقع پر شراب سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام، بدنام زمانہ منشیات فروش رنگے ہاتھوں گرفتار، 1040لٹر شراب برآمد*
    سرگودھا: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر رضوان احمد خان کی ہدایت پرمنشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کینٹ انسپکٹر عبدالمجید نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر فیاض احمد ودیگر ملازمان پرمشتمل ٹیم کے ہمراہ ویگن اڈا47شمالی ریڈ کرکے بدنام زمانہ منشیات فروش وقاص مسیح کو شراب سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا ہے۔اس سلسلہ میں تھانہ کینٹ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی ایس پی سٹی سرکل محمد عثمان نے صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتارملزم کے قبضہ سے 1040لٹر شراب برآمد ہوئی ہے ملزم نے یہ کچی شراب نیوائیر نائٹ کے موقع پر مختلف علاقوں میں سپلائی کرناتھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزم قبل ازیں بھی منشیات فروشی کے مقدمات میں چالان ہوچکا ہے ملزم خلاف منشیات فروشی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے مزید انکشاف سے بڑی کاروائی متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال اور اس کا فروخت کرنا سنگین جرم ہے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اس لعنت پر قابو پانے کیلئے پولیس کا ساتھ دیں اور کسی بھی ایسی سرگرمی کی اطلاع فوری پولیس کو دیں اسکے ساتھ ساتھ والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی ایسی سرگرمی میں ملوث ہونے پر فوری سدباب کریں ہم سب نے ملکر معاشرے کو منشیات سے پاک کرنا ہے۔ڈی پی او سرگودھا نے ایس ایچ او تھانہ کینٹ اور انکی ٹیم کو منشیات فروش کے خلاف بڑی کاروائی کرنے پر شاباش دی

  • سی این جی ایسوسی ایشن کا سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر پر دھرنے کا اعلان

    سی این جی ایسوسی ایشن کا سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر پر دھرنے کا اعلان

    سی این جی ایسوسی ایشن نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر پر دھرنے کا اعلان کردیا۔

    سی این جی ایسوسی ایشن نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر پر دھرنے کا اعلان کردیا ہے، اعلان آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون کے کوآرڈینیٹر سمیر نجمل حسین نے کیا۔

    سمیر نجمل کا کہنا تھا کہ سندھ کے اسٹیشنز کو آر ایل این جی پر منتقل کیے جانے کے باوجود آر ایل این جی بھی فراہم نہیں کی جارہی، ایس ایس جی سی نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے آر ایل این جی پرمنتقل کیا.

    ایس ایس جی سی نے قدرتی گیس کے متبادل کے لیے آر ایل ایل جی کی ایلوکیشن بھی حاصل نہیں کی، اور اس نے سی این جی سیکٹر اور لاکھوں صارفین کو دھوکا دیا، جس کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز اور صارفین کی اربوں روپے کی سرمایہ کاری ضائع ہورہی ہے۔

    کوآرڈینیٹر سمیر نجمل نے کہا کہ آج دن 12 بجے شروع ہونے والا دھرنا اور احتجاج غیرمعینہ مدت تک جاری رہے گا، ہم سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے کوئی مذاکرات نہیں کریں گے، سندھ حکومت کے نمائندوں، وزیراعلیٰ یا گورنر سے بات کریں گے

  • فیک نیوز اورمعیاری جرنلزم:بطورصحافی ہمیں کیا کرنا چاہیے:مبشرلقمان کے ٹویٹر”سپیس”پرسوالات کےجوابات

    فیک نیوز اورمعیاری جرنلزم:بطورصحافی ہمیں کیا کرنا چاہیے:مبشرلقمان کے ٹویٹر”سپیس”پرسوالات کےجوابات

    لاہور:فیک نیوز اورمعیاری جرنلزم:بطورصحافی ہمیں کیا کرنا چاہیے:مبشرلقمان کے ٹویٹر”سپیس”پرسوالات کےجوابات،اطلاعات کے مطابق پاکستان میں معیاری جرنلزم کے فقدان اور فیک نیوز کے بحران پرکیسے قابو پایا جائے اس حوالے سے پاکستان کے پڑھے لکھے طبقے کے سوالات کے جوابات دینےکےلیے ٹویٹر”سپیس”سیشن پرایڈی نے معروف صحافی ، سنیئرتجزیہ نگارمبشرلقمان کی خدمات لی ہیں اور آج انہوں نے ا س حوالےسے بہت سے اہم اورپچیدہ سوالات کے واضح جوابات دے کرنوجوانوں کومطمئن کرنے کی کوشش کی ہے

    اس حوالے سے اس سپیش سیشن میں فیک نیوز اور معیاری جرنلزم کے حوالےسے سپیس سیشن میں شامل پاکستان اوربیرون ممالک سے مخلت قسم کے سوالات کیے گئے

    مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحافیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ہر وہ شخص جو میڈیا کے کسی بھی شعبے سے وابستہ ہے وہ صحافی ہے ۔ فیک نیوز کو روکنا چاہیے لیکن جب روکنے والے ہی فیک نیوز دیں تو یہ غلط ہے۔ پاکستان کا میڈیا آزاد لیکن ریاست کے مفادات کے خلاف نہیں جانا چاہیے۔ معاشرے کی اصلاح کے لیے صحافی کو کام کرنا چاہیے

    مبشرلقمان نے کہا کہ ہم سب کچھ خرید لیتے ہیں لیکن خبر مفت میں چاہیے ہوتی ہے۔ مبشر لقمان نے حالیہ بلدیاتی الیکشن میں ہی ٹی آئی کی شکست پر کہا کہ پی ٹی آئی کو شکست اسکے کارناموں کی وجہ سے ہوئی پی ٹی آئی کو ٹکٹ کے لیے امیدوار ہی نہیں مل رہے تھے احتساب اور گڈ گورننس کا نعرہ لگایا گیا مگر عملی طور پر کچھ نہیں ہوا ۔ مہنگائی میں اضافہ ہوا ۔تاجروں کو تنگ کیا جانے لگا۔

     

    https://twitter.com/i/spaces/1ZkKzbgZBNeKv/peek

     

    مبشرلقمان نے کہا کہ میڈیا کے لیے رولز ہوں لیکن حکومت بھی تو ذمہ داری ادا کرے ۔ کسی ملک میں انفارمیشن منسٹری نہیں ہوتی محکموں کے ترجمان ہوتے ہیں ہمارے ہاں ترجمان بھی ہیں اور ایک الگ منسٹری بھی جو لوگوں کو دھمکانے نوازنے کا کام کرتی ہے اور جب سوال پوچھا جائے تو اسکا جواب نہیں دیا جاتا عمران خان جو نعرہ لگا کر آئے تھے اس سے ہٹ چکے

     

    ادھر اس سپیس سیشن میں شرکت کرنے والے اور پاکستان میں جرنلزم کی بہتری کے حوالے سے فکرمند نوجوان صحافیوں اوردیگرشرکائے کار نے آج کے اس سیشن کو بہت پسند کیا اور سنیئر صحافی کی تجربات اورحقائق پرمشتمل گزارشات کو حکومتی پالیسی سازوں تک پہنچانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تاکہ ان مفید گزارشات پرعمل کرکے ملک میں جرنلزم میں بہتری لائی جاسکے

    سپیس میں ایڈیٹر باغی ٹی وی طہ منیب سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ آخر میں ہوسٹ نے مہمان خاص سمیت سب کا شکریہ ادا کیا

  • لاہورقلندرزاوریارکشائرکاؤنٹی کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ:پاکستان کرکٹ پھلنے پھولنے لگی

    لاہورقلندرزاوریارکشائرکاؤنٹی کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ:پاکستان کرکٹ پھلنے پھولنے لگی

    لاہور:لاہورقلندرزاوریارکشائرکاؤنٹی کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ:پاکستان کرکٹ پھلنے پھولنے لگی ،اطلاعات کے مطابق لاہورقلندرز اور انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب یارکشائر کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ طے پاگیا۔

    لاہور قلندرز اور یارکشائر کاؤنٹی کے درمیان انٹر نیشنل کھلاڑیوں کا تبادلہ ہوگا، یارکشائر کاؤنٹی کے نوجوان کھلاڑی اسکالر شپ کے تحت لاہور میں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر استعمال کریں گے جبکہ لاہور قلندرز کے کرکٹرز بھی یارکشائر میں ٹریننگ کر سکیں گے۔

    نئی پارٹنر شپ کے تحت لاہور قلندرز کے فاسٹ بولرز یارکشائر کاؤنٹی کے اوورسیز پلیئرز ہوں گے۔لاہور قلندرز اور یارکشائر کاؤنٹی کے درمیان دوستانہ میچ 16 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف یارکشائر کاونٹی کے اورسیز پلیئر ہوں گے۔

    اس حوالے سے عبوری منیجنگ ڈائریکٹر یارکشائر کرکٹ ڈیرن گف کا کہنا تھا کہ باصلاحیت فاسٹ بولر حارث رؤف کو اپنے کلب میں خوش آمدید کہنے پر خوشی ہو رہی ہے ، شراکت داری کے معاہدے سے ایک دوسرے تک رسائی کا موقع ملے گا۔

    سی ای او لاہور قلندرز ثمین رانا کا کہنا تھاکہ اس پروگرام سے دونوں کلبز کی کامیابی پر مثبت اثر پڑے گا جبکہ ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ لاہور قلندرز دنیا بھر کے کلبز کے ساتھ اسی طرح کام جاری رکھے گی۔

    ادھر پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کی دوران میچ طبیعت خراب ہونے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا بیان سامنے آیا ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے عابد علی میں ایکیوٹ کرونری سنڈروم کی تشخیص کی ہے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ عابد علی امراض قلب کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور پی سی بی ان کے ڈاکٹرز سے مکمل رابطے میں ہے۔بورڈ کے مطابق عابد علی کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی کے یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں قائداعظم ٹرافی میں خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کے درمیان میچ جاری تھا کہ اس دوران عابد علی کو سینے میں تکلیف ہوئی۔

    ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کو میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے سینے میں تکلیف ہوئی جس کےباعث انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کرنا پڑا۔عابد علی قائداعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں۔

  • کابینہ اجلاس اندرونی کہانی،وزیراعظم نے بڑا فیصلہ کرلیا

    کابینہ اجلاس اندرونی کہانی،وزیراعظم نے بڑا فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد:کابینہ اجلاس اندرونی کہانی،وزیراعظم نے بڑا فیصلہ کرلیا ،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں وزراء نے گیس کی قلت کے معاملے پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ گیس لوڈشیڈنگ پر میڈیا اور عوام سوالات کر رہے ہیں، ایکسپورٹ انڈسٹری کو گیس کی سپلائی نہیں ہو گی تو برآمدات متاثر ہوں گی۔

    ذرائع کےمطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے گیس کی موجودہ صورت حال اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ایکسپورٹ انڈسٹری کے پراسسنگ یونٹس کو گیس کی سپلائی جاری ہے۔

    وزیراعظم نے صنعتی یونٹس کو گیس کی بحالی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے انڈسٹری کو گیس کی سپلائی پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس میں شوکت ترین، حماد اظہر اور عبدالرزاق داؤد شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جبکہ وفاقی وزیر امین الحق اور شبلی فراز کو الیکشن کمیشن سے رابطے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

    وفاقی کابینہ نے افغانستان کے حوالے سے کامیاب اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے انعقاد کو سراہا اورنیشنل فوڈ سکیورٹی پالیسی اورانتخابی ایکٹ 2017 میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔

    کابینہ نے بیرونی تجارتی قرضوں کی ایکس پوسٹ فیکٹو ،سود پر ٹیکس سے استثنیٰ اور انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاونٹس کونسل پرسرکاری نامزدگیوں اسلام آباد پولیس ایکٹ 2021کے مسود ے کی منظوری کیساتھ ،ڈاکٹر شمشاد اختر کی پورٹ قاسم اتھارٹی میں بطورسرکاری ممبر ، محمد نجم نواز ثاقب کی سعودی عرب میں بطور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعیناتی اور قومی فوڈ سکیورٹی پالیسی کی بھی منظوری دی۔

    وفاقی وزراء برائے منصوبہ بندی، فوڈ سکیورٹی، خزانہ، صنعت، چیئرمین ایف بی آر، تمام صوبائی وزراء اعلیٰ، چیف سیکرٹریز اور متعلقہ وفاقی ڈویژنز کے سیکریٹریز نیشنل فوڈ اینڈ سکیورٹی ایگزیکٹوم کمیٹی کے ممبران جبکہ وزیراعظم پاکستان چئیرمین ہوں گے۔

    کابینہ نے جامشورو کمپنی لمیٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز پرمحمد شفیق الرحمن کو بطورچیئرمین ، ارشد علی کو خود مختارممبر جبکہ چیف انجینئر ملتان الیکٹرک پاور کمپنی اللہ یار خان کو عارضی طورپر سی ای او میپکو تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

    ادھر ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس میٹنگ کے دوران کےپی کےانتخابات کا معاملہ بھی زیرغورآیا جس پرکپتان نے کہا کہ مجھے ان نتائج نے بظاہر تو تکلیف دی ہے لیکن حقیقت میں یہ نتائج آنے والی غلطیوں کا ازالہ کا بہترین سبب ہیں‌ ، بہت جلد صورت حال بہتر ہوجائے گی اور اگلے مرحلے میں پی ٹی آئی پہلے مرحلے کے خسارے کا کفارہ ادا کرکے یہ داغ دھو دے گی