Baaghi TV

Author: +9251

  • فن لینڈ کلین گرین پروجیکٹ کیلئے تکنیکی امداد فراہم کرے گا، ملک امین اسلم

    فن لینڈ کلین گرین پروجیکٹ کیلئے تکنیکی امداد فراہم کرے گا، ملک امین اسلم

    وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ عمران خان کو عالمی رہنماؤں کی فہرست میں ممتاز کرنے کیلئے کافی ہے کیوںکہ 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ کے اثرات عالمی ہونگے جبکہ پاکستان موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کی کاوشیں کرنے والے ممالک میں سر فہرست ہے۔ پاکستان کا ہدف صفر کچرا کے اصول پر مبنی سرکلر اکانومی کا قیام ہے جس کا آغاز اسلام آباد سے بہت جلد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں فن لینڈ کی ایک کمپنی تکنیکی معاونت بھی کر رہی ہے۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے فن لینڈ کے سفیر سے ایک ملاقات میں کیا۔ فن لینڈ کے سفیر جناب ہیری کامارینن نے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پاکستان اور فن لینڈ کے مابین تعاون کے وسیع امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ سفیر نے بتایا کہ ان کی موجودہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق بہت سنجیدہ ہے اور اس ضمن میں پوری یورپی یونین میں موسمیاتی تغیرات کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کررہی ہے جس کے نتائج اسی سال کے اواخر میں واضح ہو جائیں گے۔ یورپی یونین سے باہر پاکستان پہلا ملک ہے جس کے ساتھ فن لینڈ نے موسمیاتی تغیرات کے ایجنڈے پر مشاورت کی ہے۔

    انہوں نے وفاقی وزیر کو ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور جنگلات کے فروغ کے حوالے سے فِنِش ٹیکنالوجی اور اہم ایجادات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پیپٹک فائبر نامی مادہ سے تیار کردہ شاپنگ بیگ سے وفاقی وزیر کو روشناس کراتے ہوئے کہا کہ یہ تھیلی روائتی پلاسٹک کی تھیلی کی جگہ متعارف کرائی گئی ہے جو سو فیصد حیاتیاتی مواد سے تیار کردہ ہے اور بائیو ڈی گریڈ ایبل بھی ہے۔ انہوں نے نباتاتی مادہ سیلولوز سے تیار کردہ کاٹن سے متعلق بھی وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔

    وفاقی وزیر نے فن لینڈ کی کامیابیوں پر مسرت کا اظہار کیا اور فِنِش ماڈل سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ترقی پذیر ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جو ایک ارب ڈالر کی خطیر رقم سے 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ انہوں نے ایکو سسٹم ریسٹوریشن فنڈ اور کلین گرین منصوبہ سے بھی آگاہ کیا۔ فن لینڈ کے سفیر نے پاکستانی حکومت کے حالیہ اقدامات کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے مابین تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پرزور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2035 تک فن لینڈ کاربن نیوٹرل ہونے کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پاکستانی ماہرین جنگلات و موسمیاتی تغیرات کا ایک وفد فن لینڈ کا دورہ کرے گا۔
    محمد اویس

  • نفاذِ اردو کے لیے ہمارا سفر ۔۔۔ فاطمہ قمر

    نفاذِ اردو کے لیے ہمارا سفر ۔۔۔ فاطمہ قمر

    ہم ہر اس پاکستانی کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اس کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں جنہوں نے ہمیں دیکھ کر یا ہماری دعوت پر نفاذ اردو کا جھنڈا اٹھایا ہے۔ ہم نے نفاذ اردو کی آواز عملی طور پر ایسے اجتماعات میں بلند کی جہاں انگریزی کی غلامی کے خلاف بات کرنا ” کفر ” سمجھا جاتا تھا۔ جب ہم پاکستان میں نفاذ اردو کی بات کرتے تھے لوگ ہمیں ہونق ہو کر دیکھتے تھے۔ ہمارا مذاق اڑاتے تھے’ ہم نے نفاذ اردو کا پیغام پاکستان کے سب سے بڑے انگریزی غلامی کے علمبردار ایچی سن کالج سمیت پاکستان کی ہر مقتدر شخصیت کو دیا۔ ہم نے آرمی چیف کو خط لکھا کہ وہ آئین کی پاسداری کرتے ہوئے براہ کرم اپنے عہدے کا حلف اردو میں لیں ۔الحمدللہ! آرمی چیف نے ہماری بات کی لاج رکھی اور پاکستان کے پہلے آرمی چیف بنے جنہوں نے اُردو میں حلف لیا!
    ہم نے موجودہ وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ میں اردو میں خطاب کرنے کے لیے قائل کیا۔
    الحمداللہ! انہوں نے ہماری درخواست پر اقوام متحدہ میں پہلی مرتبہ اردو میں بات میں کر کے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند کیا!
    ہم نے لاہور ‘ اسلام آباد میں نفاذ اردو کی ملک گیر کامیاب کانفرنسیں منعقد کی ہیں!
    ہم نے سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کو آئین کی شق 251 جو پاکستان کی زبانوں کے حوالے سے ہے اس پر عملدرآمد کی طرف توجہ دلائی۔ اس سلسلے میں ان کو عملی طور پر ان کے مقدمے کے ترجمے بھی اردو میں کر کے دیے جس سے متاثر ہوکر چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے ایک اسلام آباد کے وکیل کوکب اقبال کا پرانا مقدمہ جو 2003 میں مٹی کی گرد میں دبا ہوا تھا جس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کررہے تھے۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ کو بطور خاص درخواست دے کر اس کی سماعت شروع کی۔۔۔اور اپنی سبکدوشی کے آخری لمحوں میں نفاذ اردو کا تاریخ ساز فیصلہ کرکے اپنا نام تاریخ میں رقم کر گئے۔ اور آج بھی وہ اس مقدمے کے نفاذ سے الگ نہیں ہیں ۔ گاہے بگاہے اس مقدمے کے حوالے سے ہماری رہنمائی کرتے رہتے ہیں۔ لمز یونیورسٹی جیسے انگریزی میڈیم ادارے سے وابستہ ہوکر وہاں طلباء اور اساتذہ میں نفاذاردو کا شعور بیدار کر رہے ہیں۔
    پورا پاکستان نفاذ اردو کے حوالے سے ہماری کوششوں سے واقف ہے۔ ہم نفاذ اردو کی جنگ عدالتوں’ سڑکوں’ ذرائع ابلاغ’ بازاروں’ ریستوران’ تعلیمی اداروں’ دفتروں غرض ہر جگہ لڑ رہے ہیں۔۔
    ہماری کانفرنس میں پاکستان کی ہر مقتدر شخصیت ‘ تمام شعبہ زندگی’تمام سیاسی جماعتوں، سول و عسکری قیادت آتی رہی ہے ۔ ڈاکٹر عبد القدیر خان’ جنرل حمید گل مرحوم، جنرل راحت لطیف’ بریگیڈیئر حامد سعید’ جنرل غلام مصطفی ‘ اوریا مقبول جان’ عرفان صدیقی’ سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد خان’ مجیب الرحمٰن شامی’ ڈاکٹر اجمل نیازی’ ڈاکٹر خواجہ ذکریا’ پروفیسر فتح ملک’ اعجاز چوہدری ‘ محمود الرشید’ سعدیہ سہیل’ بشری رحمن’ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ‘ڈاکٹر فاطمہ حسن’ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید’ ڈاکٹر جاوید منظر’ سابق وزیر تعلیم رانا مشہود’ سابق وزیر بلوچستان صالح بلوچ’ قیوم نظامی’ ابصار عبدالعلی ‘ ڈاکٹر افتخار بخاری’ جسٹس ناصرہ اقبال’ سمیعہ راحیل قاضی اور ایک لمبی فہرست ہے جو ہماری کوششوں سے واقف ہیں۔ ہم اپنی تحریک کے قائد عزیز ظفر آزاد کی قیادت میں دن رات نفاذ اردو کے لئے سر گرم ہیں۔ ان شاءاللہ اردو کو پاکستان کا نظام زندگی بنا کر ہی دم لیں گے!
    ہم نے تہیہ کیا ہے کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک اردو کو پاکستان کی عدالتی ‘ سرکاری اور تعلیمی زبان نہ بنادیں!
    ان شاءاللہ! اللہ کے فضل سے پاکستان میں نفاذاردو کی منزل بہت قریب ہے!
    فاطمہ قمر پاکستان قومی زبان تحریک

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں‌ میں تقسیم کرنے کا فیصلہ، وزیر اعظم نے منظوری دے دی

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں‌ میں تقسیم کرنے کا فیصلہ، وزیر اعظم نے منظوری دے دی

    پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے، ایک ڈویژن ریگولیٹری اور دوسرا سروسز کے حوالے سے بنایا جائے گا، ریگولیٹری ڈویژن کابینہ اورسروسز ڈویژن وزارت ایوی ایشن کے ماتحت کام کرے گا، ایئرپورٹس سروسز آف پاکستان کوباقاعدہ ایس ای سی پی میں رجسٹرڈکیاجائے گا۔پہلے مرحلے میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کے سروسز کی نجکاری کی جائے گی ،

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نجکاری میں ناکامی پر جوائنٹ وینچراس میں ناکامی پر کمپنی خود چلائے گی۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں‌ تقسیم کرنے کی باضابطہ طورپر منظوری دی گئی ، ایک ڈویژن ریگولیٹری کا کام کرے گا جبکہ دوسرا ڈویژن ایئرپورٹ میں دی جانے والی سہولیات (سروسز) کے حوالے سے کام کرے گا۔ ایوی ایشن ڈویژن کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی بنیادی وجہ کابینہ کا فیصلہ ہے اور دوسرا ایوی ایشن پالیسی 2019ء کے تحت اس کو دو حصوں میں تقسیم کیا جارہا ہے تاکہ لوگوں کو ایئرپورٹ پر بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

    دو حصوں میں تقسیم کرنے کے بعد پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کابینہ ڈویژن ایئرپورٹس سروسز آف پاکستان ( اے ایس پی) ایوی ایشن ڈویژن کے نیچے کام کرے گا۔ایئرپورٹس سروسز آف پاکستان کو سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹر کیا جائے گا اور یہ 43ایئرپورٹ کی مالک ہوگی۔ کمپنی مختلف معاشی ماڈل پرکام کرے گی، کراچی ، اسلام آباد اور لاہور میں عوام کو سہولیات کی بہتری کیلئے سروزکوآوٹ سورس کیاجائے گااس کے لیے باقاعدہ ٹینڈر کئے جائیں گے ۔ اگر کوئی مثبت جواب نہ آئے تو ان کو ائیرپورٹسز کو جوائنٹ وینچر کے طورپر چلایا جائے گا اگر اس میں بھی اچھا رسپانس نہ آئے تو ایئرپورٹس سروسز آف پاکستان خود یہ ایئرپورٹ چلائے گی۔ اگست میں ایوی ایشن ڈویژن کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا اور اس کی انتظامیہ کمیٹی اور ضابطہ کار اورقانونی حیثیت کی نظرثانی کی جائے گی۔ دو حصوں میں تقسیم کرنے سے ایوی ایشن سیکٹر کو فائدہ ہوگا۔
    محمد اویس

  • رحیم یارخان ویکسینیٹر کو موٹر سائیکل کی فراہمی کی تقریب میں‌ڈی سی او کی شرکت

    رحیم یارخان ویکسینیٹر کو موٹر سائیکل کی فراہمی کی تقریب میں‌ڈی سی او کی شرکت

    ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو بہتر اور معیاری صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، ضلع رحیم یا رخان جغرافیائی اور آبادی کے لحاظ سے بڑا ضلع ہے جبکہ چولستان اور کچہ کے ایریاز میں صحت کی سہولیات پہنچانا کسی چیلنج سے کم نہیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے پولیو مہم اور ای پی آئی پروگرامز میں 100فیصد نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے ضلع بھر کے دشوار علاقوں میں فرائض سر انجام دینے والے50ویکسینیٹرز کو موٹر سائیکلز فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ انسداد پولیو اور ای پی آئی(حفاظتی ٹیکہ جات) کے پروگرام کو کامیاب بنا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے پہلے مرحلہ میں ضلع کے 50ویکسینیٹرز کو موٹر سائیکلز فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا، ڈی ایچ او ڈاکٹر حسن خان،ڈاکٹر عمران جتوئی، ڈاکٹر اسامہ افتخار سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ویکسینیٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ امور ایمانداری و فرض شناسی سے انجام دیں، فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین کو مزید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ موٹر سائیکلز قومی امانت ہیں فرائض کے ساتھ ساتھ ان کی بھی مناسب دیکھ بھال رکھی جائے۔انہوں نے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ تمام موٹر سائیکلز کی ماہانہ چیکنگ کا میکنزم تشکیل دیں۔

  • رحیم یار خان حج آپریشن کا جائزہ اجلاس

    رحیم یار خان حج آپریشن کا جائزہ اجلاس

    اسسٹنٹ کمشنر چوہدری اعتزاز انجم کی زیر صدارت ضلع میں حج اپریشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ڈائریکٹر حج ملتان امتیاز علی شاہ، ڈسٹرکٹ معلم مسعود بن جمال، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا سمیت ائیر پورٹ منیجر، ائیر پورٹ سیکورٹی فورس ودیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس مین حج اپریشن سے قبل عازمین حج کی تربیت اور ویکسی نیشن، سیکورٹی و دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ذمہ داری کے ساتھ ساتھ عازمین حج کی خدمت بڑی سعادت ہے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ ڈائریکٹر حج کے ساتھ مل کر فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی سمیت ٹریفک کنٹرول، سیکورٹی و دیگر امور کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈائریکٹر حج امتیاز علی شاہ نے بتایا کہ 20جولائی سے عازمین حج کی ویکسی نیشن، 25جولائی سے پاسپورٹ کی ویری فکیشن اور 27جولائی کو پہلی حج پرواز شیخ زید انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے عازمین حج کو لیکر روانہ ہو گی۔انہوں نے عازمین حج کی تربیت کے حوالہ سے مناسب جگہ کی فراہمی سمیت دیگر امور بارے شرکاء کو آگاہ کیا۔

  • شاہد خاقان بتائیں شریف خاندان کا منظور پاپڑ والے اورمشتاق چینی سے کیا تعلق ہے؟ شہباز گل

    شاہد خاقان بتائیں شریف خاندان کا منظور پاپڑ والے اورمشتاق چینی سے کیا تعلق ہے؟ شہباز گل

    مسلم لیگ ن کے اہم رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی کی پریس کانفرنس پرترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازگل نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور کہا ہے کہ شاہدخاقان عباسی کی ڈیوٹی اپنےآقاؤں کےجھوٹ اورکالےکرتوتوں کادفاع کرناہے،

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شہباز گل نے کہاکہ شاہدخاقان عباسی نے شہبازشریف کےداماد کی کمپنی اورچیک وصولی کی تردید نہیں کی، شہبازشریف ایک دھیلےکی کرپشن بھی ثابت نہ ہونےکادعویٰ کرتے تھے، اربوں روپےکی کرپشن سامنےآنےپرشہبازشریف بوکھلاگئےہیں، ن لیگ کرپشن کےتمام ثبوتوں کومتنازع بنانےکی ناکام کوشش کرتی ہے،

    انہوں نے کہاکہ شاہدخاقان بتائیں شریف خاندان کامنظورپاپڑوالےاورمشتاق چینی سےکیاتعلق ہے؟ ن لیگ کی سیاست گلوبٹ،پومی بٹ اورناصربٹ جیسےفراڈیوں کےگردگھومتی ہے، موجودہ حکومت کرپٹ عناصراورچوروں کےخلاف گھیراتنگ کررہی ہے، ن لیگ کرپٹ مفروروں اوراشتہاریوں کےدفاع کےمشن پرہے،

  • وزیر اعلیٰ‌ پنجاب اچانک ڈی جی خان پہنچ گئے، ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ‌ پنجاب اچانک ڈی جی خان پہنچ گئے، ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداراسلام آباد سے اچانک دورے پر ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان شہرکے مختلف علاقوں میں صفائی اوردیگر امور کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈی جی خان شہر میں صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنایا جائے۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدارشہر کے دورے کے بعدکمشنرڈی جی خان آفس پہنچ گئے اور کمشنر آفس ڈی جی خان میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔کمشنر ڈی جی خان اسد اللہ فیض نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سمیت پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔پسماندہ اور محروم علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اورمعیار یقینی بنایا جائے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ بھی ہنگامی دورے کر کے صوبہ بھر کے مختلف شہروں میں عوام کو میسر سہولتوں کا جا ئزہ لیا جائے گا۔ہنگامی اجلاس میں کمشنر اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے کہا کہ کام نہ کرنے والے افسروں اوراہلکاروں کی گنجائش نہیں،عہدے خود چھوڑ دیں۔ریونیو میں تین سال سے ایک ہی جگہ تعینات ملازمین کو تبدیل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ افسران سرکاری ڈیوٹی کو کارخیر سمجھ کر سرانجام دیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیرکا نوٹس،رکاوٹیں دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈیرہ غازی خان اورفورٹ منرو کے علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات بہتر بنائے جائیں۔

    اجلاس میں بارتھی میں ریسکیو 1122کی عمارت،سڑک اورپل کی تعمیرنہ ہونے پرجواب طلب کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈیرہ غازی خان اورتونسہ میں پارکوں کی بحالی کے منصوبے فوری شروع کیے جائیں۔پی ایچ اے ڈیرہ غازی خان کے داخلی اورخارجی راستوں کی تزئین نو کے منصوبے جلد مکمل کرے۔تونسہ اورڈیرہ غازی خان روڈ سمیت اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کی جائے۔تونسہ میں انڈسٹریل سٹیٹ کیلئے اراضی کی نشاندہی اورتعمیر کے دیگرامور جلد مکمل کیے جائیں۔تونسہ میں چار سو کینال پر سمال انڈسٹریل سٹیٹ کا قیام علاقے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں گائنی وارڈکوتوسیعی عمارت میں جلد منتقل کیا جائے۔انہوں نے میر چاکر خان رند یونیورسٹی کے منصوبے کے بارے میں منظم تشہر کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحصیل کوہ سلیمان اوردیگر دوردراز علاقوں میں ہیلتھ کیمپ لگائے جائیں اورایمبولینس سروس فراہم کی جائے۔دوردراز کے مراکز صحت میں ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں کوہ سلیمان میں ٹورسٹ فیسٹول کے انتظامات کا جائزہ،ٹورسٹ ریزارٹ بنانے کاجائزہ لیاگیا۔انہوں نے کہا کہ شہر خاموشاں پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے۔اساتذہ کے تبادلوں کیلئے ای ٹرانسفر پالیسی پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ کو بارڈر ملٹری پولیس کے تھانوں کی عمارتوں کی تعمیرپر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ نے ڈی جی خان انتظامیہ کو سیلاب کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کمشنر اورڈپٹی کمشنر فلڈ بنداورسیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خود دورے کریں۔ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال اورتونسہ میں پناہ گاہوں کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیاگیا۔ہسپتالوں میں ڈاکٹر اورطبی عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔دارالامان ماڈل چلڈر ن ہومز میں بہترین سہولتوں کی فراہمی کا اہتمام کیا جائے۔ٹیچنگ ہسپتالوں سمیت مختلف اداروں کا اچانک دورہ کر کے خود جائزہ لیں گے۔

  • پنجاب بھر کے تھانوں میں نصب کیمرے ڈنگ ٹپاؤ نکلے

    پنجاب بھر کے تھانوں میں نصب کیمرے ڈنگ ٹپاؤ نکلے

    لاہور:سیف پنجاب تو دور کی بات سیف سٹی پر بھی عمل نہ ہوسکا .اطلاعات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کے تھانوں میں نصب کیمرے وقت ٹپاو نکلے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لاہورسمیت پنجاب بھر کے ایس ایچ اوز کے کمروں اورحوالات میں نصب کیمروں کابیک اپ ہی موجود نہیں۔

    باغی ٹی وی ذرائع کے مطابق لاہورسمیت پنجاب بھرمیں عوامی شکایات کے حل کے لیے ایس ایچ اوزاور ملزمان کی مانیٹرنگ کے لیے حوالاتوں میں لگائے گئے کیمروں کا کسی بھی حادثے یا واقعہ کا آئی جی آفس کی جانب سے فوٹیج مانگنے پر بیک اپ ہی نہیں ہوتا ۔

    یہ بھی معلوم ہوا کہ کیمروں کو متعلقہ ضلع کے سسٹم کیساتھ منسلک ہی نہیں کیا گیا، اس حوالے سے متعلقہ برانچ نے تمام ڈی پی اوزکو15 روزکا بیک اپ رکھنے کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔آئی جی کے مراسلے میں تمام ڈی پی اوزکوہرپندرہ روزبعد کیمروں کے بیک اپ کی رپورٹ آئی جی آفس بھجوانے کا حکم دیا ہے۔

    آئی جی پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ کیمروں کا بیک اپ نہ ہونے پر متعلقہ افسرکیخلاف کارروائی ہوگی، ذرائع کے مطابق فوٹیج مانگنے پرپتہ چلا کہ کیمروں کا بیک اپ ہی نہیں رکھا گیا تھا، بیک اپ کے بغیر کیمروں کا مقصد پورانہیں ہوسکتا۔یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی لاہور میں نصب کیمروں کے حوالے سے سکینڈل منظر عام ہوچکا ہے.

  • امیر جماعت اسلامی وسطی صوبہ محمد جاوید قصوری کی چنیوٹ میں پریس کانفرنس

    امیر جماعت اسلامی وسطی صوبہ محمد جاوید قصوری کی چنیوٹ میں پریس کانفرنس

    چنیوٹ
    تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کے لوگ سابق حکومتوں کا مجموعہ ہیں آل پارٹیز اپوزیشن میں شامل نہیں ہیں ملک میں مہنگائی بیروزگاری انتہا کو پہنچ چکی ہے جماعت اسلامی حکومت کے خلاف عوامی مارچ کررہی ہے شریف فیملی کی رمضان شوگر مل چنیوٹ کے کسانوں کے 90 کروڑ کی نادہندہ ہے مدینہ کی ریاست کے دعویداروں نے بھی کسانوں کی مدد نہیں کی امیر جماعت اسلامی وسطی صوبہ محمد جاوید قصوری کی چنیوٹ میں پریس کانفرنس
    جماعت اسلامی کے امیر وسطی صوبہ محمد جاوید قصوری نے چنیوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت گزشتہ دور میں لوٹ مار کرنے والی جماعتوں کے لوٹ مار کرنے والے عناصر کا مجموعہ ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں کرپٹ عناصر کو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ملک میں مہنگائی بیروزگاری لاقانونیت کا نظام خطرناک صورتحال اختیار کر چکا ہے انہوں نے کہا ہے کہ مدینہ کی ریاست کا دعویٰ کرنے والے حکمرانوں نے ایمنسٹی اسکیم میں ملک کے اشرافیہ کو تحفظ فراہم کیا ہے جبکہ موجودہ بجٹ میں غریب کش پالیسی اپنائی گئی ہے ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز نے چنیوٹ کے زمینداروں کسانوں کے گنے کی ادائیگی نہ کرتے ہوئے 90 کروڑ روپے ہڑپ کررکھے ہیں جس پر تبدیلی حکومت نے بھی ہزاروں متاثرین کاشتکاروں کی کوئی مدد نہیں کی ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں عوام کو نئے پاکستان میں عوام کو کسی قسم کی سہولیات مہیا نہیں کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز اپوزیشن کا جماعت اسلامی حصہ نہیں ہے اور نہ ہی بنے گی انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف جماعت اسلامی برسر میدان ہے اور عوامی مارچ کیا جارہا ہے اور 19 جولائی کو راولپنڈی میں عوامی مارچ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کرنے والوں اور ان کو تحفظ فراہم کرنے والوں کے خلاف جماعت اسلامی کا اعلان جنگ ہے اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی سربراہی میں عوام کے حقوق پر قابض قوتوں کے خلاف ہر فورم پر کلمہ حق بلند کریں گے

  • ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق سراج الحق نے بڑا قدم اٹھا لیا، اہم خبر

    ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق سراج الحق نے بڑا قدم اٹھا لیا، اہم خبر

    جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی کے لیے قرارداد سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی ہے،

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ‌ میں جمع کروائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ
    "یہ ایوان پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکہ میں ناحق قید کے 16 اسال مکمل ہونے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ یہ ایوان اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کرتا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے گزشتہ سالوں میں حکومتوں کی طرف سے کئی مواقع ضائع کیے گئے۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان حکومت کی توجہ سینیٹ آف پاکستان کی قرارداد نمبر 399 مورخہ 15 نومبر 2018ء کی طرف مبذول کراتا ہے جوکہ متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی اور جس میں سفارش کی گئی تھی کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھائے، اسی طرح یہ بھی کہا گیا کہ سینیٹ کا یہ ایوان گزشتہ سال قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی میں چیئرمین نیب کی طرف سے اس بیان پر کہ ”مشرف دور میں چار ہزار افراد ڈالرز لے کر بیرونِ ملک کے حوالے کیے گئے“ کی تحقیق کا بھی مطالبہ کرتا ہے۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کا یہ بیان اُس خدشے کو تقویت دیتا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو بھی ڈالرز کے عوض امریکہ کے حوالے کیا گیا۔ سینیٹ آف پاکستان کا یہ ایوان یاددہانی کراتا ہے کہ مورخہ 21اگست 2008  قومی اسمبلی کے ایوان میں موجودہ وزیر خارجہ جو کہ اسوقت بھی وزیر خارجہ تھے،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے متفقہ قرارداد منظور کروا چکے ہیں۔

    یہ ایوان وزیر اعظم پاکستان کے آئندہ طے شدہ دورہ امریکہ کے موقع پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کو ترجیحِ اول کے طورپر رکھنے کا مطالبہ کرتا ہے اور اُمید کرتا ہے وزیر اعظم پاکستان قوم سے اپنے کیے گئے انتخابی وعدہ کو پورا کرتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان واپس لانے کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات کریں گے۔

    یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی باعزت وطن واپسی تک امریکہ کے کسی بھی مطالبہ کو کسی صورت تسلیم نہ کیا جائے.
    محمد اویس