Baaghi TV

Author: +9251

  • چنار باغ کوآپریٹو ہاؤسنگ سکینڈل، 3 ارب روپے کا بڑا فراڈ، ہزاروں‌ شہری متاثر، نیب کی کاروائی جاری

    چنار باغ کوآپریٹو ہاؤسنگ سکینڈل، 3 ارب روپے کا بڑا فراڈ، ہزاروں‌ شہری متاثر، نیب کی کاروائی جاری

    ہاؤسنگ سیکٹر میں ایک بہت بڑا سکینڈل منظر عام پر آیا ہے جس میں چنار باغ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں 3 ارب روپے سے زیادہ مالیت کا فراڈ ہوا ہے. اس فراڈ کے مرکزی کرداروں‌ کو نیب نے پکڑ رکھا ہے جبکہ جو کردار پس منظر میں‌ ہیں‌ ان کی جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی. ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی کوشش سے سینکڑوں‌ متاثرین کو اب تک ان کی رقوم واپس مل چکی ہیں.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روزنامہ خبریں‌ میں‌ سینئر صحافی میاں‌ افضل نے چنار باغ ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالہ سے خصوصی رپورٹ شائع کی ہے جس میں‌ بتایا گیا ہےکہ ماضی میں ہاؤسنگ سیکٹر کر نظر انداز کر کے بے لگام چھوڑ دیا گیا جس سے بڑے بڑے سکینڈل منظر عام پر آئے. چنار باغ ہاؤسنگ سوسائٹی رائے ونڈ روڈ میں‌ واقع ہے، اس کے سابق ایگزیکٹو ممبر طارق شاہ نے استعفی دیکر سوسائٹی میں پراپرٹی ڈیلروں کے ساتھ مل کر فراڈ کئے اور ان دنوں‌ وہ نیب کی زیر حراست ہے،

    نیب کی زیر حراست طارق شاہ نے بڑے انکشافات کئے ہیں‌ کہ کون کون سے سرکاری افسر نذرانے لیتے رہے اور اس سارے فراڈ میں ملوث ہیں. ایک چنار باغ ایکسٹینشن لاہور، د وسری جہلم اور تیسری پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی جو پانچ سو کنال پر بنائی گئی تھی اس میں ممبران سے 2 ارب گیارہ کروڑ روپے ممبر شپ اور پلاٹوں کے نام پر اکٹھے کئے گئے. جتنی فائلیں‌ فروخت کی گئیں‌ وہ پانچ ہزار کنال رقبے کی تھیں‌ جبکہ زمین صرف پانچ سو کنال خریدی گئی،
    چنار باغ ہاؤسنگ کی انتظامیہ نے ایکسٹنشن کیلئے جو منظوری لی اس میں صرف پانچ سو کنال زمین خریدی گئی اس پر بھی طارق شاہ نے ایل ڈی اے افسران کو نذرانہ دے کر این او سی کی منظوری لی.

    خبریں‌ میں‌ شائع ہونے والی خصوصی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چنار باغ ہاؤسنگ پروجیکٹ بریگیڈیئر ر قرار علی آغا نے شروع کیا تھا . اس ہاؤسنگ سوسائٹی کی 16 سو کنال زمین خریدی گئی تھی مگر لینڈ مافیا نے اس میں‌بھی کمیونیٹی سنٹر پر کمرشل پلا‌ٹ بنا کر فروخت کر دیے تھے. چنار باغ ہاؤسنگ سوسائٹی میں‌ فراڈ کا سلسلہ 2013 سے شروع ہوا ، محکمہ کوآپریٹو کے افسران نے اس فراڈ کو پکڑنے اور اس فراڈ میں ملوث ہونے والے افراد کے خلاف کاروائی کرنے کی بجائے ان پر نوازشات کا سلسلہ شروع کر دیا.

    بتایا گیا ہے کہ چنار باغ لاہور ایکسٹینشن کی اجازت اس وقت کے ڈی سی او اعجاز خان نے دی جبکہ قانون کے مطابق ڈی سی او ایسا کر ہی نہیں سکتا جس پر نیب نے اعجاز خان کو بھی حراست میں لے رکھا ہے. اس وقت پانچ سو متاثرین کو کروڑو‌ں‌ روپے واپس دلوائے جاچکے ہیں تاہم ابھی متاثرین کی بڑی تعداد باقی ہے.

    نیب لاہور بیورو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چنار باغ ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور کے ڈویلپر، سوسائٹی کے اعلیٰ حکام اور دیگر کیخلاف عوام کو سوسائٹی میں پلاٹ دینے کے جھوٹے وعدوں پر پیسے بٹورنے کیخلاف تحقیقات ہو رہی ہیں۔ اس لئے تمام متاثرہ لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ 7اگست تک اپنے دعوے دستاویزی ثبوت کے ساتھ مہیا کریں۔

  • ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی ہڑتال.

    انجمن تاجران پاکستان کی جانب سے ناروا ٹیکسیز کے خلاف دی جانے والی ہڑتال کی کال اور انجمن تاجران بلوچستان کی حمایت کے بعد آج 13 جولائی بروز ہفتہ کو کوئٹہ کے میں انجمن تاجران کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مکمل طور پر کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے اور شہر کے تمام چھوٹے بڑھے کاروباری مرا کز مکمل طور پر بند ہیں جب کے گردو نواح کے علاقوں میں بھی مکمل طور پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کامیابی سے جاری ہے اور شہر میں ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔

  • ناقص کارکردگی پر پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی

    شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی) ڈی پی او کی طرف سے محکمانہ انکوائری کرنے کے بعد ناقص کارگردگی کا مظاہرہ کرنے پر پولیس ملازمین کو سزائیں اور جرمانے کیے گئے ہیں
    آمدہ تفصیل کے مطابق 22 پولیس ملازمین کو نوکری میں غفلت برتنے پر سزائیں دی گئیں ہیں۔
    جن میں 1 انسپکٹر،2 سب انسپکٹر، 3 اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے علاوہ ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل شامل ہیں۔
    انسپکٹر زاہد سلیم کو سنشور، اسسٹنٹ سب انسپکٹر زبیر حسین کو سنشور، سب انسپکٹر افتخار احمد کو تین ماہ سروس ضبط، سب انسپکٹر انتخاب محمود کو ایک سال سروس ضبط کی سزا دی گئیں۔
    اے ایس آئی محمدعباس 3 ماہ، اے ایس آئی محمداکبر کو 6 ماہ اور اے ایس آئی طارق محمود کو 6 ماہ سروس ضبط کی سزا ملی۔
    کانسٹیبل امیر حمزہ، استخار احمد، محمد یاسین، اصغرعلی، عاقب، محمد علی، علی سمیرز، سید علی، محمد وقار، شرجیل احمد اور عادل محمود، ناقص کارگردگی پر جرمانے کی سزائیں دی گئیں ہیں۔
    کانسٹیبل مظفر حسین کو نوکری سے مسلسل غیر حاضری پر جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا۔

  • حکمرانوں کے نام ۔۔۔ سلیم اللہ صفدر

    حکمرانوں کے نام ۔۔۔ سلیم اللہ صفدر

    اے میرے وطن کے حکمرانو….! وہ وقت یاد کرو جب حکمرانی کو اعزاز و اقتدار نہیں بلکہ بوجھ اور ذمہ داری سمجھا جاتا تھا…. جب ایک ادنیٰ اور غریب کا بیٹا حاکم وقت سے پوچھ سکتا تھا کہ مال غنیمت کی اس چادر کا لباس تو نے کن پیسوں سے حاصل کیا…. وہ وقت یاد کرو جب مسلم حکمرانوں کی طرف سے بیت المال اور ذاتی مال کی اصلاحات متعارف کی گئیں…. وہ وقت یاد کرو جب خلیفہ وقت آدھی رات کو اٹھ کر اپنی قوم کا پہرہ دیا کرتا تھا….. وہ وقت جب حاکم وقت دریائے فرات کے کنارے مرنے والے کتے کے حساب سے بھی خوفزدہ رہتا تھا…. اور وہ وقت جب مسلم حکمران بادل کے ٹکڑے کو دیکھ کر کہتا تھا کہ آے بادل کے ٹکڑے….! تو نے جہاں بھی برسنا ہے جا برس. لیکن تو نے جہاں بھی برسنا ہے اس کھیتی کا غلہ میرے پاس پہنچے گا. مسلم علاقے میں ٹیکس کی مد میں اور غیر مسلم علاقے میں خراج کی صورت میں….!

    تو ہی ناداں چند کلیوں پر قناعت کر گیا
    ورنہ گلشن میں علاجِ تنگیِ داماں بھی ہے

    ہفت کشور جس سے ہو تسخیر بے تیغ و تفنگ
    تو اگر سمجھے تو تیرے پاس وہ ساماں بھی ہے

    وہ صرف گفتار کے نہیں بلکہ کردار کے بھی غازی تھے. وہ فاتحین عرب و عجم ہی نہیں…. بلکہ عرب و عجم میں بسنے والے ہر مسلمان کے دل کے حکمران تھے. انہوں نے دنیا کو مرنے کا فن اور جینے کا ڈھنگ سکھایا. انہوں نے امت مسلمہ کو خالق حقیقی کے آگے گردن جھکانا اور باطل کے سامنے اسی گردن کو جھکائے بغیر کٹوانا سکھایا.

    حکمت، تدبر، سیاست اور دور اندیشی کے بل بوتے پر اور سب سے بڑھ کر اللہ کی توفیق سے ان کا ہر فیصلہ امت مسلمہ کے لیے خیر کا پیغام لیکر آتا تھا. وہ تین سو تیرہ ہوتے مگر ہزاروں سے ٹکرا جاتے…. وہ تنہا ہوتے مگر ان کا عزم پہاڑوں کے کلیجے پھاڑ دیتا. وہ ساحلوں پر کشتیاں چلاتے اور بحر ظلمات میں گھوڑے دوڑاتے. وہ کھجوروں کی ایک چھوٹی سی بستی سے نکلے مگر ان کی بصیرت اور ان کی سیاست نے اللہ کی مدد کے ساتھ قیصر کے شہر قسطنطنیہ کی فصیلیں، کسری کے قصر ابیض کے دروازے اور شام کے پھاٹک کھول دیے….. دنیا کے تمام خزانے ان کے قدموں میں ڈھیر کر دیے….یہ دنیا کے اندر انعام تھا بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اللہ رب العزت کی غلامی میں دینے کا. انہوں نے دہشت گردی سے پاک اور مالی آسودگی سے مزین ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا کہ ایک پردہ دار خاتون حیرہ شہر سے نکل کر مکہ مکرمہ بیت اللہ کے طواف کی نیت سے سفر کرتی اور اسے اللہ کے علاوہ اور کسی کا خوف نہ ہوتا ….ایک مسلمان صدقہ کرنے کی نیت سے گھر سے باہر نکلتا لیکن اس کو کوئی صدقہ لینے والا نہ ملتا.

    صرف یہی نہیں…. مسلم حکمرانوں نے اپنی رعایا پر علم و فنون کے دروازے کھول دیئے. جس وقت سارا یورپ جہالت کی تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا…. سپین کے صرف ایک شہر کے اندر ہزاروں لائبریریاں موجود تھیں. جب لوگ غاروں اور جنگلوں میں رہنے پر مجبور تھے…. اندلس کے حکمران عبدالرحمن ثالث اور اس کے جانشین فن تعمیر کو نقطہ ِمعراج تک پہنچا چکے تھے…! اور جس وقت صلیبی پادری سائنس اور دینی علوم و فنون کے خلاف فتوے لگا رہے تھے…. مسلمان سائنسدان کیمسٹری، بیالوجی، ریاضی، علم الارضیات، اور فلکیات کے میدانوں میں اپنی ذہانت کا لوہا منوا رہے تھے.

    اے مسلمان حکمران…! آج پھر اسی عہد کو دہرانے کا وقت ہے. ابو بکر کی صداقت، عمر کی عدالت، عثمان کی سخاوت اور علی کی شجاعت کو دہرانے کا وقت ہے. اسلام کے نام پر بنی اس پاک سر زمین پر اسلام کے سنہری اصولوں کو آزمانے کا وقت ہے…. امت مسلمہ کے ہر پریشان و غمگین دل کو آپس میں ملانے کا وقت ہے…. اور عالم کفر کی ہر چال کو مٹانے کا وقت ہے.

    اے مسلم حکمراں ! توحید کا پرچم اٹھا پھر سے
    ذرا تکبیر کے نعروں سے امت کو جگا پھر سے
    ہر اک نفرت ختم کر کے دلوں کو اب ملا پھر سے
    یہ ملت جسدِ واحد ہے یہ دنیا کو بتا پھر سے

    سبق پھر پڑھ صداقت کا عدالت کا شجاعت کا
    لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا

  • میلسی : چراغ کے نیچے اندھیرا

    میلسی (نمائندہ باغی ٹی وی) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہازیب خان کھچی کا اپنے آبائی شہر سرکاری بس اسٹینڈ سے محروم ہے 20 سال قبل لاکھوں روپے کی لاگت سے بنایاجانے والا سرکاری بس اسٹینڈ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے فعال نہ ہو سکا سرکاری بس اسٹینڈ کی سولیات نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ غیر قانونی بس اسٹینڈ قائم ہو چکے ہیں.

  • شجاع آباد : شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے

    شجاع آباد (نمائندہ باغی ٹی وی) 11 جولائی کو متحدہ مرکزی انجمن تاجران کے سرپرست اعلی عظمت علی خان بلوچ کی جانب سے دی جانے والی ہڑتال کی کال کے بعد آج 13 جولائی بروز ہفتہ کو مکمل طور پر کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے شجاع آباد کے تمام کاروباری مرا کز مکمل طور پر بند ہیں ۔ شجاع آباد کے گردو نواح کے علاقوں میں بھی مکمل طور پر شٹر ڈ ا ؤن ہڑتال کامیابی سے جاری ہے ۔ رانا اظہر منیر باغی ٹی وی ملتان شجاع آباد

  • دہلی میں کیا سازش ہو رہی ہے؟ بھارتی ایجنسی کے افسر نے پول کھول دیا

    دہلی میں کیا سازش ہو رہی ہے؟ بھارتی ایجنسی کے افسر نے پول کھول دیا

    مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی چیئرمین سیدہ آسیہ اندرابی کی طرح‌ مزید کئی حریت پسند لیڈروں کی جائیدادوں‌ پر قبضہ کئے جانے کا امکان ہے. بھارتی ایجنسی این آئی اے کی نئی دہلی میں‌ بھارتی حکام سے مشاورت جاری ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی ایجنسی این آئی اے کے ایک افسر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے چونکا دینے والے انکشافات کئے اور کہا ہے کہ مبینہ فنڈنگ کیس کے حوالہ دہلی میں اعلیٰ‌ سطحی میٹنگیں‌ جاری ہیں‌ جن میں‌ مزید حریت لیڈروں‌ کی رہائشوں اور دیگر جائیدادوں پر قبضہ کئے جانے سے متعلق مشاورت ہوئی ہے.

    این آئی اے کی طرف سے الزام لگایا جارہا ہے کہ مبینہ فنڈنگ کیس کے تار پاکستان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں. بھارتی افسر کا کہنا تھا کہ این آئی اے دیگر حریت لیڈروں کے خلاف شواہد جمع کر رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر عسکریت پسندی کیلئے مبینہ فنڈنگ کا جائزہ لے رہی ہے. بھارتی افسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ این آئی اے پچھلے تین ماہ سے اس حوالہ کام کر رہی ہے اور یہ کہ حریت لیڈروں کے ناموں‌ پر کھولے جانے والے بینک اکاؤنٹس کی بھی چھان بین کی جارہی ہے.

    واضح رہے کہ این آئی اے نے سیدہ آسیہ اندرابی کی رہائش گاہ پر قبضہ کر لیا ہے جبکہ اسی طرح‌ محمد یٰسین ملک، شبیر احمد شاہ، سیدہ آسیہ اندرابی اور دیگر کئی حریت لیڈروں‌ کو گرفتار کر کے جیلوں‌ میں‌ ڈالا جاچکا ہے.

  • مقبوضہ کشمیر، سری نگر جموں‌ شاہراہ پر پابندی کیخلاف تاجروں کا احتجاج اور دھرنا

    مقبوضہ کشمیر، سری نگر جموں‌ شاہراہ پر پابندی کیخلاف تاجروں کا احتجاج اور دھرنا

    مقبوضہ کشمیر میں کشمیری تاجروں نے سری نگر جموں شاہراہ پر سویلین کیلئے آمدورفت پر پابندی لگائے جانے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور دھرنا دیا ہے۔ فروٹ منڈی سوپور میں احتجاجی دھرنا کا اہتمام مقامی تاجروں کی جانب سے کیا گیا تھا۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق احتجاجی مظاہرہ اور دھرنے میں شریک تاجروں نے پلے کارڈ اور بینر اٹھارکے تھے جن پر امر ناتھ یاتریوں کے حق میں استقبالی نعرے اورسری نگر جموں شاہراہ پر پابندیوں کیخلاف احتجاجی نعرے درج تھے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر پابندیوں سے میوہ تاجروں کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ وادی سے باہر جانے والا اکثر میوہ وقت ضائع ہونے کی بنا پر راستے میں ہی سڑ جاتا ہے،

    کشمیری تاجروں نے کہا کہ میوہ سے بھری گاڑیوں کو شاہراہ پر گھنٹوں روکا جاتا ہے اور کبھی کبھی انہیں رات بھر رکنے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے جس سے ان میں لدا میوہ مارکیٹ تک پہنچنے سے پہلے ہی سڑ جاتا ہے، کشمیری تاجروں نے مطالبہ کیا کہ شاہراہ پر عاید پابندیوں کو ختم کرکے انہیں مزید نقصان سے بچایا جائے، واضح رہے کہ سری نگر جموں‌ شاہراہ کی بندش کے خلاف اس سے پہلے بھی کشمیری تاجروں کی جانب سے مظاہرے کئے جاتے رہے ہیں.

  • مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی خواتین کی اصل تعداد منظر عام پر آ گئی، واپس بھیجنے کا مطالبہ

    مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی خواتین کی اصل تعداد منظر عام پر آ گئی، واپس بھیجنے کا مطالبہ

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے نام نہاد گھر واپسی منصوبہ سے متاثر ہوکر آزاد کشمیر سے واپس جانے والے کشمیریوں کی پاکستانی بیویوں نے ایک مرتبہ پھر احتجاج کیا ہے کہ انہیں بھارتی شہریت دی جائے یا انہیں واپس پاکستان بھیجا جائے۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کشمیری شہریوں کی پاکستانی بیویوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے شوہروں کے ساتھ نیپال کے راستے کشمیر آئی ہیں لیکن نہ تو انہیں سفری دستاویزات دی جارہی ہیں اور نہ ہی انہیں کوئی دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ احتجاج کے دوران مذکورہ خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے ایبٹ آباد پاکستان کی رہنے والی طیبہ نے کشمیری صحافیوں کو بتایا کہ ہم کل ملاکر یہاں350خواتین ہیں،ہم مطالبہ کرتی ہیں کہ ہمیں بھارت کی شہریت فراہم کی جائے۔ہم حکومت ہندوستان اور یہاں کی ریاستی سرکار سے اپیل کرتی ہیں کہ ہمیں سفری دستاویزات فراہم کریں اور اگر ایسا ممکن نہیں ہے تو ہمیں واپس پاکستان ہی بھیج دیں۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ خواتین نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی،وزیر خارجہ ایس جے شنکر، ریاستی گورنر ایس پی ملک اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے ان کا مسئلہ حل کرنے کیلئے مداخلت کی درخواست کی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور ہیومن رائٹس کی بین الاقوامی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت اور پاکستان کی حکومتوں کے پاس ان کے کاز کی حمایت کریں۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ کشمیریوں کی پاکستانی بیویوں نے کہا کہ انہیں آزاد کشمیر میں ان کے گھروالوں سے بھی ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی کیونکہ ان کے پاس سفری دستاویزات نہیں ہیں۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں رہنے والے سینکڑوں کشمیری مہاجرین جنہوں نے پاکستان میں شادیاں کر رکھی تھیں بھارتی حکومت کے گھر واپسی منصوبہ کے اعلانات سے متاثر ہو کر مقبوضہ کشمیرکا رخ کیا تاہم اب وہاں جانے والی پاکستانی خواتین سخت مشکل میں ہیں اور یہ خواتین اور ان کے بچے بھارتی شہریت نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے شہری حقوق سے بھی محروم ہیں۔

  • بھارتی ریپ سٹار بادشاہ نے 1 دن میں یوٹوب پر 76ملین ویوز لے کر سارے ریکارڈز توڑ دیے

    بھارتی ریپ سٹار بادشاہ نے 1 دن میں یوٹوب پر 76ملین ویوز لے کر سارے ریکارڈز توڑ دیے

    بھارتی ریپ سٹار بادشاہ نے 1 دن میں یوٹوب پر 76ملین ویوز لے کر سارے ریکارڈز توڑ دیے. 24 گھنٹوں میں اتنے لائکس لے لے کر معروف سنگر ٹیلر سوئفٹ اور جنوبی کوریا کے بی ٹی ایس بوائے بینڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا.

    ریپ سٹار کا نیا گانا "پاگل” بدھ کو سونی میوزک یوٹوب چینل پر ریلیز کیا اور منٹوں میں ہی وائرل ہو گیا. ریکارڈ تک پہنچنے پر، بادشاه نے کہا کہ یہ گانا دنیا بھر میں سامعین تک پہنچنے کا ارادہ رکھتا ہے.

    بادشاہ نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اتنا پیار ملنے سے مطمئن ہوں. ” انہوں نے مزید کہا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ ان کے ٹریک بھارت سے سرحدوں پار موسیقی لے کر ہماری موجودگی کو محسوس کرنے میں کامیاب ہو جائے.

    بادشاہ نے مزید بتایا کے ان کے فینز باہر چلے گئے تھے تاکہ میں اپنا خواب پورا کر سکوں. اس سے ہم مزید آگے جائیں گے.

    بادشاہ نے بی ٹی ایس سے اپنا ٹائٹل لیا جس کے گانا ‘بوئے ود لو’ نے اپریل سے ایک دن میں 74،600،000 ویوز لے کر ریکارڈ بنایا تھا. اس کے بعد امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ کا گانا ‘لک ایٹ وٹ یو میڈ می ڈو’ شہرت کمانے والا گانا ہے.

    واضح رہے اسی ہفتےمیں ٹیلر سوئفٹ فوربس کی طرف سے $ 185 ملین ڈال کما کر دنیا کی سب سے بڑی انٹرٹینر بن گئی ہیں.