پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے ڈرافٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق ڈرافٹ 30 جنوری کو ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 11 کے لیے مزید دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد اب سب کی توجہ ڈرافٹ پر مرکوز ہے۔ پی ایس ایل مینجمنٹ نے ڈرافٹ کے انعقاد سے متعلق ابتدائی پلاننگ شروع کر دی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام انتظامی اور تکنیکی معاملات بروقت مکمل کر لیے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرافٹ سے قبل باقی ماندہ امور جلد نمٹانے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، جبکہ ڈرافٹ کی حتمی تاریخ اور وینیو کا باضابطہ اعلان آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔ مزید یہ کہ پی ایس ایل 11 کا ڈرافٹ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ایک روزہ وقفے میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ڈرافٹ میں لیگ کی تمام 8 فرنچائزز کے مالکان، کوچز اور دیگر نمائندے شرکت کریں گے۔ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے ساتھ دو نئی ٹیمیں سیالکوٹ اور حیدرآباد بھی شامل ہوں گی، جس سے لیگ کا دائرہ مزید وسیع ہو جائے گا۔
Author: Aqsa Younas Rana

پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے ڈرافٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت

پنجاب بھر میں مختلف بار ایسوسی ایشنز کے سالانہ انتخابات کا عمل جاری
پنجاب بھر میں مختلف بار ایسوسی ایشنز کے سالانہ انتخابات کا عمل جاری ہے، جہاں وکلاء اپنے نمائندے منتخب کرنے کے لیے حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ بیشتر اضلاع میں پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی جبکہ کئی مقامات پر کانٹے دار مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
لاہور بار ایسوسی ایشن لاہور بار کے سالانہ انتخابات میں پولنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔ بار کی مجموعی طور پر 8 نشستوں پر 27 امیدوار میدان میں ہیں۔ صدر کی نشست پر ادیب اسلم بھنڈر، شاہد جمال بٹ اور عرفان حیات باجوہ کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔ انتخابات میں 15 ہزار 851 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ نائب صدر کی مرکزی نشست پر 5 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ نائب صدر ماڈل ٹاؤن کی نشست پر 3 امیدواروں میں مقابلہ ہے۔ نائب صدر کینٹ کی سیٹ پر زاہد محمود گل اور عمران اولکھ آمنے سامنے ہیں۔ سیکرٹری کی نشست پر 4 امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے کے لیے اسد عباس، ثمینہ بسرہ اور سلمان رحیم کھوکھر میدان میں ہیں۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر زہیب خان اور یاسر نزیر پڈھیار کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ لائبریری سیکرٹری کے لیے ارشد چدھڑ سمیت 5 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
شیخوپورہ بار ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ بار شیخوپورہ کے انتخابات الیکشن بورڈ کی ازسرنو تشکیل کے باعث مؤخر کر دیے گئے ہیں۔ ایک ہی دن میں کاغذات کی جانچ پڑتال اور دیگر امور کو ناممکن قرار دیا گیا۔ الیکشن بورڈ کی تبدیلی کے بعد سابق فیصلے کالعدم قرار دے دیے گئے ہیں۔ انتخابات اب 17 جنوری کو ہوں گے۔ بیلٹ پیپرز پر دستخط اور کاغذات کی جانچ کے لیے پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
گوجرہ بار ایسوسی ایشن گوجرہ بار کے سالانہ انتخابات میں ووٹنگ جاری ہے، جہاں 397 وکلاء حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ اتحاد گروپ اور جی ڈی اے گروپ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ اتحاد گروپ کے اعجاز اختر کہوجہ صدر جبکہ میاں عثمان محمود جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہیں۔ جی ڈی اے گروپ کی جانب سے میاں راغب شہزاد صدر اور ایاز افضل بسرا جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہیں۔
گوجرانوالہ بار ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ کے سالانہ انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ 3460 وکلاء بائیو میٹرک طریقہ کار کے ذریعے ووٹ ڈال رہے ہیں۔ صدر کی نشست پر دو امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے جبکہ جنرل سیکرٹری کی نشست پر تین امیدوار میدان میں ہیں۔ دیگر 6 نشستوں پر 12 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
راولپنڈی بار ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سال 2026-27 کے انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہو چکی ہے۔ لائبریری سیکرٹری چوہدری کاشف متین اور آڈیٹر محمد نزاکت بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ صدارت کے عہدے پر اسد محمود راجہ، سردار بلال قیوم خان اور طارق محمود ساجد اعوان کے درمیان مقابلہ ہے۔ نائب صدر کی نشست پر شازیہ یاسین ہاشمی شانزے اور محمد عمران کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو رہا ہے۔ سیکرٹری کی نشست پر پانچ امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر احسن سلیم منج اور شیخ صدام طارق کے درمیان مقابلہ ہے۔ فنانس سیکرٹری کے لیے تین امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابات 20 رکنی الیکشن بورڈ کی نگرانی میں ہو رہے ہیں اور ووٹرز کے لیے پنجاب بار کونسل کا اصل کارڈ لازم قرار دیا گیا ہے۔
ملتان بار ایسوسی ایشن ملتان بار میں 7 نشستوں پر 18 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ صدر کی نشست پر سیدہ بشریٰ نقوی اور چوہدری محمد افضل جٹ آمنے سامنے ہیں۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر ملک سعادت حسین اور چوہدری محمد افضل شاہد سندھو کے درمیان مقابلہ ہے۔ نائب صدر کی نشست پر چار امیدوار جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کے لیے دو خواتین امیدوار میدان میں ہیں۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر دو امیدوار مدمقابل ہیں۔ مجلس عاملہ کی 10 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
بہاولنگر بار ایسوسی ایشن بہاولنگر ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات میں پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ 673 ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ نائب صدر سمیت دیگر تمام عہدوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔ الیکشن بورڈ کے مطابق انتخابی عمل پُرامن ہے۔
قصور، ننکانہ صاحب اور اٹک بار ایسوسی ایشنز قصور بار کے انتخابات میں ووٹنگ جاری ہے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور وفاقی وزیر ملک رشید احمد خان کے ووٹ کاسٹ کرنے کا بھی امکان ہے۔ ننکانہ صاحب بار میں 897 وکلاء ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ اٹک بار ایسوسی ایشن میں 570 وکلاء اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ دونوں اضلاع میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بتایا کہ صوبے بھر میں اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے اب 19 جنوری سے دوبارہ کھولے جائیں گے، جبکہ سردیوں کی چھٹیاں 18 جنوری تک برقرار رہیں گی۔
وزیر تعلیم کے مطابق سرد موسم اور طلبہ و اساتذہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے چھٹیوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ متعلقہ محکموں اور ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں محفوظ ماحول میں بحال کی جاسکیں۔
محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ نئی تاریخ کے مطابق تعلیمی شیڈول ترتیب دیں۔
سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر دوران میچ انتقال کر گئے
بھارت کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر 38 سالہ Khawlhring Lalremruata دوران میچ اچانک گرنے کے بعد انتقال کر گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ خالد میموریل سیکنڈ ڈویژن اسکریننگ ٹورنامنٹ کے ایک میچ کے دوران پیش آیا، جہاں بھارتی ریاست میزورمسے تعلق رکھنے والے کرکٹر اچانک زمین پر گر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، انہیں فوری طبی امداد دی گئی اور اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ انتقال کی خبر کے بعد اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے احتراماً تمام طے شدہ میچز منسوخ کر دیے۔
واضح رہے کہ Khawlhring نے میزورم کی جانب سے 2 فرسٹ کلاس میچز اور 7 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ پروفیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد بھی وہ مقامی کرکٹ میں سرگرم رہے۔
وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ، نجی اداروں کے ملازمین کے لیے اولڈ ایج پنشن لازمی
وفاقی آئینی عدالت نے نجی اداروں کے ملازمین کے حق میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے تمام درخواست گزاروں کو ماہانہ اولڈ ایج پنشن دینے کا حکم جاری کیا ہے۔ عدالت نے ای او بی آئی کی جانب سے دائر تمام اپیلیں خارج کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے 2024 اور 2025 کے فیصلے برقرار رکھے۔
فیصلے کے مطابق وہ ملازمین جنہوں نے 15 سال سے کم مگر ساڑھے 14 سال سروس مکمل کی ہے، وہ بھی اولڈ ایج پنشن کے حقدار ہوں گے۔ عدالت نے واضح کیا کہ سروس کے 6 ماہ یا اس سے زائد عرصے کو پورا ایک سال تصور کیا جائے گا اور پنشن کے معاملے میں راؤنڈنگ آف کا اصول لاگو ہوگا۔
آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے یہ فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے کہا کہ 2022 کا ای او بی آئی سرکلر پنشن کے حق کو متاثر نہیں کر سکتا اور ساڑھے 14 سال سے زائد سروس مکمل کرنے والے ملازمین کو 15 سال مکمل سروس کے برابر تصور کیا جائے گا۔
ملالہ یوسفزئی کا جنگ زدہ علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے 3 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے غزہ، سوڈان اور جمہوریہ کانگو میں تنازعات سے متاثرہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے 3 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس امدادی رقم میں سے ایک لاکھ ڈالر غزہ، ایک لاکھ ڈالر سوڈان اور ایک لاکھ ڈالر جمہوریہ کانگو کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جہاں جاری تنازعات کے باعث لاکھوں لڑکیاں تعلیم سے محروم ہو چکی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے ان علاقوں میں شدید حالات کا سامنا کرنے والی لڑکیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم بحران کے شکار معاشروں کے لیے امید اور مستقبل کی واحد ضمانت ہے۔
ملالہ نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ لڑکیوں کے تعلیم کے حق کا تحفظ یقینی بنائیں، جبکہ عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ جنگی جرائم کے مرتکب عناصر کو بین الاقوامی قوانین کا پابند بنایا جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی حمایت کریں۔
کویت میں منشیات اسمگلنگ پر دو بھارتی شہریوں کو سزائے موت
کویت میں منشیات اسمگلنگ کے سنگین مقدمے میں دو بھارتی شہریوں کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق کویت کی فوجداری عدالت نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونے اور بین الاقوامی نیٹ ورک سے روابط ثابت ہونے پر یہ فیصلہ سنایا۔
رپورٹس کے مطابق ملزمان کو کیفان اور شوویخ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں تلاشی کے دوران 14 کلوگرام ہیروئن، 8 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین اور دو الیکٹرانک وزن تولنے والی مشینیں برآمد ہوئیں۔ استغاثہ نے عدالت میں شواہد پیش کیے جن سے ثابت ہوا کہ دونوں افراد ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھے جو کویت سے باہر سے آپریٹ کر رہا تھا۔
کویت کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ خفیہ معلومات، مسلسل نگرانی اور منظم تفتیش کے بعد ملزمان تک پہنچا گیا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ملزمان کو سزائے موت سنانے کا حکم جاری کیا۔
تحقیق: ٹیٹو کی سیاہی انسانی مدافعتی نظام پر اثر انداز ہو سکتی ہے
حالیہ سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹیٹو بنانے کے لیے استعمال ہونے والی سیاہی انسانی مدافعتی نظام کو متاثر کر سکتی ہے۔
جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق مدافعتی خلیات ٹیٹو کی سیاہی کے ذرات کو پہچان لیتے ہیں اور انہیں لمف نوڈز تک منتقل کر دیتے ہیں، جہاں یہ وقت کے ساتھ جمع ہو کر سوزش کا باعث بنتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ ٹیٹو کی سیاہی ویکسین کے اثرات پر بھی اثر ڈال سکتی ہے، نتائج کے مطابق ٹیٹو رکھنے والے افراد میں کووِڈ 19 ویکسین کا اثر کچھ حد تک کم ہو سکتا ہے جبکہ غیر فعال فلو ویکسین کے لیے مدافعتی ردعمل بہتر دیکھا گیا ہے۔
یونیورسٹی آف ویسٹرن اونٹاریو کی کیمسٹ یولانڈا ہیڈبرگ کے مطابق جدید دور میں استعمال ہونے والی ٹیٹو سیاہیاں ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ محفوظ ہیں۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ آج کل زیادہ تر ٹیٹو سیاہی مصنوعی رنگوں (Synthetic Pigments) پر مشتمل ہوتی ہے، جس میں ایزو ڈائیز شامل ہیں، ان رنگوں کو حفاظتی خول میں بند کیا جاتا ہے تاکہ وہ جلد میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہوں۔
تاہم، ماہرین کے مطابق خطرات اب بھی موجود ہیں، سب سے عام مسئلہ الرجک ردِعمل ہے اور ایک بار اگر الرجی پیدا ہو جائے تو ٹیٹو کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ لیزر کے ذریعے ٹیٹو ختم کرنے سے رنگ کے ذرات جسم میں مزید پھیل سکتے ہیں۔
مزید برآں، حالیہ طویل المدتی مطالعات سے پتا چلا ہے کہ ٹیٹو رکھنے والے افراد میں لمفوما اور جلد کے کینسر کا خطرہ معمولی حد تک بڑھ جاتا ہے، اگرچہ یہ خطرہ زیادہ نہیں، لیکن ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ ٹیٹوز صحت پر معمولی مگر قابلِ پیمائش اثرات ضرور ڈالتے ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی صحت سے متعلق سوالات کا بڑا ذریعہ بن گیا، روزانہ 4 کروڑ افراد رجوع کرنے لگے
اوپن اے آئی کے مقبول آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو دنیا بھر میں روزانہ کروڑوں افراد استعمال کر رہے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روزانہ تقریباً 4 کروڑ صارفین صحت سے متعلق سوالات کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے مدد لیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صارفین چیٹ جی پی ٹی سے بیماریوں کی علامات، ادویات، علاج کے طریقوں اور دیگر طبی معلومات کے بارے میں سوالات کرتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی سے کیے جانے والے مجموعی سوالات میں 5 فیصد سے زائد کا تعلق صحت کے شعبے سے ہوتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کے مجموعی 80 کروڑ صارفین میں سے تقریباً 20 کروڑ افراد ہر ہفتے کم از کم ایک بار صحت سے متعلق کوئی نہ کوئی سوال ضرور پوچھتے ہیں۔ ان میں سے بیشتر صارفین سر درد کی نوعیت، کسی پیچیدہ تشخیص کے مفہوم یا نئی ادویات کے ممکنہ اثرات، جیسے تھکن، کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 55 فیصد صارفین علامات کو سمجھنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا سہارا لیتے ہیں، 52 فیصد صحت سے متعلق عمومی سوالات پوچھتے ہیں، جبکہ 48 فیصد طبی اصطلاحات یا ہدایات کو سمجھنے کے لیے اس اے آئی ٹول کو استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح 44 فیصد افراد علاج کے مختلف آپشنز کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔
اوپن اے آئی کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی خاص طور پر ان افراد کے لیے مددگار ثابت ہو رہی ہے جنہیں فوری طور پر ڈاکٹر یا طبی سہولیات تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس جگر کے کینسر میں مبتلا
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان کرکٹ کے سینئر رکن محمد الیاس جگر کے کینسر میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کی جلد مقامی اسپتال میں سرجری متوقع ہے، جبکہ محمد الیاس نے اپنی صحت یابی اور کامیاب آپریشن کے لیے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ 79 سالہ محمد الیاس نے پاکستان کی جانب سے 10 ٹیسٹ میچز کھیلے، جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ 82 میچز میں قومی رنگوں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ کھیل کے بعد بھی انہوں نے کرکٹ سے وابستگی برقرار رکھی اور پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف سلیکٹر کے فرائض انجام دیے۔
محمد الیاس قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہنے کے علاوہ جونیئر سلیکشن کمیٹی اور ویمن کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔









