Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ،ملک میں دوبارہ گندم کا بحران

    مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ،ملک میں دوبارہ گندم کا بحران

    
ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ حیدرآباد میں آٹے کی قیمت میں 10 سے 20 روپے فی کلو تک اضافہ ہوا ہے، جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2400 روپے سے بڑھ کر 2600 روپے تک جا پہنچا ہے۔
    ‎چکی مالکان کے مطابق 100 کلو گندم کی بوری کی قیمت میں 1300 سے 1500 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ ادھر پشاور میں بھی ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ ہو چکا ہے۔
    ‎فلار ملز ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری گندم کے اجرا میں تاخیر کے باعث پنجاب میں آٹے کی قلت برقرار ہے، جبکہ جنوبی اور وسطی پنجاب میں صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی دستیابی بھی متاثر ہے اور مہنگی گندم کے باعث کئی فلار ملز نے پسائی روک دی ہے۔
    ‎فلار ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا کے مطابق 4600 روپے فی من گندم خرید کر سستا آٹا فروخت کرنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ جتنی گندم فراہم کر رہا ہے، اتنا ہی آٹا مارکیٹ میں بھیجا جا رہا ہے۔ گندم کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے باعث آٹا مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال گندم کا اجرا نمایاں طور پر کم رہا ہے۔
    ‎دوسری جانب محکمہ خوراک کے ترجمان نے آٹے کی قلت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم موجود ہے اور پنجاب بھر میں آٹے کا ایک ہی سرکاری ریٹ مقرر ہے۔ ترجمان کے مطابق 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 905 روپے اور 20 کلو تھیلے کی قیمت 1810 روپے ہے، اور حکومت آٹے کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دے گی۔

  • عثمان خواجہ کے کیرئیر کا شاندار اختتام، آخری ٹیسٹ اننگز کے بعد سجدۂ شکر

    عثمان خواجہ کے کیرئیر کا شاندار اختتام، آخری ٹیسٹ اننگز کے بعد سجدۂ شکر

    
آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں اپنے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ کے دوران ایک یادگار لمحہ رقم کر دیا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے آخری دن، عثمان خواجہ اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں سجدۂ شکر بجا لائے۔
    ‎چند روز قبل عثمان خواجہ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد یہ میچ ان کے شاندار ٹیسٹ کیریئر کا آخری باب ثابت ہوا۔ 39 سالہ عثمان خواجہ نے سڈنی میں اپنا 88 واں اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلا۔
    ‎دلچسپ امر یہ ہے کہ آج سے تقریباً 15 برس قبل عثمان خواجہ نے اسی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف ہی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، اور اب اسی میدان پر انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہا۔ ان کا یہ اختتام مداحوں کے لیے جذباتی اور یادگار لمحہ بن گیا۔

  • ‎مبینہ جعلی مقابلہ — سی سی ڈی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا عدالتی حکم

    ‎مبینہ جعلی مقابلہ — سی سی ڈی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا عدالتی حکم

    ‎عدالت نے مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں شہری نعیم خان کی ہلاکت کے کیس میں پنجاب کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
    ‎ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 22 اے کے تحت دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ واقعے کی باقاعدہ تفتیش کے لیے سی سی ڈی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ فیصلہ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا تھا۔
    ‎درخواست مقتول نعیم خان کے ورثا کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نعیم خان کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔ درخواست میں انسپکٹر چوہدری شفقت، انسپکٹر سردار عاصم، انسپکٹر محسن شاہ، کانسٹیبل ملک عادل، عدنان غیور، علی شاہ اور بلال شاہ سمیت دیگر اہلکاروں کو نامزد کیا گیا تھا۔
    ‎عدالتی ریکارڈ کے مطابق سی سی ڈی نے نعیم خان کو 30 نومبر کو تحویل میں لیا تھا، بعد ازاں اسے سرگودھا بائی پاس چکوال کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا۔ عدالت کے اس حکم کے بعد واقعے کی قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز متوقع ہے۔

  • 
ٹرمپ اور نیتن یاہو کے بیانات پر ایرانی آرمی چیف کا سخت ردعمل، دشمن کو سنگین نتائج کی وارننگ

    
ٹرمپ اور نیتن یاہو کے بیانات پر ایرانی آرمی چیف کا سخت ردعمل، دشمن کو سنگین نتائج کی وارننگ

    
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی حالیہ دھمکیوں پر ایرانی آرمی چیف نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے۔
    ‎العربیہ پر شائع ہونے والی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت کے بعد ایران خاموش نہیں رہے گا اور کسی بیرونی دباؤ یا دھمکی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
    ‎جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کے خلاف دشمن کی اشتعال انگیز بیان بازی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جسے ایک سنجیدہ خطرہ سمجھا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرزِ عمل کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
    ‎ایرانی آرمی چیف نے واضح کیا کہ اگر دشمن نے کسی بھی قسم کی غلطی کی تو ایران کا ردعمل جون 2025 میں اسرائیل کے ساتھ ہونے والی بارہ روزہ جنگ سے کہیں زیادہ سخت اور فیصلہ کن ہوگا۔
    ‎واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی یہ دھمکی دے چکے ہیں کہ اگر ایران میں مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی ایرانی احتجاجی مظاہروں کی کھلے عام حمایت کا اعلان کیا ہے۔
    ‎اتوار کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر ایران میں ماضی کی طرح تشدد کیا گیا تو اس کا جواب انتہائی سخت ہوگا۔
    ‎ادھر نیتن یاہو نے اسرائیلی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ اسرائیل ایرانی عوام کی جدوجہد، آزادی، خود مختاری اور انصاف کی خواہشات کے ساتھ کھڑا ہے۔
    ‎ایرانی وزارتِ خارجہ نے ٹرمپ اور نیتن یاہو کے بیانات کو تشدد پر اکسانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ اقدامات ایران کی قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔

  • پولیس نے گھروں میں واردات کرنے والے ڈاکوؤں اور ماسیوں کی فہرست جاری کر دی

    
کراچی میں پولیس نے گھروں میں واردات کرنے والے ڈاکوؤں اور ماسیوں کے خلاف کارروائی کے لیے تفصیلی فہرست جاری کی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس نے کرمنلز کا ریکارڈ جاری کیا ہے، جس میں پنک بک اور ڈیفنس کے علاقوں میں وارداتیں کرنے والی ماسیوں اور ڈاکوؤں کی تفصیلات شامل ہیں۔
    ‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بلو بک کا ریکارڈ ایسے گروہوں پر مشتمل ہے جو گھروں میں ڈکیتیاں کرتے ہیں۔ اس فہرست میں وارداتوں میں ملوث 270 ملزمان کے نام شامل ہیں اور 154 ماسیوں کے نام اور تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔
    ‎ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس نے بتایا کہ بنگلوں میں وارداتیں کرنے والی ماسیوں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے، جبکہ فہرست میں ڈیفنس کے علاقوں میں گھروں میں واردات کرنے والے اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

  • امریکی فوج نے وینزویلا سے منسلک روسی آئل ٹینکر قبضے میں لےلیا ۔

    امریکی فوج نے وینزویلا سے منسلک روسی آئل ٹینکر قبضے میں لےلیا ۔

    ‎امریکی فوج نے ایک ہفتے کے طویل تعاقب کے بعد شمالی بحر اوقیانوس میں وینزویلا سے تعلق رکھنے والے روسی پرچم والے آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا ہے۔
    ‎امریکی فوج کی یورپی کمانڈ نے بدھ کو بتایا کہ میرینیرا آئل ٹینکر، جو بیلا-1 کے نام سے جانا جاتا ہے، کو امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر قبضے میں لیا گیا۔
    ‎قبل ازیں دو نامعلوم امریکی اہلکاروں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ کارروائی امریکی کوسٹ گارڈ اور فوج نے مشترکہ طور پر کی۔ روسی سرکاری نشریاتی ادارے RT نے اطلاع دی کہ امریکی اہلکار ہیلی کاپٹر کے ذریعے میرینیرا پر سوار ہوئے، اور جہاز کے قریب منڈلاتے ہوئے اس کی تصاویر جاری کیں۔
    ‎امریکی حکام نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ واشنگٹن اس جہاز کو نقصان پہنچانے یا ڈبونے کے بجائے قبضے میں لینا چاہتا ہے۔ یہ بحری جہاز، جو اس وقت خالی ہے، ماضی میں وینزویلا سے خام تیل کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
    ‎وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق روس نے آبدوزیں بھی روانہ کی ہیں، جبکہ امریکی سدرن کمانڈ نے منگل کو سوشل میڈیا پر لکھا کہ وہ پابندی شدہ جہازوں اور عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے تیار ہیں۔
    ‎امریکی فوج نے کہا کہ ہماری بحریہ متحرک ہے اور حکم ملتے ہی فوری طور پر کارروائی کرے گی۔ صدر ٹرمپ نے قبل ازیں الزام لگایا تھا کہ وینزویلا کی حکومت جہازوں کے ذریعے امریکہ میں منشیات اسمگل کر رہی ہے، جبکہ نکولس مادورو کی گرفتاری سے قبل یہ خدشات بڑھ گئے تھے۔

  • 
برطانیہ کی سائیکلنگ ٹیم مکہ سے مدینہ تک دل کے مریض بچوں کے لیے سفر کرے گی

    
برطانیہ کی سائیکلنگ ٹیم مکہ سے مدینہ تک دل کے مریض بچوں کے لیے سفر کرے گی

    
برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک سائیکلنگ ٹیم رواں ماہ مقدس شہروں مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر کرے گی تاکہ دل کے مریض بچوں کی مدد کے لیے فنڈز جمع کیے جا سکیں۔
    عرب نیوز کے مطابق لندن کی ایچ اینڈ کے سائیکل کلب کے ارکان مسلسل پانچویں سال مکہ اور مدینہ کے درمیان تقریباً 550 کلومیٹر کا سفر سائیکل پر طے کریں گے، جو جنوری کے آخر میں شیڈول ہے۔
    ‎سائیکلنگ ٹیم کا ہدف 50 لاکھ ریال (تقریباً 10 لاکھ پاؤنڈ) جمع کرنا ہے، جبکہ پچھلے سال انھوں نے دل کے امراض میں مبتلا بچوں کے لیے تقریباً ساڑھے سات لاکھ پاؤنڈز عطیات کے طور پر جمع کیے تھے۔

  • معاملات طے کرنے والے بانی پی ٹی آئی سے ہی معاملات طے کریں گے، خواجہ آصف

    
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے معاملات طے کرنے کے لیے صرف بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کیے جائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت ضروری ہے اور مذاکرات کے بغیر کوئی حل ممکن نہیں۔
    خواجہ آصف نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی اور ناصر عباس کے ذریعے مذاکرات کی پیشکش کی ہے، تاہم پارٹی کے دیگر اراکین خود مذاکرات میں حصہ لینے سے گریز کر رہے ہیں، جسے انہوں نے بدنیتی قرار دیا۔
    ‎وزیردفاع نے مزید کہا کہ آئین میں گورنرراج کی گنجائش موجود ہے اور اس کے استعمال کا امکان بھی زیر غور ہے۔

  • 
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی خواتین پر 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کی صدارت

    
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی خواتین پر 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کی صدارت

    
وفاقی وزیر و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں 2026 میں منعقد ہونے والی خواتین پر 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کے لیے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
    ‎اجلاس میں وزیرِاعظم نے انتظامات، لاجسٹکس اور تھیماٹک سیشنز کو حتمی شکل دینے کی ہدایات دیں اور متعلقہ وزارتوں اور او آئی سی سیکریٹریٹ کے درمیان قریبی ہم آہنگی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ آئندہ کانفرنس پاکستان کے خواتین کے حقوق کے فروغ اور معاشرتی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں خواتین کے کردار کو مضبوط کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
    ‎اجلاس میں وزیر قانون و انصاف، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، کابینہ سیکرٹری، انسانی حقوق کے سیکرٹری، متعلقہ شعبہ جات کے سینئر اہلکار اور دیگر اہم افسران نے شرکت کی۔

  • 
پمز اسپتال میں مبینہ غفلت، پھیپھڑوں کی بجائے خاتون کے جگر کی بائیوپسی کر دی گئی

    
پمز اسپتال میں مبینہ غفلت، پھیپھڑوں کی بجائے خاتون کے جگر کی بائیوپسی کر دی گئی

    
پمز اسپتال میں مبینہ طور پر ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث پھیپھڑوں کی بائیوپسی کے بجائے خاتون کے جگر کی بائیوپسی کر دی گئی، جس کے نتیجے میں مریضہ جاں بحق ہو گئیں۔
    ‎واقعہ ڈڈھیال کی رہائشی عابدہ پروین کے ساتھ پیش آیا، جن کے لواحقین نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی میں شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ مریضہ کو 9 دسمبر کو پمز اسپتال کے پلمونولوجی ڈیپارٹمنٹ میں لایا گیا، جہاں ایچ او ڈی پلمونولوجی ڈاکٹر محمد اسرار نے پھیپھڑوں کی بائیوپسی کا فیصلہ کیا۔
    ‎16 دسمبر کو بائیوپسی کے دوران پھیپھڑوں کی بجائے جگر کا ٹشو نکالا گیا، اور چند گھنٹوں بعد مریضہ دم توڑ گئیں۔ لواحقین کے مطابق نجی لیبارٹری کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ بائیوپسی کے دوران غلطی ہوئی تھی۔
    ‎لواحقین نے ڈاکٹر محمد اسرار، ڈاکٹر ہارون اشرف اور دیگر عملے کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پمز اسپتال کی سلپس اور لیبارٹری رپورٹس کے ساتھ شکایت جمع کرائی ہے۔ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے درخواست موصول ہونے کے بعد فوری کارروائی شروع کر دی ہے۔