Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • پاکستان اور چین کا افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف واضح اور قابلِ تصدیق کارروائیوں کا مطالبہ

    پاکستان اور چین کا افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف واضح اور قابلِ تصدیق کارروائیوں کا مطالبہ

    ‎پاکستان اور چین نے افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف واضح اور قابلِ تصدیق اقدامات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
    ‎یہ بات دونوں ممالک کے مشترکہ اعلامیے میں کہی گئی ہے، جو پیر کے روز پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں مرحلے کے اختتام پر جاری کیا گیا۔ اس وقت پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار دو روزہ دورے پر بیجنگ میں موجود ہیں۔
    ‎اعلامیے کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیل سے غور کیا۔ ان شعبوں میں اسٹریٹجک اور سیاسی روابط، دفاع اور سلامتی، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی روابط شامل تھے۔
    ‎پاکستان اور چین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسٹریٹجک رابطوں کو مزید مضبوط کیا جائے، باہمی اعتماد بڑھایا جائے اور مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ دونوں ممالک نے خطے اور خطے سے باہر امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
    ‎مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں موجود تمام دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے کے لیے مزید واضح اور قابلِ تصدیق اقدامات ضروری ہیں، کیونکہ یہ گروہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی سلامتی کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں۔