ایران میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے غیر ملکی بحری جہازوں پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس سے عالمی سطح پر تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ میں پیش کی گئی تجویز کے تحت اس اہم سمندری راستے کو استعمال کرنے والے ممالک کو ایران کو ادائیگی کرنا ہوگی تاکہ محفوظ گزرگاہ کی سہولت کا معاوضہ لیا جا سکے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز میں کشیدگی بڑھ چکی ہے اور ایران کی جانب سے اس گزرگاہ پر مؤثر کنٹرول کی اطلاعات ہیں۔ عام حالات میں دنیا کے تقریباً 20 فیصد خام تیل اور مائع قدرتی گیس اسی راستے سے گزرتی ہے۔
دوسری جانب امریکا کے اتحادی ممالک، جن میں برطانیہ، فرانس، جرمنی اور جاپان شامل ہیں، نے کہا ہے کہ وہ اس اہم بحری راستے پر محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر ٹول ٹیکس نافذ کیا گیا تو اس کے عالمی توانائی مارکیٹ، شپنگ اخراجات اور تیل کی قیمتوں پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

آبنائے ہرمز پر ٹول ٹیکس کی تجویز، عالمی توانائی سپلائی پر خدشات
-

سندھ میں کفایت شعاری مہم، 60 فیصد سرکاری گاڑیاں بند
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کفایت شعاری مہم کے تحت صوبے میں 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی ہیں تاکہ ایندھن کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق 47 سے زائد سرکاری محکموں کی گاڑیوں کو محدود کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 2837 گاڑیوں میں سے 1524 گاڑیاں بند کر دی گئی ہیں۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ اس اقدام میں محکمہ صحت، خزانہ، اسکول ایجوکیشن، انرجی اور اینٹی کرپشن سمیت اہم شعبے شامل ہیں، جبکہ بعض محکموں میں بندش کی شرح 65 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔ انٹر پروونشل کوآرڈی نیشن کے محکمے کی تمام گاڑیاں بھی بند کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ایندھن کی کھپت کو قابو میں رکھنے اور سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ قومی خزانے کو کروڑوں روپے کی بچت بھی ہوگی۔
وزیر کے مطابق صرف ہنگامی اور ضروری خدمات کے لیے مخصوص گاڑیاں ہی استعمال میں رہیں گی، جبکہ دیگر گاڑیوں کو عارضی طور پر بند رکھا جائے گا۔ -

تنخواہوں میں کٹوتی کا نوٹیفکیشن جاری، افسران کی 2 روز کی تنخواہ کم
پنجاب میں محکمہ خزانہ نے سرکاری افسران اور سیاسی شخصیات کی تنخواہوں میں کٹوتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کی دو روز کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔
حکام کے مطابق یہ رقم وفاقی حکومت کے ایمرجنسی فنڈ میں جمع کرائی جائے گی تاکہ موجودہ مالی حالات سے نمٹا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزراء، معاونین خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز کی دو ماہ کی مکمل تنخواہ جبکہ اراکینِ اسمبلی کی تنخواہوں میں دو ماہ کے لیے 25 فیصد کٹوتی کی جائے گی۔
مزید برآں سلیب کے مطابق بھی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں 3 سے 10 لاکھ روپے تنخواہ پر 5 فیصد، 10 سے 20 لاکھ پر 15 فیصد، 20 سے 30 لاکھ پر 25 فیصد جبکہ 30 لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والوں پر 30 فیصد کٹوتی ہوگی۔
اس کے علاوہ سرکاری و نجی کمپنیوں کے بورڈز میں شامل حکومتی ارکان کی فیس میں 100 فیصد کٹوتی کی جائے گی، اور یہ تمام رقم وزیر اعظم آسٹیریٹی فنڈ 2026 میں جمع کرائی جائے گی۔
یہ اقدامات کفایت شعاری پالیسی کے تحت کیے جا رہے ہیں تاکہ حکومتی اخراجات میں کمی لائی جا سکے اور وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ -

امریکا نے ایرانی تیل پر پابندیاں ختم کردیں، قیمتیں کنٹرول کرنے کا فیصلہ
امریکا نے ایرانی تیل کی فروخت پر عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا ہے۔
امریکی وزیر توانائی کے مطابق ایرانی تیل آئندہ چند دنوں میں عالمی مارکیٹ میں دستیاب ہونا شروع ہو جائے گا اور تقریباً ایک سے ڈیڑھ ماہ تک سپلائی جاری رہے گی، جس سے قیمتوں میں استحکام آنے کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ساتھ ساتھ امریکا اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے بھی تیل جاری کر رہا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے اور عالمی توانائی مارکیٹ میں دباؤ کم کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی اور سپلائی میں بہتری متوقع ہے، جبکہ توانائی کے بحران کے خدشات کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔ -

ایران کی سخت وارننگ: دشمن کہیں بھی محفوظ نہیں رہے گا
ایران کے اعلیٰ فوجی ترجمان جنرل ابوالفضل شکارچی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی اور امریکی حکام اب دنیا بھر میں کہیں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دستیاب معلومات کی بنیاد پر دشمنوں کے لیے دنیا بھر میں عوامی مقامات، پارکس اور سیاحتی جگہیں بھی غیر محفوظ ہو سکتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایران کے مخالفین کو اب عالمی سطح پر عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑے گا اور موجودہ صورتحال میں کشیدگی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ -

نجی اسکولز کا مطالبہ: تعلیمی ادارے 24 مارچ سے کھولے جائیں
پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی ادارے 24 مارچ سے دوبارہ کھولے جائیں اور 31 مارچ تک تعطیلات کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔
ایسوسی ایشن کے رہنما ابرار احمد خان کے مطابق پنجاب میں تدریسی دنوں کی تعداد صرف 124 ہے، جو عالمی اوسط 186 دنوں کے مقابلے میں بہت کم ہے، جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باوجود جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک جیسے سری لنکا، بھارت اور بنگلادیش میں تعلیمی ادارے بند نہیں کیے گئے، اس لیے پنجاب میں بھی اس فیصلے پر نظرثانی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں کو 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی تجاویز پر غور کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور نصاب کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔
تعلیمی حلقوں کی جانب سے یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ آئندہ تعلیمی سال میں ہفتہ وار چھٹیوں میں کمی کی جائے، جبکہ موسم گرما اور سرما کی تعطیلات کو محدود کر کے تعلیمی دنوں کی تعداد کم از کم 180 تک بڑھائی جائے۔ ساتھ ہی طلبہ کے لیے سمر کیمپس متعارف کرانے کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ تعلیمی نقصان کا ازالہ ہو سکے۔ -

پاکستان میں فائیو جی کا آغاز، تین ٹیلی کام کمپنیوں کو اسپیکٹرم لائسنس جاری
پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے آغاز کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تین ٹیلی کام آپریٹرز کو فائیو جی اسپیکٹرم کے لائسنس جاری کر دیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس اقدام کو جدید دور کا ایک بڑا سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی شفاف طریقے سے مکمل کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صنعت، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں ترقی کے نئے دروازے کھولے گا، جبکہ حکومت کا ہدف ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں، دیہاتوں اور شہروں تک جدید سہولیات پہنچائی جائیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ فائیو جی کے حوالے سے درپیش قانونی چیلنجز کو کامیابی سے حل کیا گیا اور اس میں متعلقہ اداروں نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس منصوبے کو قانونی رکاوٹوں کا سامنا تھا، جسے اب مؤثر انداز میں دور کر لیا گیا ہے۔ -

چین کا پاکستان افغانستان جنگ بندی کا خیرمقدم، مذاکرات پر زور
چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی عارضی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی سے گریز کریں اور مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کریں تاکہ مستقل جنگ بندی کی راہ ہموار ہو سکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہی خطے کے امن اور استحکام کی ضمانت ہے، اور چین سمیت دیگر دوست ممالک اس حوالے سے ثالثی کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان نے عیدالفطر کے موقع پر جاری کشیدگی میں عارضی وقفے کا اعلان کیا ہے، جو چند روز تک نافذ العمل رہے گا۔ اس فیصلے کو خطے میں امن کے لیے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں عارضی وقفے کی تصدیق کی ہے، جسے عیدالفطر کے موقع سے منسلک کیا گیا ہے۔ -

ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے قریب نہیں تھا، سابق امریکی عہدیدار کا دعویٰ
واشنگٹن میں امریکی انسداد دہشتگردی مرکز کے سابق ڈائریکٹر جو کینٹ نے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی سے پہلے بھی ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے قریب نہیں تھا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ایٹمی پروگرام کو کم شدت کی طرف لے جا رہے تھے۔ ان کے مطابق ایران میں 2004 سے ایک مذہبی فتویٰ بھی موجود ہے جو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکتا ہے، اور اس کے خلاف کوئی ٹھوس انٹیلیجنس شواہد سامنے نہیں آئے۔
جو کینٹ نے مزید کہا کہ جون میں جب امریکہ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کیے تب بھی ایران ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے قریب نہیں تھا۔
انہوں نے امریکی داخلی مباحث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی چارلی کرک نے بھی ایران کے ساتھ فوجی تصادم سے گریز کرنے پر زور دیا تھا۔ ان کے مطابق جن شخصیات کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا، ان میں علی لاریجانی جیسے سنجیدہ مذاکرات کار شامل تھے جو کسی معاہدے تک پہنچنے کے خواہاں تھے۔ -

ایران میں کریک ڈاؤن: اسرائیل سے مبینہ روابط پر 97 افراد گرفتار
ایران کی وزارتِ انٹیلی جنس نے اسرائیل کے لیے مبینہ طور پر کام کرنے کے الزام میں 97 افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ گرفتاریاں ایک وسیع سکیورٹی کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں، جس کے تحت جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیل اور امریکا سے مبینہ روابط کے شبے میں سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد اندرونی سکیورٹی کو مضبوط بنانا اور بیرونی اثر و رسوخ کو روکنا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔
اس سے قبل بھی صوبہ البرز میں درجنوں افراد کو غیر ملکی اپوزیشن میڈیا کو ویڈیوز فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جسے حکام نے قومی سلامتی کے خلاف اقدام قرار دیا۔