فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق ایک گلف اسٹریم جی 500 طیارہ جس کا رجسٹریشن نمبر N144S ہے، 8 مارچ کو لاہور سے روانہ ہو کر ویانا پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق طیارہ صبح تقریباً 9 بج کر 7 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوا اور تقریباً 7 گھنٹے 5 منٹ کی پرواز کے بعد ویانا میں لینڈ کیا۔
اطلاعات کے مطابق یہی طیارہ اس سے قبل پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کے وی آئی پی دوروں کے لیے بھی استعمال ہوتا رہا ہے اور بعض پروازوں میں اس کا کال سائن "پنجاب 2” دیکھا گیا تھا۔
تاہم اس پرواز میں کون سوار تھا اس حوالے سے کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں اور نہ ہی مسافروں کی فہرست سامنے آئی ہے۔
یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر کے اسے 321.17 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

پنجاب حکومت کے وی آئی پی طیارے کی ویانا آمد کی اطلاعات
-

ایران کا اسرائیل کے بڑے پاور پلانٹ پر حملہ، تل ابیب میں بلیک آؤٹ
رپورٹس کے مطابق ایران نے اسرائیل کے شہر ہادیرا میں واقع اوروت رابن پاور اسٹیشن کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا ہے جس کے بعد تل ابیب میں بجلی کی بندش کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اوروت رابن اسرائیل کے سب سے بڑے پاور پلانٹس میں شمار ہوتا ہے جس کی پیداواری صلاحیت تقریباً 2 ہزار 590 میگاواٹ ہے۔ یہ پاور پلانٹ اسرائیل کی مجموعی بجلی پیداوار کا تقریباً 19 فیصد فراہم کرتا ہے۔
یہ بجلی گھر بحیرہ روم کے ساحل پر تل ابیب سے تقریباً 45 کلومیٹر شمال میں واقع ہے اور مرکزی اسرائیلی بجلی کے نظام کو توانائی فراہم کرتا ہے۔ حملے کے بعد مرکزی گرڈ متاثر ہونے کے باعث تل ابیب اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ نقصان کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔ -

مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث خام تیل 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز
ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ گئی ہے جس کے اثرات عالمی منڈی پر بھی واضح نظر آ رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی بے یقینی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
عالمی منڈی میں سال 2022 کے بعد پہلی مرتبہ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر قیمتوں میں 20 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس صورتحال پر غور کے لیے آج جی سیون ممالک کا ایک اہم اجلاس متوقع ہے جس میں عالمی منڈی کو مستحکم کرنے کے لیے تیل کے اسٹریٹیجک ذخائر جاری کرنے کی تجویز زیر غور آئے گی۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکا سمیت جی سیون میں شامل دیگر ممالک ابتدائی طور پر اس تجویز کی حمایت کر چکے ہیں تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھا جا سکے۔ -

ایرانی حملوں میں 13 اسرائیلی ہلاک، 1900 سے زائد زخمی
اسرائیلی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 13 شہری ہلاک جبکہ 1900 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 157 زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق اس وقت بھی 112 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسرائیلی ریسکیو سروسز کے مطابق دارالحکومت تل ابیب پر ایران کے تازہ میزائل حملے میں مزید 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وسطی اسرائیل میں ایک درجن سے زائد مقامات پر میزائل یا اس کے ٹکڑے گرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ حکام کے مطابق مختلف جگہوں پر پڑنے والے اثرات سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ایرانی بیلسٹک میزائل میں کلسٹر بم وارہیڈ نصب تھا۔ -

مصنوعی ذہانت نے بھارت میں کھربوں روپے کی ٹیکس چوری بے نقاب کر دی
مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال نے مالیاتی شعبے میں بھی بڑی پیش رفت دکھانا شروع کر دی ہے اور اس کی مدد سے بھارت میں کھربوں روپے کی ٹیکس چوری کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس نے مصنوعی ذہانت اور سیٹلائٹ امیجنگ جیسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے زرعی زمین کی خرید و فروخت میں بڑے پیمانے پر ہونے والی ٹیکس چوری کا پتہ لگایا ہے۔
اس معاملے میں راجستھان میں تقریباً 900 افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور انہیں اپنے انکم ٹیکس ریٹرن پر نظرثانی کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ معاملات جے پور کے شہری علاقے اور اس کے اردگرد تقریباً 8 کلومیٹر کے بفر زون میں ہونے والی زمین کی خرید و فروخت سے متعلق ہیں۔ اندازوں کے مطابق ٹیکس چوری کی مجموعی مالیت 7 ہزار کروڑ بھارتی روپے ہے جو پاکستانی کرنسی میں 2 کھرب روپے سے زائد بنتی ہے۔
اس علاقے میں تقریباً 250 گاؤں شامل ہیں جہاں گزشتہ چند برسوں میں زرعی زمین کی بڑے پیمانے پر خرید و فروخت ہوئی۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ متعدد لین دین میں کیپٹل گین ٹیکس ادا نہیں کیا گیا تھا۔
ٹیکس حکام نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے آئی آئی ٹی دہلی کے ساتھ تعاون کیا۔ تکنیکی ٹیم نے سیٹلائٹ تصاویر اور ڈیجیٹل میپنگ کے ذریعے زمینوں کے ریکارڈ کا تفصیلی تجزیہ کیا اور جے پور میونسپل حدود سے 8 کلومیٹر تک کے بفر زون کی نشاندہی کر کے زمین کے سودوں کا جائزہ لیا۔
اس حوالے سے سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز کے چیئرمین روی اگروال کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے ٹیکس دہندگان کے مالی رویوں میں موجود پیٹرنز کی نشاندہی کی جا رہی ہے جس سے ٹیکس چوری کے کیسز سامنے لانے میں مدد مل رہی ہے۔ -

ایران اسرائیل جنگ کے اثرات، چین نے پیٹرول اور ڈیزل کی برآمدات روک دیں
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے بعد چین نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی برآمدات روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کو تقریباً دس روز گزر چکے ہیں اور دونوں جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔
اس جنگ کے دوران ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث تیل اور گیس کی ترسیل متاثر ہوئی ہے جس کے اثرات عالمی توانائی مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں اور تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس صورتحال کے پیش نظر چین نے اپنی بڑی آئل ریفائنریز کو ہدایت دی ہے کہ وہ ڈیزل اور پیٹرول کی برآمدات روک دیں اور ملکی ضروریات کو ترجیح دیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاپان، انڈونیشیا اور بھارت سمیت کئی ممالک بھی اس بحران کے باعث اپنی ریفائنریز کی پیداوار کم کر رہے ہیں یا عارضی طور پر برآمدات محدود کر چکے ہیں۔ تاہم چین خطے میں ایندھن کی ترسیل کرنے والے بڑے برآمد کنندگان میں شامل نہیں ہے۔ -

ایران میں تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد سیاہ بارش، پڑوسی ممالک میں ماحولیاتی خدشات
ایران میں تیل کی تنصیبات پر شدید بمباری کے بعد ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں تہران میں سیاہ بادل چھا گئے اور بعض علاقوں میں تیل سے آلودہ کالے پانی کی بارش کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران پر جاری حملوں کے دوران اسرائیل اور امریکا کی جانب سے تیل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد فضاء میں دھوئیں اور آلودگی کی بڑی مقدار شامل ہو گئی۔ اس صورتحال کے باعث تہران اور قریبی علاقوں میں غیر معمولی موسمی کیفیت دیکھنے میں آئی۔
اس واقعے کے بعد پڑوسی ممالک میں بھی ممکنہ موسمی اور ماحولیاتی اثرات کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں خاص طور پر اس حوالے سے تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ دونوں ممالک کی سرحدیں ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیل کی تنصیبات پر حملوں سے ایران میں شدید ماحولیاتی نقصان ہوا ہے اور بعض علاقوں میں کالی تیزابی بارش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ تاہم اب تک پاکستان میں اس کے براہ راست اثرات دیکھنے میں نہیں آئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تہران پاکستان سے کافی فاصلے پر واقع ہے اور کسی فوری ماحولیاتی اثر کا سب سے پہلے افغانستان پر پڑنے کا امکان زیادہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حملوں کے باعث فضاء میں کاربن کے اخراج میں اضافہ ہوا ہے جو اوپری ماحول کے درجہ حرارت اور نمی کے نظام کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں خطے میں بارش کے پیٹرن میں تبدیلی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تیل کے بنیادی ڈھانچے پر بڑے پیمانے پر حملوں سے ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیاں پیدا ہو سکتی ہیں جو طویل مدت میں زراعت، آبی وسائل اور صحت عامہ کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اس صورتحال کی نگرانی کے لیے سیٹلائٹ مانیٹرنگ کے ذریعے آلودگی اور ہوا کے معیار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔ -

پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی
بین الاقوامی مارکیٹ اور پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد صرافہ بازار میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 6 ہزار 500 روپے کمی کے بعد 5 لاکھ 33 ہزار 362 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 573 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 57 ہزار 271 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 65 ڈالر کمی کے بعد 5106 ڈالر تک آ گئی ہے۔ چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی اور فی تولہ چاندی 37 روپے کمی کے بعد 8 ہزار 894 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے اور عالمی سطح پر سیاسی یا معاشی غیر یقینی صورتحال میں اس کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھا جاتا ہے۔ جب سرمایہ کار دیگر اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں تو وہ اکثر سونے میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت انٹرنیشنل ریٹ سے فی اونس تقریباً 20 ڈالر زیادہ مقرر کی جاتی ہے۔ -

امریکی فوج کا ایرانی شہریوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ
امریکی فوجی کمان سینٹ کام نے ایرانی شہریوں کے لیے ہنگامی ہدایت جاری کرتے ہوئے انہیں گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ امریکی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی افواج گنجان آباد شہری علاقوں کو ڈرون اور میزائل حملوں کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔
مشرق وسطیٰ میں تعینات امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق تہران شہری علاقوں کو عسکری کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دی جا رہی ہے۔
سینٹ کام کے اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی افواج خاص طور پر گنجان آباد مقامات کو ڈرون اور میزائل حملوں کے لیے استعمال کر رہی ہیں جس سے شہری آبادی خطرے میں پڑ رہی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق شہری آبادی کو عسکری کارروائیوں کے لیے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کے تحت سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت وہ مقامات جو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیے جائیں اپنی حفاظتی حیثیت کھو دیتے ہیں اور ایسے مقامات قانونی طور پر فوجی ہدف بن سکتے ہیں چاہے وہ شہری علاقوں کے قریب ہی کیوں نہ ہوں۔
امریکی حکام نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک کو نشانہ بنانے کے اقدامات نہ صرف خطے کے امن کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ ایرانی شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ -

پیوٹن کی ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارک باد، روسی حمایت کا اعادہ
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے اور مشکل حالات میں ایرانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں پیوٹن نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ایران بیرونی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے، اس اہم منصب پر ذمہ داریاں سنبھالنا یقیناً ہمت اور عزم کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کے مشن کو وقار کے ساتھ آگے بڑھائیں گے اور سخت حالات میں ایرانی قوم کو متحد رکھیں گے۔
روسی صدر نے اپنے بیان میں ایران کے ساتھ روس کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ روس اسلامی جمہوریہ ایران کا قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔
یاد رہے کہ 56 سالہ مجتبیٰ خامنہ ای ایران کی تاریخ کے تیسرے سپریم لیڈر بنے ہیں۔ اس سے قبل آیت اللہ علی خامنہ ای تقریباً 37 سال تک اس منصب پر فائز رہے۔ رپورٹس کے مطابق 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ فضائی حملے میں تہران میں ان کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں وہ ہلاک ہوگئے تھے۔