مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی تیل منڈی میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں جس سے روس کو نمایاں معاشی فائدہ ہو رہا ہے۔
برطانوی جریدے کی رپورٹ کے مطابق ایران سے متعلق جنگی صورتحال اور آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کے بعد روسی تیل کی عالمی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں روس کو تیل کی فروخت سے یومیہ تقریباً 150 ملین ڈالر اضافی آمدن حاصل ہو رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت اور چین روسی تیل کے بڑے خریدار بن کر سامنے آئے ہیں۔ خاص طور پر بھارت کی روس سے تیل کی درآمدات بڑھ کر تقریباً 1.5 ملین بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہیں، جو ایک ماہ کے دوران تقریباً 50 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ تیل کی برآمدات پر عائد ٹیکس کی بدولت روس کو اب تک 1.3 سے 1.9 ارب ڈالر تک غیر متوقع اضافی فائدہ حاصل ہو چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر عالمی منڈی میں قیمتیں اسی طرح برقرار رہیں تو مارچ کے مہینے میں روس کو مجموعی طور پر 3.3 سے 4.9 ارب ڈالر تک اضافی آمدن ہونے کا امکان ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

آبنائے ہرمز کی بندش سے روس کو بڑا فائدہ، تیل سے یومیہ 150 ملین ڈالر اضافی آمدن
-

نیتن یاہو کی موت کی افواہیں گردش میں، اسرائیلی حکومت کی ویڈیو پر بھی سوالات اٹھ گئے
اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی موت سے متعلق سوشل میڈیا پر ایک بار پھر مختلف دعوے گردش کر رہے ہیں۔ بعض پوسٹس میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنے گھر پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہو گئے تھے اور یہ خبر گزشتہ چار دنوں سے غیر مصدقہ طور پر پھیل رہی ہے۔
ان دعوؤں میں یہ بھی کہا گیا کہ اس مبینہ حملے میں نیتن یاہو کے بھائی اور اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن گویر بھی مارے گئے۔ تاہم ان دعوؤں کی اب تک کسی سرکاری ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
اسی دوران اسرائیلی حکومت کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں نیتن یاہو کو براہ راست ٹی وی پر خطاب کرتے دکھایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے اس ویڈیو پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہو سکتی ہے۔
کچھ صارفین نے ویڈیو کے ایک منظر کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کے ہاتھ میں چھ انگلیاں نظر آ رہی ہیں جس کے بعد ویڈیو کی حقیقت پر مزید بحث شروع ہو گئی ہے۔
تاہم اب تک اسرائیلی حکومت یا کسی معتبر بین الاقوامی ادارے نے نیتن یاہو کی موت یا زخمی ہونے کی کوئی تصدیق نہیں کی۔ صورتحال کے حوالے سے حتمی معلومات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ -

آپریشن غزب للحق: پاکستان کا افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر بڑا فضائی حملہ
پاکستان کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق آپریشن “غزب للحق” کے تحت افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ آپریشن کے حوالے سے جاری تازہ اپڈیٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کارروائی میں بڑی تعداد میں شدت پسند ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ متعدد عسکری تنصیبات تباہ کر دی گئیں۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں 663 جنگجو ہلاک اور 887 سے زائد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ 249 عسکری چوکیاں تباہ جبکہ 44 چوکیوں پر قبضہ کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران 224 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپ خانہ بھی تباہ کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ افغانستان کے مختلف علاقوں میں 70 مقامات کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طور پر دہشت گردوں کے ٹھکانے اور معاونت فراہم کرنے والے مراکز تھے۔
اطلاعات کے مطابق 12 اور 13 مارچ 2026 کی درمیانی شب پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں سے منسلک تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران کابل، پکتیا اور قندھار کے علاقوں میں مبینہ طور پر لاجسٹک بیسز اور تربیتی کیمپوں کو ہدف بنایا گیا۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں میں صرف ان مقامات کو نشانہ بنایا گیا جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں براہ راست یا بالواسطہ ملوث تھے۔ حکام کے مطابق کسی شہری آبادی یا سول انفراسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ -

وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس مرتبہ قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا اس کے مطابق عام آدمی پر بوجھ کم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ ریلیف عوام تک پہنچایا جائے اور مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہے جس کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ تاہم حکومت بروقت پالیسی سازی، بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کے ذریعے اس صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی معاشی اور سفارتی ٹیم کی کوششوں سے ملک کی ضروریات کے مطابق خام تیل کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کوئی بھی پیٹرول پمپ مقررہ قیمت سے زیادہ وصولی نہ کرے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں گے اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ -

حکومت سندھ کے کفایت شعاری اقدامات سخت، سرکاری افسران کے فیول میں 50 فیصد کمی
حکومت سندھ نے توانائی کے ممکنہ چیلنجز کے پیش نظر کفایت شعاری اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری افسران کے فیول میں 50 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت قائم کفایت شعاری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں توانائی کے مؤثر استعمال، سرکاری اخراجات میں کمی اور انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری محکموں کے ساتھ بلدیاتی اداروں کی گاڑیوں کے ایندھن میں بھی 50 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ سرکاری گاڑیوں کا تقریباً 60 فیصد حصہ فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا جائے گا۔
کفایت شعاری کمیٹی نے سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔ اس مقصد کے لیے گراؤنڈ کی جانے والی گاڑیوں کے نمبرز اور دیگر تفصیلات جمع کرنے کے لیے ایک خصوصی پروفارما بھی تیار کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر کوئی محکمہ جاری ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا تو متعلقہ گاڑی کو سرکاری تحویل میں لے لیا جائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت سندھ وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنا رہی ہے اور ان اقدامات کا مقصد عوامی خدمات کو متاثر کیے بغیر توانائی کے استعمال میں کمی لانا ہے۔ -

امریکا نے ایران کے بجلی نظام کو نشانہ بنایا تو پورا خطہ اندھیرے میں ڈوب جائے گا، علی لاریجانی
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے بجلی کے نظام کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں علی لاریجانی نے کہا کہ امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایک گھنٹے کے اندر ایران کے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر سکتا ہے لیکن ابھی تک ایسا نہیں کیا گیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران کے بجلی کے نظام کو نشانہ بنایا تو اس کے نتائج پورے خطے کو بھگتنا پڑیں گے۔ ان کے مطابق ایسی صورت میں آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں پورا خطہ تاریکی میں ڈوب سکتا ہے۔
علی لاریجانی نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال خطے میں موجود امریکی فوجیوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ انہیں محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ -

آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ کی وفات کی خبریں غلط قرار
ایرانی میڈیا نے واضح کیا ہے کہ ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ کے انتقال سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا اور بعض ذرائع میں چند روز قبل یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ شہید ہو گئی ہیں۔
تاہم ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اطلاعات بے بنیاد ہیں اور آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ زندہ ہیں۔
اس وضاحت کے بعد سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کی تردید کی گئی ہے اور عوام سے غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ -

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست واپسی، 100 انڈیکس ہزار سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا آغاز منفی رجحان کے ساتھ ہوا جہاں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس میں 1178 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
تاہم کچھ ہی دیر بعد مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور سرمایہ کاروں کی خریداری کے باعث صورتحال بدل گئی۔ بعد ازاں 100 انڈیکس میں 1036 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 156894 کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں بہتری کی ایک بڑی وجہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کے بارے میں مثبت اشارے ہیں۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ تیسرے جائزہ مذاکرات کے بعد اعلامیہ جاری کیا جس میں معاشی اصلاحات اور ماحولیات کے شعبے میں پاکستان کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے مثبت مؤقف سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہوا ہے جس کے اثرات اسٹاک مارکیٹ میں بھی نظر آ رہے ہیں۔ -

عراق کا تمام آئل ٹرمینلز کے آپریشن معطل کرنے کا اعلان
عراق نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں آئل ٹرمینلز کے تمام آپریشنز عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق عراقی وزیر تیل نے بتایا کہ موجودہ صورتحال کے باعث تمام آئل ٹرمینلز کی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
وزیر تیل کے مطابق آئل ٹرمینلز کے آپریشنز بند کیے گئے ہیں تاہم عراق کی تجارتی بندرگاہیں بدستور معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں اور تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
یہ فیصلہ بصرہ کی ام قصر بندرگاہ کے قریب دو آئل ٹینکروں پر حملے کے بعد سامنے آیا ہے جس کے بعد سیکیورٹی صورتحال کے باعث فوری اقدامات کیے گئے۔ -

کامران ٹیسوری کا الوداعی خطاب، کراچی کے مسائل اٹھانے کی سزا ملی
سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ کراچی کے مسائل اور سانحہ گل پلازہ پر آواز اٹھانے کی انہیں سزا دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جب تک عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے وہ خاموش نہیں رہیں گے۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ڈر ان لوگوں کو ہونا چاہیے جن کے تمام راز وہ جانتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص پوری زندگی کسی منصب پر نہیں رہتا اور وہ کبھی گونگا، بہرا یا ڈمی گورنر نہیں رہے۔ ان کے مطابق وہ آئندہ بھی سیاست میں فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔
دوسری جانب نئے گورنر سندھ کی تعیناتی پر ایم کیو ایم نے حکومت سے علیحدگی کا عندیہ دے دیا ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ایک لمحے کی تاخیر کے بغیر حکومت کو خیرباد کہہ دینا چاہیے اور موجودہ حالات میں حکومت کا حصہ رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
فاروق ستار نے الزام لگایا کہ وفاقی حکومت سندھ کے جاگیرداروں کی بلیک میلنگ میں آ گئی ہے۔
کامران ٹیسوری نے اپنے خطاب کے دوران نامزد گورنر کو مبارکباد بھی دی۔