انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے اٹلی کو 42 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔ میچ ایڈن گارڈن میں کھیلا گیا جہاں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز اسکور کیے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائے ہوپ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ روسٹن چیز اور ردرفورڈ نے 24، 24 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔
166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اٹلی کی ٹیم ویسٹ انڈین بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور 18 اوورز میں 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اٹلی کی جانب سے بین منناٹی کرشن اور کلو گاماگے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
اس میچ کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کی تمام ٹیمیں فائنل ہوگئیں۔ پاکستان ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے والی آخری ٹیم بنی، جبکہ بھارت، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، سری لنکا، انگلینڈ اور زمبابوے پہلے ہی سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی تھیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ناکام ورلڈ کپ مہم پر سابق کپتان رکی پونٹنگ کا سخت ردعمل بھی سامنے آیا ہے، جس نے ٹورنامنٹ کی کارکردگی پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

ویسٹ انڈیز کی اٹلی کو شکست دے کر سپر 8 مرحلے کی لائن اپ مکمل
-

قومی ہاکی ٹیم کی پی سی بی چیئرمین سے ملاقات، کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنے کے وعدے
لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جس دوران پرو ہاکی لیگ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی کے کھلاڑیوں کو ہر طرح سے سہولت اور اکاموڈیٹ کیا جائے گا اور ہاکی کے معاملات کو سٹریم لائن کرنے میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں کے ٹکٹس، کٹس اور ہوٹل میں رہائش کے انتظامات کا حکم دیا اور کہا کہ ہاکی کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا آغاز کل سے ہوگا۔ انہوں نے رات تک کیمپ کے تمام انتظامات مکمل کرنے اور زخمی کھلاڑیوں کا فوری علاج کرنے کی ہدایت بھی دی۔
محسن نقوی نے کہا، "آپ صرف کھیل پر توجہ دیں، پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے، کسی بھی صورت وطن کے وقار پر حرف نہیں آنے دیں گے۔”
اسی موقع پر، چیئرمین پی سی بی نے چھ قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں کو اعلان کردہ 10،10 لاکھ روپے کے چیک بھی دیے۔ کھلاڑیوں نے ملاقات اور حوصلہ افزائی کرنے پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ -

برازیل کی فٹبالر کیتھلین سوزا نے اسلام قبول کر کے عمرہ ادا کیا
سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر کی برازیل سے تعلق رکھنے والی خاتون کھلاڑی کیتھلین سوزا نے اسلام قبول کر لیا۔ انہوں نے اسلامی تعلیمات کی حقانیت تسلیم کرتے ہوئے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا۔
اسلام قبول کرنے کے بعد کیتھلین سوزا نے مسجد الحرام جا کر عمرہ ادا کیا اور کعبۃ اللہ کے سامنے دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر النصر کلب نے ان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کلب میں جشن منایا۔
کلب نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں کیتھلین سوزا قبول اسلام کے بعد اپنی ساتھی کھلاڑیوں سے ملاقات کرتی اور خوشی کا اظہار کرتی نظر آئیں۔ -

کراچی سولجر بازار واقعے میں زندہ بچ جانے والی بچی کی آنکھوں دیکھی تباہ حالی
کراچی کے سولجر بازار میں ایک رہائشی عمارت گیس لیکیج کے باعث منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ اس المناک حادثے میں ایک بچی، کوثر، معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔
کوثر نے بتایا کہ وہ سو رہی تھی جب دھماکہ ہوا اور عمارت کے ملبے کے نیچے دب گئی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی بہن کو آواز لگائی جو ملبے میں پھنس گئی تھی، لیکن وہ بچ نہیں سکی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ گیس لیکیج کے باعث ہوا۔ گھر کے باورچی خانے میں گیس کی فٹنگ ناقص تھی اور پلاسٹک کے پائپ استعمال کیے گئے تھے، جس سے لیکیج زیادہ ہوئی۔ عمارت میں گیس کھینچنے والی مشینیں بھی موجود تھیں اور حادثے سے پہلے علاقے میں کئی روز سے گیس نہیں آ رہی تھی۔ ممکنہ طور پر گیس کی تیز سپلائی، گیس چابی کھلی رہنے، شارٹ سرکٹ یا ماچس جلانے سے دھماکہ ہوا۔ -

پاکستان کے چار ایئرپورٹس کو جدید انداز میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ
پاکستان نے سکھر، فیصل آباد، ڈیرہ اسماعیل خان اور میرپور آزاد کشمیر کے ایئرپورٹس کو نئے انداز میں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ خضدار میں غیر فعال ایئرپورٹ کو بحال کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
ڈی جی پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) ایئر وائس مارشل ذیشان سعید کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کی توسیع کا منصوبہ تیار ہو چکا ہے، جبکہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ بھی کی جائے گی۔
پروازوں کی حفاظت اور پرندوں سے محفوظ رکھنے کے لیے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان سمیت دیگر ایئرپورٹس پر برڈ ریپلنٹ سسٹم نصب کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں لاہور ایئرپورٹ پر یہ نظام فعال ہوگا، جبکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جلد ای گیٹس نصب کیے جائیں گے۔ بعد ازاں کراچی، لاہور اور باچا خان ایئرپورٹس پر بھی ای گیٹس لگائی جائیں گی۔ -

ایران کے سپریم لیڈر کا امریکی بحری بیڑے کے لیے سخت انتباہ
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے تہران میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ امریکی بحری بیڑے پلک جھپکتے میں سمندر کی تہہ میں ڈبوے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے واشنگٹن کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ خلیجِ عرب میں تعینات امریکی جنگی جہاز خطرناک ہونے کے باوجود بھی ایسے ہتھیاروں کے سامنے بے بس ہیں جو انہیں تباہ کر سکتے ہیں۔
یہ بیان جنیوا میں عمانی ثالثی کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان جاری بالواسطہ جوہری مذاکرات کے دوران سامنے آیا، جس میں کچھ پیش رفت بھی دکھائی دے رہی ہے۔ خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے طاقتور فوج کو بھی ایسی ضرب دی جا سکتی ہے کہ وہ دوبارہ سنبھل نہ سکے۔
سپریم لیڈر نے یہ بھی کہا کہ امریکا ایران کا تختہ الٹنے میں 47 سال سے ناکام رہا ہے اور آئندہ بھی ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایران اختلافات کے حل کے لیے امریکا کو آئندہ 14 روز میں ٹھوس فارمولہ پیش کرے گا۔ -

اقوام متحدہ: جیفری ایپسٹن نیٹ ورک عالمی جرائم پیشہ تنظیم کے زمرے میں شامل
اقوام متحدہ کے ماہرین نے جیفری ایپسٹن کے نیٹ ورک کو عالمی جرائم پیشہ تنظیم قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف آزادانہ عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پینل کے بیان کے مطابق ایپسٹن کے جرائم انسانی حقوق کے سنگین خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم میں شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق دستیاب دستاویزات خواتین اور بچیوں کے خلاف منظم جرائم کی شدت کو ظاہر کرتی ہیں، اور ریکارڈز میں غیر انسانی سلوک، نسل پرستی اور بدعنوانی کی واضح تصویر سامنے آئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی حکومت نے ایپسٹن سے متعلق 35 لاکھ صفحات پر مشتمل ریکارڈ جاری کیا، تاہم کئی طاقتور اور بااثر شخصیات کے نام چھپائے گئے ہیں۔
یو این ماہرین نے زور دیا ہے کہ تمام حقائق کو منظر عام پر لایا جائے اور ایپسٹن کے تمام بااثر ساتھیوں کے خلاف جامع تحقیقات کی جائیں تاکہ انصاف فراہم کیا جا سکے۔ -

پی ٹی آئی میں کوئی بھی عمران خان کی رہائی نہیں چاہتا, خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں کوئی بھی بانی عمران خان کی رہائی نہیں چاہتا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اڈیالہ جیل میں آنکھ کے مرض کے باعث زیرِ علاج ہیں، جس پر سیاسی بحث جاری ہے۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی قیادت، رشتے دار اور سوشل میڈیا سرگرم کارکن نہیں چاہتے کہ بانی رہا ہوں، کیونکہ پی ٹی آئی کی وجہ سے ان کی سیاسی اور معاشی دکانداری چل رہی ہے اور وہ اسے بند نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بانی کے پاس کوئی ووٹ نہیں، ووٹوں کا مالک اندر ہے، اور موجودہ قیادت اس کی کوئی اہمیت نہیں دیتی۔ -

انڈیا کیلئے ایک اور عالمی شرمندگی، مودی حکومت کی عالمی اے آئی سمٹ انتظامی ناکامی کی مثال
نئی دہلی میں منعقد ہونے والی “انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026” کا آغاز ہی شدید بدنظمی اور انتظامی مسائل کے باعث تنازع کا شکار ہوگیا۔ حکومت کی جانب سے اسے عالمی سطح پر ٹیکنالوجی میں پیش رفت کی علامت کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا، تاہم پہلے ہی روز شرکا کو بدانتظامی، طویل انتظار اور ناقص سہولیات کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق کانفرنس کے مقام پر سخت سیکیورٹی انتظامات کے باعث نمائش کنندگان اپنے بوتھس تک بروقت رسائی حاصل نہ کرسکے۔ کئی داخلی راستے گھنٹوں بند رہے جس کے نتیجے میں مقامی اور غیرملکی شرکا کو شدید مشکلات پیش آئیں۔ متعدد مندوبین کو تپتی دھوپ میں طویل انتظار کرنا پڑا جبکہ ٹریفک جام نے صورتحال مزید خراب کردی۔
وزیراعظم نریندر مودی کی آمد سے قبل سیکیورٹی اقدامات غیرمعمولی حد تک سخت کر دیے گئے، جس کے باعث کانفرنس کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ شرکا کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت پر گفتگو کے بجائے انتظامات زیادہ تر سرکاری تشہیر اور تصویری سرگرمیوں تک محدود دکھائی دیے۔
کانفرنس ہال کے اندر بھی حالات تسلی بخش نہ رہے۔ شرکا نے ناقص وینٹیلیشن، بجلی کی بندش اور پانی کی کمی کی شکایات کیں۔ فضائی آلودگی اور شدید حبس نے ماحول کو مزید مشکل بنا دیا، جس پر سوشل میڈیا پر بھی سخت ردعمل سامنے آیا۔ کئی صارفین نے اسے عالمی معیار کی کانفرنس کے برعکس قرار دیا۔
اسٹارٹ اپ بانیوں اور ٹیکنالوجی ماہرین نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے نام پر کاروباری ملاقاتیں اور نیٹ ورکنگ سیشن متاثر ہوئے، جس سے ایونٹ کے بنیادی مقاصد ہی متاثر ہوگئے۔
پانچ روزہ اس سمٹ میں بھارت سمیت 20 سے زائد ممالک کے سربراہانِ مملکت و حکومت اور تقریباً 40 سے 45 سینئر وزرا کی شرکت متوقع ہے، تاہم افتتاحی دن کی بدنظمی نے عالمی سطح پر کانفرنس کی ساکھ پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔ شرکا کا کہنا ہے کہ اگر انتظامی مسائل فوری حل نہ کیے گئے تو آئندہ سیشنز بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
-
ایبٹ آباد میں جعلی چیک اسکینڈل، 5 کروڑ روپے سے زائد رقم سرکاری خزانے سے نکالی گئی
ایبٹ آباد میں ایک بڑے مالی اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے، جس میں جعلی کمپنیوں اور چیک کے ذریعے سرکاری خزانے سے 5 کروڑ روپے سے زائد رقم نکالی گئی۔ واقعے کی چھان بین کے دوران معلوم ہوا کہ اس اسکینڈل میں بینک عملہ اور اکاؤنٹ آفس کے اہلکار بھی ملوث ہیں۔
محکمہ سی این ڈبلیو نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسکینڈل میں شامل مزید 3 کروڑ روپے کی منتقلی کو روک دیا، جس سے بڑے نقصان سے بچا جا سکا۔ سی این ڈبلیو حکام نے متعلقہ بینکوں اور اکاؤنٹس آفس سے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے تاکہ اسکینڈل کی تمام تفصیلات سامنے آئیں اور ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سزائیں دی جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق، جعلی چیک اسکینڈل میں متعدد افسران نے جعلسازی اور سرکاری فنڈز کی غیر قانونی منتقلی میں حصہ لیا۔ اس سلسلے میں محکمہ سی این ڈبلیو نے تحقیقات کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے اور معاملے کی مکمل انکوائری کی جا رہی ہے۔