Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: سیلاب زدگان کی مدد کرنے والے ریسکیو اہلکاروں کے اعزاز میں عشائیہ

    سیالکوٹ: سیلاب زدگان کی مدد کرنے والے ریسکیو اہلکاروں کے اعزاز میں عشائیہ

    سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیلاب متاثرین کی جانیں بچانے کے لیے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے ریسکیو 1122 سیالکوٹ کے اہلکاروں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ سماجی تنظیموں روز ویلفئیر آرگنائزیشن کے صدر محمد اشفاق نذر، میلاد ویلفئیر آرگنائزیشن کے صدر محمد وسیم عطاری، سیالکوٹ انفارمیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر مدثر رتو، میاں سرفراز نواز، حسنین راجہ، پیر غلام حسین سلطانی، محمد شازیب، حسنین ندیم، محمد احمد، نجیب الرحمن اور دیگر رہنماؤں نے عشائیہ میں شرکت کی۔

    شرکاء کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکاروں نے فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے سیلاب زدگان کی قیمتی جانوں کو بچایا، مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے اور اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر خدمت کی مثال قائم کی۔ ان کی یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

  • ہیڈ بلوکی پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، ننکانہ کے کئی دیہات زیر آب آگئے

    ہیڈ بلوکی پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، ننکانہ کے کئی دیہات زیر آب آگئے

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) دریائے راوی میں سیلابی صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔ ہیڈ بلوکی کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ چون ہزار کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پانی کا اخراج ایک لاکھ چوالیس ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لاہور شاہدرہ سے آنے والا بڑا ریلا تیزی سے ہیڈ بلوکی کی طرف بڑھ رہا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رات تک پانی کی آمد دو لاکھ کیوسک تک جا سکتی ہے۔

    سیلابی پانی ضلع ننکانہ صاحب کے متعدد دیہات میں داخل ہو گیا ہے جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں بھرپور آپریشن میں مصروف ہیں۔ اب تک 32 سو سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 43 سو سے زائد مال مویشیوں کو بھی سیلابی پانی سے نکالا گیا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق متاثرہ کئی دیہات خالی کرائے جا چکے ہیں جبکہ 139 دیہاتوں کے رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شام سے پہلے ممکنہ سیلابی علاقے خالی کر دیں تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

  • اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 25 من مردہ مرغیاں برآمد

    اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 25 من مردہ مرغیاں برآمد

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ون فور ایل کے قریب 25 من مردہ مرغیوں کی کھیپ پکڑ لی۔ حکام کے مطابق ملزمان مردہ مرغیوں کو مشین میں کریش کرکے مختلف فوڈ پوائنٹس پر فروخت کر رہے تھے۔

    فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر ہی مردہ مرغیوں کا گوشت تلف کر دیا جبکہ ملزمان کے زیر استعمال کریش مشین اور لوڈڈ رکشہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ حکام نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • اوکاڑہ: سول ڈیفنس کا سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

    اوکاڑہ: سول ڈیفنس کا سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر کی زیرِ نگرانی محکمہ کے اہلکار اور رضا کار سیلابی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے دریائے ستلج سے ملحقہ نواحی علاقوں کنڈ بہڑ، ماڑی پتن، گوگیرہ، لکھن اور جندراکہ میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں خاندانوں کو اپنے گھروں سے نکلنا پڑا جنہیں سول ڈیفنس کے رضا کاروں نے محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ اس دوران ریسکیو آپریشن میں عوامی تعاون بھی دیکھنے میں آیا۔

    اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر نے کہا کہ عوام الناس کو اونچے درجے کے سیلاب سے بچانے کے لیے انخلائی آپریشن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ سول ڈیفنس کے اہلکار اور رضا کار پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دیتے ہوئے عوامی ریلیف کے لیے بڑھ چڑھ کر سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

  • ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا زہر، عدم برداشت

    ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا زہر، عدم برداشت

    ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا زہر، عدم برداشت
    از قلم: جواد اکبر بھٹی (چراغِ آگہی)

    ہمارا معاشرہ ایک کرب ناک دور سے گزر رہا ہے، جہاں عدم برداشت ہماری اجتماعی زندگی میں زہر کی طرح سرایت کر چکی ہے۔ یہ صرف ایک نظری بحث نہیں بلکہ ہمارے سامنے رونما ہونے والے واقعات اس حقیقت کو کھول کھول کر بیان کر رہے ہیں۔ حال ہی میں شرقپور میں ہونے والا پرتشدد واقعہ ہو یا اس سے پہلے راؤنڈ والا سانحہ، جس میں معمولی بات پر دو بھائیوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا، یہ سب ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ آخر ہم کس سمت جا رہے ہیں؟

    دین کی تعلیمات اور ہمارا عمل
    ہمارا دینِ اسلام ہمیں صبر، درگزر اور تحمل کی تعلیم دیتا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

    "وَالْكَاظِمِينَ الْغَيْظَ وَالْعَافِينَ عَنِ النَّاسِ ۗ وَاللَّهُ يُحِبُّ الْمُحْسِنِينَ”
    (آل عمران: 134)

    یعنی، "اللہ ان لوگوں کو پسند کرتا ہے جو غصہ پی جاتے ہیں، دوسروں کو معاف کر دیتے ہیں اور نیکی کرتے ہیں۔”

    اسی طرح رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: "طاقتور وہ نہیں جو کشتی میں دوسرے کو گرا دے، بلکہ اصل طاقتور وہ ہے جو غصے کے وقت اپنے نفس پر قابو پا لے۔”

    افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم نے دین کی اس بنیادی تعلیم کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔

    عدم برداشت کے اثرات
    عدم برداشت نے ہمارے گھروں، گلیوں اور اداروں کو بداعتمادی اور خوف میں لپیٹ لیا ہے۔ اختلافِ رائے اب برداشت نہیں کیا جاتا؛ معمولی تنازع لمحوں میں خونی جھگڑے میں بدل جاتا ہے۔ رشتے کمزور پڑ گئے ہیں اور اجتماعی زندگی خوف کی فضا میں جکڑ چکی ہے۔

    ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور اس عدم برداشت کا سب سے بڑا نقصان ہماری نوجوان نسل اٹھا رہی ہے۔ وہ دیکھ رہی ہے کہ مسئلے کا حل دلیل یا مکالمہ نہیں بلکہ طاقت اور تشدد ہے۔ جب بچہ اپنے اردگرد ہر جگہ غصہ، جھگڑا اور تشدد دیکھے گا تو اس کے ذہن میں یہی بیٹھے گا کہ یہی اصل طرزِ زندگی ہے۔ یہ وہ خطرہ ہے جو ہمارے مستقبل کو اندھیروں میں دھکیل رہا ہے۔

    حل اور عملی اقدامات
    اب وقت ہے کہ ہم سب اجتماعی طور پر اس ناسور کے خلاف کھڑے ہوں اور اس کا مقابلہ کریں۔

    تعلیمی اداروں میں اخلاقیات اور رواداری کے مضامین کو اہمیت دی جائے۔

    علماء کرام اپنے خطبات میں لوگوں کو بھائی چارے اور درگزر کا درس دیں۔

    میڈیا ایسے پروگرامز پیش کرے جو معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔

    راقم الحروف، جواد اکبر بھٹی، ہمیشہ اس موضوع کو ترجیحی بنیاد پر فکر مند رہتا ہے اور ہر محفل میں اس کا ذکر ضرور کرتا ہے۔ کیونکہ یہ مسئلہ صرف چند افراد کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کا ہے۔ اگر ہم نے ابھی بھی عدم برداشت کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات نہ کیے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔

    ہمارا عہد
    آئیے عہد کریں کہ ہم "برداشت” کو اپنی پہچان بنائیں گے اور اختلاف کو دشمنی نہیں بلکہ مکالمے کے ذریعے سلجھائیں گے۔ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں امن، استحکام اور ترقی کی منزل تک لے جا سکتا ہے۔

  • واربرٹن: لین دین کے تنازع پر نوجوان بےدردی سے قتل، علاقہ سوگوار

    واربرٹن: لین دین کے تنازع پر نوجوان بےدردی سے قتل، علاقہ سوگوار

    واربرٹن (نامہ نگار) سٹی پریس کلب رجسٹرڈ واربرٹن کے فنانس سیکرٹری رانا اسد تیمور کے چھوٹے بھائی رانا صہیب کو شیخوپورہ میں بےدردی سے قتل کردیا گیا۔ مقتول کی نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور علاقہ سوگوار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واربرٹن مکہ کالونی کے رہائشی رانا زاہد محمود شاد کا 30 سالہ بیٹا رانا صہیب کا شیخوپورہ شرقپور روڈ کے رہائشی یاور الطاف ورک کے ساتھ لین دین کا تنازع چل رہا تھا۔ گزشتہ شب رانا صہیب موٹر سائیکل پر شیخوپورہ گیا لیکن واپس نہ آیا۔ اہل خانہ کی تلاش پر رانا طارق خاقان، رانا اسد تیمور اور وقار احمد یاور ورک کے ڈیرے پر پہنچے تو وہاں رانا صہیب کی خون میں لت پت نعش پڑی ہوئی تھی جبکہ یاور ورک اور دو نامعلوم افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

    پولیس نے رانا اسد تیمور کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ مقتول رانا صہیب کی نماز جنازہ واربرٹن میں ادا کی گئی جس میں معززین علاقہ، عزیز و اقارب اور سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

    عوام نے اس اندوہناک قتل پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

  • ڈیرہ غازیخان:مظفرگڑھ، دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، انتظامیہ ہائی الرٹ

    ڈیرہ غازیخان:مظفرگڑھ، دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، انتظامیہ ہائی الرٹ

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ)مظفر، دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، انتظامیہ ہائی الرٹ
    تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ میں دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے پر انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری فوری طور پر مظفرگڑھ پہنچ گئے۔

    ڈپٹی کمشنر آفس میں سیلابی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس کی صدارت کمشنر نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز عوید ارشاد اور میڈم انعم سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور محکمہ انہار کو ریلیف پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی گئی۔

    کمشنر اشفاق احمد نے فلڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور پانی کے بہاؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور ریسکیو ادارے 24 گھنٹے الرٹ رہیں گے، بندوں کی مضبوطی اور ریلیف آپریشن کے انتظامات مکمل کئے جائیں، متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف کیمپ قائم کئے جائیں اور عوام کو بروقت آگاہ کرنے کے لیے لوکل نیٹ ورکس کو متحرک کیا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے حکام کو ریسکیو اور ریلیف اقدامات حتمی شکل دینے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

    بعد ازاں کمشنر ڈی جی خان نے دریائے چناب کے دوآبہ اور چک روہاڑی فلڈ بند کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر چیف انجنیئر اریگیشن رانا ذوالفقار علی اور ڈپٹی کمشنر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور متاثرہ مکینوں کے بروقت انخلاء کے ساتھ ریلیف کیمپوں میں سہولیات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے بتایا کہ 30 اگست کو دریائے چناب کا ریلہ ضلع کی حدود میں داخل ہوگا۔ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام سرکاری محکموں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق 104 مواضعات اور 76 ہزار نفوس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 18 ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں خوراک، علاج اور مویشیوں کی دیکھ بھال کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اے ڈی سی آر کے مطابق ضلعی اور تحصیل سطح پر قائم کنٹرول رومز 24 گھنٹے آپریشنل ہیں۔

  • اوکاڑہ: ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا اوکاڑہ آرٹس کونسل کا دورہ

    اوکاڑہ: ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا اوکاڑہ آرٹس کونسل کا دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس محمد اطہر مسعود نے اوکاڑہ آرٹس کونسل کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ بلڈنگز کے افسران، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹر اوکاڑہ آرٹس کونسل حماد احمد چیمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ثاقب علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    محکمہ بلڈنگز کے افسران نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ محمد اطہر مسعود نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ آرٹس کونسل ہال کو بہترین سہولیات سے مزین کیا جائے گا، جدید ساونڈ سسٹم اور نیا ایئر کنڈیشنر سسٹم نصب کیا جائے گا۔

    ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ ڈویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ پلانٹیشن پر بھی بھرپور توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ آرٹس کونسل کی تکمیل سے اہلِ علاقہ کو تفریح کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی اور نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کا موقع ملے گا۔

  • اوکاڑہ: ڈی پی او، ڈی سی اور پاک فوج کا دریائے ستلج کا دورہ، متاثرہ دیہاتوں میں 900 پولیس اہلکار تعینات

    اوکاڑہ: ڈی پی او، ڈی سی اور پاک فوج کا دریائے ستلج کا دورہ، متاثرہ دیہاتوں میں 900 پولیس اہلکار تعینات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے ڈی پی او راشد ہدایت، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان اور پاک فوج کے افسران نے دریائے ستلج کے مقام اٹاری پر دریا میں پانی کے بہاؤ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی افتخار حسین چھچر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    سیلاب سے متاثرہ دیہاتوں میں 900 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ڈی پی او خود متاثرین اور ان کے مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے گرد گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور تمام اہلکار بیس کیمپ سے وائرلیس کے ذریعے منسلک ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ دیہات سے لوگوں کے انخلا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق پولیس اور ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہیں۔

  • اوکاڑہ: سیلابی صورتحال، سول ڈیفنس کی ٹیمیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحرک

    اوکاڑہ: سیلابی صورتحال، سول ڈیفنس کی ٹیمیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحرک

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر کی زیر نگرانی محکمہ کے اہلکار اور رضاکار رات گئے تک سیلابی صورتحال کے دوران عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم رہے۔ محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے دریائے راوی سے ملحقہ ماڑی پتن کے مقام پر موضع بھوجیاں میں لوگوں کے انخلا اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے سلسلے میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    سول ڈیفنس کے اہلکار رات گئے تک ماڑی پتن اور گردونواح کے دیہات سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف رہے۔ اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔

    انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سیلاب کے دوران اپنی حفاظت اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔