Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: پولیس کا بڑا آپریشن، فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کی کوشش ناکام

    ڈیرہ غازی خان: پولیس کا بڑا آپریشن، فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کی کوشش ناکام

    ڈی جی خان(باغی ٹی وی) ڈیرہ غازی خان پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پولیس، ایس آئی یو اور ایلیٹ فورسز نے قبائلی علاقے جادے والی میں سرچ آپریشن کیا، جہاں جادے والی قبرستان کے قریب سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے نصب آئی ای ڈی برآمد ہوئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دھماکا خیز ڈیوائس کو ناکارہ بنا دیا، جس سے علاقہ ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دہشت گردوں کا ہدف سیکیورٹی فورسز تھیں، تاہم پولیس اور فورسز کی بروقت حکمتِ عملی نے ان کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔ آپریشن کے دوران علاقے کو مکمل طور پر کارڈن کر کے سیکیورٹی یقینی بنائی گئی۔

    آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کارروائی کی براہِ راست نگرانی کی اور پولیس ٹیموں کی بہادری کو سراہا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق ولایت نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کی سرزمین دہشت گردوں کے لیے تنگ کر دی جائے گی، دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قبائلی اور حساس علاقوں میں پولیس و فورسز کے سرچ آپریشن کامیابی سے جاری ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: ممکنہ سیلاب، ضلعی انتظامیہ نے این جی اوز سے تعاون طلب کر لیا

    ڈیرہ غازی خان: ممکنہ سیلاب، ضلعی انتظامیہ نے این جی اوز سے تعاون طلب کر لیا

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواداکبر)ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کی امداد کے لیے غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) سے تعاون طلب کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف این جی اوز اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قدسیہ ناز نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں تین طرح کے سیلاب کا خطرہ موجود رہتا ہے: دریائے سندھ میں طغیانی، رود کوہیوں میں سیلابی ریلے اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ۔ ان خدشات کے پیش نظر مربوط حکمتِ عملی اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ این جی اوز متاثرین کو راشن بیگز اور دیگر اشیائے ضروریہ ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے فراہم کریں تاکہ شفافیت برقرار رہے اور ہر مستحق تک امداد پہنچ سکے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذکاء الدین بزدار نے اجلاس کے دوران این جی اوز کا تعارف کرایا اور حکومتی پالیسیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں موجود دیگر محکموں کے افسران نے بھی اپنی تیاریوں اور دستیاب وسائل پر بریفنگ دی۔

    اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور این جی اوز باہمی تعاون سے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں گے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔

  • نارنگ منڈی میں مہنگائی کا طوفان، انتظامیہ کی طوطاچشمی

    نارنگ منڈی میں مہنگائی کا طوفان، انتظامیہ کی طوطاچشمی

    نارنگ منڈی (نامہ نگارمحمدوقاص) نارنگ منڈی میں مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ آٹا، گھی اور چینی جیسی بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، آٹے کی قیمت میں 10 فیصد اضافے کے بعد یہ 100 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح، چینی کی قیمت میں 5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اب یہ 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ گھی کی قیمت 3 فیصد اضافے کے بعد 550 سے 560 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔

    شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔ انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اشیائے خوردونوش کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔

    عوام نے حکومتی ایوانوں سے فوری نوٹس لینے اور اس سنگین صورتحال پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: بلاک 53 عباسیہ مسجد میں سیوریج کا مسئلہ سنگین، شہریوں کی زندگی اجیرن

    ڈیرہ غازی خان: بلاک 53 عباسیہ مسجد میں سیوریج کا مسئلہ سنگین، شہریوں کی زندگی اجیرن

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواد اکبر): ڈیرہ غازی خان کے علاقے بلاک 53 عباسیہ مسجد نظام آباد میں ناقص سیوریج سسٹم نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جب سے علاقے میں ٹف ٹائلز بچھائی گئی ہیں، سیوریج کا گندا پانی مسلسل جمع ہو رہا ہے، جس سے گلیاں جوہڑ کا منظر پیش کر رہی ہیں اور پانی گھروں میں بھی داخل ہو رہا ہے۔

    مکینوں کو روزانہ کی بنیاد پر شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر بزرگ، بچے اور خواتین اس صورتحال سے متاثر ہیں۔ نمازیوں کو بھی شدید اذیت سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے کیونکہ مسجد جانے کے لیے انہیں اسی آلودہ اور ناپاک پانی سے گزرنا پڑتا ہے۔

    شہریوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ شکایت کرنے کے باوجود ابھی تک کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان سے فوری نوٹس لینے اور اس سنگین مسئلے کا مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں، جشن آزادی سے بڑھ کر چراغاں کا فیصلہ

    ڈیرہ غازی خان میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں، جشن آزادی سے بڑھ کر چراغاں کا فیصلہ

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواداکبر)ضلع ڈیرہ غازی خان میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتہائی شان و شوکت سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور سرکاری و نجی عمارتوں پر جشنِ آزادی سے بڑھ کر چراغاں اور سجاوٹ کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور اتحاد بین المسلمین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حضور اکرم ﷺ کے یومِ ولادت کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات اور سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق ولایت، ضلعی افسران، صدر میلاد کمیٹی صاحبزادہ انور حسن قریشی، سید ندیم حیدر نقوی، مولانا اقبال رشید، حافظ احمد حسن ایڈووکیٹ سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء، مذہبی و سماجی رہنماؤں اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر بھائی چارے، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں کی صفائی، تجاوزات کا خاتمہ، روشنی اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائیں۔

    انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ میلاد النبی ﷺ کی تقریبات اور جلوسوں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے سرکاری اور نجی عمارتوں، بازاروں اور چوکوں کو جشنِ آزادی سے بھی زیادہ خوبصورتی سے سجایا جائے۔

    تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور سکیورٹی پلان پر سختی سے عمل کریں۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو تحصیل سطح پر بھی اجلاس منعقد کرنے اور عوام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر علماء اور شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

  • ڈیرہ غازیخان: پنجاب بار کی مظفرگڑھ سیٹ،وکلاء برادری نے ارشد بھٹی کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا

    ڈیرہ غازیخان: پنجاب بار کی مظفرگڑھ سیٹ،وکلاء برادری نے ارشد بھٹی کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواداکبر): پنجاب بار (مظفرگڑھ سیٹ) کے امیدوار ارشد حسین بھٹی ایڈوکیٹ کی حمایت میں ڈیرہ غازی خان کے وکلاء نے پرزور تائید کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کے نامور سماجی و کاروباری رہنما ملک رشید احمد بھٹی ایڈوکیٹ نے ایک پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں ڈسٹرکٹ بار کے سینئر اور نامور وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب میں شریک تمام وکلاء نے متفقہ طور پر ملک رشید احمد بھٹی کے اعلانِ حمایت کی تائید کی۔ اس موقع پر موجود وکلاء میں خالد اقبال بھٹی، میاں عامر محمود بھٹی، میاں بشیر حجبانی، ملک الطاف حسین، ملک منور ثاقب،شکیل الحسنین بھٹی، محمد شان لنگاہ، مظہر حسین بھٹی، عرفان سیال، جواد اکبر بھٹی، عبد القیوم خان، طارق عزیز، ملک کامران کوریہ، میر اعجاز رند، محمد حنیف خان اور سلمان خان سمیت دیگر معزز وکلاء شامل تھے۔

    مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ارشد حسین بھٹی ایک باصلاحیت اور قابلِ اعتماد امیدوار ہیں، اور ان کی کامیابی سے وکلاء برادری اور بار کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ارشد حسین بھٹی اپنی صلاحیتوں کو وکلاء کے حقوق کے تحفظ اور بار کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کریں گے۔

  • اوکاڑہ :ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ :ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اوکاڑہ علیزہ ریحان نے ڈی ایچ کیو (ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر) سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دورے کا مقصد مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اور ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کا مشاہدہ کرنا تھا۔

    انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے براہِ راست ان کے علاج، تشخیص اور مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈسپنسری میں موجود ادویات کے اسٹاک کا بھی جائزہ لیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مریضوں کو ادویات کی کمی کا سامنا نہ ہو۔

    دورے کے دوران، علیزہ ریحان نے ہسپتال کے عملے سے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف پر زور دیا کہ وہ مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کے لیے مزید مؤثر اقدامات جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

  • گھوٹکی پولیس کی بڑی کارروائی، 9 موٹر سائیکلوں سمیت بھتہ خور اور بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    گھوٹکی پولیس کی بڑی کارروائی، 9 موٹر سائیکلوں سمیت بھتہ خور اور بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار،مشتاق لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر گھوٹکی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث ایک بڑے گینگ کا پردہ فاش کر دیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 5 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 9 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

    ڈی ایس پی گھوٹکی انور علی شیخ اور ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن محمد قابل بھیو کی قیادت میں پولیس ٹیم نے مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان وزیر ولد عطا محمد گھوٹو، سرور ولد امین گھوٹو، ریاض ولد در محمد گھوٹو، اسداللہ ولد خدا بخش گھوٹو، اور پرویز ولد محمد بچل گھوٹو کو گرفتار کیا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق، گرفتار ملزمان ریاض گھوٹو اور اسد اللہ گھوٹو کا تعلق جاگیرانی گینگ کے ڈاکوؤں لطف جاگیرانی، ندیم جاگیرانی اور شوکت جاگیرانی سے ہے۔ یہ ملزمان نہ صرف جاگیرانی گینگ کے سہولت کار ہیں بلکہ بھتہ خوری میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان نے حال ہی میں گھوٹکی کی شوگر مل سے چار موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے جو برآمد کر لی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ دن قبل ڈاکو ندیم جاگیرانی اور اس کے ساتھیوں نے گھوٹکی شہر کے رحمو محلہ میں رشید لنجار کے گھر پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک مرد اور ایک عورت زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے مختلف علاقوں میں متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ یہ ملزمان کچے کے علاقے میں جاگیرانی گینگ سے ملاقات کرتے تھے اور انہیں شہروں میں وارداتوں کے لیے معلومات فراہم کرتے تھے۔ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کے لیے شاباشی کا پیغام دیا ہے۔

  • میرپورخاص: پولیس میں بھرتی، 300 امیدواروں کو آفر لیٹر جاری

    میرپورخاص: پولیس میں بھرتی، 300 امیدواروں کو آفر لیٹر جاری

    میرپورخاص (نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ): میرٹ کی بنیاد پر میرپورخاص پولیس میں بھرتی ہونے والے 300 امیدواروں کو آفر لیٹر جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ اقدام ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ کے احکامات پر کیا گیا۔

    ایس پی ہیڈکوارٹر فضل حق چانڈیو اور آفس سپرنٹینڈنٹ علی حسن دل نے ایس ایس پی آفس میں کامیاب امیدواروں میں آفر لیٹر تقسیم کیے۔ ان 300 امیدواروں میں 45 خواتین اور 255 مرد شامل ہیں۔

    اس موقع پر پولیس حکام نے نئے بھرتی ہونے والے مرد و خواتین کانسٹیبلز کو مبارکباد پیش کی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ اپنے فرائض کو مکمل ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ انجام دیں۔

  • اوکاڑہ:سکول ایجوکیشن سیکرٹری پنجاب کا دورہ، تعلیمی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    اوکاڑہ:سکول ایجوکیشن سیکرٹری پنجاب کا دورہ، تعلیمی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار): سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب، خالد نذیر وٹو، نے ضلع اوکاڑہ کا دورہ کیا اور تعلیمی اداروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں (ADP schemes) پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے سی ای او ایجوکیشن کے دفتر میں ساہیوال ڈویژن کے اضلاع اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن کے چیف ایگزیکٹو افسران (CEOs) کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ایڈوائزر مزمل احمد اور سپیشل ایڈوائزر ایجوکیشن شکیل احمد بھٹی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن اوکاڑہ محمد یوسف کاہلوں، سی ای او ایجوکیشن ساہیوال تنویر احمد غزالی اور سی ای او ایجوکیشن پاکپتن شازیہ رفیق نے مالی سال 2025-26 کے لیے سکولوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا سکولوں کی ترقی کے لیے فنڈز فراہم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

    اجلاس کے بعد سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے مختلف سکولوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے گورنمنٹ سی ایم آر ہائی سکول، گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول اوکاڑہ اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 1/4 ایل میں عمارتوں کی تعمیر اور مرمت کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سکول کونسلز کو ہدایت جاری کیں کہ ترقیاتی کاموں میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کو بہترین انداز میں مکمل کیا جا سکے۔