Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ:پرائیویٹ اڈوں کی چیکنگ، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ مسافروں کو منتقل کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ:پرائیویٹ اڈوں کی چیکنگ، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ مسافروں کو منتقل کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے شہر کے مختلف پرائیویٹ اڈہ جات کا دورہ کیا اور کرایوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے مسافروں سے براہ راست فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔

    اقصیٰ ریاض نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست مسافروں تک پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے اڈہ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ نئے کرایہ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور ان پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ نئے کرایہ ناموں پر عمل نہ کرنے والے اڈہ مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

  • گوجرانوالہ:افغانی ڈکیت گینگ گرفتار، 11 لاکھ سے زائد نقدی اور اسلحہ برآمد

    گوجرانوالہ:افغانی ڈکیت گینگ گرفتار، 11 لاکھ سے زائد نقدی اور اسلحہ برآمد

    گوجرانوالہ (نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی): گوجرانوالہ کی سٹی وزیرآباد پولیس نے رہزنی اور دکانوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک افغانی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 11 لاکھ 35 ہزار روپے نقدی، 5 ڈبہ پیک موبائل فون، ایک موٹر سائیکل اور 2 پستول برآمد کیے ہیں۔

    گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت خیر اللہ اور محمد گل کے نام سے ہوئی ہے، جو افغانستان کے شہری ہیں۔ یہ ملزمان غیر قانونی طور پر پاکستان آتے تھے، وارداتیں کرتے اور پھر واپس چلے جاتے تھے۔ پولیس کے مطابق، یہ گینگ وزیرآباد کے علاوہ سیالکوٹ اور گجرات میں بھی وارداتیں کر چکا ہے۔

    وزیرآباد پولیس نے جدید سائنسی طریقہ کار، ہیومن ریسورس اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ان ملزمان کا سراغ لگایا۔

    اس حوالے سے سی پی او محمد ایاز سلیم نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور معاشرتی برائیوں پر قابو پانا ان کی اولین ترجیح ہے۔

  • واربرٹن پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن، بدنام زمانہ ملزم اور اسکی بیوی گرفتار

    واربرٹن پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن، بدنام زمانہ ملزم اور اسکی بیوی گرفتار

    واربرٹن(نامہ نگارعبدالغفار چوہدری) واربرٹن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ایک بڑے آپریشن میں بدنام زمانہ منشیات فروش بابر اور اس کی بیوی نائلہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ساڑھے 3 کلو سے زائد منشیات برآمد کی ہے۔

    ایس ایچ او سیف ورک کی سربراہی میں تھانہ واربرٹن پولیس نے منشیات کی سپلائی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم بابر ایک ریکارڈ یافتہ مجرم ہے جس کے خلاف ڈکیتی، چوری اور منشیات فروشی سمیت 16 مقدمات درج ہیں۔

    پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

    ڈی پی او ننکانہ، فراز احمد نے اس موقع پر کہا کہ ضلع کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نشے کا ناسور پھیلانے والے کسی بھی صورت قابلِ معافی نہیں ہیں۔

  • چنیوٹ کی تاریخ کا ایک اور ریکارڈ، تیسری نسل کی شاندار کامیابی

    چنیوٹ کی تاریخ کا ایک اور ریکارڈ، تیسری نسل کی شاندار کامیابی

    چنیوٹ(نامہ نگارحسن معاویہ) چنیوٹ نے ایک بار پھر اپنی شاندار تعلیمی روایات کو قائم رکھتے ہوئے تاریخ کا منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ہونہار طالب علم محمد احمد قاسمی نے پہلی ہی کوشش میں سی ایس ایس (CSS) کے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کر کے اپنے خاندان اور شہر کا نام روشن کیا ہے۔

    محمد احمد قاسمی کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس نے تعلیم اور فنون دونوں شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کے والد قاضی مدثر حسن قاسمی نہ صرف ایک معروف پروفیسر تھے بلکہ ملک کے مایہ ناز اداکار بھی تھے۔ ان کے دادا جعفر قاسمی کو بھی کئی اہم اعزازات حاصل تھے، جن میں بی بی سی لندن کے ساتھ منسلک رہنا اور این ای پی اے (NEPA) اور سول سروسز اکیڈمی میں بطور لیکچرار خدمات انجام دینا شامل ہے۔

    محمد احمد قاسمی کی یہ کامیابی ان کے خاندان کی تین نسلوں کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ ورثے کی عکاسی کرتی ہے اور چنیوٹ کے لیے فخر کا باعث ہے۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی خرید و فروخت میں آسانی کیلئے’گرین سرٹیفیکیٹ’ کا نظام متعارف

    اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی خرید و فروخت میں آسانی کیلئے’گرین سرٹیفیکیٹ’ کا نظام متعارف

    سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر+بیورو رپورٹ): چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پلرا) چوہدری طارق سبحانی نے سیالکوٹ کے ایوانِ صنعت و تجارت میں خطاب کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی خرید و فروخت میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے گئے انقلابی اقدامات کا اعلان کیا۔

    چوہدری طارق سبحانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق، پلرا نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ اب اوورسیز پاکستانی اپنے متعلقہ ملک میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے جائیدادوں کی خرید و فروخت کر سکیں گے۔ اس سہولت کا آغاز لندن میں پاکستانی سفارتخانے سے ہو چکا ہے اور جلد ہی اس کا دائرہ کار ان تمام ممالک تک بڑھا دیا جائے گا جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اس نئے نظام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان آ کر طویل چھٹیاں لینے اور پٹواریوں کے چکر کاٹنے کی مشکلات سے نجات ملے گی۔ ماضی میں اکثر اوورسیز پاکستانی مجبوراﹰ مختارنامہ جاری کرتے تھے، جس کا غلط استعمال ہونے سے وہ اپنی جمع پونجی سے محروم ہو جاتے تھے۔ یہ نیا نظام اس قسم کے دھوکہ دہی کے امکانات کو ختم کر دے گا۔

    چیئرمین پلرا نے ایک اور اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پلرا نے بین الاقوامی معیار کا ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت ہر شخص کا ملکیت آڈٹ ٹریل رکھا جائے گا۔ اس نظام میں نادرا کے ذریعے شہری کی تصدیق اور زمین کی مکمل ویری فکیشن کے بعد ‘گرین سرٹیفیکیٹ’ جاری کیا جائے گا۔ اس سرٹیفیکیٹ کے ذریعے خریدار کو یہ یقین دہانی ہو جائے گی کہ جائیداد قانونی طور پر محفوظ ہے اور اس پر قبضے یا حدود کی نشاندہی جیسے مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایسی جائیدادیں جن کا نادرا ریکارڈ سے کوئی تعلق نہیں، انہیں بھی اس نظام میں شامل کیا جا رہا ہے۔ سرکاری تصدیق کے بعد ان جائیدادوں کو بھی ‘گرین سرٹیفیکیٹ’ جاری کیا جائے گا۔ یہ تمام اقدامات جائیدادوں کی خرید و فروخت کے عمل کو شفاف، محفوظ اور آسان بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فاروق اکمل نے اس موقع پر کہا کہ گرین سرٹیفیکیٹ پر جیو ٹیگ اور بار کوڈ موجود ہوگا، جس سے زمین کی قدر میں اضافہ ہوگا۔

    صدر ایوانِ صنعت و تجارت اکرام الحق نے چیئرمین پلرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری طارق سبحانی کی قیادت میں جائیداد کی خرید و فروخت میں درپیش مسائل کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب عام آدمی بھی بلا خوف و خطر پراپرٹی کی خرید و فروخت کر سکے گا اور دھوکہ دہی کا شکار نہیں ہوگا۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور چیمبر آف کامرس کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

  • اوچ شریف:ٹریلر الٹنے سے ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوچ شریف:ٹریلر الٹنے سے ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے کوٹ خلیفہ، ترنڈہ روڈ پر ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں بھوسہ سے لدا ایک 18 پہیوں والا ٹریلر اچانک الٹ گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی اوچ شریف سے دو ایمبولینسز اور احمد پور شرقیہ سے فائر و ریسکیو گاڑی فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، ٹریلر راولپنڈی سے کراچی جا رہا تھا کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر بے قابو ہو کر الٹ گیا۔

    حادثے کے وقت ٹریلر پر موجود ایک شخص، جس کی شناخت عابد حسین ساکن چکوال کے طور پر ہوئی، ٹریلر اور کنٹینر کے درمیان پھنس گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد اسے باہر نکالا لیکن وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    دوسرا زخمی شخص شہزاد ولد حیات محمد (عمر 22 سال، ساکن میانوالی) کو سر پر معمولی چوٹیں اور خراشیں آئیں۔ اسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو ٹیم نے مرحوم عابد حسین کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے آر ایچ سی چنی گوٹھ پہنچا دیا۔

  • چنیوٹ: فوڈ اتھارٹی کا ایکشن، ملاوٹ زدہ دودھ اور بیمار جانور کا گوشت برآمد

    چنیوٹ: فوڈ اتھارٹی کا ایکشن، ملاوٹ زدہ دودھ اور بیمار جانور کا گوشت برآمد

    چنیوٹ (نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چنیوٹ میں غذائی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ملاوٹ زدہ دودھ اور مضر صحت گوشت برآمد کر کے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم نے بھوانہ میں واقع ملک کولیکشن سنٹر پر چھاپہ مارا۔ لیبارٹری تجزیہ کے بعد دودھ میں کوکنگ آئل کی ملاوٹ ثابت ہو گئی۔ ٹیم نے موقع پر موجود تمام چلرز بحقِ سرکار ضبط کر لیے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تھانہ لنگرانہ میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

    میٹ ٹاسک فورس نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں چنیوٹ شہر میں کارروائی کی۔ ایک خفیہ جگہ پر سٹور کیا گیا بیمار جانور کا 1 من سے زائد انتہائی ناقص اور غیر معیاری گوشت برآمد کیا گیا۔ ٹیم نے سپلائی سے پہلے ہی مضر صحت گوشت کو پکڑ کر تلف کروا دیا۔ اس کارروائی میں بھی ایک ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ سٹی چنیوٹ میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق، پنجاب بھر میں ملاوٹ اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ملاوٹ کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

  • سیالکوٹ میں ڈسپوزل اسٹیشن 15 اکتوبر سے فعال ہو جائے گا

    سیالکوٹ میں ڈسپوزل اسٹیشن 15 اکتوبر سے فعال ہو جائے گا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثر رتو)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب، میاں شکیل احمد نے اعلان کیا ہے کہ سیالکوٹ میں زیرِ تعمیر ڈسپوزل اسٹیشن ناصر ٹاؤن 15 اکتوبر سے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دے گا۔ اس کے بعد ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کپور والی اور واٹر سپلائی کی تمام اسکیمیں 30 دسمبر تک مکمل کر کے واسا سیالکوٹ کے حوالے کر دی جائیں گی۔

    یہ بات انہوں نے پیسپ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، پروگرام ڈائریکٹر پیسپ عمر جاوید، چیف انجینئر شیخ طاہر، ایم ڈی واسا ابوبکر عمران، سٹی منیجر علی خان اور ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ رانا ابرار نے شرکت کی۔

    نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایات
    سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج منصوبے کے تحت بچھائی جانے والی نئی لائنوں کو فعال کرنے سے پہلے پرانے نالوں اور لائنوں کی صفائی (ڈی سلٹنگ) یقینی بنائی جائے تاکہ نکاسی آب کے نظام میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ماڈل کا جائزہ
    اجلاس کے بعد، میاں شکیل احمد نے سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے دفتر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ستھرا پراجیکٹ کے تحت متعارف کرائے گئے آؤٹ سورس ماڈل کا جائزہ لیا اور کہا کہ یہ جدید ماڈل شہریوں کو صفائی ستھرائی کے بہتر معیار کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • اوکاڑہ: سرکاری زمین واگزار کرانے کے لیے بڑا آپریشن، 51 ایکڑ اراضی واگزار

    اوکاڑہ: سرکاری زمین واگزار کرانے کے لیے بڑا آپریشن، 51 ایکڑ اراضی واگزار

    اوکاڑہ (نامہ نگار،ملک ظفر )اوکاڑہ میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر قبضہ مافیا کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا گیا ہے جس میں 51 ایکڑ سرکاری زرعی اراضی واگزار کروا لی گئی۔

    یہ آپریشن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی نگرانی میں ریونیو فیلڈ سٹاف اور پیرا فورس کے تعاون سے دیپالپور کے تین نواحی علاقوں میں کیا گیا۔ آپریشن کے دوران واگزار کروائی گئی زمین پر کاشت کی گئی فصلوں پر ٹریکٹر چلا دیا گیا۔

    چوہدری عبدالجبار گجر نے بتایا کہ یہ زمین عرصہ دراز سے قبضہ مافیا کے زیر استعمال تھی، جس کی مالیت تقریباً 21 کروڑ روپے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومتی ہدایات کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ پر کارروائی، ایک شخص گرفتار

    اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ پر کارروائی، ایک شخص گرفتار

    اوکاڑہ ( نامہ نگارملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کی پارکنگ میں زائد فیس وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے خود موقع پر پہنچ کر ایکشن لیا۔

    کارروائی کے دوران پارکنگ سٹینڈ پر لوگوں سے زیادہ پیسے وصول کرنے والا ایک اہلکار گرفتار کر لیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے کہا کہ ہسپتالوں کی پارکنگ فیس میں اوور چارجنگ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری ہسپتالوں کے پارکنگ سٹینڈ کے مالکان قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔