Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سندھ بینک میرپور ماتھیلو کا منیجر کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث، متاثرین کا شدید احتجاج

    سندھ بینک میرپور ماتھیلو کا منیجر کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث، متاثرین کا شدید احتجاج

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو میں سندھ بینک کے منیجر پرویز شاہ کے خلاف سیلاب متاثرین نے شدید احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے منیجر پر کرپشن، بدعنوانی اور عوام دشمن رویہ رکھنے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ پرویز شاہ نے بینک کو اپنی ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے اور غریب عوام کے لیے مختص امدادی فنڈز اور سہولتوں میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ضرورت مند اور بے سہارا افراد کو ریلیف دینے کے بجائے انہیں ذلیل و خوار کیا جاتا ہے، جس سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

    احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ منیجر اپنے سیاسی تعلقات کی بنا پر احتساب سے بچتا رہا ہے، لیکن اب اس کا رویہ سب کے سامنے آ چکا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور اس کرپٹ منیجر کو اس کے عہدے سے ہٹائیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

    سیلاب متاثرین نے خصوصی طور پر سردار محمد بخش خان مہر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

  • یونیورسٹی آف میرپورخاص کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس

    یونیورسٹی آف میرپورخاص کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس

    میرپورخاص (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص یونیورسٹی میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں یونیورسٹی کے مالیاتی امور اور آئندہ کی منصوبہ بندی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس کے دوران ڈائریکٹر فنانس ساجد حسین مہر نے مالیاتی صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔ کمیٹی نے بجٹ کے مختص اخراجات، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا۔ گہری بحث و تمحیص کے بعد یونیورسٹی کی تعلیمی اور انتظامی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کئی اہم مالیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

    اس اجلاس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے بیرونی ممبران نے ذاتی طور پر اور آن لائن بھی شرکت کی اور اپنی پیشہ ورانہ رائے سے فیصلہ سازی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔

    وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی کی پائیدار ترقی اور تعلیمی بہتری کے لیے درست مالیاتی منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔

  • میرپورخاص کے اولڈ سول ہسپتال میں جدید بلڈ بینک کا افتتاح

    میرپورخاص کے اولڈ سول ہسپتال میں جدید بلڈ بینک کا افتتاح

    میرپورخاص (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ): میرپورخاص کے اولڈ سول ہسپتال میں انڈس ہسپتال کے تعاون سے ایک جدید بلڈ بینک کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس بلڈ بینک کا مقصد شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

    افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر عبدالشکور جروار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سندیپ کمار، سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ہیم جی، انڈس ہسپتال اتھارٹی کے ایگزیکٹو پیتھالوجسٹ حبیب اللہ میمن، کرنل ندیم اور دیگر افسران و مہمانانِ خصوصی نے شرکت کی۔

    مہمانوں نے بلڈ بینک اور لیبارٹری کا افتتاح کیا اور بعد میں کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر دعا بھی کی گئی کہ یہ اقدام عوام کی فلاح و بہبود اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب ہو۔

    انڈس ہسپتال کی جانب سے بلڈ بینک کے قیام کو میرپورخاص کے عوام کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس بلڈ بینک کے قیام سے مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی ممکن ہو سکے گی اور طبی سہولتوں کا معیار بھی بلند ہوگا۔

  • پسرور: پیٹرول پمپ پر جھگڑا، نوجوان کو آگ لگا دی گئی، ایک ملزم گرفتار

    پسرور: پیٹرول پمپ پر جھگڑا، نوجوان کو آگ لگا دی گئی، ایک ملزم گرفتار

    سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے نواحی علاقے ستراہ میں ایک پیٹرول پمپ پر معمولی تکرار پر مالک کے بیٹے نے ایک نوجوان پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔

    یہ افسوسناک واقعہ موضع کوٹ موکھل کے رہائشی قاسم کے ساتھ پیش آیا، جب وہ پیٹرول ڈلوا رہا تھا۔ پیٹرول پمپ کے مالک کے بیٹے انتظار علی اور اس کے ساتھی تیمور کے ساتھ توں تکرار ہوئی، جس پر طیش میں آ کر انہوں نے قاسم پر پیٹرول پھینک کر اسے آگ لگا دی۔ اس واقعے کے بعد کوٹ موکھل گاؤں کے شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پسرور-گوجرانوالہ روڈ کو بلاک کر دیا۔

    اطلاع ملتے ہی تھانہ ستراہ کی پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس نے مرکزی ملزم انتظار علی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، دونوں ملزمان نے پرانی رنجش کی بنا پر قاسم کو آگ لگائی تھی۔

    ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور دوسرے ملزم تیمور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • گوجرانوالہ:پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن: 178 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، 2 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ:پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن: 178 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، 2 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ پولیس نے منشیات کے خلاف ایک بڑی مہم کے دوران دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ نوشہرہ ورکاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ یافتہ ملزم عمار اور اس کے ساتھی سیف اللہ کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 153 کلو 600 گرام چرس اور 25 کلو 200 گرام افیون برآمد کی، جس کی مجموعی مقدار 178 کلوگرام سے زائد بنتی ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    اس اہم کارروائی کے حوالے سے سی پی او محمد ایاز سلیم نے اپنے بیان میں کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا اور ان کے لیے ایک محفوظ مستقبل کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گوجرانوالہ پولیس منشیات سے پاک معاشرہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

    یہ کارروائی گوجرانوالہ پولیس کی جانب سے شہر میں منشیات کے کاروبار کا مکمل خاتمہ کرنے کی جاری کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔

  • ننکانہ صاحب: ماڈل سٹی کا خواب، مون سون کی بارشوں میں بہہ گیا

    ننکانہ صاحب: ماڈل سٹی کا خواب، مون سون کی بارشوں میں بہہ گیا

    ننکانہ صاحب(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) مون سون کی پہلی ہی بارش نے ننکانہ صاحب میں میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ شہر کے مختلف علاقے، جن میں حرا چوک، ڈاکٹر والا بازار، ہاؤسنگ کالونی، کلمہ چوک اور کیارہ صاحب شامل ہیں، بارش کے پانی میں ڈوب گئے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    میونسپل کمیٹی کے افسران کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے شہر کا سیوریج کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ معمولی بارش بھی سیوریج کے پانی کو گلیوں اور بازاروں میں لے آتی ہے، جس سے بدبو اور گندگی کا راج قائم ہو جاتا ہے۔

    شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے بلند و بانگ دعوے مون سون کی بارش کے ساتھ ہی حقیقت سے دور ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔

    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ننکانہ کے سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کی پریشانیوں سے بچا جا سکے۔

  • ننکانہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال کرپشن سکینڈل، انکوائری کو دفنانے کی سازش، کیا ہوپائے گا انصاف ؟

    ننکانہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال کرپشن سکینڈل، انکوائری کو دفنانے کی سازش، کیا ہوپائے گا انصاف ؟

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں پرائیویٹ جینیٹوریل سروسز کے سپروائزر محمد اسامہ کے خلاف کرپشن کے سنگین الزامات پر انکوائری کا عمل جاری ہے، جس نے ادارے کی شفافیت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ یہ کارروائی انٹیلی جنس کی اسپیشل رپورٹ نمبر HC(G)/599 مورخہ 16-07-2025 کی بنیاد پر شروع کی گئی، جس میں کرپشن کے شواہد کے ساتھ ویڈیو ریکارڈ کی موجودگی بھی ظاہر کی گئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (PS) کے جاری کردہ لیٹر نمبر 2387/CC مورخہ 13-08-2025 کے تحت سپروائزر محمد اسامہ کو ایک بار پھر انکوائری کمیٹی کے سامنے طلب کیا گیا۔ مقررہ تاریخ پر وہ ایڈمن آفیسر وقاص کے ہمراہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور چند ماہ کا محدود ریکارڈ فراہم کیا، تاہم مکمل تفصیلات اور تنخواہوں کے ریکارڈ جمع نہ کروائے گئے، جبکہ کمیٹی کو ہدایت دی گئی تھی کہ مئی، جون اور جولائی 2025 کے مکمل ریکارڈ مہیا کیے جائیں۔

    مزید یہ کہ محمد اسامہ نے اپنے حق میں تحریری جواب جمع نہیں کروایا بلکہ صرف ایک اشٹام پیپر جمع کرایا، جس پر صفائی عملے سے حمایت میں بیانات درج ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تمام معاملے میں سپروائزر محمد اسامہ اور ایڈمن آفیسر وقاص ایک پیج پر دکھائی دے رہے ہیں اور اصل حقائق کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    کمیٹی کے اراکین، جن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (PS) بطور کنوینئر ڈاکٹر سید عبید حسنین، ڈاکٹر (DC IRMNCH) اور آصف منظور سپرنٹنڈنٹ (آفس CEO DHA) شامل ہیں، نے واضح کیا ہے کہ اگر ملزم نے اپنے حق میں تسلی بخش ثبوت نہ دیے تو یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے کمیٹی خود ملازمین کے بیانات ریکارڈ کرے تاکہ کسی دباؤ یا اثر و رسوخ کے بغیر اصل حقائق سامنے آسکیں۔ عوامی سطح پر یہ خدشہ بڑھ رہا ہے کہ اگر اس معاملے میں شفافیت نہ دکھائی گئی تو ہسپتال انتظامیہ کی ساکھ بری طرح متاثر ہو گی۔

  • ڈیرہ غازی خان: سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات کا جائزہ

    ڈیرہ غازی خان: سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات کا جائزہ

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر،جواد اکبر) ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان نے دریائے سندھ کے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے رند اڈا کے علاوہ فلڈ ریلیف کیمپس اور بنیادی مراکز صحت سرور والی اور سمینہ کا بھی دورہ کیا، جہاں سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کا بغور معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ فیلڈ ٹیموں کو ہنگامی صورتحال کے لیے مکمل طور پر متحرک رہنے کی ہدایات جاری کیں۔

    تیمور عثمان نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں موجود عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم کے مطابق تمام محکمے، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

  • لاہور-سیالکوٹ ریلوے سیکشن پر ٹرینوں میں رش، انتظامیہ نےوفاقی وزیر کے احکامات ہوا میں اُڑا دیئے

    لاہور-سیالکوٹ ریلوے سیکشن پر ٹرینوں میں رش، انتظامیہ نےوفاقی وزیر کے احکامات ہوا میں اُڑا دیئے

    نارنگ منڈی (نامہ نگار،محمد وقاص قمر) ریلوے انتظامیہ نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے احکامات کو پس پشت ڈالتے ہوئے لاہور، نارنگ، نارووال، سیالکوٹ سیکشن پر چلنے والی ٹرینوں میں بوگیوں کا اضافہ نہیں کیا۔ اس غفلت کے نتیجے میں مسافر شدید رش میں سفر کرنے پر مجبور ہیں اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔

    وفاقی وزیر نے 15 اگست سے اس سیکشن کی تمام ٹرینوں کی بوگیوں کی تعداد کم از کم 10 کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوچکا تھا، مگر اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔ شدید رش کی وجہ سے مسافروں کو نہ صرف سخت دشواری کا سامنا ہے بلکہ معمولی بات پر لڑائی جھگڑے بھی معمول بن چکے ہیں۔ شدید گرمی میں متعدد خواتین بے ہوش ہوچکی ہیں۔

    رات کو چلنے والی ٹرینوں پر بھی مسافر اندھیرے میں انجن کے ساتھ لٹک کر اور چھتوں پر بیٹھ کر سفر کرتے ہیں، جو کسی بھی وقت ایک بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ اہل علاقہ نے وفاقی وزیر حنیف عباسی سے فوری طور پر جاری شدہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کروانے اور ہر ٹرین کے ساتھ 10 بوگیاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے، جن میں سے تین صرف خواتین کے لیے مختص کی جائیں تاکہ ان کا سفر محفوظ اور آسان ہو۔

  • اوکاڑہ: پنجاب لینڈ ریکارڈ، اراضی معاون سروس شروع

    اوکاڑہ: پنجاب لینڈ ریکارڈ، اراضی معاون سروس شروع

    اوکاڑہ (نامہ نگار)حکومت پنجاب کے ایک نئے اقدام کے تحت پنجاب لینڈ ریکارڈ کی جانب سے اراضی کے فوری انتقالات اور فردات کے اجراء کے لیے "اراضی معاون” کی خدمات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    اس نئی سروس کے تحت، حکومت سے منظور شدہ فرنچائز اونر کسی بھی وقت اراضی کے انتقالات اور فرد کے فوری اجراء کا اختیار رکھیں گے۔ اراضی ریکارڈ سنٹر اوکاڑہ کے انچارج کے مطابق یہ ایک خوش آئند قدم ہے، جس کے ذریعے شہری دفتری اوقات کے بعد بھی اپنی ضروریات پوری کر سکیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں اس سروس میں مزید بہتری لائی جائے گی تاکہ شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات پیدا کی جا سکیں۔ ابتدائی طور پر اس سروس سے فائدہ اٹھانے والے شہری کافی مطمئن ہیں اور انہوں نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہا ہے۔