Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • میرپورخاص: انجمن سرفروشان اسلام کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی

    میرپورخاص: انجمن سرفروشان اسلام کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشان اسلام میرپورخاص کی جانب سے پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت کے لئے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی مقامی پریس کلب، حیدرآباد روڈ پر پہنچی، جہاں عوام کا جوش و جذبہ قابل دید تھا۔

    ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انجمن سرفروشان اسلام میرپورخاص کے امیر اعجاز قادری نے کہا کہ ازلی دشمن بھارت ہمیشہ رات کے اندھیرے میں بزدلانہ وار کرتا ہے، لیکن الحمد للہ پاکستان کی بہادر افواج نے مودی سرکار اور بھارتی فوج کو ایسا دندان شکن جواب دیا ہے کہ وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ انجمن سرفروشان اسلام ہمیشہ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ہر قدم پر فوج کا ساتھ دیتی رہے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انجمن کے بانی و سرپرست حضرت سیدنا ریاض احمد گوہر شاہی کا یہ پیغام ہے کہ پاکستان ایک ابدی حقیقت ہے اور انشاء اللہ وقت قریب ہے جب دنیا کے بڑے فیصلے پاکستان کی رضا و مخالفت سے مشروط ہوں گے۔

    ریلی کے دوران شرکاء نے "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ آخر میں وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور افواج پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جس کے ساتھ ریلی پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔

  • آپریشن بنیان مرصوص،پاکستانی شاہینوں نے دشمن کے پرخچے اُڑا دیئے

    آپریشن بنیان مرصوص،پاکستانی شاہینوں نے دشمن کے پرخچے اُڑا دیئے

    آپریشن بنیان مرصوص،پاکستانی شاہینوں نے دشمن کے پرخچے اُڑا دیئے
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
    آپریشن بنیان مرصوص کا نام قرآن پاک کی سورۃ الصف آیت (61:4) سے ماخوذ ہے جس میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
    "إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الَّذِينَ يُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِهِ صَفًّا كَأَنَّهُمْ بُنْيَانٌ مَرْصُوصٌ”
    ترجمہ: "بے شک اللہ تعالیٰ ان لوگوں سے محبت کرتا ہے جو اس کی راہ میں اس طرح لڑتے ہیں کہ گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔”
    یہ آیت مومنین کی استقامت، اتحاد اور اللہ کی راہ میں جہاد کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستانی فوج نے اس آپریشن کا نام "بنیان مرصوص” رکھ کر اس قرآنی پیغام کو اپنایا کہ پاکستانی قوم اور اس کی فوج ایک مضبوط، ناقابل تسخیر دیوار کی مانند ہے جو دشمن کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرتی ہے۔ یہ نام نہ صرف عسکری عزم کی علامت ہے بلکہ پاکستانی قوم کے ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے کی بھی ترجمانی کرتا ہے۔

    گذشتہ رات بھارت نے پاکستان پر بڑا حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اس نے پاکستان کی تین اہم ایئر بیسز نورخان، مرید ائیربیس چکوال اور شورکوٹ پر میزائل داغے۔ لیکن پاکستانی فوج کے چوکس ایئر ڈیفنس سسٹم اور افواج نے ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔ بھارت کی یہ جارحیت پاکستان کے لیے ایک چیلنج تھی لیکن پاک فوج نے اس کا جواب آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دیا۔ اس آپریشن میں پاکستانی شاہینوں نے بھارت کے فوجی اڈوں، اسلحہ ڈپوؤں اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا اور بھارت کو بھاری نقصان پہنچایا۔

    پاکستانی فوج نے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھارت کی فوجی طاقت کو شدید نقصان پہنچایا۔ پاکستانی فتح ون میزائلوں نے ادھم پور ایئر بیس اور پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ یہ میزائل 120 کلومیٹر تک درست نشانہ لگا سکتے ہیں اور جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ہیں۔ ان میزائلوں کو شہید پاکستانی بچوں کے ناموں سے منسوب کیا گیا جو پاکستانی قوم کے جذبے کی علامت ہیں۔ بیاس اور نگروٹا میں بھارتی براہموس میزائلوں کے اسٹوریج ڈپو بھی تباہ کر دیے گئے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی چیک پوسٹس جیسے ربتانوالی، ڈنہ، خواجہ بھیک کمپلیکس اور رنگ کنٹوئر مکمل طور پر نیست و نابود کر دیئے گئے۔ اس کے علاوہ سرسا ایئر فیلڈ، سورت ایئر فیلڈ، چنڈی گڑھ ویپن ڈپو، بھٹنڈا ایئر فیلڈ، اکھنور ایوی ایشن بیس، برنالہ ایئر فیلڈ، بھوج ایئر بیس، نعل ایئر بیس، اترلائی ایئر بیس اور فلودی ملٹری بیس کو بھی پاکستانی فوج نے تباہ کر دیا۔ پاکستانی میڈیا نے ان مقامات کی تباہی کی فوٹیج دکھائی جو پاکستانی شاہینوں کی کامیابی کا واضح ثبوت ہیں۔

    پاک فضائیہ نے بھارتی جنگی طیاروں اور ڈرونز کو بھی بھاری نقصان پہنچایا۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق، 3 رافیل، ایک سوخوئی، ایک مگ29 اور تقریباَََ80 اسرائیلی ساختہ ہروپ ڈرونز مار گرائے گئے۔ امریکی میڈیا نے فرانسیسی انٹیلی جنس کے حوالے سے ایک رافیل کی تباہی کی تصدیق کی۔ پاکستانی ڈرونز نے نئی دہلی کی فضائی حدود میں پروازیں کیں، جس سے بھارتی ایئر ڈیفنس سسٹم کی ناکامی واضح ہوئی۔ اس کے علاوہ پاک فوج نے بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹرز جیسے بھمبر گلی اور بھارتی فوج کے جی ٹاپ کو بھی تباہ کر دیا۔ پاکستانی JF-17 تھنڈر طیاروں نے ادھم پور میں بھارت کے S-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو نشانہ بناکر تباہ کردیا، جس کی مالیت 1.5 بلین ڈالر تھی۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ان کا S-400 سسٹم کامیاب رہا لیکن پاکستانی حملوں کی کامیابی نے اس دعوے کو جھوٹا ثابت کر دیا۔

    آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فوج نے سائبر جنگ کے میدان میں بھی بھارت کو بھاری نقصان پہنچایا۔ پاکستانی سائبر حملوں نے بھارت کے 70 فیصد بجلی کے گرڈ اسٹیشنزکو ناکارہ کر دیا۔ بھارتی ملٹری سیٹلائٹ کو جام کیا گیا اور 2500 سرویلنس کیمرے ہیک کر لیے گئے۔ بھارتی دفاعی اور معاشی ویب سائٹس کو بھی پاکستانی سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ دہرنگیارہ آرٹلری گن پوزیشن اور سری نگر ایئر بیس کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ یہ کارروائیاں پاکستانی فوج کی جدید ٹیکنالوجی اور بہترحکمت عملی کاواضح ثبوت ہیں۔

    اس آپریشن کی کامیابی میں پاکستانی قوم، سول اور عسکری قیادت کی یکجہتی نے اہم کردار ادا کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نماز فجر کے بعد سورۃ الصف کی تلاوت کی اور قوم سے دعاؤں کی اپیل کی، جس سے قومی جذبہ بلند ہوا۔ پاکستانی سیاسی رہنماؤں جن میں وزیراعظم بھی شامل ہیں نے فوج کی مکمل حمایت کی اور بھارتی جارحیت کی مذمت کی۔ پاکستانی عوام نے سوشل میڈیا پر اپنی فوج کی حمایت میں پوسٹس کیں اور بھارت کے خلاف آواز اٹھائی۔ پاکستانی میڈیا نے آپریشن کی کامیابیوں کو خوب اجاگر کیا، جس سے قوم کا مورال مزیدبلند ہوا۔

    دوسری طرف بھارت میں حالات بالکل مختلف تھے۔ پاکستانی حملوں کے بعد بھارت کے بڑے شہروں نئی دہلی، ممبئی اور کولکتہ میں وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے مودی اور امیت شاہ کو گالیاں دیں اور ان کی پالیسیوں کو ناکام قرار دیا۔ X(سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹس کے مطابق بھارتی عوام نے مودی کی خارجہ پالیسی کو "غرور پر مبنی” اور "تباہ کن” کہا۔ یہ مظاہرے بھارتی فوج کی ناکامی اور پاکستانی حملوں کے باعث نفسیاتی اثرات کا نتیجہ تھے۔ بھارتی قیادت پر عوام کا اعتماد کمزور ہوا اور اندرونی سیاسی دباؤ بڑھ گیا۔

    پاکستان اور بھارت کے حالات کا تقابل کریں تو فرق واضح ہے۔ پاکستان میں قوم اور فوج ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد رہے جبکہ بھارت میں عوام اپنی قیادت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ پاکستانی فوج کی کامیابی کے ثبوت پاکستانی میڈیا کی رپورٹس، عالمی میڈیا کی کوریج، اور بھارتی میڈیا کی جزوی تصدیق سے ملتے ہیں۔ پاکستانی صارفین نے سوشل میڈیا پر فتح ون میزائلوں اور JF-17 طیاروں کی کارروائیوں کی ویڈیوز شیئر کیں جو قومی فخر کا باعث بنیں۔

    آپریشن بنیان مرصوص نہ صرف پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے بلکہ یہ قومی اتحاد، ایمان اور قربانی کے جذبے کی روشن علامت بھی ہے۔ قرآن کے پیغام پر عمل کرتے ہوئے پاکستانی قوم اور اس کی فوج نے دشمن کے خلاف ایک ناقابل تسخیر دیوار بن کر کھڑے ہو جانے کا عملی مظاہرہ کیا۔ یہ آپریشن اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ جب قوم، قیادت اور ادارے ایک صف میں کھڑے ہو جائیں تو کوئی دشمن ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ آج کا پاکستان دفاعی طور پر مضبوط، تکنیکی طور پر جدید اور نظریاتی طور پر واضح ہے اور یہ سب کچھ اس قرآنی تصور "بنیان مرصوص” کے عملی اظہار سے ممکن ہوا۔

    پاکستان زندہ باد!
    پاک فوج پائندہ باد!

  • بھارتی سازش ناکام، پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کی ایک ارب ڈالر قسط منظور

    بھارتی سازش ناکام، پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کی ایک ارب ڈالر قسط منظور

    عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت کی جانب سے پاکستان کے قرض پروگرام پر اثر انداز ہونے کی بھرپور کوششیں جاری تھیں، تاہم ان تمام سفارتی چالوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ اجلاس میں پاکستان کی معاشی کارکردگی، اصلاحاتی اقدامات اور مالیاتی نظم و ضبط کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد قسط کی منظوری دی گئی۔ پاکستان نے اپنے وعدوں کے مطابق مختلف معاشی اصلاحات کیں جن میں ٹیکس اصلاحات، توانائی شعبے کی بہتری اور مالی خسارے پر قابو پانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

    یہ قسط پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے اور معاشی استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ماہرین کے مطابق اس منظوری سے نہ صرف عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ یہ فیصلہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بھی بنے گا۔

  • قوم کے اتحاد  کیلئے حکومت اے پی سی بلائے: عثمان ڈار

    قوم کے اتحاد کیلئے حکومت اے پی سی بلائے: عثمان ڈار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) سابق مشیر برائے وزیراعظم امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر حکومت کو فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہیے اور سابق وزیراعظم عمران خان کو رہا کر کے قومی مشاورت میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر قوم اپنے رہنماؤں کو متحد دیکھے تو وہ دشمن کے مقابلے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ جوش اور ولولے کے ساتھ افواج پاکستان کے پیچھے اور دشمن کے سامنے کھڑی ہوگی۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان اس وقت جن نازک حالات سے گزر رہا ہے، وہ قومی یکجہتی کا متقاضی ہے، لیکن افسوس ہے کہ موجودہ حکومت کسی قومی اتفاق رائے کی طرف قدم نہیں بڑھا رہی۔ اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ قومی اتحاد کی کنجی اڈیالہ جیل میں ایک بے گناہ قیدی کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن سے جنگ صرف ٹینکوں اور میزائلوں سے نہیں، بلکہ جذبۂ اتحاد سے بھی جیتی جاتی ہے۔

    انہوں نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کے اوچھے ہتھکنڈے پاکستانی قوم کو مرعوب نہیں کر سکتے۔ پی ٹی آئی کا ہر کارکن وطن عزیز کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ہے۔ پوری قوم متحد ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: گورنر پنجاب سے میاں محمد عظیم کے صاحبزادے محمد عالیان عظیم کی ملاقات

    سیالکوٹ: گورنر پنجاب سے میاں محمد عظیم کے صاحبزادے محمد عالیان عظیم کی ملاقات

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے فنانس سیکرٹری میاں محمد عظیم کے صاحبزادے محمد عالیان عظیم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر محمد عالیان عظیم نے گورنر پنجاب کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ گورنر سردار سلیم حیدر خان نے ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے انہیں گورنر ہاؤس آنے کی باقاعدہ دعوت دی۔

    محمد عالیان عظیم کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب سے ملاقات ان کے لیے باعثِ مسرت ہے، ان شاء اللہ جلد اپنے والد میاں محمد عظیم کے ہمراہ گورنر ہاؤس کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کی مہمان نوازی اور خلوص پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • سیالکوٹ:بھارت کی حیوانیت، پاک فضائیہ کا منہ توڑ جواب .مجسم زرخیزانورخان

    سیالکوٹ:بھارت کی حیوانیت، پاک فضائیہ کا منہ توڑ جواب .مجسم زرخیزانورخان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) انصاف لائرز فورم کے سابق ضلعی صدر مجسم زرخیز انور خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے نہتے پاکستانی شہریوں اور مساجد پر حملے حیوانیت اور بزدلی کی بدترین مثال ہیں۔ بھارت نے رات کے اندھیرے میں معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، جو اس کی مکاری اور خوفزدہ ذہنیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اب تک بھارت کے 5 جنگی طیارے اور 20 سے زائد ڈرونز مار گرائے ہیں، جو ہماری دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ ہے۔

    انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی سویلین آبادی پر بلا جواز حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی بارڈر کی صریح خلاف ورزی اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ بھارت اشتعال انگیزی کے ذریعے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ نہتے شہریوں پر ڈرون، میزائل اور فائرنگ سے حملے ناقابل معافی جرم ہیں۔

    مجسم زرخیز انور خان ایڈووکیٹ نے افواجِ پاکستان کے تحمل، معاملہ فہمی اور ذمہ دارانہ ردعمل کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے دنیا کو امن پسندی کا پیغام دیا، لیکن پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے، اب وقت ہے کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرے کیونکہ موجودہ حالات میں پاکستان کو ایک بہادر، نڈر اور جرات مند قیادت کی ضرورت ہے، اور وہ قیادت صرف عمران خان فراہم کر سکتے ہیں۔

  • ننکانہ : ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق

    ننکانہ : ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلعی ہیڈ کوارٹر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا جس میں ریسکیورز نے انتہائی کٹھن حالات میں بروقت ایمرجنسی رسپانس، سٹریٹجک پلاننگ اور پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب و چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی محمد تسلیم اختر راؤ نے ایکسرسائز کا جائزہ لیا اور ریسکیو افسران و اہلکاروں کی جذبے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فوری ردِ عمل کی صلاحیت کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام ادارے ہمہ وقت مستعد اور وسائل کو فعال رکھیں تاکہ کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ اپنی متعین کردہ ذمہ داریوں کو بہتر کوارڈینیشن اور پیشہ ورانہ انداز میں سر انجام دیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

  • چنیوٹ: مردہ جانور کا گوشت سپلائی کرنے والا شخص گرفتار

    چنیوٹ: مردہ جانور کا گوشت سپلائی کرنے والا شخص گرفتار

    چنیوٹ (نامہ نگارحافظ حسن معاویہ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا کی سربراہی میں چنیوٹ شہر اور بھوانہ میں خفیہ اطلاعات پر مضر صحت اور غیر معیاری گوشت کے خلاف نتیجہ خیز کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

    کارروائی کے دوران بھوانہ میں ایک شخص کو رات گئے مردہ جانور کا گوشت ترسیل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جس کے خلاف تھانہ بھوانہ میں مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

    مزید چھاپوں میں علی الصبح ایک غیر قانونی مذبح خانے سے بدبودار اور ناقص گوشت برآمد ہوا، جبکہ ایک پولٹری شاپ پر بیمار اور مطلوبہ وزن سے کم مرغیاں پائے جانے پر دو لاکھ روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مجموعی طور پر 110 کلو گرام مضر صحت اور بدبودار گوشت تلف کرا دیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک خوراک تیار کرنے والوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • افواجِ پاکستان کی جرات مندی اور قومی یکجہتی، دشمن کو منہ توڑ جواب

    افواجِ پاکستان کی جرات مندی اور قومی یکجہتی، دشمن کو منہ توڑ جواب

    افواجِ پاکستان کی جرات مندی اور قومی یکجہتی، دشمن کو منہ توڑ جواب
    تحریر:سید ریاض حسین جاذب
    پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ صرف ایک پرامن ملک ہے بلکہ دفاعِ وطن کے لیے ہر لمحہ تیار اور چوکس بھی ہے۔ حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف جس مؤثر اور بروقت ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا، اس نے نہ صرف دشمن کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ پوری قوم کو افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ لاکھڑا کیا۔

    بھارت جو کہ اپنے جنگی جنون اور ہٹ دھرمی کے باعث خطے کے امن و استحکام کے لیے مستقل خطرہ بنا ہوا ہے، نے ایک بار پھر شرانگیزی کی کوشش کی۔ مگر پاکستان نے نہایت ذمہ داری، پیشہ ورانہ مہارت اور تدبر کے ساتھ نہ صرف دفاع کیا بلکہ دشمن کو ایسا کرارا جواب دیا کہ اسے اپنی جارحیت پر پچھتانا پڑا۔

    پاکستانی قوم کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی وطن کو خطرات لاحق ہوئے، قوم نے افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ آج بھی یہی جذبہ دیکھنے میں آیا۔ پوری قوم، سیاسی جماعتیں، سول سوسائٹی اور ہر طبقۂ فکر، تمام تر اختلافات کے باوجود، افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    افواجِ پاکستان کا مورال بلند ہے۔ ہمارے جوان سرحدوں پر پوری تیاری کے ساتھ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے مستعد ہیں۔ بھارت، جو یہ سمجھ رہا تھا کہ پاکستان کو کمزور کر کے اپنی چودھراہٹ جما لے گا، اس کی یہ خوش فہمی خاک میں مل چکی ہے۔ پاکستانی سپاہ نے جس جرات، حوصلے اور مہارت سے دشمن کو جواب دیا، وہ تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا۔

    اس صورتحال میں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان نے ہر قدم پر بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو ملحوظِ خاطر رکھا۔ پاکستان نے نہ صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا بلکہ شہریوں کے تحفظ کو بھی اولین ترجیح دی، جو ایک مہذب اور ذمہ دار ریاست کا شیوہ ہے۔ اس کے برعکس، بھارت کی جانب سے شہری آبادی، مساجد، اور مدارس پر حملے واضح طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

    افواجِ پاکستان نے دشمن کو عسکری، سفارتی اور نفسیاتی سطح پر مکمل شکست دی۔ بھارت کو اپنے اقدامات کی بدولت سفارتی محاذ پر بھی سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے خطے میں کشیدگی پر تشویش ظاہر کی اور بھارت کو تحمل سے کام لینے کی تلقین کی۔

    عسکری محاذ پر نقصان کے ساتھ ساتھ بھارت کی داخلی سیاست اور معیشت بھی اس مہم جوئی کا شکار ہو گئی۔ جنگی جنون نے بھارتی عوام کو مہنگائی، خوف، اور عدم تحفظ کے گہرے سائے میں دھکیل دیا ہے۔ متعدد شہروں میں مظاہرے ہو رہے ہیں جہاں عوام حکومت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

    پاکستان میں اس صورتحال نے ایک نیا قومی شعور بیدار کیا ہے۔ نوجوان نسل، جو سوشل میڈیا کے ذریعے زیادہ باخبر اور متحرک ہے، بڑھ چڑھ کر دفاعِ وطن کے بیانیے کی حمایت کر رہی ہے۔ ادبی، ثقافتی اور میڈیا کے حلقے بھی قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات کو فروغ دے رہے ہیں۔ شاعری، ترانے، اور وی لاگز کے ذریعے نوجوان نسل جذبہ حب الوطنی کو نئی جہت دے رہی ہے۔

    یہ امر نہایت خوش آئند ہے کہ اس نازک مرحلے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں باہم متحد نظر آئیں۔ قومی سلامتی اور خودمختاری کے معاملات پر مکمل اتفاق رائے سامنے آیا، جو کہ ایک مثبت اشارہ ہے کہ قوم اپنے نظریاتی اختلافات کے باوجود وطن عزیز کے دفاع پر یک زبان ہے۔

    پاکستان کا پیغام واضح اور دوٹوک ہے: ہم امن کے خواہاں ہیں، مگر اپنی خودداری اور عزت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اگر دشمن نے دوبارہ کوئی مہم جوئی کی تو وہ پہلے سے زیادہ تباہ کن نتائج کے لیے تیار رہے۔

    قوم اور افواجِ پاکستان کا رشتہ بے مثال ہے۔ یہی اتحاد ہماری اصل طاقت ہے، جو دشمن کی ہر چال، ہر پروپیگنڈے اور ہر سازش کو ناکام بناتا رہے گا۔

    پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد!

  • جنگ کا میدان اور پاکستان کا ماسٹرسٹروک

    جنگ کا میدان اور پاکستان کا ماسٹرسٹروک

    جنگ کا میدان اور پاکستان کا ماسٹرسٹروک
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
    جنوبی ایشیا کے خطے میں دو ایٹمی طاقتیں برسوں سے ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل ہیں،یہ خطہ ایک بار پھر کشیدگی کی لپیٹ میں ہے۔ پاک بھارت تنازعہ اس وقت ایک نازک موڑ پر ہے۔ بھارت کی حالیہ جارحیت نے نہ صرف خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا بلکہ پاکستان کی جانب سے ملنے والے منہ توڑ جواب نے عالمی مبصرین کو بھی حیران کر دیا ہے۔ یہ صرف ایک عسکری مقابلہ نہیں ہے بلکہ ایک ایسی نفسیاتی، سفارتی اور حکمت عملی کی جنگ ہے جس میں پاکستان نے اپنے مدمقابل کو چاروں شانے چت کر دیا ہے۔ آئیے اس تنازعہ کے پس منظر، تازہ ترین مصدقہ و غیر مصدقہ خبروں اور پاکستان کی شاندار جوابی کارروائیوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں کہ کیسے پاکستان نے اپنا ماسٹرسٹروک کھیلا اور جنگی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں لکھوا لیا۔

    6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب، بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان کی سرزمین پر بزدلانہ حملے کیے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے اپنی فضائی حدود سے بہاولپور، کوٹلی، مظفرآباد، باغ، اور مریدکے میں میزائل داغے، جن کا ہدف معصوم سویلین آبادی تھی۔ ان حملوں میں 31 پاکستانی شہری شہید اور 71 زخمی ہوئے، جن میں خواتین، بچے اور بوڑھے شامل تھے۔ بہاولپور کی مسجد سبحان اللہ، کوٹلی کی مسجد عباس اور مریدکے کی مسجد ام القرا سمیت عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا جو بھارت کی سفاکی اور غیر انسانی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے اسے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اسے "بزدلانہ اور شرمناک” حملہ کہا۔

    لیکن بھارت کی یہ جارحیت اس کے لیے الٹی پڑ گئی۔ پاکستان نے سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کی بجائے بھارتی فوجی اہداف پر فوری اور فیصلہ کن جوابی وار کیا۔ پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی جھٹکے میں بھارت کے پانچ لڑاکا طیاروں کو ان کے اپنے گھر میں مار گرایا۔ ان میں تین جدید رافیل طیارے، ایک مگ 29 اور ایک سخوئی 30 شامل تھے جو بھٹنڈا، جموں، ایوانتی پورہ، اکھنور اور سری نگر میں تباہ ہوئے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این اور ایک فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار نے ایک رافیل طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق کی جبکہ بھارتی حکام نے بھی تین طیاروں کے گرنے کا اعتراف کیا اگرچہ وہ تفصیلات دینے سے گریزاں ہیں۔ پاک فضائیہ نے نہ صرف بھارتی فضائی برتری کے دعوؤں کو خاک میں ملایا بلکہ رافیل طیاروں کی فرانسیسی کمپنی کے عالمی مارکیٹ میں شیئرز کو بھی گرا دیا۔

    اگلے دن یعنی 7 مئی کو بھارت نے اپنی بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ Heron MK 2 ڈرونز کے ذریعے پاکستان پر حملوں کی کوشش کی۔ یہ ڈرونز جو 35 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑتے ہیں اور برطانوی کمپنی UAV Engines LTD کے بنائے ہوئے انجنوں سے لیس ہیں، سٹیلتھ ٹیکنالوجی کی وجہ سے روایتی انٹی ایئرکرافٹ گن سے ٹارگٹ کرنا مشکل ہوتے ہیں۔ لیکن پاکستان کے مضبوط ایئر ڈیفنس سسٹم نے دنیا کو حیران کر دیا۔ پاک فوج نے تقریباََ77 زائد اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو مار گرایا، جن میں سے کچھ کو جام کرکے اور کچھ کو ہٹ کرکے تباہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ پہلا موقع تھا کہ Heron MK 2 جیسا جدید ڈرون کسی جنگ میں مار گرایا گیا جو پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم کی غیر معمولی صلاحیت کا ثبوت ہے۔ ایکس(سابقہ ٹویٹر) پر گردش کرنے والی پوسٹس کے مطابق پاکستان نے اب تک 12 سے 25 ہیراپ ڈرونز کا ملبہ جمع کر لیا ہے جو بھارت کی ناکامی کی داستان رقم کر رہا ہے۔

    پاکستان کی جوابی کارروائی یہیں ختم نہیں ہوئی۔ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس میں دودنیال، منڈل اور کوٹ کٹھیرا سیکٹرز میں بھارتی پوسٹس، ایک انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور 6 مہار بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ کر دیے گئے۔ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں اعلان کیا کہ ایل او سی پر 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے، جبکہ متعدد چوکیوں پر سفید جھنڈے لہرا کر شکست تسلیم کی گئی۔ یہ وہی بھارت ہے جو رافیل طیاروں اور اسرائیلی ڈرونز پر ناز کرتا تھا لیکن پاکستان نے اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

    اس تنازع میں پاکستان کی سفارتی کامیابی بھی قابل ذکر ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی اور پاک فوج کو مکمل اختیار دیا کہ وہ دشمن کو منہ توڑ جواب دے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور آبی جارحیت کے خلاف آواز اٹھائی، جسے عالمی برادری نے سنجیدگی سے لیا۔ چین نے پاکستان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور بھارت کو خبردار کیا کہ وہ پاکستان کی سالمیت کو چیلنج نہ کرے۔ آذربائیجان نے بھی کھل کر پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا اور بھارت کی جارحیت کی شدید مذمت کی، یہ کہتے ہوئے کہ پاکستان کے عوام کے ساتھ اس کی مکمل یکجہتی ہے۔ ترکی نے بھی بھارت کے حملوں کو "شرمناک” قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت تنازع میں غیر جانبدار رہنے کا اعلان کیا، دونوں ممالک سے مذاکرات کے ذریعے تنازع حل کرنے کی اپیل کی۔ ان سفارتی کامیابیوں نے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مضبوط کیا جبکہ بھارت کو تنہائی کا سامنا ہے۔

    سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبروں نے بھی اس تنازع کو ایک نیا رنگ دیا۔ ایکس(سابقہ ٹویٹر) پر کچھ صارفین نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی ٹینک بھارتی حدود میں داخل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر نے بھارتی چیک پوسٹس کی تباہی کی ویڈیوز شیئر کیں۔ اگرچہ یہ دعوے غیر مصدقہ ہیں لیکن انہوں نے بھارت کے اندر خوف کی فضا کو تقویت دی اور پاکستانی عوام کا مورال بلند کیا۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے میمز کے ذریعے بھارت کے "کاغذی شیر” ہونے کا مذاق اڑایا اور مودی کو نیتن یاہو کا "نالائق شاگرد” قرار دیا۔ یہ نفسیاتی جنگ پاکستان کے حق میں گئی کیونکہ بھارتی سوشل میڈیا دفاعی پوزیشن میں دکھائی دیا۔

    بھارت کی حکمت عملی اس وقت ناکام ہو چکی ہے۔ مودی حکومت جو نیتن یاہو کے مشوروں پر چل رہی ہے، اپنی جارحانہ پالیسیوں کے جال میں پھنس گئی ہے۔ بھارت نے نہ صرف کشمیر کے خصوصی درجے کو ختم کیا بلکہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ جیسے اہم ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچایا جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ لیکن پاکستان نے اس کا جواب عسکری، سفارتی، اور نفسیاتی سطح پر دیا۔ پاک فضائیہ کے جے-10 سی اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں اور ایچ کیو-9 میزائلوں نے بھارتی فضائی برتری کو چیلنج کیا جبکہ پاکستانی قیادت نے عالمی فورمز پر بھارت کو بے نقاب کیا۔

    اس تنازعہ کا انسانی پہلو سب سے زیادہ دل خراش ہے۔ بھارت کے حملوں میں شہید ہونے والوں میں دو تین سال کی بچیاں، خواتین اور معصوم بچے شامل ہیں۔ مریدکے میں ایک سرکاری سکول اور ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا جو بھارت کی غیر انسانی سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے اپنی جوابی کارروائیوں میں صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جو اس کی اخلاقی برتری کا ثبوت ہے۔ لیکن یہ جنگ صرف فوجی یا سفارتی نہیں بلکہ ایک ایسی نسل کی بقا کی جنگ ہے جو امن، تعلیم اور ترقی کے خواب دیکھتی ہے۔

    پاکستان کا ماسٹرسٹروک اس کی عسکری تیاری، سفارتی چالاکی اور نفسیاتی جنگ کا ایک شاندار امتزاج ہے۔ پاک فضائیہ نے بھارتی رافیل طیاروں کو مار گرا کر ثابت کیا کہ کوئی بھی ٹیکنالوجی پاکستانی عزم کے سامنے نہیں ٹھہر سکتی۔ پاک فوج نے اسرائیلی Heron MK 2 ڈرونز کو تباہ کر کے دنیا کو بتا دیا کہ اس کا ایئر ڈیفنس سسٹم ناقابل تسخیر ہے اور پاکستانی قیادت نے چین، آذربائیجان اور ترکی جیسے اتحادیوں کی حمایت حاصل کر کے عالمی سطح پر اپنی طاقت کا لوہا منوایا۔

    یہ جنگی تاریخ کا وہ سنہری لمحہ ہے جہاں پاکستان نے نہ صرف اپنے مدمقابل کو شکست دی بلکہ عالمی برادری کو اپنی حکمت عملی اور جرات سے متاثر کیا۔ جس طرح پاکستانی فوج نے ایک کے بعد ایک ماسٹرسٹروک کھیل کر بھارت کے غرور کو چکنا چور کیا، اس نے پاکستانی عوام کے دلوں میں ایک نیا جوش اور اعتماد بھر دیا ہے۔ پاکستانی قوم کو اپنی بہادر فوج اور دور اندیش قیادت پر مکمل بھروسہ ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں بھی کوئی ایسی چال نہیں چلیں گے جو اس قوم کے سر کو جھکنے پر مجبور کرے۔

    یہ قوم جانتی ہے کہ اس کے محافظ نہ صرف سرحدوں پر چوکنا ہیں بلکہ ہر محاذ پر دشمن کو عبرتناک سبق سکھانے کے لیے تیار ہیں۔ یہ پاکستان کا وقت ہے اور یہ ماسٹرسٹروک صرف ایک چال نہیں بلکہ ایک ایسی تاریخ ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنے گی۔