Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گھوٹکی: سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ، حفاظتی اقدامات کی تیاری

    گھوٹکی: سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ، حفاظتی اقدامات کی تیاری

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری)ملک کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ضلع گھوٹکی کے سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور میونسپل عملے کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران، محکمہ صحت، میونسپل، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، سول ڈیفنس، سوشل ویلفیئر، ٹرانسپورٹ اور اطلاعات کے افسران سمیت صنعتی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کو انتہائی ضروری قرار دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔

    انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو الرٹ رکھا جائے اور ایمبولینسز اور ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورت حال میں عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

    اس کے علاوہ، اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے تحصیل سطح پر جامع کنٹیجنسی پلان تیار کریں اور یونین کونسل سطح پر سائرن سسٹم کو فعال کریں۔ صنعتی اداروں کے نمائندوں سے کہا گیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی تفصیلات فراہم کریں تاکہ ان کو پلان میں شامل کیا جا سکے۔

    اجلاس میں ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے عوام کو اطمینان دلایا کہ خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ ہنگامی حالات کے لیے تیاریاں صرف احتیاطی تدابیر ہیں، اور عوام کو سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں سے گریز کرنا چاہیے اور خبروں کی تصدیق کرنی چاہیے تاکہ کسی بھی من گھڑت اطلاعات سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

  • ڈسکہ: مرکزی جمعیت اہلحدیث کی پاک فوج سے یکجہتی ریلی، بھارتی جارحیت کی مذمت

    ڈسکہ: مرکزی جمعیت اہلحدیث کی پاک فوج سے یکجہتی ریلی، بھارتی جارحیت کی مذمت

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مرکزی جمعیت اہلحدیث کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جو جامعہ عزیزیہ اہلحدیث سے نماز جمعہ کے بعد شروع ہو کر کچہری چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔

    ریلی کی قیادت نائب صوبائی امیر حافظ عبدالغفار نے کی، جنہوں نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں بھارتی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے جہاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ریلی کے اختتام پر کچہری چوک میں مرکزی امیر سینیٹر علامہ ساجد میر کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔

  • میرپورخاص: سول ڈیفنس و ریسکیو 1122 کی پاک فوج سے یکجہتی ریلی

    میرپورخاص: سول ڈیفنس و ریسکیو 1122 کی پاک فوج سے یکجہتی ریلی

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) محکمہ شہری دفاع، ریسکیو 1122 اور سول سوسائٹی کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے اسٹیشن چوک سے مارکیٹ چوک تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کنٹرولر سول ڈیفنس فہیم میمن نے کی۔

    ریلی میں ریسکیو 1122، آل پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر فیصل زئی، ڈپٹی گروپ وارڈن سید دانش علی، خلیل غوری، عبد الحمید شیخ، خلیل اللہ خان سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے بھارت کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور "پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

    شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور افواجِ پاکستان کی حمایت میں بینرز اٹھا رکھے تھے، اور وطن کی سلامتی، فوج کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

  • میرپورخاص: ایم کیو ایم وفد کی حیسکو حکام سے ملاقات، 3 روز میں رپورٹ طلب

    میرپورخاص: ایم کیو ایم وفد کی حیسکو حکام سے ملاقات، 3 روز میں رپورٹ طلب

    میرپورخاص (باغی ٹی نامہ نگارسید شاہزیب شاہ کی رپورٹ ) حق پرست رکن قومی اسمبلی و ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے واٹر اینڈ پاور سید وسیم حسین نے ایم کیو ایم رہنماؤں کے ہمراہ حیسکو ایس ای امیر احمد میمن، کمرشل مینیجر آصف میمن، ایکسئینز، ایس ڈی اوز اور دیگر افسران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں میرپورخاص میں بجلی کی بلاجواز بندش، ڈیڈیکشن بلوں کی عدم درستگی اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تین دن کے اندر رپورٹ طلب کرلی گئی۔

    سید وسیم حسین نے کہا کہ حیسکو چیف سے مشاورت کے بعد نیا لوڈشیڈنگ شیڈول ترتیب دیا جائے گا تاکہ عوام شدید گرمی میں ریلیف حاصل کر سکیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم میرپورخاص دفتر میں کیمپ آفس کے قیام کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ وہ ہر ماہ میرپورخاص کا دورہ کریں گے۔

    ڈاکٹر ظفر کمالی نے کہا کہ ناقص بلنگ نے صارفین کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جبکہ رکن ایس ٹی سی شفیق احمد اور ضلعی انچارج خالد تبسم نے بھی عوامی مسائل پر آواز بلند کی۔ قبل ازیں حیسکو ایس ای نے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی اور اجرک و گلدستے پیش کیے۔

  • ننکانہ: سرحدی کشیدگی پر ڈی سی کی زیرصدارت اجلاس، اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    ننکانہ: سرحدی کشیدگی پر ڈی سی کی زیرصدارت اجلاس، اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)حالیہ سرحدی کشیدگی کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، ریسکیو 1122، صحت، سول ڈیفنس، لوکل گورنمنٹ، تعلیم، خوراک اور دیگر محکموں کے سربراہان شریک ہوئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے افسران کو موجودہ حساس صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ کرتے ہوئے ریڈ الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں جائے وقوعہ سے ایک کلومیٹر کے فاصلے تک عوام کو روکا جائے تاکہ جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ بی ڈی، اسپیشل برانچ اور سول ڈیفنس کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    ڈی سی نے گوردوارہ جات، پلوں، ٹرانسمیشن لائنز اور دیگر اہم تنصیبات کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی جبکہ آرمی موومنٹ کے لیے سڑکیں ہر وقت کلیئر رکھنے کا بھی حکم دیا۔ تعلیمی اداروں میں جنگی نوعیت کی تربیت مکمل کرنے اور ہر گاؤں میں 20 رضاکاروں پر مشتمل والنٹیئر ٹیمیں بنانے کی ہدایت کی گئی۔

    ضلعی افسران کو آج شام تک ایمرجنسی کانٹیجنسی پلان جمع کروانے کا پابند کیا گیا، خون، ادویات اور ضروری آپریشنل سامان کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا، جبکہ عوام کی منتقلی کے لیے متبادل عمارات اور محفوظ مقامات کی شناخت کا عمل تیز کرنے کا کہا گیا۔ آر ایچ سی اور بی ایچ یو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

    اشیائے خورونوش اور پیٹرول و ڈیزل کے 15 دن کے ذخائر کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی، جبکہ سرکاری و نجی مشینری کی ضلع سے باہر منتقلی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

    ڈی سی محمد تسلیم اختر راؤ نے وارننگ دی کہ جو افسر اسٹیشن چھوڑے گا یا وقت پر ریسپانڈ نہیں کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ تینوں تحصیلوں کے دفاتر میں نصب سائرن کے ساتھ 24 گھنٹے عملہ تعینات کرنے کے احکامات دیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آبی دہشتگردی کا خدشہ بھی موجود ہے، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری تیار رکھی جائے اور مزید موک ایکسرسائزز کروائی جائیں۔ ضلعی افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی گاڑیوں میں 2 میگا فون، 2 سرچ لائٹس، این 95 ماسک اور تولیے ہر وقت موجود رکھیں۔

    اجلاس میں افواجِ پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ڈی سی نے کہا کہ ایمان، عزم اور حب الوطنی سے ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اجلاس کے دوران ضلعی اداروں کی بروقت کارکردگی کو سراہا گیا اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ جائے حادثہ کے قریب نہ آئیں، رات کے وقت گھروں اور بازاروں کی بیرونی روشنیاں بند رکھیں، تاکہ دفاعی و حفاظتی اقدامات میں کوئی خلل نہ آئے۔

    ڈی سی ننکانہ نے آخر میں کہا کہ افواجِ پاکستان دشمن کے وار کا دلیری سے جواب دے رہی ہے، ہم ہر قیمت پر اپنے وطن کی حفاظت کریں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: افواجِ پاکستان سے یکجہتی کیلئے ریلی، شمعیں روشن، “بھارت مردہ باد” کے نعرے

    سیالکوٹ: افواجِ پاکستان سے یکجہتی کیلئے ریلی، شمعیں روشن، “بھارت مردہ باد” کے نعرے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی کی زیر صدارت افواجِ پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کے لیے سیالکوٹ میں ریلی نکالی گئی جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ صباء اصغر علی نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ پاک فوج جرات و بہادری سے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے اور دشمن کے حملوں کا مؤثر انداز میں جواب دے رہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا کہ فوجی تنصیبات یا نقل و حرکت کی تصاویر یا ویڈیوز بنانا اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا وطن سے غداری تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ میں ڈرون حملوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پاکستانی فوج نے تمام ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔ ورکنگ باؤنڈری کے قریب رہنے والوں کے لیے ریلیف کیمپوں کی تیاری مکمل ہے، تاہم فی الحال عوام کو منتقل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

    دوسری جانب سیالکوٹ کینٹ میں گزشتہ رات ڈرون حملے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں شمع روشن کی تقریب منعقد ہوئی۔ سی ای او انکروچمنٹ و تجاوزات ملک اعجاز کی زیر قیادت تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے “بھارت مردہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے اور افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

    ملک اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان “لا الہ الا اللہ” کے نام پر بنا اور ان شاء اللہ تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتا، پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور بھارتی بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    تقریبات میں ملک کی سلامتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

  • اوکاڑہ:پاکستانی عوام فوج کے شانہ بشانہ، جنگ بچوں کا کھیل نہیں،خالدیعقوب

    اوکاڑہ:پاکستانی عوام فوج کے شانہ بشانہ، جنگ بچوں کا کھیل نہیں،خالدیعقوب

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے، اور ماضی کی طرح ہر مشکل گھڑی میں فوج کا ساتھ دیتی رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاست میں اختلافات جمہوریت کا حسن ہوتے ہیں، لیکن کوئی بھی سیاسی جماعت یا رہنما پاک فوج کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا۔

    اپنے بیان میں ملک خالد یعقوب نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر معمور فوج کے بدولت ہی عوام گھروں میں سکون سے زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ایک منظم سازش کے تحت پاکستان کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے، لیکن پاکستانی قوم ایک امن پسند قوم ہے جو دفاع کا حق بھی رکھتی ہے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت بھی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہمارا دفاع ایسا ہوگا کہ بھارت کی آنے والی نسلیں بھی اسے یاد رکھیں گی۔ ملک خالد یعقوب نے زور دیا کہ بھارت اور پاکستان کو جنگ کے بجائے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے کیونکہ دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور جنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بچوں کا کھیل نہیں بلکہ خطے اور دنیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے ہوش مندی اور حکمت کی ضرورت ہے۔

  • بھارت کی جنگی جارحیت ناقابل برداشت، مودی آگ سے کھیل رہا ہے: غنوی بھٹو

    بھارت کی جنگی جارحیت ناقابل برداشت، مودی آگ سے کھیل رہا ہے: غنوی بھٹو

    کراچی(باغی ٹی وی رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن محترمہ غنوی بھٹو نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حالیہ حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت اپنے ذاتی و سیاسی مفادات کے لیے جنوبی ایشیا میں آگ بھڑکا رہی ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

    اپنے بیان میں غنوی بھٹو نے کہا کہ دنیا اچھی طرح جانتی ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں، اور سرد جنگ کے خاتمے کے بعد دنیا میں کہیں بھی دو ایٹمی ممالک کے درمیان اتنی طویل کشیدگی نہیں رہی جتنی برسوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری ہے۔ انہوں نے عالمی اداروں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس خطرناک صورتحال کو سنجیدگی سے لیں اور فوری کردار ادا کریں۔

    غنوی بھٹو نے خبردار کیا کہ بھارت اگرچہ محدود جنگ کی بات کر رہا ہے، لیکن جنگ کبھی محدود نہیں رہتی بلکہ جنگل کی آگ کی طرح پھیلتی ہے، جسے قابو پانا کسی ایک ملک کے بس کی بات نہیں ہوتی۔

    انہوں نے اپنے بیان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پاک بھارت امن کے لیے تاریخی کردار اور ڈاکٹر مبشر حسن کی طرف سے دونوں ملکوں کے پرامن عوام کو متحرک کرنے کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) نے ہمیشہ امن، انصاف اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی حمایت کی ہے۔ غنوی بھٹو نے واضح کیا کہ اختلافات کا حل میزائل نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔

    انہوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے ان قوتوں کی مذمت کی جو معاشی و سیاسی مفادات کی خاطر مودی سرکار کی انتہا پسند پالیسیوں پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ غنوی بھٹو نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن کے قیام میں کردار ادا کریں بلکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی انصاف دلوائیں۔

  • ننکانہ:کمیونٹی سیفٹی ونگ ریسکیو 1122 کی تربیتی ورکشاپس،خواتین کالج و پولیس لائن میں ہنگامی مشقیں

    ننکانہ:کمیونٹی سیفٹی ونگ ریسکیو 1122 کی تربیتی ورکشاپس،خواتین کالج و پولیس لائن میں ہنگامی مشقیں

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار: احسان اللہ ایاز) حالیہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122 کے کمیونٹی سیفٹی ونگ کی جانب سے پولیس لائن اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج برائے خواتین ننکانہ صاحب میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اقدامات سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی خصوصی ہدایت پر کیے گئے۔

    ورکشاپس کے دوران شرکاء کو ایمرجنسی حالات میں بروقت ردعمل، احتیاطی تدابیر اور ایمرجنسی انخلاء کی عملی مشقیں کروائی گئیں۔ اس تربیت میں تعلیمی اداروں میں قائم کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں (CERT) کے رضاکاروں سمیت طالبات کو شامل کیا گیا، تاکہ قدرتی آفات یا کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے تربیتی عمل کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی ایمرجنسی ٹیمیں ہمہ وقت تیار ہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تربیت صرف تیاری کے لیے نہیں بلکہ رضاکاروں کو مزید مؤثر اور باصلاحیت بنانے کے لیے دی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی غیر معمولی حالات میں بہتر خدمات ممکن بنائی جا سکیں۔

  • اوکاڑہ: بھارتی جارحیت کے خلاف شہداء کو خراج عقیدت،شمعیں روشن کی گئیں

    اوکاڑہ: بھارتی جارحیت کے خلاف شہداء کو خراج عقیدت،شمعیں روشن کی گئیں

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) بھارتی بزدلانہ حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع کونسل اوکاڑہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی افسران، سول سوسائٹی، علمائے کرام، انجمن تاجران، لیگی رہنما اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    تقریب میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت نے شرکت کی۔ شرکاء نے شمعیں روشن کر کے وطن کے ان سپوتوں کو سلام پیش کیا جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا نشانہ بن کر جان کا نذرانہ پیش کیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں نہتے پاکستانی شہریوں کو شہید کر کے بزدلی کا ثبوت دیا ہے، اگر بھارت میں ہمت ہوتی تو دن کی روشنی میں وار کرتا۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم متحد ہو کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے اور دشمن کو واضح پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان کے عوام اور ادارے ہر جارحیت کے خلاف یک زبان اور سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

    ڈی پی او راشد ہدایت نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن اگر غیرت کو للکارا گیا تو ہم سر پر کفن باندھ کر لڑیں گے۔ افواج پاکستان کے ساتھ پوری قوم ایک مضبوط چٹان کی طرح کھڑی ہے۔

    تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، پاکستان کی سالمیت، استحکام اور دشمن کی ناکامی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔