Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: تجاوزات ہٹانے کے بعد خالی جگہوں کی تزئین و آرائش ہوگی

    ڈیرہ غازی خان: تجاوزات ہٹانے کے بعد خالی جگہوں کی تزئین و آرائش ہوگی

    ڈیرہ غازی خان (نیوز رپورٹر شاہد خان) حکومت پنجاب کی ہدایت پر تجاوزات آپریشن کے بعد کشادہ ہونے والے مقامات کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے شہروں کو خوبصورت بنانے کے لیے سکیمیں طلب کر لی گئی ہیں۔ اس حوالے سے کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت دوسرے روز بھی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی۔

    ابتدائی طور پر 18 کروڑ روپے کی 92 سکیمیں تجویز کی گئی ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ تجاوزات آپریشن والے علاقوں کو فوکس کیا جائے۔ پارکس، چوکوں، گرین بیلٹس، میڈینز اور پاتھ ویز کو بہتر بنایا جائے۔ اسٹریٹ لائٹس کو فعال کرایا جائے اور کھیل کے گراؤنڈز کو آباد کیا جائے۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ڈپٹی کمشنرز کو معاملات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی ہدایت پر سکیموں کی منظوری کے بعد فنڈز مختص کیے جائیں گے۔

  • اوکاڑہ: غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، 4 پمپ سیل، 80 ہزار جرمانہ

    اوکاڑہ: غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، 4 پمپ سیل، 80 ہزار جرمانہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف محکمہ سول ڈیفنس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 پٹرول پمپس سیل کر دیے اور 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب ضمیر حسین اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایات پر سول ڈیفنس افسران نے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر سمیت دیگر افسران نے ٹیموں کے ہمراہ متعدد مقامات پر پٹرول پمپس کی انسپکشنز کیں اور کاغذات مکمل مہیا نہ کرنے پر 4 غیر قانونی پٹرول پمپس کو سیل کر دیا۔ سیل کیے گئے پمپس میں اثرار پیٹرولیم سروس 6/4L اوکاڑہ پپلی روڈ، سپرا پیٹرولیم سروس 44/2L اوکاڑہ پپلی روڈ، اسلم پٹرولیم سروس پپلی روڈ غیاث چوک تحصیل دیپالپور اور عثمان خان پٹرولیم سروس لکرانوالہ پپلی روڈ تحصیل دیپالپور شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ ملزم اگرا خان ولد نور احمد قوم آرائیں مالک محمد احمد پیٹرولیم سروس جندراکہ روڈ اور عبدالرحمن ولد حاجی عیش محمد قوم راجپوت مالک حاجی عیش محمد پیٹرولیم سروس جندراکہ تحصیل اوکاڑہ کو نامکمل کاغذات پر چالیس، چالیس ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

    اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر نے کہا کہ غیر قانونی پٹرول پمپس کو ہرگز کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف قانون چلائے جانے والے پٹرول پمپس کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے اور انہیں فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: نیشنل پیس کونسل کا اجلاس، امن و امان کی صورتحال پر غور

    ڈیرہ غازی خان: نیشنل پیس کونسل کا اجلاس، امن و امان کی صورتحال پر غور

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈیرہ غازی خان میں نیشنل پیس کونسل آف پاکستان ڈیرہ غازی خان کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین این پی سی پی ظفر احمد چنگوانی نے کی۔ اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کی تکمیل، عہدیداران کی تقریب حلف برداری، مرکزی قیادت کی آمد اور ڈیرہ غازی خان کی امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں حاجی عبد العزیز عمرانی، رانا حاجی نذیر، میاں عبد الرحمن بودلہ، محمد خالد چشتی اور ڈاکٹر محمود شیخ سمیت اہم عہدیداران نے شرکت کی۔ چیئرمین محمد ظفر چنگوانی نے باڈی کے عہدے جلد مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں ڈیرہ غازی خان میں فساد پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو ناکام بنا کر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے جس طرح شہر کا امن بحال کیا وہ قابل تحسین عمل ہے۔ انہوں نے آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی ایس پی سٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔

    اس موقع پر نیشنل پیس کونسل آف پاکستان کے میڈیا ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود شیخ نے فعال اور متحرک کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جلد شہر میں قیام امن کے سلسلے میں بھائی چارے، محبت اور امن کے فروغ پر امن واک کرکے اشتعال انگیزی اور شرپسندی پھیلانے والوں کے منصوبے ناکام بنائیں گے۔

  • ننکانہ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی، ڈکیت گینگ گرفتار

    ننکانہ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی، ڈکیت گینگ گرفتار

    ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق ننکانہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ڈی پی او ننکانہ کی ہدایت پر تھانہ صدر ننکانہ پولیس نے خطرناک ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو ساتھی ملزم سمیت گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق، ڈکیت گینگ کے گرفتار ملزمان سے مختلف وارداتوں میں اسلحہ کے زور پر شہریوں سے چھینے گئے لاکھوں روپے مالیت کے 3 موٹر سائیکل، دو لاکھ روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس تھانہ صدر ننکانہ نے گرفتار ملزمان سے رابری کی 15 وارداتوں کا سراغ لگا لیا ہے۔ ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔ گرفتار ملزمان میں ڈکیت گینگ کا سرغنہ ندیم عرف دیمی اور فیصل شامل ہیں۔ گینگ کا سرغنہ ندیم اشتہاری مجرم ہے، جو تھانہ صدر شاہکوٹ پولیس کو رابری کے مقدمہ میں دو سال سے مطلوب تھا۔

    ڈی پی او سید ندیم عباس نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ صدر ننکانہ کفایت حسین اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ڈکیت گینگ کی گرفتاری پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

  • ننکانہ : ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کا امتحانی مراکز کا اچانک دورہ

    ننکانہ : ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کا امتحانی مراکز کا اچانک دورہ

    ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں کیو آر کوڈ سکین کر کے امیدواروں کی شناخت چیک کی۔ اس موقع پر انہوں نے نگران عملے کی حاضری، نقل کی روک تھام، سکیورٹی اور روشنی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

    دوران چیکنگ ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نقل اور دھوکہ دہی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کیو آر کوڈ سکین ٹیکنالوجی سے نقل اور دھوکہ دہی کا راستہ بند کر دیا گیا ہے اور اب کوئی امیدوار کسی کی جگہ پرچہ نہیں دے سکتا۔ ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ جعل سازی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں یقینی بنائی جا رہی ہیں اور اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر متعلقہ ضلعی افسران بھی امتحانی مراکز کی سخت مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے تمام نگران عملہ کو امیدواروں کی جانچ پڑتال مزید سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

  • اوکاڑہ: شاہ بھور پولیس کا کریک ڈاؤن، سرغنہ سمیت تین رکنی ڈکیت گینگ گرفتار

    اوکاڑہ: شاہ بھور پولیس کا کریک ڈاؤن، سرغنہ سمیت تین رکنی ڈکیت گینگ گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ شاہبھور پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرغنہ سمیت تین رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت کے احکامات کی روشنی میں ڈی ایس پی صدر سرکل ناصر چیمہ کی نگرانی میں ایس ایچ او شاہبھور میاں محمد سلیم سکھیرا، راؤ محمد مجاہد انچارج انویسٹی گیشن، چوہدری محمد حفیظ چدھڑ چوکی انچارج اور محمد طارق اے ایس آئی پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر عاطی ڈکیت گینگ کے 3 ارکان کو گرفتار کیا۔ گینگ میں سرغنہ عاطف عرف عاطی، مبشر اور داؤد شامل ہیں۔ ملزمان نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 7 لاکھ روپے سے زائد نقدی، موبائل فونز اور اسلحہ برآمد کیا۔ ڈی پی او راشد ہدایت نے شاہبھور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔

  • خاموش فون . ایک بڑا نقصان!

    خاموش فون . ایک بڑا نقصان!

    خاموش فون. ایک بڑا نقصان!
    تحریر:حسن معاویہ جٹ

    کبھی بھی گھر والوں کی کال آئے تو نظر انداز نہ کریں۔ میسجز آئے ہوں تو لازماً دیکھ لیں، اگر بات کرنے کا دل نہیں بھی چاہ رہا تو بھی ضروری بات کو نظر انداز کرنے کی غلطی نہ کریں۔ بعض اوقات انسان اتنا تھکا ہوتا ہے کہ جی چاہتا ہے کوئی بات نہ کرے، کوئی کال نہ آئے اور بس بے فکری سے سو جائے۔ اسی سوچ کے تحت کئی لوگ اپنا فون سائلنٹ موڈ پر لگا کر دنیا و مافیہا سے بے خبر ہو جاتے ہیں۔ لاکھ کوئی فون کرتا رہے مگر جب جواب نہ ملے تو کرنے والا تھک ہار کر رک جاتا ہے۔

    میرا ایک بچپن کا دوست جو اب اپنی فیملی سمیت لاہور منتقل ہو چکا ہے، کبھی اپنے گھر میں ٹھہرتا تو کبھی کام کی جگہ کے قریب کرائے کے کمرے میں رکتا۔ اس کی عادت تھی کہ جب تھکاوٹ ہوتی یا موڈ خراب ہوتا تو فون سائلنٹ کر دیتا تاکہ آرام میں خلل نہ آئے۔

    اُس روز بھی اس نے یہی کیا۔ مغرب کے بعد کمرے میں جا کر فون سائلنٹ کیا اور گہری نیند سو گیا۔ نیند اتنی گہری تھی کہ اگلے روز دوپہر بارہ بجے آنکھ کھلی۔ فریش ہو کر اس نے موبائل اٹھایا تو سینکڑوں مسڈ کالز دیکھ کر دل زور سے دھڑکنے لگا۔

    یہ تمام مسڈ کالز اس کے بھائی، کزنز اور دیگر رشتے داروں کی تھیں۔ گھبراہٹ کے عالم میں اس نے گھر فون کیا تو روتے ہوئے بتایا گیا: "عابد، فجر کے وقت تمہارے ابو کا انتقال ہو گیا ہے۔ ہم تمہارا انتظار کر کر کے میت چنیوٹ لے آئے ہیں اور یہاں چار بجے جنازہ ہے۔۔۔”

    عابد پر جیسے بجلی گر گئی تھی۔ وہ سمجھ نہیں پا رہا تھا کہ کیا کرے۔ اکیلا تھا، کوئی تسلی دینے والا موجود نہیں تھا۔ وہ دھاڑیں مار کر رویا۔ کورونا کے دن چل رہے تھے جس کی وجہ سے جانے آنے میں بھی مسائل تھے۔ عابد نے فوراً ایک دوست کو آگاہ کیا۔ دوست نے ٹیکسی بک کروا دی۔ عابد ٹیکسی میں سوار چنیوٹ پہنچا جہاں اس کی غیر موجودگی کے باعث جنازہ مؤخر کرنا پڑا۔ جیسے ہی اس کے چنیوٹ میں داخل ہونے کی اطلاع موصول ہوئی خاندان والوں نے میت اٹھانے کی تیاری کر لی۔ جب وہ بھاگتا ہوا پہنچا تو جنازہ لے جایا جا رہا تھا۔ راستے میں عابد شامل ہوا تو چارپائی روک کر اسے آخری دیدار کروایا گیا۔ وہ لمحہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا بلکہ یہ سطور لکھتے ہوئے بھی میری آنکھیں نم ہو رہی ہیں۔

    اس واقعے کے بعد میں نے ہمیشہ کے لیے فون سائلنٹ پر لگانے سے توبہ کر لی۔ مسجد جاتا ہوں تو بھی فون کی آواز بند کرنے کے بجائے مدھم کر دیتا ہوں، وجہ یہ کہ اگر کوئی کال کرے کم از کم ہلکی محسوس ہو جائے تاکہ بعد میں رابطہ کرنا یاد رہ جائے۔

    ایک بات اور کال کرنے والوں کو بھی سمجھنا چاہیے کہ اگر کوئی بار بار کال کرنے پر بھی فون نہیں اٹھا رہا تو اس کی کوئی مجبوری ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت میں بار بار کال کرنے کے بجائے واٹس ایپ پر میسج چھوڑ دینا بہتر ہوتا ہے، کیونکہ آج کل لوگ جلدی یا ذرا دیر سے واٹس ایپ پر آئے پیغامات ضرور دیکھتے ہیں۔

    ایک ضروری بات یہ بھی کہ کچھ لوگ نئے نمبر سے کال اٹھانے کو اپنی توہین سمجھتے ہیں حالانکہ ممکن ہے کہ نئے نمبر سے کال کرنے والا کسی ایسی خبر سے آگاہ کرنا چاہتا ہو جو زندگی بچانے یا کسی بڑے نقصان سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکے۔ سو ہمیں اپنی پختہ عادات سے ہٹ کر بھی بعض کام کر لینے چاہئیں تاکہ وہ لمحہ زندگی میں نہ آئے جب کہنا پڑے: "اب پچھتائے کیا ہوت، جب چڑیاں چگ گئیں کھیت۔”

    رہے نام اللہ کا۔

  • کشمور: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم

    کشمور: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم

    کشمور (نامہ نگارمختیازراعوان) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع کشمور نے رمضان المبارک کے پیش نظر 150 مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن ضلع کشمور نے چاولہ کمیونٹی ہال کندہ کوٹ میں 150 مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کشمور کے امیر غلام مصطفیٰ میرانی نے کہا کہ آسمان سے باتیں کرتی ہوئی مہنگائی نے جب غریب لوگوں کی قوت خرید ختم کر دی ہے، ایسے وقت میں الخدمت کی جانب سے مستحق افراد کو مفت راشن دینا قابل تحسین قدم ہے۔

    الخدمت فاؤنڈیشن ضلع کشمور کے صدر حافظ عمر فاروق چنہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس ماہ صیام میں کسی غریب کا چولہا ٹھنڈا نہ ہو۔ اسی سلسلے میں رمضان المبارک میں الخدمت کی جانب سے ضلع کشمور میں دوسری مرتبہ مستحقین کو راشن فراہم کیا جا رہا ہے اور آئندہ بھی ان شاء اللہ خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

    اس موقع پر الخدمت کے ذمہ داران ایڈووکیٹ عبیداللہ بلوچ، الیاس نور چنہ، ایڈووکیٹ طالب حسین سبزوئی، شبیر احمد میرانی، ولی بیگ گولو سمیت دیگر ذمہ داران اور رضاکاروں نے اپنی خدمات سرانجام دیں۔

  • سیالکوٹ:مریم نواز کی 10 ہزار روپے سکیم، 30 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے،فہد سعید

    سیالکوٹ:مریم نواز کی 10 ہزار روپے سکیم، 30 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے،فہد سعید

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق 10 ہزار روپے سکیم حکومت پنجاب کا ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد رمضان 2025 کے مقدس مہینے میں کم آمدنی والے خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنا ہے۔ اس سکیم کے تحت 30 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں تاکہ ان کو اپنے گھریلو اخراجات میں مدد حاصل ہو۔

    ان خیالات کا اظہار سرپرست پروفیشنل پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن فہد سعید نے باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے اور اس سے ان کو رمضان کے مہینے میں اپنے اخراجات پورے کرنے میں مدد ملے گی۔

  • سیالکوٹ: کوٹلی بھٹہ میں نکاس آب کا مسئلہ حل، 15 روز میں نالہ تعمیر ہوگا،منشاء بٹ

    سیالکوٹ: کوٹلی بھٹہ میں نکاس آب کا مسئلہ حل، 15 روز میں نالہ تعمیر ہوگا،منشاء بٹ

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کوٹلی بھٹہ کے دورے کے دوران اعلان کیا ہے کہ کوٹلی بھٹہ میں سیوریج اور بارش کے پانی کے نکاس کے مسئلے کے حل کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے 23 سو فٹ طویل نالہ کی تعمیر آئندہ 15 دنوں میں مکمل کر لی جائے گی۔ یہ منصوبہ عید کے فوراً بعد عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

    زیر تعمیر نالہ کا جائزہ لینے اور مقامی اہلِ دیہات سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ اس نالہ کے مکمل ہونے سے نہ صرف سیوریج کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ بارش کے پانی کی نکاسی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ شہر اور اس کے قومی و صوبائی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ تمام منصوبوں کی نگرانی بھی سخت کی جا رہی ہے تاکہ عوام دیرپا فوائد حاصل کر سکیں۔

    اس موقع پر سابق یوسی چیئرمین چوہدری سلیم، ایکسین بلال قیصر، سب انجینئر بلال اعظم، سابق ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالحمید قاسم، یاسین بھٹہ اور ممبر شبیر بھٹہ بھی موجود تھے۔ مقامی نمائندوں نے اس اقدام کو عوام کی زندگیاں بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔

    رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیح عوامی مسائل کا فوری حل ہے، خاص طور پر بنیادی سہولیات جیسے نکاس آب پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ سیالکوٹ کے ہر حصے میں ترقی کی رفتار برقرار رہے۔ یہ نالہ کوٹلی بھٹہ کے طویل عرصے سے درپیش مسئلے کو حل کرے گا، جس کے بعد علاقے میں صفائی اور صحت کے معیارات میں بھی بہتری متوقع ہے۔