Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈسکہ بنک روڈ کا افتتاح، تعمیر نو کا کام شروع

    ڈسکہ بنک روڈ کا افتتاح، تعمیر نو کا کام شروع

    ڈسکہ (نامہ نگار ملک عمران) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق کی ٹیم نے ڈسکہ بنک روڈ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سڑک کی تعمیر نو کے کام کا آغاز کر دیا گیا۔

    افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر رومان عاشر میاں، صدر مسلم لیگ ن سٹی ڈسکہ محمد افضل منشاء، پولیٹیکل سیکرٹری وزیر بلدیات سید داؤد شاہ، صدر مسلم لیگ ن پی پی 51 عظیم بٹ، سابقہ وائس چیئرمین بلدیہ ڈسکہ میاں ندیم مغل، سابقہ ناظم بلدیہ ڈسکہ ظفر اقبال بٹ، سابقہ کونسلرز اسد اللہ بہگل، اشفاق انصاری، مرزا یاسر، عرفان احمد ساہی ایڈووکیٹ، رانا رضا ایڈووکیٹ، احسن احسان چیمہ ایڈووکیٹ، حاجی اقبال بٹ، رانا عمران ہیرا، ساجد بٹ، شیخ الطاف، جاوید اقبال، شاہجہاں، ایم او آئی صائم، سب انجینئر کبیر اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

  • حافظ آباد: معصوم بچی سے درندگی، ڈی پی او کا فوری نوٹس، ملزم گرفتار

    حافظ آباد: معصوم بچی سے درندگی، ڈی پی او کا فوری نوٹس، ملزم گرفتار

    حافظ آباد (خبرنگارشمائلہ) تھانہ کسیسے کی حدود میں ولیکی گاؤں میں ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں درندہ صفت انسان خالق شیر ولد امتیاز احمد نے تین سالہ مناہل کے ساتھ بدفعلی کی۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او حافظ آباد عاطف نزیر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کسیسے کو فوری ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او نے ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 116/25 درج کیا اور ملزم کو 1 گھنٹے کے اندر اندر روایتی و تکنیکی طریقہ اپناتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

    ڈی پی او حافظ آباد نے ملزم کی فوری گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور واضح کیا کہ ایسے سفاک مجرموں کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی تاکہ آئندہ کوئی بھی درندہ صفت انسان ایسا گھناؤنا فعل کرنے کی جرات نہ کر سکے۔

  • سیالکوٹ: سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا جائزہ، اے ڈی سی جنرل کا سرپرائز وزٹ

    سیالکوٹ: سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا جائزہ، اے ڈی سی جنرل کا سرپرائز وزٹ

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (اے ڈی سی) سیالکوٹ ایوب بخاری نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، فارمیسی، لیبارٹری اور مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر علی عمران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    اے ڈی سی جنرل نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی ہدایات پر ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کے معیار کو جانچنے کے لیے سرپرائز وزٹس کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات، جان بچانے والی ادویات کی دستیابی، لیبارٹری ٹیسٹس، ریڈیالوجی خدمات اور صفائی سمیت بنیادی ڈھانچے کو فعال بنانا ہے۔

    انہوں نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے اے ڈی سی جنرل نے کہا کہ مریضوں کی شکایات کو فوری حل کرنے کے لیے کمپلینٹ سیل کو مؤثر طریقے سے فعال بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طبی عملے کی کارکردگی اور سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے۔

    اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے ایمرجنسی وارڈ میں جدید آلات کی تنصیب اور زیر علاج مریضوں کے لیے بستروں کی فراہمی کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ ایوب بخاری نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں اصلاحات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔

    مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے ہسپتال میں بہتری کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرپرائز وزٹس سے انتظامیہ میں احتساب کا احساس بڑھا ہے، جس کے مثبت اثرات مریضوں تک پہنچ رہے ہیں۔

  • چنیوٹ: پیس ویلفیئر آرگنائزیشن کی مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم مہم

    چنیوٹ: پیس ویلفیئر آرگنائزیشن کی مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم مہم

    چنیوٹ، باغی ٹی وی (نامہ نگار) پیس ویلفیئر آرگنائزیشن نے سفید پوش اور مستحق خاندانوں کے لیے راشن تقسیم مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت ضرورت مند افراد کو مکمل رازداری کے ساتھ اشیائے خورونوش فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو۔

    تنظیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات کی وجہ سے بہت سے خاندان مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ یہ مہم ان خاندانوں کی مشکلات کو کم کرنے کی ایک کوشش ہے۔ راشن میں آٹا، چاول، دالیں، گھی اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں جو مستحق افراد تک ایک منظم نظام کے تحت پہنچائی جا رہی ہیں۔

    تنظیم کے عہدیداروں کے مطابق اس مہم کو مزید وسیع کرنے کے لیے مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسی فلاحی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں اور ان سے حقیقی ضرورت مندوں کو ریلیف مل رہا ہے۔

    پیس ویلفیئر آرگنائزیشن کے رضا کار اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں اور مستحق افراد تک راشن پہنچانے میں مصروف ہیں۔ تنظیم کے مطابق راشن کی فراہمی کے دوران خصوصی احتیاط برتی جا رہی ہے تاکہ صرف حقیقی مستحقین ہی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

    اس کے علاوہ، راشن کی تقسیم کے عمل کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے ایک ڈیٹا بیس بھی تیار کیا جا رہا ہے، جس کی مدد سے مستقبل میں ضرورت مندوں کی مدد کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔ تنظیم کے عہدیداروں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام میں احساس ذمہ داری پیدا کرنے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کا جذبہ اجاگر کرنے کے لیے ایسی مہمات جاری رکھی جائیں گی تاکہ کوئی بھی شخص بھوک اور فاقے کا شکار نہ ہو۔

  • گوجرانوالہ : ایک ہی دن میں 4 افراد قتل، 2 زخمی

    گوجرانوالہ : ایک ہی دن میں 4 افراد قتل، 2 زخمی

    گوجرانوالہ (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں ایک افسوسناک واقعے میں 4 افراد قتل اور 2 زخمی ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق قتل کے یہ المناک واقعات تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن، فیروزوالا، واہنڈو اور جناح روڈ کے علاقوں میں پیش آئے۔ مختار کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک بھائی کو قتل جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔ گلہ رمضان والا میں ایک حافظ قرآن کو چھریوں کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    حکام نے مزید بتایا کہ جھنگی میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر ایک شخص کو قتل جبکہ دوسرے کو زخمی کر دیا گیا۔ چھبوکی میں بھی ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کی جان لے لی۔ پولیس نے تمام لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام واقعات کی الگ الگ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم بدقسمتی سے تمام ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

  • اوچ شریف: گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج میں لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے طلباء کی تصدیق جاری

    اوچ شریف: گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج میں لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے طلباء کی تصدیق جاری

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہائیر ایجوکیشن کمیشن لیپ ٹاپ اسکیم کے مستحق طلباء کے لیے عملی اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے کہا کہ کالج آئی ٹی انتظامیہ ٹیم ورک کی شکل میں وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ جامعی، پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاہر جلالوی، سی ٹی آئی لیکچررز حسن رضا جعفری اور محمد عرفان ہیلپ ڈیسک پر بی ایس پروگرامز کے فرسٹ اور سیکنڈ سمسٹرز اور انٹرنیٹ میڈیٹ میں 65 سے 85 فیصد مارکس لینے والے اہل طلباء و طالبات کی تصدیق روزانہ کی بنیاد پر کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کے ساتھ اعلیٰ ٹیکنالوجی کی تحقیق و تعلیم و تربیت سماج، ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں ترقی اور استحکام پاکستان کی علامت ہے۔ اپنے وطن عزیز کی سلامتی و معاشی خوشحالی کے لیے ہم سب کو ایمانداری اور سخت محنت سے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    طلباء کی سہولت کے لیے تصدیق کی تاریخ 16 مارچ سے بڑھا کر 18 مارچ کر دی گئی ہے۔

  • تنگوانی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ، ڈرائیور قتل، دو مسافر زخمی

    تنگوانی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ، ڈرائیور قتل، دو مسافر زخمی

    تنگوانی (نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب ڈاکوؤں نے مسافر وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اور دو مسافر زخمی ہوئے۔

    خبر کے مطابق یہ واقعہ تنگوانی کے قریب ڈیرہ سرکی پولیس تھانے کی حدود میں ٹھل کندھ کوٹ ہائی وے پر صیفل اسٹاپ کے قریب پیش آیا۔ نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے آنے والی وین کو رکنے کا اشارہ کیا، لیکن وین نہ رکنے پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور یعقوب برڑو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دو مسافر شدید زخمی ہوئے۔

    واقعے کے بعد ڈرائیور کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ٹھل کندھ کوٹ روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے غصے میں آ کر پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی جس سے پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

    خبر لکھے جانے تک روڈ بلاک تھا اور مظاہرین پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

    پولیس حکام نے واقعے پر فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

  • گوجرہ: سکول سے بھکاری کی نعش برآمد

    گوجرہ: سکول سے بھکاری کی نعش برآمد

    گوجرہ ، باغی ٹی وی (عبدالرحمن جٹ) گوجرہ میں بھیک مانگ کر گزر بسر کرنے والے 60 سالہ شخص کی نعش ایک سکول سے برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر پولیس گوجرہ کو اطلاع ملی تھی کہ پرائمری سکول چک نمبر 373 ج ب میں ایک نامعلوم شخص کی نعش پڑی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو تحویل میں لیا اور ٹی ایچ کیو منتقل کیا۔ شناخت کے لیے علاقے میں اعلانات کروائے گئے جس کے بعد نعش کی شناخت محلہ سراج ٹاؤن گوجرہ کے انور ولد صادق حسین کے نام سے ہوئی۔

    انور کے بھائی منور حسین کے مطابق ان کی عمر 60 سال تھی اور وہ کام نہ ہونے کی وجہ سے بھیک مانگ کر گزر بسر کرتے تھے۔ ان کی موت ہارٹ اٹیک سے ہوئی۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔

  • سیالکوٹ: پولیس میں ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں تقریب

    سیالکوٹ: پولیس میں ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں تقریب

    سیالکوٹ ، باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو ) ڈسٹرکٹ پولیس آفس سیالکوٹ میں نئے ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں 05 افسران کو رینک لگائے گئے۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی ہدایت پر ڈی پی او آفس سیالکوٹ میں سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے 05 افسران کے اعزاز میں ایک پروقار اور سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈی پی او فیصل شہزاد نے ترقی پانے والے افسران کے فیملی ممبران کے ہمراہ انہیں نئے عہدے کے رینک لگائے۔

    ڈی پی او نے افسران کو مبارکباد دی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کا کہنا تھا کہ پولیس سروس میں محکمانہ پروموشن درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ لہٰذا پروموٹ ہونے والے افسران قانون کے یکساں نفاذ، میرٹ کی پاسداری اور بہترین سروس ڈلیوری سے شہریوں کی خدمت اور تحفظ کو شعار بنائیں

  • اوچ شریف: رمضان آرڈیننس کی کھلی خلاف ورزیاں، انتظامیہ خاموش تماشائی

    اوچ شریف: رمضان آرڈیننس کی کھلی خلاف ورزیاں، انتظامیہ خاموش تماشائی

    اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں ماہ رمضان المبارک کے مقدس ایام میں رشوت کے عوض رمضان آرڈیننس کی کھلے عام خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور ہوٹل، ریسٹورنٹس اور کھانے کے دیگر پوائنٹس سارا دن کھلے رہتے ہیں، جہاں روزہ خور سرعام اپنی پیٹ پوجا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا احترام تو غیر مسلم بھی کرتے ہیں لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ انتظامیہ اوچ شریف میں فوڈ پوائنٹس مالکان اور روزہ خوروں کو نکیل ڈالنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ اوچ شریف شہر کے مختلف علاقوں للو والی پل، مونہ والی پل شہر اور محلے اوچ مغلہ، محلہ بخاری، گیلانی محلہ بلوچوں، جلال پور پیر والا ایکسپریس روڈ، ترنڈا محمد پناہ روڈ، خیرپور ڈھا روڈ، حسینی چوک اور شہر کے کئی ہوٹلوں پر کھلے عام چائے، کھانا اور روٹیاں فروخت کی جا رہی ہیں۔

    اوچ شریف میں "رشوت دو، ہوٹل کھولو” کی پالیسی چل رہی ہے۔ رمضان کے ایام میں شہریوں کو چائے اور کھانا پیش کیا جا رہا ہے۔ ہوٹلوں پر کھلے عام کھانا ملنے کی اطلاع پر روزہ خوروں کی بڑی تعداد ہوٹلوں کا رخ کر لیتی ہے۔ ہوٹلوں کے اندر اور باہر رش لگا ہوا نظر آیا۔

    اوچ شریف شہر میں کھلے عام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزیوں پر شہریوں نے ڈی سی او بہاولپور اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رمضان آرڈیننس پر عمل درآمد کراتے ہوئے رشوت کے عوض اجازت دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے اور ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔